”ہندی میڈیم 2 “ صبا قمر کی چھٹی‘ کرینہ آ گئیں

ممبئی (شوبز ڈیسک ) بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کو حال ہی میں ہندی میڈیم کے دوسرے سیکوئل میں کاسٹ کرلیاگیا۔ مشہور بالی وڈ فلم ہندی میڈیم کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے جس میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اہم کردار نبھایاتھا۔ اب یہ کردار کرینہ کپور کو مل گیاہے۔کرینہ کپور پہلی باراداکار عرفان خان کےساتھ سینما پر آئیں گی۔

راحت فتح علی خان کا پاکستانی فلم ”جنون عشق“ کا پہلا گیت ریلیز

لاہور(شوبزڈیسک)بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں پاکستانی فلم جنون عشق کا پہلا گیت ریلیز ہوگیا۔ فلم جنون عشق کے گیت کی دھن ایم ارشد نے ترتیب دی ہے اور اس کے شاعر قتیل شفائی مرحوم ہیں جب کہ یہ گیت اداکار عدنان خان اور ماہی خان پر فلمبند کیا گیا ہے،فلم کے ڈائریکٹر نسیم حیدر شاہ ہیں اور پروڈیوسر اصغر علی ہیں۔راحت فتح علی خاں نے کہا کہ نغمے کی عمدہ شاعری اور موسیقی بہترین انداز میں ترتیب دی گئی ہے، فلم کے مناظر بہت پسند آئے ہیں امید ہے فلم بین بھی لطف اندوز ہوں گے، اس وقت ہم سب کو مل کر پاکستانی فلم انڈسٹری کو پرموٹ کرنا چاہیے۔

شہبازنے پھر سیکر ٹری ہاکی فیڈریشن کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

لاہور(سپورٹس رپورٹر) شہباز سینئر نے ایک بار پھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری کا چارج سنبھال لیا۔میڈیاسے گفتگو کے دوران سیکرٹری ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ایک ملاقات ہاکی کے تمام مسائل حل کرسکتی ہے،عمران خان خود بھی ہاکی کھیلتے رہے ہیں، مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں گے، کئی بار کہہ چکے حکومتی فنڈز کا آڈٹ جس مرضی سے کروالیں، کوشش ہوگی کہ ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان پر پابندی یا جرمانہ عائد نہ ہو، ہر فیڈریشن کا حصہ رہنے والے سابق اولمپئنز صرف فنڈز پر انگلیاں اٹھارہے ہیں، شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے ٹریننگ کی سہولیات کا فقدان ہے جس کے لیے حکومتی تعاون بہت ضروری ہے،جدید خطوط پر ٹریننگ سے ہی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،دنیا ہاکی پر بہت زیادہ خرچ کر رہی ہے اور نتائج کے حصول کے لیے ہمیں بھی انتظار کرنا ہو گا،شہباز احمد کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کو جاب سینٹر نہ بنایا جائے،تنقید برائے تنقید صرف اور صرف پاکستان اور ہاکی کا نقصان کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کر رہے ہیں اس سلسلے میں ایف آئی ایچ کی میٹنگز میں بھی آواز اٹھائی ہے،امید ہے کہ حکومتی تعاون سے قومی کھیل میں بہتری آئے گی۔

معافی کے باوجود سرفراز پر پابندی نا انصافی قرار،بورڈ کا معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے پر غور

