بنگلہ دیش: سابق چیف جسٹس کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 11 سال قید کی سزا

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے سابق چیف جسٹس کو بدعنوانی کے الزام پر غیر حاضری میں 11 سال قید کی سزا سنادی گئی جبکہ اپوزیشن جماعتوں اور ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس کے پسِ پردہ سیاسی محرکات ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق 70 سالہ سریندرا کمار سنہا اس وقت سپریم کورٹ کے سربراہ تھے جب انہوں نے یہ فیصلہ جاری کیا تھا کہ پارلیمنٹ ججز کو عہدے نہیں ہٹا سکتی۔

اس فیصلے کا وکلا نے خیر مقدم کیا تھا اور اسے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ قرار دیا گیا تھا۔

سریندرا کمار سنہا نے یہ الزام لگا کر کہ اس تاریخی فیصلے کے بعد انہیں عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، 2017 میں بنگلہ دیش چھوڑ دیا تھا اور اب وہ شمالی امریکا میں مقیم ہیں جہاں مبینہ طور پر انہوں نے پناہ لی ہے۔

ان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کا ملک سے جانا ملک کی عدلیہ کی ساکھ کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا تھا اور حکومت پر ان کے پیچھے پڑنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ڈھاکا یونیورسٹی میں قانون کے پروفیسر آصف نظرُل کا کہنا تھا کہ ’یہ بالکل واضح تھا کہ حکومت ان سے ناراض تھی اور ان کی ساکھ ختم کرنے پر ڈٹی ہوئی تھی‘۔

پراسیکیوٹر خورشید عالم خان نے بتایا کہ ڈھاکا کی خصوصی جج عدالت کے جج شیخ نظم العالم نے جمعرات کو فیصلہ سناتے ہوئے سریندرا کمار سنہا کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 7 سال قید اور بھروسہ توڑنے کے الزام میں 4 برس قید کی سزا سنائی۔

سموگ نے لاہور کو پھر گھیر لیا‘ ائیر کوالٹی انڈیکس 356ہوگیا

لاہور (جنرل رپورٹر )سموگ نے لاہور کو پھر گھیر لیا، اوسط ائیر کوالٹی انڈکس 356ہو گیا۔کوٹ لکھپت،ٹاﺅن شپ،ڈی ایچ اے اورفتح گڑھ کے علاقے سموگ سے متاثر ہیں۔کوٹ لکھپت میں ہوشربا اے کیو آئی 508 ریکارڈ کیاگیا ہے۔علاوہ ازیں ٹاون شب میں اے کیو آئی 456 ،ڈی ایچ اے فیز 2 کااے کیو آئی455 اورفتح گڑھ میں427 ،گلبرک میں 425 اور ماڈل ٹاون میں424،بحریہ آرچرڈ447 ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کیا گیا ۔ طبی ماہرین کے مطابق150 اے کیو آئی سے اوپر انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔مزید برآں شہریوں کو بغیر ماسک گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور رات کے دوران سردرہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہا ڑی علاقوں میں سرد رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ منفی 07، سکردو منفی05، زیارت ،بابوسرمنفی03 ،کالام منفی02 اورگلگت میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس:وزیر اعظم سپریم کورٹ میں پیش، ذمہ داران کے تعین کی یقین دہانی

وزیر اعظم عمران خان آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملہ کیس میں طلب کرنے پر سپریم کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے عدالت کو واقعے کے ذمہ داران کے تعین کی یقین دہانی بھی کرائی۔

چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس قاضی محمد امین احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے وزیراعظم کو صبح 10 بجے کے قریب طلب کیا تھا۔

وزیر اعظم تقریباً دو گھنٹے بعد کمرہ عدالت نمبر 1 میں پہنچے جہاں وکلا، سکیورٹی اہلکاروں اور اے پی ایس حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود تھی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت چند وفاقی وزرا بھی سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔

کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب، آپ آئیں جس پر وزیر اعظم روسٹرم پر پہنچ گئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ والدین کو تسلی کرانا ضروری ہے، والدین چاہتے ہیں کہ اس وقت کے حکام بالا کے خلاف کارروائی ہو۔

چیف جسٹس نے وزیراعظم سے استفسار کیا کہ سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے کیا کر رہے ہیں؟

