خارقمر میں پاک فوج پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل، میجر اور دو اہلکار شہید

کوئٹہ(ویب ڈیسک) شمالی وزیر ستان کے علاقے خارقمر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں لیفٹیننٹ کرنل، میجر اور دو اہلکار شہید جب کہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خار قمر میں فورسز کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہے جہاں دہشت گردوں نے فوجی گاڑی کو سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے باعث پاک فوج کے تین افسر اور ایک جوان شہید جب کہ ،چار جوان زخمی ہوگئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداءمیں کریم آباد ہنزہ کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کراچی کے رہائشی میجر معیذ مقصود بیگ، لکی مروت سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عارف اللہ اور چکوال سے تعلق رکھنے والے لانس حوالدار ظہیر شہید شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ اسی علاقے سے چند دن قبل فورسز نے سرچ آپریشن کر کے چند سہولت کاروں کو پکڑا تھا اور پچھلے ایک ماہ میں فورسز کے 10 جوان شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔

شیر خورمہ پسند نہیں؟ تو عید پر کھجور کیک بنائیں

لاہور(ویب ڈیسک)ویسے تو عیدالفطر سویاں کے بغیر نامکمل لگتی ہے تاہم بہت سے لوگ سویاں کھانا پسند نہیں کرتے تو پھر وہ عید پر کچھ الگ بنانے کا ارادہ کرتے ہیں۔ایسے میں ہر بار وہی روایتی پکوان ذہن میں آنے ہیں تاہم ہر کسی کا دل کچھ نیا کرنے کا ضرور چاہتا ہے۔آپ نے پورے رمضان کھجور کا استعمال افطاری کے دوران تو کیا ہی لیکن اگر ہم آپ کو یہ کہیں کہ عید کے موقع پر بھی کھجور کا استعمال کرتے ہوئے کچھ میٹھا پکوان تیار کرلیں تو کیسا خیال ہے؟کھجور کا استعمال مسلمان ممالک سمیت غیر مسلم ممالک میں بھی ہوتا ہے، جب کہ مسلمان اسے سنت نبوی کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔اور یہاں ہم آپ کو کھجور کیک بنانا سکھائیں گے، یہ کیک تیار کرنا نہایت آسان ہے، جب کہ اس کے ذائقے کی کوئی مثال نہیں۔
اجزائ
کھجور – 400 گرام ( گٹھلیاں نکال لیں)
دودھ – 2 کپ
بیکنگ سوڈا – 2 کھانے کے چمچ
مکھن – 1/5 کپ
چینی – 2 کپ (یا حسب ذائقہ)
انڈے – 4 عدد
گندم کا ا?ٹا – 2 کھانے کے چمچ
ونیلا پاﺅڈر – 2 کھانے چمچ
پانی – 2 سے 3 کپ
ترکیب
کھجور کو دودھ اور پانی کے ساتھ ایک برتن میں ابالنے کے بعد 3 منٹ تک پکائیں۔پھر چولہا بند کردیں اور اس میں بیکنگ سوڈا ملالیں۔ایک اور برتن میں مکھن، چینی اور انڈوں کو مکس کرنے کے بعد چولہے پر پکائیں۔پھر مکھن، چینی اور انڈوں کے ساتھ آٹے اور ونیلا پاو¿ڈر کو بھی مکس کریں اور آنچ ہلکی کرکے کچھ دیر پکنے دیں۔آخر میں پکی ہوئی کجھور کے ساتھ تمام چیزوں کو مکس کرکے بیکنگ پین میں ڈال کر 35 سے 40 منٹ تک بیک کرلیں۔بیک ہونے کے بعد کیک کو ڈرائی فروٹس سے ڈیکوریٹ کریں اور ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

