پی ڈی ایم کا مہنگائی کیخلاف صوبوں میں مارچ کا فیصلہ

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے  ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف صوبوں میں مارچ کا فیصلہ کرلیا۔

اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم رہنماؤں کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر بھی غورہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کےخلاف صوبوں میں مارچ کا فیصلہ کرلیا جبکہ  مہنگائی مارچ کا اختتام لانگ مارچ پر کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں 13 نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ اور 20 نومبر کو پشاور میں  مہنگائی مارچ کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے نیب ترمیمی آرڈیننس اورالیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کردیا۔

پی ڈی ایم کے مطابق انتخابی اصلاحات بلز روکنے کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مکمل حاضری یقینی بنائی جائے گی اور انتخابی اصلاحات بلز روکنے کیلئے پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی حکمت عملی بنانے کی مشاورت ہوگی۔

پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے

پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے جڑواں شہروں میں مہنگائی کی نئی لہر آگئی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے راولپنڈی، اسلام آباد کی غلہ منڈی، فروٹ منڈی، سبزی منڈی، چکن منڈی اور مچھلی منڈی میں مہنگائی کا نیا سونامی آگیا ہے۔ دودھ ، دہی، گھی، آٹا، چاول، دالیں، گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، پہلے ہی مہنگائی سے تنگ شہریوں نے حالیہ مہنگائی کو آخری حد قراردے دیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، جڑواں شہروں میں میٹرو بس کے علاوہ ٹیکسی، رکشہ، کیب، سوزوکی اور ویگن کے کرایوں میں اسٹاپ ٹو اسٹاپ اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے کم آمدن والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

ٹوئٹر سے پیسہ کمانے کا منفرد طریقہ: سپر فالوز

گوگل، فیس بُک اور انسٹاگرام کی طرز پر ٹوئٹر نے بھی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کےلیے پیسہ کمانے کے مواقع متعارف کروا دیئے ہیں۔
مطلب یہ کہ اب آپ بھی دنیا کے سب سے بڑے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم سے پیسہ کما سکتے ہیں، بشرطیکہ ٹوئٹر پر آپ کے چاہنے والوں یعنی ’’فالوورز‘‘ کی تعداد زیادہ ہو۔
فی الحال ٹوئٹر پر پیسہ کمانے یا ’’مونیٹائزیشن‘‘ کےلیے چند ایک پروگرام ہی موجود ہیں جو حالیہ چند مہینوں کے دوران آزمائشی طور پر شروع کیے گئے ہیں۔
اگرچہ ان کا دائرہ کار ابھی صرف امریکا تک محدود ہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دوسرے ملکوں میں رہنے والے بھی ان سے مستفید ہوسکیں گے۔
ٹوئٹر سے پیسہ کمانے کےلیے ایسا ہی ایک پروگرام ’’سپر فالوز‘‘ کہلاتا ہے جو اس سال یکم ستمبر سے شروع کیا گیا ہے۔
اگر کسی ٹوئٹر صارف کی عمر 18 سال سے زیادہ ہو، اس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ تین ماہ یا اس سے پرانا ہو، اس کے فالوورز کی تعداد کم از کم دس ہزار ہو اور وہ پورے مہینے میں 25 یا زیادہ ٹویٹس کرتا ہو تو وہ اس پروگرام سے پیسہ کما سکتا ہے۔
اس کے تحت آپ اپنی کچھ ٹویٹس کو دیکھنے کا معاوضہ وصول کرتے ہیں، یعنی آپ کے فالوورز میں سے صرف وہی فرد ان ٹویٹس کو دیکھ سکے گا جو آپ کو ماہانہ فیس دے گا۔ یہ فیس 2.99 ڈالر، 4.99 ڈالر، یا 9.99 ڈالر ماہانہ ہوسکتی ہے۔
ٹوئٹر بلاگ کے مطابق، اگر اس پروگرام کے ذریعے آپ کی آمدنی 50 ہزار ڈالر سے کم ہے تو ٹوئٹر اس میں سے صرف 3 فیصد حصہ رکھے گا، لیکن اگر یہ 50 ہزار ڈالر یا اس سے زیادہ ہے تو پھر ٹوئٹر کا حصہ 20 فیصد ہوجائے گا۔
البتہ یہ پروگرام فی الحال صرف آئی او ایس (آئی فون) صارفین کےلیے ہے جو امریکی شہری ہوں۔ لہذا انہیں ’’سپر فالوز‘‘ پروگرام سے ہونے والی آمدنی میں ایپل کے ’’ایپ اسٹور‘‘ کو بھی حصہ دینا پڑے گا جو 33 فیصد تک ہوسکتا ہے۔
یعنی اس پروگرام سے پیسہ کمانے والوں کو عملاً اپنی کمائی ہوئی رقم کا صرف 65 فیصد حصہ ہی ملے گا۔
اگر یہ ’’سپر فالوز‘‘ پروگرام اپنے اس ابتدائی اور آزمائشی مرحلے میں کامیاب رہا تو اسے اینڈروئیڈ کے علاوہ دوسرے ملکوں کےلیے بھی شروع کردیا جائے گا۔

