شان کی فلم ”ضرار“ٹریلرتیار

لاہور(شوبزڈیسک ) معروف اداکار شان شاہد کی بطور ہدایتکار زیر تکمیل فلم ضرار کا ٹریلر تیار ہو گیا۔شان شاہد نے ٹوئٹر پر اپنے پرستاروں کے نام ویڈیوپیغام میں کہا کہ فلم ضرار کاٹریلر تیار ہو چکا ہے اسے بہت جلد ریلیز کر دیا جائے گا ،میں پر امید ہوں کہ آپ سب کو ٹریلر پسند آئے گا۔فلم میں اداکار شان شاہد نے مرکزی کردار نبھایاہے ،ہیروئن کے کردار کیلئے دبئی میں ماڈلنگ کرنے والی آرٹسٹ کرن ملک کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ فلمسٹار ندیم ،عدنان بٹ ،نیئر اعجاز اور برطانوی اداکار ڈیوڈ لارنس کاسٹ میں شامل ہیں۔شان شاہد کا کہنا تھا کہ یہ جدید طرز کی فلم ہے جس کی شوٹنگ برطانیہ اور پاکستان میں کی گئی ہے۔

عثمان بزدار عمرہ کیلئے روانہ ،قطار میں کھڑے ہو کر بورڈنگ کارڈ لیا

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارآج عمرہ کی ادائیگی کیلئے لاہور سے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ نے پروٹوکول کے بغیر دیگر مسافروں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہو کر بورڈنگ کارڈ لیا۔مسافروں نے وزیراعلیٰ کو قطار میں کھڑے دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ سے ہاتھ ملایا اوران کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر بھی حاضری دیں گے اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے اور اپنی فیملی کے عمرے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں۔

بے نظیر کے سیاسی وارث ن لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں: فواد چوہدری

اسلام آباد(اے این این ) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس مسلم لیگ ن کے سیاسی کردار کو عیاں کرتا ہے،دلچسپ امر یہ ہے کہ بے نظیر شہید کے سیاسی وارث ن لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصغر خان کیس پر سپریم کورٹ کا بینچ خوش آئند ہے۔وزیر اعظم پہلے ہی ایف آئی اے کو ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے یہ مقدمہ نون لیگ کے سیاسی کردار کو عیاں کرتا ہے دلچسپ امر یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کے سیاسی وارث آج نواز لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں۔

