کراچی میں ’ڈینگی‘ کی طرز کا ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کا انکشاف

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مچھر کے کاٹنے سے ہونے والے ’ڈینگی‘ بخار کی طرز کا ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سمیت کراچی کے مختلف ہسپتالوں کے طبی ماہرین اور پیتھالوجسٹز کے مطابق پھیلنے والا ’پراسرار وائرس‘ بظاہر ’ڈینگی‘ کی طرح ہے مگر جب مریض کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تو ان میں ’ڈینگی‘ کی تشخیص نہیں ہو رہی۔

انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف ہسپتالوں کے پیتھالوجسٹز نے تصدیق کی کہ انہوں نے متعدد ایسے مریض دیکھے ہیں، جن کی بیماری کی تمام علامات ’ڈینگی‘ جیسی ہیں مگر جب ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تو ان میں ’ڈینگی‘ کی تشخیص نہیں ہو رہی۔

ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال کے شعبے مالیکیولر پیتھالوجی کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر سعید خان نے تصدیق کی کہ ’پراسرار وائرس‘ میں مبتلا ہونے والے افراد کے پلیٹلیٹس کم ہونے سمیت ان کے خون کے سفید ذرات بھی کم ہو رہے ہیں، تاہم جب ان کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے تو ان میں ’ڈینگی‘ کی تشخیص نہیں ہو رہی۔

بچوں کے نجی ہسپتال میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹر زوہیب نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے بھی متعدد ایسے کیسز دیکھے ہیں، جن میں مریض کو دیکھ کر لگتا ہے کہ بظاہر انہیں ’ڈینگی‘ ہے مگر جب ان کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے تو ان کی رپورٹ منفی آ رہی ہے۔

سرکاری ہسپتال کے سینیئر ہیماٹو پیتھالوجسٹ ڈاکٹر ذیشان حسین نے بھی ایسے ’پراسرار وائرس‘ کے پھیلنے کی تصدیق کی، تاہم ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ خوش آئندہ بات یہ ہے کہ مذکورہ وائرس سے تاحال کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

آغا خان ہسپتال کے ڈاکٹر فیصل محمود نے مذکورہ وائرس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ انہوں نے شہر میں ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کی خبریں سنی ہیں، تاہم انہوں نے ذاتی طور پر اس کا تاحال کوئی کیس نہیں دیکھا۔

شہر کے سینیئر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کراچی میں ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کے معاملے پر کہا کہ مذکورہ مسئلے پر کوئی بیان جاری کرنے سے قبل اس کی مکمل تفتیش اور تصدیق کی جانی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ’ڈینگی‘ وائرس کی منفی رپورٹس یا اس کی تشخیص نہ ہونے کا مسئلہ نیا نہیں ہے بلکہ یہ مسئلہ 2008 سے چلتا آ رہا ہے، اس لیے ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کے معاملے پر مزید تفتیش کرکے معاملہ حل کیا جانا چاہیے۔

شہر کے زیادہ تر طبی ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر پھیلنے والا ’پراسرار وائرس‘ مچھر کے کاٹنے سے ہونے والے ’ڈینگی‘ کی تبدیل شدہ کوئی قسم ہوسکتی ہے، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

طبی ماہرین نے اس خیال کو بھی مسترد کیا ہے کہ مذکورہ پھیلنے والا ’وائرس‘ خطرناک ’زیکا وائرس‘ ہے، کیوں کہ ماہرین کے مطابق اس کی علامات دوسری ہوتی ہیں اور میں مبتلا مریض دوسرے طریقے سے مسائل کا شکار ہوتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ’پراسرار وائرس‘ پھیلنے کی وجہ سے کراچی بھر میں مصنوعی پلیٹلیٹس کی قلت ہو رہی ہے اور لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں جب کہ شہر میں ’ڈینگی‘ بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

لنکا پریمیئر لیگ: ملک، حفیظ سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی جگہ بنالی

لنکا پریمیئر لیگ 2021 میں شعیب ملک، محمد حفیظ، عامر سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی جگہ بنالی۔

لنکا پریمیئر لیگ کی فرنچائز ٹیموں نے اپنے اسکواڈ میں کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی تصدیق کردی ہے، ان میں 5 فرنچائز ٹیمیں شامل ہیں، ان میں کولمبو اسٹارز، دمبولا جائنٹس، گال گلیڈی ایٹرز، جافنا کنگز اور کینڈی وارئیرز موجود ہیں جنہوں نے مقامی اور اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں سے اپنی ٹیمیں منتخب کیں۔

گال گلیڈی ایٹرز نے محمد حفیظ، اسورو ادانا، طبریز شمسی، کوسل مینڈس، محمد عامر، سمیت پٹیل، سرفراز احمد، دنوشکا گوناتھلاکا، بھنوکا راجاپاکسا، دھانن جایا لکشن، انور علی، ڈی ایچ احسن پولینا تھرنگا، نوان تھوسہارا، لاہیرو مدوشنکا، دلشن مدوشنکا، آشیان ڈینیئل، کیون کوتھ تھیگوڈا، محمد شماز، سمیندا لکشن اور انجیلو جیاسنگھے کو منتخب کیا ہے۔

کولمبو اسٹارز نے کرس گیل، دشمانتھا چیمارا، احمد شہزاد، دلشن موناویرا، محمد عرفان، الامین حسین، تسکین احمد، پاتھم نیسانکا سلوا، لکشن سنداکن، سیکوگے پراسانا، من پریت سنگھ، گیہان روپاسنگہے، لاہیرو گماجی، ٹی ایم سمپاتھ، نوایندو فرنینڈو، جہان کیتھ زیون ڈینیئل، ملیندو مادورانگا، نالین پریادارشانہ، ہشن دومیندو رانا سنگھے، کانا گارا تھینام کابلیراج کو منتخب کیا ہے۔

اس کے علاوہ دمبولا جائنٹس نے اپنی ٹیم میں عمران طاہر، داسون شناکا، رائلی روسو، چمیکا کاروناراتنے، صہیب مقصود، اوڈیان اسمتھ، جوش لٹل، نیروشان ڈک ویلا، نوان پرادیپ، رمیش مینڈس، نجیبل اللہ زردان، تھرندو راتنایاکے، لاہیرو ادارا اگالا گاماگے، ساچا دی الویس سینیو راتنے، مدتھا لکشن، کالانہ پیریرا، سچیتھا جایا تھیلاکے، مدوشن روی چندراکمار، جنیتھ لیاناگے اور چمیکارا ادری سنگھے کو منتخب کیا ہے۔

جافنا کنگز نے اپنی ٹیم میں ڈوپلیسیس، تھیسارا پریرا، وہاب ریاض، وانندو ہاسارنگا، شعیب ملک، عثمان شنواری، رحمان اللہ گرباز، ایوشکا فرنینڈو، اوپل تھرانگا، چٹورنگا ڈی سلوا، جیڈن سیلز، سرنگا لکمل، اشین بندرا، مہیش تھکشانہ، چمیکا گناسیکارا، وجیاکانتھ ویاس کانتھ، تھیوندرم دنوشن، اشین رندیکا، رتھناراج تھینورادان، ویجیسوریا اراچگی کرشن سنجولا کو منتخب کیا ہے۔

کینڈی وارئیرز نے رومان پاول، چریتھ اسالنکا، کیمرون ڈیلپورٹ، لاہیرو کمارا، محمد متھون، نظم الاسلام اپو، مہدی حسن رانا، انجیلو پریرا، اسیلا گونارتنے، میلیندا سری وردانہ، امجد خان، اشین جایا رتنے، بنورا ادارا فرنینڈو، کمیندو مینڈس، کامل مشرا، ایانا سری وردھنے، نمیش ومکتھی، اڈارا جایا سندرا، شاشکا دلشن اور کلہارا سینارتھنا کو منتخب کیا ہے۔

آئی پی جی گروپ کے منیجنگ پارٹنر اور سی او او، جاوید غلام رسول نے کہا،لنکا پریمیئر لیگ 2021 کے اس سیزن میں بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں کی اتنی طویل فہرست ملاحظہ کرنے پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کا انتخاب متوازن ہے جن کے درمیان سخت مقابلے ہوں گے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی پیش کردہ کارکردگی غیرمعمولی رہی ہے اور ہم لنکا پریمیئر لیگ 2021 کے درمیان بہترین کھیل ملاحظہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

اس لیگ میں مجموعی طور پر 600 کھلاڑی بشمول 300 غیر ملکی کھلاڑی اور 300 سری لنکن کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔

یہ عمل آن لائن منعقد ہوا جس میں 5 فرنچائز کے مالکان اور ایس ایل سی حکام نے شرکت کی۔

