وزیراعظم کا چینی کا تمام ذخیرہ مارکیٹ میں لانے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے چینی کا تمام ذخیرہ مارکیٹ میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے صوبائی اور ضلعی حکومتیں میدان میں نظر آئیں ، بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے، حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، مہنگائی کے اثرات کا احساس رکھتی ہے ۔ پیر کو وزیر اعظم کی و زیر صدارت پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا جس میں شرکا کو چینی کے ذخیرے اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، فواد چوہدری، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، ڈاکٹر فروغ نسیم، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور چیرمین ایف بی آر شریک تھے۔

کالعدم تحریک طالبان کا ایک ماہ کے لئے فائر بندی کا اعلان

پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ایک ماہ کیلئے جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی 9نومبر سے 9دسمبر تک رہے گی، فریقین کی رضا مندی سے جنگ بندی میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔
کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان طالبان کی حکومت، پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مذاکرات کی خبروں پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ پارلیمان میں کسی اتفاقِ رائے کے بغیر خود اپنے طور پر تحریکِ طالبان پاکستان سے مذاکرات کرے۔ پہلے بھی اس پر تنقید کرتا رہاہوں اور اب بھی کروں گے کہ جہاں کسی کو آن بورڈ نہیں لیا گیا، کوئی اتفاقِ رائے پیدا نہیں ہوا تو صدرِ پاکستان یا وزیرِ اعظم کون ہوتے ہیں کہ وہ بھیک مانگتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بات کریں۔
انھوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی جس نے ہمارے فوجی سپاہیوں کو شہید کیا، ہماری قومی قیادت کو شہید کیا، ہمارے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا، کہ یہ کون ہوتے ہیں کہ اپنے طور پر فیصلہ کریں کہ کس سے انگیج کرنا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی جو بھی پالسیی ہو اس کی پارلیمان منظوری دے، وہ اتفاقِ رائے سے بنے۔ وہ پالیسی بہتر پالیسی بھی ہو گی اور اس کی قانونی حیثیت بھی ہو گی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حکومت اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سیز فائر معاہدے پرآمادہ ہو ہو گئی۔
ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا تذکرہ کیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں۔ یہ مذاکرات آئین کے تحت ہو رہے ہیں۔ معاہدے کے تحت ٹی ٹی پی سیز فائر معاہدے پر آمادہ ہو گئی۔ افغان عبوری حکومت نے مذاکرات میں کردار ادا کیا۔ یہ بھی بہت خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے طویل عرصے کے بعد مکمل امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ مذاکرات میں پیشرفت کے مطابق فائر بندی میں توسیع ہو گی۔ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات میں متاثرہ خاندانوں کو قطعی طور پر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا ان مذاکرات میں جو ان علاقوں کے افراد ہیں ان کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ ریاست کی حاکمیت اور ملکی سالمیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں شامل کچھ گروپوں سے بات چیت کر رہی ہے۔ اگر وہ ہتھیارڈال دیں تو انہیں معاف کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات چیت افغان طالبان کے تعاون سے افغانستان میں ہو رہی ہے تاہم بات چیت کی کامیابی کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔ میرے خیال میں کچھ طالبان گروپ حکومت سے مفاہمت اور امن کی خاطر بات کرنا چاہتے ہیں۔

سری لنکا اور بھارت کے جنوبی علاقوں میں سیلاب سے 9 افراد ہلاک

نئی دہلی (چینل فائیو پاکستان) سری لنکا اور بھارت کے جنوبی علاقوں میں سیلاب آ گیا جس کی زد میں آ کر 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ ایک ہفتے سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث سری لنکا کے 25 اضلاع میں سے آدھے علاقے زیر آب آ چکے ہیں، بھارتی ریاست تامل ناڈو بھی سیلا ب کی زد پر ہے، بھارت کے اہم شہر چنائی کی شاہراہیں دریا کا منظر پیش کررہی ہیں۔ سری لنکا میں اب تک پانچ اور بھارتی ریاست تامل ناڈو میں چار افراد ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

