ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 6 روپے کا اضافہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 6 روپے اضافہ کردیا ہے جس کے بعد گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 66 روپے اور کمرشل سیلنڈرمیں 250 روپے کااضافہ ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 6500 روپے فی ٹن اضافہ اور 430 ڈالر سے بڑھ کر 460 ڈالر فی ٹن ہوگیا جس کے بعد اوگرا نے بین الاقوامی قیمت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔اوگرا نے ماہ فروری کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں5 روپے 58 پیسے فی کلو اضافہ کیا ہے اور اب ایل پی جی 115.3کی بجائے 120.8 روپے فی کلو دستیاب ہو گی۔ گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 66 روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 250 روپے اضافہ کر دیا۔اب گھریلو سیلنڈر 1361کی بجائے 1428 روپے اور کمرشل سلنڈر 5240 کی بجائے 5493 روپے میں دستیاب ہوگا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 4776 روپے فی میٹرک ٹن اضافہ کر دیا گیا ہے، گزشتہ ماہ ایل پی جی کی پیداواری قیمت 58 ہزار 962 روپے تھی جو اب نئی قیمت کے ساتھ 63 ہزار 728 روپے ہوگئی ہے۔

صوفیہ: بچوں کو کوڈنگ سکھانے والی روبوٹ

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکا میں سلیکن ویلی میں واقع ایک کمپنی نے لِٹل صوفیہ نامی روبوٹ بنایا ہے جو بچوں سے بات کرنے اور گانا گانے کے علاوہ انہیں پروگرام کی زبان اور ہنر (کوڈنگ) بھی سکھاتا ہے اور بچے اسے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ہینسن روبوٹکس کے تیار کردہ اس روبوٹ کی اونچائی صرف 36 سینٹی میٹر ہے جس کے انسانی چہرے پر تاثرات بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس کے سر کی پشت شفاف بنائی گئی ہے جس میں برقی سرکٹ اور دیگر آلات دیکھے جاسکتے ہیں۔ ماہرین نے اسے ’تعلیمی ایلکسا‘ کا نام دیا ہے۔اس ایجاد میں مکمل روبوٹ جیسے فنکشن رکھے گئے ہیں جن کی فہرست طویل ہے۔ یہ بچوں کو لطائف سناتی ہے، گنگناتی ہے، بات کرتی ہے اور گیمز کھیلتی ہے۔ اس سے بڑھ کر صوفیہ میں آگمینٹیڈ رئیلٹی کے فنکشن ہیں جس کی بدولت آپ اسے نئے کپڑے پہنانے سے قبل ہی اس کا روپ دیکھ سکتے ہیں۔اسے ایک چھوٹی استانی بھی کہا جاسکتا ہے۔ آئی او ایس اور اینڈروئڈ ایپ کے ساتھ استعمال کرنے سے پائتھن اور بلوکلی زبان میں پروگرامنگ سیکھی جاسکتی ہے۔ صوفیہ کو 7 سے 13 سال تک کے بچوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ان میں سائنس، ٹیکنالوجی ، ریاضی اور انجینئرنگ کا شعور اجاگر کیا جاسکے۔واضح رہے کہ یہ ایک کِک اسٹارٹر ایجاد ہے جس نے صرف 59 دنوں میں 75 ہزار ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرلی جو ہدف کے مقابلے میں آدھی ہے۔ اس روبوٹ کی قیمت 99 ڈالر ہے جو جلد بکنگ کرنے والے افراد حاصل کرسکتے ہیں اور بعد میں اس کی قیمت 149 ڈالر تک جاپہنچے گی۔