احد رضا میر اور سجل علی نے منگنی کرلی

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبول آن اسکرین جوڑی سجل علی اور احد رضا میر نے منگنی کرلی۔ڈرامہ ‘یقین کا سفر ‘ سے مداحوں کی پسندیدہ ترین جوڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے گلوکار و اداکار احد رضا میر نے اداکارہ سجل علی کے ساتھ منگنی کا اعلان فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹا گرام پر کیا۔احد رضا میر نے کہا کہ انہیں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ اپنے خاندانوں کی دعاﺅں کے ساتھ ہم باضابط طور پر منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔اداکار احد رضا میر نے کہا کہ وہ اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کررہے ہیں کہ وہ سجل علی کے ساتھ باضابطہ طور پر منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاص دن، ہمارے خاندان، دوستوں اور مداحوں کی دعاو¿ں اور محبت سے مزید خاص بن جائے گا۔بعدازاں سجل علی نے بھی انسٹاگرام پر منگنی کا اعلان کیا، انہوں نے اپنی اور احد رضا میر کی تصویر بھی شائع کی۔خیال رہے کہ اس جوڑی کے چرچے کافی عرصے سے ہیں جو پہلی بار ڈرامہ ‘یقین کا سفر’ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور آج کل ‘آنگن’ میں کام کررہے ہیں۔اداکاروں اور مداحوں نے اپنی پسندیدہ جوڑی کو منگنی پر مبارک باد دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ناول نگاری میں مقبولیت کے ساتھ ساتھ ہمسفر سمیت متعدد سپرہٹ ڈراموں کو تحریر کرنے والی فرحت اشتیاق نے یہ انکشاف خودذرائع سے بات کرتے ہوئے کیا تھا کہ سجل علی اور احد رضا میر ایک نئے ڈرامے میں دکھائی دیں گے۔ان کا کہنا تھا ‘سجل اور احد ایسے منفرد کرداروں میں نظر آئیں گے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیے’۔انہوں نے یکم جون کو بھی ایک ٹوئیٹ بتایا تھا کہ اس ڈرامے میں سجل علی اور احد رضا میر کے علاوہ عدنان صدیقی، میرا سیٹھی، مسرور پارس ہوں گے جبکہ یہ ایک رومانوی تھرلر ہوگا۔گزشتہ سال احد رضا میر نے اسکرین پر سجل علی کے ساتھ اپنی کیمسٹری اور جوڑی سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں حقیقی زندگی میں بھی سجل علی بہت پسند ہے۔انٹرویو کے دوران احد رضا میر نے نہ صرف سجل علی کی بہترین اداکارہ اور خوبصورت خاتون قرار دیا بلکہ ان کی تعریفوں کے لیے ان کے پاس الفاظ بھی کم پڑ گئے۔احد رضا میر کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی جوڑی کو ‘یقین کا سفر’ میں بہت سراہا گیا اور اس کا سبب یہ ہے کہ وہ دونوں ایک ہی طریقے سے کام کرتے اور چیزوں کو دیکھتے ہیں۔انہوں نے سجل علی کی خوبصورت خاتون اورذہین اداکارہ قرار دیتے ہوئے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں ان کے ساتھ کام کرنا اچھا لگتا ہے۔اداکار کے مطابق سجل علی بھی انہیں خوب جانتی ہے، جس وجہ سے ان دونوں کے درمیان اچھے روابط ہیں اور انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔

مچل اسٹارک نے ثقلین مشتاق کا 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

لندن(ویب ڈیسک)آسٹریلین فاسٹ باﺅلر مچل اسٹارک نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کا 21 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور جادوگر آف اسپنر ثقلین مشتاق نے 2 دہائیوں قبل بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے ون ڈے میچز میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جو انہوں نے 78 میچز میں بنایا تھا۔خیال رہے کہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے نہ صرف بہترین آف اسپنر سمجھے جاتے ہیں بلکہ صف اول کے باﺅلرز میں سے ایک ہیں۔انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیئریر کا 77واں میچ کھیلتے ہوئے مچل اسٹارک نے یہ سنگ میل عبور کیا۔مچل اسٹارک نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا اور اپنی 150 وکٹیں مکمل کیں جبکہ ٹیم کو 15 رنز سے فتح دلوائی۔یہاں یہ بات قابل غور ہے وقت کے اعتبار سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا اعزاز اب بھی سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کے ہی پاس ہے۔مچل اسٹارک نے اپنی 150 وکٹیں 8 سال اور 2 سو 29 دن میں مکمل کیں لیکن پاکستانی لیگ اسپنر کو یہ اعزاز حاصل کرنے میں صرف 2 سال اور ایک سو 9 دن لگے۔ثقلین مشتاق کی تیزی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے بعد دوسرے نمبر پر وقت کے اعتبار سے تیز ترین وکٹیں لینے کا ریکارڈ 4 سال میں بنا۔سابق آسٹریلین فاسٹ باﺅلر بریٹ لی نے 82 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا لیکن انہوں نے 4 سال 42 دن لگائے۔

