مسجد میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو قتل کرنے والے کینیڈی شہری کو عمر قید

کیوبک سٹی(ویب ڈیسک) کینیڈا میں مسجد پر فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو قتل کرنے والے ملزم الیگزینڈر بسونیٹ کوعمر قید کی سزا سنادی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی عدالت نے 29 سالہ نوجوان الیگزینڈر بسونیٹ کو 6 افراد کے قتل اور اقدام قتل کے دیگر مقدمات میں عمر قید سزا سنادی، ملزم کو 40 سال بعد پیرول پر رہا کیا جا سکے گا۔ملزم نے جنوری 2017 میں کینیڈا کے شہر کیوبک کی ایک مسجد میں مسلح حملہ آور نے حملہ کرکے 6 نمازیوں کو قتل اور 6 کو زخمی کردیا تھا۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واردات کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔پراسیکیوٹر نے دہشت گردانہ کارروائی پر ملزم کو 6 بار سزائے موت یا 150 سال قید کی سزا کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ملزم کی کارروائی کو مذہبی منافرت کے بجائے پناہ گزینوں کے خلاف نفرت اور ملزم کی ذہنی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔کینیڈا میں 2012 سے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز رویے میں اضافہ ہوا اور 2017 میں مذہبی تعصب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں 15 شدت پسند جنگجو ہلاک

موغادیشو(ویب ڈیسک) صومالیہ میں شدت پسند جماعت الشباب کے ٹھکانوں پر امریکی فضائیہ کے حملے میں 15 جنگجو مارے گئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں امریکی فضائیہ نے شدت پسند جماعت الشباب کے ٹھکانوں پر حملہ کیا، فضائی حملے میں 15 جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی فضائیہ کے کمانڈر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کے تحت کی گئی کارروائی میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔صومالیہ کے کئی حصوں پر تاحال الشباب کا قبضہ ہے اور حکومتی فورسز امریکی فوج کی مدد سے قبضہ واگزار کرانے کے لیے کاروائیاں کرتی رہتی ہیں۔واضح رہے کہ صومالیہ میں الشباب داعش کی زیلی تنظیم کے طور پر متحرک ہے اور حکومتی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہے۔ امریکی فضائیہ صومالیہ کی حکومت کی معاونت کے لیے کئی برسوں سے یہاں موجود ہیں۔

بھارت میں قتل اور فسادات کے مقدمے میں 7 مسلمانوں کو عمر قید

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارت میں 2 ہندو شہریوں کے قتل کے الزام میں 7 مسلمانوں کو عمر قید کی سنادی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی شہر مظفر نگر کی ایک عدالت نے اترپردیش میں 2013 کو قتل ہونے والے دو ہندو شہریوں کے مقدمے کی سماعت کی۔ قتل کے الزام میں 7 مسلمانوں کو عدالت میں پیش کیا گیا جنہیں عدالت نے عمر قید کی سنادی۔ملزمان پر 27 اگست 2013 میں کاول گاﺅں میں دو ہندوﺅں کو قتل کرنے کا الزام تھا، اس قتل کے بعد اترپردیش میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس کے نتیجے میں 65 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ان فسادات کا سب سے زیادہ فائدہ نریندرا مودی کی جماعت بی جے پی کو ہوا تھا، مذہبی فسادات نے اترپردیش کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کردیا تھا اور اگلے ہی برس ہونے والے الیکشن میں بی جے پی کامیاب ہوگئی تھی۔رواں برس بھی بھارت میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور ایسے موقع پر اس کیس کا متنازعہ فیصلہ آنا معنی خیز ہے، 2013 میں ہونے والے فسادات میں ہلاک اور بے گھر ہونے والوں میں اکثریت مسلمانوں کی تھی اور عدالت نے بھی سزا مسلمانوں کو ہی دی۔

