کینبرا(ویب ڈیسک) سری لنکن ٹیسٹ بیٹسمین کرونارتنے آسٹریلوی باﺅلر کی گیند سر پر لگنے سے گرگئے۔کینبرا میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن اوپنر کرونارتنے آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کا باﺅنسر لگنے سے کریز پر گرگئے۔ آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں پانچ سو چونتیس رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں سری لنکن بیٹنگ جاری تھی۔ اس وقت کرونا رتنے چھیالیس رنز پر کھیل رہے تھے کہ یپٹ کمنزکی 142 کلومیٹر کی رفتار سے تیزی سے اٹھنے والی بال کو درست طریقے سے کرونارتنے جج کرنے میں ناکام رہے اور گیند ان کے سرکے پچھلے حصے پر آلگی۔گیند سر پر لگنے سے بلے باز کے ہاتھ سے بیٹ چھوٹ گیا اور وہ چکرا کر زمین پر آگرے، ساتھی کھلاڑی اور امپائر فوری طورپر ان کے پاس پہنچے اور ان کے اشارے پر اسٹریچر منگواکر انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
Monthly Archives: February 2019
شعیب ملک نے ساتھی کرکٹرز کیساتھ 37ویں سالگرہ منائی
کیپ ٹاﺅن (ویب ڈیسک) سرفراز احمد کی معطلی کے بعد قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے شعیب ملک نے ساتھی کرکٹرز کے ساتھ اپنی 37ویں سالگرہ منائی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل پیچ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کی گئی جس میں قومی ٹیم کے موجودہ کپتان کو ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔کیپ ٹاﺅن میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد ہوٹل پہنچ کرشعیب ملک نے سالگرہ کا کیک کاٹا، ٹیم کے ارکان نے ہیپی برتھ ڈے گنگنانے کے ساتھ تالیاں بجائیں اور شعیب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعیب ملک نے ٹیم کے ارکان کا شکریہ اداکرتے ہوئے دعاﺅں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔یکم فروری کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے شعیب ملک اب تک 35 ٹیسٹ، 279 ون ڈے اور 109 ٹی ٹوئنٹی میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔
سپریم کورٹ سمیت کسی بھی عدالت کو عوام پر ٹیکس نافذ کرنے کا کوئی اختیار نہیں، بلاول بھٹو
کراچی(ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے کیسے برداشت کرلیا کہ کوئی اور ادارہ عوام پر ٹیکس لگائے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئی گورننگ باڈی اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی، اس موقع پر بلاول بھٹو کو پریس کلب کی اعزازی رکنیت بھی دی گئی۔پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی پریس کلب سمیت ملک بھر کے پریس کلبز نے ہمیشہ سے جمہوریت کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور جمہوریت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کیا ہے، تمام پریس کلبوں کا دورہ کروں اورکوشش کروں گا کہ ملک بھر کے پریس کلبوں کو سیاست کا مرکز بناﺅں، ہم نے آزادی اظہار رائے کے لیے جدوجہد کرنی ہے اور آزادی اظہار رائے پر ہونے والے حملوں کا دفاع کرنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی نے 18ہویں ترمیم کی صورت میں 1973 کا آئین بحال کیا، حکومت اور دیگر قوتوں کی طرف سے جمہوریت، انسانی حقوق اور 18ہویں ترمیم پر حملے ہورہے ہیں، پی پی پی یہ حملے برداشت نہیں کرے گی اور بھرپور سیاسی جدوجہد کے لیے تیار ہے، 18ہویں ترمیم کو کمزور کرنے والےعدالتی فیصلوں کے خلاف نظر ثانی کے لیے جائیں گے، اگر اس کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی تو ملک کے کونے کونے میں جاﺅں گا اور لانگ مارچ کے لیے تیار ہوں لیکن 18ہویں ترمیم اور آئین پر آنچ نہیں آنے دوں گا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی طرف سے عجیب عجیب فیصلے آرہے ہیں، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مختصر اور تفصیلی فیصلوں میں اتنا اختلاف ہو، عدالتوں کے متضاد فیصلوں پر عوام سوال اٹھائیں گے، عدالتیں اس کی کیا منطقی دلیل دیں گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں پارلیمنٹ نے اپنا اختیار بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کا کھویا ہوا اختیار واپس لینا ہے، قومی اسمبلی نے کیسے برداشت کرلیا کہ کوئی دوسرا ادارہ عوام پر ٹیکس لگائے، سپریم کورٹ سمیت کسی بھی عدالت کو عوام پر ٹیکس نافذ کرنے کا کوئی اختیار نہیں، یہاں تک سینیٹ کو بھی یہ اختیار حاصل نہیں، یہ صرف قومی اسمبلی کا اختیار ہے، ان کے پاس یہ اختیار کیسے گیا اس پر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے، ایگزیکٹیو اختیارات وزیراعظم کو حاصل ہیں جنہیں کوئی دوسرا ادارہ استعمال نہیں کرسکتا، کب تک پارلیمنٹ خاموش بیٹھ کر اس تماشے کو دیکھے گی۔چیرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر باقی اداروں کا ایکٹوازم (فعالیت) ہوسکتی ہے تو پارلیمانی ایکٹوازم کیوں نہیں ہوسکتی، باقی ادارے خود کو طاقتور بناسکتے ہیں تو پارلیمنٹ خود کو طاقتور کیوں نہیں بناسکتی، اگر حکومت پارلیمنٹ کو سنجیدہ لے اور عوام کے مسائل حل کرے تو کامیاب بھی ہوسکتی ہے، ایک بنیادی فلسفہ ہونا چاہیے کہ پہلے انسان بنو پھر سیاست دان، حکمران یا جج بنو، انسداد تجاوزات کے خلاف عدالتوں اور حکومت کے فیصلے انسانی بنیادوں پر نہیں ہیں، میئر کراچی کو غریب لوگوں کی دکانیں اور گھر گراتے دیکھ کر پریشان ہوجاتا ہوں۔
پشاورزلمی کا ماہرہ خان کوبرانڈ ایمبیسیڈربرقراررکھنے کا اعلان
پشاور (ویب ڈیسک) پشاورزلمی نے پی ایس ایل سیزن فورکے لیے بھی ماہرہ خان کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر برقراررکھنے کا اعلان کیا ہے۔پشاورزلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ ماہرہ خان کو ایک مرتبہ پھرزلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ماہرہ خان پشاورزلمی کی بڑی سپورٹرز میں سے ایک ہیں اور پی ایس ایل تھری میں بھی پشاور زلمی کی ایمبیسیڈر اور دبئی میں ہونیوالے میچز اورکراچی میں ہونیوالے پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کی سپورٹ کے لیے موجود تھیں۔
ٹی ٹونٹی سیریز، ڈیوڈ ملر جنوبی افریقا کے کپتان مقرر
جوہانسبرگ(ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی اور تیسرے میچ کیلئے ڈیوڈ ملر کو جنوبی افریقی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔جارح مزاج بیٹسمین ون ڈے سیریز کے بعد مختصر فارمیٹ کے پہلے میچ میں بھی متاثر کن کارکردگی پیش نہیں کرپائے، تاہم گزشتہ مقابلے میں انہوں نے 4 کیچ اور2 رن آﺅٹ کر کے بیٹنگ میں اپنی ناکامی کا ازالہ ضرور کیا تھا۔یاد رہے کہ فاف ڈوپلیسی پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے اگلے دونوں میچز نہیں کھیلیں گے جب کہ کوئنٹن ڈی کک ہیمسٹرنگ کی وجہ سے پہلے ہی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، ان کی جگہ جانیمن میلان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا مقابلہ جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں اتوار کو ہو گا۔
صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے، شاہ محمود
ملتان(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آصف زرداری کی بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں جموریت، اٹھارویں ترمیم اور آئین کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن کچھ شخصیات کے مفادات کو خطرہ ضرور ہوسکتا ہے،حکومت کی ن لیگ سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی، بلکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مک مکا اور ڈیل ہو رہی ہے، یہ لوگ اپنی سیاسی بقا کے چکر میں ہیں، ماضی میں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر مقدمے بنائے ہیں، بلاول بھٹو کو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ سندھ کی حکومت کو تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔آصف زرداری کی جانب سے حکومت گرانے میں میڈیا سے مدد مانگنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہا کہ صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں الیکشن کے بعد جو بھی حکومت آئے گی اگر وہ پاکستان کے ساتھ ٹھیک ہوگے تو ہم بھی مل کر کام کریں گے، ہمارا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں، وہ اپنے معاملات پاکستان پر نہ ڈالیں، اگر میں نے کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سے رابطہ کیا ہے تو اس میں کوئی غلط بات نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ القاعدہ اور داعش کے خلاف ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، داعش ایسی قوت ہے جو خطے کو غیر مستحکم کرسکتی ہے، یہ افغانستان اور شام میں موجود ہے، میں نے چین، روس، امریکا، ایران، عمان سمیت مختلف ممالک کے دورے اور مذاکرات کیے، سب کا اتفاق ہے کہ داعش کو بڑھنا نہیں چاہیے، اس کے خلاف سب کو مل کر صف آرا ہونا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ 18 تاریخ کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تشریف لا رہے ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی زیادہ سے زیادہ حج کریں، کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنے۔
غریب اور امیر کا قانون ایک ہونے تک حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی، فواد چوہدری
گوجرانوالہ (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس طرح کی جیل نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق کو ملی ہوئی ہے عوام کو پتہ چل جائے تو آدھے پاکستانی جیل میں جانے کی خواہش کریں گے۔ گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا حال ایسے ہے جیسے جیل میں ہونے والی نماز کا ہوتا ہے، قاتل اذان دیتا ہے، ڈاکو امامت کراتے ہیں، اور چور سب نمازی ہوتے ہیں، یہی ہماری اپوزیشن ہے۔ پہلے ہمیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو الگ الگ بتانا پڑتا ہے، یہ سب شروع سے ہی ایک تھے لیکن اب اچھا ہوگیا ہے کہ یہ دونوں جماعتیں اعلانیہ بھی ایک ہوگئی ہیں، چور پہلے بھی اکٹھے تھے اب بھی اکٹھے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معشیت بہت اچھی تھی، اربوں روپے ملک میں آتے تھے، لیکن دونوں جماعتوں نے جو پیسہ گوجرانوالہ، جہلم، رحیم یارخان، پنڈدادن خان، لودھراں، لاڑکانہ میں لگانا تھا وہ پیسہ دبئی اور لندن سے برآمد ہوا، 90 ارب روپے لاڑکانہ پیکج کا اعلان ہوا اور اس پیسے سے دبئی میں محلات خرید لئے گئے، سندھ کا پیسہ کراچی سے نکلتا ہے، کراچی سے لاڑکانہ کے لئے نکالا جاتا ہے اور پھر لاڑکانہ سے لانچوں کے ذریعے دبئی پہنچ جاتا ہے، پنجاب کا پیسہ لاہور میں آتا ہے اور لاہور سے لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنس کی صورت برآمد ہوتا ہے، اور جب ان سے پوچھوکہ پیسے کہاں سے لائے تھے توکہتے ہیں جمہوریت خطرے میں پڑگئی ہے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاو¿س کے بجائے اپنے گھر بنی گالہ میں رہتے ہیں اور تمام اخراجات خود برداشت کرتے ہیں، وفاقی وزرا بھی عیاشیاں نہیں کررہے، پوری حکومت خود کو عوام کی جوابدہ سمجھتی ہے، اس کے برعکس جب شہبازشریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو ان کے 11 دفاتر تھے، ہر دفترمیں سرکار بیٹھی ہوئی تھی، جاتی امرا میں قائم اپنے ذاتی گھر کی دیوار بنانے کے لئے عوام کے 27 کروڑ روپے لگا دیئے گئے۔ نوازشریف جو آج مجبوراً پاکستان کے اسپتالوں میں علاج کرانا پڑ رہا ہے انہیں پاکستان کا اسپتال ہی پسند نہیں آرہا، جب کہ 30 سال تک یہی لوگ حکمران رہے، ان کے بھائی شہبازشریف پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے لیکن پھر انہیں اپنے ہی اسپتال پسند نہیں آرہے، حالانکہ انہیں ابھی بھی وی وی آئی پی سہولیات ملی ہوئی ہیں، انہیں پاکستان کے عام عوام کا احساس ہونا چاہے جو انہی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح کی جیل نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق کو ملی ہوئی ہے عوام کو پتہ چل جائے تو آدھے پاکستانی جیل میں جانے کی خواہش کریں گے، جب چاہتے ہیں پروڈکشن