سنتھیارچی کی ملک بدری وزارت داخلہ کو 3 ہفتے میں فیصلہ کا حکم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی شہری سنتھیارچی کو ملک بدر کرنے کی پیپلزپارٹی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو 3 ہفتے میں فیصلہ جاری کرنے کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کیس کی سماعت کی اس سے قبل دوران سماعت وزارت داخلہ نے فریقین کو نوٹس کرکے دوبارہ آرڈر کرنے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کو بتایا کہ وزارت داخلہ عدالت کی ہدایت کے مطابق فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرے گی۔

بھارتی بک میکرنے پاکستانی کھلاڑیوں کو بدنام کرنے کیلئے کارندے چھوڑ دئیے

لندن(ویب ڈیسک)برطانیہ سے شروع ہونے والی انگلینڈ کرکٹ سیریز میں حکومت کی چھتر چھاﺅں میں پاکستان کیخلاف ایک اور سازش کا پتہ چینل فائیو اور خبریں کے برطانیہ میں بیورو چیف ڈاکٹر اخترگلفام نے لگایا ہے۔ جس کے مطابق بھارتی حکومت کی ایماءپر بدنام زمانہ بھارتی بک میکر سنجیو چاولہ نے پاک انگلینڈ سیریز کے لیے مانچسٹر میں اپنے ”پنٹرز“ چھوڑ دیئے ہیں تاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بدنام کیا جاسکے۔ حیرت یہ ہے کہ اس سارے کھیل کی پشت پناہی بھارتی حکومت کر رہی ہے۔ انتہائی ذمہ دار انگلش ذرائع نے ڈاکٹر اختر گلفام کو بنایا ہے کہ سنجیو چاولہ نیٹ ورک نے مانچسٹر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی خفیہ معلومات لینے اور کھلاڑیوں سے رابطوں کے لیے ٹیم کے چاروں طرف اپنے بندے لگا دیے ہیں۔ اور پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے کے لیے بھرپور اثرورسوخ بھی استعمال بھی کر رہے ہیں۔ انتائی ذمہ دار انگلش ذرائع نے بھی بتایا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک معمولی سی غلطی پاکستان اور پاکستانی ٹیم کی عزت کا جنازہ نکال دے گی۔ سنجیوچاولہ پاکستانی ٹیم کی حکمت عملی اور کھلاڑیوں سے رابطے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے وہ نوجوان کھلاڑیوں پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ چینل ۵ اور خبریں کے برطانیہ میں بیوروچیف ڈاکٹر اختر گلفام نے اپنا قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے مانچسٹر میں پاکستانی کیمپ تک یہ معلومات پہنچا دی ہیں۔ جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئی کرپشن یونٹ نے پاکستان ٹیم کے الرٹ جاری کردیا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ موجود ایک عہدے دار نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرطر پر بنایا کہ آپ کی انفارمیشن کے بعد کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے۔ کہ وہ تنہائی میں کسی سوشل سائیٹ پر آن لائن نہیں ہوں گے۔ گھر والوں سے بات چیف کے اوقات بھی طے کردئیے ہیں۔ اس کے علاوہ موبائل فون استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

یوم استحصال کشمیر: اقوام متحدہ میں پاکستان سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، عارف علوی

اسلام آباد : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، اقوام متحدہ میںپاکستان سے کیا گیا کوئی وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر شاہراہ دستور پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا احتجاج کرنے مقصد یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا دنیا کو بھی احساس ہو۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن میں ہرچیز کی بندش ہے، مقبوضہ کشمیر کےعوام کو جبری لاک ڈاؤن سے4ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ہم نے مودی سرکار کے فسطائیت پر مبنی ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے مودی سرکار کے فسطائیت پر مبنی ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری آج بھارتی غاضبانہ قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال منا رہے ہیں۔

یوم استحصال کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم  بے نقاب اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

یوم استحصال پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے اور وہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری گزشتہ برس پانچ اگست سے بھارت کے ظالمانہ اقدام کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کا سلسلہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ تمام کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے، کئی برس بعد موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھایا اور مودی سرکار کے فسطائیت پر مبنی ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا۔

دنیا بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے آج یوم استحصال منایا جا رہا ہے

(ویب ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس 5 اگست کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنے ساتھ غیر قانونی طریقے سے ضم کر لیا تھا، ساتھ ہی جموں اور لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی جس کے بعد سے وادی بھر میں سخت کرفیو اور لاک ڈاو¿ن ہے۔اقوام متحدہ اپنی قراردادوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیری ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔آج 5 اگست کو بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ‘یوم استحصال’ منایا جا رہا ہے۔کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حکومت اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی متحد ہیں۔یوم استحصال کے موقع پرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے اور وہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ’جا چھوڑ دے میری وادی‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں نامور اداکار، گلوکار، کھلاڑی اور صحافی شامل ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ لاہور پہنچ گئے، کور ہیڈکوارٹر کا دورہ

