سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم چیلنج کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم چیلنج کر دی۔ رانا شمیم کی جانب سے فرد جرم کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔
رانا شمیم کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ جنہوں نے بیان حلفی چھاپا انہیں چھوڑکر مجھ پر فرد جرم لگانا غیر قانونی ہے، فرد جرم عائد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دے کر کیس ختم کیا جائے، کچھ ریکارڈ پر نہیں کہ میں نے کسی کو بیان حلفی چھاپنے کیلئے دیا۔

‘وزیراعظم نے مہنگائی کیخلاف ‘لانگ مارچ’ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف ‘لانگ مارچ’ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے، یہ ہے وہ تبدیلی جو کپتان لا رہا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعزاز پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہوا ہے، پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی ہونے سے دیگر اشیاء ضروریہ بھی سستی ہوں گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے، وزیراعظم کا خطاب عوام کے احساس کا آئینہ دار ہے، عمران خان ہی حقیقی عوامی لیڈر ہیں، وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام کا اعلان کیا۔

یوکرین پر حملہ، فیفا نے روسی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی پابندی لگادی

زیورخ: (ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد روسی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی پابندی لگا دی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا اور یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق روس کسی بھی قسم کےفٹبال مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکے گا۔
اس کے علاہ یوئیفا نے روسی توانائی کمپنی سے سپانسر شپ کا معاہدہ بھی منسوخ کر دیا ہے، روس کی قومی فٹبال ٹیم نے 24 مارچ کو قطر دو ہزار بائیس ورلڈکپ کے پلے آف میچ میں پولینڈ کے ساتھ کھیلنا تھا۔

کراچی: سینئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث دوسرا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں سینئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث دوسرا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا، ہلاک ملزم انور بروہی تیرہ مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ایس ایس پی قمبر شہداد کوٹ بشیر بروہی کے مطابق پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے پہنچی تو ملزم نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم انور بروہی مارا گیا۔ ہلاک ملزم چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔
ملزم کے ساتھی اشرف بروہی کو پولیس نے پاک ایران بارڈر سے گرفتار کیا تھا، کراچی نارتھ ناظم آباد میں دوران ڈکیتی ملزمان کی فائرنگ سے سینئر صحافی اطہر متین شہید ہو گئے تھے۔

پشاور: کم گیس پریشر سے گھریلو صارفین پریشان، سی این جی سٹیشنز پر بھی خواری

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشرکے مسائل حل نہ ہو سکے، گھریلو صارفین جہاں پریشان ہیں تو وہیں سی این جی سٹیشنز کے سامنے بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
پشاور کے اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں سوئی گیس کا غائب ہونا معمول بن چکا ہے، شہریوں کو ایک طرف جہاں گھروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مسائل کا سامنا ہے تو وہیں سی این جی سٹیشنز کے سامنے بھی گیس کے حصول کے لیے گھنٹوں قطاروں میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، شہری کہتے ہیں حکومت اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
خیبرپختونخوا میں گھریلوصارفین کو ریلیف دینے کےلیے سی این جی سٹیشنز پر ہفتے میں تین دن پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے جبکہ باقی دنوں میں مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاہم اس اقدام سے بھی گھریلو صارفین کو ریلیف نہیں مل رہا۔

قومی ٹیم کی ٹیسٹ کیلئے تیاریاں جاری، کھلاڑیوں کی مشقیں

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے دوسرے روز بھی پریکٹس کی جبکہ پی ایس ایل میں مصروف ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی قومی ٹیم کو جوائن کرلیا، آج مکمل قومی ٹیسٹ سکواڈ پریکٹس کریگا۔
قومی کھلاڑیوں نے مسلسل دوسرے روز بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، آسٹریلوی ٹیم بھی آج پریکٹس کریگی جبکہ بابراعظم اور پیٹ کمنز آج پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گے اور آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ آن لائن پریس کانفرنس کریں گے۔
قومی ٹیم نے ہیڈکوچ ثقلین مشتاق اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی زیر نگرانی پہلے روز پریکٹس میں حصہ لیا۔ پی ایس ایل میں مصروف محمد رضوان ، عبداللہ شفیق ، حارث رؤف،شاہین شاہ اور شان مسعود نے بھی قومی ٹیسٹ سکواڈ کو جوائن کر لیا ہے ۔

بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آج پنجاب میں لاہور، سیالکوٹ مری، گلیات اور جنوبی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ چترال، دیر، سوات میں بھی ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب، بارکھان میں بادل برسنے کی توقع ہے۔

کورونا مزید 18 افراد کی جان لے گیا، چوبیس گھنٹے کے دوران 861 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ دو نو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 196 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 10 ہزار 221 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 861 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ ایک ہزار 544، سندھ میں 5 لاکھ 68 ہزار 277، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 16 ہزار 174، بلوچستان میں 35 ہزار 345، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 499، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 404 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 978 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 65 لاکھ 2 ہزار 84 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 566 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 14 لاکھ 42 ہزار 938 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 988 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 18 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 30 ہزار 196 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 500، سندھ میں 8 ہزار 70، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 260، اسلام آباد میں ایک ہزار 13، بلوچستان میں 375، گلگت بلتستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 788 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