مری میں برفباری ، سیر کیلئے آنیوالوں کی 83 ہزار گاڑیاں غلط پارکنگ ، بد ترین ٹریفک جام

اسلام آباد (تجزیہ نگار) موسم سرما کی برفباری دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے مری پر ہلہ بول دیا۔ جہاں بے پناہ رش کے باعث زبردست ٹریفک جام اور غلط پارکنگ کا ایک شدید طوفان بدتمیزی دیکھا جا رہا ہے۔ راولپنڈی ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق اس وقت مری میں برفباری دیکھنے والوں کی 83 ہزار گاڑیاں مری کے پہاڑی علاقوں میں موجود ہیں جس کی وجہ سے پورے علاقے میں خوفناک حد تک ٹریفک جام ہے اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی بہت بڑی تعداد آ جانے کے باعث بے ہنگم اور غلط پارکنگ کے مناظر دیکھنے میں نظر آ رہے ہیں اور ایک طوفان بدتمیزی ہے جو سیر کے نام پر جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق مری میں صرف 4 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے۔

بیٹوں کو پکڑنے سے روکنے پر نکے تھانیدار نے بیوہ مار ڈالی ، ” خبریں ہیلپ لائن “ میں انکشاف

قصور (بیورو رپورٹ) قصور کے نواحی علاقہ میں میں پولیس گردی کے ایک اور بدترین واقعہ میں مبینہ تشدد کے نتیجہ میں بیوہ خاتون جابحق ہوگئی علاقہ کے لوگوں نے پولیس کے اس بہیمانہ رویے کے خلاف روڈ بلاک کردی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے بتایا گیا ہے کہ بھوئے آصل کے علاقہ میں پولیس کا چھوٹا تھانیدار محمد اسلم دیگر ملازمین کے ہمراہ دیواریں پھیلانگ کر گزشتہ رات بیوہ زینب بی بی کے گھر میں داخل ہوا اور اس کے چودہ سالہ بیٹے افضل اور شہزاد جو ہائی سکول کے طالب علم ہیں کو پکڑ کر لیجانے لگے جس پر دونوں لڑکوںکی والدہ زینب بی بی نے مزاحمت کی تو پولیس اہلکاروںنے مذکورہ خاتون کو تشددکانشانہ بنانا شروع کر دیا جس کے نتیجہ میں زینب بی بی کی ہلاکت ہوگئی جس سے پولیس اہلکار گھبرا گئے اور عوامی غم وغصہ سے بچنے کے لیے دونوں لڑکوں کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے روزنامہ خبریںنے جب ا س سلسلہ میں ایس ایچ او چھانگا مانگا میاںمحمد ادریس سے رابطہ کیا تو انہوںنے کہا کہ زینب بی بی کا ایک بیٹا ریکارڈ یافتہ ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا اور اسی دوران زینب بی بی کی دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہلاک ہوئی ہے پولیس نے مذکورہ خاتون پر کوئی تشدد نہیںکیا جبکہ زینب بی بی کو دفن بھی کیاجاچکا ہے جبکہ علاقہ کے لوگوںکا کہنا ہے کہ پولیس نے زینب بی بی کے رشتہ داروں اور علاقہ کے لوگوںکے احتجاج کے باوجود زینب بی بی کا پوسٹمارٹم نہیں کرایا اورعجلت میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے زینب بی بی کو دفن کر دیا گیا ہے علاقہ کے لوگوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کے ذمے دار ملازمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر ہم ڈی پی او آفس قصور کے سامنے تامرگ بھوک ہڑتال کر دیںگے۔

پی اے سی کی چیئرمین شپ کے معاملے پرعمران خان کے ساتھ نہیں، شیخ رشید

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر عمران خان کے ساتھ نہیں ہوں۔ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی لگانے والے پچھتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر عمران خان کے ساتھ نہیں ہوں، ہم کوئی غنیمت کا مال تھے کہ 7سال جیل کاٹی اور 3سال میں پروڈکشن آرڈر ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ لعنت ہے ایسے نظام پر جس مں چور اور چوکیدار ایک ہی صف میں کھڑے کردیئے گئے ہیں، میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں، جہاں پاناما کا کیس لڑا اور اب دوسرا لڑنے جا رہا ہوں وفاقی وزیر نے کہا کہ سانپ اور شہباز شریف اکھٹے آرہے ہوں تو پہلے سیاسی طور پر شہباز شریف کو مارو، یہ چوری بھی کریں اور اپوزیشن لیڈر بھی بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا فیصلہ ہے میں کچھ نہیں کہتا لیکن ریمانڈ کے وقت چیئرمین پی اے سی بنایا جانا درست نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ نظام چلتا تو یہ جیل میں ہوتے اور نیا پاکستان یہ ہے کہ قلندر باہر پھریں، قانون کے تحت چور اندر جائیں، عمران خان کا حقیقی دوست ہوں اور دوست وہ ہے جو صحیح مشورہ دے۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو چیلنج کرتاہوںآجائیں ثابت کروں گا کہ وہ این آر او کے متلاشی ہیں اورپی اے سی چیئرمین بننا اس کا پہلا قدم ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نیب جائیں یا الیکشن کمیشن یہ ان کا حق ہے۔

