ویڈیوز جاری کرنے کا واحد مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ویڈیوز جاری کرنے کا واحد مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے اور امید ہے کہ عدلیہ اس دباؤ کو مسترد کر دے گی۔

اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جس طریقے سے یہ ساری ویڈیوز جعلی ثابت ہوئیں اس پر فارنزک ڈپارٹمنٹ کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی طرف سے اس طرح کی ویڈیوز جاری کی گئی ہوں اور اس کا واحد مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کیوں مہم چلا کر یہ سمجھے تھے کہ فوج کے جرنیل دباؤ میں آ جائیں گے اور جب کیسز چلنا شروع ہوتے ہیں تو اس طرح کی مہم چلائی جاتی ہے کہ شاید ججز دباؤ میں آ جائیں، مجھے امید ہے عدلیہ اس دباؤ کو مسترد کرے گی، جس طرح سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر اپنا لائحہ عمل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو یہاں نہیں رکنا چاہیے اور جو لوگ اس کام میں ملوث ہیں وہ ہمارے سامنے ہیں، مریم نواز کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے، لوگوں کی ٹیپ بنانا، جعلی لیکس بنانا، انہوں نے جعلی لیکس تیار کرنے کے لیے ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں، یہ ٹیکنالوجی کی مدد سے جعلی ویڈیوز تیار کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ ججز اور اکابرین ان کے دباؤ میں آجائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ شاید اپنی پارٹی کو قابو کرنے کے لیے بھی اسی طرح کی ویڈیوز بنا رہی ہیں، میرا خیال ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی جماعت نے اس طرح کی حرکتیں نہیں کی ہوں گی جس طریقے کی حرکتیں مسلم لیگ(ن) کا مریم نواز گروپ کررہا ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور پرامید ہیں کہ یہ معاملہ بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورا ہفتہ سیمینار کا سلسلہ منعقد کیا گیا، پہلے لاہور میں اور پھر اسلام آباد میں ایک سیمینار کیا گیا، دونوں سیمینار غیرملکی فنڈنگ سے کیے گئے اور آج کابینہ میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے دفتر خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فنڈنگ کے ڈونرز سے ویانا کنونشن کے سیکشن 41 کے تحت بات کی جائے اور غیرملکی فنڈنگ کا معاملہ بھی کابینہ میں زیر بحث رہا۔

ان کا کہنا تھاکہ کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے بات کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ الیکشن منعقد کرانے کے لیے کتنی مشینیں درکار ہیں، کتنے اخراجات ہوں گے اور ہمیں تکنیکی طور پر کیا معاونت درکار ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ ایک لازمی بات ہے کہ اگلے انتخابات لازمی طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تحت ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ 90لاکھ پاکستانی بھی ووٹ ڈالیں گے بلکہ مسلم لیگ(ن) کو ہمارا شکر گزار ہونا چاہیے کیونکہ پہلی بار نواز شریف کے بیٹے بھی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

انہوں نے میڈیا کی تنقید پر گلا کرتے ہوئے کہا کہ جب چینی اور ٹماٹر کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہیڈ لائن لگ جاتی ہیں لیکن جب کم ہوتی ہے تب بھی لوگوں کو بتانا چاہیے، چینی اس وقت 90 سے 95 روپے پر بک رہی ہے اورع اگلے دس سے پندرہ دن میں یہ قیمت 85روپے فی کلو تک آ جائے گی، جب قیمتیں برھتی ہیں تو ہم ہیڈ لائن لگا دیتے ہیں لیکن جب کم ہوتی ہیں تو لوگوں کو لگتا ہے کہ کچھ ہوا ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سب ےس بڑا سندھ بالخصوص کراچی میں آ رہا ہے، 18ویں ترمیم کے بعد مسئلہ یہ ہے کہ وفاقی حکومت پالیسی ہی بنا سکتی ہے، اس پر عمل صوبوں نے ہی کرنا ہے، جب ہم نے سندھ سے کہا کہ آپ گندم ریلیز کریں تو انہوں نے گندم ریلیز نہیں کی ، جب انہیں کہا کہ چینی ریلیز کریں تو انہوں نے چینی ریلیز نہیں ہوتی۔

فاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے حوالے سے جاری ہونے والے ڈیٹا میں سے 40فیصد کی بنیاد کراچی کی قیمتیں ہیں، بدقسمتی سے کراچی میں پورے پاکستان سے زیادہ قیمتیں ہیں، لاہور میں 20 کلو آٹا 1100 روپے کا مل رہا ہے اور وہی بیگ کراچی میں 1441 روپے کا مل رہا ہے جبکہ چینی کی قیمت بھی زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ نے کابینہ کو آئی ایم ایف کے پیکج کی تفصیل بھی بتائی جبکہ وفاقی وزارت تعلیم اور صنعت و پیداوار میں خالی آسامیوں پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس؛ اگلے سال عام انتخابات کا مطالبہ

اسلام آباد: حزب مخالف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اگلے سال عام انتخابات کا مطالبہ کردیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کی تجاویز و سفارشات پیش کی گئیں۔ پی ڈی ایم نے مشترکہ اجلاس میں غیر حاضر ممبران کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کی تجویز کی حمایت کردی۔ اجلاس کے دوران پی ڈی ایم نے 2022 میں عام انتخابات کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا تھا جس میں تمام جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ، حکومت کیخلاف تحریک اور مشترکہ اجلاس میں کی گئی قانون سازی کو عدالت میں چیلنج کرنے کیلیے سفارشات تیار کی ہیں۔

فرانس کے وزیراعظم کورونا میں مبتلا ہوگئے

پیرس: فرانس کے وزیر اعظم ژاں کاسٹیکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو 10 دن کے لیے گھر پر قرنطینہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے 56 سالہ وزیراعظم ژاں کاسٹیکس نے علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آیا ہے۔ فرانسیسی وزیر اعظم نے چند ماہ قبل ہی کورونا ویکسین کا کورس مکمل کرایا تھا۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فرانسیسی وزیر اعظم نے خود کو گھر پر 10 دن کے لیے قرنطینہ کرلیا تاہم وہ اس دوران آن لائن ہی امور مملکت چلاتے رہیں گے۔ ان کے اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا گیا اور ایک بیٹی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

وزیر اعظم کے معالجین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ژاں کاسٹیکس کی حالت خطرے سے باہر ہے انھیں صرف معمولی علامات ہیں۔ ویکسین لگوانے کی وجہ سے وائرس کے حملے میں شدت نہیں رہی۔

فرانس کے محکمہ صحت کی جانب سے ایک روز قبل جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا کی چوتھی لہر فرانس میں بجلی کی رفتار سے پھیل رہی ہے اور پچھلے سات روز میں نئے کیسز کی شرح میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ فرانس کے وزیراعظم نے گزشتہ روز بیلجیئم کے وزیر اعظم سے برسلز ملاقات کی تھی اس لیے بیلجیم کے وزیر اعظم بھی قرنطینہ میں چلے گئے۔

وزیراعظم کا سرکاری افسر کےحکومت مخالف بیان پر انکوائری کا حکم

وزیراعظم نےسینئرجوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن حماد شمیمی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق گریڈ اکیس کےافسرحماد شمیمی کے حکومت کےخلاف سوشل میڈیا پربیان دینے پرڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کوحماد شمیمی کے خلاف انکوائری کی ہدایات کردی گئیں۔

حکومت کے جاری کردہ نوٹفکیشن کے مطابق حماد شمیمی کے خلاف انکوائری 60 روزمیں مکمل کی جائے گی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انکوائری رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی۔

نوٹفکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ حماد شمیمی ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ حماد شمیمی کے خلاف انکوائری سول سرونٹس رولزکے تحت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گریڈ اکیس کےافسرحماد شمیمی نے سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی اورطالبان میں ایک مشابہت یہ بھی ہے کہ دونوں حکومت ملنے کےبعد یہ سوچ رہے ہیں کہ اسے چلانا کیسے ہے۔‘ دونوں کی امیدوں کا مرکزبھی آبپارہ ہی ہے۔

رولز رائس نے الیکٹرک طیارہ تیار کرلیا

برطانوی ایرو انجن کمپنی رولز رائس نے الیکٹرک طیارہ تیار کیا ہے جسے دنیا کا تیز ترین طیارہ قرار دیا جارہا ہے، ٹیسٹ پرواز کے دوران اس طیارے نے 3 ریکارڈز بنائے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رولز رائس نے دنیا کا تیز ترین الیکٹرک طیارہ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رولز رائس کی جانب سے جاری بیان میں اس طیارے کو اسپرٹ آف انوویشن کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طیارے نے 387.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر پرواز کرنے میں کامیابی حاصل کی اور یہ دنیا کی تیز ترین الیکٹرک سواری ہے۔

