بالی ووڈ کوریوگرافر سلمان خان پر جنسی ہراسانی کاالزام

ممبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ کوریوگرافر اورمقبول ڈانس شو ”ڈانس انڈیا ڈانس“ سیزن ون کے ونر سلمان یوسف خان پر خاتون نے ایک سے زائد بار جنسی ہراسانی کاالزام لگایاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کوریوگرافر اور ڈانسر سلمان یوسف خان کے خلاف ایک خاتون ڈانسر نے ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ سلمان یوسف اور ان کے کزن نے انہیں ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا اوربدسلوکی کی۔خاتون ڈانسر(شناخت ظاہر نہیں کی گئی) کی جانب سے درج کرائی جانے والی ایف آئی آمر کے مطابق ان کی سلمان سے پہلی ملاقات ممبئی کے علاقے اوشیوارا اندھیری میں ایک کافی شاپ میں ہوئی تھی جہاں سلمان نے انہیں دبئی کے ”بالی ووڈ پارک“میں ان کے ساتھ پرفارم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ بعد ازاں سلمان نے انہیں گھر چھوڑنے کی پیشکش کی اور اسی دوران انہیں نامناسب انداز میں چھوا۔دوسرا واقعہ ایئرپورٹ پر پیش آیا جب سلمان نے انہیں اپنے کزن سے متعارف کروایا اس وقت سلمان اور ان کے کزن نے انہیں ایئرپورٹ سے واپسی پر کار میں دوبارہ نامناسب طریقے سے چھوا۔ متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے چند روز بعد سلمان اور اس کی ٹیم نے انہیں ہراساں کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ بعد ازاں سلمان نے زبردستی ان کے ساتھ معاہدہ ختم کرکے انہیں ممبئی روانہ کردیا۔واضح رہے کہ بالی ووڈ میں ”می ٹو“مہم کے تحت کئی خواتین نامور پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اوراداکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگاچکی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں برف سے ڈھکی شاہراہ کی بحالی میں مصروف بلڈوزر کے برفانی تودے میں دب جانے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے معروف سیاحتی مرکز پہلگام میں امدادی کاموں میں مصروف بلڈوزر برفانی تودے کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔موسم سرما کے دوران مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودے کی زد میں آنے کے 6 واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں لگ بھگ 20 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ تاہم کٹھ پتلی انتظامیہ حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔دوسری جانب شوپیاں سے ایک خاتون کی لاش ملی ہے جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا، اسی طرح پلوامہ میں آپریشن زدہ علاقے میں بارودی شیل کو ناکارہ سمجھ کر کھیلنے والے دو بچے شیل کے پھٹ جانے پر شدید زخمی ہوگئے۔ادھر بڈگام میں بھارتی فوج کے ایک سپاہی کو نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ بھارتی فوجی کو 5 گولیاں لگیں، اہلکار کو آرمی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی کل متوقع آمد کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ آج حریت پسند رہنما میر واعظ عمر فاروق کو نظر بند کردیا گیا ہے۔

جاپان کے ریستوران میں چاکلیٹ کھانے والی مچھلی متعارف

ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپان میں ایک عام سسوشی ریستوران کے گاہک چاکلیٹ پر پلنے والی یلو ٹیل مچھلی سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔اس ریستوران پر چین کی منتظم کمپنی کورا کارپوریشن نے یلو ٹیل مچھلی سے بنی ہوئی سوشی پیش کرنا شروع کی ہے جس کی مغربی جاپان کے صوبے ایہیمے کے ایک فارم میں پرورش کی گئی ہے۔صوبے کی حکومت اور سمندری خوراک کی تجارت کرنے والی ایک مقامی کمپنی نے مچھلی کی خوراک میں چاکلیٹ شامل کرنے کا طریقہ بنایا ہے۔چاکلیٹ میں پولی فینول نام کا ایک مادہ ہوتا ہے جس سے تکسید کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس سے تازہ قتلے کی رنگت کو معمول سے زیادہ دیر تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ٹوکیو میں اس یلو ٹیل مچھلی کو کھانے والے افراد کا کہنا تھا کہ اس کا ذائقہ چاکلیٹ کی طرح نہیں ہے تاہم یہ بہت لذیذ ہے اور اس میں زیادہ غذائیت محسوس ہوتی ہے۔پریفیکچر کے حکام اور تجارتی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ رواں ماہ امریکا جائیں گے تاکہ اس سسوشی کی تشہیر کی جا سکے۔