آٹا، چینی ، بجلی اور پٹرول پر بس نہیں تو استعفیٰ دینا عمران خان کے بس میں ہے: شہباز شریف

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مہنگائی کے معاملے پر وزیراعظم سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی، گیس، پیٹرول، معیشت اور مہنگائی پر بس نہیں چل رہا تو استعفیٰ دینا عمران خان کے بس میں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم استعفی لکھ کر عوام کو فوری ریلیف دیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ چینی کے بعد پیٹرول اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی کی بمباری ہے، ظلم کی یہ حکومت نہیں چل سکتی۔

اگر نیوزی لینڈ افغانستان سے ہارتی ہے تو بہت سارے سوالات اٹھ جائیں گے: شعیب اختر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان سے میچ ہارتی ہے تو بہت سارے سوالات اٹھ جائیں گے۔
نمیبیا کو 8 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد بھارت نے ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا ہے اور بھارتی ٹیم رن ریٹ کے اعتبار سے اپنے گروپ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔
لیکن گروپ ٹو سے پاکستان کے علاوہ کون سی دوسری ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی اس بات کا فیصلہ کل نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ پر منحصر ہے۔اس حوالے سے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اب افغانستان پر ہے کہ وہ ہندوستان کو اندر لا سکتی ہے یا نہیں لا سکتی کیونکہ اگر افغانستان میچ جیتتی ہے تو ہندوستان گیم میں واپس آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ میچ نیوزی لینڈ کیلئے کوارٹر فائنل ہے، اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو ہرا دیتی ہے تو پھر ’گیم از اوور‘، پورا ہندوستان افغانستان کو سپورٹ کر رہا ہو گا لیکن ہم سپورٹ کریں گے اچھی کرکٹ کو۔
شعیب اختر کا کہنا ہے کہ صورت حال انتہائی دلچسپ ہو چکی ہے لیکن میری دلی خواہش ہے کہ ہندوستان ہمارے ساتھ فائنل میں آئے اور ہم ہندوستان کی پھینٹی لگائیں، اور یہ کرکٹ کے لیے اچھا ہو گا کیونکہ ہندوستان اور پاکستان آپس میں فائنل کھیلتے ہیں تو یہ بہت ہی دلچسپ مقابلہ ہو گا اور اس سے ورلڈکپ اور بھی بڑا ہو جائے گا۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان نے نمیبیا کو شکست دیکر ورلڈکپ کو بڑا کر دیا ہے، فیصلہ اب نیوزی لینڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ہندوستان کو باہر کرتی ہے یا نہیں کرتی لیکن اگر خدانخواستہ نیوزی لینڈ میچ ہارتی ہے تو بہت سارے سوالات اٹھ جائیں گے۔

