2022 میں کووڈ19 کے خاتمے کی توقع ہے،عالمی ادارہ صحت

جینیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 2022 میں کورونا کی وبا کا خاتمہ ہونے کی توقع ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 2022 میں کورونا کی وبا ختم ہونے کی توقع ہے کیونکہ دنیا کے پاس اب وبا پرقابو پانے کے لئے آلات موجود ہیں۔

ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ جب تک عدم مساوات برقراررہے گی اس وقت تک وبا بھی جاری رہے گی۔افریقہ میں طبی عملے کی بھی مکمل ویکسین نہیں ہوئی جبکہ یورپ میں عوام کو بوسٹرخوراک لگائی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدم مساوات کی وجہ سے ویرینٹ کے پھیلنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ عدم مساوات ختم ہوگی تو وبا بھی ختم ہوجائے گی اوریہ ڈراؤنا خواب بھی جس میں ہم اب جی رہے ہیں۔

ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی ساڑھے 8ارب خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جس سے اموات کی شرح کم کرنے میں مدد ملی ۔لوگوں کی جان بچانے کے لیے علاج کے نئے طریقے بھی دریافت ہو چکے ہیں۔

پشاور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

پشاور: خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں سمیت اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے سبب لوگ گھروں اور دکانوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مینگورہ، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، دیر بالا، صوابی، چترال میں محسوس کیے گئے، فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔

زلزلہ پیما مرکز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش کے پہاڑی سلسلے کی طرف تھا جب کہ اس کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔

لاپتہ افراد معاملہ، جسٹس اطہر من اللّٰہ “مین آف دا ائیر” قرار

لاپتہ افراد سے متعلق جرات مندانہ موقف رکھنے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ “مین آف دا ائیر” قرار دے دئیے گئے ہیں۔

“سینٹر فار گورننس ریسرچ” نامی ادارے نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو میں آف دا ائیر قرار دیا.

سینٹر فار گورنس ریسرچ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کو لاپتہ افراد سے متعلق اصولی اور جرات مندانہ موقف اپنانے پر مین آف دا ائیر قرار دیا۔

ادارے کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے قرار دیا کہ لاپتہ افراد کی ذمہ داری ایگزیکیوٹیو اور وفاقی کابینہ پر ہے۔

مذکورہ ادارے کا کہنا ہے کہ مطالبہ کرتے ہیں جبری گمشدگی سے متعلق فوری قانون سازی کی جائے۔

گورننس ریسرچ سینٹر نے مطالبہ کیا کہ نیشنل سیکیورٹی پارلیمانی کمیٹی ان اداروں سے متعلق ایکشن لے جو خود  کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اچھی گورننس کے لیے ٹاپ ایجنڈا کے طور ایڈریس ہونا چاہیے۔

برطانیہ: نیوایئر کی تقریبات کے دوران گاڑی کی ٹکر سے 14 سالہ لڑکی ہلاک

برطانیہ میں نیو ایئر کی تقریبات کے دوران پہ گاڑی کی ٹکر سے 14 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔

مقامی میڈیا  کے مطابق  سال نو کے موقع پر  ایک نوعمر لڑکی  کار کی زد میں آکر ہلاک ہو گئی ہے۔

14 سالہ لڑکی  کو گزشتہ شام راؤلی ریگس ریلوے اسٹیشن سینڈ ویل کے قریب ایک سرمئی  رنگ کی مرسڈیز کار نے ٹکر مار ی جس کا ڈرائیور مبینہ طور پر نشے میں تھا۔

طبی عملے نے  فوری طور پر لڑکی کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی۔

ویسٹ مڈلینڈز پولیس  کے مطابق  نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے والے 39 سالہ شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے، چیئرمین پی سی بی

لاہور: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے نئے سال پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ سب کو میری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو، دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا سال 2022 میں میری ترجیح ہوگی۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل  کے لیے کام کررہے ہیں، پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فینز قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولیات دیں گے، سال 2022 پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے، اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، پرامید ہیں کہ کوویڈ 19 کی غیرمعمولی صورتحال کے باوجود آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، سیریز ایسے وقت میں رکھی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آسکیں۔

بینک کی غلطی سے لوگوں کے بینک بیلنس میں راتوں رات اضافہ

برطانیہ میں بینک کی غلطی نے راتوں رات لوگوں کے بینک بیلنس میں اضافہ کردیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کرسمس کے موقع پر ہزاروں اکاؤنٹس میں موجود رقم میں اس وقت حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوگیا جب ایک بینک نے غلطی سے 75 ہزاراکاؤنٹس میں کل ایک کروڑ30 لاکھ پاؤنڈ جمع کرادیئے۔
خبروں کے مطابق، لوگوں سے پیسے واپس لینے کےلیے بینک کے عملے کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زیادہ تر رقوم حریف بینک کے کھاتوں میں جمع کرائی گئی تھیں۔
ایک بیان میں بینک کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہمارے کارپوریٹ کلائنٹس کی جانب سے کچھ ادائیگیاں وصول کنندگان کے اکاؤنٹس میں غلط طریقے سے دو مرتبہ کردی گئیں۔ بینک اپنی غلطی ٹھیک کرنے کےلیے دیگر بینکوں سے مل کر کام کر رہا ہے۔