مقبوضہ کشمیر میں افضل گورو شہید کی چھٹی برسی پر ہڑتال

سرینگر(ویب ڈیسک) حریت رہنما محمد افضل گورو کے چھٹے یومِ شہادت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما محمد افضل گورو کی چھٹی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال ہے، وادی میں تجارتی وتعلیمی سرگرمیاں بند ہیں جب کہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے اور اہم عمارتوں پر فوج تعینات ہے لیکن اس کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں و مظاہرے کیے جارہے ہیں۔سینئر حریت رہنما الطاف بٹ نے افضل گورو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افضل گورو اور دیگر شہدا کی قربانیوں سے تحریک آزادی میں نئی جان آئی، پھانسی کے بعد افضل گوروکی جیل میں تدفین بھارتی خوف وبوکھلاہٹ کا ثبوت تھا، بھارتی سپریم کورٹ کا افضل گورو کی پھانسی کا فیصلہ عدالتی قتل ہے۔

پاکستان کا افغان امریکا مذاکرات میں مثبت کردار قابل تعریف ہے، زلمے خلیل

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے انخلا کے لیے نہیں بلکہ امن کے لیے معاہدہ کررہا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد برائے پاکستان و افغانستان نے یوایس انسٹیٹیوٹ آف پیس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے نکلنے کا نہیں بلکہ امن کا معاہدہ کررہا ہے اور طالبان سے مذاکرات بالکل ابتدائی مرحلے میں ہیں۔زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا اور پاکستان کا ان مذاکرات کی کوششوں میں مثبت کردار قابل تعریف ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ بہترتعلقات چاہتا ہے۔خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا افغانستان سے جنگ کے خاتمے کیلیے کوشاں ہیں اور افغانستان سے نکلنے کا نہیں، امن کا معاہدہ کررہا ہے کیوں کہ طالبان سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں فوج رہنے سے امن نہیں ہوسکتا۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکا افغان حکومت اورطالبان میں مذاکرات چاہتا ہے لہٰذا افغان سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ طالبان سے پرامن انتخابات کیلیے معاہدہ طے پا جائے گا اور امید ہے کہ جولائی سے قبل امن معاہدہ طے ہوجائے گا تاہم اگر معاہدے پر پیشرفت نہ بھی ہوئی توافغان الیکشن بروقت ہوں گے کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ طالبان بھی افغان انتخابات میں حصہ لیں۔

عمران خان کے پاس اسٹار کھلاڑی تھے،اُن سے موازنہ درست نہیں، سرفراز احمد

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم بہتر نظر آئے گی، کھلاڑیوں کا پول تیار ہے، پی ایس ایل فور میں فائنل کھیلنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔کپتان سرفراز احمد نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں کیا، اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، منیجر اعظم خان اور برانڈ ایمبیسیڈر مایا علی بھی موجود تھیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل-4 میں عمدہ نتائج دینے کی کوشش کروں گا، فائنل کھیلنا ہماری پہلی ترجیح ہے، پی ایس ایل فور کے میچز کے پاکستان میں انعقاد پر خوشی ہے، اپنے ہوم سٹی میں میچز کھیلنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے، شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم میں موجود تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے اس طرح ہمارا کمبی نیشن متاثر نہیں ہوگا، حالیہ سیریز میں جو غلطی ہوئی جس پر پابندی کی سزا بھی ہوئی وہ اب ماضی کا حصہ بن گیا ہے، میں جو کچھ ہوا میں فراموش کرچکا ہوں۔کپتان سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم پہلے سے کہیں بہتر نظر آئے گی ،آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ہمارے لیے موقع موجود ہے، جس سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں کپتان نے بتایا کہ میری طبیعت شروع سے ہی سادہ ہے، میں چشمہ نہیں پہنتا اور تقریبات میں نہیں جاتا ،یہ چیزیں میرے مزاج میں شامل نہیں، میرے کھیل کو نکھارنے میں کوچ اعظم خان کا بہت بڑا کردار ہے۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میرے پسندیدہ کرکٹر رہے ہیں ان کے پاس اسٹار کھلاڑی تھے اس لیے ان سے موازنہ درست نہیں، 1992 عالمی کپ کی ٹیم بہت زبردست تھی۔اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے ساتھ پرانا رشتہ ہے، مجھے سرفراز احمد کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور جب تک سرفراز کھیلتے رہیں گے وہ ہی کوئٹہ کے کپتان رہیں گے۔

