One of the toughest choices you may need to make in your house is whether or not to utilize custom paper towels in your bathroom. It’s not something which most men and women consider when they are planning their baths for Continue reading Custom Paper Towels: You Won’t Be Disappointed
Monthly Archives: November 2021
حکومت نے متعدد بلز سینیٹ سے بھی منظور کروا لیے، اپوزیشن کا شور شرابہ
حکومت نے ایوان بالا یعنی سینیٹ سے صحافیوں کے تحفظ سمیت متعدد بلز اپوزیشن کے شور شرابے میں منظور کروا لیے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیری مزاری کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا، صحافیوں سے متعلق بل کے حق میں 35 اور مخالفت میں 29 ووٹ آئے۔
صحافیوں کے تحفظ کا بل سینیٹ میں پیش کرنے کی تحریک پر دلاور خان گروپ نے بھی حکومت کے حق میں ووٹ دیا۔
حکومت کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے بل کو اضافی ایجنڈے کے طور پر پیش کیا گیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور ربڑ اسٹیمپ پارلیمنٹ نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ صحافیوں سے متعلق بل کو بنانے میں ایک سال لگا۔
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی جانب سے سینیٹ میں نیب ترمیمی بل بھی بطور ضمنی ایجنڈا پیش کیا گیا جسے ایوان بالا نے منظور کر لیا۔
بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ یہ بل ہر گز کسی ایک شخص سے متعلق نہیں بلکہ ہر شخص کے لیے ہے۔
اس کے علاوہ سینیٹ نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور محمع علی خان کی جانب سے پیش کیا گیا ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ترمیمی بل بھی منظور کر لیا۔
حکومتی بل منظور ہونے پر اپوزیشن اراکین نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے پہنچ کر ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کرپھینک دیں جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔
بابا گرونانک کا 552 واں جنم دن: وزیراعظم کی دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد
وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک موقع پر ہم ہزاروں سکھوں کو پاکستان میں ان کے مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، مذہبی رسومات کی ادائیگی میں حکومت انہیں سہولت فراہم کرتی رہے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سکھ برادری کو باباگرونانک جی کے 552 ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کے لئے خوشیوں بھرا تہوار ہے، سکھ برادری کو پنجاب آمد پر جی آیاں نوں کہتے ہیں، ہر سال سکھ برادری کی مہمان نوازی کر کے دلی خوشی ہوتی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سکھ برادری کو بابا گو رونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے، یگانگت اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے، بابا گورونانک نے امن و آتشی، اخوت، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بابا گرو نانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے، کرتار پور رہداری کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ اور سکھ برادری کیلئے تحفہ ہے، کرتار پور راہداری بننے سے سکھ برادری کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے، سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے
مودی نے کسانوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، زرعی قوانین منسوخ کرنے کا اعلان
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تقریباً ایک سال سے جاری کسانوں کے احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے متنازع زرعی قوانین منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں احتجاج پر بیٹھے کسانوں کو گھروں کو واپس لوٹنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔
نریندر مودی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ سے 2020 میں پاس ہونے والے تین زرعی قوانین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں باقاعدہ قواعد و ضوابط کے ذریعے زرعی قوانین کو منسوخ کر دے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کی جانب سے متنازع زرعی قوانین کی منسوخی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ ہی ماہ بعد بھارتی پنجاب سمیت 5 ریاستوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے کی جانے والی زرعی اصلاحات کے خلاف پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سمیت مختلف علاقوں میں کسان ایک سال سے احتجاج کر رہے ہیں۔