آئی سی سی کا دھونی کے گلوز سے بھارتی فوج کا نشان ہٹانے کا مطالبہ

دبئی(ویب ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) سے مہندر سنگھ دھونی کے دستانوں سے بھارتی فوج کا نشان ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے اوپننگ میچ میں بھارت کے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر ‘بلیدان بیج’ دیکھا گیا تھا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے جنرل منیجر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشنز نے بتایا کہ بی سی سی آئی سے درخواست کی گئی ہے کہ دھونی کے گلوز سے اس نشان کو ہٹایا جائے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ‘بلیدان’ بھارت کی خصوصی فوج کا نشان ہے اور اسے صرف پیراملٹری کمانڈوز کو پہننے کی اجازت ہے۔رپورٹ کے مطابق دھونی جنہیں 2011 میں پیراشوٹ رجمنٹ میں لیفٹننٹ کرنل کا اعزازی عہدہ دیا گیا تھا، نے 2015 میں پیرا برگیڈ ٹریننگ بھی حاصل کر رکھی ہے۔قبل ازیں رواں سال مارچ کے مہینے میں بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے ہوم گراﺅنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں فوجی کیپ پہن کر آئی تھی۔ان کے اس اقدام پر پاکستان سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس وقت کے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کارروائی کرتے ہوئے کھیل کو سیاست کی نذر کرنے پر بھارت پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔تاہم آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو خاکی ٹوپی پہننے کی اجازت دی گئی تھی۔

پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا

برسٹل(ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ میں بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کا میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، میچ منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔کرکٹ ورلڈ کپ کا گیارہواں میچ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برسٹل کے گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔تیز بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم میدان میں پانی موجود ہے ، میدان سے پانی نکالنے کا عمل بھی جاری ہے، اگر بارش رک گئی اور میدان سوکھ گیا تو پاکستانی وقت کے مطابق 6:30 بجے تک میچ ممکن ہو گا، اس دوران پاکستان اور سری لنکا ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے کی ہدایت کی گئی اور بارش تھمنے کے بعد قومی ٹیم اسٹیڈیم پہنچ چکی ہے۔امپائرز نے ایک بار پھر میدان کا دورہ کرتے ہوئے پچ کا معائنہ کیا ہے جب کہ وکٹ سے تاحال کورز نہیں ہٹائے گئے۔اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ برسٹل میں اگلے 2 گھنٹے تک مسلسل بارش ہوگی تاہم بعد میں موسم بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے جب کہ رولز کے مطابق بارش کی وجہ سے میچ 20،20 اوورز تک محدود کیا جا سکتا ہے اور ٹی ٹونٹی میچ ممکن نہ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔دونوں ٹیموں نے اب تک ایونٹ میں دو، دو میچز کھیلے ہیں جس میں سے ایک ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، آخری میچ میں پاکستان نے ورلڈ کپ کی ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو شکست دی اور افغانستان کو سری لنکا کے ہاتھوں ہار کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔

وزیراعظم عمران خان، عامر خان کا باکسنگ میچ دیکھنے سعودی عرب جائیں گے؟

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سعودی عرب میں بھارتی حریف سے ہونے والا میچ دیکھنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو دعوت دے دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عامر خان کے تشہیری ٹوئٹر اکاﺅنٹ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بین الاقوامی باکسر اور ان کی اہلیہ کی تصویر شائع کی۔اس ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ برطانوی اور بھارتی باکسر نیرج گویت کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے عامر خان نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔تاہم وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے اس پیشکش اور اسے قبول کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے نہیں آئیں جس کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب جانے یا نہ جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ اس فائٹ کو برطانیہ کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے جیتیں گے۔عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر جاری تناﺅ کی وجہ سے ان کا بھارتی فائٹر کے ساتھ ہونے والا مقابلہ بہت دلچسپ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک پیشہ ور باکسر ہوں، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ، باکسنگ اور دیگر کھیلوں میں مقابلے ہونے چاہیئں۔بھارتی باکسر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نریندر مودی بھی یہ فائٹ دیکھنے کے لیے سعودی عرب پہنچیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی پاکستان اور بھارت کی لڑائی ہوگی۔خیال رہے کہ عامر خان اور نیرج گویت کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں 12 جولائی کو ہوگا۔