لٹیروں کو این آر او دینا ملک سے غداری : عمران خان

لاہور،بلوکی (نمائندگان خبریں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو این آر او دینے کا مطلب ملک سے غداری ہوگا، جو بھی یہ سوچ رہا ہے کہ حکو مت کسی کو این آر او دے گی وہ یہ سمجھے اگر ہم دیں گے تو ہم ملک سے غداری کریں گے، یہ ہو ہی نہیں سکتا ہم کسی طرح ان کو این آر او دیں۔ ہم نے کسی کو چھوڑنا نہیں ہے جس نے ملک کا دیوالیہ نکالا ہے ، جس نے کرپشن کی ہم نے کسی کو نہیں چھوڑنا۔ میں دیکھ رہا ہوں شور مچ رہا ہے، اسمبلی میں شور، ہم ان کے ساتھ پوری طرح کوشش کر رہے ہیں کہ اسمبلی ٹھیک طرح چل جائے۔ کبھی آج تک جمہوریت کی تاریخ میں ہوا ہی نہیں ہے کہ جیل سے ایک آدمی اٹھ کر آئے اور پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن جائے اور پھر اسی نیب کو طلب کر لے، یہ کسی جمہوریت میں کبھی کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا، ہم نے یہ بھی کوشش کی کہ پارلیمنٹ چل جائے۔ میں آج کہہ رہا ہوں جتنی ہم نے کوشش کرنی تھی ہم نے کر لی ہے اب کسی قسم کی رعائت کسی قسم کے کرپٹ آدمی کو ہم نہیں دیں گے۔ تبدیلی کیا ہے میں بتاتا ہوں، کبھی کسی نے سنا ہے کہ حکومت کو تین ماہ ہوئے ہوں اس کے تین وزیر استعفیٰ دیں۔ یہاں ان کی اربوں روپے کی چوری آتی ہے، جعلی اکاﺅنٹس آتے ہیں ، مرے ہوئے لوگوں کے اکاﺅنٹس میں اربوں روپے نکل آتے ہیں، دبئی میں کسی کے ڈرائیور کے نام پر پانچ ، پانچ گھر نکل آتے ہیں کوئی استعفیٰ دینے کا نہیں سوچتا، یہ ہے تبدیلی کہ موجوہ حکومت اپنے اور دوسرے میں کوئی فرق نہیں کرتی۔ احتساب کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کرتا، موجودہ حکومت ملک میں صحیح معنوں میں احتساب کرے گی ۔ جبکہ عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب میں جنگلات کی لیز پر دی گئی زمینیں واپس لی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے بلوکی میں بہار شجر کاری مہم 2019کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج بہت خوش ہوں ، ہم نے پورے پاکستان میں جو زمینوں پر قبضے ہوئے ہیں ان کو چھڑوا کر زیادہ سے زیادہ زمینوں پر جنگلات اگانے ہیں۔ درخت لگانا اب زندگی موت کا سوال ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے جس کو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اگر اسی طرح موسم گرم ہوتا گیا تو پھر آگے جو حالات آئیں گے تو آئندہ نسل کے لیئے یہاں رہنا مشکل ہو جائے گا، یہاں خشک سالی آئے گی، بارشیں کم ہوں گئیں اور دریاﺅں میں پانی کم ہو جائے گا، شہروں میں آلودگی بڑھتی جائے گی، کیوں کہ ہم وہ ملک ہیں جہاں پر سب سے کم جنگلات ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں گزشتہ 10سال میں 70فیصد درخت کاٹے گئے۔ہم نے آئندہ پانچ سال میں پاکستان میں 10ارب درخت لگانے ہیں ۔ ہم نے خیبر پختونخوا میں پانچ سالوں میں ایک ارب 18 کروڑ درخت لگائے ، اب ہم نے سارے پاکستان کو ہرا کرنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کل این آر او کی بڑی بات چیت ہو رہی ہے، این آر اوکیا ہوتا ہے، این آر او یہ ہوتا ہے کہ آپ چھوٹے نہیں بڑے ، بڑے مجرموں کو معاف کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں دو این آر او نے ملک کو تاریخی نقصان پہنچایا ہے ، آج جو ہمارے حالات ہیں، ملک مقروض ہے اس کی بڑی وجہ دو این آر او تھی۔ ایک این آر اور جنرل (ر) پرویز مشرف نے نواز شریف کو 10 سال کے لیئے سعودی عرب بھیجنے کے لیئے دیا ۔ نواز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپرمل کا کرپشن کا کیس تھا اس میں اسحق ڈار کا اقبالی بیان تھا کہ کیسے منی لانڈرنگ کر کے پیسہ پاکستان سے باہر گیا، اس کے اوپر بی بی سی کی ڈاکو مینٹری بنی ہوئی تھی۔ این آر او دے کر وہ کیس روکا گیا اور نواز شریف کو باہر جانے دیا تاکہ جنرل مشرف کی کرسی خطرے میں نہ ہو۔ اور دسری طرف آصف علی زرداری کے کے خلاف سوئس کیس پر قوم کا دو ارب روپیہ خرچ ہوا، لندن میں سرے محل پر کیس ہوا اور پاکستانی حکومت کیس جیت گئی، تاہم این آر او کیا گیا اور ہمیں پتہ ہے امریکن بھی درمیان میں تھے ، سرے محل کے پیسے جو پاکستان آنے تھے وہ بھی واپس نہیں آئے اور سوئٹزلینڈ میں کیس پر قوم کے دو ارب روپے خرچ ہوئے وہ کیس بھی چھوڑ دیا۔ ان دو این آر اوز سے کیا ہوا ، طاقتور لوگوں نے سمجھا چوری کوئی بری چیز نہیں ہے، کرپشن جتنی مرضی کرو اس ملک میں طاقتور چو ر کو نہیں پکڑا جاتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کا نتیجہ کیا ہوا، 2008 سے 2018 تک وہی این آر او والے لیڈر وں نے پانچ ، پانچ سال حکومت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 60سالوں میں پاکستان کا قرضہ چھ ہزار ارب روپے تھا، ان کے دو این آراو کے 10سال کے بعد پاکستان کا قرضہ 30ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا۔ کسی کو خوف ہی نہیں تھا کیوں کہ یہاں بڑے، بڑے چوروں کو کوئی پکڑتا نہیں ہے۔ آج قوم کو مصیبتیں پڑی ہوئی ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور روپے کہ قیمت کم ہو رہی ہے ۔جب آپ قرضے لیتے جائیں گے اور تاریخی خسارے چھوڑیں گے تو اس کی قیمت تو عوام ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہنوں نے 10سال ملک کو مقروض کیا آج میں ان کی شکلیں دیکھتا ہوں وہ کس منہ سے آکر ٹی وی پر بیٹھ کر تحریک نصاف کو کہتے ہیں کہ آپ نے پانچ ماہ میں وہ نہیں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی گھر کو مقروض چھوڑ کر چلا جائے اور پھر کہے کہ میں تو بڑا اچھا کا م کیا اور آنے والا جواب دے، قرضے آپ چھوڑ جائیں اور آنے والے کو کہیں آپ جواب دیں۔ جب آپ چھ ہزار سے 30 ہزار ارب روپے قرض چھوڑ جائیں تو ملک کیسے ٹھیک ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ سوچ رہا ہے یہ حکو مت کسی کو این آر او دے گی وہ یہ سمجھے اگر ہم دیں گے تو ہم ملک سے غداری کریں گے، یہ ہو ہی نہیں سکتا ہم کسی طرح ان کو این آر او دیں۔ ہم نے کسی کو چھوڑنا نہیں ہے جس نے ملک کا دیوالیہ نکالا ہے ، جس نے کرپشن کی ہم نے کسی کو نہیں چھوڑنا۔ میں دیکھ رہا ہوں شور مچ رہا ہے، اسمبلی میں شور، ہم ان کے ساتھ پوری طرح کوشش کر رہے ہیں کہ اسمبلی ٹھیک طرح چل جائے۔ کبھی آج تک جمہوریت کی تاریخ میں ہوا ہی نہیں ہے کہ جیل سے ایک آدمی اٹھ کر آئے اور پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن جائے اور پھر اسی نیب کو طلب کر لے، یہ کسی جموریت میں کبھی کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا، ہم نے یہ بھی کوشش کی کہ پارلیمنٹ چل جائے۔ میں آج کہہ رہا ہوں جتنی ہم نے کوشش کرنی تھی ہم نے کر لی ہے اب کسی قسم کی رعائت کسی قسم کے کرپٹ آدمی کو ہم نہیں دیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کیا ہے میں بتاتا ہوں، کبھی کسی نے سنا ہے کہ حکومت کو تین ماہ ہوئے ہوں اس کے تین وزیر استعفیٰ دیں۔ یہاں ان کی اربوں روپے کی چوری آتی ہے، جعلی اکاﺅنٹس آتے ہیں ، مرے ہوئے لوگوں کے اکاﺅنٹس میں اربوں روپے نکل آتے ہیں، دبئی میں کسی کے ڈرائیور کے نام پر پانچ ، پانچ گھر نکل آتے ہیں کوئی استعفیٰ دینے کا نہیں سوچتا، یہ ہے تبدیلی کہ موجوہ حکومت اپنے اور دوسرے میں کوئی فرق نہیں کرتی۔ احتساب کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کرتا، موجودہ حکومت ملک میں صحیح معنی میں احتساب کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کی بلوکی میں جو پارک بنایا ہے میں چاہتا ہوں اسے بابا گرونانک کے نام پر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زبردست قسم کی یہاں پر گرونانک یونیورسٹی بھی بنائیں گے، مجھے اچھا لگتا ہے جب لوگ اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں مانگتے ہیں یہ ایک زندہ معاشرے کی نشانی ہے کہ آپ تعلیمی ادارے مانگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا میں ملک میں رہنے والی تمام اقلیتوں سے کہنا چاہتا ہوں ہم وہ پاکستان بنا رہے ہیں جو سب کے لیے ہے۔ پاکستان میں اور بیرون ملک رہنے والے سکھ مذہب کے لوگوں سے میں کہنا چاہتا ہوں ہمیں پتہ ہے ننکانہ صاحب اور کرتارپور آپ کے لئے کتنی اہمیت رکھتا ہے ہم آپ کو بھر پور سہولیات فراہم کریں گے اور پور طرح مدد کریں گے۔ ہمیں پتہ ہے بابا گرونانک کی 550 برسی ہے ہم آپ کے لئے کرتارپور میں بڑا پروگرام منعقد کریں گے اور سہولتیں فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے لیئے اس لئے جدوجہد کی کہ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں ہندوستان میں اقلیتوں کو پورے حقوق نہیں ملیں گے، یہ جدوجہد تھی اور چاہتے تھے کہ ہم برابر کے شہری ہوں اور آہستہ آہستہ واضح ہو گیا اور کانگریس میں آوازیں نکلنا شروع ہو گئیں کہ مسلمانوں اور اقلیتوں کو پوری طرح کے شہری نہیں بنایا جائے گا اس لیئے انہوں نے جدوجہد کی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کے حقوق دی گے، برابر کے شہری بنائیں گے اور انہیں کبھی احساس نہیں ہو گا کہ وہ پاکستان میں دوسرے درجے کے شہری ہیں جس طرح بدقسمتی سے بھارت میں مسلمان محسوس کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کا میدان سجنے میں 4روز باقی ، ٹیمیں دبئی پہنچنا شروع