پیٹ میں جاکر پھولنے اور معدے کی خبر دینے والی گولی

بوسٹن(ویب ڈیسک) میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے ماہرین نے جیلی نما گیند بنائی ہے جسے آسانی سے نگلا جاسکتا ہے، یہ گیند پیٹ میں جاکر پھول جاتی ہے اور ایک ماہ تک وہاں رہتے ہوئے معدے کی اندرونی کیفیت اور امراض سے آگاہ کرتی ہے۔پھولنے والی گولی معدے میں رہتے ہوئے 30 روز تک اندر کے درجہ حرارت اور دیگر افعال کی خبر دیتی رہتی ہے۔ جب اس گولی کو بدن سے خارج کرنا ہو تو مریض کیلشیئم کا محلول پی لے اس کے بعد گولی ازخود جسم سے باہر خارج ہوجائے گی۔چھوٹی سی گولی پیٹ کے اندر جاکر ٹیبل ٹینس کی گیند کی طرح پھیل جاتی ہے۔ اس میں بہت سے سینسر لگے ہیں جو معدے کی تیزابیت میں بھی کام کرتے رہتے ہیں۔ ایم آئی ٹی ماہرین نے ہائیڈروجل اور پالیمر کے ملاپ سے اس گولی کو تیار کیا ہے جو پٹ میں جاکر پھول جاتی ہے۔یہ اتنی نرم ہے کہ معدےمیں بھاری پن پیدا نہیں کرتی۔ ماہرین نے اسے پفر فِش کو دیکھتے ہوئے بنایا ہے جو خطرے کے وقت خود کو پھلالیتی ہے۔ اسی طرح ہائیڈروجل سے بنی گولی اپنے اندر پانی جمع کرکے پھیلتی رہتی ہے۔ماہرین نے سینسر لگا کر اس گولی کو خنزیروں پر آزمایا ہے۔ ان تجربات میں سوروں کے معدے کے درجہ حرارت اور دیگر معلومات جمع کی گئی ہے۔ آخر میں کیلشیئم محلول پلا کر اسے جسم سے کامیابی سے باہر نکالا گیا ہے۔ ماہرین کے خیال ہے کہ جلد ہی یہ ٹیکنالوجی انسانی آزمائش کے لیے مکمل محفوظ اور مو¿ثر بنالی جائے گی۔

کرینہ کپور ”لاپرواہ ماں“ کہنے پر پھٹ پڑیں

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے خود کو لاپرواہ ماں کہنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہآپ لوگ میری زندگی سے متعلق کچھ نہیں جانتے۔کرینہ کپور نا صرف شوبز انڈسٹری میں کام کررہی ہیں بلکہ اس کے ساتھ وہ اپنے بیٹے تیمور کی بھی پرورش کررہی ہیں۔ جہاں کرینہ کپور کو یہ دونوں کام بخوبی انجام دینے پر سراہا جاتاہے وہیں کچھ لوگوں نے انہیں ”لاپرواہ ماں“کا خطاب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرینہ اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا نہیں کررہیں، کیونکہ وہ اپنے بیٹے کی پرورش کے لیے آیا پر انحصار کرتی ہیں اور تیمور اپنی ماں کے پاس ہونے کے بجائے زیادہ تر اپنیآیا کے ساتھ نظرآتا ہے۔حال ہی میں اپنے ریڈیو شو کے دوران کرینہ نے خود کو ”لاپرواہ ماں“کہنے والوں کوکرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں کام کرنے کے ساتھ اپنے بیٹے کی بھی پرورش کررہی ہیں اور یہ چیز ان کے لیے بہت چیلنجنگ ہے، اس کے ساتھ ہی کرینہ نے تنقید کرنے والوں کو خاموش کراتے ہوئے کہاآپ لوگ میری زندگی سے متعلق کچھ نہیں جانتے۔

اجے دیوگن اپنی ہی فلم کی راہ میں رکاوٹ بن گئے

ممبئی(ویب ڈیسک) اجے دیوگن کی نئی رومینٹک کامیڈی فلم ”دے دے پیار دے“ کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور اس کی وجہ ان ہی کی ایک اور فلم ”ٹوٹل دھمال“ کو قرار دیا جارہا ہے۔ بالی ووڈ کے سینئر اداکار اجے دیو گن کی فلم ”دے دے پیار دے“ 15 مارچ کو بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بننا تھی تاہم اب اسے 17 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔”دے دے پیار دے“ کے فلمسازوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ میں ردو بدل ”ٹوٹل دھمال“ کی وجہ سے کیا ہے، اس فلم میں بھی اجے دیو گن ہی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور یہ فلم 22 فروری کو ریلیز ہوگی، بزنس کے اصولوں کے مطابق یہ صحیح نہیں کہ ایک ہی اداکار کی دو فلمیں 20 دن کے فرق سے ریلیز ہوں، اس لئے اب فلم کو 15 مارچ کے بجائے 17 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ”دے دے پیار دے“ کامیڈی رومینٹک فلم ہے، جس میں اجے دیوگن 8 سال بعد رومانوی کردار میں نظر آئیں گے۔

بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کی فہد مصطفیٰ کی نقل اتارنے کی ویڈیو وائرل

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ بھی اداکار فہد مصطفیٰ کی صلاحیتوں سے متاثر ہوگئی ہیں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ فہد مصطفیٰ کی نقل اتارتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔نیہا ککڑ کا شمار بالی ووڈ کی موجودہ دور کی صف اول کی گلوکاراﺅں میں ہوتا ہے جو اپنی خوبصورت آواز کی وجہ سے تو مقبول ہی ہیں اس کے ساتھ اپنی نٹ کھٹ شرارتوں کی وجہ سے بھی میڈیا کی توجہ کامرکز بنی رہتی ہیں۔ نیہا ککڑ اکثر سوشل میڈیا پر اپنی مزاحیہ ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں تاہم حال ہی میں انہوں نے پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کی نقل اتارتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں نیہاککڑ فہد مصطفیٰ کے نجی ٹی وی پرآن ایئر ہونے والے شوکے ایک کلپ کی نقل اتارتی ہوئی نظرآرہی ہیں، یہ کامیڈی کلپ سوشل میڈیا پر اس سے قبل بھی وائرل ہوچکا ہے۔ نیہا ککڑ نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے”شرما گئی“۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو اب تک 27 لاکھ سے زائد بار دیکھااورہزاروں بار لائیک کیا جاچکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے مزید 2 کشمیری شہید

سرینگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید دو کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جس کے بعد نہتے مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 شہریوں کو شہید کردیا۔ واقعے کے بعد نہتے عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہیں روکنے کے لیے بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے طاقت کا استعمال کیا۔ اس کے علاوہ علاقے کی صورت حال اور عوامی غم و غصے کی لہر سے متعلق خبروں کو دبانے کے لیے موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔دوسری جانب آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے دورہ کشمیر کے دوران مکمل شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

افغانستان سے ایک ماہ میں داعش کا صفایا کرسکتے ہیں، طالبان

دوحا(ویب ڈیسک) افغان طالبان کے قطر دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان میں امریکا اور افغان حکومت سے کوئی جنگ نہ ہوں تو داعش کا کام ایک ماہ میں تمام کرسکتے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے کہا کہ امریکا کے جانے کے بعد افغانستان میں امن کے لیے داعش کوئی بڑا خطرہ ثابت نہیں ہوسکتی، بلکہ امن معاہدے کی صورت میں وہ ایک ماہ میں افغانستان سے داعش کا مکمل طور پر صفایا کرسکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے افغان طالبان قطر دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ داعش کو افغان حکومت اور امریکا کی مدد و پشت پناہی حاصل ہے اور بات ہم نہیں کررہے بلکہ افغان حکومت میں شامل ان کے اپنے ممبران پارلیمنٹ بار بار یہ بات سب کے سامنے دہرا چکے ہیں۔سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں داعش کبھی بھی کوئی بڑی قوت نہیں رہی ہے، ہم حال ہی میں افغانستان کے شمال سے ان کا خاتمہ کررہے تھے لیکن امریکا اور افغان حکومت ان کو دوسری جگہوں پر لے گئے اور ایک مرتبہ پھر ان کو زندہ کردیا۔ اگر افغانستان میں طالبان کی امریکا اور افغان حکومت سے کوئی جنگ نہ ہوں تو پھر داعش کا کام ایک ماہ میں تمام کرسکتے ہیں۔امریکا کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات کے حوالے سے سہیل شاہین نے کہا کہ بات چیت میں امریکا کے افغانستان سے انخلاءاور افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے پر بات ہوئی ہے اور اس پر اصولی طور پر دونوں جانب سے اتفاق بھی ہوچکا ہے۔

ایران کے دو ہزار سے زائد سوشل میڈیا اکاﺅنٹس بند

تہران(ویب ڈیسک) فیس بک، انسٹا گرام اور ٹویٹر نے ایران سے چلنے والے ہزاروں اکاﺅنٹس اور صفحات کو بند کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے چلنے والے 356 فیس بک اکاﺅنٹس، 262 پیجز اور 3 گروپس سمیت 162 انسٹا گرام اکاﺅنٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹویٹر نے بھی 2 ہزار سے زائد اکاﺅنٹس بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔فیس بک کا دعویٰ ہے کہ ان اکاﺅنٹس اور پیجز سے بیرون ملک لوگوں تک رسائی حاصل کی جارہی تھی اور مخصوص ایجنڈے کو فروغ دیا جا رہا تھا۔ زیادہ تر اکاﺅنٹس سرکاری سرپرستی میں چل رہے تھے۔ادھر ٹویٹر نے بھی ایران سے چلنے والے 2 ہزار اکاﺅنٹس کو معطل اور سیکڑوں کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں ٹویٹر نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت اور اثر انداز ہونے کی کوشش کرنے والے ہزاروں اکاﺅنٹس کو بند کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹس نے یہ اقدام انتخابات میں مداخلت اور دوسرے ممالک کی سیاست پر اثر انداز ہونے سے محفوظ رکھنے کی پالیسی کے تحت اٹھایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیٹا استعمال ہونے کے بعد کافی محتاط ہوگئی ہیں۔