بورس جانسن پر ووٹوں کے بدلے فنڈز کا الزام ،برطانوی عوام مشتعل

لندن (ڈاکٹر اختر گلفام سے ) پاکستانی حلقہ سیاست کی طرح ممبر پارلیمنٹ کو اپنے مفاد کے لیے فنڈز دئیے بورس جانسن دباؤ کا شکار

ارکان پارلیمنٹ کو بلیک میل کرنے کے لیے عوامی پیسہ استعمال کیا گیا

تحقیقات کی جائیں اپوزیشن جماعتوں کا کابینہ سیکریٹری سے مطالبہ

ترجمان وزیر اعظم کا خبر کی تصدیق یا تردید سے انکار،، تحقیقات کی حمایت

برطانوی وزیر اعظم نے ارکان کو حمایت نہ کرنے فنڈز روکنے کی دھمکی دی

ماضی میں بھی 4 ارب پاؤنڈ حکومتی ارکان کو دینے کا الزام

نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر لاہورکینٹ کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق نواز شریف کی جائیداد 135 اپرمال کی نیلامی 19نومبرکو ہوگی۔

نیلامی کے لیےکینٹ ٹاؤن ہال سمیت دیگر مقامات پر اشتہار بھی آویزاں کیے جائیں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیلامی اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3کے حکم کے مطابق ہوگی ، نیلامی کے لیےکینٹ ٹاؤن ہال سمیت دیگر مقامات پر اشتہار بھی آویزاں کیے جائیں گے۔

خیال رہےکہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی غیرمنقولہ جائیدادکی نیلامی کا حکم دیا تھا۔

 توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کی جائیداد نیلامی کے معاملے پر نیب نے احتساب عدالت نمبر 3 میں درخواست دائر کی تھی۔

نیب کی درخواست کے متن میں تحریر تھا کہ متعلقہ حکام کوضبط شدہ جائیدادیں نیلام کرنےکی ہدایت کی جائے، نیب کا درخواست میں موقف تھا کہ نوازشریف نےجان بوجھ کر سرنڈر نہیں کیا ہے۔

آئندہ دو سے تین ہفتوں میں چینی کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی، حماد اظہر

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آئندہ دو سے تین ہفتوں میں چینی کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی اور پنجاب میں 15 نومبر تک جو شوگر مل نہیں چلے گی اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ رواں سال ایک مرتبہ پھر سندھ میں گنے کی کرشنگ میں تاخیر کی جا رہی ہے، سندھ میں شوگر ملیں 15 اکتوبر تک چل جاتی ہیں لیکن ابھی تک وہ شوگر ملیں نہیں چلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سندھ کی ان شوگر ملز کی تفصیلات موجود ہیں جنہوں نے بوائلر چلا کر پھر بند کر دیا، بوائلر کو سازش کے تحت بند کرایا گیا، سندھ کی شوگر ملیں چل رہی ہوں تو چینی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سازش میں عوام پس رہے ہیں، سندھ میں شوگر ملوں کا نہ چلنا حکومت سندھ اور شوگر ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کا گٹھ جوڑ اور وفاقی حکومت کے خلاف سیاسی سازش ہے، سندھ حکومت سازش بے شک کرے لیکن عوام کو اس سے تکلیف نہیں پہنچنی چاہیے، ہمارا سوال ہے کہ 15 اکتوبر تک سندھ میں جو شوگر ملیں چل جاتی تھیں وہ اب تک کیوں نہیں چلیں اور بوائلر چلا کر کیوں بند کر دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے قانون بنایا تھا کہ جو شوگر ملیں وقت پر نہیں چلتی اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائیں گی اور انہیں 50 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ بھی ہو گا، باقی صوبوں نے یہ قانون لاگو کر دیا ہے لیکن حکومت سندھ نے یہ قانون ابھی تک لاگو نہیں کیا۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ چینی کا تو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے، گنے کا ذخیرہ نہیں ہو سکتا اور گنے کی خریدار صرف شوگر ملیں ہیں، ہر سال شوگر ملیں اپنے مطالبات منوانے کے لیے کرشنگ میں تاخیر کرتی تھیں اور حکومتوں پر دبائو ڈال کر برآمدات پر اربوں روپے کی سبسڈی لیتی تھیں اور حکومتوں کو بلیک میل کیا جاتا تھا۔

نہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے پچھلے سال پہلی مرتبہ 15 نومبر تک گنے کی کرشنگ کا آغاز ہوا اور کسانوں کو ان کی فصل کا جائز معاوضہ دیا گیا لیکن حکومت سندھ نے یہ قانون ابھی تک منظور نہیں کیا جس کے نتیجے میں وہی ہو رہا ہے جس کا ہمیں خدشہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت سندھ سے مطالبہ ہے کہ وہ باقی صوبوں کی طرح قانون منظور کرے اور شوگر ملوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے چینی مہنگی نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ گندم بھی بروقت جاری نہیں کرتی، اسی وجہ سے سندھ میں آٹے کی قیمت زیادہ ہوتی ہے اور پنجاب اور دیگر صوبوں میں کم ہوتی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ جنوبی پنجاب میں شوگر ملیں 15 نومبر اور وسطی اور شمالی پنجاب میں شوگر ملیں 20 نومبر سے کرشنگ شروع کر دیں گی، اگر مقررہ وقت تک شوگر ملیں نہ چلیں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رواں سال گنے کی بھرپور پیداوار ہوئی ہے تو پھر کسان سے گنا نہ لینے کا کیا جواز بنتا ہے۔

وزیر توانائی نے چینی کی قیمتوں میں کمی کی امید ظاہر کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ گزشتہ سال بھی چینی کی قیمت 100 سے 110 روپے تک گئی تھی لیکن جب درآمدی چینی مارکیٹ میں آئی تو قیمتیں کم ہونا شروع ہو گئیں اور گزشتہ نومبر میں چینی کی قیمت 70 روپے فی کلو تک آ گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ ٹن درآمدی چینی مارکیٹ میں لائی جا رہی ہے جو 90 روپے فی کلو میں دستیاب ہو گی، اس کے علاوہ 30 ہزار ٹن چینی لے کر ایک اور بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ رہا ہے، وہ چینی بھی مارکیٹ میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ درآمدی چینی مختلف اسٹورز اور ٹرکوں کے ذریعے صارفین کو فراہم کرے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز میں بھی چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بڑے سیاسی گھرانے ہیں ان سب کی شوگر ملیں ہیں، اس کاروبار میں کوئی کشش ہے تبھی باقی کاروبار میں ناکام ہونے والے خاندان اس کاروبار میں ارب پتی بن جاتے ہیں، ہر سال گٹھ جوڑ کرکے چینی کی قیمت مقرر کی جاتی تھی، کرشنگ میں تاخیر کی جاتی تھی، چینی کی درآمد رکوائی جاتی تھی اور ڈیوٹیاں بڑھائی جاتی تھیں، ہم نے چینی کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کی اور خام چینی کی درآمد کھول دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شوگر ملوں کو اب کوئی برآمدی سبسڈی نہیں دی جائے گی، باقی صنعتوں کی طرح اس صنعت کو بھی طلب و رسد کی بنیاد پر چلنا چاہیے، حکومت کی پہلی ترجیح کسان ہیں جن کا روزگار شوگر ملوں سے جڑا ہوا ہے، شوگر ملز مالکان کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہو گی لیکن انہیں بھی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی اقدامات سے اگلے دو سے تین ہفتوں میں چینی کی قیمتیں تیزی سے کم ہو جائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، گزشتہ روز کئی سٹہ باز پکڑے گئے ہیں جس کے بعد مارکیٹ میں صورتحال میں بہتری آئی ہے اور من مانی سے شوگر ملیں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حماد اظہر نے کہا کہ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی کی کھپت ساڑھے 4 لاکھ ٹن ہے اس میں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی ماہانہ صارفین استعمال کرتے ہیں، اس وقت ملک میں ایک لاکھ ٹن درآمدی چینی موجود ہے، 30 ہزار ٹن مزید آ رہی ہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز کے پاس 25 ہزار ٹن چینی موجود ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مختلف مقامات سے ذخیرہ کی گئی ہزاروں ٹن چینی برآمد کی ہے اور یہ چینی سرگودھا میں ٹرک کے ذریعے 90 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی گئی ہے۔