دبئی(نیوزایجنسیاں)پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ایونٹ میں شرکت کرنے کےلیے ٹیمیں دبئی پہنچنا شروع ہوگئیں۔پاکستان سپرلیگ سیزن 4،”یہ کھیل دیوانوں کا”،ایک بار پھر شائقین کو دیوانہ بنائے گا۔ میگا ایونٹ کے آغازمیں4روزباقی رہ گئے۔ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل فور میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئی، کپتان شعیب ملک اور انٹرنیشنل کھلاڑی یو اے ای میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے۔پاکستان سپر لیگ چار میلہ سجنے کو تیار ہے، ایسے میں ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل 4 میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئی ہے۔ یو اے ای پہنچنے والے کرکٹرز میں محمد عباس، حماد اعظم، علی شفیق، جنید خان، نعمان علی، شکیل انصر، عرفان خان اور عمر صدیق شامل ہیں۔ملتان سلطانزٹیم کے منیجر ندیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے پہلی بار پی ایس ایل کے مقابلوں میں ٹیم کی شرکت خوش آئند ہے۔ کپتان شعیب ملک، شاہد آفریدی اور انٹرنیشنل کھلاڑی دبئی میں ہی ٹیم جوائن کرینگے۔ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے بھی اڑان بھرلی۔ ٹیم کے کھلاڑی موسیٰ خان اور یاسر نواز اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔غیرملکی کرکٹر سمت پٹیل لیگ شروع ہونے کے منتظر ہیں جبکہ سعید اجمل بھی پرجوش ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ وقاریونس کو محمد سمیع اور شاداب خان کی قیادت پربھروسہ ہے۔سپرلیگ کا آغاز 14 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب سے ہوگا۔افتتاحی روز دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہورقلندرز کا مقابلہ ہوگا۔ملتان سلطانز پندرہ فروری کو اپنا پہلا میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کے 8 میچز پاکستان میں ہونگے۔ کراچی فائنل سمیت 5 میچز کی میزبانی کرے گا۔

