اورلینڈو(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بارصدارت کے لیے انتخابی مہم کا آغاز امریکی ریاست فلوریڈا سے کردیا۔انتخابی مہم کے آغازپرخطاب کرتے ہوئے امریکی صدرنے کہا کہ معاشی حالات بہتر اور امریکا مستحکم ہورہا ہے، ہم زیادہ تر کام کرچکے، دوسرے دور صدارت میں تمام اہداف حاصل کریں گے، امریکا میں بیروزگاری کی شرح پہلے سے کم ہوگئی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے حوالے سے کہنا تھا چین پرعائد ٹیکس کام دکھانے لگے اور بین الاقوامی کمپنیاں چین چھوڑرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام پربوجھ ڈالنے کی خبریں جھوٹ ہیں لوگ ان خبروں پر توجہ نہ دیں، ڈیموکریٹ امریکا میں تقسیم درتقسیم چاہتے ہیں، تفتیش وتحقیقات کی آڑمیں مجھ پر حملہ عوام پرحملہ ہے، جو عوام کے حقوق اوربہتر مستقبل کے مخالف ہے، میرے مخالفین امریکی عوام کوبہترمستقبل سے محروم اور تباہ کرنا چاہتے ہیں۔امریکی صدرکا کہنا تھا کہ رابرٹ مولر کی تحقیقات ہمارے لیے رکاوٹ اور الجھن کا معاملہ نہیں، میکسیکو کی سرحد پر 400 میل کی نئی دیوار 2020 تک مکمل ہوجائے گی۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نومبر 2016 میں اپنی حریف ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔
Monthly Archives: June 2019
خلیج میں مزید امریکی فوج بھیجنے پر روس اور چین کا شدید ردِ عمل
ماسکو(ویب ڈیسک) روس اور چین نے امریکا کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں مزید ایک ہزار فوجیوں کی تعیناتی کو ’ تناﺅ بڑھانے کا عمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک نیا ’پینڈورا بکس‘ کھل جائے گا۔واضح رہے کہ اس جمعرات ایران اور امریکا کے درمیان تصادم کا خطرہ اور تناﺅ اس وقت بڑھ گیا تھا جب آبنائے ہرمز میں تیل کے دو بڑے ٹینکروں پر باقاعدہ منظم حملہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اس واقعے کی براہِ راست ذ مے داری ایران پر عائد کردی تھی۔ اس کے بعد امریکا نے خطے میں مزید 1000 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اقدام پر چین نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چین کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ’ وانگ یائی نے کہا کہ ہم تمام فریقین کو فہم اور تدبر کے مظاہرے کا کہہ رہے ہیں اور ایسے عمل سے اجتناب کریں جس سے علاقے میں کشیدگی بڑھے اور پینڈورا بکس نہ کھلے۔چینی وزارتِ خارجہ نے بطور خاص امریکا سے کہا کہ اسے انتہائی تناﺅ اور دباﺅ بڑھانے کی پالیسی سے گریز کرنا ہوگا۔ چینی دفترِ خارجہ نے ایران کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ بہتر فیصلے کرے اور 2015ءکے ایٹمی معاہدے کو نہ چھوڑے۔روسی نائب وزیرِ خارجہ سرگائی ریابکوف نے واشنگٹن سے کہا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنی افواج بڑھانے کے منصوبے کو ترک کردے۔ انہوں نے صحافیوں کی موجودگی میں امریکا اور اس کے اتحادی کو بار بار متنبہ کیا کہ وہ اس دھماکہ خیز خطے میں ’ کشیدگی بڑھانے کے غیرعقلی اور پرخطر عمل‘ کو ترک کرے۔واضح رہے کہ خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے علاقے میں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
ورلڈکپ 2019: جنوبی افریقا کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف
برمنگھم(ویب ڈیسک) ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا ہے۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔دونوں ٹیموں کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہونا تھا لیکن بارش اور گیلی آﺅٹ فیلڈ کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہو گیا اور امپائرز کی جانب سے میچ کو 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا لیکن ڈی کوک ابتداءمیں ہی 5 رنز بناکر آﺅٹ ہو گئے۔پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ 111 رنز کے مجموعی اسکور پر ہاشم آملہ بھی 55 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ اہم وکٹیں گنوانے کے بعد وین ڈر ڈوسن، مارکرام اور ڈیوڈ ملر نے بلیک کیپس کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم مقررہ 49 اوورز میں پروٹیز 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا سکے۔پروٹیز کی جانب سے ڈوسن 67 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ہاشم آملہ نے 55، مارکرام نے 38 اور ملر نے 36 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فیروگسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ، گرینڈ ہوم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ایونٹ میں اب تک نیوزی لینڈ نے 4 میچز کھیلے جن میں 3 میں کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ جنوبی افریقی ٹیم نے اب تک 5 میچز کھیلے جس میں سے 3 میں ناکامی ایک میں کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور جنوبی افریقی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔
بھارت میں خواتین غیر محفوظ، سابق مس انڈیا یونیورس بھی ہراسانی کا شکار
کولکتہ(ویب ڈیسک) بھارت کی سابق مس انڈیا یونیورس اوشوشی سین گپتا پر 15 لڑکوں نے حملہ کرکے نہ صرف انہیں ڈرایا دھمکایا بلکہ ڈرائیور کو بھی باہر نکال کر مارا پیٹا، اس واقعے کے بعد اوشوشی نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرکے بھارتی پولیس کو بروقت مدد نہ کرنے پرشدید تنقید کا نشانہ بنایاہے۔2010 میں مس انڈیا یونیورس کا خطاب جیتنے والی اوشوشی سین گپتا نے اپنے ساتھ پیش آئے خوفناک واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے پوری دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے کہ کس طرح بھارت میں خواتین غیر محفوظ ہیں اور پولیس بھی خواتین کی مدد کرنے میں پس وپیش سے کام لیتی ہے۔اوشوشی نے فیس بک پر اپنے ساتھ پیش آئے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا منگل کی رات تقریباً پونے بارہ بجے وہ کولکتہ کے ہوٹل سے کام ختم کرنے کے بعد اوبر کی کار سے واپس اپنے گھر جارہی تھیں کہ تقریباً 15 نوجوان لڑکوں نے ان کی کار پر حملہ کردیا اور مسلسل کار کا دروازہ پیٹتے ہوئے ڈرائیور کو باہر آنے کا کہہ رہے تھے۔ بلآخر ان لڑکوں نے ڈرائیور کو گھسیٹ کر باہر نکال کرپیٹنا شروع کردیا اس موقع پر میں کار سے باہر نکلی اور لڑکوں پر چلانا شروع کردیا اور ان کی ویڈیو بھی بنائی۔اوشوشی نے کہا کہ وہ بھاگ کر نزدیکی پولیس اسٹیشن گئیں اور وہاں موجود پولیس آفیسر سے مدد مانگی لیکن اس نے یہ کہہ کر مدد کرنے سے انکار کردیا کہ یہ علاقہ اس کی عملداری میں نہیں آتا، تاہم بہت زیادہ منت کرنے کے بعد وہ آفیسر ان کے ساتھ چلنے کے لیے تیار ہوا، پولیس آفیسر کو دیکھ کر وہاں موجود لڑکے آفیسر کو دھکا دے کر بھاگ گئے۔میں نے اور میرے ساتھ موجود میری ساتھی نے ڈرائیور سے درخواست کی کہ ہمیں گھر چھوڑ دے اورجب ہم اپنے گھر پہنچے تو یہ دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے کہ 6 لڑکے موٹر سائیکلوں پر ہمارا پیچھا کررہے تھےانہوں نے ہماری کار روکی اور کار پر پتھر مار کر شیشہ توڑ دیا اس کے علاوہ وہ میرا فون بھی چھین کر توڑنا چاہ رہے تھے جس میں ان کے حملے کی ویڈیو موجود تھی، بعد ازاں وہ لڑکے وہاں سے بھاگ گئے۔