سعودی عرب نے چرچ حملوں کے 5 ملزم سری لنکا کے حوالے کردیے

کولمبو(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ایسٹر تہوار پر چرچ حملوں میں ملوث جماعت سے تعلق رکھنے والے 5 مشتبہ افراد کو سری لنکا کے حوالے کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی پولیس نے چرچ حملوں میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے 5 مشتبہ افراد کی سعودی عرب سے حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان ملزمان میں نیشنل توحید جماعت کا سینئر رہنما محمد ملہان بھی شامل ہے۔سعودی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ان افراد کو سری لنکا کی نشاندہی پر دبئی سے حراست میں لیا گیا تھا، بعد ازاں ان افراد کو جدہ لایا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی کے ملزمان کو کولمبو بھیج دیا گیا۔گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم سری لنکا پولیس نے نیشنل توحید جماعت کے سینئر رہنما محمد مِلہان کی حوالگی کی تصدیق کی ہے جو گزشتہ برس نومبر میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ رواں برس عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے 6 چرچوں میں تقاریب اور تہوار میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی قیام گاہ 6 لگژری ہوٹلوں پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دنیا بھر میں انسٹا گرام کے صارفین کو پریشانی کا سامنا

لاہور (ویب ڈیسک)سماجی رابطے کی مقبول ایپ انسٹا گرام وقفے وقفے سے تعطل کا شکار رہی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید کوفت کا سامنا رہا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں بیشتر علاقوں میں انسٹا گرام صارفین کو اپنے اکاﺅنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا جب کہ جن لوگوں کے اکاﺅنٹس لاگ ان ہوگئے وہ بھی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے سے قاصر رہے۔انسٹا گرام کی سروس جن ممالک میں متاثر ہوئی یا تعطل کا شکار رہیں ان میں شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپی ممالک، ایشیائی ممالک، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ انسٹاگرام انتظامیہ نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہونے والی سروس کی معطلی کو جلد از جلد بحال کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔دنیا بھر میں سوشل میڈیا ویب پلیٹ فارم کی فراہمی کے تکنیکی معاونت کرنے اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار سے واقف ویب سائٹ ڈاﺅن ڈٹیکٹر نے دعویٰ کیا کہ مشرقی اور مغربی ساحلوں میں سروس تعطل کا شکار رہی۔ قبل ازیں پلے اسٹیشن کی سروس بھی بند ہوگئی تھی۔واضح رہے کہ 8 سال قبل شروع ہونے والے سوشل میڈیا کے اس پلیٹ فارم نے دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتے ہوئے اپنے مخالفین کو پیچھے چھوڑ دیا اور محض 8 سال میں اس کے صارفین کی تعداد 1 بلین سے تجاوز کرگئی ہے۔

ہاﺅسنگ سیکٹر میں مبینہ فراڈ،نیب لاہور کی اہم پیش رفت

لاہور(صدف نعیم سے) گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کیس میں نیب لاہور کی اہم پیش رفت، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز ملزم اعجاز خان لاہور سے گرفتار،ملزم اعجاز خان کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور چنار باغ سوسائٹی میں 2 ارب کی مبینہ کرپشن میں معاونت کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم اعجاز خان نے رجسٹرار کوآپریٹو کو متعین اختیارات کا زاتی طور پر ناجائز استعمال کرتے ہوئے نیو جہلم پنجاب ایکسٹینشن پراجیکٹ کی غیر قانونی منظوری دی،نیب لاہور کیجانب سے 31 مئی کو مرکزی ملزم طارق شاہ کو گرفتار کیا گیا جس سے تحقیقات میں ڈپٹی رجسٹرار، ملزم اعجاز خان کے ملوث ہونیکے شواہد حاصل ہوئے۔ملزمان نے معاہدہ سے انحراف کرتے ہوئے تاحال صرف 850 کنال زمین سوسائٹی کو فراہم کی جبکہ انہیں مجموعی طور پر 5000 کنال زمین فراہم کرنا تھی چنار باغ سوسائٹی معاہدہ کی رو سے ہر 8 کنال زمین کے بدلہ سوسائٹی کی منیجمنٹ کمیٹی نے 3 کنال ڈویلپڈ پلاٹ فراہم کرنا تھے ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے عوام کو پلاٹوں کی فراہمی کے نام پر لگ بھگ 2 ارب روپے بٹورے دوران تحقیقات ملزم اعجاز خان اور لینڈ مافیا کے تعلقات کا انکشاف ہواجس پر مزید تحقیقات جاری ہیںنیب حکام کیجانب سے ملزم اعجاز خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے کل احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگاگرفتار ملزمان سے دوران تحقیقات ہونیوالے انکشافات پر ملوث ملزمان کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا صدر پیوٹن اور چینی صدرکے ساتھ دوستانہ رویہ،بڑے بڑے حیرا ن رہ گئے