لاہور ویب ڈیسک  : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لاہورکورہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ، جہاں انھوں نے حاضر سروس اور ریٹائرڈفوجی افسران سے ملاقات کی، جنرل (ر)راحیل شریف بھی ملاقات میں شریک تھے۔

پاک فوج کا شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ لاہورپہنچ گئے، جہاں انھوں نے کورہیڈکوارٹرمیں حاضر سروس اور ریٹائرڈفوجی افسران سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف نے پیشہ ورانہ امور، سیکیورٹی صورتحال پر اظہارخیال کیا اور امن کیلئےکوششوں،درپیش چیلنجزپربھی روشنی ڈالی۔

ترجمان کے مطابق شرکا نے آرمی چیف کومختلف پہلوؤں پرتجاویزدیں، جنرل (ر)جہانگیرکرامت،جنرل (ر)احسن سلیم ، جنرل (ر)طارق مجید،جنرل (ر)راشد محمود،جنرل (ر)راحیل شریف ملاقات میں شریک تھے

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کیلئے نئے حکم نامے پر دستخط کر دیے

نیویارک(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی اداروں میں غیر ملکی ملازمین پر امریکی شہریوں کو ترجیح دینے کے ایک حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔

اس ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق، وفاقی اداروں کو پابند کیا جا سکے گا کہ وہ غیر منصفانہ طریقے سے امریکیوں کو ملازمتوں سے ہٹا کر کم تنخواہوں والے غیر ملکی ملازمین کو نہیں رکھ سکیں گے۔ اس حکم نامے کا اطلاق تمام وفاقی اداروں پر ہو گا اور وہ اپنا انٹرنل آڈٹ مکمل کرنے کے بھی پابند ہوں گے، تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ وہ نمایاں عہدوں پر امریکی شہریوں کو ملازمت دے رہے ہیں یا نہیں۔

وفاقی کابینہ کا تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو یوم استحصال کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور اس دوران ارکان کا کہنا تھا کہ بھارت نےغیرقانونی طور پر کشمیرکی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی لہٰذا کشمیر میں بھارتی مظالم کا عالمی برداری کو نوٹس لینا چاہیے۔

کابینہ ارکان نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

کابینہ کو کورونا کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر کابینہ نے ملک میں کورونا کیسز کم ہونے پراطمینان کا اظہارکیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سیما کامل کی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تقرری اورپاکستان کے سرکاری نقشے کی تیاری اوراجراء کی بھی منظوری دی۔

ذرائع نے بتایا کہ کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کی تنظیم نو اور پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر سروسز کے چیئرمین کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔

پی آئی اےکا طیارہ حادثےکے لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان

کراچی ویب ڈیسک : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) نے طیارہ حادثےکے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی مسافر ادائیگی کا اعلان کر دیا۔

سی ای او ائیر مارشل ارشدملک کے انشورنس کمپنی کےساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے مطابق طیارہ حادثےکے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی مسافر دیے جائیں گے۔

اس سےقبل لواحقین کو50لاکھ ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ائیرایکٹ کےمطابق تھے ۔

انشورنس رقم میں اضافہ سی ای اوپی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ وزیرہوابازی غلام سرورکی جانب سےسی ای اوپی آئی اےکوخصوصی ہدایات دی گئی تھیں۔

اب تمام مسافروں کےقانونی ورثا کو ایک کروڑ فی مسافر انشورنس کی مد میں اداکئےجائیں گے۔اس سےقبل پی آئی اے 10لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کیلئے اداکرچکی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بڑھائی گئی انشورنس کی رقم پہلےسے اداکی گئی رقم کےعلاوہ ہے، پی آئی اے نےکام مکمل کرلیا ہے قانونی ورثا کےجانشینی سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، اس سلسلےمیں مسافروں کےورثا کوخطوط ارسال کئےجارہے ہیں۔

ٹک ٹاک کو کسی امریکی فرم کو نہ بیچا گیا تو اسے بند کردیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ویب ڈیسک :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں جلد ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد بار ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا عندیہ دے چکی ہے لیکن اب اس پر عملی اقدام اٹھایا جاسکتا ہے۔

امریکی صدر نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں ٹک ٹاک پر جلد پابندی لگا رہے ہیں جس سے متعلق حکمت عملی بھی تیار کی جاچکی ہے، رواں ہفتے اہم معاہدے پر دستخط بھی کروں گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم حالات سے متعلق دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، البتہ امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے بہت سارے متبادل ایپس تلاش کر رہے ہیں جس سے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 65 سے 80 ملین ہے۔