اوشوشی نے یہاں ایف آئی آر درج کرانے میں پیش آئی مشکلات اور بھارتی پولیس کے رویے کی قلعی کھولتے ہوئے کہا کہ پولیس نے لاتعداد سوالات پوچھنے کے بعد میری شکایت تو درج کرلی لیکن اوبر کے ڈرائیور کی شکایت درج کرنے سے انکار کردیا اس کا کہنا تھا کہ انہیں ایک ہی کیس میں دو ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت نہیں ہے یہ قانون کے خلاف ہے۔اوشوشی نے بھارت کو خواتین کے لیے غیر محفوظ ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ اس رات کے حادثے نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا ہے۔ دوسری جانب سابق مس انڈیا یونیورس پر حملہ کرنے والے لڑکوں میں سے سات لڑکوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
سنی دیول کی بھارتی الیکشن میں جیت خطرے میں پڑنے لگی
نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارتی الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پر گورداس پور لوک سبھا کی سیٹ جیتنے والے اداکارسنی دیول کی کرسی خطرے میں پڑنے لگی۔ناموربالی ووڈ اداکارسنی دیول حال ہی میں بھارتی الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پرپنجاب کے حلقے گورداس پورسے سیاسی اکھاڑے میں اترے اوراپنے حریفوں کومات دیتے ہوئے الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی، تاہم اب ان کی سیٹ خطرے میں پڑگئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنی دیول نے اپنی انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے طے کیے گئے اخراجات سے زیادہ پیسے خرچ کیے۔ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں پرنظررکھنے والے ادارے واچ ڈوگ کوسنی دیول کے زائد اخراجات کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی ہے، لہذٰا اس معاملے پرالیکشن کمیشن سنی دیول کے خلاف کارروائی کرکے انہیں نوٹس جاری کرسکتا ہے جس کے باعث سنی دیول کی جیتی ہوئی سیٹ بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔بھارتی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقررکردہ ماڈل ضابطہ اخلاق کے قواعدو ضوابط کے مطابق لوک سبھا کا کوئی بھی امیدوار اپنی انتخابی مہم میں 70 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کرسکتا جب کہ الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق سنی دیول نےانتخابی مہم کے دوران تقریباً86 لاکھ روپے خرچ کیے۔الیکشن کمیشن کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کا ادارہ امیدوار کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو معطل کرکے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کو فاتح قرار دے سکتاہے۔واضح رہے کہ سنی دیول نے گورداس پور کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار سنیل جاکھڑ کو 80 ہزارووٹوں سے شکست دے کرکامیابی حاصل کی تھی۔ گورداس پور کی یہ سیٹ سنی دیول سے قبل اداکار وسیاستدان ونود کھنہ کے پاس تھی۔
گھونگھوں میں خطرناک بیکٹیریا کے خلاف مﺅثرکیمیکلز دریافت
لندن(ویب ڈیسک) گھر کے لان اور باغیچے میں عام پائے جانے والے گھونگھے میں تین اہم پروٹین دریافت ہوئے ہیں جو کئی طرح کے امراض کے علاج کی وجہ بن سکتے ہیں۔ برطانیہ میں حیاتی علوم کے ماہرین سارہ پٹ اور ایلن گن نے دیکھا کہ گھونگھے باغیچے میں طرح طرح کےجراثیم اور بیکٹیریا والی مٹی پر مزے سے گزرتے ہیں لیکن خود بیمار نہیں ہوتے۔ اسی بنا پر انہوں نے اس کے جسم لے چپکنے والے مادے پر غور کیا۔تحقیق کے بعد ماہرین نے گھونگھے کے جسم میں چار ایسے پروٹین دریافت کئے جو اس سے قبل سائنس کے علم میں نہ تھے۔ ان میں سے دو اہم پروٹین ایک ایسے بیکٹیریا کےخلاف مﺅثر دیکھے گئے جو سسٹک فائبروسِس کے شکار مریضوں میں سانس کی تکلیف کی وجہ بنتے ہیں۔