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سب اچھا ہے کی رپورٹ کے ساتھ ختم ہوگیا اجلاس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق اور رکن سلیکشن کمیٹی وسیم حیدر نے اراکین کو قومی ٹیم کے سلیکشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گورننگ بورڈ اراکین نے سلیکشن کمیٹی کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ٹاسک فورس برائے ڈومیسٹک کرکٹ نے نئے کرکٹ سٹرکچر پر پیش رفت پر بریفنگ دی۔اجلاس میں معافی کے باوجود سرفرازاحمد پر4میچز کی پابندی لگانے کے فیصلے کو ناانصافی قراردیاگیا اور معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے پر بھی غورکیا گیا۔دونوں پلیئرزمیں صلح اورسرعام معافی کے باوجود کپتان پر پابندی لگائی گئی۔اجلاس میں پی سی بی نے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کامیاب میزبانی پر سندھ حکومت کو مبارکباد دی اجلاس میں ثنامیر کو 100 ٹی ٹونٹی میچز مکمل کرنے پر مبارکباد دی گورننگ بورڈ اراکین کو پی ایس ایل فور کی تیاریوں اور افتتاحی تقریب کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اجلاس میں فرنچائز کو پیش آ نے والی مشکلات اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹاسک فورس نے مجوزہ ڈومیسٹک سٹرکچر پر بریفنگ دی بورڈ اراکین نے مجوزہ ڈومیسٹک سٹرکچر پر اطمینان کا اظہار کیااجلاس میں طے پایا کہ ڈومیسٹک سٹرکچر کے خدو خال کو حتمی شکل دے کر گورننگ بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں کرکٹ کی کوالٹی کو ترجیح دی جائے گی ۔اجلاس میں پی سی بی کے نسلی تعصب کے خاتمے کےلئے کوڈ آف کنڈکٹ کی منظوری دی گئی کوڈ آف کنڈکٹ آ ئی سی سی کے نسلی تعصب کوڈ کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے اجلاس میں طے پایا کہ بورڈ معاملات میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے ہر تین ماہ بعد مالی معاملات پر گورننگ بورڈ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

ورلڈکپ کی تیاری کےلئے ٹیم میں تبدیلی ضروری،طاہرشاہ قومی سکواڈکو آسٹریلیا کیخلاف سیریزکےلئے خود کو تیارکرناہوگا،راجہ اسدعلی کی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ اگر پہلے ہی جنوبی افریقہ کےخلاف آخری میچ جیسی کارکردگی دکھائی جاتی تو پاکستان پہلے دو میچ نہ ہارتا بہرحال جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کلین سویپ سے بچ گیا۔ چینل فائیو کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے پاکستانی ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت ہے کیونکہ ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے۔ سپورٹس صحافی راجہ اسد علی نے کہا ہے کہ ٹیم کوپی ایس ایل کے بعد آسٹریلیا کیخلاف اہم سیریزکی تیاری کرناہوگی۔ جو کارکردگی پاکستانی ٹیم نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں دکھائی وہ پہلے کیوں نہ دکھا سکی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کافی ڈسپلن ہے۔شاداب کی کارکردگی کی وجہ پاکستان جیت گیا لیکن یہ کوئی اتنی بڑی وکٹری نہیں کہ شادیانے بجائے جائیں البتہ پاکستان کم سے کم ایک ٹی ٹونئٹی تو جیتا۔

پاکستان نے کرتارپور پر مذاکرات کے لیے بھارت کو 13 مارچ کی تاریخ دے دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت کو کرتار پور راہدری پر مذاکرات کے لیے 13 مارچ کی تاریخ تجویز کردی۔ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور راہداری کھولنے کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ جواب میں بھارت نے بھی پاکستان کو اپنا وفد نئی دہلی بھیجنے کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان اپنا وفد 26 فروری یا پھر 7 مارچ کو نئی دہلی بھیج سکتا ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرتارپور راہداری پر مذاکرات کے لیے پاکستان نے بھارت کو 13 مارچ کی تاریخ تجویز کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی وفد 13 مارچ کو بھارت کا دورہ کرے گا۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ہماری تجویز ہے کہ پاکستانی وفد کے دورے کے بعد بھارتی وفد جواب میں 28 مارچ کو پاکستان کا دورہ کرے، پاکستان بھارت کی جانب سے مثبت جواب کا منتظر ہے۔