پاکستانی ویمنز نے کالی آندھی کا حساب چکا دیا ،دوسراون ڈے 34رنزسے جیت لیا

دبئی (اے پی پی) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ میں سدرہ امین اور ندا ڈار کی شاندار بیٹنگ، دیانا بیگ اور ثناءمیر کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 34 رنز سے شکست دے دی، پاکستانی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 240 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، سدرہ امین نے 96 اور ندا ڈار نے 81 رنز کی دلکش اننگز کھیلیں، جواب میں ویسٹ انڈین ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، میک لین کی 82 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، دیانا بیگ نے 4 اور ثناءمیر نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، سدرہ امین میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ ہفتہ کو دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 240 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، سدرہ امین اور ندا ڈار نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی، سدرہ امین 96 اور ندا 81 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ناہیدہ خان 3، جویریہ خان 5، کپتان بسمعہ معروف 8، عالیہ ریاض 6، ثناءمیر 21، کائنات امتیاز 1، سدرہ نواز 3 اور دیانا بیگ 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں، دیندرا ڈوٹن اور شکیرا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، میک لین کی 82 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، کپتان سٹیفنی ٹیلر 48 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، دیانا نے 4، ثناءمیر نے 3، ناشرہ نے 2 اور ندا ڈار نے ایک وکٹ لی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سکیورٹی مزید سخت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا، اقدام کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کےلیے اٹھایا گیا، ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین نیب میگاکرپشن کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچانے کےخواہاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ، چیئرمین نیب کی نقل و حرکت کوبھی خفیہ رکھا جائے گا، یہ اقدام کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کےلیےاٹھایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین نیب میگاکرپشن کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے خواہاں ہیں جبکہ میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات کرنیوالے افسران کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ گذشتہ روز چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، ہم ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں، اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک جانے والوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