بھارت میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں کسان اور بی جے پی کے کارکن بھی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چند ماہ قبل ایک بی جے پی کے وزیر کے بیٹے کی گاڑی نے احتجاج پر بیٹھے کسانوں کو کچل دیا تھا جس پر مشتعل کسانوں نے گاڑی کو نذر آتش کرتے ہوئے اس میں سوار 4 افراد کو قتل کر دیا تھا۔
حکومت خود کو عوام کے غضب سے بچا سکے گی؟ شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز جمہوریت کی روح کو مجروح کیا گیا کیونکہ حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملکی تاریخ کا بدتر تصور کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی طرز عمل سے جمہوریت کی روح کو مجروح کیا گیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حکومت دھاندلی کے نظام کی کوشش کر کے خود کو عوام کے غضب سے بچا سکے گی؟
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی ارباب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں حکومت نے 7/8 ووٹوں کی اکثریت سے پورا نظام بلڈوز کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی بھی اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی اور بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ہرمعاملے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ ایوان میں مفادات پر لڑائی ہوتی ہے اور عوام کی کسی کو فکر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مقصد ذاتی مفادات کا تحفظ ہے
روس کیخلاف یوکرین نے امریکااور یورپی اتحادیوں سے مزید فوجی امداد مانگ لی
روس کے خلاف یوکرین نے امریکااور یورپی اتحادیوں سے مزید فوجی امداد مانگ لی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرینی وزیر دفاع نے کہا کہ روس کے خلاف یوکرین کو سیاسی مدد کےساتھ ساتھ مغربی ممالک سے اسلحہ بھی چاہیے۔
یوکرین کی سرحد پر روسی فوج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ یوکرین کی پارلیمنٹ نے بارڈر گارڈز کو آتشیں اسلحہ اور فوجی آلات کے استعمال کی اجازت دینے کا قانون پاس کیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرین نے روس کے 28 سپیشل فورسز کے اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
موگوروزا نے پہلی بار ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا ٹائٹل جیت لیا
موگوروزا نے پہلی بار ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔
میکسیکو میں کھیلے گئے ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن(ڈبلیو ٹی اے ) فائنلز میں اسپینش کھلاڑی موگوروزا نے ایسٹونین حریف کونٹے وِٹ کو ہرا کر پہلی بار ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا ٹائٹل جیت لیا۔
فیصلہ کن معرکے میں موگوروزا نے کونٹے وٹ کو 0-2 سے شکست دیکر یہ اعزاز اپنے نام کی۔
حکومت پنجاب نے تحریک لبیک پاکستان کیساتھ معاہدے کے تمام نکات پر عمل کر دیا
تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ معاہدے کے معاملے پر حکومت پنجاب نے معاہدے کے تمام نکات پر عمل کردیا۔
سیٹئرنگ کمیٹی کے آج رات کے اجلاس میں حکومت پنجاب حتمی رپورٹ پیش کرے گی، معاہدے کے تحت تحریک لبیک کانام کالعدم تنظیم کی لسٹ سے نکالاگیا، تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کیا گیا۔ معاہدے کے تحت تحریک لبیک کے رہنماوں اورکارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے گرفتار افراد کو معاہدے کے تحت رہا کیا، معاہدے کے تمام نکات پر عمل کر دیا ہے ، یہ اقدامات ملک کے وسیع تر مفاد عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کئے گئے، امید ہے حکومت پنجاب کے ان اقدامات کومثبت انداز میں لیاجائے گا، دوسری جانب سے ایک ذمہ دارانہ طرزعمل سامنے آئے گا
انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہا ہے، زبردستی کا نظام قبول نہیں کرینگے، فضل الرحمان
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔
کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ خلافت عثمانیہ کے زوال کے بعد یورپ سرمائے پر قابض ہوگیا، مسلمان اب یورپ کی معیشت کے آگے ہاتھ پھیلا رہے ہیں، دنیا بھر میں تبدیلیاں آرہی ہیں اور پاکستان بھی عالمی تبدیلیوں کے زد میں ہے، سپر طاقتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، آنے والے مستقبل میں امریکہ کی بجائے چین معیشت کی قیادت کریگا، ہم نے پاکستان کا مفاد دیکھنا ہے، 70 سال امریکہ کی غلامی میں گزار لیے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی قوتوں کے پاس اسلامی معاشرے کو بگاڑنے کیلئے عمران خان سے بہتر کوئی نہیں ، میرے پاس اعلیٰ سطح وفد بھیجا گیا جس نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ گزارہ کریں، اس سلسلے میں تین میٹنگ ہوئی میں نے کہا کہ میری ترجیح اپنا مفاد نہیں، مجھے کہا گیا کہ آپ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے ہو۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ الیکشن آرہے ہیں تو اس انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہاہے، تاہم پی ڈی ایم نے اب کمر کس لی ہے ، ملک کو خلاف آئین اقدامات سے نہیں چلایا جاسکتا اور زبردستی کا کوئی نظام قبول نہیں کرینگے، 25 جولائی2018 ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، جس کردار نے 2018 کے الیکشن کرائے اسی کردار نے 17 نومبر کو ترامیم کرائیں، کل 17 نومبر کو 51 قوانین پاس کیے گئے، لیکن جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم نے فیصلہ کن جدوجہد کیلئے مشاورت کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے متعلق کنفیوژن کا شکار
الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانون کی منظوری کے باوجود الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات میں اس کے استعمال سے متعلق کنفیوژن کا شکار ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران اراکین نے الیکشن کمیشن حکام سے آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی استعمال سے متعلق سوالات کیے۔
اپوزیشن رکن اسمبلی عالیہ کامران نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان میں حلقہ بندیاں کسے ہوں گی؟ بلوچستان کے عوام مشکل سے ووٹ کاسٹ کر پاتے ہیں، جہاں انٹرنیٹ نہیں ہے وہاں ای وی ایم مشین کیسے استعمال ہو گی؟، حکومتی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، الیکشن کمیشن کو بلا تاخیر قانون پر عمل درآمد کی تیاری کرنی چاہیے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال آئندہ عام انتخابات میں ہوگا یا نہیں، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، ای وی ایم کے استعمال میں چیلنجز درپیش ہیں، آئندہ عام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے پہلے مشین کی خریداری اور عملہ کی ٹریننگ سمیت 14 مراحل سے گزرنا ہوگا، ای وی ایم کے استعمال سے متعلق مزید 3 سے 4 پائلٹ پراجیکٹ کرنا پڑیں گے، ایک پولنگ اسٹیشن پر کتنی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہوں گی، اس کا تخمینہ لگانا بھی باقی ہے۔
حکومت حواس باختہ ہوکر ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کو نومبر کو نوشہرہ اور 30 نومبر کو پشاور میں ہونے والے جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ انتظامیہ نے پشاور میں جلسے کی اجازت نہیں دی جب کہ نوشہرہ میں جلسے کے حوالے سے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ ہوکر پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے، اگر خیبرپختونخوا میں حکومتی جماعت کے جلسے ہوسکتے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے کیوں نہیں ہوسکتے،
چیئرمین پیپلز پارٹی نے صوبائی قیادت کو ہدایت کی کہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملے یا نہ ملے، تمام رکاوٹوں کے باوجود نوشہرہ اور پشاور میں جلسے منعقد کریں، جلسوں پر پابندی کی آڑ میں عوام اور جیالوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات غیرقانونی،یکطرفہ ہیں،پاکستان