کترینہ اور وکی کی شادی کی تیاریاں شروع، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وِکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ادا کرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ دونوں اداکاروں کی رسم میڈیا سے پوشیدہ رکھنے کیلئے دیوالی پر بھارتی فلم ساز کبیر خان کے گھر ادا کی گئی جس میں کترینہ اور وِکی کے گھر والوں سمیت قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

یہ ہندو مذہب کی ایک ایسی رسم ہے جو شادی کی تقریبات کے آغاز سے قبل کی جاتی ہے جس میں لڑکا اور لڑکی سمیت ان کے گھر والے اور رشتے دار شرکت کرتے ہیں۔

اس رسم کی ادائیگی میں منگنی، شادی کے انتظامات سے لے کر مہمانوں کو مدعو کرنے سے متعلق بات چیت کی جاتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ اداکار وکی کوشل اور کترینہ کیف رواں سال دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں لیکن تاحال دونوں اداکاروں کی جانب سے شادی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

امریکا کا کورونا سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکا نے کورونا وبا کے باعث عائد سفری پابندیوں کو اُٹھالیا اور متعدد ممالک کے لیے اپنی فضائی راستے کھول دیئے ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کورونا وبا کی وجہ سے یورپ، کینیڈا اور میکسیکو سمیت 33 ممالک پر عائد سفری پابندیاں ختم کردی ہیں جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

یہ سفری پابندیاں گزشتہ برس کے اوائل میں لگائی گئی تھیں تاہم اب صرف ایسے بین الااقوامی مسافروں کے لیے ختم کی گئی ہیں جن کے پاس کورونا ویکسین  کورس مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ ہو۔

یہ پابندیاں امریکا میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہونے کے باعث اُٹھائی گئی ہیں جس کے بعد رواں ہفتے ایئر کمپنیز پر مسافروں کا بوجھ دگنا ہوجائے گا جس کے لیے پہلے ہی امریکی صدر خبردار کرچکے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایئرلائن کمپنیاں خود کو مسافروں کی بڑھتی ہوئی اچانک تعداد کا بوجھ اُٹھانے کے لیے تیار کرلیں جب کہ کینیڈا اور میکسیکو سے زمینی اور سمندری راستوں سے آنے والے لمبی قطاروں میں انتظار کے لیے خود کو تیار رکھیں۔

واضح رہے کہ امریکا کورونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے تاہم ویکسینیشن کے بعد اب نئے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

بھارت خالصتان ریفرنڈم سے خوفزدہ، سکھوں کو ویزے منسوخ کرنے کی دھمکیاں

بھارت میں سکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کے قیام کے لیے  لندن میں  2 مختلف مقامات پر ریفرنڈم کے  دوسرے مرحلے کا انعقاد ہوا۔ 

خالصتان کے قیام کے لیے ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کا اہتمام لندن کے 2 مختلف مقامات پرکیا گیا جس میں 10 ہزار سے زائد برطانوی سکھوں نے حصہ لیا ، اس دوران  ساؤتھ آل اور گریوز اینڈ کے گوردواروں میں ووٹ ڈالنے کے لیے صبح سے ہی ووٹروں کی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر ریفرنڈم پرم جیت سنگھ پما کا کہنا تھا کہ پی آر سی کی رہنمائی میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کوئی شخص ایک سے زائد بار ووٹ نہ ڈالے جب کہ ووٹنگ کے لیے دیکھا جانے والا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ سکھ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔

 کوآرڈینیٹر گریوز اینڈ پولنگ اسٹیشن دوپندر سنگھ نے کہا کہ ریفرنڈم میں سکھوں کی بڑی تعداد میں شرکت سے بھارت پریشان ہے۔

 دوسری جانب بھارتی حکام خالصتان ریفرنڈم سے خوفزدہ ہیں جس کے پیش نظر  بھارتی حکام  سکھوں کو ریفرنڈم میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے  این آر آئی کارڈ اور ویزے منسوخ کرنے کی دھمکیاں دےرہی ہے۔