مخالفین سے 18 ویں ترمیم اور وسائل کی جنگ لڑیں گے ، نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دینگے : آصف زرداری

ٹنڈو آدم، ٹنڈو الہیار (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری نے کہاہے کہ نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے ، یہ بیوقوف ہیں ، ان کی ٹانگیں ویسے ہی ڈگمگا جاتی ہیں ،مخالفین کے ساتھ پاکستان کے وسائل کی جنگ لڑ رہے ہیں، اپنا حق لینے کیلئے لڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈو الہٰیار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میں نے گڑھی خدا بخش کی دھرتی کی قسم کھائی ہے ، ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قول پر چلتا رہوں گا ، جس کو یہ پاکستان کہتے ہیں ، وہ ان کی جانب سے نہیں بنایا تھا ، پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مکالمہ کرکے بنایا تھا جو میرے بزرگوں کے سکول میں پڑھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے اور اپنے حق کیلئے لڑیں گے ، پنجاب ، بلوچ اور پشتون ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیوقوف ہیں ، ان کی ٹانگیں ویسے ہی ڈگمگا کرجاتی ہیں ، اتنا ڈرنے کی بات نہیں ہے جتنا یہ ڈرتے ہیں ،بجٹ ہم نے بھی بنایا تھا ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا تھا کیونکہ ہمیں غریبو ں کی سوچ ہوتی ہے جبکہ ان کو اپنے محلات کا سوچ ہوتی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے، تمام صوبے ہمارے ساتھ ہیں، یہ پاکستان کے وسائل کی جنگ ہے اور ہم یہ جنگ لڑتے رہیں گے،مولانا ابوالکلام آزاد پہلے سے پلان بنائے بیٹھے تھے پاکستان توڑنا ہے اور بعد میں بنگلہ دیش بنا لیکن اب ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہمارا وزیراعلیٰ سندھ کنجوس آدمی ہے یہ پیشے کے اعتبار سے بینکر ہیں اور بینکر سے جب پیسہ مانگا جائے تو کہتا ہے کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں،ہم نے گڑھی خدابخش کی مٹی کی قسم کھائی ہوئی ہے کہ لڑتے رہیں گے۔بی بی کے قول پر چلتے رہیں گے۔۔ ٹنڈو آدممیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے لڑتے آرہے ہیں اور یہ جنگ لڑتے رہیں گے، یہ پاکستان آج کے لوگوں نے نہیں بنایا بلکہ ہمارے بزرگوں نے بنایا اور یہ ملک جنگ سے نہیں ڈائیلاگ کے ذریعے حاصل کیا گیا۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سوچی سمجھی سازش کے تحت خون ریزی کی گئی اور نیا بنگلہ دیش بنایا گیامولانا ابوالکلام آزاد 30 برس قبل پلان بنائے بیٹھے تھے کہ پاکسان کو توڑنا ہے اور بعد میں بنگلہ دیش بنا لیکن اب کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔ زرداری نے کہا کہ یہ اٹھارہویں ترمیم پر ڈھونگ رچائے بیٹھے ہیں اب سول ایوی ایشن کا کنٹرول بھی اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے قائد اعظم محدم علی جناح میرے بزرگوں کے اسکول میں پڑھے انہوں نے مذاکرات سے پاکستان حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھی میں تقریر اس لیے نہیں کرتے کیونکہ سننے والوں کو سمجھ نہیں آتی۔ جنگ ان کی ہم سے ہمارے وسائل پر ہے بلکہ پورے پاکستان کے وسائل پر ان سے جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو لڑتے رہے ہیں اور عوام کے حقوق کے لیے جنگ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہم نے بھی یہی بجٹ چلایا تھا اور سب کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا کیونکہ ہماری سوچ غریب عوام ہے۔ہمین عوام کی فکر ہے اور ان کو اپنے محلات کی فکر ہے 1988 ءکے بعد سندھ بہت ترقی کر چکا ہے ہمارا وزیراعلیٰ سندھ کنجوس آدمی ہے کیونکہ پیشے کے اعتبار سے بینکر ہے او ربینکر سے جب پیسے مانگے جائیں تو وہ کہتا ہے کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ہم نے گڑھی خدابخش کی مٹی کی قسم کھائی ہوئی ہے کہ لڑتے رہیں گے۔بی بی کے قول پر چلتے رہیں گے۔ یہ بیوقوف ہیں،ان کی ٹانگیں ڈگمگا رہی ہیں، ہم نے ججز، فوج، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اسی بجٹ میں 100فیصد اضافہ کیا،پیپلزپارٹی کی سوچ غریبوں کی ہے،جبکہ ان کی محلوں کی سوچ ہے۔ہم اپنے حق کیلئے لڑیں گے ۔اس حق میں پنجاب ، جنوبی پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہبی بی کہا کرتی تھیں کہ سندھ جاتی ہوں تووہاں کے غریب کی نوکری کی آواز مجھے پیٹ سے آتی ہے۔سندھ والے پیٹ سے بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی کررہا ہے۔