یاد رہے کہ 7 جولائی کو امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکا ٹک ٹاک سمیت دیگر چینی سوشل ایپلیکیشنز پر پابندی عائد کرنے سے متعلق غور کررہا ہے۔ جبکہ 30 جون کو بھارت نے چین کے ساتھ لداخ کے مقام پر ہونے والی جھڑپ کے بعد ٹک ٹاک سمیت 59 ایپلیکشنز پر پابندی عائد کرچکا ہے۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا 15 اگست سے اسکولز کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک : آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن اور کراچی پرائیوٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نے 15 اگست سے نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا علان کردیا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایکشن کمیٹی کے رہنما پرویز ہارون نے بتایا کہ 31 نکاتی ضابطہ کاربھی جاری کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے نجی تعلیمی اداروں کی خبر گیری نہیں کی اور کئی اسکول مالکان نے محنت مزدوری کرنا شروع کردی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک سروے کے مطابق 74 فیصد والدین بچوں کو اسکول بھیجنا چاہتے ہیں۔

پرویز ہارون کا کہنا تھا کہ  کچھ یونین کونسلز میں صورتحال بہتر نہیں ہےتو وہاں اسکولز  نہیں کھلیں گے۔

اس کے علاوہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے بھی کہا ہے کہ آن لائن تعلیم اور تعلیم گھر ٹی وی فلاپ ڈرامے ہیں، حکومت 15 اگست سے اسکول کھولنے کا اعلان کرے ورنہ ہم خود اسکول کھول دیں گے۔

فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا کہ اسکولز کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے لیگل سیل بھی قائم کردیا ہے، رکاوٹوں کی صورت میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بورڈ امتحانات منسوخ ہونے پر 45 لاکھ طلبہ سے وصول کیے گئے 25 ارب روپے بھی واپس کیے جائيں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں تاہم گزشتہ دنوں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے اپنا سیاسی آفیشل نقشہ جاری کر دیا

اسلام آباد ویب ڈیسک : حکومت پاکستان نے اپنا سیاسی آفیشل نقشہ جاری کر دیا جس میں مقبوضہ کشمیر کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنا سیاسی آفیشل نقشہ جاری کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر کو نقشے میں پاکستان کا حصہ ظاہر کر دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے نقشے کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائےگا۔

کابینہ اجلاس میں پاکستان کے نئے نقشے کی منظوری دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران شرکا کو نئے نقشے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک دن یہی پاکستان کا مستقل نقشہ ہوگا،کشمیر پاکستان کا ہے اور پاکستان کا رہےگا۔

نئے نقشے میں لداخ کو بھی پاکستان کا حصہ بتایا گیا ہے۔نئے سیاسی آفیشل نقشے کی تمام سیاسی جماعتیں منظوری دے چکی ہیں۔نقشے میں لائن آف کنٹرول کو محض فوجی لائن قرار دیاگیا ہے۔نئے نقشے کے مطابق سابقہ فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ اور یہی باؤنڈری اب انٹرنیشنل بارڈر ہوگا۔

پاکستان کےنئے سیاسی نقشے پر چین کو اعتماد میں لیاگیا ہے۔سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدکے بعدحتمی نقشہ سامنے آئے گا۔

’وزیراعظم رواں سال موٹر وے فیز ٹو کا افتتاح کریں گے‘

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں وزیراعظم عمران خان اسی سال موٹر وے فیز ٹو کا افتتاح کریں گے، سوات میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں کے پی کے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مینگورہ کو پانی فراہمی کے لیے 8ارب کامنصوبہ دسمب رمیں شروع کررہے ہیں، جبکہ وزیراعظم اسی سال موٹروے فیزٹو کا بھی افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد جاری ہے، سیاحت کو جلد کھولا جائے گا، 24 ارب روپے کرونا کی روک تھام کے لیے مختص کیے ہیں، نجی تعلیمی ادارے 15ستمبر تک کھول دیے جائیں گے۔

ادھر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بی آر ٹی منصوبے سے متعلق پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بی آر ٹی منصوبہ کے سفری کارڈ کا اجرا آج سے کیا جائے گا، مجموعی طور پر ایک لاکھ سفری کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔

تمام 31 اسٹیشنز میں مرحلہ وار یہ سفری کارڈزتقسیم کیے جائیں گے۔ عوام کو فی الوقت یہ کارڈ 100 روپے میں دستیاب ہوگا۔ مذکورہ کارڈز کے ذریعے مسافر ٹرین کی بہترین سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