نئی دہلی میں سموگ خطرناک حد تک بڑھ گئی،تمام سکول بند

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سموگ خطرناک حد تک بڑھنے سے تمام سکولوں کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 225 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا جس کے باعث نئی دہلی میں تمام سکول غیر معینہ مدت تک بند کردیئے گئے ہیں جبکہ نئی دلی میں عوام کو ورک فرام ہوم جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ غیر ضروری اشیا لانے والے تمام ٹرکوں کی آمدو رفت پر پابندی عائد کرتے ہوئے نئی دلی کے مضافات میں کوئلے سے چلنے والے پانچوں پاور پلانٹس بند کردیئے گئے ہیں۔

طالبان نے 130 خواتین کو فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا

افغان طالبان نے شادی کے نام پر 130 خواتین کو فروخت کرنے والے شخص کو جوزجان سے حراست میں لے لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے جوزجان کے پولیس چیف دام اللہ سراج نے بتایا کہ غریب خواتین کو شادی کے نام پر فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
طالبان کے پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملزم ایسی غریب خواتین کو جھانسہ دیتا تھا جو اپنے حالات بہتر کرنے کی کوششیں کر رہی تھیں۔ یہ شخص خواتین کو شادی کے لیے دوسرے صوبے لے جاتا اور وہاں غلاموں کی طرح بیچ دیتا تھا۔
پولیس چیف دام اللہ سراج نے انکشاف کیا کہ ملزم نے اب تک شادی کے نام پر 130 خواتین کو اسمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ چالاک ملزم کے نیٹ ورک کی تلاش جاری ہے۔
طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے غربت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور شہری اپنی املاک سمیت لڑکیوں اور بچیوں کو بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سب سے برے حالات اُن خواتین کے ہیں جو اپنے خاندان کی واحد کفیل ہیں۔
طالبان نے اس صورت حال کا ذمہ دار افغانستان کے غیر ملکی بینکوں میں اثاثوں کو منجمد کرنے کو ٹھہراتے ہوئے کئی بار عالمی قوتوں سے فنڈز کی فراہمی اور اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر عارف علوی سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی سکیورٹی کیلئے بطورِ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا، صدر نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیلئے پشاور کور کمانڈر کے نئے عہدے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یوٹیوب نے ڈس لائک کی تعداد ظاہر نہ کرنے کا آپشن پیش کردیا

یوٹیوب نے اپنے ویڈیو انٹرفیس میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو پر ناپسندیدگی (ڈس لائک) آپشن کو دوسروں سے چھپاکر پرائیوٹ کیا جائے گا۔ یوٹیوب کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد شعوری طور پر ڈس لائک کی بدولت کسی ویڈیو کی بے قدری کررہی ہے۔
یوٹیوب کے مطابق ڈس لائک کو حملوں میں بطور ہتھیار بھی استعمال کیا جارہا ہے اور ویڈیوز کی قدروقیمت کو گھٹایا جارہا ہے۔
’ ناظرین کے گروہ اپنی تعداد کے بل پر ڈس لائک بٹن استعمال کرتے ہیں اور اسے کسی گیم میں اسکوربورڈ کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ بسا اوقات ویڈیو پر ناپسندیدگی کا بٹن صرف اس لیے دبایا جاتا ہے کہ انہیں اس کا تخلیق کار پسند نہیں ہوتا اس میں ذاتی رنجش کے علاوہ موضوع سے بیزارگی بھی شامل ہوسکتی ہے۔ جبکہ تمام افراد کو اظہار کا موقع دینا ہی یوٹیوب کا مشن ہے،‘ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا۔
اب اس سال کے آغاز میں بعض چینل پر تجرباتی طور پر ڈس لائک کی تعداد کو پرائیوٹ کیا گیا تھا۔ یوٹیوب کے مطابق اس طرح ڈس لائک بڑھانے کی شعوری مہمات میں کمی دیکھی گئی۔
تاہم ناظرین کو یوٹیوب بٹن دکھائی دے گا لیکن اس کی گنتی سامنے نہیں آئے گی۔ اس طرح ویڈیو کی ٹارگٹ ناپسندیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یوں ڈس لائک کے سیلاب کو روکنا ممکن ہوسکے گا۔ یوٹیوب کے مطابق چھوٹے یوٹیوبرپر اکثر ڈس لائک حملے ہوتے ہیں اور شروع میں ہی انہیں ناکام بنایا جاتا ہے۔ جب اس پر مزید غور کیا گیا تو یوٹیوب نے یہ رحجان بھی نوٹ کیا ہے۔
’یوٹیوب کے مطابق مخالفین اپنے حریف برانڈ اور فلم ٹریلر پر ڈس لائک کے ذریعے اسے ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور سوشل میڈیا کا یہ اثربہت حقیقی ہوتا ہے۔ اسی طرح بھارت میں مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکرز کے درمیان تنازعہ دیکھا گیا تھا جس میں دونوں گروہوں نے ایک دوسرے کو ڈس لائک سے نیچا دکھایا تھا بلکہ اس کی زد میں خود ایپس بھی آگئ تھیں۔

