معروف براڈ کاسٹر اور کالم نگار نور اظہر جعفری انتقال کرگئے

(ویب ڈسک )معروف براڈ کاسٹر اور کالم نگار نور اظہر جعفری طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔معروف براڈ کاسٹر اور کالم نگار نور اظہر جعفری نے ریڈیو حیدرآباد کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، متعدد ڈرامے لکھے، صداکاری کی، اناﺅنسر رہے،گیتوں بھری کہانی لکھی، ریڈیو ڈراموں کے بہترین پروڈیوسر رہے، ڈپٹی کنٹرولر حیدرآباد ریڈیو اسٹیشن کے عہدے سے ریٹائر ہوئے، کافی عرصے تک روزنامہ ایکسپریس کراچی میں کالم لکھتے رہے

رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور

(ویب ڈسک )لاہور: ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی۔جسٹس مظاہر علی نقوی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیسز میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ کیس کی مزید سماعت 18 فروری کو ہوگی۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ حمزہ شہباز لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر ملز کیس زیر سماعت ہیں

پاکستان پر حملہ مودی کی آخری غلطی ہوگی، وزیر اعظم

(ویب ڈسک )وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر حملہ مودی کی آخری غلطی ہوگی اور پاکستان کا بچہ بچہ لڑے گا۔میرپور آزاد کشمیر میں یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ صبر کی صفت پسند ہے۔ 5اگست کے بعد 80 لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں، کشمیریوں کے لیے بڑا اچھا وقت آنے والا ہے، اللہ تعالیٰ ہر مشکل کے بعد آسانی دیتا ہے.وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، پاکستان کے سربراہ بھی کشمیر کا نام نہیں لیتے تھے، اسلامی ممالک بھی کشمیر کی بات نہیں کرتے تھے لیکن 5 اگست کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، امریکا اور برطانیہ میں کشمیر کا ایشو اٹھایا گیا، دنیا آج کشمیر کے لوگوں کے حالات جان گئی ہے، یورپی یونین کے 600 ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ 6 ماہ میں 3 مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کا ذکر ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پوری کوشش کررہا ہے کہ خطے میں امن ہو، مودی نے ساری انتخابی مہم میں انتہا پسند بیانات دیئے، جب بھی کوئی لیڈر نفرت کی بنیاد پر ووٹ لیتا ہے تو بڑی تباہی ہوتی ہے، نریندرا مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا، اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں انسانوں کی عقل پر پردہ ڈال دیتا ہوں، مودی نے 5 اگست کو تکبر میں قدم اٹھایا اور سنگین غلطی کی۔ مودی نے بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کردیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔ ہم نے بھارتی طیارہ مار گرایا اور بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ پکڑ کرواپس کردیا تو مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کردیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جس دن کرفیو اٹھے گا مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کا سمندر نکلے گا اور ایک ہی آواز آئے گی اور وہ آواز آزادی کی ہوگی، جس کے بعد مودی کے پاس کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ مودی نے بیان دیا ہے کہ میں 11 دن میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے اس نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، اس کی ڈگری جعلی تھی۔ مودی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان پر حملہ کرکے بھارتی عوام کی توجہ ہٹا دے گا، بھارت نے جس دن حملے کی غلطی کی تو پاکستان کا بچہ بچہ آخری سانس تک لڑے گا، ہم مقابلہ کریں گے اور کرکے دکھائیں گے، پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف وہ جنگ جیتی ہے جو دنیا کی بڑی بڑی فوجیں نہیں جیت سکیں۔