یہ لیگ 20 راؤنڈز پر مشتمل ہے جس میں کھلاڑیوں کی متعدد کٹیگریز جیسے لوکل اینڈ اوورسیز آئیکن پلیئر، لوکل اینڈ اوور سیز ڈائمنڈ پلیئر، لوکل اینڈ اوور سیز گولڈ پلیئر، اور لوکل اینڈ اوورسیز کلاسیک پلیئر شامل ہیں۔

ان کے علاوہ لوکل ایمرجنگ اور سپلیمنٹری لوکل راؤنڈز میں بھی سری لنکا کے نوجوان ٹیلنٹ کو منتخب پر توجہ دی گئی۔

واضح رہے کہ لنکا پریمیئرلیگ 2021 کا آغاز 5 دسمبر سے ہورہا ہے جو  23 دسمبر  تک جاری رہے گی

صحت انصاف کارڈ سے 10 لاکھ تک کا مفت علاج کروایا جا سکتا ہے ، اسد عمر

اسد عمر نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ  سے دس لاکھ تک کا مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے گولڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے لیے دو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این اے چون میں 5 سو بیڈز کا اسپتال بنانے جا رہے ہیں ، کالجز بنائے جا رہے ہیں ، پانی کے لیے دو سو ٹیوب ویل لگائے جا رہے ہیں ، منصوبوں کی تکمیل سے تین گناہ زیادہ پانی ہو جائیگا ، مستقبل میں زمینیں کسی کو نہیں دی جائیں گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پی ڈی ایم موسمی بیماری ہے ، تین سال سے پی ڈی ایم عمران خان کا کچھ نہیں کر سکی ، اسلام آباد کے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی ، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گریٹ 1 سے 5 تک کی نوکریاں اسلام آباد کے رہائشیوں کو دی جائیں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ دو مہینے میں دو سو سے زائد ملازمتیں اسلام آباد کے نوجوانوں کو دی گئیں ، اسلام آباد کے تاجروں کے لیے ہماری حکومت نے قانون کرایہ داری منظور کرایا ، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے ، نواز شریف خاندان سمدھی ملک سے بھاگ گئے ہیں ، عوام کا پیسہ عوام پر استعمال ہوگا ، کوویڈ کے بعد ساری دنیا سے ہماری معیشت بہتر رہی ، مہنگائی پر قابو پائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ احساس رعایت راشن پروگرام سےغریب عوام مستفید ہوگی ، صحت انصاف کارڈ  سے دس لاکھ تک کا مفت علاج کروایا جا سکتا ہے ، دنیا میں کورونا سے بہتر انداز میں  نمٹنے کے لیے پاکستان پہلے نمبر پر ہے۔

سعودی عرب کاباصلاحیت اورانتہائی ماہر تارکین وطن کوشہریت دینےکافیصلہ

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ باصلاحیت اور انتہائی ماہر تارکین وطن کو مملکت کی شہریت دی جائے گی۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شہریت دینے سے متعلق شاہی فرمان جاری کیا ہے۔ شاہی فرمان کے مطابق انتہائی باصلاحیت،قابل اور اپنے شعبے میں ماہر تارکین وطن کو سعودی شہریت دی جائے گی۔

اس فرمان کے تحت قانون، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، ثقافت، کھیل کے شعبے میں قابل قدر خدمات انجام دینے والے تارکین کو شہریت دی جاسکے گی۔

سعودی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اس اقدام سے سعودی وژن 2030 کو تقویت ملے گی اور پیشہ ور افراد کو اپنی صلاحیت کے بل بوتے مزید ترقی کے مواقع ملیں گے۔ اپنے شعبے کے ماہر افراد سعودی عرب آکر اپنے کیرئیر کو مزید پروان چڑھاسکیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں غیرملکیوں اور تارکین وطن کو شہریت نہیں دی جاتی ہے۔ دسمبر 2019 میں سعودی عرب کی جانب سے قابل ذکر پیشہ ور افراد کو شہریت دینے کی عندیہ دیا گیا تھا۔ اس ہی سال غیرملکیوں کے لیے سعودی عرب نے اجازت دینا شروع کی تھی۔

سال 2016 میں شہزادہ سلمان نے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وژن 2030 منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سعودی عرب کے معاشی خدوخال میں بہتری لاتے ہوئے مملکت کے سرمایہ کاری کے