صدر عارف علوی سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی سکیورٹی کیلئے بطورِ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا، صدر نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیلئے پشاور کور کمانڈر کے نئے عہدے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ثانیہ عاشق سے منسوب جھوٹی ویڈیو کا معاملہ، ٹیکسلا سے ملزم گرفتار

مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق سے منسوب جھوٹی ویڈیو وائرل کرنے کے معاملے میں گرفتاری ہوئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق سائبرکرائم ونگ نے ملزم کو ٹیکسلا سےگرفتارکیا۔
ایم پی اے ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہور کو تحریری شکایت کی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق شکایت میں بتایاگیاتھاکہ ملزم نےنازیبا ویڈیو کوثانیہ عاشق سے منسوب کیا تھا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ہتک عزت کیس؛ دوران سماعت صبا حمید علی ظفر کے وکیل پر برہم

سیشن کورٹ میں علی ظفر کی جانب سے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت کے دوران گواہ صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔
لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے کیس کی سماعت کی۔ میشاء شفیع کی گواہ صبا حمید عدالت میں پیش ہوئیں عدالت میں میشاء شفیع کی والدہ صبا حمید کے بیان پر جرح کی گئی صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔
صبا حمید نے کہا کہ آپ ایسے سوالات نہ کریں کہ میں جس کے متعلق نہیں جانتی۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ آپ سولات کے واضح جواب دیں۔ علی ظفر کے وکیل نے پوچھا کہ میشاء شفیع واٹس ایپ گروپ میں لکھتی ہیں کہ میں اس جیمنگ سیشن کو خوبصورت ترین قرار دیتی ہوں۔
گواہ صبا حمید نے جواب دیا کہ میں اس واٹس ایپ گروپ میں نہیں ہوں، میرے خیال سے ہراسمنٹ کے بعد عورت کو مر جانا چاہئے، دوران جرح صبا حمید عدالت میں جذباتی ہو کر اونچا اونچا بولنے لگیں جس پرعدالت نے انہیں آہستہ بولنے کے لیے کہا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں صرف سوالات ہی پوچھ رہا ہوں آپ سے لڑ تو نہیں رہا، وکیل علی ظفر نے مزید پوچھا کہ میشاء شفیع اسی تصویر کو فیس بک اکاؤنٹ پر جیمنگ سیشن کے تین دن بعد لگاتی ہیں کہ علی ظفر کے ساتھ یہ یاد گار رہا۔
گواہ صبا حمید نے کہا یہ ہو سکتا ہے لیکن مجھے یہ پوسٹ یاد نہیں ہے۔ سوال پوچھا گیا کہ میشاء شفیع نے عفت عمر کو کیا بتایا تھا صبا حمید نے کہا کہ مجھے اس بات کا کنفرم نہیں ہے لیکن میں نے عفت عمر کو بتایا تھا۔ اس دوران صبا حمید کے وکیل نے کہا کہ اگر ایسی بات ہے تو ہم اپنے ویڈیو لنک کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ اس پر ہم آج ہی بحث کر لیتے ہیں، وکیل علی ظفر نے پوچھا آپ یہ بتائیں کہ سچ کون بول رہا ہے آپ، عفت عمر یا میشاء شفیع؟ صبا حمید نے کہا کہ ہم تینوں سچ بول رہی ہیں۔

شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکاحصہ بن گئے،سوشل میڈیا پردلچسپ تبصرے

شاہدآفریدی پاکستان سپرلیگ کے ساتویں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرکی نمائندگی کریں گے۔
شاہد آفریدی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت کی خبر پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے جارہے ہیں۔ ایک صارف محمد خلیل کا کہنا تھا اب باقی بچا ہے اسلام آباد یونائیٹڈ، اگلے سیزن میں جوائن کرنا ریکارڈ رہے گا۔
صارف عبدالحمید نے شاہد آفریدی کومشورہ دیا کہ ٹیمیں بدلنا بند کریں۔ ہم آپ جیسے لیجنڈ کی وجہ سے مختلف ٹیموں کوسپورٹ نہیں کرسکتے۔
عثمان سکھیرا نامی صارف کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کسی ایک ٹیم کو نہیں بلکہ پاکستان سپرلیگ کوسپورٹ کررہے ہیں۔
جنید احمد نامی صارف نے معصومانہ سوال کیا سچ میں ؟۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ محمد رضوان کی بھی ایک درجے ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بلے بازی کے شعبے میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ڈیوڈ مالان اور ایڈن مارکرم بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ڈیون کونوے 3 درجے ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں، محمد رضوان کو ایک چھلانگ نے پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔
نئی ریکنکنگ کے مطابق لوکیش راہول ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے اور ایرون فنچ 3 قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ساتویں پوزیشن پر آگئے، ویرات کوہلی آٹھویں اور جوز بٹلر نویں نمبر پر برقرار رہے، راسی وان ڈر ڈوسین کو ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں پوزیشن پر آنا پڑا۔