احسان مانی کے گھر کی تزئین و آرائش کیلئے 22 لاکھ روپے منظور

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے 73سالہ سربراہ احسان مانی کو گھر کی تزئین و آرائش کے لئے 22لاکھ روپے کی خطیر رقم پی سی بی کے خزانے سے دی جائیگی۔اس بات کا باقاعدہ اجازت نامہ لاہور میں گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران دیا گیا۔احسان مانی نے 4 ستمبر 2018ءکو باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج لیا تھا، چونکہ احسان مانی 26 سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں، اس لئے ان کے پاس پاکستان میں کوئی گھر نہیں ہے۔کراچی میں گزشتہ سال پریس کانفرنس میں احسان مانی نے صحافی کی جانب سے پی سی بی کی جانب سے گھر دینے کے سوال پر کہا تھا کہ وہ “ داتا دربار” میں تو رہ نہیں سکتے، لہذا پی سی بی نے رہائش کے لئے ان کو لاہور کے ایک پوش علاقے میں دو لاکھ ماہانہ پر ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا ہے۔اور اب احسان مانی کو پی سی بی کے خزانے سے اس فلیٹ کی تزئین و آرائش کے لئے 22 لاکھ روپے دینے کی باقاعدہ منظوری پی سی بی گورننگ بورڈ کے 52 ویں اجلاس میں دی گئی ہے۔

شاہد آفریدی کراچی میں پی ایس ایل فائنل کھیلنے کےلئے پرعزم

کراچی(ویب ڈیسک)بوم بوم شاہد آفریدی بنگلہ دیش پریمئَرلیگ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئے۔بی پی ایل میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹٰیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وطن واپسی پر ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئن و آرائش پر خوشی کا اظہار کیا۔آفریدی کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم اب پہلے سے بہت زیادہ خوبصورت لگ رہا ہے، امید ہے کہ سترہ مارچ کو یہاں پر شیڈول پی سی ایل کا فائنل کھیلنے کا موقع ملے گا۔بی پی ایل میں اپنی عمدہ بیٹنگ کے ساتھ 16 وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار اداکرنے والے آفریدی پی سی ایل فور میں ملتان سلطانز کی ٹیم کا حصہ ہیں، وہ کچھ وقت گھر پر گزارانے کے بعد دبئی جا کر شعیب ملک کی قیادت میں کھیلنے والی ملتان سلطانز ٹیم کوجوائن کرلیں گے۔