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا قوی امکان

حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا قوی امکان ہے۔
قانون سازی کے حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس حوالے سے حکومتی بڑوں نے مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے تمام ممبران اسمبلی اور سینیٹرز کو پیر کے روزاسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت الیکشن اصلاحات، سمندر پار پاکستانیوں سمیت دیگر اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے ساتھ ہی اتحادی جماعتوں کو بھی پیر تک جواب دینے کا کہہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے بھی حکومت کی خاموش چال بھانپ لی ہے اور اپوزیشن نے بھی اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات کردی ہیں۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن ممبران کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور جو ممبران اس وقت شہر سے باہر، حلقوں یا بیرون ملک ہیں انہیں جلد واپس آنے کے پیغامات دے دیے گئے ہیں۔ اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے اچانک پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا۔

ملک میں مہنگائی کی شرح 17.37 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

ملک بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھنے کا سلسلہ برقرار ہے، مہنگائی کی مجموعی شرح 17.37 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 1.81 فیصد مزید بڑھ گئی ہے، ہفتہ واربنیادوں پرٹماٹر، گھی، انڈے ،پیاز سمیت 30 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر23 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق خوردنی گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 30 روپے 63 پیسے مہنگاہوا، انڈے 3 روپے 26 پیسے فی درجن، کوکنگ آئل 77 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا، آلو ایک روپے 4 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر 7 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگا ہوا،
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے دال مسور، چکن، مٹن، دہی اور دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حالیہ ہفتے چینی 10 روپے 29 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال ماش ایک روپے 11 پیسے دال مونگ 68 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کاتھیلا 3 روپے 11 پیسے سستاہوا، حالیہ ہفتے 15 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔

ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی اور دیگر کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ

لاہور: سربراہ تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی سمیت دیگر کارکنوں کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ  سعد رضوی اور دیگر کارکنان کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے مقدمات واپس لینے سے متعلق اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کے خلاف مقدمات کو قانونی طریقے سے دیکھا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سعد رضوی اور دیگر افراد کے خلاف 20 وہ مقدمات واپس لیے جائیں گے جن کی سزا 3 سال یا 3 سال سے کم ہے اور دوسرے مرحلے میں 5 سال یا اس سے کم والے مقدمات واپس لیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رائے طلب کی تھی، جس پر  پنجاب کابینہ کو تھرو سرکولیشن سمری پر منظوری لینے کا فیصلہ کیا اور پنجاب کابینہ کے 18 مطلوبہ وزرا نے ٹی ایل پی پر عائد پابندی ہٹانے کی سفارش کردی تھی۔

پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی کے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے ہیں، 2100 سے زائد گرفتار افراد کو رہا کردیا گیا ہے اور وزارت داخلہ نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے بعد ٹی ایل پی آزادانہ طور پر ہر قسم کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہے۔

انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

عمران خان سے قائم مقام افغان وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی جس  میں وزیراعظم نے درپیش سنگین چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے افغانستان اور افغان عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

  وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کے لیے پرامن، مستحکم، خودمختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کی اہمیت پر زور دیا جبکہ وزیر اعظم نے افغانستان کے منجمد اثاثوں کو جاری کرنے اور معاشی بدحالی کو روکنے کے لیے بینکنگ لین دین میں سہولت فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

عمران خان نے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوام کی نقل و حرکت، تجارت، ٹرانزٹ اور علاقائی رابطوں کی سہولت کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی اور پرعزم انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، تمام افغانوں کے حقوق کا احترام، اور نظم و نسق اور سیاست میں شمولیت افغانستان کے استحکام میں مزید معاون ثابت ہوگی۔

عمران خان  کا کہنا تھا کہ امید ہے عبوری افغان حکومت تعمیری طور پر بین الاقوامی برادری سے منسلک رہے گی  جبکہ  افغان عبوری حکومت موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی  مثبت اقدامات کرتی رہے گی

وزیراعظم نے کہا کہ  پاکستان مسلسل افغانستان کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرتا رہا ہے سردیوں کے موسم میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

 عمران خان  نے یہ بھی کہا کہ پاکستان افغانستان  کی عوام کے لیے ضروری غذائی اشیاء بشمول گندم اور چاول، ہنگامی طبی سامان اور پناہ گاہ کی اشیاء فراہم کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان  نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کے مقاصد اور طریقہ کار کے مطابق غیر معمولی بنیادوں پر پاکستان کے راستے بھارت کی طرف سے پیش کردہ گندم کی نقل و حمل کے لیے افغان بھائیوں کی درخواست پر احسن طریقے سے غور کرے گا۔

ملاقات میں قائم مقام وزراء برائے خزانہ ، صنعت و تجارت اور افغان وفد کے دیگر سینئر ارکان  بھی شریک ہوئے۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ آج رات دبئی سے ڈھاکا کے لئے روانہ ہو جائے گا

پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ آج رات دبئی سے ڈھاکا کے لئے روانہ ہوگا۔
پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوینٹی اسکواڈ آج رات دبئی سے ہی بنگلہ دیش کے داارلحکومت ڈھاکا روانہ ہوجائے گا،افتخار احمد لاہور سے دبئی پہنچ گئے ہیں اور وہ آج رات ٹیم کے ساتھ ڈھاکا روانہ ہوں گے، قومی ٹیم اور مینجمنٹ چارٹر فلائٹ پر بنگلہ دیش پہنچے گی، تاہم محمد حفیظ اور بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں، جب کہ کپتان بابر اعظم اور شعیب ملک 16نومبر کو بنگلہ دیش میں ٹیم جوائن کریں گے۔
پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش میں تین ٹونٹی میچ کھیلے گی، جو 19 ، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکا میں شیڈول ہیں، جب کہ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد دو ٹیسٹ میچ ہوں گے، جس کے لئے قومی ٹیسٹ ٹیم 22 نومبر کو لاہور سے بنگلہ دیش جائے گی

ملک میں بدترین گیس لوڈشیڈنگ کا خدشہ، وزیر توانائی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

عوام کے لئے بری خبر، ملک میں بدترین گیس لوڈشیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر وزیر توانائی حماد اظہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں دن میں صرف 3 وقت گیس ملے گی، گیس صارفین کو ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانا کی تیاری کے وقت ملے گی، ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی خبر درست نہیں، روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کے حوالے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، مذاکرات کے نئے دور کیلئے دو سے تین روز میں روس کا وفد دوبارہ آئے گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایل این جی پاکستان ایل این جی بورڈ کے ذریعے خریدی جاتی ہے، ایک یا دو کارگوز کی خریداری پی ایس او بورڈ کے زریعے ہوتی ہے، بورڈ کی منظوری کے بغیر کوئی خریداری نہیں ہوتی، پورے کا پورا پراسیس شفاف انداز میں ایک بورڈ کے ذریعے طے پاتا ہے، نومبر اور دسمبر کیلیے 11 اور کارگوز لئے ہیں۔

پی آئی اے کابل آپریشن کے لئے مکمل طور پر تیار

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کابل آپریشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ،کابل آپریشن میں ریڈار کوور نہ ہونا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

ارشد ملک کا کہنا تھا کہ کابل ائیر پورٹ کنٹرول زون میں نہیں، جس کی وجہ سے انشورنس دس گنا زیادہ ہے، انشورنس بڑھنے کے سبب اپریشن جاری نہیں رکھا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا پی آئی اے کی فلیٹ میں تین طیارے لائے ہیں ، آگے ماہ مزید تین طیارے پہنچ جائیں گے، نئے طیارے 2017 کے ماڈل کے ہوں گے، نئے معاہدے کے تحت اگر طیارہ گرانڈ ہوگا تو اس کا کرایہ ادا نہیں کیا جائے گا، نئے طیارے جو آئیں گے وہ اب پاور بائی آورر کے تحت کام کریں گے۔

پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک پرندے ٹکرانے کے 60 واوعات ہوچکے ہیں ، پرندے ٹکرانے سے لاکھوں ڈالر کے اخراجات کا بوجھ پڑتا ہے ، انٹرنیشنل سیکٹر میں سعودی عرب اور گلف ممالک بہت اہم ہیں۔

ارشد ملک نے مزید بتایا سعودی عرب سے چالیس فیصد ریونیو آتا تھا ، اگر یہ دونوں سیکٹر مکمل چلیں تو پی آئی اے دو ہزار انیس کی سطح پر آجائے گا ، پی آئی اے کا اپنے روٹس بھی بڑھانے کا پلان ہے۔

افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پربھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے اور امریکا کے ساتھ طویل المدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے، آرمی چیف نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تھامس ویسٹ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا، اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