ایف اے ٹی ایف ، یوم عاشور کے فوری بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 2 اہم بلوں کی منظوری کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف 19دن رہ گئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) دو اہم بلوں کی منظوری کیلئے حکومت نے یوم عاشور کے فوری بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ایف اے ٹی ایف کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف 19روز باقی ہیں کیونکہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو15ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس بنا پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ سے مسترد ہونے والے بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاس کرائے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سینیٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ دو اہم بلوں کی منظوری نہ ہونے دے کر اپوزیشن نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے فیٹف سے متعلقہ اینٹی منی لانڈرنگ اور آئی سی ٹی وقف بل کو منظور نہیں ہونے دیا، میں پہلے دن سے ہی یہ کہہ رہا ہوں کہ اپوزیشن رہنمائوں کے اپنے ذاتی مفادات اور ملک کے مفادات متضاد ہیں، جونہی احتساب کے عمل کو سخت کیا جاتا ہے اپوزیشن کوشش کرتی ہے کہ وہ اپنی لوٹ مار کے تحفظ کے لئے جمہوریت کو ڈھال بنائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کے ذریعے این آر او کے لئے بلیک میل کرتے ہوئے اپوزیشن پاکستان کو فیٹف کی بلیک لسٹ میں ڈال سکتی ہے، جس سے ملک کی معیشت تباہ اور غربت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن پیسوں کو محفوظ بنانے میں اتنا مایوس ہو چکے ہیں کہ انہوں نے پارلیمنٹ کو اس کے کام سے روکنے کی کوشش کی اور اب وہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی پاکستان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ میں واضح کر دوں کہ جو بھی ہو جائے میری حکومت کسی کو این آر او کی اجازت نہیں دے گی، یہ قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہوگا، جنہوں نے قومی خزانے کو لوٹا ہے ان کا احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے 2 سیاسی رہنمائوں کو این آر او دیا جس سے ہمارے قرضے بڑھے اور معیشت تباہ ہوئی، اب کوئی این آر او نہیں ہوگا۔

لاہورمیں‌ مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق

لاہور ویب ڈیسک : پنجاب کے شہر لاہور میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ برکت ٹاؤن میں 2 مکانوں کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور 2 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حادثے میں زخمی شخص کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو کی امداد ٹیمیں کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبی خاتون 32 سالہ آمنہ، 9 سالہ رمشا اور 7 سالہ آکاش کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

پی سی بی کی دسمبر میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق

نیوزی لینڈ جانے والے تمام غیر ملکیوں کو چودہ روز کا عرصہ قرنطینہ میں گزارنا ہوگا

لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دسمبر میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کی ہے جس میں دو ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کے حکام نے کہا کہ ابھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورے کی تاریخو ں کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ کو اپنی ٹیم کے دورے کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریلیا’ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیمیں نیوزی لینڈ بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اور کرکٹ نیوزی لینڈ پاکستانی ٹیم کے دورے کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ ایک سوال پر ذرائع نے کہا کہ دورے کے دوران دو ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹونٹی کھیلنے جانے کی توقع ہے تاہم میچوں کی حتمی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی حکومت کے فیصلے کے تحت ملک میں آنے والے تمام غیر ملکیوں کو چودہ روز کا عرصہ قرنطینہ میں گزارنا ہوگا۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری ، پاکستان کا ساتواں نمبر برقرار

دبئی ویب ڈیسک  : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ، پاکستان کا ساتواں نمبر ، بلے باز بابر اعظم پانچواں نمبر برجمان، کوئی پاکستانی ٹاپ دس باؤلرز کی فہرست میں شامل نہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کر دی،بلے بازوں کی نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی کا بدستور دوسرا نمبر ہے۔آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کا تیسرا نمبر ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔پاکستانی بلے باز بابر اعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے، کپتان اظہر علی رینکنگ میں 23 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
گیندبازوں کی نئی رینکنگ میں پیٹ کمنز بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ اسٹیورٹ براڈ دوسرے اور نیل ویگنر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ٹاپ ٹین باؤلرز میں پاکستان کا کوئی باؤلر شامل نہیں ہے۔600ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے جیمز اینڈرسن کی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے اور وہ فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر، بین اسٹوکس دوسرے اور رویندر جدیجا تیسرے نمبر پرموجود ہیں۔ٹیم رینکنگ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے،آسٹریلیا کا پہلا، نیوزی لینڈ کا دوسرا،، بھارت کا تیسرا اور پاکستان کا ساتواں نمبر برقرار ہے۔