خیال رہے کہ ریفرنڈم کا اہتمام خالصتان کی حامی سکھوں کی معروف پارٹی سکھ فار جسٹس کی جانب سے کیا گیا ہے جو یورپ، نارتھ امریکا، آسٹریلیا اور بھارتی پنجاب میں بھی ریفرنڈم کرانا چاہتی ہے جب کہ  ریفرنڈم کا آغاز 31 اکتوبر کو کوئین الزبتھ ٹو سینٹر سے ہوا تھا جس میں 30 ہزار سے زائد سکھوں نے حصہ لیا تھا۔

اس سے قبل  کینیڈا میں سکھ فار جسٹس بھارت میں سکھوں کے علیحدہ وطن سے متعلق مقدمے کے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل  کرچکی ہے, کینیڈا کی عدالت کے فیصلے میں  پاکستان پر سکھوں کی ریفرنڈم کیمپین کی پشت پناہی کا الزام غلط ثابت ہوا تھا۔

یاد رہے کہ  اندرا گاندھی کو آپریشن بلیو اسٹار کا حکم دینے پر ان کے سکھ باڈی گارڈز نے 31 اکتوبر کو ہلاک کردیا تھا، اس  قتل کے بعد بھارت میں ہزاروں سکھوں کو چن چن کر قتل کیا گیا جب کہ پولیس اہلکار ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو روکنے کے بجائے تماشہ دیکھتے تھے۔

یہی نہیں بعض واقعات میں پولیس اہلکاروں نے ووٹر لسٹیں بھی حملہ آوروں کو فراہم کیں، اس کے پیش نظر  سکھوں نے 31 اکتوبر کی مناسبت سے آزادی کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

نیوزی لینڈ: نمازیوں پر حملہ کرنے والے مجرم کا سزا کے خلاف اپیل پر غور

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد میں 51 نمازیوں کو ہلاک کرنے والے مجرم نے عمر قید کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر پر غور شروع کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے’ رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق مجرم کے وکیل نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ برنٹین ٹیرنٹ نے سال 2019 میں حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

31 سالہ سفید فارم برنٹین ٹیرنٹ کو 15 مارچ 2019 میں کرائسٹ چرچ میں واقع 2 مساجد میں علیحدہ علیحدہ حملوں میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مذکورہ واقعات میں 51 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 40 کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

واضح رہے یہ ملک کی تاریخ میں بڑے پیمانے پر قتل کی واردات تھی۔

نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی قیدی کو عمر بھر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

برینٹن کے وکیل ٹونی ایلیس نے ریڈیو نیوزی لینڈ کو بتایا کہ گزشتہ سال اسے اس کے موکل کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مقدمے کے ٹرائل کے دوران ان کے ساتھ ’انسانی اور توہین آمیز رویہ اپنایا گیا، جس کی وجہ سے اسے جرم کا اعتراف کرنا پڑا۔

ایلیس جو برینٹن ٹیرنٹ کے واحد لوئر ہیں نے کورونر کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں اپنے مؤکل کی طرف سے دعویٰ کیا کہ کرائسٹ چرچ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی گئی، جس کے بعد مناسب عمل کی پیروی کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ فیصلے کا انتظار کر رہے تھے ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا گیا جس کے انہوں نے ایک سادہ راستہ تلاش کرتے ہوئے جرم قبول کرنےکا فیصلہ کیا۔

ایلیس کا مزید کہنا تھا کہ اس عمل کا مطلب یہ تھا کہ وہ ریمانڈ کے دوران غیر انسانی اور توہین آمیز رویے کا شکار تھے جس کی وجہ سے فیصلے کو غیر منصفانہ بنایا گیا۔

برینٹن کے وکیل نے بتایا کہ انہوں نے اپنے موکل کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر پے رول کے عمر قید کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کریں کیونکہ ’اسے ناامیدی کی سزا‘ قرار دیا جاتا ہے جو زندگی کے حق کی خلاف ورزی ہے اور وہ اس بات پر غور کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ایلیس نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ رائٹرز‘ کو بتایا کہ ان کے موکل نے ایمیل کے ذریعے انہیں ہدایت دی ہے کہ مقامی میڈیا کے مخصوص آوٹ لیٹس سے بات کرے۔

