جہلم: خاتون نے غربت سے تنگ آکر تین بچوں کو قتل کردیا

جہلم میں ایک خاتون نے غربت سے تنگ آکر تین بچوں کو قتل کردیا۔
جیونیوز کے مطابق جہلم کے گاؤں ہرن پور میں مبینہ طور پر غربت سے تنگ آکر خاتون نے پہلے اپنے 3 بچوں کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی کوشش کی جس میں خاتون شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان ہیں جب کہ خاتون کا شوہررکشہ چلاتا ہے، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

نئے سال میں تلخی ختم کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کو بات کرنی چاہیے، فواد چودھری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نئے سال کے آغاز پر اپوزیشن کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے ملکی سیاست میں ’تلخی کم کرنے‘ کی ضرورت کو تسلیم کرلیا۔

فواد چوہدری بے لاگ بولنے والے وفاقی وزرا میں سے ایک ہیں اور اکثر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پر تنقیدی حملے کرتے دکھائی دیتے ہیں، حکومت کی جانب سے متنازعہ ’منی بجٹ‘ پیش کرنے کے بعد ملک کا سیاسی ماحول مزید خراب ہوگیا ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مارچ کے بعد سیاسی حالات مزید بد تر ہوجائیں گے۔

یاد رہے ہیں کہ مارچ میں مشترکہ اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں نے اسلام آبادمیں ’انسداد مہنگائی مارچ‘ کا اعلان کیا ہے۔

اپنے سیاسی حریفوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی راہ ہموار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ’ میرا خیال ہے کہ نئے سال 2022 کے آغاز میں تلخی ختم کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کو انتخابی، معاشی، سیاسی اور عدالتی اصلاحات پر بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ’پاکستان ایک عظیم ملک ہے، ہمیں اپنی ذمہ داریاں سمجھنے کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کرنا عام شہری کی نظروں میں سیاستدانوں کی ساکھ خراب کرتا ہے اور ان کا وقار کم کرتا ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حال ہی میں ضمنی مالیاتی بل 2021 اور اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021 پر مقابلہ ہوا۔

نئے سال کا جشن ، گوگل نے ڈوڈل تبدیل کردیا

پاکستان سمیت دُنیا بھر میں سالِ نو کا جشن منایا جا رہا ہے ، 2022ء کا آغاز آتش بازی اور جشن کےساتھ کیا گیا ۔ دنیا بھر کے سب ہی افراد نئی امیدوں ، خوشیوں اور دل میں نئی امنگوں، چاہتوں کو لیے نئے سال میں داخل ہو رہے ہیں ۔
ایسے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن گوگل نے بھی نئے سال کو منفرد انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے اپنا نیا ڈوڈل متعارف کروایا ہے ۔ گوگل ہمیشہ اپنے ہوم پیج کو ہر تہوار کی نسبت سے doodles کے ساتھ سجانے کی روایت جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سال نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے ایک سادہ ڈیزائن پیش کیا گیاہے ۔
نئے سال 2022ء کے حوالے سے جاری کیے گئے گوگل کی جانب سے اپنے نئے ڈوڈل میں ٹافیاں اور نہایت خوبصورت، رنگ برنگے انداز میں 2022 لکھا گیا ہے ۔
صارفین کی جانب سے گوگل کے اس نئے ڈوڈل کو بے حد سراہا جارہا ہے ۔

وزیر اعظم سے برطانیہ کے لارڈ ڈینیئل ہنان کی ملاقات

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لارڈ ہنان نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ماحولیاتی تحفظ کیلئے شروع کیے گئےاقدامات، سرسبز پاکستان کے لیے ان کے وژن بالخصوص دس ارب درخت لگانے کے منصوبے ، نیشنل پارکس اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ان اقدامات کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے۔ اس موقع پر پنجاب کے گورنر محمد سرور بھی موجود تھے۔
لارڈ ڈینیئل گورنر پنجاب محمد سرور کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔

امریکا، افغان معیشت میں مزید لیکویڈیٹی لائے گا، انٹونی بلنکن

امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے نئے سال 2022 کے لیے امریکی خارجہ پالیسی کے اہداف کا خاکہ پیش کرتے ہوئے افغان معیشت میں مزید لیکویڈیٹی شامل کرنے کے اختیارات پر ‘شدید’ غور کرنے کا وعدہ کیا۔

 سال کی اختتامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے نشاندہی کی کہ ’روس کا یوکرین کے لیے جارحانہ رویہ، ایران کے جوہری پروگرام اور چین کی جانب قواعد پر مبنی عالمی بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرنے کی کوشش‘ سال 2022 کے کلیدی چیلنجز کے مترادف ہیں۔

افغانستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے حال ہی میں افغان ٹرسٹ فنڈ کے لیے 28 کروڑ ڈالر کے اجرا میں اپنا حصہ شامل کیا ہے اور ’ ہم افغان معیشت میں لیکویڈیٹی شامل کرنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں تاکہ افغان شہریوں کو مزید رقم فراہم کی جاسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دیگر ممالک اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ’صحیح میکنزم کااستعمال کرتے ہوئے ایسا راستہ تلاش کیا جائے جس سے براہِ راست طالبان کو نہیں اور لوگوں کو فائدہ پہنچایا جائے‘۔

امریکا افغانستان میں سب سےزیادہ انسانی امداد فراہم کرنے والا واحد ملک ہے، اور اس کے فنڈز میں پہلے ہی 50 لاکھ ڈالر کا تعاون کر چکا ہے۔

تاہم، امریکا کی امداد اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں کے ذریعے پہنچائی جارہی ہےکیونکہ امریکا طالبان کے اقتدار میں براہِ راست امداد سے انکار کر چکا ہے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ اس طرح کی پابندیوں کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ طالبان بین الاقوامی برادری کی توقعات پر پورا اتریں۔

انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ اگر کابل کے نئے حکمران خود کو تسلیم کروانا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی پالیسیوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں انسانی حقوق، آزادانہ نقل و حرکت، انتقامی حملوں اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر اقدامات کی تجویز دی گئی ہے۔

کپتان کو بااختیار کرنے سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا: رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز  راجہ کی جانب سے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی گئی ہے۔

سالِ نو پر جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم اور کرکٹ سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا جب کہ ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا سال 2022 میں میری ترجیح ہوگی، ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے، انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل کے لیے کام کررہے ہیں، ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر بھی تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا بلال یاسین سے ٹیلی فونک رابطہ، خیریت دریافت کی

 وزیراعلیٰ پنجاب نے بلال یاسین سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ لیگی ایم پی اے نے بلال یاسین نے فائرنگ واقعہ کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو آگاہ کیا۔

خیال رہے لیگی ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر بلال یاسین لاہور کے علاقے موہنی روڈ میں پارٹی کے ایک کارکن سے ملاقات کے بعد گھر واپس لوٹ رہے تھے۔ اس دوران نقاب پوش موٹر سائیکل سوار دو ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ بلال یاسین کے پیٹ اور ٹانگ میں 3 گولیاں لگیں، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔

لیگی کارکنوں نے زخمی بلال یاسین کو فوری میو ہسپتال پہنچایا۔ ایم ایس میو ہسپتال کے مطابق بلال یاسین کی سرجری کر دی گئی۔ کوہلے کی ہڈی فریکچر ہوئی جس کا آپریشن کیا گیا۔ پیٹ میں لگنے والی گولی نے اندرونی اعضا کو متاثر نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کے ایم این اے سردار ایاز صادق نے میو ہسپتال میں بلال یاسین کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ملزموں کو جلد ٹریس کر لیں گے۔

صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے بلال یاسین سے فون پر رابطہ کر کے خیریت دریافت کی اور حملے کو دہشت گردی قرار دیا۔ مریم نواز نے بھی قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیگی رہنما اور کارکن میو ہسپتال پہنچے۔ لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بلال یاسین بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حلقے کے دورے پر تھے۔