آرڈر لیتے ہیں اور ریمانڈ کے 90 دن منسٹر انکلیو میں جاکر بیٹھ جاتے ہیں، یہ ہماری حکومت ہے اور سچ یہ ہے کہ غریب کے لئے قانون اور اور امیر کے لئے قانون اور ہے، جب تک غریب اور امیر کا قانون ایک نہیں ہوگا تحریک انصاف کا مشن بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف شہبازشریف جیل جائیں تو پوری جیل ہی 5 اسٹار ہوٹل میں بدل جاتی ہے، وہاں سے 5 اسٹار اسپتالوں میں چلے جاتے ہیں، اور اگر غریب ٹانگے والا پکڑا جائے تو ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے سب جانتے ہیں، جب تک قانون کی عملداری برابر نہیں ہوگی اور جب تک نوازشریف اور آصف زرداری کے ساتھ جیل میں عام عوام جیسا سلوک نہیں ہوگا تحریک انصاف کی حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو مذاق بنا رکھا ہے، پاکستانی عوام کے پیسے کا بے دریغ ضیاع کیا گیا اور ملک کی حالت خراب کردی گئی، اب کہتے ہیں کہ حاجیوں کو سبسڈی نہیں دی گئی، ہم حج سبسڈی کیا دیتے؟ آپ نے غریب کی جیبوں میں چھوڑا کیا ہے جو ہم نکال کر دوسرے لوگوں کو سبسڈی دے سکیں۔
نہ مفت کی ڈیل قبول ہے نہ مفت کی ڈھیل قبول ہے، شیخ رشید
لاہور(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیل ناکام ہوگئی ہے اور ڈھیل کا ففٹی ففٹی پروگرام چل رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے آج میں بہت بڑی بات کہنے جارہا ہوں، وہ خفا نہ ہوں اگر یہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں اور ان افواہوں میں حقیقت ہے تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے، نہ مفت کی ڈیل قبول ہے نہ مفت کی ڈھیل قبول ہے، انہیں جانے نہیں دینے گے۔شیخ رشید نے شریف براداران کو بزدل سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے کیس میں ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان دونوں کی بیماری 20 سال پرانی ہے اور شاید یہ لوگ ضمانت کروانے میں آسانی کے لیے بیماری رکھتے ہیں، انہیں ڈیل کرنی آتی ہے اور اب یہ ڈیل میں ناکامی پر ڈھیل کی طرف جارہے ہیں، یہ لوگ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔وزیر ریلوے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ فی الفور شہباز شریف کی سیکورٹی سے رینجرز کی گاڑی ہٹائی جائے، اگر فوج ان چوروں کی سیکورٹی کے لیے پروٹوکول کی ڈیوٹی پر آگئی تو اس سے بہت غلط پیغام جارہا ہے، شریف برادران نے تو اسامہ بن لادن کا مال بھی نہیں چھوڑا تھا، یہ لوگ قطر، کویت اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سے بھی مال پکڑتے تھے، انہوں نے اسامہ سے تب پیسے پکڑے جب وہ سب کو پیارا تھا۔چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے لانگ مارچ کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بلاول صاحب لانگ گواچا اور لانگ مارچ میں بڑا فرق ہے، اگر بلاول کرپشن کے خلاف اور فالودے والے کے حق میں لانگ مارچ کریں میں ان کے ساتھ نکلوں گا، آصف زرداری چور ہیں مگر شریف خاندان کی طرح بزدل نہیں ہیں، انہوں نے مردے کو نہیں چھوڑا، جنازے بھی نہیں بخشے اور مرے ہوئے شخص پر بھی دو ارب روپیہ باہر بھیج دیا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کو چیرمین پی اے سی بناکر بلنڈر کیا ہے، میرے پی اے سی میں جانے سے اپوزیشن کی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں، عمران خان نے پی اے سی کے لیے میرا نام دے دیا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ اسپیکر کیوں دیر کررہے ہیں، قومی اسمبلی کے اسپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ثناءاللہ قادری اور سعد رفیق کو بھی فی الفور پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا ممبر بنائیں۔
حکومت گرانے کے لیے میڈیا ہمارا ساتھ دے، آصف زرداری