بشکیک (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے 2 روزہ اجلاس کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، اجلاس کے دوران ان کا روسی صدر پیوٹن کے ساتھ دوستانہ رویہ سفارتی سطح پر زیر بحث رہا۔وزیرا عظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں قومی لباس شلوار قمیض زیب تن کرکے رکھا جس کے باعث سوشل میڈیا پر انہیں خوب سراہا جارہا ہے۔انہوں نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ نہ صرف سائڈ لائن پر ملاقات کی بلکہ اجلاس کے مختلف سیشنز کے دوران دونوں رہنما ایک دوسرے کے قریب نظر آئے۔تنظیم کے رہنماﺅں کے گروپ فوٹو کے دوران بھی وزیر اعظم عمران خان اور صدر پیوٹن ساتھ ساتھ کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف رہے جبکہ عشائیے کے دوران بھی دونوں ایک ساتھ بیٹھے۔عشائیے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صدر پیوٹن کے ایک طرف چینی صدر شی جن پنگ اور دوسری طرف عمران خان بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور پیوٹن اس دوران خوش گپیوں میں مصروف رہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سارے اجلاس کے دوران ہی سائڈ پر نظر آئے۔

اگلہ مرحلہ ریکوری کا ہے اس لیے اپوزیشن والے گھبرائے ہوئے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم پر توہین صحابہؓ کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان دیندار آدمی ہیں صرف انہوں نے داڑھی نہیں رکھی ہوئی۔قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ملتوی ہوگیا۔ بعدازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن آج ایوان میں تقسیم نظر آئی، فضل الرحمان کی پارٹی جے یو آئی نے آج ایوان کو ہائی جیک کیا اور بجٹ پر بحث کا آغاز نہیں ہونے دیا، شہباز شریف کی تقریر میں رخنے انہوں نے ڈالے۔فواد چودھری نے ن لیگ اور پی پی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ایک ہی بیانیہ ہے ہمارے پاپا کو چھوڑ دو، ان کے بڑے بڑے بزرگ جیلوں میں ہیں، تحقیقات میں پیش رفت ہورہی ہے، اگلہ مرحلہ ریکوری کا ہے اس لیے یہ گھبرائے ہوئے ہیں، ان کا بس ایک مطالبہ ہے ہمارے پیسے چھوڑ دو لیکن ہمیں عوام نے ان کے احتساب کےلیے ووٹ دیا ہے، انہیں اصل پریشانی یہ ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی کی راہ ہموار ہورہی ہے۔وزیراعظم کی تقریر کی صحابہ کرامؓ کی شان میں مبینہ گستاخی سے معاملے پر فواد چودھری نے کہا کہ مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، لیکن ن لیگ سمیت تمام اپوزیشن موقع ملتے ہی اس معاملے پر اکٹھا ہوجاتی ہے، ہر مہذب شخص ان کے رویے کی مذمت کرے گا، اس معاملے پر ہونا بھی کچھ نہیں کیونکہ ہر شخص کو پتہ ہے کہ عمران خان انتہائی دیندار اور ایماندار آدمی ہیں، ان کی زندگی اور اصولوں سے واقف ہر شخص جانتا ہے کہ صرف انہوں نے داڑھی نہیں رکھی ہوئی لیکن وہ مکمل دیندار اور ایماندار آدمی ہیں، اس معاملے پر سیاست کامیاب نہیں ہوگی۔