کراچی بارشیں؛ ‏وزیراعظم کی شہریوں کوہرممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

کراچی ویب ڈیسک : ‏وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں کو کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال میں این ڈی ایم اے اورپاک فوج کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے وفاقی اداروں کو کراچی کے شہریوں کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی اوراس کے عوام کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، وفاقی ادارے اپنے تمام وسائل بروئے کارلائیں۔

میرے یا مفتی منیب کے کہنے پر چاند کا مدار نہیں بنتا ، فواد چوہدری

وہ ہمارے بزرگ ہیں ان کا بہت احترام ہے لیکن آپ آنکھیں بند کرلیں کہ میں نہیں مانتا پھرتوآپ روندے جائیں گے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ وہ مفتی منیب کی عزت کرتے ہیں وہ ہمارے بزرگ ہیں ان کیلئے میرا بہت احترام ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے یا مفتی منیب کے کہنے پر چاند نے اپنا مدار نہیں بدل لینا اس نے اسی پر چلنا ہے جو اس کا نظام ہے اگر آپ آنکھیں بند کرلیں گے کہ میں نہیں مانتا پھرتوآپ روندے جائیں گے لیکن اگر آپ آنکھیں کھلی رکھیں گے اور متبادل حکمت عملی بنائیں گے تب ہی آپ کا بچائو ممکن ہوگا۔ڈائیووپاکستان اور سکائی ول کمپنی میں معاہدے کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کی جانے والی منصوبہ بندی10سال سے زیادہ نہیں ہوتی۔قبل ازیں فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ اس سال سے پاکستان میں بجلی سے بسیں چلنا شروع ہوں گی جبکہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ اگلے تین سالوں میں یہ بسیں ملک میں تیار ہونا بھی شروع ہو جائیں گی۔

جس کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ ڈرونز کے استعمال سے اگلے چند سال میں زراعت سے لیکر پولیس پیٹرولنگ اور دیگر شعبوں میں انقلاب برپا کردینگے، بہت جلد ڈرون پالیسی وضع کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عام تاثر یہی ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے ہے لیکن ہم نے کم عرصہ میں میڈ ان پاکستان ڈرونز اور دیگر ضروری طبی آلات و مصنوعات ملکی سطح پر تیار کر کے اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پچیس ڈرونز آسانی سے دس سے بیس ایکڑ اراضی پر سپرے کر سکتے ہیں۔اگلے تین سے پانچ سالوں میں زراعت اور دیگر شعبوں میں ڈرونز کا استعمال ناگزیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے میڈ ان پاکستان ڈرونز بنانے شروع کر دیئے ہیں، ان ڈرونز سے سیڈنگ اور سپرے ہوگا ۔اس کے علاوہ ٹڈی دل کے خلاف ڈرونز ہر اول دستہ ہونگے جبکہ اسلام آباد پولیس ، موٹروے پرنگرانی اورکراچی میں سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے بھی ڈرونز کے استعمال کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ این آر ٹی سی کو پہلے ہی ڈرونز کی تیاری پر توجہ دینے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے

ذلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا

لندن ویب ڈیسک : ریحام خان کی پاکستانی ہوٹل روز ویلٹ کی فروخت سے متعلق متنازع ٹوئٹس پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا۔

جیو نیوز نے ہائی کورٹ میں دائر مقدمے کی تمام تفصیلات حاصل کرلی ہیں جس میں ذلفی بخاری نے ریحام خان سے معافی، الزامات کی واپسی اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذلفی بخاری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریحام خان نے ٹوئٹس کے ذریعے مجھے بدنام کیا اور ساکھ کو نقصان پہنچایا، روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق کمیٹی میں پانچ افراد شامل تھے لیکن صرف مجھے نشانہ بنایا گیا، انصاف کے حصول کیلئے عدالت جانے پر مجبور ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو اپنے الزامات کے ثبوت عدالت میں پیش کرنا ہوں گے، مقدمہ آزادی رائے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ذلفی بخاری کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ شروع ہونے میں 8 ماہ لگ جائیں گے۔