برینٹن ٹیرنٹ ایک آسٹریلوی شہری ہے، جس نے نماز جمعہ کے دوران کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر حملہ کیا اور ہیڈ ماؤنٹیڈ کیمرے کا استعمال کرتے ہوئے واقعے کو براہِ راست نشر کیا تھا۔

بلوچستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد اختلافات سامنے آگئے

بلوچستان کی نئی کابینہ تو تشکیل پا گئی لیکن اختلافات بھی کھل کر سامنے آگئے۔

مخلوط حکومت میں شامل اتحادی پی ٹی آئی اور خواتین ایم پی ایز نے کابینہ کو پسند، نا پسند کی کابینہ قراردیا ہے۔

پارلیمانی صدر سردار یار محمد رند کی حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات بھی سامنے آگئی ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے نئی کابینہ کے بارے میں مشاورت نہیں کی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے بتایاکہ ہم قدوس بزنجو کے نوکر نہیں جو اس کے بغیر مشاورت کے حلف برداری میں شرکت کریں، نئی کابینہ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، قدوس بزنجو نے اہم اتحادی جماعت سے مشاورت ہی نہیں کی۔

 اہم خاتون رکن اسمبلی بشری رند نے کہاکہ پاکستان کے مرد حضرات کی سب سے بڑی کابینہ کو میری طرف سے مبارکباد ، خواتین کو بااختیار بنانے کے ان کے دعوے صرف باتوں تک محدود ہیں۔

خاتون رکن اسمبلی بشری رند کی بلوچستان کی نئی کابینہ کے حوالے سے طنزیہ ٹویٹ بھی سامنے آئی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے نئی صوبائی کابینہ سے حلف لیا تھا۔

حلف اٹھانے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار عبدالرحمان کھیتران،نور محمد دمڑ، ظہور بلیدی، سردار صالع بھوتانی، نوابزادہ طارق مگسی،اکبر اسکانی،محمد خان لہڑی،سکندر عمرانی شامل تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے،نصیب اللہ مری،مبین خلجی شامل بی این پی عوامی کے اسد بلوچ اور ہزرا ڈیموکریٹک پارٹی عبدالخالق ہزارہ بھی شامل تھے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے زمرک خان اچکزئی اور پی این پی کے سید احسان شاہ حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔

ہمارے نبی کریمﷺ کی اسوہ حسنہ، اخلاقی معیار کا اعلیٰ ترین نمونہ ہیں : وزیراعظم

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں جانتھن ہالسلیگ کا مضمون شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی کریمﷺ کا اسوہ حسنہ اخلاقی معیار کا اعلیٰ ترین نمونہ تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نبیﷺ نے اپنے کردار صادق وامین سے اخلاقیات کا معیار بلند کیا ، اخلاقیات کا معیاربلند کرنے کے بعدعظیم ریاست مدینہ وجودمیں آئی ۔

امریکا نے 20 ماہ کی پابندی کے بعد بین الاقوامی سرحدیں کھول دیں

امریکا میں سفری پابندیاں ختم ہونے کے باعث سرحد پار سے ہوائی اور زمینی سفر کے ذریعے بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کی آمد متوقع ہے، امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے پہلی بار 2020 میں دنیا بھر سے سفر کرنے والوں کے ملک آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

 رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کو توقع ہے کہ گزشتہ ہفتے کے 20 ہزار مسافروں کے مقابلے رواں ہفتے دگنی تعداد میں دنیا بھر سے مسافر امریکا پہنچیں گے۔

ڈیلٹا ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو ایڈ بسٹین نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں ابتدا میں طویل قطاروں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ مرحلہ پہلے تھوڑا مشکل ہونے جارہا ہے، میں آپ کو یقینی طور پر بتا سکتا ہوں کہ یہاں بدقسمتی سے قطاریں ہوں گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس مسئلے کو حل کریں گے‘۔