کمپنی کے مطابق 16 نومبر کو ٹیسٹ پرواز کے دوران اس طیارے نے مجموعی طور پر 3 ریکارڈز بنائے جس میں 345.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 1.86 میل کا راستہ طے کرنا ہے۔

اس طیارے نے 300 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار پر برطانوی وزارت دفاع کی فوجی ٹیسٹنگ سائٹ پر 9.32 میل کا سفر کیا، جو سابقہ ریکارڈ سے 182 میل فی گھنٹہ زیادہ ہے۔

ان اعداد و شمار کو عالمی گورننگ باڈی فیڈریشن ایروناٹیکل انٹرنیشنل (ایف آئی اے) کے پاس تصدیق کے لیے جمع کروایا گیا ہے۔

یہ طیارہ 400 کلوواٹ الیکٹرک پاور ٹرین کی مدد سے پرواز کرتا ہے جبکہ سب سے بہترین پاور بیٹری پیک کو بھی اس کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

رولز رائس کے فلائٹ آپریشن ڈائریکٹر نے طیارے کو ٹیسٹ پرواز پر اڑایا اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیرئیر کا اہم ترین لمحہ تھا۔

کمپنی کے سی ای او وارن ایسٹ نے کہا کہ دنیا کے تیز ترین الیکٹرک طیارے کا ریکارڈز ایک زبردست کامیابی ہے۔

برطانیہ کے بزنس سیکرٹری کواسی کوارٹنگ نے کہا کہ یہ طیارہ برقی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسی ٹیکنالوجیز کو ان لاک کرنے میں مدد کرے گا جن کو ہم روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنا سکیں گے۔

سیزفائر اعلان کے بعد حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کے 100 سے زائد قیدی رہا کردیے

پشاور: حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا جن میں اکثریت کا تعلق انٹرمنٹ سینٹرز سے ہے۔

ذمے دار اعلیٰ سیکیورٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے تحریک طالبان کے 100سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے اور انھیں 6ماہ کی اصلاحی عمل کی تکمیل سے پہلے رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والے دیگر قیدیوں میں پیدل سپاہی شامل ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ تحریک طالبان ( جن کے ساتھ حکومت کے مذاکرات جاری ہیں ) کے مطالبے پر نہیں کیا بلکہ طالبان کی جانب سے یکم نومبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے ایکسپریس کو یہ بھی بتایا کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کیلیے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

ایک اعلیٰ سیکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں اگست کے مہینے میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان نے تحریک طالبان افغانستان کے کہنے پر تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا۔ جس میں افغان طالبان نے پاکستانی طالبان کے مستقبل میں امن میں رہنے اور آئین پاکستان تسلیم کرنے کی ضمانت دی ہے۔ جس کے بعد تحریک طالبان سے مذاکرات جاری ہیں۔ یکم نومبر کو تحریک طالبان نے سیز فائر کا اعلان کیا جس پر بدستور عمل جاری ہے۔

اعلیٰ سیکورٹی حکام کے مطابق تحریک طالبان کے مختلف دھڑوں سے بیک وقت مذاکرات جاری ہیں تاہم یہ مذاکرات ، مذاکرات کاروں کے ذریعے ہو رہے ہیں۔

سال 2021 کا بہترین فٹبالر کون ہوگا ؟ فیفا نے نامزدگیاں جاری کردیں

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2021 کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈز کی نامزدگیاں جاری کردی ہیں۔
فیفا کے مطابق 2021 کے بہترین مینز فٹبالر کی نامزدگیوں میں دنیائے فٹبال کے 11 بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔
2021 کے بہترین مینز فٹبالر کی کیٹیگری میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، ارجنٹینا کےلیونل میسی،فرانس کے کلیان مباپے، برازیل کے نیمار اور مصر کے محمد صلاح شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فرانس کے کریم بینزما، بیلجیئم کے کیون ڈی بروئن، ناروے کے ایرلنگ ہالیند ،اٹلی کے جارگینہو ، فرانس کے این گولو کانتے ، پولینڈ کے رابرٹ لیوینڈوسکی بھی بہترین کھلاڑی کے نامزگیوں میں شامل ہیں۔شائقین فٹبال اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو فیفا کی ویب سائٹ پر جاکر ووٹ کر سکتے ہیں۔فیفا کے مطابق فاتح کھلاڑی کا اعلان 17 جنوری 2022 کو ایک آن لائن تقریب میں کیا جائے گا۔