چین پاکستان کو مزید ڈھائی ارب ڈالر قرض دے گا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چین نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے مزید 2 ارب 50 کروڑ ڈالر قرضہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 4 ارب ڈالر ملنے کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر دوماہ کی ملکی درآمدات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی ناکافی ہیں اس لیے اب چین نے پاکستان کو مزید ڈھائی ارب ڈالر قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔چینی قرضے کی یہ رقم براہ راست اسٹیٹ بینک میں جمع کروائی جائے گی، یہ قرضہ ملنے کے بعد چین سے پاکستان کو ایک سال میں ملنے والی امداد ساڑھے 4 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ چین اس سے قبل بھی پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرضہ دے چکا ہے یوں چین پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنے اور دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلیے امداد دینے والا سب سے بڑا ملک بن کر سامنے آیا ہے۔ایک اعلیٰ سرکاری افسرنے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوست ملکوں سے ملنے والی یہ رقم حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو وہ ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کیلیے کررہی ہے، حکومت کی طرف سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے جو کوششیں کی جارہی ہیں ان کے اثرات سامنے آنے تک دوست ملکوں سے ملنے والی امداد بہت بڑا سہارا ہے۔افسر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے پر ملکی قرضوں کا انتظام کرنے کیلئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے دورے کیے، دوست ملکوں نے ساڑھے 14 ارب ڈالر دینے کے وعدے کیے جس سے بیرونی ادائیگیوں کا انتظام ہوسکا، سعودی عرب نے 6 ارب ڈالر کا پیکیج دیا جس میں 3.18 فیصد شرح سود پر 3 ارب کا مختصر دورانیے کا قرضہ بھی شامل تھا۔قبل ازیں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کہہ چکے ہیں کہ 3 ارب ڈالر ا±دھار تیل کے معاہدے پر 16 فروری کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران دستخط ہوں گے، متحدہ عرب امارات نے بھی تین فیصد شرح سود پر تین ارب ڈالر دینے پر اتفاق کیا تھا جس میں سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل چکے ہیں جبکہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا ا±دھار تیل بھی پاکستان کو ملے گا۔ پاکستان نے ان قرضوں کا انتظام 3 سال کیلئے کیا ہے تاہم اگر پاکستان ان قرضوں کی ادائیگی میں مشکل محسوس کرتا ہے تو ان کی واپسی کی مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے جمعرات کو بتایا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے چار ارب ڈالرملنے کے باوجود اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 8.12 ارب ڈالر ہیں جو صرف سات ہفتوں کی درآمدی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ یہ ذخائر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے طے کردہ معیار سے کم ہیں۔ ان حالات میں ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک بجٹ فنانسنگ کیلیے قرضے نہیں دیتے۔گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ چھ ماہ کا جاری خسارہ آٹھ ارب ڈالر ہے جو بہت زیادہ ہے، موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی بیرونی قرضوں کی آمد بھی بہت کم رہی ہے جو جولائی سے دسمبر تک صرف 2.2 ارب ڈالر تھی۔وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ انھوں نے بیرونی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کیلیے دوقسم کے مزید اقدامات کی بھی اجازت دیدی ہے، وزارت خزانہ کے مطابق جون سے قبل سکوک بانڈز بھی جاری کیے جاسکتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت اس مالی بحران کی ذمہ دار ن لیگ کی سابقہ حکومت کو قراردیتی ہے جس کے نتیجے میں روپے کی قدر میں 15 فیصد تک کمی ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود ملکی برآمدات میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نظر نہیں آرہا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک ایکسچینج ریٹ میں نرمی کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔

ایرانی انقلاب کے چالیس برس مکمل ہونے پر نیا میزائل لانچ

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے انقلاب کے 40 سال مکمل ہونے پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کروز میزائل لانچ کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں انقلاب کے 40 برس مکمل ہونے پر دس روزہ جشن منایا جا رہا ہے اس موقع پر 1300 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والا کروز میزائل لانچ کیا ہے جو کم اونچائی پر بھی پرواز کرسکتا ہے۔دوسری جانب ایران کے جنوبی صوبے سیستان و بلوچستان میں واقع فوجی بیس پر مسلح جنگجوﺅں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کا 1 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ایران کے سرکاری میڈیا نے ’نیک شہر‘ میں ہونے والے اس حملے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے تاہم سرکاری سطح پر فی الحال کسی مخصوص گروہ کو حملے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایران میں سرگرم شدت پسند جماعت جیش العدل نے فوجی کیمپ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب ایران میں انقلاب کے 40 سال مکمل ہونے پر دس روزہ جشن منایا جا رہا ہے۔