اکشے کمار نے اپنے ہی مداح کو گرفتار کرادیا

ممبئی(ویب ڈیسک)اکشے کمارنے اپنے ہی مداح کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اسے گرفتار کرادیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے ہریانہ سے تعلق رکھنے والا20 سالہ نوجوان انکیت گواسوامی بغیر اجازت دیوار پھلانگ کر اکشے کمار کے گھر میں داخل ہوگیا، تاہم گھر میں موجود سیکیورٹی گارڈ نے اسے دیکھ لیا اور فوراً پولیس کو کال کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو گرفتار کرلیا۔نوجوان نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اکشے کمار کا بہت بڑا مداح ہے اور ان سے ملنے ہریانہ سے ممبئی آیاتھا۔ اس نے اکشے کمار کے گھر جاکر ان سے ملنے کی کوشش کی تھی لیکن اسے ملنے نہیں دیا گیا بعد ازاں وہ رات کے وقت بغیر اجازت دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوگیا۔ نوجوان نے بتایا کہ اس نے اکشے کمار کے گھر کاپتہ سرچ انجن گوگل سے حاصل کیاتھا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرم جیت سنگھ داھیا کے مطابق نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ بالی ووڈ میں کام کرنے کا خواہشمند ہے اور اسی لیے اکشے کمار سے ملنا چاہتاتھا لیکن اسے گرفتارکرادیا گیا تاہم نوجوان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔

سونونگھم کو سی فوڈ کھانا مہنگا پڑگیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونونگھم کو اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار سونونگھم کو سی فوڈ کھانا اتنا مہنگا پڑا کہ انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑگیا۔ گلوکار نے انسٹا گرام پر دو تصاویر پوسٹ کیں جس میں انہیں اسپتال میں آکسیجن ماسک لگائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ان کی ایک آنکھ بھی سوجی ہوئی ہے۔سونو نگم نے بیماری سے متعلق بتایا کہ آپ سب کی محبت کا شکریہ، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ گزشتہ رات میں جے پور میں ہونے والے کنسرٹ سے واپس آگیا ہوں اور میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بتانا چاہتا ہوں کہ میرے ساتھ کیا ہوا۔انہوں نے بتایا کہ سب لوگوں کے لیے یہ سبق ہے کہ اگر کسی کو الرجی ہے تو احتیاط کرے کیوں کہ میرا معاملہ بھی سی فوڈ کا ہی ہے، اگر نانا وتی اسپتال قریب نہ ہوتا تو سانس کی نالی سوج جاتی اور اس سے دم بھی گھٹ سکتا تھا۔

یورپیئن لیگ میں بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر

میڈرڈ(ویب ڈیسک) یورپیئن فٹبال لیگ میں بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کا دلچسپ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا اور آخری منٹوں میں میدان میں اترنے والے لائنل میسی بھی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کے درمیان کوپا کپ ڈل رے کے سیمی فائنل کا پہلا لیگ میچ بارسلونا کے ہوم گراونڈ پر کھیلا گیا۔ دو بڑی ٹیموں کے درمیان اس میچ کو دیکھنے کے لیے 92 ہزار سے زیادہ تماشائی اسٹیڈیم میں پہنچے۔کھیل کو ابھی شروع ہوئے صرف چھ منٹ ہوئے تھے کہ کریم بینزیما کے پاس پر لاکاس نے گول کرکے رئیل میڈرڈ کو سبقت دلادی۔دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور حملے کیے لیکن ہاف ٹائم تک مزید کوئی گول نہ ہوسکا۔ دوسرے ہاف کے 57 ویں منٹ میں میلکم نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ میچ کو اپنے نام کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کے فارورڈ نے اپنی ہر ممکن کوشش کی۔63 ویں منٹ میں فٹنس مسائل سے دوچار لائنل میسی کو بھی میدان میں بھیجا گیا لیکن ان کی مہارت بھی کسی کام نہ آئی، اس طرح میزبان ٹیم کے کوچ کی تمام تدابیر کو رئیل میڈرڈ نے ناکام بنادیا۔مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گولز کی تعداد کو بڑھانے میں ناکام رہیں اور ایک ایک سے یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ویمن ٹیم کو شکست دیدی