وزیر اعظم نے عدالت کو بتایا کہ ’جو ممکنہ اقدامات ہوسکتے تھے ہم نے کیے، ہماری اس وقت صوبے میں حکومت تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ امریکا کی جنگ میں شامل نہ ہوں، ہمیں نیوٹرل رہنا چاہیے تھا‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’دوسروں کی جنگ لڑتے ہوئے ہمارے 80 ہزار لوگ شہید ہوچکے، ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ دوست کون ہے اور دشمن کون‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ اس لیے جیتے کہ قوم ہمارے پیچھے کھڑی تھی‘۔

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ ماضی میں جانے کی ضرورت نہیں ہے، یہ بتائیں، اب تک کس کو پکڑا؟

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق کوئی خصوصی اقدام نہیں لیے گئے، حکومت نے کوئی اہم اقدام اٹھائے ہیں تو عدالت کو بتایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ہر پاکستانی کی جان و مال کا تحفظ دیتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’جب یہ واقعہ ہوا تو میں فوراً پشاور پہنچا اور والدین سے ملاقات کی تھی‘۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ’ریاست نے بچوں کے والدین کو انصاف دلانے کے لیے کیا کیا؟‘، اس پر وزیر اعظم نے بتایا کہ ’میں تو اس وقت حکومت میں نہیں تھا‘۔

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ ’میڈیا رپورٹس کے مطابق آپ تو ان لوگوں سے مذاکرات کررہے ہیں‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’مجھے بات کرنےکا موقع دیں، میں ایک ایک کرکے وضاحت کرتا ہوں‘۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’ہمیں آپ کے پالیسی فیصلوں سے کوئی سروکار نہیں، ہمیں یہ جاننا ہے کہ اتنے سال گزرنے کے بعد بھی مجرموں کا سراغ کیوں نہ لگایا جا سکا‘۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے حکومت کو پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

وزیر اعظم کی آمد سے قبل سپریم کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے۔

قومی اسمبلی :حکومت اکثریت ثابت کرنے میں ناکام، اپوزیشن کے ہاتھوں 2 بار شکست

قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئینی ترمیمی بل کی تحریک پر حکومت کو شکست ہوگئی۔

مسلم لیگ ن کے جاوید حسنین نے امیدوار پر 7 سال تک انتخابی نشان تبدیل نہ کرنے کا بل پیش کیا  جس کی حکومت نے مخالفت کی۔

 اسپیکر نے زبانی رائے شماری کی بنیاد پر بل کے خلاف فیصلہ دیا تو اپوزیشن نے چيلنج کردیا۔

گنتی میں اپوزيشن کو 117 اور حکومت کو 104 ووٹ ملے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے بل پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

حکومت کی جانب  سے تحریک انصاف کی رکن اسما قدیر نے خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے پر سزا کی تجویز کا بل پیش کرنا چاہا تو اپوزیشن نے بل کی مخالفت کردی۔

جب ووٹنگ کرائی گئی تو حکومت کی تعداد کم تھی۔ اس پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے گنتی کا نتیجہ بتانے کے بجائے بل پیش نہ کرنے کا کہا اور اجلاس بدھ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

سابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آج کی شکست کے بعد عمران خان کیلئے موقع ہے، وہ استعفیٰ دے دیں ورنہ مشترکہ اجلاس میں بھی حکومت کو اسی طرح شکست ہوگی۔

مریم اورنگزيب نے کہا کہ آج حکومت کو تیاری کے باوجود قومی اسمبلی میں شکست ہوئی، وزیراعظم کے جانے کا وقت ہوچکا۔

FIA نے سنگین جرائم میں ملوث 1200 ملزمان کی فہرست تیار کرلی، انٹرپول کی مدد سے گرفتاری کا فیصلہ

ایف آئی اے نے سنگین جرائم میں ملوث 1200 ملزمان کی فہرست تیار کرلی، انٹرپول کی مدد سے گرفتاری کا فیصلہ
انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بانی متحدہ لیگی رہنما ناصر محمود بٹ، علی حیدر گیلانی کے اغواءمیں ملوث افراد بھی شامل۔
737 کا تعلق خیبر پختونخواہ ، 161 بلوچستان، پنجاب 122، سندھ 100 ملزمان شامل۔
خطرناک 50ڈان بھی شامل ، جن پر بھاری رقم لے کراہم شخصیات کے قتل کا الزام۔
فہرستیں صوبوں کے اعلیٰ حکام کو بھی پہنچا دی گئیں، مکمل تعاون کرنے کا حکم۔
بیرون ملک مقیم انتہائی مطلوب ملزمان کی ریڈلسٹ میں بھی انٹری کرلی گئی۔
وفد جلد انٹرپول سے ملاقات کرے گا۔