عمران اشرف کا کم عمر شادی شدہ جوڑے پر تنقید کرنے والوں کو جواب

(ویب ڈسک )اداکار عمران اشر ف سو شل میڈیا پر وائرل ہونے والے شادی شدہ جوڑے اسد اورنمرہ کی عمر پر اعتراض کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نکاح کیا ہے مبارکباد دیں تنقید نہ کریں۔سوشل میڈیا پر گزشتہ دو دنوں سے ایک نوجوان جوڑے اسد اور نمرہ کی شادی کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔ دونوں نے اپنی زندگی کا اہم فیصلہ لیتے ہوئے 18 سال کی عمر میں شادی کی۔ تاہم سوشل میڈیا پر دونوں کی 18 سال کی عمر میں شادی کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے اورلوگ کہہ رہے ہیں کہ اس عمر میں انہیں شادی کے جھنجھٹ میں پڑنے کے بجائے اپنے کیریئر اورتعلیم پر توجہ دینی چاہیے تھی۔بہت سے لوگ ان دونوں کے دفاع میں بھی سامنے آئے اوران کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے ساتھ گھومنے پھرنے اور وقت گزارنے کے بجائے نکاح کرکے بالکل صحیح قدم اٹھایا ہے۔ ان دونوں کی حمایت کرنے والوں میں اداکار عمران اشرف بھی شامل ہیں۔عمران اشرف کی ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ دونوں کی حمایت کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں یعنی کہ اب کسی کی شادی کے فیصلے کو بھی ہم درست یا غلط ثابت کریں گے۔ ہم تو لوگوں کے گھروں میں گھسنے لگے ہیں۔ انٹرنیٹ کو ایسی عدالت بنادیا ہے جہاں ہر کوئی اپنی مایوسی اور فرسٹریشن کے مطابق سزا لکھ دیتا ہے۔انہوں نے مزید لکھا ان دونوں نے نکاح کیا ہے بھائی مبارکباد دو دعا دو کہ اللہ ان کی زندگی کو خوشیوں سے بھردے۔ واضح رہے کہ اسد اور نمرہ شادی کے بعد اپنی تعلیم کا سلسلہ آگے بڑھائیں گے۔