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات یکطرفہ اورغیرقانونی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخارکا ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی رویے کومستردکرتا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدامات یکطرفہ اورغیرقانونی ہیں۔ بھارت نے گزشتہ2روزمیں 9کشمیریوں کوشہید کیا۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ امریکی مذہبی آزادیوں کے کمیشن کی رپورٹ میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھارت میں مذہبی آزادیوں اور اقلیتوں کی حالت زار کو نظر انداز کیا ۔ بھارت میں آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کے ساتھ مل کر مذہبی آزادی سلب کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کوملٹرائزڈ کررہا ہے۔ روس کی جانب سے بھارت کو مہیا کیے جانے والے 5 میں سے پہلے ایس 400 میزائل سسٹم کی فراہمی کی رپورٹس دیکھی ہیں۔
بھارت کی جانب سے افغانستان کو گندم بھجوانے پروزیر اعظم آفس کا بیان واضح ہے۔پاکستان اس معاملے کوانسانی ہمدردی کی بنیاد پردیکھ رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے تمام دباؤ بھارت پر تھا
یہی وجہ ہے کہ آخری لمحات میں بھارت نے پاکستان کو کرتار پور راہداری کھولنے سے مطلع کیا۔پاکستان نے قلیل مدت کے نوٹس پرگزشتہ روز کرتارپورراہداری کھولی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ ائیر لائنز آف کمیونیکیشن کا معاہدہ مختلف صورتحال میں کیا گیا تھا تاہم اب زمینی صورتحال و حقائق تبدیل ہو چکے ہیں۔
ایتھوپیا میں 200 کے قریب پاکستانی مقیم ہیں وہاں کی صورتحال کوقریب سے دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے مشن اور سفارت خانہ ان سے رابطہ میں ہے۔سفارت خانے نے اس حوالے سے ایک رابطہ ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی دوبارہ نظر بند
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کے گھر میں دوبارہ نظر بند کردیا گیا۔
یہ اطلاع انہوں نے ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹس میں دی، جس کے ساتھ مقفل دروازوں اور سیکیورٹی انتظامات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
کشمیری رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ ان کے میڈیا ایڈوائزر اور ایک اور ساتھی کو بھی گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور پھر ان کے اہلِ خانہ کو باعزت تدفین کا حق نہ دے کر بھارتی حکومت غیر انسانیت کی اتھاہ گہرائیوں میں گر گئی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شروع سے ان کا بیانیہ احتساب سے فرار کے لیے جھوٹ پر بنیاد کرتا ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے بھارتی حکام کے حوالے سے مزید کہا کہ وہ اپنے اقدامات پر جوابدہ نہیں ہونا چاہتے اس لیے جو آوازیں اس قسم کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف بلند ہو رہی ہیں انہیں دبایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پیر کی رات سری نگر میں بھارتی فوج نے چھاپے کے دوران دو مبینہ حریت پسندوں سمیت 5 افراد کو قتل کردیا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شہری بھارتی فوج اور مبینہ حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے تاہم عینی شاہدین اور شہریوں کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
بعد ازاں بھارتی حکام نے سال 2020 سے شروع کی جانے والی پالیسی کے تحت لاشوں کو ایک دور افتادہ شمال مغربی گاؤں میں خفیہ طور پر دفن کر دیا تھا۔
جس پر گزشتہ روز ان مقتولین کے درجنوں رشتہ داروں نے مرکزی شہر میں احتجاج کیا تھا اور ان کی تدفین کے لیے حکام سے لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان شہریوں کی شناخت تاجر محمد الطاف بھٹ اور ڈینٹل سرجن کے ساتھ ساتھ ریئل اسٹیٹ ڈیلر مدثر کے ناموں سے ہوئی تھی جس میں الطاف بھٹ کی بیٹی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی جس میں لڑکی نے ان لمحات کے بارے میں بتایا جب انہیں ان کے والد کے قتل کی اطلاع ملی تھی۔
رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ کم از کم مرنے والوں کا احترام کیا جائے اور انہیں ان کے پیاروں کی باوقار طریقے سے تدفین کی اجازت دی جائے۔
یہاں یہ بات یاد رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کےبعد محبوبہ مفتی سمیت وادی کے متعدد سیاسی رہنماؤں کو بھارتی حکومت نے حراست میں لے لیا تھا۔
چنانچہ محبوبہ مفتی 14 ماہ تک اپنے گھر میں نظر بند رہی تھیں جس کے بعد بھارتی حکام نے انہیں اکتوبر 2020 میں رہا کردیا تھا، محبوبہ مفتی کا شمار ان سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے جو بھارت کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔


















