پاک بھارت میچ: ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارتی وزیرداخلہ کو کرارا جواب

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کو بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک قرار دیئے جانے پر کرارا جواب دیا ہے۔ گزشتہ روز ورلڈکپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دی تھی جس پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹوئٹ کرکے ٹیم کو مبارکباد دی اور اسے پاکستان پر اسٹرائیک قرار دیا۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم جیتی ہے، اچھا کھیلی ہے لیکن دو مختلف چیزوں کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ میچ اور اسٹرائیک مختلف چیزیں ہیں، اگر شک ہو تو 27 فروری کو نوشہرہ پر ہماری جوابی اسٹرائیک اور بھارتی طیاروں کا انجام دیکھ لیں جنہیں ہم نے مار گرایا، دیکھیں اور حیران ہوتے رہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت ورلڈکپ میں 7 بار آمنے سامنے آچکے ہیں لیکن گرین شرٹس ایک بار بھی کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔

انسانی قدموں کے دباﺅ سے بجلی پیدا کرنے کا سستا طریقہ

کراچی(ویب ڈیسک)بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں کے لئے خوشخبری آئی ہے، کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں نے انسانی قدموں کے دباﺅ سے بجلی پیدا کرنے کا سستا طریقہ ایجاد کرلیاہے۔عوامی مقامات پر لگی خصوصی ٹائلز کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی بیٹری میں محفوظ کی جا سکے گی۔کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں نے ایسا کارنامہ انجام دیاہے کہ انسانی قدموں سے بجلی پیداکرنےکاآسان اورسستاترین طریقہ ایجادکرلیا۔نئے طریقہ کار کی مدد سے شاپنگ سینٹرز،فٹ پاتھ،پارکس اوردیگرپبلک مقامات پرخصوصی ٹائلزاورپینل بچھاکربجلی حاصل کی جاسکتی ہے۔اقراءیونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈٹیکنالوجی کے تین طالب علموں نےاس منصوبے کوانرجی ہارویسٹنگ کانام دیاہے۔اس پراجیکٹ میں شامل غالب ندیم نامی طالب علم نے ہم نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے ایسے پینل تیار کیے ہیں جن پر دباﺅ کے ذریعے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ ان پینلز کو پبلک مقامات پر لگا کر ان سے حاصل ہونے والی بجلی بیٹریوں میں سٹور کی جاسکتی ہے۔طالب علم کے مطابق دن بھر پیدل چلنے والوں کی وجہ سے بیٹریوں میں سٹورکی بجلی رات کو اسٹریٹ لائٹ میں استعمال کی جاسکتی ہے۔اقراءیونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹرکامران رضا نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ طلبہ نے ”انرجی ہاریسٹنگ “کا کامیاب تجربہ کیاہے۔ اگر ان طلبہ کی سرپرستی کی جائے تو کل یہ چیز اپنے شہر ،صوبے اور ملک میں انسٹال کرسکتے ہیں۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرشیراز نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ہم طلبہ سے کہتے ہیں کہ وہ ملازمت کے حصول کے لیے پراجیکٹ کرنے کے بجائے ایسی پراڈکٹس کی طرف جائیں تاکہ انہیں ملازمت نہ مل سکے تو وہ اپنی پراڈکٹس کے ذریعے مارکیٹ میں اپنا نام پیدا کریں۔طلبہ کی طرف سے مکمل کیے گئے اس پراجیکٹ میں انسانی قدموں کے دباﺅسے پیداہونےوالی بجلی کوخصوصی ٹائلزکے ذریعے بیٹری میں محفوظ کیاجاسکتاہے جس سےبرقی آلات اسٹریٹ لائٹس وغیرہ روشن کی جاسکتی ہیں۔

آرمی چیف سے چینی لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہان وائیگو کی ملاقات

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہان وائیگو نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل ہان وائیگو نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابی کوسراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل کمانڈر پیپلز لبریشن آرمی کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔

مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں بے ہوشی کے بعد انتقال کرگئے

قاہرہ:(ویب ڈیسک)قاہرہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں بے ہوشی کے بعد اسپتال منتقل ہوتے ہوئے انتقال کرگئے۔عرب ٹی وی کی رپروٹ کے مطابق محمد مرسی پر قطر کیلئے جاسوسی کا الزام تھا جس کی سماعت کیلئے وہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔اطلاعات کے مطابق عدالت برخاست ہونے کے بعد 67 سالہ محمد مرسی بے ہوش ہوگئے، اور اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔محمد مرسی 30جون 2012 سے 3 جولائی 2013 تک مصر کے صدر رہے۔محمد مرسی مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر تھے لیکن صرف ایک سال کے اندر ہی 2013 میں مصری فوج نے ان کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔اس کے بعد محمد مرسی سمیت ان کی سیاسی جماعت اخوان المسلمین کے متعدد رہنماﺅں پر مقدمات قائم کیے گئے۔

محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کے حکام کا جوہر ٹاﺅن کے رہائشی علاقے میں کامیاب چھاپہ

لاہور(ویب ڈیسک) ڈائریکٹر جنر ل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کی ہدائیت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے جوہر ٹاﺅن کے رہائشی علاقے میں چھاپہ مار کر گھر میں شیروں کا جوڑاجانور قبضہ میں لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی وائلڈلائف کو خفیہ طور پر اطلاع ملی کہ جوہر ٹاو¿ن کے رہائشی علاقے کے ایک گھر میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے شیروں کا جوڑا موجود ہیں جس پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن عبدالشکور منج کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریجن چوہدری محمد رفیق، ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف افسر لاہور تنویر جنجوعہ پر مشتمل ایک چھاپہ مار پارٹی تشکیل دی جبکہ اس ضمن میں ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا کو ان کی معاونت کرنے کی ہدائت کی۔ چھاپہ مار ٹیم نے تمام قانونی کارروائی پوری کرتے ہوئے جوہر ٹاﺅن کے مذکورہ گھر کے سرچ وارنٹ حاصل کر کے چھاپہ مار کرشیروں کا جوڑا برآمد کر کےاور قبضہ میں لے کر لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان سنی مسیح کا چالان کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ چھاپے کے موقع پر اعزازی گیم وارڈن لاہور نعمان یاسین اور ان کے سکواڈ اور اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر کے سکواڈ نے بھی اس کارروائی میں حصہ لیا۔ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کامیاب کارروائی کرنے پرچھاپہ مار ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔ انہوں نے چھاپہ مار پارٹی کو تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

بھارت میں سکھ رکشا ڈرائیور پر پولیس کا انسانیت سوز تشدد

نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت کی پولیس نے سکھ رکشا ڈرائیور اور اس کے بیٹوں کو سڑک پر گھسیٹ کر ڈنڈوں، بوٹوں اور لاتوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔بھارت میں جنونی نریندرا مودی کے دوبارہ اقتدارمیں آنے کے بعد سے جہاں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اسی طرح دیگر اقلیتیں بھی محفوظ نہیں، نئی دہلی پولیس نے سر راہ معمولی غلطی پر سکھ رکشا ڈرائیور اور اس کے بیٹوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر زیر گردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مکھرجی پولیس اسٹیشن کے اہل کارو ں نے سکھ رکشا ڈرائیور اور اس کے سات سالہ بیٹے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس سے باپ بیٹے کی حالت بگڑ گئی۔انسانیت سوز تشدد پر مقامی سکھ رہنما منجیت سنگھ مظاہرین کے ہمراہ تھانے پہنچے اور پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے رکشا ڈرائیور کو بھتہ نہ دینے کی پاداش میں تشدد کا نشانہ بنایا۔سوشل میڈیا پر صارفین اور سماجی تنظیموں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مودی حکومت اوردہلی پولیس پرشدید تنقید کی جب کہ سماجی تنظیموں نے تھانے کے سامنے مظاہرہ بھی کیا جس کے بعد حکام تشدد میں ملوث 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے پر مجبور ہوئے۔

سچن ٹنڈولکر کی سرفراز احمد کی کپتانی پر کڑی تنقید

نئی دہلی(ویب ڈیسک)سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر نے سرفراز احمد کی کپتانی پر کڑی تنقید کی ہے۔سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ سرفراز احمد فیلڈنگ کے دوران بہت گھبرائے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، خاص طورپر بولرز کے پلان کے مطابق درست جگہ پر فیلڈرز کھڑنے میں ناکام رہے۔ وہاب ریاض جب بولنگ کررہے تھے تو شارٹ مڈوکٹ پر فیلڈر تھا جب کہ شاداب کے وقت سلپ فیلڈر تھا۔ ان کنڈیشنز میں اسپنرز کے لیے بال کو گرپ کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے، خآص طورپر جب اسکی لائِن ولینتھ بھی درست نہ ہو۔سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ بڑے مقابلوں میں یہ اپروچ ٹھیک نہیں ہوتی، ایسا لگاکہ ان کے پاس کوئی گیم پلان اورسوچ نہیں تھی، جب بال زیادہ سیم نہ ہورہا تو اووردی وکٹ زیادہ بولنگ نہیں ہونی چاہیے۔ وہاب نے جب راﺅنڈ دی وکٹ بولنگ کی تو اس وقت کافی دیر ہوچکی تھی، حسن واحد بولر دکھائی دیا جو وکٹ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا تھا۔

جی ٹوئنٹی ممالک سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا اٹھانے پر رضا مند