واضح رہے کہ ریحام خان نے ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ ہوٹل کی فروخت سے ذلفی بخاری کو فائدہ ہوگا

امریکہ اور چین کا کشیدگی کے باوجود اقتصادی معاہدے پر پیش رفت پر اتفاق

معاہدے کے تحت چین دو برسوں کے دوران امریکہ سے 200 بلین ڈالر کا سامان خریدے گا

واشنگٹن(ویب ڈیسک ) امریکہ اور چین نے کئی شعبوں میں جاری کشیدگی کے باوجود اس سال جنوری میں طے پانے والے باہمی اقتصادی اور تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے. دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام نے منگل کو فون پر تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں بات چیت کی امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس معاہدے کے تحت چین دو برسوں کے دوران امریکہ سے 200 بلین ڈالر کا سامان خریدے گا جن میں کاریں، مشینری، تیل اور زرعی پیداوار شامل ہے لیکن کورونا وائرس کے بحران کے سبب چین میں امریکی اشیا کی طلب میں کمی ہوئی ہے جس سے معاہدے پر عمل درآمد متاثر ہوا ہے.

دونوں ملکوں کی جانب سے الگ الگ جاری کیے گئے بیانات میں گزشتہ روز ہونے والی گفتگو کی تصدیق کی گئی ہے‘واشنگٹن ڈی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام نے اس حوالے سے بات چیت کی کہ چین معاہدے کی روح کے مطابق اس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرے. مجوزہ اقدامات میں انٹلیکچوئل پراپرٹی یا دانشوارانہ املاک کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا، امریکی کمپنیوں کی راہ میں حائل مالی اور زرعی شعبوں کی رکاوٹوں کو دور کرنا اور ٹیکنالوجی کی جبری منتقلی کا خاتمہ شامل ہیں.بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک سمجھتے ہیں کہ معاہدے میں پیش رفت ہوئی ہے اور وہ اسے کامیاب بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں گے دوسری طرف بیجنگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری بات چیت ہوئی، جس میں چین اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے میں عمل درآمد کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا.پہلے مرحلے میں دونوں ملک ہر چھ ماہ بعد اس کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے حالیہ دنوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدارتی انتخابات سے پہلے چین پر دباﺅ میں اضافہ کر دیا ہے، جس میں اس معاہدے پر عمل درآمد کے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں. امریکہ کی طرف سے چین پر کورونا وائرس پھیلانے کے الزام اور ہانگ کانگ اور سنکیانگ سے متعلق چین کی پالیسیوں پر تنقید سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے.

’جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا  جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے اور ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ نواز شریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے نوازشریف کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے، ان کی واپسی پر لائحہ عمل فروغ نسیم اور اور شہزاد اکبر بنائیں گے، نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں ہے، صرف جو پیسے باہر گئے وہ واپس آنے چاہئیں، کابینہ نے نواز شریف کے لندن جانے سے قبل کہا تھا 2.7 ارب روپے کی گارنٹی رکھی جائے، پہلے کیس میں نواز شریف 2.7 بلین واپس کر دیں پھر چاہے لندن جائیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کی رپورٹس کی بنیاد پر باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، مسئلہ ڈاکٹرزکا نہیں مسئلہ رپورٹ کا ہے کہ وہ کیسے بنیں لیکن اب تو نوازشریف ٹھیک ہیں اور گھوم پھر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اتنی اہم تھوڑی ہیں کہ انہیں کابینہ میں زیر بحث لایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے میں ایک ہی آدمی سنجیدہ ہے اور وہ فضل الرحمان ہیں، جب سے مولانا فضل الرحمان کی دیہاڑی بند ہوئی وہ ہر دروازے پر جلسہ لے کر پہنچ جاتے ہیں، کوئی آدمی مولانا اور ان کے گروپ کا لیڈر بننے کو تیار نہیں لہٰذا ان کو چاہیے کہ وہ دو سال مزید صبر کر لیں ابھی وہ نوجوان ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں گورننس کے مسائل وزرائے اعلیٰ کی وجہ سے ہیں، وزرائے اعلیٰ اگر نیند سے نہیں جاگے تو پاکستان کا بہت نقصان ہوگا، صوبوں میں جو خرچ کیاگیا کوئی ان سے حساب تو لے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف سے نکلنا پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے، اپوزیشن کی اپنی منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف میں گیا، پاکستان سے پیسے کمائیں اور باہر بھیج دیں اور کوئی پوچھے بھی نا، یہ ممکن نہیں، اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ یہ قوانین پاکستان کے لیے ضروری ہیں۔