بے امنی کی صورتحال :سعودیہ نے اپنے شہریوں کو ایتھوپیا چھوڑنے کی ہدایت کردی

سعودی عرب کی جانب سے ایتھوپیا میں اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد ازجلد ملک چھوڑ دیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جمعے کے روز سعودی سفارتخانے نے ایتھوپیا میں بے امنی کے حالات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو جلد از جلد ایتھوپیا چھوڑنے کی  ہدایت کردی۔

سعودی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی شہری محتاط رہیں اورہنگامی صورتحال پرسفارتخانےسےرابطہ کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق  ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں باغی جنگجوؤں کی پیش قدمی کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایتھوپیا میں امریکی سفارتخانے نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ کے ساتھ طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ کے اپنے نام کے ساتھ عامر لیاقت کا نام ہٹا کر والد کا نام دوبارہ لگانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں تھیں۔ عامر لیاقت اور سیدہ طوبیٰ کی طلاق کی خبرجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ جب یہ افواہیں حد سے زیادہ بڑھ گئیں تو عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر طوبیٰ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سیدہ طوبیٰ، عامر لیاقت کے ساتھ ان ہی کے گھر میں موجود ہیں اور اپنی کھوئی ہوئی بلی ڈھونڈنے پر رو روکر عامر لیاقت کا شکریہ ادا کررہی ہیں۔عامر لیاقت نے اس ویڈیو کے ساتھ اپنی اور سیدہ طوبیٰ کے درمیان طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ’’یہ اب بھی میری بیوی ہے‘‘۔

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میںسرفہرست ، ائیر کوالٹی انڈیکس 231 ریکارڈ

لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست آگیا۔شہر میں ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح231ریکارڈ، شام کےوقت ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح350سے تجاوزکرگئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کاربن نائٹروجن آکسائیڈ سمیت دیگر گیسز کی شرح میں اضافہ ہوا، موسم سرما میں سموگ،فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگا، دوسری طرف ہمسایہ ملک بھارت میں منائے جانیوالے تہوار دیوالی کے دوران کروڑوں کی تعداد میں آتشبازی چلانے سے آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حدوں کو چھونے لگی اور اسی کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ بھارتی دارالحکومت میں دیوالی پر پابندی کے باوجود آتش بازی کی گئی۔ دہلی کے علاقے جن پتھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 655 اعشاریہ 07 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔عالمی تھنک ٹینک ’جرمن واچ‘ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں 2000 سے 2019 تک دو دہائیوں کے دوران شدید نوعیت کے موسمی حالات اور قدرتی آفات کا جائزہ لیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس مدت کے دوران عالمی معیشت کو 2.56 کھرب امریکی ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں 12 روزہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 جاری ہے، جہاں دنیا بھر سے رہنما شرکت کر رہے ہیں لیکن جنوبی ایشیا کے رہنما نہ صرف اس میں شرکت سے محروم ہیں بلکہ ماحولیات کی تباہی کے حوالے سے اپنی کسی بھی قسم کا لائحہ عمل پیش کرنے سے قاصر رہے تاہم سا¶تھ ایشیا پیس ایکشن نیٹ ورک نامی این جی اوکی جانب سے منظور کردہ قرارداد نے اس حوالے جنوبی ایشیا کے ممالک کی حکومتوں سے مایوسی کااظہار کیا ہے۔