TTP میںپاکستانی، ایک موقع دینگے، وفاقی کابینہ کا اعلان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے افغانستان میں خوراک کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پاکستان میں ایک فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں 2کروڑ 30لاکھ افراد خوراک کی کی کا شکار ہیں،ابتک 8بچے خوراک کی عدم دستیابی کے باعث جاں بحق ہوچکے ،لوگ خوراک کیلئے بچے فروخت کر رہے ہیں، ہم دنیا کو اپنے خدشات کا پہلے ہی اظہار کرچکے تھے لیکن اب ہم تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے جو افغان باشندوں کے لیے مناسب ہوں گے، کابینہ نے وافر مقدر میں گندم اور چاول افغانستان بھیجنے اور افغانستان کی تمام درآمدات پر ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک طالبان میں کئی گروپ ہیں جو ہتھیار پھینکیں گے ان سے مذاکرات کریں گے، اس وقت صرف سیزفائر پر بات ہورہی ہے، ، ٹی ٹی پی کے سب لوگ یا ان میں سے کچھ لوگ اگر آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں اور قانون کو احترام دیتے ہیں تو ہم انہیں موقع دیں گے، پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے، 2023میں الیکشن کی طرف جائیں گے، اپوزیشن کو ڈیڑھ 2سال صبر کرنا پڑے گا اور پھر 5سال مزید صبر کرنا پڑے گا،لانگ مارچ پی ڈی ایم کی ونٹر ایکٹیویٹی ہے، مولانا فضل الرحمان کو لگتا ہے کہ دوڑ شوڑ لگا کر جسم گرم کریں تو کر لیں، میڈیا ہر وقت مہنگائی کے بارے سنسنی پھیلارہا ہے، ہرچیزپرسبسڈی دینگے توملک نہیں چل سکتا، مارچ کے بعد گیس بحران کم ہو جائےگا۔

نشان حیدرکیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا یوم پیدائش آج منایاجارہا ہے

اسلا م آباد(ویب ڈیسک ) نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے پہلے سپوت کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 111واں یوم پیدائش آج 10 نومبر بروز بدھ کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائےگا اس سلسلہ میں احمدیار سمیت ملک بھرمیں تقریبات انعقاد پذیر ہونگیںراجہ محمد سرور10 نومبر1910 کو سنگھوری ضلع راولپنڈی میں پید اہوئے تھے آپ کے والد راجہ حیات خان پاک فوج میں حوالدار تھے ،راجہ محمد سرور شہید نے15 اپریل1929 کو فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی1944 میں آرمی انجینئر کورمیں شمولیت اختیار کی اور1946 کو پنجاب رجمنٹ کی بٹالین میں کمپنی کمانڈر مقرر ہوئے اور 1947میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی27 جولائی1948 میں دشمن ملک کی فوج نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں حملہ کیا اور کیپٹن راجہ محمد سرور نے دشمن کے مورچوں پر حملہ کیا اور سینے پر گولی کھا کر جام شہادت نوش کیا انہیں پاکستان کا پہلا نشان حیدر اعزاز عطاءکیا گی

