‘جیسے علیم خان مستعفی ہوئے شہباز شریف بھی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی سے دستبردار ہوجائیں’پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کردیا۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور عبدالعلیم خان کی گرفتاری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف 22 سال جدوجہد کی ہے اور یہ عمران خان کی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ پاکستان کے لوگوں کی لڑائی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ کسی کو این آر اوملے گا، یہ ناممکن ہے کیوں کہ عمران خان کی حکومت میں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، واضح کردیں نہ ڈیل ہوگی، نہ ڈھیل ہوگی،کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں شہباز شریف کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا ہے، شہباز شریف نے پی اے سی کا چیئرمین بننے کے بعد نیب کے لوگوں کو طلب کیا اور ان پر دباﺅ ڈالا، جس سے واضح ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور شہباز شریف پی اے سی کو بدعنوانی کے خلاف مقدمات میں ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، اب سعد رفیق کو کہا جارہا ہے کہ وہ بھی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں آئیں تاکہ ان کو بھی ڈھال میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ آج نیب نے علیم خان کو گرفتار کیا جس پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور علیم خان کے استعفے کے بعد ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے سیاسی کلچر میں فرق ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ علیم خان نے استعفیٰ دے کر شاندار روایت کا آغاز کیا ہے اور ا±ن جیسی سوچ شہبازشریف کی بھی ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے علیحدہ ہوجائیں اور بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ شفاف غیرجانبدارانہ احتساب ملک کی ضرورت ہے اور احتساب کیلئے ہم اداروں کے پیچھے کھڑے ہیں، احتساب کی کارروائی سے یہ نہیں لگنا چاہیےکہ بیلنس کارروائی ہورہی ہے بلکہ میرٹ اور شفاف احتساب ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا جس کے بعد انہوں نے سینیئر صوبائی وزیر بلدیات کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔واضح رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کے قیام کے بعد سے 3 ماہ تک حکومت اور حزب اختلاف میں چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر ڈیڈلاک تھا۔ گزشتہ سال 13 دسمبر کو حکومت نے اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وہ پہلے ہی اجلاس میں بلامقابلہ کمیٹی چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔

برطانوی آرٹسٹ کا عمران خان کو کیلیگرافی کے فن پارے کا تحفہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی کیلیگرافی کی ماہر سونیا نے ملاقات کی اور انہیں اپنا فن پارہ پیش کیا۔سونیا کا تیارہ کردہ فن پارے میں قومی ترانے کو اس انداز سے لکھا گیا ہے کہ وہ عمران خان کی تصویر دکھتا ہے۔کیلیگرافی کے اس منفرد فن پارے میں وزیراعظم عمران خان کی سر والے حصے پر ماہرانہ انداز میں قومی ترانہ درج کیا گیا ہے۔ کیلی گرافی میں سونیا کی مہارت سوشل میڈیا پر مقبول ہوئی اور انہوں نے سوشل میڈیا کے توسط سے ہی وزیر اعظم سے ملاقات کی درخواست کی جس کے لیے وہ خصوصی طور پر قطر سے پاکستان آئی ہیں۔ملاقات میں سونیا کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد اور وڑن سے متاثر ہیں اور نئے پاکستان کے تشخص کو عالمی طور پر اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔وزیر اعظم نے منفرد تحفے پر خاتون سونیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ماہر کیلیگرافی سونیا کے مطابق انہیں اس تخلیقی کام میں 8 سے 10 گھنٹے لگے اور وہ یہ فن پارہ وزیراعظم عمران خان کو دورہ قطر میں ہی دینا چاہتی تھیں لیکن وہاں ان کی ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔

شیخ رشید کی 30 مارچ تک جھاڑو پھرنے اور حکمران جماعت کے مزید لوگوں کے زیر عتاب آنے کی پیشن گوئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) علیم خان کی گرفتاری کے بعد شیخ رشید کی پیشن گوئی نے تحریک انصاف کو پریشان کردیا، 30 مارچ تک جھاڑو پھرنے اور حکمران جماعت کے مزید لوگوں کے زیر عتاب آنے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے پنجاب کے سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی گرفتاری پر ردعمل دیا گیا ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا، وہ اپنی کہی ہوئی بات پر آج بھی قائم ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے اس مرتبہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری شروعات ہے، آنے والے دنوں میں حکومت کے مزید لوگ زیر عتاب آئیں گے۔اس مرتبہ سب کا احتساب ہوگا، احتساب سے کوئی بھی نہیں بچ پائے گا۔