کشمیر پر سب سے زیادہ جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے،ضیا شاہد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف سینئر صحافی ضیا شاہد نے کہا ہے کہ برصغیر کی تقسیم کا جب فیصلہ ہوا تھا تو یہ طے ہوا تھا کہ جس علاقے میں مسلمانوں کی کثریت ہو گی وہاں مسلمانو ںکا صوبہ بنے گا اور جہاں ہندوﺅں کی اکثریت ہو گی وہاں ہندوﺅں کے صوبے بنیں گے۔ کشمیر کی پوزیشن یہ تھی کہ کشمیر کا جو مہاراجہ تھا ڈوگرہ وہ ہندو تھا جو کشمیر کی 80 فیصد آبادی تھی وہ مسلمان تھی لہٰذا جس اصول پر برصغیر کی تقسیم ہوئی اس لحاظ سے کشمیر مسلمانوں کے علاقے میں آتا تھا۔ بنیادی طور پر اس پر قبضہ کر لی اپنی فوج بھیج کرانڈیا نے تو پھر پاکستان کی فوج نے اس وقت لڑنے سے انکار کر دیا تھا اس وقت انگریز کمانڈ ان چیف تھا اس نے کہا تھا کہ ہم جنگ کے لئے تیار نہیں ہیں اس لئے مجاہدین کے لشکر گئے تھے جنہوں نے آزاد کشمییر آزاد کروایا جنہوں نے گلگت بلتستان آزاد کروایا اور جو سری نگر کے اطراف تک جا پہنچے تھے۔ اس پر جو پنڈت نہرو جو انڈیا کا وزیراعظم تھا انہوں نے سلامتی کونسل میں پنڈت نہرو یہ مسئلہ لے کر گئے تھے کہ روکیں ان مجاہدین کے لشکروں کو جو کہ سری نگر تک آ پہنچے ہیں چنانچہ اس لحاظ سے میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کا یہ کلیم بنتا ہے اور مسلمانوں کا حق بنتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی مسلمانوں کی اکثریت ہے 80 فیصد آبادی وہاں مسلمانوں کی ہے۔ دن منانے سے ایک مسئلہ زندہ رہتا ہے۔ آپ یہ دیکھیں کہ آج سے 4 سال پہلے کشمیر کی اتنی بات ہوتی تھی کبھی امریکہ کی کانگریس میں کشمیر کا ذکر ہوتا تھا۔ کیا برطانیہ کی اسمبلی میں ذکر ہوتا تھا۔ کیا یورپی یونین کی پارلیمنٹ میںکشمیر کا ذکر ہوتا تھا۔ اب جس طرح مسئلہ اجاگر ہو رہا ہے اس طرح پوری دنیا میں اس کا ذکر چھڑتا ہے اور منتخب ہاﺅسز میں یہ موضوع بحث آتا ہے۔ پوری دنیا میں اس وقت کشمیر کشمیر ہو رہی ہے۔ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی مذمت ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ان دس سالوں میں وہ کسی منتخب ادارے میں کشمیر کی بات سنائی دی۔ جس رفتار سے کشمیر کا مسئلہ پھیل رہا ہے۔ قیام پاکستان سے اب تک کیا دنیا کے محتلف ممالک میں منتخب اسمبلیوں میں کشمیر کی بازگشت سنائی دی۔ ایک سال میں عمران خان کی حکومت نے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں کشمیری قوم تسلیم کرتی ہے۔ دنیا تو ایک طرف رہ گئی خود پاکستان کے اندر ایک بحث شروع ہو گئی ہے آج عمران خان صاحب جو تقریر کرنے گئے تھے وہاں فاروق حیدر جو وزیراعظم ہیں آزاد کشمیر کے انہوں نے یہ تجویز پییش کی کہ آپس میں سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کرنی چاہئے اور ایک دوسرے کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئے اس پر عمران خان صاحب نے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جن لوگوں نے اس ملک کو لوٹا ہے اور جنہوں نے ملک سے جو منی لانڈرنگ سے جوپیسہ باہر لے گئے ہیں ان سے کیسے کمپرومائز کر سکتا ہوں چنانچہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج پہلی مرتبہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک نئی تجویز پیش کی تھی جس کو عمران خان نے مسترد کر دیا گیا۔ یہ عمران خان کی نہیں بلکہ یہ تحریک انصاف کی پالیسی ہے مسلمان ممالک اپنے اپنے طور پر جکڑے ہوئے بڑی طاقتوں کے شکنجے میں اور سارے مسلم ممالک کسی نہ کسی طرح کسی نہ کسی شکل میں کسی بڑی طاقت کے ساتھ حاشیہ نشین کے طور پر ملے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب میں امریکہ کی فوج بھی وہاں موجود ہے اور وہ ساتھ ہی ساتھ وہ یہ کس طرح سے ممکن ہو سکتا ہے کہ سعودی عرب امریکہ کی بات نہ مانے۔ امریکہ کی ثالثی کا مطلب ہے کہ ہم جوبات درست ہو گی مانیں گے یہ تو کہیں نہیں لکھا کہ وہ ہم پر وہ بات مان لیں گے جو امریکہ کہے گا۔ پاکستان کے پاس اس کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے کہ دنیا بھر میں اس مسئلہ کو اجاگرکرتا رہے اور اسے دنیا میں ہر فورم پر پھیلائے۔ اب تو شیخ عبداللہ اور ان کے بیٹے فاروق عبداللہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ یعنی ہندو اور مسلمان الگ قومیں ہیں اور یہ ایک ساتھ نہیں رہ سکتے وہ اب اس کو تسلیم کرنے پر آ گئے ہیں، پاکستان کے آزادی کشمیر کی کوششوں کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا بلکہ یہ ضرور ہے کہ بہت برسوں تک مسئلہ کشمیر کو ڈیڈ ہاﺅس سمجھا جاتا تھا۔ یہ پرانا مسئلہ ہے جو مسئلے کی حد تک تھا لیکن کبھی کسی نے اس طریقے سے اقوام متحدہ یا سلامتی کونسل میں سامنے لانے کی کوشش نہیں کی۔ اس طرح سے دنیا بھر کی اسمبلیوں میں اس پر بحث نہیں ہوئی۔ اس طرح سے کھل کر رائے زنی نہیں کی یہ ایک مثبت اقدام ہے کہ جو سامنے آیا ہے۔ ابپاکستان کو اس مسئلہ پر عالم اسلام کو متحد کرنے کی کوشش کرے۔ جن ممالک میں کشمیر پر بے اعتنائی پائی جاتی ہے ان ممالک کو بھی اس طرف لانا چاہئے کہ اس وقت پاکستان جارحانہ پالیسی اختیار کیسے ہوئی ہے معلوم نہیں راجہ فاروق حیدر کو کس طرح خیال آیا کہ پاکستان جارحانہ پالیسی اختیار نہیں کر رہا۔ وزیراعظم کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جو تقریر کی گئی وہ از خود بڑا جارحانہ اقدام تھا۔ یورپی پارلیمنٹ میں پاکستانی ہائی کمشن کی طرف سے کشمیر کی بات کی گئی وہااں یہ مسئلہ گونجتا دکھائی دیا۔ یہ مثبت قدم ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے اس سلسلے میں آپس کے احتلافات ختم کر کے کشمیر کے مسئلے پر کم از کم ایک ہی پالیسی کی ابتدا کی ہے اچھی بات ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر بھی جماعتیں کم از کم متفق ہیں۔