حکم امتناعی کے باوجود با اثر افراد کا محنت کش خاندان کے زرعی رقبہ پر قبضہ ، ” خبریں ہیلپ لائن “ میں انکشاف

خان پور(نمائندہ خبریں) حکم امتناعی کے باوجود بااثر افرادمحنت کش خاندان کے زرعی رقبہ جات پر قابض،پولیس کی زیر نگرانی فصل کی کٹائی وفروخت کا سلسلہ جاری ،مبینہ نوٹوں کی چمک سے پولیس کا عدالتی حکم ماننے سے بھی صاف انکار،کاروائی کے لئے درخواستیں دینے پر ایس ایچ او کی ا±لٹامتاثرین کو تھانے بندکرنے کی دھمکیاں ،قبضہ مافیا کے ارکان علاقہ میں دہشت کی علامت بن گئے ،متاثرین کے گھر گھس کر اہلخانہ کا تشدد روز کا معمول علاقہ بدر نہ ہونے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں،تفصیلات کے مطابق تھانہ ظاہرپیرکے علاقہ موضع ملک پو رکی بستی کے رہائشی اغوا ،چوری ،ڈکیتی اور اراضی پر قبضوں کے کئی واقعات میں ملوث جرائم پیشہ افراد ربنواز،خالد اور عابد نے تھانہ ظاہر پیر کے ایس ایچ او سیف اللہ کورائی کو بھی مبینہ طور پر بھاری رشوت دیکر خرید لیا ہے جس نے عدالتی احکامات بھی نذر انداز کرنا معمول بنا لیا ،پچھلے دنوں جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ ربنوازاوراس کے ساتھی خالد اور عابد وغیرہ نے موضع ملک پو رکی بستی نون کے غریب محنت کش جمیل احمدکی اراضی پر ناجائز طورپر قبضہ کرنے کیلئے دھاوا بولا تو انہوں نے پولیس تھانہ ظاہر پیرسے مدد مانگی لیکن پولیس کی جانب سے کسی قسم کی مدد نہیں کی اس دوران قبضہ مافیا کے ان ارکان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے علاقہ میں دہشت کی علامت بن گئے لیکن اس کے باوجود پولیس ملزمان پر مہربان ہوگئی اور ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی عمل میں نہیں لائی جب کے اس سے قبل جمیل احمدنے عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کررکھا تھاجو ظاہر پیر پولیس کو دکھایا گیا لیکن ظاہر پیر پولیس نے عدالت کے اس حکم کو ماننے سے بھی صاف انکار کردیامتاثرہ جمیل احمدنے کہاکہ ربنواز وغیرہ نے میرے گھر گھس کر مجھ سمیت میرے تمام اہلخانہ پر قاتلانہ حملہ کیا ہے جس کی وجہ سے ہم اہلخانہ نے نامعلوم مقام پر پناہ لے رکھی ہے،انہوں نے بتایا کہ ہم جب بھی اپنے گھر گئے تو قبضہ مافیا کے ارکان ہم پر حملہ آور ہوکر ہمیں علاقہ بدر کردیتے ہیں جس کی وجہ سے مجھے اورمیرے تمام اہلخانہ کو جان کا خطرہ ہے کیونکہ پولیس پیسوں کی لالچ میں ان جرائم پیشہ عناصر کا ساتھ دے رہی ہے انہوں نے کہاکہ ہم کئی بار خو دپر قاتلانہ حملے کی درخواستیں ا ور اپنی اراضی کا حکم امتناعی لے کر ایس ایچ او تھانہ ظاہر پیر سیف اللہ کورائی کے پاس گئے لیکن وہ یہ کہہ کر کاروائی سے صاف انکار کردیتاہے کہ میں کسی عدالت کے حکم کو نہیں مانتا جو عدالتی حکم مانتے ہیں وہ پولیس افسر کمزور ہوتے ہیں ،ادھر متاثرہ خیر محمد نے بتایاکہ ربنواز وغیرہ نے میری پانچ کنال گیارہ مرلے رقبہ پر ناجائز طورپر قبضہ کررکھاہے کئی بارایس ایچ او سیف اللہ کورائی کے پاس ارداس لے کرگیا لیکن انہوں نے مجھے الٹادھکے دیکر تھانہ سے نکال دیا اور یہ بھی کہہ دیا کہ ربنواز کی مخالفت آپ کو مہنگی پڑے گی جبکہ شفیق احمد نے بتایا کہ میری4کنال 10مرلے رقبہ اراضی پر ربنواز وغیرہ قابض ہیں اور یہ قبضہ ربنواز وغیرہ نے مقامی پولیس کی سرپرستی میں کیا ہے اسی طرح جام عبدالحمید کی 2کنال 9مرلے اور خلیل احمد کی 28کنال اراضی پر یہی قبضہ گروپ ناجائز طورپر قابض ہے لیکن پولیس ان کے سامنے بے بس چلی آرہی ہے،یہ قبضہ گروپ پولیس کی سرپرستی کی وجہ سے علاقہ میں دہشت کی علامت بنا ہوا ہے اور جس کو چاہیں پولیس کی نگرانی میں علاقہ بدر کردیتا ہے، متاثرین نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب سے کرپٹ اور راشی افسیرسیف اللہ کورائی کے خلاف سخت ترین نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