ٹوکیو(ویب ڈیسک) دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کا گروپ ’جی 20‘اس بات پر رضامند ہوگیا ہے کہ سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں جو کہ سمندروں کو آلودہ کرنے کا سبب بن رہا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ فرانس پریس (اے ایف پی) کے مطابق جاپان میں اتوار کو ہونے والے جی ٹوئنٹی کے ایک اجلاس میں ارکان ممالک اس بات پر راضی ہوگئے کہ سمندروں سے پلاسٹک کا کچرا کم کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں جس کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں اور اس ضمن میں ایک ڈیل سائن کی جائے۔معاہدے کے تحت جی ٹوئنٹی ممالک اس ضمن میں پابند ہوجائیں گے تاہم اس بات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ سمندروں سے کچرا اٹھانے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ اقدامات رضاکارانہ طور پر اٹھائے جائیں گے اور سالانہ بنیادوں پر ان اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جاپانی اخبار کے مطابق جاپانی حکومت پرامید ہے کہ اس ضمن میں نومبر میں پہلا اجلاس منعقد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور موثر اقدامات پر بات کی جائے گی۔معاہدے کے تحت نہ صرف امیر اور بڑے ممالک کو اس دائرے میں لایا جائے گا بلکہ ترقی پذیرممالک کو بھی اس بعد کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ سمندروں میں پلاسٹک نہ پھینکیں خواہ وہ ماہی گیری کے جال ہوں یا پھر پلاسٹک کی بوتلیں ہوں۔ٹھوس سائنسی شواہد سے یہ بات سامنے آگئی ہے کہ سمندروں میں گرایا جانے والا پلاسٹک وھیل سے لے کر کھچووں تک کی غذا میں شامل ہوکر ان کی تیزرفتار ہلاکت کی وجہ بن رہے۔دوسری جانب یہ پلاسٹک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر بہت تیزی سے خردذرات یا مائیکروپلاسٹک میں ڈھل رہا ہے۔ اب یہ سمندری جانوروں اور سی فوڈ کے ذریعے دوبارہ ہمارے کھانے کی میز تک پہنچ رہا ہے۔

آج تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کے نام کا اعلان کردوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کا اعلان آج کردوں گا۔بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اس موقع پر قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کو آگے بڑھانے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں وفاقی بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔اجلاس کے دوران شرکا کو قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کے نام کا اعلان آج کردوں گا۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ 10 سال میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت اب مرکزی بینک سے قرضہ نہیں لے گی، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی(ویب ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کے براہ راست حکومت کو قرضہ دینے سے افراط زر بڑھتا ہے، لیکن اب اس بجٹ میں حکومت اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لے گی۔اپنی پہلی پریس کانفرنس میں گورنر اسٹیٹ بینک باقررضا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ٹیم معاشی پلان پر عمل درآمد کررہی ہے، اس پلان سے معیشت میں کافی حد تک استحکام آیا ہے اور استحکام کی وجہ سے مڈل کلاس اور غریب طبقہ کا فائدہ ہوگا۔ ہم نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ہے، ملک کو کس طرح آگے لے جانا ہے یہ بات زیادہ اہم ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں معاشی عدم استحکام کی دو اہم اور بنیادی وجوہات تجارتی خسارہ اور مالیاتی خسارہ ہیں، ماضی میں مرکزی بینک پر قرضوں کے انحصار سے افراط زر اور روپے کی قدر پر اثر پڑا، روپے کی قدر ایک جگہ رہنے سے جاری کھاتے کا خسارہ بڑھتا رہا اور زرمبادلہ کے زخائر کم ہوئے، روپےکی قدرکو آزاد چھوڑنا معیشت کے لیے بالکل مناسب نہیں، جب کہ مرکزی بینک کے براہ راست حکومت کو قرضہ دینے سے افراط زر بڑھتا ہے، اب یہ یہ دونوں مسائل کنٹرول ہورہے ہیں، حکومت اسٹیٹ بینک سے قرض نہیں لے گی، اس سے مارکیٹ میں بہتری آئے گی، اور جب سے روپے کی قدر میں کمی آئی بیرونی خسارہ بھی کم ہوا، روپے کی قدر کو ایک جگہ رکھتا درست پالیسی نہیں تھی۔باقررضا کا کہنا تھا کہ بیرونی اورمالیاتی خسار ے میں بہت حد تک کمی آنا شروع ہوگئی ہے، کافی حد تک معاشی استحکام آچکا ہے، ہم اپنے معاشی مستقبل کے لیے پرامید ہیں، معیشت کا مستقبل بہت روشن ہے، ہمارا سب سے بڑا مخالف بے یقینی ہے، ہمیں عوام کو اعتماد دینا ہوگا۔