عبد العلیم خان کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ ،اہم خبر

لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عبد العلیم خان کی گرفتاری کے معاملے پر سیاسی بیان نہیں دیا جائے گا۔تفصیل کے مطابق عبد العلیم خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عبد العلیم خان کے معاملے پر سیاست نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر عبد العلیم خان کے مستعفی ہونے کے فیصلے اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ سابق دور میں اداروں پر تنقید کر کے ان کا تشخص مجروح کیا گیا ،ماضی کی طرح اب کسی ادارے پر کوئی دباﺅ نہیں ہے۔دوسری جانب اس معاملے پر گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے عبد العلیم خان کے معاملے پر ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں عبد العلیم خان کی گرفتاری اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں رہنماﺅں نے عبد العلیم خان کے اہل خانہ سے بھی معلومات لینے کا فیصلہ کیا۔

روسی کمپنی پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی: وزیرپیٹرولیم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے روسی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ روسی کمپنی پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگی، انٹراسٹیٹ گیس سسٹم اور گازپروم کمپنی میں معاہدہ ہوگیا۔غلام سرور خان نے بتایا کہ روسی کمپنی پاکستان میں تیل وگیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گی، یہ معاہدہ پاکستان روس باہمی تعاون کی روشن مثال ہے۔

علیم خان کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی، فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جیسے ہی علیم خان کی گرفتاری کا کہا گیا تو انہوں نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا، جس طرح علیم خان نے فوری استعفیٰ دیا اس سے کلچر کا واضح فرق نظر آتا ہے اب پتہ چلتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کیا کلچر ہے اور باقی جماعتوں میں کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد سمجھ نہیں آتا اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی، ہم احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، اداروں کا مضبوط ہونا پاکستان کے لیے مضبوطی کا باعث ہے۔قبل ازیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اخبارات کی بندش کی وجہ معیشت نہیں بلکہ ٹیکنالوجی ہے، ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ جدت آ رہی ہے، اب میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہو گا اور مستقبل کیلئے ریسرچ کرنا ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے میڈیا بجٹ کو بہت زیادہ بڑھا دیا تھا جب کہ اخبارات کی بندش کے باعث بے روزگاری کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔

سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ سنادیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔ 43 صفحات پر مشتمل فیصلہ سینیئر جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے تحریر کیا جس میں انہوں نے قائداعظم کے تین فرمان کا بھی تذکرہ کیا۔ قائد اعظم نے کہا کہ میں مسلمانوں کو خبردار کرتا ہوں کہ اپنے غصے پر قابو رکھیں، رد عمل سے ریاست کو خطرات میں نہیں ڈالنا چاہیے، پاکستان میں قانون کی عملداری ضروری ہے ورنہ لا قانونیت ملک کی بنیادیں ہلا دے گی۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں 12 مئی واقعے، 2014 میں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے دھرنے اور فیض آباد دھرنا تینوں واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ 12 مئی 2007 کے ذمہ داران کو کوئی سزا نہیں دی گئی اس عمل سے تحریک لبیک کو شہ ملی۔فیصلے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کو نفرت، انتہا پسندی، دہشت گردی پھیلانے والوں کی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا کہ 12 مئی 2007 کے واقعہ نے تشدد کو ہوا دی، اس دن کراچی میں قتل عام کے ذمہ دار اعلی حکومتی شخصیات تھیں، سڑکیں بلاک کرنے والے مظاہرین کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ضروری ہے۔فیصلے کے مطابق سیاسی جماعت بنانا اوراحتجاج آئینی حق ہے، مگر احتجاج کے حق سے دوسرے کے بنیادی حقوق متاثرنہیں ہونے چاہیے، ہرسیاسی جماعت فنڈنگ کے ذرائع بتانے کی پابند ہے اور الیکشن کمیشن قانون کے خلاف ورزی کرنے والی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کرے، آئین میں احتجاج کا حق نہیں بلکہ جمہوریت میں احتجاج کا حق ہے۔فیصلہ میں کہا گیا کہ تمام حساس ادارے اپنی حدود سے تجاوزنہ کریں اور ان کی حدود طے کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے، آئین پاک فوج کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بننے سے روکتا ہے اور فوج کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کی حمایت نہیں کر سکتی، وزارت دفاع اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان حلف کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیض آباد دھرنے کے دوران ریاست شہریوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام رہی، اداروں کے درمیان تعاون کا فقدان تھا، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں تھی، وفاقی یا صوبائی حکومت کے خلاف نفرت انگیزی بغاوت کے زمرے میں آتی ہے جس کی سزا عمر قید ہے، کسی کے خلاف فتوی دینے والوں کا ٹرائل انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ہونا چاہیے۔فیصلے میں کہا گیا کہ تحریک لبیک نے قانون کی زبان میں غلطی درست کرنے کے باوجود دھرنا جاری رکھا جس سے جڑواں شہر مفلوج ہو گئے اور سپریم کورٹ سمیت تمام سرکاری، غیرسرکاری اداروں کا کام متاثر ہوا، ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر تصحیح کے باوجود تحریک لبیک نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا اور دھرنا قائدین نے دھمکیوں اور گالیوں کے ساتھ نفرت پھیلائی، 16 کروڑ 39 لاکھ 52 ہزار کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کو روک دیا گیا، قانون شکنی پر سزا نہیں ہوگی تو قانون شکنوں کا حوصلہ بڑھے گا۔فیصلہ میں کہا کیا کہ از خود نوٹس اختیار شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، سپریم کورٹ از خود نوٹس اختیارات کے تحت اس قسم کے معاملات میں عوامی مفاد میں دخل دے سکتی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک لبیک بیرون ملک مقیم پاکستانی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ایسی جماعت جس کے فنڈ کا کچھ حصہ بیرون ملک سے آتا ہو وہ غیر ملکی امداد لینے والی پارٹی کے زمرے میں آئے گی، ایسی پارٹی اگر ملکی سالمیت کے خلاف کام کرے تو الیکشن کمیشن ریفرنس دائر کر سکتا ہے، اگر حکومت اس ریفرنس پر نوٹیفکیشن جاری کرکے سپریم کورٹ کو بھجواتی ہے اور سپریم کورٹ نوٹیفکیشن برقرار رکھے تو سیاسی جماعت ختم ہو جاتی ہے۔فیصلے کے کاپی حکومت پاکستان، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ کو آئی ایس آئی ،آئی بی اور فوج کے سربراہ کو بجھوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کی منظوری کے دوران ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی پرتحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ نے فیض آباد انٹر چینج پر دھرنا دیا تھا، دھرنے کے خاتمے کے لئے عدالت نے حکم بھی جاری کیا تھا تاہم طاقت کے استعمال پرکئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا اورملک بھرمیں دھرنے دیئے گئے۔

لاکھوں لوگوں میں حج موچی کا قبول

لاہور (تحقیق محمد شفیق چو دھری )حضرت عبداللہ بن مبارک رحمتہ اللہ علیہ ایک مرتبہ آپ فراغت حج کے بعد بیت اللہ میں سو گئے .اور خواب میں دیکھا کہ دو فرشتے باہم باتیں کر رہے ہیں۔اور ایک نے دوسرے سے سوال کیا کہ اس سال کتنے لوگ حج میں شریک ہوئے اور کتنے افراد کا حج قبول ہوا۔دوسرے نے جواب دیا کہ چھ لاکھ لوگوں نے فریضہ حج ادا کیا لیکن ایک فرد کا بھی حج قبول نہیں ہوا۔.لیکن دمشق کا ایک موچی جو حج میں تو شریک نہیں ہوا لیکن خدا نے اس کا حج قبول فرما کے اس کے طفیل سب کا حج قبول کر لیا۔یہ خواب دیکھ کر بیداری کے بعد موچی سے ملاقات کرنے کے لیئے دمشق پہنچے موچی نے اپنا واقعہ کچھ اس طرح بیان کیا کہ بہت عرصے سے میرے قلب میں حج کی تمنا تھی اور میں نے اس نیت سے تین سو درہم بھی جمع کر لیے تھے۔لیکن ایک دن پڑوسی کے ہاں سے کھانا پکنے کی خوشبو آئی تو میری بیوی نے کہا کہ اس کے ہاں سے تم بھی مانگ لاو¿ تا کہ ہم بھی کھالیںچنانچہ میں نے اس سے جا کر کہا کہ آج آپ نے جو کچھ پکایا ہے ہمیں بھی عنایت کریں ، لیکن اس نے کہا کہ وہ کھانا آپ کے کھانے کا نہیں ہے کیونکہ سات روز سے میں اور میرے اہل و عیال فاقہ کشی میں مبتلا تھے تو میں نے مردہ گدھے کا گوشت پکا لیا ہے۔یہ سن کر میں خوفِ خداوندی سے لرز گیا اور اپنی تمام جمع شدہ رقم اس کے حوالے کر کے یہ تصور کر لیا کہ ایک مسلمان کی امداد میرے حج کے برابر ہے حضرت عبد اللہ نے یہ واقعہ سن کر فرمایا کہ فرشتوں نے خواب میں واقعی سچی بات کہی تھی اور خدا تعالیٰ حقیقتاً قضا و قدر کا مالک ہے۔