میسی کا فٹبال کلب بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فٹبال کلب بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

بارسلونا انتظامیہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ارجنٹینا کے فٹبالر نے باضابطہ طور پر کلب چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

میسی کے کلب چھوڑنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں تاہم کہا جا رہا ہے کہ میسی نے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں بدترین شکست کے بعد کلب چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

لیونل میسی گزشتہ 20 سال سے بارسلونا کے ساتھ وابستہ ہیں اور وہ کلب کے کپتان بھی ہیں۔

لیونل میسی بارسلو  سے 20 سالہ ناطہ توڑنے کے بعد کہاں جا رہے ہیں اس حوالے سے ابھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم میڈیا پر اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ مانچسٹر یونائیٹڈ لیونل میسی کا نیا کلب ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد

عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرزا شہزاد اکبر کے خلاف دائر درخواست آبزرویشنز کے ساتھ نمٹا دی،  چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ ایسا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا جو شہزاد اکبر کی نیب میں مداخلت ثابت کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین صدر مملکت کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر زیادہ سے زیادہ 5 مشیر تعینات کرنے کا اختیار دیتا ہے، وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ وہ اپنے لیے کس کو مشیر مقرر کریں۔

تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر کی تقرری کے لیے اہلیت کا کوئی معیار مقرر نہیں، مشیر پارلیمنٹ کی کارروائی کا حصہ بن سکتا ہے مگر ووٹ نہیں دے سکتا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی لکھا کہ شہزاد اکبر کی بطور سربراہ ایسٹ ریکوری یونٹ تعیناتی کا معاملہ یہاں نہیں دیکھا جا سکتا کیونکہ ایسٹ ریکوری یونٹ کا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھایا جا چکا ہے، ایسٹ ریکوری یونٹ کےمعاملے پر سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنا باقی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکھا کہ توقع ہے مرزا شہزاد اکبر بطور مشیر، آئین و قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

‘پاکستان خوبصورت ملک ہے، امید ہے یہاں ٹیسٹ ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا’، کرس ووکس

انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس کا کہنا ہے پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور امید ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے انگلینڈ کے آلراؤنڈر کرس ووکس سے بائیو سیکیور ماحول، سیریز کے دوران کرکٹ کے معیار اور پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر گفتگو کی۔

جب شان مسعود نے کرس ووکس کو پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اور پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق بتایا تو انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور انہوں نے پاکستان میں بسنے والے کرکٹ کے پرجوش مداحوں سے متعلق بہت سی کہانیاں سنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا وہ پرامید ہیں کہ بین الاقوامی ٹیسٹ ٹیموں کی پاکستان آمد کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔

اس حوالے سے کرس ووکس کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز اعلیٰ معیار کی تھی جہاں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا، دونوں کرکٹرز نے اتفاق کیا کہ اگر اس سیریز کے دوران شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہوتے تو یہ میچز مزید یادگار بن سکتے تھے۔

کرس ووکس کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ میں پاکستانی مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ تمام شائقین کرکٹ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کا بھرپور لطف اٹھایا ہوگا۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے معیار پر اظہار خیال کرتے ہوئے انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹ میں شائقین کرکٹ کو ضرور موجود ہونا چاہیے تھا اور اگر ایسا ہوتا تو انہیں اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کے شور اور براہ راست جاری میچ میں کرکٹ کھیلنے کا بہت مزہ آتا۔