پی ایس ایل 4 کیلیے دبئی میں رونقیں بڑھنے لگیں

کراچی / لاہور(ویب ڈیسک) پی ایس ایل 4کیلیے دبئی میں رونقیں بڑھنے لگیں جب کہ کپتان محمد سمیع سمیت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملکی کرکٹرز پہنچ گئے۔پی ایس ایل فور کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملکی کرکٹرز دبئی پہنچ گئے، کپتان محمد سمیع اور رومان رئیس کراچی دیگر متعلقہ شہروں سے روانہ ہوئے، سمت پٹیل انگلینڈ سے یو اے ای پہنچے، دیگر کی آمد کا سلسلہ بھی جاری تھا۔روانگی سے قبل ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے رومان رئیس نے کہا کہ میں ایک سال کرکٹ سے دور رہا،اب پی ایس ایل فورکیلیے بہت پرجوش ہوں، میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ محمد سمیع کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے، میرا ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو بھی انہی کی کپتانی میں ہوا تھا، وہ ایک فائٹر کرکٹر ہیں۔دوسری جانب پشاور زلمی کے پاکستانی کرکٹرز اپنے شہروں سے روانہ ہونے کے بعد دبئی پہنچ گئے، کپتان ڈیرن سیمی کی آمد بھی جمعے کی شب تک شیڈول تھی،کامران اکمل، عمید آصف، ثمین گل ، نبی گل، سمیع اللہ آفریدی،عمر امین ، جمال انور ،خالد عثمان اور ابتسام شیخ کیساتھ ہیڈکوچ محمد اکرم اور منیجر ارشد خان بھی روانہ ہوئے۔لاہور قلندرز کی ٹیم جمعرات کو دبئی پہنچ گئی تھی،قومی ٹیم کے دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد حفیظ نے بھی ساتھیوںکو جوائن کرلیا،لاہور قلندرز نے بھرپور مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ فرنچائز کے ساتھ نئے سفر کا آغاز ہورہا ہے،میری کوشش ہوگی کہ اس بار نتائج ماضی سے مختلف ہوں، انھوں نے کہا کہ ٹیم کا کمبی نیشن اچھا اورامید ہے کہ پرستاروں کو مایوسی نہیں ہوگی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں رنگارنگ تقریب کے ساتھ ہوگا۔

عرب انٹرنیشنل فیسٹیول میں ماہرہ خان کیلئے ایوارڈ

دبئی (ویب ڈیسک)پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان کو فلم نگری میں پہچان بنانے پر عرب انٹرنیشنل فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ڈِسٹِنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کا تیسرا ایڈیشن جمعے کے روز دبئی میں منعقد کیا گیا جس میں دنیا بھر کی نامور شخصیات سمیت شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ماہرہ خان کو فلم نگری میں پہچان بنانے پر قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔خوبرو اداکارہ نے ایوارڈ تقریب میں کویت کی مشہور برانڈ لیبرجوزی کا ہلکے آسمانی رنگ کا جھل مل کرتا ہوا لباس زیب تن کیا اور سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔یاد رہے کہ ماہرہ خان کو سال 2017 میں لبنان کے 8ویں بیروت انٹرنیشنل ایوارڈ فیسٹیول کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جہاں بین الاقوامی سطح پر شہرت پانے اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ماضی میں سلمان خان کے سہارا دینے پرشاہ رخ خان آج بھی آبدیدہ

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا ماضی کویاد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سلمان خان نے ا±س وقت ان کا ساتھ دیا اور ان کی اداکاری کوسراہا جب کسی کو بھی ان پر یقین نہیں تھا۔1995 کی سپر ہٹ فلم ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ شاہ رخ خان کے کیریئر کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی تھی۔ اس رومانوی فلم کی بدولت شاہ رخ خان کوناصرف بالی ووڈ میں ”کنگ آف رومینس“ کا خطاب ملا بلکہ وہ راتوں رات بالی ووڈ کے افق کا سب سے چمکتا ہوا ستارہ بن گئے۔ تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کی اس فلم کو ریلیزسے قبل سوائے سلمان خان کے ان کے تمام دوستوں نے نا پسند کردیا تھا۔حال ہی میں شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو کے دوران ماضی کے واقعات دہراتے ہوئے کہا ”مجھے آج بھی یاد ہے جب فلم ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ کا پریمیئر ہوا تھا اس وقت میرے سب دوست میرے ساتھ بیٹھے تھے۔ اسکرین پر فلم کا سین چل رہا تھا جس میں میں کہتا ہوں”راج اگر یہ تجھ سے پیار کرتی ہے تو پلٹ کے دیکھے گی، پلٹ پلٹ پلٹ“ اس وقت وہاں موجود میرے تمام دوستوں نے کہا اس سین کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے اگر لڑکی نہیں پلٹی تو تم اسے ماردوگے جیسے بازیگر میں تم نے شلپا شیٹھی کو ماردیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا اگر تم اس فلم میں نا ہوتے تو شاید یہ فلم زیادہ اچھی ہوتی، یہ بات سن کر میں بہت اداس ہوگیا تھا تاہم سلمان خان وہ پہلے انسان تھے جنہوں نے فلم دیکھ کر کہا یہ فلم زبردست ہے۔“شاہ رخ خان ا?ج بھی یہ قصہ سناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی فلموں کی تمام اداکاراﺅں کا شکریہ اداکیا جن کی وجہ سے انہیں ”رومینٹک ہیرو“ کا خطاب ملا۔ کنگ خان نے کہا میں رومینٹک سین کرتے ہوئے بہت گھبراتا تھا تاہم میری ساتھی اداکاراﺅں نے میرا بہت ساتھ دیا۔ چاہے وہ کاجول، مادھوری یا جوہی چاﺅلہ ہو، میں ان تمام خواتین کا شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ شاہ رخ خان کے کیریئر کی سب سے زیادہ ہٹ اور طویل عرصے تک چلنے والی فلم ہے جو تقریباً 24 سال گزرنے کے باوجود آج بھی ممبئی کے سینما گھروں میں دکھائی جارہی ہے۔