قومی اسمبلی میں دستور ترمیمی بل پیش، حکومت کو عددی شکست ہو گئی

کوئی بھی منتخب رکن سات سال تک دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اہل نہیں ہوگا، ن لیگ دستور ترمیمی بل 2021ء قومی اسمبلی میں بل لے آئی، حکومت کی جانب سے روکنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کی جانب سے دستور ترمیمی بل کی قرار داد سیّد جاوید حسنین نے پیش کی۔ حکومت کی طرف سے بل کی مخالفت کی گئی، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بل کے خلاف فیصلہ دیا جس کو اپوزیشن نے چیلنج کیا۔
قومی اسمبلی میں حکومت کو اپوزیشن نے تاریخی شکست دے دی، اجلاس کے دوران گنتی میں بل پر حکومت کو عددی شکست ہو گئی، بل کے حق میں 117 جبکہ مخالفت میں 104 ووٹ آئے۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوادیا
سابق قومی اسمبلی کے سپیکر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ آج حکومت کو بدترین شکست ہوئی ہے، حکومت کو مستعفی ہونا چاہئے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا کہ آئین ہر شخص کو کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا حق دیتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج حکومت کو تیاری کے باوجود قومی اسمبلی میں شکت ہوئی، وزیر اعظم نے اجلاس بلایا پھر بھی 104 ووٹ ملے، 117 اپوزیشن کو ملے ہیں، مشترکہ اجلاس کی تیاری مکمل ہے، نیب آرڈینینس اور ای وی ایم قانون سازی کو رکوائیں گے، نیب آرڈیننس آٹا چینی چوروں کو این آر او دینے کے لئے لائے ہیں، ای وی ایم کالا قانون ہے انکو معلوم ہے کے ٹکٹ کے لئے بھی لوگ نہیں ملیں گے، وزیراعظم اجلاس بلائیں، روئیں چیخیں انکے جانے کا وقت ہو چکا ہے۔
دوسری طرف قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے تقرر کے طریقہ کار تبدیل کرنے کا آئینی ترمیم بل پیش کرنے کی اجازت کی تحریک پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر مندوخیل نے پیش کی۔ اس بل کی حکومت نے مخالفت نہیں کی، جس کے بعد بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

انگلش ٹیم آئندہ سال پاکستان میں 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے آئے گی

آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام نے لاہور قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیئر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انگلینڈ نے اگلے سال دو اضافی ٹونٹی میچز کھیلنے کی حامی بھر لی۔ آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے۔
آئندہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئیگی۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیرسن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شاندار تعلقات کا خواہاں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ دو اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا خوش آیند ہے اور شائقین کرکٹ کے لیے بہترین خبر ہے۔
اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے قذافی سٹیڈیم کاد ورہ کیا اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے اہم ملاقات کے دوران ملتوی ہونے والی سیریز پر معذرت کرلی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلاکا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیاجہاں آرمی چیف کو ٹینکوں کے ریموٹ ویپن سسٹم اور آرٹلری گن بیرلز پر بھی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں مختلف تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔
آرمی چیف کو ایچ آئی ٹی کی استعدادکار اور جاری منصوبوں اورہیوی انڈسڑی ٹیکسلا کی صلاحیت پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو مختلف یونٹس کی ماڈرنائزیشن کے بارےمیں بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افسران اورورکرز جدید دفاعی پیداواری صنعت کے لیے کوشاں ہیں۔

ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ، کوہلی باہر ہوگئے

بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے تاہم اس میں کوہلی سمیت دیگر اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کی ناقص کارکردگی کے بعد بھارتی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع تھی اور اب نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں روہت شرما کو ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے جبکہ کے ایل راہول کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔

ویرات کوہلی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے اور یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ روہت شرما کو کپتانی ملے گی۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ روہت شرما کو مستقل طور پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے یا صرف ایک سیریز کے لیے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک مختصر سی پریس ریلیز میں کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔

ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ، کوہلی باہر ہوگئے

بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 17 نومبر سے شروع ہونے والی نیوزی لینڈ کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی ہوم سیریز میں روہت شرما کپتان ہوں گے ۔ کے ایل راہول کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

اسکواڈ میں سابق کپتان ویرات کوہلی، جسپریت بمراہ، رویندر جدیجا اور محمد شامی کو شامل نہیں کیا گیا اور بتایا گیا ہے کہ انہیں آرام دینے کی غرض سے ٹیم سے باہر کیا گیا۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں روہت شرما، کے ایل راہول، روتوراج گائیکواڈ، شریاس ائیر، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنٹ، ایشان کشن، وینکاتیش ائیر، یزویندرا چاہال، روی چندرن ایشون، اکثر پٹیل، اویش خان، بھوونیشور کمار، دیپک چاہار، ہرشل پٹیل اور محمد سراج شامل ہیں۔

بجلی کی قیمت میں ڈھائی روپے سے زائد کا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ ‏بجلی ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے جس کی قیمت میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ‏اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور  لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات اور معاشی و اقتصادی مفادات یکساں ہیں، افغانستان

افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات اور ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ عالمی فورمز پر امن و محبت کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں۔

ایک بیان میں نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان، پاکستان کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات رکھتا ہے۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے معاشی، اقتصادی اور تجارتی مفادات یکساں ہیں۔ دونوں ممالک کی تجارتی راہداریاں بھی ایک ہی جگہ سے ہوکر گزرتی ہیں۔