مودی نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کی تیاری شروع کر دی

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے لیے تیاریاں کردیں۔مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ٹرسٹ تشکیل دینے کا اعلان کیا۔مودی نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں ٹرسٹ کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور کابینہ رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں ایک جامع پلان بناچکی ہے۔بھارتی وزیراعظم نے لوک سبھا میں رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے ٹرسٹ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کو شری رام جنم بھومی تیرتھا کشیرتا کا نام دیا گیا ہے جو مندر کی تعمیر کے معاملے اور اس سے متعلقہ مسائل پر آزادانہ فیصلے کرےگا۔بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی روشنی میں لیا گیا ہے۔مودی نے بتایا کہ اترپردیش کی حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین فراہم کرنے پر رضا مند ہے۔

کرونا وائرس ،مزید 65ہلاک ،تعداد 490ہو گئی ،مشتبہ چینی پمز منتقل

اسلام آباد‘ بیجنگ (نیٹ نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ے بچاﺅکےلئے مربوط اورموثراقدامات کویقینی بنایاجا رہاہے۔وفاقی سیکرٹری ہیلتھ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچا ﺅکے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ یاد رہے چین میں پھیلے خطرناک ترین کرونا وائرس سے اب تک چار سو نوے افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ چین سے باہر بھی دوہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے ایک کا تعلق فلپائن جبکہ دوسرے کا ہانگ کانگ سے ہے۔ان دونوں نے ووہان کا سفر کیاتھا۔حکام نے بتایا ہے کہ کل مزید 3ہزار887افرادمیں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کل تعداد24ہزار324 تک پہنچ گئی۔ کورونا وائرس کے شبے میں ایک چینی شہری کو پمز اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کر لیا گیا جب کہ بیماری کی تشخیص کے لیے سیمپلز قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بھجوا دیے گئے۔ذرائع کے مطابق چین سے آنے والے ایک مسافر بنژانگ کو کورونا وائرس کے شبے میں اسلام آباد ائیر پورٹ سے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ چینی باشندے کو گزشتہ ایک دن سے ہلکی کھانسی اور بخار کی شکایت ہے، چینی مریض کا تھروٹ سوائب ٹیسٹ کےلیے این آئی ایچ بھجوا دیا گیا، چینی باشندے کو کم از کم 12 گھنٹوں تک اسپتال میں رکھا جائے گا۔ طبی ٹیسٹ کی رپورٹ کی روشنی میں مریض کو ڈسچارج کرنے یا زیر علاج رکھنے کا فیصلہ ہو گا۔ چین میں خطرناک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی حکام نے بتایاکہ کورونا وائرس کے باعث ہوبئی میں مزید 65 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد پراسرار مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 490 ہو گئی ہے۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 800 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 324 تک پہنچ گئی ہے۔

نواز شریف کا بیٹی کے بغیر علاج سے انکار،مریم کو انسانی بنیادوں پر اجازت دیں،شہباز شریف،پلی بارگین کر کے جائیں،فواد چودھری