سرینا ولیمز سیلف میڈ ارب پتی بننے والی پہلی ایتھلیٹ

نیویارک(ویب ڈیسک)امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز یوں تو ٹینس کورٹ میں ہمیشہ اپنی حریف کھلاڑیوں کو مزے چکھاتی نظر آتی ہیں، تاہم اس بار انہوں نے ایک اور شعبے میں کئی خواتین کو پیچھے چھوڑ دیا۔سرینا ولیمز نے امریکا کی سیلف میڈ ارب پتی خواتین کی فہرست میں جگہ بناتے ہوئے پہلی ارب پتی ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرلیا۔امریکی شہرہ آفاق اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے امریکا کی ارب پتی سیلف میڈ خواتین کی جاری کردہ تازہ فہرست میں سرینا ولیمز بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔فوربز کے مطابق سرینا ولیمز امریکا کی وہ واحد ایتھلیٹ خاتون ہیں جو سیلف میڈ ارب پتی بنی ہیں۔فوربز گذشتہ کچھ عرصے سے ’سیلف میڈ ارب پتی‘ بننے والی شخصیات کی فہرست جاری کردہ ہے۔اس فہرست میں ان افراد کو شمار کیا جاتا ہے جو اپنی ذہانت اور اپنی محنت سے دولت کمانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔اس بار ادارے کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں سرینا ولیمز واحد ایتھلیٹ ہیں جو ارب پتی خواتین کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز کی مجموعی دولت 22 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 25 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز کی دولت میں زیادہ تر کمائی ان کے کھیل، میڈیا میں اشتہارات اور مختلف کاروبار میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے حاصل ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرینا ولیمز نے صحت، فیشن، ای کامرس اور کھانوں کی 34 کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے جب کہ وہ مزید نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں اپنا جیولری اور فیشن برانڈ بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔سرینا ولیمز نے جن کمپنیوں میں زیادہ تر سرمایہ کاری کر رکھی ہیں وہ یا تو خواتین چلاتی ہیں یا پھر وہ سیاہ فام افراد کے ماتحت چلتی ہیں۔فوربز نے کچھ دن قبل ہی ایک فہرست میں بتایا تھا کہ امریکی موسیقار، گلوکار اور ریپر جی زی دنیا کے پہلے ریپر ہیں جو ارب پتی بنے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جے زی کی دولت ایک ارب ڈالر تک ہے۔

چین سمندر سے خلا میں راکٹ بھیجنے والا تیسرا ملک بن گیا

بیجنگ (ویب ڈیسک)چین دنیا کے ان 3 ممالک میں شامل ہوگیا جو سمندر سے خلا میں راکٹ لانچ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن نے لونگ مارچ 11 راکٹس کو ایک بحری جہاز کے لانچ پیڈ سے خلا میں روانہ کرنے کا کامیاب تجربہ کیا۔یہ پہلا موقع تھا جب چین نے خلا میں راکٹ بھیجنے کے لیے سمندر میں موجود پلیٹ فارم کا سہارا لیا اور تجربے کے دوران 7 راکٹس کو خلا میں بھیجا گیا۔ان میں سے 5 راکٹ کمرشل بنیادوں کے لیے ڈیزائن کیے گئے تھے جبکہ 2 راکٹ میں تجرباتی پے لوڈ خلائی تحقیق بھیجے گئے۔اس کامیابی کے بعد امریکا اور روس کے بعد چین ایسا کرنے والا تیسری عالمی طاقت بن گیا ہے جو کہ سمندر سے خلا میں راکٹ لانچ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سمندر سے خلا میں راکٹ لانچ کرنے سے لاگت کم ہوتی ہے جبکہ تجربہ ناکام ہونے پر نقصان کا خدشہ بھی کم ہوجاتا ہے۔چین اس وقت واحد ملک ہے جس کے پاس سمندر سے خلا میں راکٹ لانچ کرنے کے لیے پلیٹ فارم موجود ہے اور لانچ ٹیکنالوجی مکمل طور پر اس کی اپنی ہے۔اس سے قبل امریکا اور وس کی جانب سے سمندر سے جو راکٹ خلا میں بھیجے گئے ان کے لیے پلیٹ فارمز مختلف ممالک کے تعاون سے تیار کیے گئے اور 2014 سے ان پر کام بند کردیا گیا۔چین کی جانب جو تجربہ کیا گیا وہ حکومت اور نجی انڈسٹری کے اشتراک سے ہوا کیونکہ جس جہاز سے راکٹ خلا میں بھیجا گیا وہ ایک شہری کارگو جہاز تھا جبکہ ایک چینی برانڈ نے اس تجربے کے لیے اسپانسر کیا تھا۔