امریکا نے فلسطین میں امدادی سرگرمیاں بند کردیں

غزہ(ویب ڈیسک) امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے فلسطینی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے بین الاقوامی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے فلسطینی علاقوں مغربی کنارے اور غزہ پٹی پر ہر قسم کی امدادی سرگرمیوں کے سلسلے کو روک دیا ہے۔امریکی حکام کا موقف ہے کہ امدادی سرگرمیوں کی بندش فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پر کی گئی ہے اور اب تک ایسے شواہد نہیں ملے کہ یو ایس ایڈ مستقل بنیادوں پر سرگرمیاں بند کر رہا ہے۔فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے یو ایس ایڈ کی سرگرمیاں بند ہونے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر امدادی کیمپ میں سرگرمیان ماند پڑگئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں امریکی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ’ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی‘ (UNRWA) کی مالی امداد مکمل طور پر ختم کر دی تھی۔

تجارتی تناﺅ پر امریکی صدر کا چینی ہم منصب سے ملاقات کا فیصلہ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی تناﺅ کے خاتمے اور معاشی معاہدوں پر عمل درآمد لیے اپنے چینی ہم منصب سے جلد ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس امریکا اور چین کے درمیان شروع ہونے والی معاشی جنگ رواں برس اپنے منطقی انجام تک پہنچتی نظر آرہی ہے۔ تازہ پیشرفت میں صدر ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب سے جلد ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے ملاقات کا فیصلہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے کامیاب اجلاس کے بعد کیا۔ صدر ٹرمپ چین کے صدر سے ملاقات کے دوران معاشی تناﺅ کے خاتمے اور تجارتی معاہدوں کی پاسداری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔قبل ازیں واشنگٹن میں ہونے والے چین اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو فریقین نے راست، موثر اور نفع بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی دو بڑی معاشی قوتوں کو تنازعات کے جلد از جلد حل کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہوگا جو خطے میں امن اور استحکام کی ضمانت ہو۔واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان جاری معاشی جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاءپر ٹیکس کی شرح میں بے پناہ اضافہ کردیا تھا جب کہ حال ہی میں امریکی درخواست پر موبائل کمپنی ہواوے کے سربراہ کی گرفتاری نے تنازع میں اضافہ کردیا ہے۔

امریکا نے روس سے ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ منسوخ کردیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے روس کے ساتھ برسوں پرانے درمیانے درجے کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق معاہدے کو باضابطہ طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ برس عندیہ دیئے جانے کے بعد بالاآخر امریکا نے روس کے ساتھ 1984ء میں کیے گئے درمیانی رینج کے ایٹمی ہتھیاروں کی بندش سے متعلق معاہدے کی منسوخی کا باضابطہ اعلان کردیا۔وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ امریکا کی جانب سے مکمل پاس داری کرنے کے باوجود روس کافی عرصے سے ایٹمی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتا رہا جو اب ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاہدہ یک طرفہ پر زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا، روس کے رویے کی وجہ سے امریکا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا ہے جو کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بے حد ضروری تھا۔امریکا اور روس کے درمیان 1987ءمیں درمیانی رینج کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا جس پر ا±س وقت کے امریکی صدر رونالڈ ریگن اور روس کے صدر میخائل گوربا چوف نے دستخط کیے تھے۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے فیصلہ کیا تھا کہ زمین سے مار کرنے والے 300 سے 3 ہزار 4 سو میل تک کی رینج والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کو ختم کردیا جائے گا اور آئندہ اس رینج کے میزائل نہیں بنائے جائیں گے۔

ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نے عوام کا حج کرنا بھی مشکل بنادیا، شہباز شریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نے عوام کا مکہ اور مدینہ جانا بھی مشکل بنادیا ہے۔حج اخراجات میں اضافے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستانی حجاج کو دینی فریضہ کی ادائیگی میں مشکلات سے دوچار کردیا، ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نے عوام کا مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنادیا، حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا حج قوم کو دیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے حج کو مقدس مذہبی عبادت نہیں بلکہ آمدن کے ذریعے کے طور پر لیا، پی ٹی آئی پہلی کابینہ ہے جس نے حج پر کسی قسم کی کوئی سبسڈی نہیں دی۔ تیل کی قیمتوں میں کمی اور دیگر فوائد حاجیوں کو کیوں نہیں دیے گئے، ہماری حکومت نے 2018 تک قربانی سمیت حج پیکجز کو مہنگا ہونے سے روکے رکھا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ حج کاروبار کا ذریعہ نہیں عبادت ہے، حکومت نے اللہ کے مہمانوں کو سہولت دینا ہوتی ہے، بھارت میں بھی حجاج کرام کو سہولت دی جاتی ہے۔ عام آدمی کے لیے حج کا سوچنا بھی موجودہ حکومت نے محال کردیا، اپوزیشن حج پیکجز میں اس قدر اضافے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھائے گی۔