نیلم جہلم پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا دوبارہ آغاز

لاہور(ویب ڈیسک) نیلم جہلم پاور پراجیکٹ سے شیڈول کے مطابق بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز اپریل 2018ءمیں ہواتھا اور تعمیراتی معاہدے کے تحت اسے 5 جنوری سے 29روز کے لئے تفصیلی انسپیکشن کے لئے بند کیا گیا تھا۔ ٹیل ریس ٹنل سے پانی نکالنے کے بعد پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے کے سول ورکس اچھے معیار کے ہیں جبکہ الیکٹریکل اور مکنیکل آلات بھی مطلوبہ معیار کے حامل ہیں۔ زیر زمین ٹیل ریس ، ڈرافٹ ٹیوبز ، بونٹ گیٹس ، ایم آئی ویز ، پیداواری یونٹس اور متصل آلات میں معمولی نوعیت کی مرمت درکار تھی ، جسے کر لیا گیا ہے۔ریزروائر میں پانی کی مکمل بھرائی کے بعد منصوبے کے سپل ویز اور ڈیم سٹرکچر میں گاد کے اخراج کے لئے نصب کئے گئے گیٹس کو بھی ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران سپل وے اور مذکورہ گیٹس کے آپریشن کو تسلی بخش پایا گیا۔دریائے نیلم میں آج کل پانی کا بہاو¿ تقریبا ً60کیوبک میٹر فی سیکنڈ (کیومکس) ہے ، جس سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ایک پیداواری یونٹ چلایا جارہا ہے اور 242 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ منصوبے کے چاروں پیداواری یونٹ کو چلانے کے لئے تقریباً 280 کیومکس پانی کی ضرورت ہے، جو مارچ اپریل سے دستیاب ہوگا۔ پانی کی دستیابی پر نیلم جہلم پراجیکٹ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔نیلم جہلم پراجیکٹ ہر لحاظ سے مکمل ہوچکا ہے، منصوبے سے پوری صلاحیت کے مطابق 4 ارب 60کروڑ یونٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جائے گی۔ جس سے ہر سال تقریباً50 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔واضح رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے پیداواری یونٹ سے بجلی کی پیداواراپریل 2018ءمیں شروع ہوئی تھی جبکہ 14اگست 2018 تک اس کے تمام چار یونٹس مرحلہ وار مکمل کر لئے گئے تھے۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تفصیلی انسپکشن سے پہلے نیشنل گرڈ کو ایک ارب 80کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرچکا ہے۔

روزے کے صحت پر مزید حیرت انگیز اثرات دریافت

ٹوکیو(ویب ڈیسک) روزہ یا اس سے زائد وقت کا فاقہ ہمارے جسم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے جس کے مزید فوائد سامنے آتے رہتے ہیں اور اب جاپانی ماہرین نے کہا ہے کہ روزے سے خون میں 30 ایسے مفید میٹابولک مارکرز بڑھ جاتے ہیں جو جسم پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتے ہیں۔گزشتہ کئی برس سے ماہرین روزے کے جسم پر اثرات پر غور کررہے ہیں اور حال ہی میں اوکی ناوا انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اسکالر پروفسر تاکایوکی ٹیرویا نے تحقیق کے بعد کہا ہے کہ ’ جانوروں کے ماڈل پر فاقے کے حیرت انگیز اثرات سامنے آئے ہیں جنہیں سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ماہرین نے چار صحتمند رضاکاروں کو بھرتی کیا اور انہیں 10،34 اور 58 گھنٹوں تک کھانے سے بازرکھا لیکن یہ بایومارکر کی بجائے کسی اور موضوع سے متعلق تھی۔ حیرت انگیز طور پر ماہرین نے دریافت کیا کہ فاقے کے بایومارکرز پر گہرے اور اہم اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین نے دیکھا کہ 58 گھنٹے کے بعد جسم کے اندر 44 ایسے میٹابولائٹس میں اضافہ ہوا جن میں سے 30 پر اس سے قبل غور نہیں کیا گیا تھا یعنی فاقے سے ان کے افراز پر غور نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جسم میں توانائی کے متبادل ذخائر پر سگنلنگ بڑھانے والے بایومارکرز میں اضافہ ہوا جن میں بیوٹائریٹس اور برانچ چین امائنو ایسڈ قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس کا فروغ بھی دیکھا گیا جس سے معلوم ہوا کہ روزہ یا فاقہ عمررسیدگی کو روکتا ہے۔دوسری اہم بات یہ سامنے آئی کہ کھانے سے دوری کی صورت میں مائٹوکونڈریائی سرگرمی بڑھتی ہے۔ اس سے جسم میں لچک اور صحتمند بڑھاپا فروغ پاتا ہے۔ طویل عمر کی وجہ بننے والے تین اہم اجزا لیﺅسین، آئسولیﺅسین اور آپتھیلمِک ایسڈ کی شرح فاقے کی صورت میں بڑھی ہوئی دیکھی گئی۔ یہ تینوں میٹابولائٹس بڑھاپے میں کم ہوتے جاتے ہیں لیکن جوانی میں زیادہ ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ میٹابولائٹس ان لاتعداد مالیکیول (سالمات) کو کہتے ہیں جو ہمارے جسم میں بہت سارے کام سرانجام دیتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ فاقے کی تحقیق پر مزید کام کی ضرورت ہے تاکہ اس کے مزید فوائد کو سامنے لایا جاسکے۔