پاکستانی لڑکے کی بھارتی لڑکی سے لازوال محبت کی کہانی ’کاف کنگنا‘

لاہور(ویب ڈیسک)اگرچہ تقسیم ہند کے موضوع پر متعدد پاکستانی ڈرامے اور کچھ فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں اور ان میں دونوں ممالک کے افراد میں محبت کو بھی دکھایا گیا ہے۔تاہم آنے والی تاریخی رومانٹک پاکستانی فلم ’کاف کنگنا‘ دیگر فلموں سے کچھ منفرد دکھائی دیتی ہے۔’کاف کنگنا‘ کے جاری کیے گئے ٹیزر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازا ہوتا ہے کہ فلم دیگر فلموں سے کچھ مختلف ہوگی۔ٹیزر میں فلم کی مرکزی کاسٹ کی جھلک کو دکھایا گیا ہے،تاہم کچھ اداکاروں کی جھلک کو دکھائے جانے کے باوجود ان کے کرداروں کو سمجھنا مشکل ہے۔فلم میں سمیع خان پاکستانی لڑکے جب کہ اشل فیاض بھارتی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف دو پڑوسی اور روایتی دشمن ممالک کے لڑکے اور لڑکی کو پیار کرتے دکھایا جائے بلکہ اس میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی سیاسی سازشوں کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔فلم میں ایکشن، رومانس اور سیاسی کشیدگی کے علاوہ شائقین کو آئٹم سانگ اور سسپنس بھی بھرپور دیکھنے کو ملے گا۔ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر کی فلم کی دیگر کاسٹ میں عائشہ عمر، ساجد حسن، فضا علی اور دیگر شامل ہیں۔فلم کو رواں برس عیدالاضحٰی پر ریلیز کیا جائے گا۔فلم کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے تعاون سے ریلیز کیا جائے گا۔

