پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کی انتظامیہ نے پٹرول پمپس پر پٹرول کی فراہمی کی بندش اور ذخیرہ اندوزی پر 13 فلنگ سٹیشنز سیل کرتے ہوئے مینجروں کو گرفتارکرلیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھرمیں فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا، پمپس پر پٹرول کی فروخت کی بندش اور ذخیرہ اندوزی پر 13 فلنگ سٹیشن سیل کئے گئے، کارروائی کے دوران 13 فلنگ سٹیشنوں کے مینجروں کو گرفتار کیا گیا۔
کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پر شہر بھر میں 22 ریسٹورنٹ مینجروں کو گرفتار کیا گیا، ریسٹورنٹس میں پابندی کے باوجود ریسٹورنٹس میں کھانا کھلایا جا رہا تھا۔
Monthly Archives: February 2022
بولان، قصور اور دریا خان میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
لاہور: (ویب ڈیسک) بولان، قصور اور دریا خان میں ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بولان کے علاقے بی بی نانی کے قریب دو وینز ٹرکرا گئیں، حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تیرہ زخمی ہوئے۔ دریاخان میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، جس سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قصور میں دھند کے باعث کوسٹر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں دو طالب علم موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پھالیہ میں کالج کی وین کو ڈمپر نے ٹکر مار دی، حادثے میں 11 طالبات زخمی ہوگئے۔
پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں: شاہد خاقان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں، فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا، یہاں کرسیاں چھوڑنے کا نہیں ان سے چمٹے رہنے کا رواج ہے، نواز شریف علاج مکمل ہوتے ہی واپس آ جائیں گے۔
سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو صرف اپوزیشن نظر آتی ہے، کیا چیئرمین نیب سے کسی دن یہ سوال نہیں ہوگا، وزیراعظم کے مشیر فرار ہوگئے، فرار ہونیوالے مشیران اپنے اثاثوں کا جواب دیں، احتساب میں یہ نہیں ہوتا کہ جعلی کیسز بنائے جائیں، نیب کا تماشہ لگا رہے گا، لانگ مارچ عوام کیساتھ اظہار یکجہتی ہوتا ہے۔
ادھر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا بحران ہو یا چینی کا، آج کسان کھاد کی عدم دستیابی پر دہائیاں دے رہا ہے، نیا پاکستان بنانیوالوں نے ملک کیساتھ کھیل کھیلا، ن لیگ کے خلاف کیسز میں 4 سال سے ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کیا کبھی وزراء کے منہ سے سنا کہ مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی، خیبرپختونخوا میں پادری کا قتل ہوگیا ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی، عمران نیازی نے ن لیگ کے قائدین کو جیل میں ڈالا کوئی بات نہیں، آج مارکیٹ میں بخار کی دوا دستیاب نہیں۔
صائمہ نور نے کامیاب شادی کا راز بتا دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) لالی وڈ کی مایہ ناز فلم سٹار صائمہ نور نے کامیاب شادی کا راز بتا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صائمہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ “جو ملے اس پر رب کا شکر ادا کرنا، زیادہ اچھا کھانے، پہننے کا ہرگز نہ سوچنا، جو مل گیا اس پر راضی ہو جانا کامیاب شادی کا راز ہے”۔ ایک مداح نے صائمہ سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی شادی کی کمی محسوس ہوئی، کیا شادی کے رشتے میں اولاد ہونا بہت ضروری ہے۔
جواب میں فلم سٹار نے کہا کہ اولاد کی کمی کیوں محسوس ہو گی، اللہ پاک میری بیٹی کو لمبی زندگی دے، آمین۔
شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دمشق کے قریب اسرائیل کے میزائلوں کو تباہ کر دیا
دمشق: (ویب ڈیسک) شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دارالحکومت دمشق کےقریب اسرائیل کے میزائلوں کو تباہ کر دیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے مضافات میں کئی میزائل فائر کئے جنہیں فضائی دفاعی سسٹم نے تباہ کر دیا، میزائلوں کا ملبہ گرنے سے چند عمارتیں تباہ ہو گئیں۔
رجسٹرار آفس نے تاحیات نااہلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے سپریم کورٹ بار کی جانب سے تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی۔
ذرائع کے مطابق تاحیات نااہلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ بار کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ فیصلہ دے چکا۔ دوسری طرف سپریم کورٹ بار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جائیداد کا لالچ: بیٹا باپ کو ذہنی معذور قرار دینے کیلئے عدالت پہنچ گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) جائیداد کے لالچ میں بیٹا باپ کو ذہنی معذور قرار دینے کیلئے عدالت پہنچ گیا۔ کورٹ نے بیٹے کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلہ سنایا۔ جس میں کہا گیا کہ بیٹے کی نظر والد کی جائیداد اور پیسے پر ہے، چند ماہ قبل والد نے جائیداد کا کچھ حصہ بیٹی کے نام کیا، جس پر بیٹا ناراض ہوا اور باپ کو ذہنی معذور قرار دیا، یہ بہت حیران کن ہے دنیاوی فائدے کے لئے بیٹا اس حد تک گر گیا۔