لندن، لاہور (نمائندگان خبریں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے سابق وزیر اعظم وپارٹی قائد محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور میرے برادر بزرگ میاں محمد نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک اور غیرمستحکم ہے۔ ان کے علاج ئے ضروری عمل میں دو مرتبہ تبدیلی کرنا پڑی کیونکہ ان کی صاحبزادی مریم نوازشریف جو ایسے وقت میں اپنے والد کے پاس ہونا چاہتی ہیں، کو پاکستان سے آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیچیدہ نوعیت کی متعدد جان لیوا بیماریوں کے لاحق ہونے کی بناءپر میاں نوازشریف کی صحت کی صورتحال نازک ہے۔ عارضہ قلب کی تکلیف کی بناءپرانہیں پہلے بھی دومرتبہ اوپن ہارٹ سرجری سمیت متعدد قسم کے علاج کے عمل سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے عارضہ قلب کی موجودہ صورتحال کی تشخیص اور علاج کی حکمت عملی سے متعلق جامع عمل لندن کے رائل برومپٹن ہسپتال میں مرتب ہوئی۔ معالجین نے ان کے دل کی شریانوں اور خون کے بہاو میں رکاوٹوں، دل کے بڑے حصے اور اس کے کام کرنے کے عمل کے شدید متاثر ہونے کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے دارفانی سے کوچ کیا تو میاں نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ جیل میں قید تھے۔ اپنی شریک حیات کھودینے کے شدید غم نے ان کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے۔ اپنی زندگی کے اس مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کے لئے ڈھارس، عافیت وآسودگی، غم بانٹنے اور ان کی قوت کا باعث بنیں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ انہیں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ مریم نوازشریف کے میاں صاحب کے پاس نہ ہونے کی بناءپر ماہر امراض قلب کو دو بار ’کارڈیک کیتھیٹرائزیشن‘ کا طے شدہ عمل تبدیل کرنا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میاں نواز شریف کی صحت کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مریم نوازکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے والد کے پاس آنے کی اجازت دی جائے۔کیونکہ جتنا وقت گزررہا ہے اتنا ہی طبی عمل کے لئے گنجائش کم ہورہی ہے۔ میاں نوازشریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم پاکستان ہیں جن کی قومی معیشت اور دفاع کے لئے کاوشیں ناقابل فراموش اور مثالی ہیں۔ نیب عدالت کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ پاکستان واپس آگئے اور فیصلے پر شدید تحفظات کے باوجود وہ جیل چلے گئے اور ڈیڑھ سال تک ٹرائل اور ایک سو سے زائد پیشیوں کا سامنا کیا۔ ان کے علاج معالجے کے حق کے احترام کی ضرورت ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے صاحبزادی مریم نواز کے لندن آنے تک علاج کرانے سے انکار کردیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ کارنری انٹروینیشن کا آپریشن نواز شریف کی خواہش کے مطابق موخر کردیا گیا ہے، نواز شریف کی خواہش تھی کہ ان کے آپریشن کے وقت مریم نواز ان کے ہمراہ ہوں، گزشتہ جمعرات کو کارنری انٹروینیشن کا آپریشن ہونا تھا۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے مطابق روبیڈیم کارڈیک پیٹ اسکین کی رپورٹ میں نواز شریف کو دل کی شدید بیماریوں کی نشاندہی ہوئی تھی جب کہ بند شریانوں کی بندش ختم کرنے کے لیے ان کی کارڈیک کیتھیٹائزیشن کی جانی تھی۔

5اگست کا اقدام مودی کی بڑی غلطی مغرب کو آر ایس ایس کا دہشتگرد ،نظریہ سمجھایا،بھارت ٹکڑے ،کشمیر آزاد ہوگا،عمران خان

مظفرآباد، اسلام آباد ، لاہور ،کراچی ، کوئٹہ (نمائندگان خبریں) مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف لک بھر میں یوم یک جہتی کشمیر منایا گیا، کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی منایا گیا ، ملک بھر میں دن کاآغاز مساجد میں کشمیریوں کیلئے دعاﺅں سے کیا گیا ،اظہاریکجہتی ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات منعقد کی گئیں ، اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں بھی ریلیاں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ کوہالہ پل پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔راولپنڈی ہولاڑپل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اراکین اسمبلی، اے سی کہوٹہ، سماجی کارکنان اور اسکول کے بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا ، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے ، مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا ۔لاہورمیں بھی دن بھر مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،دن کا آغاز مساجد میں کشمیریوں کیلئے دعاﺅں سے کیا گیا ۔ جنرل ہسپتا ل میں یوم کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی ۔لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بلڈ ان دی ویلی کے عنوان سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا ۔کراچی میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گورنر اور وزیراعلی سندھ کی قیادت میں کراچی میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں موجود طلبا اور اساتذہ نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، مودی نے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا، قائداعظم کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا، پوری دنیا سے اپیل کرتے ہیں بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے، مودی کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ کیا جائے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، وزیراعظم نے پوری دنیا میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا، متنازعہ شہریت بل سے بھارت مزید ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا، پاکستان دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ موثر اندازمیں اٹھا رہا ، بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان۔نعرہ تکبیر اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونج رہی ہے۔ مظاہرین نے مودی کے پتلے اور تصاویر بھی نذر آتش کیں۔ شرکا نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ دن پوری قوم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کےلئے ہم آواز ہے ، مختلف تقاریب میں قابض سیکیورٹی فورسز کا چہرہ بے نقاب کیا گیا اور کشمیری ماﺅں، بہنوں اور بھائیوں کو سلام پیش کیا گیا ،پاکستان اور اذزاد کشمیر کو ملانے والے پ±لوں پر کچھ دیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یک جہتی کا اظہار کیا گیا ،خیبر پختون خواہ کو مظفرآباد سے ملانے والے مقام برار کوٹ پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز کشمیریوں کے لیے کوئی کردار ادا نہ کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔کوالالمپور میں ملائیشین تھنک ٹینک سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ہم مسلم ممالک تو کشمیر پر او آئی سی کا ایک سربراہ اجلاس تک نہیں بلا سکے۔