پوپ فرانسیس اور جامعہ الازہر کے مفتی اعظم شیخ احمد الطیب کی بوسہ لیتے ہوئے تصویر سوشل میڈ یا پروائرل

کراچی (ویب ڈیسک )مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازہر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب کی گزشتہ اتوار کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں پوپ فرانسیس سے ملاقات ہوئی تھی تاہم اس ملاقات کے دوران لی گئی ایک تصویر سوشل میڈ یا پر وائرل ہو گئی جس پر معروف پاکستانی میزبان عامر لیاقت نے دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔تفصیل کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ پوپ فرانسیس اور جامعہ الازہرکے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب بوسہ کر رہے ہیں۔اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ ”کس کس کو سمجھائیں یہ کس نہیں کس کی جگہ پر کس کا انداز ہے “۔

نئی تا ریخ بن گئی ،پہلی مرتبہ خاتون نے نکاح پڑھوا دیا

کالکتہ(ویب ڈیسک) پہلی مرتبہ خاتون نکاح خواں نے نکاح پڑھوادیا،ممبئی میں مقیم مایااور شمعون کا نکاح کالکتہ کی حکیمہ خاتون نے پانچ جنوری کوپڑھوایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مایااوراس کے منگیتر کو ایک ویب سائٹ سے معلوم ہوا تھا کہ حکومت نے ایک خاتون قاضی کو قرآنی اور آئینی حقوق سے متعلق تربیت دی ہے۔2016میں 29دیگر خواتین نے بھی تربیت حاصل کی تھی جن میں سے 15کو دارلعلوم نسواں کا سرٹیفکیٹ جاری کیاگیا، یہ 2016ءکے بیج میں سے پہلی شادی کی تقریب تھی۔

وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے اعلی سطحی اجلاس طلب کرلیا

لاہور(ویب ڈیسک ) وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے اعلی سطحی اجلاس طلب کرلیا۔سینیئرصوبائی وزیرعلیم خان کی گرفتاری کے بعد وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے اعلی سطحی اجلاس طلب کرلیا۔ علیم خان کی گرفتاری کے تناظرمیں حکومت پنجاب اپنا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ اجلاس کے لیے وزیراعلی نے وزیرقانون بشارت راجہ کوفوری طلب کرلیا جب کہ دیگراہم وزرا کو ابھی ایوان وزیراعلی بلالیا گیا۔
واضح رہے کہ نیب نے وزیر بلدیات پنجاب علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں نیب لاہور میں طلب کیا تھا جہاں سینئروزیرپیش ہوئے اور نیب کے سوالوں کے جوابات دیے لیکن تسلی بخش جواب نہ دینے کے باعث نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔




نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) نیب راولپنڈی نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کر لیا۔قومی احتساب بیوریو (نیب) راولپنڈی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرلیا، شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو جمعہ کی صبح 11 بجے راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔
نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا

نواز شریف کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک )محکمہ داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ میڈیکل بورڈ کی اس رپورٹ کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے جس میں نواز شریف کو دل کے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی سی میں نواز شریف کے کمرے کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔
سروسز اسپتال لاہور میں نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کے مطابق نواز شریف کو بلڈ پریشر، شوگر، گردوں اور خون کی شریانوں کا مسئلہ ہے جب کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے اور انہیں شفٹ کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔
0پروفیسر محمود ایاز کے مطابق میڈیکل بورڈ نے تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں جس میں سفارش کی گئی ہے کہ نواز شریف کا عارضہ قلب کے لئے اسپیشلائزڈ طبی معائنہ کیا جائے۔