حکومت نے دسمبر میں مقامی ذرائع سے 2 سو 12 ارب روپے کا قرضہ لیا:اسٹیٹ بینک کی رپو رٹ آگئی

کراچی: (ویب ڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق حکومت نے ماہ دسمبر میں مقامی ذرائع سے 2 سو 12 ارب روپے کا قرضہ لیا۔اسٹیٹ بینک نے حکومتی قرضوں کے حجم کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق حکومت نے ماہ دسمبر میں مقامی ذرائع سے 212 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔اسٹیٹ بینک نے اعلامیے میں بتایا کہ حکومت نے دسمبر میں 28 ارب کے بیرونی قرضوں کی واپسی کی ہے۔وفاقی حکومت نے 6 ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالر کا غیرملکی قرض لیااسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے قرضوں کا حجم 26 ہزار 636 ارب روپے ہوگیا ہے جس میں مقامی قرضوں کا حجم 17 ہزار 5 سو 35 ارب روپے جب کہ بیرونی قرضوں کا حجم 9 ہزار ایک سو ایک ارب روپے ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی امور ڈویڑن نے اعلامیے میں بتایا تھا کہ حکومت نے دسمبر میں 42 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز کا قرض لیا تھا جب کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالرز کا غیر ملکی قرض لیا۔

این آر او دینا اس ملک سے غداری ہوگا: وزیراعظم عمران خان کا دبنگ اعلا ن

ہیڈ بلوکی (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او دینا اس ملک سے غداری ہوگا، 2 این آر او نے پاکستان کو تاریخی نقصان پہنچایا، این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، سرے محل کیس میں قوم کے 2 ارب روپے برباد کئے گئے۔شجرکاری مہم کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، ایک این آر او جنرل مشرف نے نواز شریف کو دیا، نواز شریف کو این آر او دے کر کیس روکا اور بیرون ملک جانے دیا، این آر او دینے سے تاثر ہوا طاقتور چور کو پاکستان میں نہیں پکڑا جاتا۔ انہوں نے کہا اتنے اتنے تاریخی خسارے چھوڑیں گے تو قیمت عوام ادا کریگی، وہ کس منہ سے کہتے ہیں 5 ماہ میں پی ٹی آئی نے ٹھیک نہیں کیا، اب کسی کرپٹ آدمی کو رعایت نہیں دی جائے گی، 6 ہزار سے 30 ہزار ارب روپے قرض کر دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات بہت کم ہیں، میانوالی کا جنگل ختم کر دیا گیا، قبضے ختم کرا کر زمینوں پر جنگلات اگائیں گے۔ انہوں نے کہا ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کیلئے درخت لگانا ضروری ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنا شروع ہوگئے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پنجاب کے جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا۔