‘نواز اینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز، لیکس اور گیمز سے باہر آ کر الزامات کا جواب دے’، فواد چودھری

 فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نواز اینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز، لیکس اور گیمز سے باہر آ کر الزامات کا جواب دے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے ڈرامے مکمل طور پر فلاپ ہو چکے، اگر انہوں نے جیل نہیں جانا تو پیسے واپس کریں، ن لیگ والوں کے پاس یہ ہی مختصر حل ہے، یہ لوگ اس معاملے کو پیچیدہ بنا کر نکلنا چاہتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا سیونگ اکاؤنٹس کی شرح منافع 7.25 فیصد کرنے کا اعلان

کراچی: اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سیونگ اکاؤنٹس (بچت کھاتوں) پر منافع کی شرح یکم دسمبر تک 1.5 فیصد بڑھ کر کم از کم 7.25 فیصد ہوجائے گی۔

 رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے یہ اعلان گزشتہ ہفتے پالیسی ریٹ کو 7.25 فیصد سے بڑھا کر 8.75 فیصد کرنے کے بعد سامنے آیا۔

مرکزی بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین سے یہ بھی کہا کہ اگر آپ کو بچت کھاتوں پر کم منافع ملتا ہے تو بینک میں شکایت درج کرائیں۔

بینک کی جانب سے عدم تعمیل کی صورت میں اسٹیٹ بینک نے صارفین سے کہا کہ وہ اس کی شکایتی ہیلپ ڈیسک سے رابطہ کریں۔

سیونگ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے صارفین کو مطلع کیا کہ وہ اپنی پسند کے بینک میں جائیں، جنوری 2022 سے بینکوں کے لیے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ ریموٹ بائیومیٹرک تصدیق کے ساتھ اور کسی صارف کو بینک برانچ جانے کی ضرورت کے بغیر بینک اکاؤنٹس کو ڈیجیٹل طور پر کھولنے کا اختیار فراہم کریں۔

اسٹیٹ بینک نے یہ بھی واضح کیا کہ مہنگائی کی پیش گوئی موجودہ مالی سال کے لیے 5 سے 7 فیصد ہے نہ کہ 7 سے 9 فیصد تک جیسا کہ بعض میڈیا میں اس کی تشریح کی جارہی ہے۔

ابھی نندن کو ’بہادری کے خیالی کارناموں‘ پر اعزاز دینا فوجی اصولوں کےخلاف ہے، پاکستان

پاکستان نے نئی دہلی حکومت کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو تیسرے سب سے بڑے فوجی اعزاز دینے پر کہا ہے کہ بھارتی جعلسازی اورفرضی قصے کہانیوں کی ایک بہترین مثال ہے جس کا مقصد اپنے عوام کو خوش کرنا ہے۔

بھاتی اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ابھی نندن نے ویر چکرا وصول کیا، یہ بھارتی فوج کا تیسرا اعلیٰ سطح کا اعزاز ہے، جبکہ پہلے نمبر پر پرم ویر چکرا اور دوسرے نمبر پر ماہا چکرا ہے۔

ویر چکر پرم ویر چکر اور مہا چکرا کے بعد جنگ کے وقت ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا بہادری ایوارڈ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابھی نندن کو حال ہی میں ونگ کمانڈر سے گروپ کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے انہیں ’جرأت مندی کے مظاہرے‘ پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔

بھارت کے مطابق انہوں نے پاکستانی فوجی طیارہ ایف 16 گرایا تھا جسے پاکستان، آزاد مبصرین اور بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے حقیقت کے برعکس قرار دیا گیا ہے۔

ابھی نندن کو بھارتی صدر رام ناتھ کووند کی جانب سے ویر چکرا میڈل دیے جانے کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام (بھارت) کو اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے کرنا پڑا۔

دفتر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی دعویٰ مسترد کیا کہ ابھی نندن نے فروری 2019 میں آزاد جموں کشمیر میں گرفتاری سے قبل ایک پاکستانی جنگی طیارہ ایف 16مار گرایا تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ امریکی حکام سمیت عالمی ماہرین پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان ایف 16 طیاروں کی تعداد مکمل ہے اور کوئی طیارہ تباہ نہیں کیا گیا۔