اسرائیل کے شام میں میزائل حملے

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  اسرائیل نے  شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں ایک علاقے کو نشانہ بناتے ہوئے دو میزائل داغے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  ایک میزائل کو روک دیا گیا تھا اور اس حملے میں   نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی نصف شب کے فوراً بعد ہوا۔ یہ میزائل اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے آئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق، میزائل نے  دارالحکومت کے جنوب میں ایک “خالی عمارت” کو نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیل معمول کے مطابق شام میں مبینہ ایرانی چوکیوں کو ختم کرنے کے بہانے دراندازی کرتا ہے۔صرف ایک ہفتہ قبل روس کے بحری اڈے کے قریب طرطوس اور حمص شہروں پر اسرائیلی میزائل حملوں میں دو شامی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

دمشق نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بارہا مذمت کی ہے۔ روس، ایران اور ترکی نے بھی شام میں اسرائیلی فضائی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں منظور کردہ قوانین کو چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں منظور کردہ قوانین کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر بلاول بھٹو زرداری اور مولانا اسعد محمود کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام روایت کو پیروں تلے روند دیا، ہم نے کہا کہ قواعد پر عمل کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہماری ایک بات بھی نہیں مانی، میں ، بلاول بھٹو اور اسعد محمود نے اسپیکر کو بہت سمجھانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے بات نہیں مانی، اجلاس میں ہماری تعداد 200 سے اوپر تھی، حکومتی لوگوں کے ووٹ زیادہ گنے گئے۔ اسپیکر سے بار بار درست ووٹنگ کرانے کا کہا، ای وی ایم کو ایول ورچوئل مشین کہتا ہوں، ای وی ایم ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، الیکشن ترمیمی بل سمیت دیگر بلوں کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس کے اپنے قواعد ہوتے ہیں، مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جیت نہیں ہوئی ، حکومت کو شکست ہوئی ہے، جوائنٹ سیشن میں قانون سازی کے لئے 222 حکومتی اراکین کا ہونا ضروری ہے، حکومت کے نمبرز پورے نہیں تھے۔

جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے بل پاس کیے گئے، تمام قانون سازی جبراً کی گئی، حکومت کا کوئی اتحادی ان کے حق میں کھڑا نہیں ہوا،ایسے ماحول میں کیسے توقع کر سکتے ہیں کہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔

پاک بھارت سیریز سے متعلق رمیز راجہ کا مؤقف سامنے آگیا

لاہور : رمیز راجہ نے پاک بھارت سیریز سے متعلق کہا کہ دو طرفہ سیریز فی الحال تو مشکل ہے، بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے دستبردار ہو جانا اتنا آسان نہیں ہوتا، چیئرمین بی سی سی آئی سارو گنگولی کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے۔

انہوں نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے ملتوی کی جانیوالی سیریز سے متعلق کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے فیصلوں کے بعد ہم کافی جذباتی تھے جس کے بعد دنیا کو ہمارے جذبات کا اندازہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا ورلڈ کرکٹ میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، آئی سی سی کو بھی اندازہ ہے کہ پاکستان کافی محنت کر رہا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ دنیا نے اب تسلیم کر لیا ہے کہ یہاں سکیورٹی بہترین ہے، آزاد ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں فٹبال لیگ انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) اور فارمولا ون سے بہتر سکیورٹی ہے۔ انہوں نے آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کیلئے پلان ہے، بہت جلد بتاؤں گا کہ ہمیں کیسے کام کرنا ہے، ریلیکس ماحول میں کرکٹ ہونی چاہیے، سکیورٹی کا مطلب سب کچھ بند کر دینا نہیں ہوگا۔

رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق کہا کہ بابر اعظم نے شاندار کپتانی کی ہے، انہوں نے ٹیم کو بہترین انداز میں چلایا۔  پریس کانفرنس میں چیئرمین نے مزید کہا کہ تمام اسٹیڈیمز کو وائی فائی سے آراستہ کریں گے، فینز ہماری کرکٹ کی شہ رگ ہیں۔