سرکاری اداروں کے نام پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام رکھنے پر پابندی

اسلام آباد انتظامیہ نے سرکاری اداروں کے نام پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام رکھنے پر پابندی لگادی۔

اب وفاقی دارالحکومت میں اداروں کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری اداروں کا نام استعمال کرکے پہلے سے بنی ہوئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو نام تبدیل کرنے ہوں گے۔

کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین عامر علی احمد نے سوسائٹیوں کا نام تبدیل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر قائم ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے کہ سوسائٹی شاید سرکاری ادارے کی ہے، رجسٹرار 3 ہفتے میں سوسائٹیوں کو نام تبدیل کرنے کا نوٹس دیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایسی تمام سوسائٹیاں جو سرکاری اداروں کے نام پر ہیں اپنا نام تبدیل کروائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اس سلسلے میں ہدایات جاری کررکھی ہیں۔

جماعت اسلامی سودی نظام کے خلاف اعلان بغاوت کرتی ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری کا سبب کرپٹ قیادت اور سودی نظام ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی سودی نظام کے خلاف اعلان بغاوت کرتی ہے، اسلامی نظام کے برعکس سود شیطانی نظام ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان سودی نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے لیے نہیں بنایا گیا تھا، ہم 74 سال سے سودی نظام سے پاک معیشت کی بنیاد نہیں رکھ سکے۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سودی نظام کے خلاف سفارشات دے چکی ہے، چور اور ڈکیٹ حکمران ہوں تو سود کا خاتمہ ممکن نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج امریکہ اور برطانیہ میں سود ختم کیا جارہا ہے، بدقسمتی سے پاکستانی حکمران آج بھی سودی نظام کی سرپرستی کر رہے ہیں، پاکستان کی اکانومی کا 98 فیصد قرضوں اور سود کی نظر ہوجاتا ہے، سودی نظام اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ نے زکوٰۃ نہ دینے والوں کے خلاف اعلان جنگ کیا۔ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف دنیا بھر کی معیشت کو سرمایہ دارانہ نظام کے تحت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سودی نظام کے خلاف میرا بل پی ٹی آئی حکومت نے قومی اسمبلی میں پیش ہونے سے روک دیا۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ن لیگ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلتی ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف نے روضہ رسول ﷺ کے قریب بیٹھ کر سودی نظام ختم کرنے کا وعدہ کیا، اسلامی معاشی نظام سے ہی ریاست مدینہ قائم کی جاسکتی ہے، آج پاکستان اور دنیا کو اسلامی معاشی نظام کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت چور ہے اس لیے لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ٹیکس کی بجائے زکوٰۃ اور عشر کا نظام نافذ کیا جائے تو ہی پیسے کی منصفانہ تقسیم ہوگی، اس حکومت کی موجودگی میں پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اس حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ بزدل، گونگی اور اندھی حکومت منی بجٹ لائی جس سے مزید مہنگائی ہوگی۔ پیٹرول، بجلی، چینی کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے مطلب وزیراعظم چور ہے۔

امیر جماعت اسلامی کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ بیمار ہوا تو پتہ چلا کہ دوائیں مہنگی ہیں، اللہ تعالیٰ سب وزراء کو بیمار کرے تاکہ ان کو پتہ لگے کہ دوائیاں مہنگی ہیں، حکومت کا صرف ایک اعلان ہے گھبرانا نہیں سکون قبر میں ملے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر بھارت کے حوالے کردیا، آئی ایم ایف کا نمائندہ آج اسٹیٹ بینک کا گورنر ہے، حکومت اسٹیٹ بینک کے گورنر کو نہیں ہٹاتی تو اسٹیٹ بینک کا گھیراؤ کریں گے، عمران خان کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں چند ہزار لوگوں کو ہی نوکریاں دے دیں۔

امری جماعت اسلامی کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ عوام کا مطالبہ لنگر خانے، شیلٹر ہوم نہیں، کارخانے تھے۔ سرکاری ملازمین جن کو سود پر گاڑیاں اور گھر دئے وہ ملازمین سود دینے سے انکار کر دیں۔ ہیلتھ کارڈ، راشن کارڈ کو بھی حکومت سیاست کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست بنانے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ سودی نظام، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف تحریک کا اعلان کرتا ہوں، عمران خان کو کہتا ہوں حکومت چھوڑ دیں یہ آپ کے بس کا کام نہیں۔