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے میڈیا ہمارا ساتھ دے ہم صحافیوں کی مشکلات میں ان کا ساتھ دیں گے۔اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر سے متعلق اے پی سی میں خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی معاملات پر سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مختلف ہوسکتی ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر تمام پاکستانیوں کا ایک ہی موقف ہے، ہم کشمیر کو خود سے الگ نہیں کرسکتے کشمیر ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہوسکتے۔آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو سمجھنا چاہیے کہ کشمیر پر حکومت کا نہیں پورے پاکستان کا ایک ہی موقف ہے، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر سے متعلق آواز بلند کی، بھارت سے جب بھی مذاکرات ہوئے کشمیر پر بات ہوئی، بلاول اور آصفہ بھی مسئلہ کشمیر کو سمجھتے ہیں اس پر آواز بلند کررہے ہیں، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھولیں گے، کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان آمریت کے دور میں پہنچا، کشمیر کاز پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، انشاءاللہ میں کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا ہمارے ساتھ حکومت گرانے کے لئے کندھا ملائے ہم آپ کے ساتھ ملائیں گے۔
کراچی کے بعد لاہو ر میں زلزلہ،لوگ گھروں سے کلمہ کا ور د کرتے ہو ئے باہر نکل پڑے
لاہور ،کراچی (ویب ڈیسک)کراچی اور اس کے گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ گھروں سے کلمہ کا ور د کرتے ہو ئے باہر نکل پڑے۔تا ہم کسی جانی یا ما لی نقصا ن کی اطلاع فو ری طو ر پر مو صو ل نہ ہو سکی ۔
نوازشریف جیل سے سروسز اسپتال منتقل
لاہور: (ویب ڈیسک)نوازشریف کو جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔داخلہ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو مراسلہ بھجوایا تھا جس میں سابق وزیراعظم کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی۔مراسلے میں نوازشریف کو لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔محکمہ داخلہ کی اجازت کے بعد کوٹ لکھپت جیل حکام نے سابق وزیراعظم کو جیل سے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کردیا ہے۔میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی ناساز طبعیت کے پیش نظر انہیں جیل سے باہر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پیراگون اسکینڈل: عدالت نے خواجہ برادران کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
لاہور (ویب ڈیسک ) احتساب عدالت نے خواجہ برادران کو 16 فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔نیب لاہور نے پیراگون ہاو¿سنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار خواجہ برادران کا ایک ہفتے کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بھی عدالت کےباہر پہنچ گئے جب کہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی، نیب نے عدالت سے سعد رفیق اور سلمان رفیق کے مزید 15 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔عدالت نے خواجہ برادران کو 16 فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی: جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی
کیپ ٹاﺅن ( ویب ڈیسک ) پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ کیپ ٹاﺅن میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے، پروٹیز کی جانب سے کپتان فاف ڈپلیسی 78 اور ہینڈرکس 74 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 3، عماد وسیم، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔جواب میں پاکستان کی ٹیم 20 اوورز میں 186 رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شعیب ملک 49، حسین طلعت 40 اور بابر اعظم 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ہینڈرکس، موریس اور شمسی نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ سے قبل محمد حفیظ انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث انہیں پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ 5 ایک روز میچز کی سیریز میں 2-3 سے قومی ٹیم کو شکست دی تھی۔


