سال کے پہلے ماہ گرمی کے 35 اورسردی کے 2 نئے تاریخی ریکارڈ قائم

لندن(ویب ڈیسک) دنیا بھر کے موسمیاتی مراکز سے پریشان کن خبرآئی ہے کہ صرف جنوری کے 31 دنوں میں گرمی کے 35 اور سردی کے دو نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں جوآب و ہوا میں تبدیلی اور موسمیاتی شدت کو ظاہر کررہے ہیں۔امریکا اس وقت پولر ورٹیکس کی جکڑمیں ہے جس کی وجہ سے نارتھ ڈکوٹا سے اوہایوں تک سردی نے روزمرہ زندگی کو منجمند کردیا ہے۔ لیکن دنیا کے دیگر حصوں میں اس سے بھی گھمبیر صورت دیکھی گئی ہے۔ دنیا بھر میں شدید موسمیاتی کیفیات ریکارڈ کرنے والے مرکز’ میکسی میلیانو ہریرا‘ کے مطابق اس جمعرات کی صبح تک امریکا میں راک فورڈ اور الینوائے کے علاقے مولائن میں درجہ حرارت منفی 36.1 درجے سینٹی گریڈ تھا جو اس سے قبل ریکارڈ نہیں ہوا تھا۔جنوبی نصف کرے کے موسمیاتی اسٹیشن اس سے بھی خوفناک کہانی سنارہے ہیں۔ مثلاً جنوبی ویلز کے علاقے نونا میں17 جنوری کی رات کو درجہ حرارت 35.9 درجے سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا جو آسٹریلیا کی تاریخ میں گرم ترین رات کہلائی ہے۔ اس کے علاوہ ری یونین اور کرسمس جزائر کا درجہ حرارت بھی تاریخی طور پر بلند تھا۔ صرف آسٹریلیا میں ہی اوسط درجہ حرارت 30 درجے سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا جو واضح طور پر ایک نیا ریکارڈ ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی اس شدید گرمی نے جنگلات میں آگ لگادی بلکہ لوگوں نے بڑی تعداد میں چمکادڑوں کو گویا اس طرح درخت سے گر کر مرتے دیکھا کہ وہ کسی پکے پھل کی طرح گر رہی ہوں۔دوسری جانب شکاگو میں درجہ حرارت کم ہوتے ہوتے انٹارکٹیکا ، الاسکا اور قطب شمالی کے برابر ہوگیا جس پر سائنسداں بھی حیران ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے ایک فہرست بنائی ہے جسے تاریخی طور پر اس علاقے کا کم یا زیادہ ترین درجہ حرارت کہا جاسکتا ہے۔آسٹریلیا کے علاقوں کلگیرا میں 47 گریفتھ میں 46.4، ایلبری میں 45.3، وول بروک میں 38.7، کوما میں 39.5، کوٹم موندرا میں 43.6، ایوکلا میں 48.6، کرسمس آئی لینڈ ایئرو میں 31.6، سیڈونا میں 48.6، کلیوو میں 46.7، ایڈیلیڈ میں 47.7، ایڈیلیڈ ایئرپورٹ پر 45.8، پورٹ لنکن ایئرپورٹ پر 48.3، پورٹ آگسٹا میں 49.5، سنوٹاو¿ن میں 47.3، پیرافیلڈ میں 47.7، ایڈنبرا میں 47.5، روزورتھی میں 48.3، نوریٹوپا میں 46، کائٹپو میں 44، اسٹریتھلبن میں 46.7، ڈینلکوئن میں 47.2، سوان ہلز میں 47.5، کیرنگ میں 47، کیابرم میں 47.1، سیل میں 45.5، ینگ میں 43.5، پوئنٹے ڈیس ٹرو¿و بیسن میں 37، پوئنٹے ڈیس ٹرو¿و بیسن میں 37 اور فرانس کے شہر سیلاو¿س میں 31.2، نمیبیا میں 41.7، چلی کے علاقے سانتیاگو میں 38.3، سانتیاگو ایئرپورٹ پر39.3 اور چلی میں ہی توبا لابا میں درجہ حرارت 37.4 درجے سینٹی گریڈ گرمی نوٹ کی گئی جو تاریخی ریکارڈ ہے۔دوسری جانب الینوائے راک فورڈ میں منفی 35 اور مولائن میں ہی منفی 36 درجے سردی ریکارڈ کی گئی جو اس سے قبل نہیں دیکھی گئی تھی۔