پاکستانی اسٹارٹ اپس کی سویڈن تک رسائی کے لیے معاہدہ

پنجاب آئی ٹی بورڈ اور سویڈن میں واقع ٹیکنالوجی سرمایہ کار کمپنی ، نٹی وینچرز کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس معاہدے کی رو سے نٹی وینچرزکمپنی پاکستانی اسٹارٹ اپس کی مدد کرے اور انہیں سویڈن تک رسائی میں مدد بھی دے گی۔

نٹی وینچرز پاکستانی اسٹارٹ اپس کی ضروریات کے لحاظ سے انہیں مناسب رہنمائی اور تربیت فراہم کرے گی۔ اس طرح ٹیکنالوجی کی بل پر مسائل حل کرنے والی کئی ایک کمپنیوں کی عالمی سرمایہ کاری کی راہ بھی کھلے گی۔ اس موقع پر پنجاب میں اعلی تعلیم اور آئی ٹی کے وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب آئی ٹی اور اسٹارٹ اپ ماحول کو فروغ دے رہی ہے کیونکہ اس سے معاشی فوائد کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم معاہدے سے  مقامی اسٹارٹ اپس اور فری لانسر کو فوائد حاصل ہوں گے۔

اس موقع پر پی آئی ٹی بی کے سربراہ اظفر مںظور نے کہا کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس کمپنیاں پہلے ہی دنیا میں نام منواچکی ہیں۔ صرف گزشتہ برس ہی پاکستانی اسٹارٹ اپس کی فنڈنگ میں 300 فیصد کا اضافہ ہواہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ پی آئی ٹی بی نوجوانوں کو نہ صرف فری لانسنگ اور انکیوبیشن کے مواقع فراہم کررہی ہے بلکہ وہ ان کے بین الاقوامی روابط بھی بڑھا رہی ہے۔ یہ سلسلہ نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں تک بھی وسیع کیا جائے گا۔

نٹٰی وینچرس سویڈن کی ایک مشہور تکنیکی اور مالیاتی فروغ کی کمپنی ہے اور سویڈن میں نئی اسٹارٹ اپس کمپنیوں کے استحکام کا وسیع تجربہ بھی رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ نٹی وینچرز کے بانی مہکر شیخ بھی ایک پاکستانی ہی ہیں جنہوں نے سی ای او کی حیثٰیت سے اس ایم اویو پر دستخط کئے ہیں۔

اس موقع پر مہکر شیخ نے کہا کہ یہ دور برق رفتاری سے ترقی کررہا ہے۔ ہمیں نئے آئیڈیاز اور خیالات کی ضرورت ہے جو روایتی طریقوں کی بجائے جدت پر مبنی ہوں اور مسائل حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے یھی کہا کہ ان کی کمپنی اس تناظر میں وسیع تجربہ رکھتی ہے۔

حکومت نے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دیا ہے، ترجمان وزارت خزانہ

وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دیا ہے۔ 

کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران مزمل اسلم نے کہا کہ 2021 کی ابتدا کورونا سے ہوئی تھی اور ہم نے شرح نمو کا ہدف 2.1 فیصد رکھا تھا، 2021 میں پاکستان کی جی ڈی پی نمو چار فیصد رہی۔ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی جی ڈی پی نمو 5 فیصد رہنے کا توقع ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ 2018 میں پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہوگئے تھے، اس وقت حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو نیچے نہیں جانے دیا، اتنے بڑے معاشی جھٹکے کے باوجود ملک کی معیشت بہتر ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیز نے کسی بھی طرح پاکستان کی ریٹنگ کم نہیں کی۔

منی بجٹ سے بوجھ نہیں پڑے گا

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آنے کا شور مچایا جارہا ہے، فنانس سپلمنٹری بل میں غریب عوام پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا ، آئی ایم ایف نے 700 ارب روپے کا ٹیکس عائد کرنے کا کہا تھا لیکن ہم 350 ارب روپے پر لائے، ہم نے مشینوں کی درآمد پر ٹیکس لگایا ہے جو ریفنڈ ہوگا۔

ڈبل روٹی پر نہیں امپورٹڈ دودھ پر ٹیکس لگایا 

وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے ڈبل روٹی پر ٹیکس لگ گیا ہے، بہت سی بڑی بیکریاں انڈے اور ڈبل روٹی کے علاوہ پیزا اور دیگر مہنگی اشیا فروخت کررہی ہیں، ان بڑی بیکریوں پر پوائنٹس آف سیل لگا کر اس کی فروخت کا بھی جانچ کیا جارہا ہے۔

2920 ارب کی ٹیکس وصولی

مزمل اسلم نے کہا ہم نے 6 ماہ میں 2920 ارب روپے اکھٹے کئے ہیں، 74 برسوں سے جو ٹیکس مرعات سے فائدہ اٹھا رہے تھے ان پر ٹیکس عائد کیا ہے، ملک میں 12 ہزار ارب روپے کی ریٹیلر سیل ہوتی ہے لیکن 3 ہزار روپے ظاہر کئے جاتے ہیں۔