افغان صدر نے داعش کو طالبان کیلئے بڑا خطرہ قراردیدیا

لاہور(حسنین اخلاق) اافغان صدر نے عسکریت پسندی سے حکومتی امور کی جانب جاتے ہوئے افغان طالبان کے لئے داعش کومغرب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا۔داعش خراسان ،طالبان سے ناراض اراکین کو بھرتی کرنے میں کامیاب رہا ہے جو طالبان کو بہت اعتدال پسند سمجھتے ہیں۔طالبان اب کچھ معتدل اصلاحات نافذ کر رہے ہیں،اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ کالعدم اسلامک سٹیٹ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔افغانستان کی معزول امریکی حمایت یافتہ حکومت سیکڑوں ارب ڈالر اور سیکیورٹی مدد کے باوجودنہ تو طالبان کو شکست دے سکی اور نہ ہی آئی ایس-خراسان کو۔ اب طالبان کوان کا سامنا بہت کم بیرونی امداد اور غیر ملکی افواج کی طرف سے جدید ترین انٹیلی جنس اور نگرانی کے ساتھ کرنا ہے ،ڈریگن فلائی سیکیورٹی انٹیلی جنس کا اعتراف۔ تفصیلات کے مطابق اسلامک اسٹیٹ-خراسان، جسے آئی ایس آئی ایس -کے جیسے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے حالیہ ہفتوں میں خونریز حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ مغربی ماہرین کے مطابق آئی ایس-خراسان یااسلامک اسٹیٹ گروپ اس وقت نمایاں ہوا جب اس نے 2014 میں شام میں خلافت کا اعلان کیا۔ ایک فرانسیسی تھنک ٹینک فاو¿نڈیشن فار سٹریٹیجک ریسرچ نے اس میںسابقہ جہادی تنظیموں، بشمول ایغور ، ازبک، اور طالبان سے منحرف ہونے والے گروہ کو شامل کیا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کا قبل ازوقت خاتمہ اپوزیشن کو مہنگا پڑے گا۔

پاکستان میں اپوزیشن بظاہر تو بہت مضبوط نظر آتی ہے۔ لیکن عملی طو رپر اس سے کمزور اپوزیشن پاکستان کی تاریخ میں نظر نہیں آتی۔ بظاہر ملک کی دو بڑی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ ن اور پی پی پی اپوزیشن میں اکٹھی ہیں۔ لیکن عملی طور پر دونوں جماعتیں سیاسی حریف کی طرح ایک دوسرے سے پیش آتی ہیں۔کسی فیصلہ کن مرحلے میں مسلم لیگ ن دو قدم آگے بڑھاتی ہے تو پی پی پی دو قدم پیچھے ہٹ جاتی ہے۔ اور اس طرح سے جب پی پی پی دو قدم بڑھاتی ہے تو مسلم لیگ ن دوقدم پیچھے ہٹ جاتی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو خاص طور پر مسلم لیگ ن اور پی پی پی اس بات کا احساس ہے کہ تحریک انصاف کا اگلے تک حکومت میں رہنا ان دونوں جماعتوں کے فائدے میں ہے۔کیونکہ اگلے انتخابات کے موقع پر ووٹرز سب سے زیادہ سوال تحریک انصاف سے اٹھائے گی۔

علاقائی استحکام کیلئے پرامن و خوشحال افغانستان کی اشد ضرورت ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی استحکام کے لیے پرامن و خوشحال افغانستان کی اشد ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی امور پر  تبادلہ خیال کیا گیا گیا جبکہ افغان امن عمل، پاک چین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نئے چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل یانگ یانگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چینی سفارتی حکام نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول کے اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پاکستان میں چین کے نئے دفاعی اتاشی کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے پرامن و خوشحال افغانستان کی مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔

شہباز شریف کے قومی رہنماؤں سے رابطے،مہنگائی کیخلاف بھرپور ردعمل پر اتفاق

اسلام آباد: ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری،فضل الرحمان سمیت دیگر قومی رہنماؤں ٹیلیفونک رابطے کے دوران اتفاق کیا ہے کہ بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹیلی فون پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر جان مینگل ،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، ایمل ولی خان، انس نورانی اور مالک بلوچ کے ساتھ رابطہ کیا اوررہنمائوں سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

قومی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے میں نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ قائدین لنے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل پر اتفاق کیا ہے۔

قائدین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عوام مہنگائی اور اس حکومت کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں،موجود حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں،یہ حکومت رہی تو عوام اور معیشت زندہ نہیں رہے گی،نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت ،موجودہ کرپٹ ترین حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے۔

قبل ازیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو اور شہباز شریف کے درمیان ملک میں بدترین مہنگائی کے بعد عوامی مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمان میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ بلاول بھٹو نے شہباز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کا لالی پاپ دیکر عوام کو تکلیف میں مبتلا کر دیا۔