پولیس لیگی ایم پی اے پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج نہ کر سکی۔ پولیس کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔

لاہور میں اومی کرون نے تیزی سے پھیلنا شروع کردیا

لاہورمیں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا۔

محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر میں سامنے آنے والے 50 کیسز میں سے 49 کا تعلق لاہور سے ہے جب کہ لاہور میں کورونا مثبت آنے کی شرح 2 فیصد ہوگئی اور گزشتہ روز شرح 3 فیصد تھی۔

 سیکرٹری صحت پنجاب عمران بلوچ کا کہنا ہے اومی کرون وائرس کی تشخیص بہت پیچیدہ ہے اور  پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے بھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکتی، جین سیکوینسنگ کے ذریعے 3 دن میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہورہی ہے، اس وقت اومی کرون سے متاثر ہونے کی علامات رکھنے یا بیرون ممالک سے آنے والے افراد کے نمونے ہی چیک کیے جا رہے ہیں جس میں ہر شخص کا اومی کرون ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 50 کیسز میں سے صرف ایک کیس کا تعلق بہاولپور سے ہے  جب کہ لاہور میں ماڈل ٹاؤن ،گلبرگ،جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے علاقے اومی کرون وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

لیگی رکن اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ، شہباز شریف اور مریم کی مذمت

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مرکزی نائب صدر مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
شہبازشریف نے بلال یاسین سے فون پر رابطہ کرکے بات کی ہے۔ شہبازشریف کا بلال یاسین سے گفتگو میں کہنا تھاکہ اللہ کا شکر اداکرتے ہیں کہ آپ کی زندگی محفوظ رہی۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ بلال یاسین پر فائرنگ دہشت گردی ہے، مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے پارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کی کہ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کیلئے دعا کریں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی رکن پنجاب اسمبلی پر حملے کی مذمت کی۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ رکن پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ ہوا، ان کے پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللّہ نے بچا لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے، سب سے دعا کی اپیل ہے۔
خیال رہے کہ لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بلال یاسین کو پیٹ میں دو گولیاں اور ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے۔

الوداع سال 2021 ، خوش آمدید 2022، پاکستان میں نئے سال کا آغاز

دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی نئے سال 2022 کا آغاز ہو گیا ۔ رات کو 12 بجتے ہی لاہور، کراچی ، اسلام آباد، پشاور، مری، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کرکے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔
نئے سال کی آمد پر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر دعا کی کہ نیا سال پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے خیر و برکت کا سال ثابت ہو اور اہل وطن کو وہ تمام خوشیاں میسر آئیں جن کی وہ دعائیں کرتے ہیں۔ اہل وطن نے اس موقع پرانسانیت و عالم اسلام کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں کہ وہ اپنے رحم و کرم سے کورونا وائرس کی تمام اقسام سے لوگوں کو نجات عطا فرما ئے۔
نئے سال کے آغاز پر شب 12 بجتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد سخت سردی میں بھی سڑکوں پر آگئی جہاں انہوں نے آتشبازی کی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور میوزک پررقص بھی کیا۔ مسیحی، ہندو اور سکھ برادری نے بھی نئے سال کی آمد پر پاکستان کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں ۔
واضح رہے کہ پوری دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ سے ہوا جہاں 31 دسمبر کی رات 12 بجتے ہی آکلینڈ کا سکائی ٹاور رنگوں میں نہا گیا۔ سال نو کے آغاز پر آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر جمع لوگوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے آئندہ سال سے اچھی توقعات وابستہ کیں۔پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر پر آتش بازی کا خوبصورت منظر پوری دنیا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور ٹی وی چینلز کے ذریعے دیکھا۔
براعظم آسٹریلیا کے بعد سال 2022 کا آغاز جاپان میں ہوا جس کے بعد جنوبی کوریا کے علاوہ قریبی ممالک میں نئے سال کی شروعات ہوئیں۔ اس کے بعد جاپان، شمالی کوریا، فلپائن، چین، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، میانمار، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا اور بھارت سے ہوتا ہوا نیا سال 2022 پاکستان پہنچا جہاں اس کا شاندار طریقے سے استقبال کیا گیا۔