پریانکا نے خود سے کم عمر شخص سے شادی کا راز بتا دیا

ممبئی(ویب ڈیسک)بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا نے گزشتہ برس خود سے 11 سال کم عمر امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔دونوں کی شادی دسمبر 2018 میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں ہوئی تھی، تاہم ان کی شادی کی خبر آتے ہی اداکارہ کو خود سے کم عمر شخص سے شادی کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا گیا تھا۔امریکی و برطانوی میڈیا سمیت بھارتی میڈیا میں بھی پریانکا چوپڑا کی کم عمر شخص سے شادی پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شادی اور تعلقات سے متعلق چہ مگوئیاں شروع کردی گئی تھیں۔یہاں تک ایک امریکی میگزین نے پریانکا چوپڑا کی خود سے کم عمر شخص سے شادی کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے اداکارہ پر شادی کے ذریعے فائدہ حاصل کرنے کا الزام لگایا تھا۔تاہم بعد ازاں امریکی میگزین نے اپنی خبر پر معذرت کرتے ہوئے خبر کو ہٹا دیا تھا۔بعد ازاں پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئیں اور دعویٰ کیا گیا کہ جلد ہی دونوں میں طلاق ہوجائے گی۔خود سے زائد عمر خاتون سے شادی کرنے پر اگرچہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس وضاحت کر چکے تھے کہ وہ کیوں خود سے 11 برس کم عمر خاتون سے شادی کر رہے ہیں؟۔نک جونس کا کہنا تھا کہ بڑی عمر کی خواتین سمجھدار ہوتی ہیں، انہیں پتہ ہوتا ہے کہ مرد ان سے کیا چاہتے ہیں۔لیکن اب پہلی بار پریانکا چوپڑا نے بھی خود سے کم عمر شخص سے شادی پر خاموشی توڑتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔امریکی فیشن میگزین ’ان اسٹائل‘ کو دیے گئے انٹرویو میں 37 سالہ پریانکا چوپڑا نے 26 سالہ نک جونس سے اپنی شادی کو روایات توڑنے کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کے کم عمر ہونے میں کوئی عجب بات نہیں۔اداکارہ نے وضاحت کی کہ جب کوئی مرد کسی خاتون سے عمر میں بڑا ہوتا تو کوئی سوال نہیں کرتا کہ نوجوان خاتون نے زائد العمر شخص سے کیوں شادی کی ہے؟اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی زائد العمر شخص کسی نوجوان خاتون سے شادی کرتا ہے تو ان کی تعریفیں کی جاتی ہیں لیکن جیسے ہی کوئی زائد العمر کسی نوجوان شخص سے شادی کرتی ہے تو سوالات کیے جاتے ہیں، ان کی شادی اور رشتے کو شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔اداکارہ نے انٹرویو کے دوران امریکی ٹی وی انڈسٹری اور ہولی وڈ میں اپنے کیریئر سے متعلق بات بھی کی اور سوال کیا کہ آخر ہولی وڈ میں کیوں کسی ایشیائی اداکار کو مرکزی کردار نہیں دیا جاتا؟اداکارہ نے کہا کہ وہ امریکی ٹی وی انڈسٹری اور ہولی وڈ میں بھی روایات کو توڑنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنے پسندیدہ لباس سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ ساڑھی ان کا پسندیدہ ترین لباس ہے۔فیشن میگزین نے اداکارہ کی ساڑھی میں تصاویر بھی سر ورق پر شائع کیں جنہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔پریانکا چوپڑا کی میگزین کے سرورق پر شائع تصویر پر بھارتی مداحوں نے سب سے زیادہ اعتراض کیا اور اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے ’ساڑھی پہننے کے ساتھ بلاﺅز کیوں نہیں پہنا‘۔

زیارت میں گاڑی میں سلنڈر دھماکا، کراچی سے پکنک پر آئے 3 افراد جاں بحق

زیارت(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع زیارت میں کراچی سے پکنک منانے آنے والی فیملی کی گاڑی میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ زیارت میں زیروپوائنٹ کے قریب پیش آیا جہاں رینٹ پر لی گئی گاڑی میں سی این جی سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، گاڑی میں 2 خواتین سمیت 4 افراد سوار تھے۔دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 خواتین سمیت 3 افراد دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق کراچی سے ہے جو پکنک منانے کے لیے کوئٹہ سے زیارت پہنچے تھے جب کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

نامور ادیب، ڈرامہ نگار اور اداکار ڈاکٹر انور سجاد انتقال کرگئے

لاہور(ویب ڈیسک) نامور ادیب، ڈرامہ نگار و اداکار ڈاکٹر انور سجاد علالت کے باعث 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ڈاکٹر انور سجاد کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انور سجاد پچھلے کچھ دنوں سے علیل تھے اور انہوں نے کھانا پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔انورسجاد علالت کے دوران لاہور رائیونڈ روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ پر ہی موجود رہے، انہوں نے سوگوار میں بیوی اور بیٹی چھوڑی ہے۔ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کردی گئی، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ڈاکٹر انور سجاد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی اور کہا ترقی پسند ادب کیلئے ڈاکٹر انور سجاد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی رحلت اردو ادب کیلئے بڑا سانحہ ہے۔ڈاکٹر انور سجاد آخری ایام میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور رہے اور انہیں علاج کے لیے بھی شدید مالی مشکلات کا سامنا رہا جب کہ اہلیہ نے صدر پاکستان کو خط لکھا تھا جس کے بعد امداد ملنا شروع ہوئی تاہم حکومت کی مالی امداد بھی معروف ادیب کی مشکلات کا مداوا نہیں کر سکی تھی۔انور سجاد نے بے شمار ٹی وی ڈراموں کی کہانی تحریر کی جب کہ خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازاگیا تھا۔ڈاکٹر انور سجاد نے 1965 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اداکار ومصنف کیا تھا، انہوں نے لاتعداد ڈرامے اور افسانے لکھنے کے ساتھ ساتھ کئی ڈراموں میں کام بھی کیا، ان کی تصانیف میں زردکونپل،سمندر، جنم روپ، نوٹ بک اور دیگر شامل ہیں۔