اس کے بعد کنگز کالج لندن میں مزید تجربات کے بعد باغیچے میں عام پائے جانے والے ایک اور پروٹین میں اینٹی بیکٹیریا خواص دیکھے گئے۔ اس طرح تین پروٹین ایسے بیکٹیریا کے خلاف مﺅثر پائے گئے جو اب تک روایتی دواﺅں سے بالکل متاثر نہیں ہوتے تھے۔ ان پروٹین کے نام 37.4 kDa، 17.5 kDa اور 18.6 kDa رکھے گئے ہیں۔ماہرین خوش ہیں کہ یہ پروٹین سسٹک فائبروسس لاحق ہونے کے بعد سانس کی بیماری اور انفیکشن پھیلانے والے ایک خطرناک بیکٹیریا ’پی اوریگائنوسا ‘ سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیکن مزید تحقیق سے پروٹین کے کئی خواص بھی سامنے آئیں گے۔
فیس بک نے 2020 میں ’لِبرا‘ نامی کرپٹوکرنسی لانے کا اعلان کردیا
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) فیس بک نے لِبرا نامی اپنی کرپٹوکرنسی کا اعلان کردیا ہے اور یہ 2020 تک عام دستیاب ہوگی۔ گردش میں ا?نے کے بعد اسے ڈجیٹل والٹ میں رکھا جاسکے گا اور فیس بک میسنجر یا واٹس ایپ کے ذریعے اس کا لین دین ممکن ہوسکے گا۔اس کے لیے فیس بک ایک ذیلی ادارے پر بھی کام کررہا ہے۔ لبرا کو کسی پیغام کی طرح میسنجر اور واٹس ایپ پر ایک سے دوسری جگہ بھیجنا ممکن ہوگا۔ فیس بک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوگ ’ نہ ہونے کے برابرمعاوضے‘ پررقم بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت حاصل کریں گے جس پر انتہائی معمولی کمیشن لیا جائے گا۔اگلے مرحلے میں لبرا آف لائن ادائیگی مثلاً بل بھرنے، سودا خریدنے اور عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کے لیے بھی استعمال ہوگی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کی پشت پر ویزا اور ماسٹر کارڈ جیسے ادارے ہیں جبکہ ای بے، اسپوٹیفائی، اور اوبر نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طریقے سے رقم کی ادائیگی قبول کریں گے۔لبرا کو بلاک چین ٹٰیکنالوجی پر مرتب کیا جائے گا اور سافٹ ویئر اوپن سورس ہوگا یعنی اسے دیگر آلات پر بھی چلایا اور استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ماہرین نے کہا ہے کہ فیس بک اس کرنسی کے ذریعے اپنے صارفین کو کمپنی کے پلیٹ فارم پر رکھے گا کیونکہ فیس بک اپنے صارفین کو نہیں کھونا چاہتی۔ تاہم فیس بک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دنیا میں ایک ارب 70 کروڑ ایسے افراد کے لیے مالیاتی سہولت دے گی جو اب بھی بینک اکاﺅنٹ نہیں رکھتے لیکن ان کے پاس موبائل فون موجود ہے۔اس پر ماہرین نے کہا ہے کہ فیس بک ایک بڑا آن لائن بینک بن جائے گا اور یوں لوگوں کا ڈیٹا اس پر موجود ہوگا جبکہ فیس بک سے صارفین کے ڈیٹا چوری ہونے کے ان گنت واقعات ریکارڈ پر ہیں اور اس صورت میں سوشل میڈیا پر کیسے اعتبار کیا جاسکتا ہے۔فیس بک نے کہا ہے کہ لبرا کی پشت پر کوئی اہم مالیاتی شے یا ایسٹ رکھا جائے گا ناکہ دیگر کرپٹوکرنسیوں کی طرح اس کا انحصار طلب اور رسد پر نہ ہوگا۔
اس سال امریکی ساحلوں پر 70 مردہ وھیل مل چکی ہیں
واشنگٹن(ویب ڈیسک) اگرچہ ابھی نصف سال باقی ہے لیکن امریکا کے مغربی ساحلوں (ویسٹ کوسٹ) پر اب تک 70 گرے وھیل مردہ پائی گئی ہیں جس سے ایک جانب تو سمندری حیات کے ماہرین پریشان ہیں تو دوسری جانب ان مردہ وھیلوں کو تلف کرنا ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔امریکی اداروں نے سمندر کے کنارے ذاتی جائیدادوں کے مالک سے کہا ہے کہ وہ وھیل کے لیے کچھ جگہ چھوڑیں تاکہ وہ قدرتی طور پر گل سڑکرتلف ہوسکیں۔یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے اور ماہرین نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ 20 سال میں وھیل کی ہلاکتوں کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ ماہرین ابھی اس پر غور کررہے ہیں لیکن خیال ہے کہ یہ عظیم الجثہ جانور بھوک سے مرے ہیں کیونکہ آب و ہوا میں تبدیلی سے سمندروں میں اتنے بڑے جانداروں کے لیے غذائی قلت پیدا ہوگئی ہے۔اگرچہ وھیل کی لاشوں پر مردار خور پرندے اور دیگر جانور آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود وھیل کو تلف ہونے میں وقت لگے گا اور ان کا تعفن ناقابلِ برداشت ہوتا جارہا ہے۔ سب سے زیادہ وھیل ریاست واشنگٹن کے ساحلوں پر ملی ہیں جن کی تعداد 30 ہے، دوسرے نمبر پر کیلیفورنیا ہے جہاں 37 مری ہوئی وھیل ملی ہیں جبکہ تین وھیل اوریگون میں پائی گئی ہیں۔سائنسدانوں نے فکرمندی سے کہا ہے کہ شاید اگلے چند ماہ میں مزید وھیلوں کی ہلاکت کے واقعات ہوسکتے ہیں اور شاید ان کی بڑی تعداد مرنے کے بعد دورافتادہ چھوٹے جزیروں پر جمع ہورہی ہے اور یوں اصل نقصان کا اندازہ لگانا محال ہے۔ایک خیال یہ ہے کہ گرے وھیل روزانہ بڑی مقدار میں کِرل اور ایمفی پوڈز نامی سمندری جاندار کھاتی ہیں لیکن بحری درجہ حرارت بڑھنے سے ان جانوروں کی تعداد ختم ہورہی ہے اور نتیجہ وھیل کی اموات کی صورت میں ظاہر ہورہا ہے۔
جاپان میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، سونامی الرٹ جاری
ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں طاقت ور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث سمندر میں دیو قامت لہریں پیدا ہوگئیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے بعد اب جاپان کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 6.8 محسوس کی گئی ہے جس سے سمندر میں دیو قامت لہریں پیدا ہوگئیں۔جاپان کے محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد ریسکیو اور بلدیاتی اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ’کاشی وازاکی کاریوالا‘ کے ایٹمی پلانٹ کے ساتوں ریکٹرز بند اور محفوظ ہیں۔محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو یماگاتا، نیگاتا اور لشیکاوا کے علاقوں میں سمندر سے واپس ساحل پر آنے کی ہدایت جاری کی ہے جب کہ شہریوں کو بھی ان علاقوں کے ساحلوں پر جانے سے منع کیا گیا ہے۔ دو ٹرینوں کی سروس کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جاپان دنیا بھر میں زلزلوں اور سونامی کے حوالے سے سب سے خطرناک ملک سمجھا جاتا ہے، مارچ 2011ءمیں 9.0 شدت کے زلزلے کے باعث سونامی نے 18 ہزار زندگیوں کے چراغ گل کردیئے تھے۔
سلمان خان کی ایک نصیحت نے سوناکشی کی زندگی بدل دی
ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی ایک نصیحت نے سوناکشی سنہا کو بالی ووڈ کی سپر اسٹار بنا دیا۔فلم ”دبنگ“ سے بالی ووڈ میں کیریئرکا آغاز کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا کا وزن ایک وقت میں 90 کلوگرام تھا اتنے زیادہ وزن کے ساتھ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ہیروئن بن سکیں گی لیکن سلمان خان کی نصیحت نے ان پر جادو کا کام کیا اور انہوں نے نہ صرف وزن میں خاطر خواہ کمی کی بلکہ آج ان کا شمار بالی ووڈ کی ٹاپ ہیروئنزمیں ہوتا ہے۔بالی ووڈ میں انٹری سے قبل سوناکشی بطور کاسٹیوم ڈیزائنراپنے کیریئرکا آغاز کرچکی تھیں تاہم سلمان خان نے انہیں وزن کم کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ سلمان خان چاہتے تھے کہ سوناکشی بالی ووڈ میں اپنا کیریئربنائے۔ سلمان خان کی نصیحت پر عمل کرکے سوناکشی نے اپنے وزن میں 30 کلوگرام تک کمی کی اور2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم”دبنگ“میں پہلی بار کام کیا۔ایک انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا نے سلمان خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے وہ اپنا وزن کم کرنے پر راضی ہوئیں۔واضح رہے کہ سوناکشی فلم ”راﺅڈی راٹھور“، ”دبنگ 2“،” لٹیرا“ اور” بلٹ راجا“ سمیت متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں اور اب وہ ”دبنگ“ کی تیسری فلم میں سلمان خان کے مقابل مرکزی کردار اداکرتی نظر آئیں گی۔