کپاس کی پھوک سے ماحول دوست پلاسٹک تیار

پرتھ(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کپاس کی کاشت کے بعد اس سے بچنے والے بیج، شاخوں، تنوں اور باقی ماندہ کچرے کو آگ لگادی جاتی ہے یا پھراسے ماحول میں پھینک دیا جاتا ہے۔اب آسٹریلیا کے ماہرین نے کپاس جمع ہونے کے بعد فالتو پھوک سے ماحول دوست پلاسٹک تیار کرنے کا اعلان کیا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ ازخود ختم ہوجائے گا اور یوں حیاتیاتی طور پر گھل کر تحلیل ہوجائے گا۔ڈی کن یونیورسٹی میں ڈاکٹریٹ کے طالبعلم ابو نصر محمد احسان الحق، ڈاکٹر مریم نایبی اور ڈاکٹر ریچانا ریمادیوی نے مشترکہ طور پر اس پر تحقیق کی ہے۔جب کپاس کے ریشے ان کے بیجوں سے الگ کیے جاتے ہیں تو بہت سا فالتو مواد بچ رہتا ہے۔ پوری دنیا میں ہرسال اس کی دو کروڑ نوے لاکھ ٹن مقدار پیدا ہوتی ہے اور اس کی ایک تہائی مقدار کو ضائع کردیا جاتا ہے۔ اس لیے ماحول دوست پلاسٹک کی تیاری سے ایک جانب کسانوں کو اضافی آدنی ہوگی تو دوسری جانب ماحولیاتی طور پر بہتر پلاسٹک

سے روایتی پلاسٹک کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ماہرین نے پہلے اس کیلئے ایک کم خرچ اور ماحول دوست کیمیکل بنایا جس میں کپاس کا فضلہ ڈالا تو وہ اس میں حل ہوگیا۔ اس کے بعد ایک نامیاتی (آرگینک) پالیمر بن گیا جسے آسانی سے پلاسٹک کی شیٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔اسی طرح کاٹن جننگ سے بچنے والے کوڑا کرکٹ سے بھی پلاسٹک بنایا جاسکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ پلاسٹک ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر دھیرے دھیرے ازخود تلف ہوکر ختم ہوجاتا ہے۔ اسے کاٹن فارمنگ صنعت میں گانٹھوں کی پیکنگ اور بیج وغیرہ رکھنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔پروفیسر مریم نے بتایا کہ پلاسٹک ختم ہوکر دوبارہ کھاد اورمٹی کا حصہ بن جاتا ہے۔ اسی مٹی میں دوبارہ کپاس کاشت کی جاسکتی ہے اور اس سے پیدا ہونے والی کپاس کے فضلے کو دوبارہ پلاسٹک میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح آج ہم پیٹرولیم سے جو پلاسٹک کی تھیلیاں بنارہے ہیں ان کے مقابلے میں یہ بہت کم خرچ ثابت ہوگا۔

شعیب اختر نے سرفراز احمد کو احمق کپتان قرار دے دیا

راولپنڈی(ویب ڈیسک)سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے کپتان سرفراز احمد کو’ذہانت سے عاری‘کپتان قرار دے دیا۔بھارت سے ورلڈ کپ میچ میں بد ترین شکست کے بعد سابق قومی کرکٹرشعیب اخترنے کپتان سرفرازاحمدکو ’ذہانت سے عاری کپتان قراردیتے ہوئے کہا کہ انہیں عقل ہی نہیں کہ بحیثیت کپتان کرنا کیا ہے۔ سابق باﺅلر نے بھارت کے خلاف میچ میں سرفراز کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کوبھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرفرازکی جانب سے بالکل غلط فیصلہ لیا گیا یہ جانتے ہوئے بھی کہ ہم ہدف کے تعاقب میں کمزور ہیں۔شعیب اختر نے ناصرف قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کوآڑے ہاتھوں لیا بلکہ فاسٹ بالر حسن علی کو بھی کھری کھری سناتے ہوئے ان کی باﺅلنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر چھلانگیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا، کامیابی کے لیے گراﺅنڈ میں کچھ کرکے دکھانا ضروری ہوتا ہے، حسن علی کے ذہن میں بس پی ایس ایل ہے اوروہ دوسرے میچوں پرتوجہ نہیں دے رہے۔واضح رہے کہ بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف جیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گرین شرٹس کو 89 سے شکست دے دی تھی۔

روپے کی بے قدری جاری، انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا

کراچی(ویب ڈیسک) ملک میں جاری معاشی بحران کے باعث روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک میں ڈالر 157 روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ہر روز ڈالر ملکی تاریخ کی نئی سطح پر پہنچ رہا ہے۔پیر کے روز بھی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری رہا اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 12 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد ڈالر ملک تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 156 روپے 96 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 79 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر156 روپے 80 پیسے کی سطح پر آگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اب تک ڈالر کی قدت میں 20 روہے تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