دبئی(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز ویمن نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم کو 146 رنز سے شکست دے دی۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ اوپنر ڈاﺅٹن نے 96 اور کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے 58 رنز کی اننگز کھیلیں، کائنات امتیاز نے 3، عالیہ ریاض اور ثنا میر نے ایک ایک وکٹ لی۔جواب میں پاکستانی ٹیم 30 اوورز میں 70 کے مجموعے پر ہمت ہار گئی۔ ناہیدہ خان نے 23 اور کپتان جویریہ خان نے 21 رنز بنائے۔ بسمیٰ معروف ان فٹ ہونے کی وجہ سے میچ نہ کھیل سکیں۔ ان کی جگہ جویریہ خان نے ٹیم کی قیادت کی۔

ماسکو کانفرنس کا اعلامیہ جاری؛ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا پر اتفاق

ماسکو(ویب ڈیسک)ماسکو کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا پر اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا گیا کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔روس کے دارالحکومت ماسکو میں مسئلہ افغانستان پر دو روز تک امن مذاکرات ہوئے جن میں افغانستان کی سیاسی جماعتوں، سابق صدر حامد کرزئی سمیت نمایاں سیاست دانوں اور طالبان کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم کابل حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں افغانستان میں پائیدار امن کے لیے امریکا اور اس کی اتحادی افواج کے مکمل انخلا پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا کے تمام ممالک افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ افغان فریقین نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔شرکا نے ملک کے لیے اسلامی اصولوں کی روشنی میں افغان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شہریوں کے آزادی اظہار رائے کے حق کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے مالی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں طالبان رہنماﺅں کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے، قطر میں ان کے باضابطہ سیاسی دفتر کے قیام اور قیدیوں کی رہائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔مذاکرات کا اگلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوگا۔طالبان نے مذاکرات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپریل تک افغانستان سے اپنے نصف فوجیوں کو واپس بلا لے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس غیر معمولی کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ کل ایک دوسرے کے جانی دشمن آج ایک ساتھ نماز پڑھ رہے تھے اور کھانا کھارہے تھے۔ پھر طالبان رہنما اور سابق صدر حامد کرزئی ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے تھے جبکہ حامد کرزئی نے طالبان کو اپنا بھائی کہا اور دونوں نے پائیدار امن پر اتفاق کیا۔مذاکرات میں طالبان وفد کے سربراہ شیر عباس ستانکزئی اور حامد کرزئی نے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوکر مسکراتے ہوئے میڈیا سے مشترکہ بات چیت کی۔تمام فریقین نے امریکا اور طالبان کے درمیان دوحہ میں براہ راست مذاکرات کی حمایت کی۔ روسی دارالحکومت میں وہ مناظر دیکھے گئے جن کا ماضی میں شاید تصور بھی نہ کیا جاسکتا تھا۔مذاکرات میں شریک دو افغان خواتین سیاست دانوں نے طالبان پر کڑی تنقید کی اور ان کی اسلامی تشریحات پر اعتراضات اٹھائے لیکن طالبان نے انہیں سنا اور جواب دے کر اعتراضات دور کرنے کی کوشش کی۔ اس کام کا شاید طالبان دور میں سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا۔ماسکو کانفرنس نے نہ صرف طالبان اور ان کے حریف افغان رہنماﺅں و سیاست دانوں کے درمیان نہ صرف غیر معمولی بات چیت کا موقع فراہم کیا بلکہ یہ اس لحاظ سے بھی اہم تھی کہ بعض لوگوں کو شاید پہلی بار طالبان قیادت کو دیکھنے کا موقع ملا جو عموما میڈیا سے دور رہتے ہیں۔ طالبان رہنما میڈیا نمائندوں میں گھرے اور براہ راست نشریات میں اپنا منشور پیش کررہے تھے۔مذاکرات میں انہوں نے وعدہ کیا کہ اقتدار پر اجارہ داری قائم نہیں کریں گے لیکن افغانستان میں حکمرانی کے لیے جامع اسلامی نظام ضرور قائم کریں گے۔