میرے پاس تم ہو میں ’دانش‘ پراعتراض تھا، عائزہ خان

(ویب ڈسک )اداکارہ عائزہ خان کا کہنا ہے کہ انہیں ابتدا میں ڈراما سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید کے ڈرامے میں نام ”دانش“ پراعتراض تھا۔پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ”میرے پاس تم ہو“میں اداکارہ عائزہ خان نے”مہوش“ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ ان کے مقابل ہمایوں سعید نے ان کے شوہر ”دانش“ کا کردار نبھایا تھا۔ اتفاق سے عائزہ خان کے شوہر کا نام بھی حقیقت میں ”دانش“ ہی ہے۔ڈرامے اور حقیقت میں عائزہ خان کے شوہر”دانش“ کے نام کو لے سوشل میڈیا پر مزاحیہ پوسٹس بھی وائرل ہوئیں جب کہ ایک انٹرویو کے دوران جب عائزہ سے اس اتفاق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابتدا میں انہیں ڈرامے میں ”دانش“ کے نام پر اعتراض تھا کیونکہ یہ ان کے شوہر کا نام بھی ہے لہذا انہوں نے کہا کہ دانش ہی کیوں؟ جس پر انہیں کہا گیا کہ ڈرامے میں مہوش اوردانش کی خوبصورت کہانی گئی ہے عائزہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامے میں ہمایوں سعید کے نام ”دانش“ کی وجہ سے انہیں تھوڑی مشکل بھی پیش آئی کیونکہ وہ اپنے شوہر کو ہمیشہ ”آپ“ کہہ کر بلاتی ہیں جب کہ ڈرامے میں انہیں ہمایوں سعید کو غصے سے ”تم“ کہہ کر بلانا پڑتا تھا

چین: پیدائش کے 30 گھنٹے بعد بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق

(ویب ڈسک )چینی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس متاثرہ حاملہ خاتون سے بچے کو پیدائش سے قبل بھی منتقل ہوسکتا ہے اور 2 فروری کو پیدا ہونے والے بچے میں 30 گھنٹے بعد وائرس مثبت آیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے (سی سی ٹی وی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووہان چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ متاثرہ ماہ سے یہ وائرس بچے کو پیدائش سے قبل منتقل ہو سکتا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے ہاں 2 فروری کو بچے کی پیدائش ہوئی اور نومولود کا 30 گھنٹے بعد ہی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔کورونا وائرس سے ووہان شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور اس کو مرکز بھی قرار دیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس بعد ازان چین سے باہر بھی پھیل گیا اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی ہے۔کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 24 ہزار 324 سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ووہان چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں نے نومولود کے حوالے سے کہا کہ ان کی حالت ٹھیک ہے، بخار اور کھانسی کے اثرات بھی نہیں ہیں لیکن سانس لینے میں دشواری ہے اور سینے کے ایکسرے میں انفیکشن دیکھا گیا ہے، اس کے علاوہ جگر میں مسئلہ ہے۔ہسپتال کے چیف فزیشن ڈاکٹر زینگ لنکونگ کا کہنا تھا کہ ‘یہ کیس ہمیں ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی کے حوالے سے مکمل توجہ دلا رہا ہے جو وائرس کی منتقلی کا ممکنہ راستہ ہے’۔ووہان چلڈرن ہسپتال سے جاری رپورٹ کے مطابق نومولود میں وائرس کی موجودگی کا دوسرا کیس بھی سامنے آگیا ہے تاہم یہ بچہ 13 جنوری کو صحت مند پیدا ہوا تھا اور چند دنوں بعد اس کی آیا اور ماں میں کورونا وائرس تشخیص ہوا تھا۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچے میں وائرس کی علامات 29 جنوری کو ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں۔ڈاکٹر زینگ لنکونگ نے کہا کہ ‘ہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کیا یہ وائرس آیا سے بچے کی ماں اور پھر نومولود تک پہنچا لیکن ہم یہ تصدیق کرسکتے ہیں کہ بچہ وائرس سے متاثرہ افراد سے جڑا ہوا تھا جس کا مطلب ہے کہ نومولود بھی متاثر ہوسکتے ہیں’۔متاثرہ نومولود کی صحت کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب تک سامنے آنے والے بچوں میں سے کسی کی بھی حالت خطرے میں نہیں ہے۔خیال رہے کہ چین میں گزشتہ برس کے اواخر میں پھیلنے والے وائرس سے اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور تازہ رپورٹس کے مطابق چین میں مزید 65 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد تعداد 490 تک پہنچ گئی ہے۔دیگر کئی ممالک سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جو چین سے نہیں تھے جس کی وجہ سے عالمی تشویش میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 3 ہزار 7 سو 11 افراد کو لے جانے والے بحری جہاز پر 10 لوگوں میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہیں جاپان کے ساحل پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔گزشتہ روز ہانگ کانگ میں ایک سابق مسافر میں بھی وائرس کی تصدیق کے بعد جاپانی حکام نے بحری جہاز میں سوار تمام افراد کے ٹیسٹ کا آغاز کردیا تھا۔

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے حکومت اور اپوزیشن ہم آواز

(ویب ڈسک )ملک بھر میں (آج) یومِ یکجہتی کشمیر کے طور پر بھرپور جوش و جذبے اور اس امید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ ایک دن کشمیروں کو ان کا حق خودارادیت ضرور ملے گا۔اس سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہے، مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور متعدد تقاریب منعقد کی گئیں جس میں کشمیروں کے ساتھ روا رکھے گئے ظلم اور جبر کی مذمت اور مسئلہ کشمیر، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس بھارت کے کشمیر کو وفاقی اکائی بنانے کے یکطرفہ اقدام کے بعد یہ پہلا یومِ یکجہتی کشمیر ہے جسے حکومت نے بھرپور طریقے سے منانے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کا عزم کیا تھا۔اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان، صدر مملکت، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی وزرائے اعلیٰ اور صوبوں کے گورنرز کے علاوہ وفاقی وزرا نے اپنے پیغامات کشمیریوں کے نام کیے۔

کشمیر کے معاملے پر انسانی حقوق کے چیمپئن چپ بیٹھے ہیں: شہریار

(ویب ڈسک )وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہناہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے چیمپئن چپ سادھے بیٹھے ہوئے ہیں۔راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں بات ہوئی لیکن وہ خاموش ہے، مودی کے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو دنیا کی توجہ نہیں ملی، آج دنیا کی آدھی سے زائد آبادی ہمارے خطے میں رہتی ہے، آج کا دور ایٹمی جنگ کا ہے، جس کے چھڑنے پر14روز میں دنیا ختم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے چیمپئن چپ سادھے بیٹھے ہوئے ہیں، کشمیر کے نہتے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی ضرورت ہے، بھارتی اداکار بھی آج بات کرتے ہیں کہ جناح درست بات کرتے تھے۔وزیر مملکت کاکہنا تھا کہ عمران خان نے آر ایس ایس اور مودی کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا،مودی کی پالیسیاں ہی بھارت کی دشمن ہے ان کو دیگر دشمنوں کی ضرورت نہیں، بھارت میں مسلمانوں کو ان کا حق ملے گا اور کشمیر کو حقیقت بنایا جائے گا۔