انگلش آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہوا اور انہیں پاکستان جیسی باصلاحیت ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑی، پاکستان کے انگلینڈ میں ناقابل شکست رہنے کے 10 سالہ ریکارڈ کی ایک بڑی وجہ دیگر غیر ملکی ٹیموں کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں کی یہاں کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگی ہے۔

اس موقع پر کرس ووکس نے شان مسعود کی 156 رنز کی اننگز کی خوب تعریف کی، میزبان ٹیم کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ انہیں یاد ہے کہ وہ 2007 میں انڈر 19 کی سطح پر شان مسعود کے مد مقابل آچکے ہیں۔

پاکستانی اوپنر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے ایک شاندار اننگز کھیلی اور اس دوران ان کی ٹیم کو بہت اوورز کروانے پڑے۔

مصباح کی نئے کردار میں موجودگی حوصلہ افزائی اور معاونت کا سبب بن رہی ہے: شان مسعود

پاکستان کی مضبوط ٹیم منیجمنٹ سے متعلق کرس ووکس کے سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ مصباح الحق کی سربراہی میں لیجنڈری کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم منیجمنٹ نے ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جو مفید ثابت ہوئی۔

شان مسعود نے کرس ووکس کو بتایا کہ یونس خان کے ساتھ ان کی دوستی دیرینہ ہے اور بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ان کی موجودگی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ وقار یونس نے نوجوان پیسرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ بہت کام کیا  یہاں تک کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے نیٹ میں ان کی بولنگ پر بھی بہت محنت کی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ساؤتھ ہمپٹن ٹیسٹ کے ایک موقع پر ان سے بھی باؤلنگ کروائی گئی۔

شان مسعود نے کہا کہ مصباح الحق کی اس نئے کردار میں موجودگی پورے اسکواڈ کی حوصلہ افزائی اور بھرپور معاونت کا سبب بن رہی ہے، اسی طرح مشتاق احمد کا انگلش ٹیم کے ساتھ تجربہ بھی قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوا۔

پاکستان کے اوپنر نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول ایک نیا تجربہ تھا، جہاں موجود بہترین سہولیات میں تمام کرکٹرز بھرپور محنت کرتے نظر آئے، دورہ انگلینڈ کا آغاز ڈربی سے ہوا، جہاں ان مشکل حالات کے باوجود ہماری میزبانی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی۔

پاکستان اور چین سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کو تیز کرنے پر رضامند

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے صنعتی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈ) کی ترقی کے وژن کو سمجھنے کے لیے فریم ورک معاہدے کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

 صنعتی تعاون سے متعلق ڈرافٹ فریم ورک معاہدے کے بارے میں ایک مشاورتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ عاطف آر بخاری نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں حکومت کے قائدانہ کردار کی ضرورت تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں انتظامیہ میں 180 ڈگری کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نجی شعبے و صنعتکاروں کو اولین کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کا کردار صرف سہولت کار کا ہوگا جو سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول اور کاروبار موافق موثر قانون سازی کا عمل جاری رکھے گی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘سی پیک صنعتی تعاون کا ڈرافٹ فریم ورک ایگریمنٹ لانگ ٹرم پلان سے مطابقت رکھتا ہے، ‘اس معاہدے کی منظوری سے پاکستان کے لیے صنعتوں کو ترقی دینے کے کئی مواقع میسر آئیں گے’۔

عاطف آر بخار ی نے کہا کہ سی پیک کے چار اقتصادی زونز رشکئی، علامہ اقبال، دھابیجی اور بوستان ترقی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین جغرافیائی قربت سے ان خطوں کو باہمی معاشی فائدہ کے لیے باہمی معاشی تسلط کو فروغ حاصل ہوگا۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے کہا کہ پاکستان اور چین صنعتی تعاون کے شعبے میں دستخط شدہ ایم او یو کو معاہدے میں تبدیل کرنے پر راضی ہو چکے ہیں، اس معاہدے کے تحت اقتصادی زونز کی آباد کاری و نجی شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اقتصادی زونز میں گیس و بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