سعودی اتحادی فوج کے ’غلطی‘ سے ہونے والے فضائی حملے میں 12 یمنی فوجی ہلاک

سعودی اتحادی فوج کی جانب سے ایک فضائی حملے میں غلطی سے اتحادی یمنی حکومت نواز فورسز کے 12 فوجی ہلاک ہوگئے۔
یمنی عسکری حکام کے مطابق فضائی حملے میں ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
حکام نے بتایا کہ حملہ شبوا صوبے میں ہوا جس میں کم از کم 8 یمنی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی اتحادی سعودی عرب نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
علاوہ ازیں اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے کو متعدد کالز کی گئی اور متعدد پیغامات بھی ارسال کیے گئے لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دو مقامی باشندوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے کے مقام پر کئی لاشیں جل گئیں اور 3 فوجی گاڑیاں، جن میں سے کچھ میں خودکار رائفلیں تھیں، تباہ ہو گئیں۔
گزشتہ مہینوں میں وسطی شہر ماریب اور ساحلی شہر حدیدہ کے ارد گرد حوثیوں اور یمنی حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں اضافہ ہوا ہے۔
اتحاد نے حالیہ ہفتوں میں صنعا اور یمن میں باغیوں کے زیر قبضہ دیگر علاقوں پر اپنے فضائی حملوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔

سال 2022 میں کورونا کو شکست دے دیں گے، ڈبلیو ایچ او پراُمید

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس پر اُمید ہیں کہ 2022 میں کورونا وائرس کو شکست دے دیں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سال نو کے موقع پر ڈبلیو ایچ اوکے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ممالک کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مل کر کام کریں تو 2022 میں اس وبا سے نجات حاصل کرلی جائے گی۔
تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات وائرس کے پھیلنے کے خطرے کو بڑھا رہی ہے۔
ٹیڈروس نے کہا کہ تنگ نظری پر مبنی قوم پرستی اورکچھ ممالک کی طرف سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی نے ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو نقصان پہنچایا ہے اور اومی کرون کے پھیلاؤ کیلئے مثالی حالات پیدا کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی دیر تک ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم جاری رہے گی تب تک وائرس کے پھیلنے کے خطرات اتنے ہی زیادہ ہوں گے اس لیے اگر ممالک مل کر کام کریں اور ویکسین کی صحیح تقسیم کریں تو اس وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔

قومی اسمبلی قانون سازی کی بجائے سیاست کا اکھاڑا بن کر رہ گئی۔ رپورٹ: ستار خان

یہ بات درست ہے کہ دنیا بھر میں پارلیمانی میں تلخ کلامیاں بھی ہوتی ہیں اور سیاستدان آپس میں لڑ بھی پڑتے ہیں۔ دنیا بھر میں واقعات ضرور ہوتے ہیں مگر ہمارے ہاں اسمبلیوں میں لڑائی جھگڑے کے وا قعات معمول بن گئے۔ کل ہی منی بجٹ کے موقع پر ایسے ہی حالات دیکھنے کو ملے۔ ملک کے عوام کے نمائندے دست گریبان ہوئے۔ متعدد ارکان گتھم گتھا ہوئے اور ایوان اکھاڑے کا منظر پیش کر رہا تھا۔ احتجاج ہوا سپیکر کا گھیراﺅ ہوا نعرے لگے اور پوسٹر پھاڑے گئے۔ اس طرح کے منظر سے لگا کہ اب تو ہمارے ارکان اسمبلی نے ایوان کے اندر دھینگا مشتی کو وطیرہ بنا لیا۔منی بجٹ بھی پاس کیا مگر ایک دوسرے پر بڑھ چڑھ کر حملے اور دست وگر یبان ہوکر ہمارے ارکان اسمبلی جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں۔