لاہور فضائی آلودگی میں آج پہلے سے دوسرے نمبر پر آگیا

پنجاب کے وسطی علاقے آج بھی شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔

دنیا کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور آج 292 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

 جب کہ فضائی آلودگی کے لحاظ سے آج پہلا نمبر بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کا  ہے جو 388 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تیسرے اور کولکتہ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان کے چھوٹے شہروں کی بات کی جائے تو ملک میں سب سے آلودہ فضا اس وقت فیصل آباد کی ہے جہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 316 ہے۔

پاکستان میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے رائیونڈ دوسرے، گوجرانوالا تیسرے اور لاہور چوتھے نمبر پر ہے۔

وزیر اعظم کی سی پیک فیز 2 سے متعلقہ اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2 سے متعلقہ اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کے لیے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں اسد عمر، حماد اظہر، شوکت ترین، معید یوسف، شہباز گل، چیئرمین سی پیک خالد منصور اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے فیز 2 پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ خصوصی صنعتی علاقوں میں گیس اور بجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ سی پیک اتھارٹی کی طرف سے پلگ اینڈ پلے ماڈل تجویز پیش کی گئی جس پر کام جاری ہے، ماڈل کے تحت تمام تر ضروریات کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق علاقوں میں صنعتوں کی تعمیر میں تیزی کو یقینی بنایا جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پورٹل پر کام تقریباً مکمل ہے جلد اجرا کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کے لیے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے سی پیک فیز 2 سے متعلقہ اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی کی ہدایات کیں۔

لانگ مارچ ، استعفے، پہیہ جام ہڑتال ، لاہور میں جلسہ پی ڈی ایم آج فیصلے کریگی

اسلام آباد (این این آئی)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت کےخلاف فیصلہ کن سفارشات مرتب کرلیں ،(آج) منگل کو سربراہی اجلاس میں توثیق کے بعد اعلان کیا جائےگا، حکومت کے خلاف بطور احتجاج استعفوں کی تجویز بھی موجود ہے ،لانگ مارچ کب کیا جائے گا اس کا اعلان اور فیصلہ قیادت کرے گی،پارلیمنٹ میں سترہ نومبر کو جو قانون سازی کی گئی ہ سیاہ دن تھا،غلط قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے،عدلیہ پر بہت بڑے سولات اٹھ گئے ہیں، وضاحت ججز اور عدلیہ کو کرنی ہے۔ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا،پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی اجلاس میں نمائندگی موجود تھی،پی ڈی ایم کی تحریک اور احتجاج تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ حمد اللہ نے کہاکہ تمام جماعتوں کے نمائندوں نے ایجنڈا پر رائے دی،موجودہ حکومت کی شکل میں ملک کو بیماری لاحق ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم نے اس مہلک بیماری سے ملک کو نجات دلانی ہے،پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے سربراہان کا (آج) منگل کوتین بجے اجلاس ہوگا،تمام تجاویز پر سربراہان (آج)منگل کو غور کریں گے،پی ڈی ایم سربراہان آئندہ کے لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔ حافظ حمد اللہ نے کہاکہ لاہور کا جلسہ، لانگ مارچ، پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈاﺅن سب پر غور کیا جارہا ہے،ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو ساتھ لے کر احتجاج آگے بڑہایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ کنونشنز بھی منعقد کئے جانے کی تجویز بھی ہے،استعفوں کی تجویز بھی موجود ہے،گوادر میں جلسے کی تجویز بھی موجود ہے،لانگ مارچ کب کیا جائے گا اس کا اعلان اور فیصلہ قیادت کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ پشاور جلسے کو درست طریقے سے میڈیا نے نہیں دکھایا،خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات چل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میں سترہ نومبر کو جو قانون سازی کی گئی وہ سیاہ دن تھا،غلط قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ عدلیہ پر بہت بڑے سولات اٹھ گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وضاحت عدلیہ اور ججوں نے کرنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر بھی کھیلیں گے اور باہر بھی۔ انہوںنے کہاکہ چاروں صوبوں، میں سیمینارز اور کانفرنس اور گوادر میں جلسہ سفارشات سامنے آئی ہیں ،مارچ میں لانگ مارچ بھی ہو سکتا ہے ،دھرنا بھی ہمارے آپشنز میں شامل ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ عدلیہ پر سوالات اٹھ رہے ہیں ،ہمارے تحفظات پہلے سے ہی اٹھ رہے ہیں۔