جسٹس طارق سلیم نے اپنے فیصلے میں مزید لکھا کہ درخواست گزار تین ماہ کے اندر 2 لاکھ جرمانہ والد محمد شریف کو ادا کرے، اگر والد جرمانہ کی رقم لینے سے انکار کرے تو جرمانہ شوکت خانم میں جمع کرایا جائے، ڈپٹی کمشنر لاہور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروا کر رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے ذریعے جمع کرائیں۔
کراچی میں من مانے نرخوں پر دودھ سمیت اشیا کی فروخت، شہریوں کی دہائیاں
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں من مانی قیمت پر دودھ اور دیگراشیا فروخت کی جا رہی ہیں، کمشنر کراچی حیرت انگیز طور پر ناجائز منافع خوری سے لاعلم نظر آتے ہیں، مہنگی اشیا کی فروخت سے پریشان شہری اعلیٰ حکام کو دہائیاں دے رہے ہیں۔
شہر قائد میں سرکاری قیمت پر اشیاء کی فروخت ممکن نہ ہوسکی، کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔ دودھ کی قیمت کا تنازعہ برسہا برس سے انتظامی افسران اور ڈیری مافیا کیلئے بڑی کمائی کا ذریعہ بنا رہا۔ وہیں دودھ کی سرکاری قیمت پر طے کیے جانے کے باوجود عملدرآمد نہ ہوسکا۔ 130کے بجائے فی لیٹر دودھ 140روپے اور دہی 200 روپے کلو بلا خوف و خطرہ بیچا جا رہا ہے۔
دودھ سمیت دیگر اشیاء کی من مانی قیمت پر فروخت سے کمشنر کراچی لاعلم نظر آتے ہیں ۔ وجہ شاید اعلیِ افسران کا ٹھنڈے کمروں سے باہر نہ نکلنا ہے۔
ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمت کا تنازعہ عرصے سے چل رہا ہے، انتظامیہ ڈیری فارمرز سے سرکاری قیمت پر عملرآمد نہیں کراسکی۔سرکاری قیمت پر اشیاء کی فروخت عرصے سے چیلنج بنی ہوئی ہے۔
پی ایس ایل سیون میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے
کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون میں آج ایک میچ کھیلاجائے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پی ایس ایل کے آٹھویں مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ نیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی۔ بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ محمد رضوان، شان مسعود اور خوشدل شاہ دفاعی چیمپئنز ملتان سلطانز کو جیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز کی جوڑی ایک مرتبہ پھر حریف بولرز کو دھول چٹانے کے لیے تیار ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے نو مقابلوں میں سلطانز کا پلڑا بھاری رہا، ملتان نے 5 مرتبہ جیت کا مزہ چکھا، شائقین کرکٹ سپر لیگ کے ایک اور سپر میچ کے لیے پرجوش ہیں۔
انڈر 19 ورلڈکپ، پاکستان نے بنگلا دیش کو چھ وکٹ سے شکست دے دی
لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ورلڈکپ میں پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو پچھتر رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، عارف السلام نے شاندار سنچری سکور کی۔ اویس علی اور مہران ممتاز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستان نے ہدف سنتالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، حسیب اللہ خان اناسی رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، شاندار سنچری سکور کرنے پر بنگالی بلے باز عارف السلام میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔
کورونا کی پانچویں لہر مزید 32 جانیں لے گئی، 24 گھنٹے کے دوران 5327 کیسز
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 327 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 80 ہزار 421، سندھ میں 5 لاکھ 43 ہزار 170، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 94 ہزار 887، بلوچستان میں 34 ہزار 417، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 703، اسلام آباد میں ایک لاکھ 28 ہزار 429 جبکہ آزاد کشمیر میں 38 ہزار 339 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ 73 ہزار 585 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 202 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 95 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 500 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 32 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 176، سندھ میں 7 ہزار 829، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 2 اسلام آباد میں 980، بلوچستان میں 368، گلگت بلتستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 758 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