گردش کرتے خون سے سرطانی خلیات ختم کرنے والی لیزر

آرکنساس(ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف آرکنساس کے ماہرین نے انتہائی کامیابی سے لیزر کا ایک تجربہ کیا ہے۔ یہ جدید نظام خون میں موجود کینسر خلیات (سیلز) کو پہچان کر انہیں جلد کے باہر سے ہی ختم کرتا ہے۔سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس کے مرکزی سائنسدان پروفیسر ولادمیر زیروف کہتے ہیں،’ یہ طریقہ بے ضرر اور غیرتکلیف دہ ہے جو خلیات کے پھیلاﺅ کو حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں روکتا ہے۔ اس طرح بہت حد تک کینسر سے ہونے والی اموات سے بچا جاسکتا ہے۔سرطانی رسولی والے یا سرطانی ٹیومر میں ڈھلنے کے لیے تیار خلیات پر لیزر کی شعاعیں ڈالی جاتی ہیں تو وہ دیگر صحتمند خلیات کے مقابلے میں زیادہ توانائی جذب کرتے ہیں اور گرم ہوجاتے ہیں۔ اس گرمی سے وہ پھیلتے ہیں اور پھر پھول کر پھٹ جاتے ہیں۔پروفیسر ولادمیر کہتے ہیں کہ اس سے قبل لیزر شعاعوں کی جسامت بڑی تھی جو کینسر خلیات کو تباہ کرنے کے لیے موزوں نہیں تھی۔ لیکن اب لیزر ٹیکنالوجی میں جدت سے انتہائی باریک لیزر بنائی گئی ہیں جو سرطانی خلیات کو تباہ کرسکتی ہیں۔اس اہم ترین ایجاد کو انسانوں پر بھی آزمایا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر ولادمیر زیروف کے مطابق ایک مریض کے جسم میں زیرِ گردش سرطانی رسولیوں کے 96 فیصد خلیات کو تباہ کیا گیا ہے۔ اگرچہ ایسے آلات پہلے بھی بنائے جاتے رہے ہیں لیکن نئی لیزر پہلی مرتبہ انسانوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ یہ لیزر نظام ایک گھنٹے میں ایک لیٹر خون کی اسکیننگ کرکے انہیں سرطانی خلیات سے پاک کرتا ہے۔جب ماہرین نے 28 مریضوں پر اسے آزمایا تو لیزر سسٹم نے کامیابی سے 27 افراد میں کینسر سیل دریافت کرلیے۔ اس وقت جو بھی دستیاب ٹیکنالوجی ہے اس کے مقابلے میں یہ 1000 گنا بہتر اور حساس ہے۔

پاک بھارت میچ کی ٹکٹ ڈھائی ہزار پاﺅنڈ میں بکنے لگی

ساﺅتھمپٹن(ویب ڈیسک) پاک بھارت ورلڈکپ میچ کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے، مسلح پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا جب کہ میچ کے ٹکٹس پانچ لاکھ روپے تک میں فروخت ہونے لگے۔روایتی حریفوں کا ٹکراﺅ اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق میچ میں کسی گڑبڑ کی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ تو موجود نہیں مگر پھر بھی حکام سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے، انگلینڈ میں عموماً ایسا ہوتا تو نہیں البتہ پاک بھارت مقابلے کے دوران مسلح پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف اور سٹی سینٹر میں گشت کریں گے،ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس اہلکار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ میچ ٹکٹس کیلئے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، گراو¿نڈ میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے، مقامی ویب سائٹس پر ڈھائی ہزار پاو¿نڈ (تقریباً5 لاکھ پاکستانی روپے) تک میں بھی ٹکٹیں فروخت ہو رہی ہے۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ساوتھمپٹن(ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان کی بہترین حکمت عملی کارگرثابت ہوئی، ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شاندار بولنگ کی بدولت پوری ٹیم صرف 212 رنز پر ڈھیر کردیا۔کرس گیل اور ایون لیوس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن لیوس صرف 2 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد شائے ہوپ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 11 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔کرس گیل کی اننگز بھی 36 رنز تک محدود رہی، نکولس پورن اور شمرون ہیٹمیئر نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 63 اور 39 رنز بنائے جب کہ کپتان جیسن ہولڈر بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے، آندرے رسل 21 اور کارلوس بریتھ ویٹ کی اننگز 14 رنز تک محدود رہی۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے 3،3 جب کہ جوئے روٹ 2، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بولنگ کے بعد بلے بازوں نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تجربہ کار بیٹسمین جوئے روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،کرس وواکس نے 40 اور بیرسٹو45 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس 10 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرل نے دونوں وکٹیں حاصل کیں ان کے سوا کوئی بولر خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔

نانا پاٹیکر کو ہراسانی معاملے میں کلین چٹ مل گئی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ناناپاٹیکر کو ناکافی ثبوت کی بنا پر جنسی ہراسانی کے الزام میں کلین چٹ مل گئی۔بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے گزشتہ برس اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایاتھا اوران کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی تھی تاہم ممبئی پولیس نے نانا پاٹیکر کو اس کیس میں کلین چٹ دیتے ہوئے کیس بند کردیا۔ پولیس کا کہناہے کہ انہیں ناناپاٹیکر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔ لیکن ان پر الزام لگانے والی اداکارہ تنوشری دتہ کیس بند ہونے اورنانا پاٹیکر کو کلین چٹ ملنے سے خوش نہیں ہیں۔اداکارہ تنوشری دتہ کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ بہت ہی برا ہوا کیونکہ نانا پاٹیکر کافی عرصے سے کلین چٹ ملنے کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے۔ تنوشری نے کہا میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں ہمارے گواہوں کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئی تھیں اور ان پر دباﺅ ڈالا جارہا تھا کہ وہ اپنے بیانات پولیس کو ریکارڈ نہ کروائیں۔ ہمارے 10 گواہ تھے جن میں سے صرف ایک یا دو کے بیانات ریکارڈ ہوئے۔ دیگر گواہ دھمکیوں کے باعث سامنے ہی نہیں آئے۔تنوشری دتہ نے مزید کہا پولیس کا کہنا ہے کہ ثبوت ناکافی ہیں، معتبر ثبوت کیسے پیدا کیے جائیں گے جب ملزم اس کوششوں میں لگا ہو کہ اس کے خلاف کوئی ثبوت پولیس تک نہ پہنچ پائیں۔ تنوشری نے کہا وہ مایوس نہیں ہیں کیونکہ انہیں اس کیس سے زیادہ امیدیں نہیں تھیں۔ دوسری طرف نانا پاٹیکر بالی ووڈ میں واپسی کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے جس کے لیے وہ اپنانام اس کیس سے ہٹوانا چاہ رہے تھے۔ اب میری ساری امید قدرت کے انصاف سے ہے میں یہ لڑائی جاری رکھوں گی۔واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے گزشتہ برس نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ فلم”ہارن اوکے پلیز“کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں غلط انداز میں چھونے کی کوشش کی تھی اور ان کے ساتھ برا رویہ اختیار کیاتھا۔

ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 156 روپے پر جا پہنچا

کراچی(ویب ڈیسک) ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے.روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، دن کے آغاز پر فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1.30 روپے اضافہ سے 154.20 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے اضافے کے بعد 154.50 پیسے پر پہنچ گئی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر کی قیمت 156 روپے تک جاپہنچی۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں ریکارڈ بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک میں 3.10 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 3.50 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں 13 روز میں ڈالر کی قیمت 7 روپے بڑھ گئی جب کہ رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر 8 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر کم ہونے سے جون کے مہینے میں قرضوں کی مالیت میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عامر خان سے ملنے نہ دینے پر نوجوان کی خودکشی کی کوشش

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے ملنے نہ دینے پر نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرڈالی۔دو روز قبل عامر خان کے ممبئی آفس کے باہر ایک ہائی وولٹیج ڈراما دیکھنے میں آیا جب ایک 33 سالہ نوجوان نے عامر خان سے ملنے نہ دینے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوان کی شناخت محمد قاسم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ بھارت کی جنوب مغربی ریاست کرناٹکا کے شہر بیلغوم کا رہائشی ہے۔ خودکشی کی کوشش کرنے پر قاسم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔پولیس کے مطابق قاسم گزشتہ کئی روز سے عامر خان سے ملنے کی کوشش کررہاتھا وہ عامر خان کی این جی واٹر فاﺅنڈیشن سے متعلق ان سے بات چیت کرنا چاہ رہاتھا لیکن عامر خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اسے اداکار سے ملنے نہیں دے رہے تھے۔ منگل کی شام بھی یہی ہوا جب سیکیورٹی اہلکاروں نے قاسم کو عامر خان سے ملنے سے منع کردیا تو اس نے اپنی جیب سے ایک بوتل نکالی اور اسے پی گیا، جس کے بعد اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قاسم اب ٹھیک ہے، قاسم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہاہے کہ وہ صرف عامر خان سے ملنے کا خواہشمند تھا لیکن کئی بار کوشش کے بعد اسے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے قاسم کو اس کے گھر والوں کے حوالے کردیا۔

تاریخ کا اعلیٰ ترین بجٹ آج پیش ہوا، صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری

لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے انتہائی اعلی بجٹ پیش کیا ۔جنوبی پنجاب کے بجٹ میں 35 فیصد اضافہ خوش آئند ہے ۔ہسپتالوں اور نئی یونیورسٹیوں کے قیام سے عوامی سہولیات میں اضافہ ہو گا ۔اپوزیشن نے بتائے کہ کن اشاروں پر ہلڑ بازی کی۔اس طرح کا شور شرابہ کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتا ۔حیرت ہے پروڈکشن آرڈر پر آنے والے احتجاج میں شامل تھے۔اپوزیشن کو دکھ ہے کہ شوبازیوں کا دور کیوں ختم ہو گیا ؟ عوام کے ذہنوں سے ابھی تک گو نواز گو کے نعرے محو نہیں ہوئے ۔اپوزیشن ایشوز کی سیاست کی بجائے منفی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔ترقی اور خوشحالی پر مبنی پنجاب کا بجٹ اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو سکتا۔

بشکک: وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات

بشکک(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی صدر نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کیا اور دونوں ممالک نے پاکستان چائناکمیونٹی کی تعمیر کے لیے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔چین اور پاکستان نے ’تمام موسمیاتی اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری‘ کی بھی توثیق کی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