خاکروب کی اسامی کیلئے انجینیئرز اور ایم بی اے ڈگری کے حامل امیدوار

تامل ناڈو(ویب ڈیسک)بے روزگاری اس وقت عالمی مسئلہ بن چکا ہے، ترقی یافتہ سے لے کر ترقی پذیر تک ہر ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی بے روزگاری کا شکار ہیں۔اس کی ایک مثال خود کو سپر پاور کہلانے والا بھارت بھی ہے۔جہاں انجینئرز اور مارکیٹنگ میں ماسٹرز کیے ہوئے لوگ بھی خاکروب کی نوکری کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سینٹری ورکرز اور خاکروب کی اسامیوں کے لیے اعلیٰ پروفیشنل تعلیم جیسے ایم ٹیک، بی ٹیک اور ایم بی اے کے حامل نوجوان، پوسٹ گریجویٹ اور گریجویٹ کیے ہوئے لوگ بھی درخواستیں دینے پر مجبور ہیں۔حکومت کی جانب سے مقامی اخبار میں سوئپرز کی 10 اسامیوں اور سینیٹری ورکر کی 4 اسامیوں کے اشتہار شائع کیے گئے۔اشتہار میں امیدوار کا جسمانی طور پر صحت مند ہونا واحد اہلیت بتائی گئی تھی۔ امیدوار کی کم سے کم عمر کی حد 18 سال لکھی گئی تھی جب کہ زیادہ سے زیادہ عمر کی مختلف حدیں مقرر تھیں۔اس اشتہار کے جواب میں سیکرٹریٹ کو کل 4607 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج سے ملنے والی درخواستیں بھی شامل تھیںکل ملنے والی درخواستوں میں سے 677 درخواستیں مسترد کر دی گئیں جب کہ بقیہ درخواستیں مطلوبہ اہلیت پر پوری اتریں۔قبل ازیں طلبا تنظیموں کے رہنماﺅں کی جانب سے حکومت پر پیش کیے گئے عبوری بجٹ میں ملک میں نوجوانوں کے بے روزگاری کے مسئلے پر خاموش رہنے کا الزام لگایا گیا۔اس ضمن میں طلبا رنماﺅں کے ایک مشترکہ اعلامیے بتایا گیا کہ 7 فروری کو طالب علموں کی طرف سے لال قلعے سے پارلیمنٹ تک مارچ کیا جائے گا۔جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلبا تنظیم کے صدر این سائی بالاجی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نئے انڈیا کے لیے مزید ایک موقع کے لیے ہمارے پاس ضرور آئیں گے لیکن ہم اس دفعہ انھیں موقع نہیں دیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ہمارا مستقبل برباد کر دیا ہے۔ہم اپنے اتحاد سے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام خالی سرکاری اسامیوں کو بھرا جائے ، جی ڈی پی کا 10 فی صد تعلیم ، صنفی مساوات اور سماجی انصاف پر خرچ کیا جائے۔

لبنان کی ریا الحسن عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیرداخلہ بن گئیں

بیروت(ویب ڈیسک) لبنان کی نئی وزیرداخلہ ریاالحسن نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے جس کے ساتھ ہی انہیں عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیرداخلہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کی 30 رکنی نئی کابینہ کے ارکان کو ان کے قلمدان تفویض کردیے گئے، ڈھائی درجن ارکان پر مشتمل کابینہ میں 4 خواتین بھی شامل ہیں جس میں ریاالحسن کو وزارت داخلہ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ریا الحسن نے بحیثیت وزیر داخلہ عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے جس کے بعد وہ ملک کے ساتھ عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر داخلہ بن گئی ہیں، اس سے قبل وہ لبنان کی پہلی وزیر خزانہ بھی رہ چکی ہیں۔ریاالحسن ملک کی طاقت ور سیکیورٹی ایجنسیوں کی انچارج بھی ہوں گی، عہدے کا چارج سنبھالنے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سعد الحریری نےان پر اپنے بھروسہ اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھاری ذمہ داری ان پر عائد کی ہے۔ریاالحسن نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹر ز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے اور وہ وزیراعظم سعد الحریری کی جماعت ’فیوچر موومنٹ پارٹی‘ کی رکن ہیں۔