امریکا نے روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول کا معاہدہ معطل کردیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے روس کے ساتھ سرد جنگ کے زمانے کے ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق اہم بین الاقوامی معاہدہ معطل کردیا۔امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے مکمل تعاون کے باوجود روس کافی عرصے سے ایٹمی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے، جس کی وجہ سے سیکڑوں یورپی اور امریکی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔واضح رہے کہ امریکا اور سوویت یونین نے 1987 میں ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اطلاق جون 1988 سے ہوا تھا۔ اس معاہدے کو انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلئیر فورسز ٹریٹی (آئی این ایف) کہا جاتا ہے۔اس معاہدے کے تحت درمیانے درجے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں کی تنصیب پر پابندی لگائی گئی تھی۔تاہم امریکا نے حال ہی میں روس کی جانب سے لگائے گئے کروز میزائل ’نو واٹور 9M729′ کو اس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، لیکن روس نے امریکا کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے میزائل معاہدے کے اندر رہتے ہوئے لگائے گئے ہیں۔امریکا نے گذشتہ برس اکتوبر میں بھی واضح کیا تھا کہ وہ یہ معاہدہ پہلے 60 روز کے لیے معطل کرے گا اور اگر اس دوران روس مکمل توثیق پر آمادہ نہ ہوا تو امریکا اس معاہدے سے مکمل طور پر دستبردار ہوجائے گا۔اس حوالے سے گزشتہ روز امریکہ اور روس کے نمائندوں کے درمیان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مذاکرات بھی ہوئے، تاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔

ترنم ناز نے وائس آف پنجاب پروگرام کی کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا

لاہور (ویب ڈیسک) گلوکارہ ترنم ناز نے احتجاجاً وائس آف پنجاب پروگرام کیلئے بنائی گئی کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا۔گلوکارہ ترنم ناز نے وائس آف پنجاب پروگرام میں ججز پینل کے انتخاب پروزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی سے احتجاجا ًاستعفی دے دیا ہے۔ترنم ناز نے کہا ہے کہ حکومت کے اب تک کے کھوکھلے نعرے ہیں اب تک حکومت نے کوئی کام میرٹ پر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس آف پنجاب کا ججز پینل بناتے ہوئے سینئر کو نظر انداز کیا گیا۔