ترسیلات زر میں اضافہ

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا پچھلے سال 29 ارب ڈالر کی ترسیلات تھیں رواں سال اسے 32 ارب ڈالر پر لے جائیں گے، 2023 میں ہم ترسیلات زر کو 38 ارب ڈالر پر چھوڑ کر جائیں گے،

100 کمپنیوں نے 930 ارب روپے کمائے

مزمل اسلم نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی ایک لاکھ 57 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں ان میں سے 44 کمپنیاں صرف 3 سال میں رجسٹرڈ ہوئی۔ ملک کی 100 بڑی کمپنیوں نے پورے سال میں 930 ارب روپے کمائے۔

زرعی شعبے نے ترقی کی

مزمل اسلم نے کہا کہ 2021 میں زرعی شعبے نے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ، 2022 میں گنے کی بہت ہی اچھی فصل رہنے کی توقع ہے، 2022 میں چینی درآمد نہیں کرنا پڑے گی۔

ملک میں مہنگائی ہے

مزمل اسلم نے کہا کہ اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، دسمبر میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد رہی، عالمی مارکیٹ میں اچانک خام تیل کی قیمت بڑھنے سے برا اثر پڑا ہے۔

آلو، پیاز اور ٹماٹر سستے ہوئے

وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں اجناس کی قیمت بڑھی ہے، پاکستان میں اب اجناس کی قیمت میں استحکام آنا شروع ہوجائے گا، آلو ، پیاز اور ٹماٹر کی قیمت کم ہوئی ہے

پیٹرول اب بھی ایک روپیہ سستا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت نے یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے لیکن 5 نومبر کے مقابلے میں آج پیٹرول کی قیمت ابھی بھی ایک رو پیہ کم ہے۔

لاہورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی،9 دہشتگرد گرفتار

سی ٹی ڈی نے لاہورکے مختلف اضلاع میں آپریشن کے دوران 9 دہشتگردوں کوگرفتارکرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں 119 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کئے گئے جس میں 9 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ 124 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتاردہشتگردوں منیب،رفیق،نعیم،اقبال،احسن،حمادالرحمن،عبدالوحید،شوکت حسین،اختر کان اور احمد آفتاب کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
گرفتاردہشتگردوں سے ہینڈ گرینڈ،الیکٹرک سوئچ، ڈیٹونیٹراوربارودی مواد برآمد کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنا سی ٹی ڈی کی اولین ترجیح ہے۔

نئے سال کا آغاز، لائن آف کنٹرول پرمٹھائی کا تبادلہ

نئے سال کے آغاز پرپاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پرمٹھائی کا تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پرچکوٹھی اورپونچھ سیکٹر سمیت چارمختلف مقامات پرپاکستان آرمی اوربھارتی فوج نے نئے سال کے آغاز پرمٹھائی کا تبادلہ کیا اورنئے سال کی مبارکباد دی۔
گزشتہ سال فروری میں دونوں ممالک میں کنٹرول لائن پرفائربندی معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد ایل اوسی پرماضی کی نسبت صورتحال بہترنظرآہی ہے۔
دوسری جانب لاہورکے واہگہ اورقصورکے گنڈاسنگھ بارڈرپر تعینات دونوں ملکوں کی سرحدی فورسزکے درمیان نئے سال کے آغازپرمٹھائی کے تبادلے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دونوں ممالک کی سرحدی فورسز اپنے قومی اورمذہبی تہواروں پرایک دوسرے کوروایتی طورپر مٹھائی کاتحفہ دیتی ہیں۔

نئے سال کا آغاز، لائن آف کنٹرول پرمٹھائی کا تبادلہ

نئے سال کے آغاز پرپاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پرمٹھائی کا تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پرچکوٹھی اورپونچھ سیکٹر سمیت چارمختلف مقامات پرپاکستان آرمی اوربھارتی فوج نے نئے سال کے آغاز پرمٹھائی کا تبادلہ کیا اورنئے سال کی مبارکباد دی۔
گزشتہ سال فروری میں دونوں ممالک میں کنٹرول لائن پرفائربندی معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد ایل اوسی پرماضی کی نسبت صورتحال بہترنظرآہی ہے۔
دوسری جانب لاہورکے واہگہ اورقصورکے گنڈاسنگھ بارڈرپر تعینات دونوں ملکوں کی سرحدی فورسزکے درمیان نئے سال کے آغازپرمٹھائی کے تبادلے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دونوں ممالک کی سرحدی فورسز اپنے قومی اورمذہبی تہواروں پرایک دوسرے کوروایتی طورپر مٹھائی کاتحفہ دیتی ہیں۔