9100 ڈالر کی صرف گھاس، امریکی شہری آن لائن لاٹری سے ماموں بن گیا
فلوریڈا(ویب ڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو بھاری بھرکم رقم کے عوض گھر کی بجائے گھاس کی بیلٹ فروخت کرکے ماموں بنادیا گیا۔مغربی فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے یہ سمجھا کہ اس کی لاٹری نکل آئی ہے کیونکہ ایک آن لائن نیلامی میں ایک ولا یعنی بڑے گھر کے لیے لگائے جانے والی بولی میں اس نے 9100 ڈالر کی بولی لگائی اور جیت اس کے حصے میں آئی۔کرولے ہولنیس نامی شہری نے پہلی دفعہ آن لائن نیلامی میں حصہ لیا تھا، اس نے آن لائن دیکھا کہ مغربی فلوریڈا میں 9100 ڈالر کی بولی میں اس کا نام آیا ہے لیکن اس کے بدلے میں جو اسے ملا وہ چونکا دینے والا تھا۔یہ کوئی بڑا گھر نہیں تھا بلکہ گھاس کی ایک 30 سینٹی میٹر چوڑی اور 3 میٹر لمبی پٹی تھی جس کی اصل قیمت 50 ڈالر بھی نہیں ہو سکتی تھی۔گھاس کی یہ پٹی دو بڑے گھروں کے درمیان انہیں علیحدہ کرنے کے کام آرہی تھی۔کاﺅنٹی ٹیکس سائٹ پر درج ہے کہ اس پٹی پر کچھ بھی تعمیر نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے انٹر نیٹ پر موجود تصاویر بھی جعلی ثابت ہوئیں۔اب کرولے ہولنیس اس پٹی کو لے کر پھنس گئے ہیں کیوںکہ وہ اس کا کچھ نہیں کر سکتے اور نہ ہی اسے بیچ سکتے ہیں اور مزید بد قسمتی کے یہ قیمت واپس بھی نہیں مل سکتی۔
جنوبی افریقا کی نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ
برمنگھم(ویب ڈیسک) ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں جنوبی افریقا کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور پروٹیز نے 2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 11 رنز بنا لیے ہیں۔برمنگھم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس پچ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے ہوا، وقت ضائع ہونے پر فی اننگز میں ایک اوور کی کٹوتی کی گئی ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پچ پر نمی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دی۔جنوبی افریقا نے ابھی تک ایونٹ میں 5 میچز کھیلے ہیں جس میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ نیوزلینڈ کی ٹیم نے 4 میچز کھیلے ہیں اور ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین نیب کو قر ضہ تحقیقاتی کمیشن کا سر بر اہ بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کو قرضہ تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کو قرضہ تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، حسین اصغر کو کمیشن کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جب کہ توقع ہے کہ حسین اصغر ڈپٹی چیئرمین نیب کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ 10 سال کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ملک پر 24 ہزار ارب روپے قرضہ چڑھنے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، گزشتہ دونوں حکومتوں کے خلاف ایک اعلیٰ سطح کمیشن تشکیل دینے جارہا ہوں جس میں ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور دیگر ادارے شامل ہوں گے جو تحقیقات کریں گے۔


