اداکار شان کا ڈپریشن میں مبتلا فنکاروں کو مشورہ

کراچی(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکار شان شاہد نے ڈپریشن میں مبتلا فنکاروں کو اپنے مشوروں اور تجاویز سے نوازتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپریشن کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں بلکہ اسے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے استعمال کریں۔چند روز قبل پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ ان دنوں شدید قسم کے ڈپریشن میں مبتلا ہیں اوربہت پریشان ہیں۔ محسن عباس کی اس پوسٹ کے بعد پاکستان کے دیگر فنکار ان کی سپورٹ میں اٹھ کھڑے ہوئے اور اب اداکار شان شاہد نے بھی ڈپریشن کے حوالے اپنے خیالات کااظہار کیاہے۔اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا پر ڈپریشن میں مبتلا فنکاروں کو اپنے مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا ہے”اداکاروں کو ڈپریشن کو اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے استعمال کرناچاہئے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا جیسے نامور مصور ونسنٹ وان گوگ کا درد ان کے کینوس(پینٹنگز)میں نظر آتاتھا۔ ایک اداکار کے اندر مختلف کردار رہتے ہیں، اپنے اندر موجود ڈپریشن کوایک اداکار یا اداکارہ اداکاری میں استعمال کرکے اپنے چہرے کے اتار چڑھاﺅ کو اچھے طریقے سے پیش کرسکتا ہے۔ اور اپنے اہداف حاصل کرسکتا ہے۔ تاہم بدقسمتی سے فنکار اس لائن کو عبور کرجاتے ہیں اور ڈپریشن کے درد کے عادی ہوجاتے ہیں۔اداکار شان نے مزید کہا کہ یہ موجودہ دورکا المیہ ہے کہ ہم کیریئر کاانتخاب کرتے وقت یہ نہیں سوچتے کہ بعد میں ہم پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ ہمیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا روشن چہرہ دیکھنا چاہئے سیاہ چہرہ نہیں۔

پاکستان میں ہونے والی بارشیں اور برفباری اللہ کا انعام ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی بارشیں اور برفباری حقیقت میں اللہ کا انعام ہیں۔آج کل پاکستان کے شہری علاقوں میں موسم سرما کی بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے نا صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے کہ پانی کی قلت بھی کافی حد تک دور ہو گئی ہے۔وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اکثر و بیشتر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے پیغامات قوم کو بھیجتے رہتے ہیں اور موجودہ بارشوں کے حوالے سے بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ملک بھر میں ہونے والی بارشوں اور برفباری کو اللہ کا انعام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بارانی فصلوں کے لیے یہ بارشیں بروقت ہیں۔عمران خان نے مزید لکھا کہ ان بارشوں سے نا صرف زیر زمین پانی کی سطح بلند ہو گی بلکہ برف پگھل کر دریاﺅں کا حصہ بھی بنے گی۔

فواد خان بالی وڈ خانز سے بڑے اداکار ہیں، بھارتی فلم رائٹر

لاہور (ویب ڈیسک) لاتعداد مقبول بالی وڈ فلموں کے رائٹر خالد اعظمی نے فواد خان کو بالی وڈ خانز سے بڑا اداکار قرار دیدیا۔بالی وڈ فلموں کے رائٹر خالد اعظمی اپنی اہلیہ کے ہمراہ نجی دورے پر گزشتہ روز واہگہ کے راستے لاہور پہنچے جہاں ان کا استقبال سریستان کے مینجنگ ڈائریکٹر مظہر ہاشمی نے کیا۔ اس موقع پرخالد اعظمی نے جہاں پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی پابندی کے جلد ختم ہونے کی خبر سنائی وہیں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اختلاف کو سیاسی داو¿ پیچ قرار دیا۔خالد اعظمیٰ نے کہا کہ ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے ملنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے میڈیا کا کردار بھی منفی ہے جو ایشوز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے لیکن میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو بین کرنے میں مودی سرکار کا کوئی کردار نہیں ہے، بالی ووڈ کی ایک چھوٹی سی تنظیم کی جانب سے یہ کوشش کی گئی تھی لیکن اکثریت اس کے حق میں نہیں ہے اور آج بھی پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے گیت بھارتی فلموں میں شامل کئے جارہے ہیں۔پاکستان کے پاس ایسے فنکاروں کی بڑی تعداد ہے جو اپنی اداکاری سے کسی کو بھی اپنا دیوانہ بنا سکتے ہیں۔ فواد خان ، شان ، جاوید شیخ اور بہت فنکار بہترین اداکار ہیں۔ ان کی جاندار اداکاری کسی سے کم نہیں ہے۔خالد اعظمی نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی تعداد اور معیار میں اضافہ ہورہا ہے اور مولاجٹ کے ٹریلر کو دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی فلم اب بالی وڈ نہیں بلکہ ہالی وڈ کے لیول کو چھو رہی ہے، نوجوان فلم میکر امریکہ اور برطانیہ سے فلمسازی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد فلمیں بنا رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں نوجوان نسل فواد کی بڑی پرستار ہے، دو سال مسلسل کام کرتے تو تین میں سے کسی ایک خان کی جگہ ان کی ہوتی، بطور رائٹر پاکستان کے فلم میکرز کے ساتھ کام کر رہا ہوں اور کچھ کہانیاں لکھ رہا ہوں۔ اس لئے بہت جلد میرا کام پاکستان کی بڑی اسکرین پر دکھائی دے گا۔