فیڈریشن مخالف بیانات پی ایچ ایف کےلئے دردسربن گئی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بار پھر فیڈریشن کیخلاف اٹھنے والی آوازیں روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔فیڈریشن کیخلاف باربارسخت بیانات ہاکی فیڈریشن کےلئے دردسربن گئی۔اور فیڈریشن کیخلاف بات کرنے پر پنجاب ہاکی ایسو سی ایشن نے پی ایچ ایف کانگرنس ممبر سید علی عباس کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے بھائی اور پنجاب ہاکی ایسو سی ایشن کے سیکرٹری آصف ناز کھوکھر کی جانب سے جاری ہونیوالے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ ایف کانگرنس ممبر اور گوجرانوالہ ہاکی ایسو سی ایشن کے صدر کی حیثیت سے علی عباس نے فیڈریشن کیخلاف بیانات دیئے جس سے فیڈریشن کی ساکھ کو نقصان پہنچا جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی ہدایت پر نوٹس جاری کیا گیا ، نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کیخلاف بیانات پر نوٹس کا جواب 11فروری تک دیا جائے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ ، ایشین گیمزسمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں شرمناک کارکردگی پر اولمپینز کی ایک بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدداران کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

عدنان شاہد مرحوم کی 12 ویں برسی ، صحافتی خدمات یاد رکھی جائینگی : ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریبات

لاہور (خبر نگار) روزنامہ خبریں کے چیف ایڈیٹر ضیا شاہد کے جواں سال بیٹے عدنان شاہد مرحوم کو اس دنیا سے بچھڑے 12سال بیت گئے لیکن ان کی یاد آج بھی اخبار کے قارئین اور اخبار سے وابستہ لوگوں کی دلوں میں تازہ ہے وہ ایک ایسی شخصیت تھے جن کو بھولنا ممکن ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔گزشتہ روز ان کی روح کے ایصال ثواب کےلئے قران خوانی لاہور سمیت کراچی ،اسلام آباد ،ملتان ،مظفرآباد ،آزاد کشمیر ،پشاور ،حیدرآباد ،سکھر ،کوئٹہ ،لاڑکانہ ،کندھ کوٹ ،فیصل آباد ،گجرانوالہ ،سیالکوٹ ،شیخوپورہ ،قصور ،سرگودھا ودیگر شہروں میں کرائی گئی اور دعائیہ تقریبات بھی منعقد کرائی گئیں ۔برسی کی مین تقریب لاہور ہیڈ آفس میں ہوئی جس میں چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں ضیا شاہد‘ نوفل اویس شاہد ،عبدالواسع شاہد، معاذعمران علوی ،جنرل منیجر آپریشن خبریں فرقان ہاشمی ،میاں اکبر‘ ایڈمن خبریں ارسلان ،کامران سرفراز چینل 5 اور خبریں وچینل 5آفس کے تمام سٹاف نے شرکت اس موقعہ پر قران خوانی کی گئی اور مرحوم عدنان شاہد کی روح کے ایصال کےلئے دعا بھی کرائی گئی ۔اس موقعہ پر چیف ایڈیٹر ضیا شاہد نے اپنے جواں بیٹے عدنان شاہد مرحوم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی یہی لگتا ہے کہ عدنان یہاں موجود ہے اس کی یادیں مجھ سے بھلائی نہیں جاسکتیں۔ عدنان نہ صرف زندگی کے تمام رنگوں سے بھرپور تھا بلکہ وہ انسانیت کی خدمت کر نے میں بھی پیش پیش تھا اللہ اس پر کروٹ کروٹ رحمتیں نازل کرے اور بروز محشر اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے امین اپنے بیٹے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا شاہد آبدیدہ ہوگئے ۔واضح رہے مرحوم عدنان شاہد دس فروری 2007ءکو عارضہ دل کی وجہ سے اس دنیا سے انتقال کر گئے تھے اللہ تعالیٰ ان کے والدین اور ان کے اہل وعیال کو صبر جمیل عطاءکرے آمین ۔

برطانیہ میں پائلٹ کی مہارت نے طوفان کو شکست دے دی

لندن(ویب ڈیسک) برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پائلٹ کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواﺅں کے درمیان لینڈ کرتے طیارے کو بحفاظت واپس لے جانے میں کامیاب رہا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں تیز ہواﺅں کے جھکڑ نے معمولات زندگی معطل کر کے رکھ دیا، ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طوفانی ہواﺅں سے نبرد آزما طیارے کے پائلٹ کی ہوشیاری نے مسافروں کو بچالیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کرنے کے لیے رن وے کو چھوتے ہی دوبارہ فضاء میں پرواز بھرلیتا ہے تاہم اس دوران تیز ہواﺅں سے طیارے کے پر لہراتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔صارفین نے اس عمل کو پائلٹ کی احمقانہ غلطی سمجھ کر تنقید کی تو طیارہ اڑانے کے ماہرین نے اس عمل کو پائلٹ کی حاضر دماغی اور مہارت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تیز ہواﺅں کے باعث طیارہ لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ پاتا جس کا ادراک ہوتے ہی پائلٹ نے لینڈنگ کے بجائے دوبارہ پرواز بھر کر مسافروں کی جان بچائی۔

بنگلہ دیش کا بھارت سے اپنے حصے کا پانی فراہم کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بنگلہ دیش نے بھارت سے مشترکہ نہروں کا پانی طے شدہ معاہدے کے تحت تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان جے سی سی کا پانچواں اجلاس نئی دہلی میں ہوا۔بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹرعبدالمومن نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدے پر تحفظات کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع اب حل ہوجانا چاہیے تاکہ بنگلہ دیش کو مشترکہ نہروں سے اپنے حصے کا مقررہ پانی مل سکے۔جس پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے فریقین کے درمیان ’ٹیسٹا معاہدہ برائے تقسیم آب‘ پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ تنازع کے حل کے لیے مثبت پیشرفت پر تندہی سے کام کر رہی ہیں۔بعد ازاں دونوں وزراءکے درمیان ملازمین کی ماہرانہ تربیت، طب اور معیشت سے متعلق پروجیکٹس کے 4 یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ 21 رکنی وفد کے ہمراہ آج نئی دہلی سے ڈھاکا پہنچ جائیں گے۔