ملک لوٹنے والے احتساب کے شکنجے میں آئے توغصہ عمران خان پر نکال رہے ہیں

لاہور(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ 40 سال سے ملک لوٹنے والے چور احتساب کے شکنجے میں آئے تو غصہ عمران خان پر نکال رہے ہیں۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ زرداری نے کہا تھا کون ثابت کرسکتا ہے کہ جعلی اکاﺅنٹس ان کے ہیں؟ زرداری نے کہا تھا کہ جعلی اکاﺅنٹ ثابت ہوگیا تو قصور اس کا ہوگا جس کے نام پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ رویہ جن لیڈروں کا ہو اس پر کون کان دھرے گا؟ جس کی کرپشن کی دم پر پاﺅں آتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ پاکستان کا خزانہ خالی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جس کی کرپشن کی دم پر پاﺅں آتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ عمران خان ناتجربہ کار ہیں اور وہ کہتا ہے جمہوریت خطرے میں ہے۔فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ جس کی کرپشن کی دم پر پاﺅں آتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ 18 ویں ترمیم خطرے میں ہے، بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی کبھی تو چھری کے نیچے آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 40 سال سے ملک لوٹنے والے چور احتساب کے شکنجے میں آئے تو غصہ عمران خان پر نکال رہے ہیں، نہ ہم نے چیئرمین نیب کو لگایا نہ نیب کا کوئی چپڑاسی بھرتی کیا بلکہ زرداری کے خاص غلام خورشید شاہ اور نواز شریف کے غلام شاہد خاقان عباسی نےنیب کا چیئرمین بنایا۔فیاض الحسن کا کہنا ہے کہ نیب ان کی چوریاں پکڑ رہی ہے تو غصہ عمران خان اور پاکستان پر نکال رہے ہیں، مریم اورنگزیب کا اپنے قائدین کے ہجرو وصال میں رونا دیکھ کر دکھ ہوا، کاش یہ رولا اس وقت رولیتیں جب آل شریف کا خاندان لوٹ مار کرنے میں لگا ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کو پنجاب اور مریم نواز کو پورا پاکستان لوٹنے میں لگایا ہوا ہے، مریم اورنگزیب اس وقت درد دل دکھا دیتیں تو یہ ویڈیو وائرل کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ یاد رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نا تجربہ کار ہے، نہ وفاق میں کردار ادا کر سکتی ہے اور نہ ہی پنجاب چلا سکتے ہیں۔

رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی افواہیں درست ثابت ہوگئیں؟

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے شوہر کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی جانب اشارہ کیا ہے جس کے بعد ان کی بیماری سے متعلق خبریں ایک بار پھر گرم ہوگئی ہیں۔رشی کپور گزشتہ 3 ماہ سے امریکا میں مقیم ہیں جہاں وہ بیماری کا علاج کرا رہے ہیں جب کہ زیر علاج ہونے کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔ لیجنڈ اداکار کی بیماری سے متعلق متعدد افواہیں سرگرم تھیں لیکن اب ان کی اہلیہ نیتو سنگھ نے اشارتاً رشی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا ہے۔ نیتو سنگھ، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سمیت تمام فیملی نے نئے سال کا جشن رشی کپور کے ساتھ نیویارک میں منایا اور اس خوشی کا اظہار نیتو سنگھ نے مداحوں سے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرکے کیا۔نیتو سنگھ نے فیملی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سال 2019 سب کو مبارک ہو، اس سال کوئی عہد نہیں بلکہ صرف دعائیں ہیں، امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں کینسر محض (سرطان) کی طرح ایک آسمانی برج ہی رہ جائے، نفرت کا پرچار نہ ہو اور غربت کا خاتمہ ہو، ڈھیروں پیار اور خوشیاں اور سب سے ضروری بہترین صحت بھی ہو۔نیو کپور کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں بھی رشی کپور پہلے سے کمزور اور مرجھائے ہوئے نظر آئے جس کے بعد ایک بار پھر رشی کپور کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔

فاطمہ ثنا شیخ شاہ رخ خان کے ساتھ جلوے دکھانے کو تیار

ممبئی(ویب ڈیسک) دنگل اسٹار فاطمہ ثنا شیخ عامر خان کے بعد بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کے جلوے دکھائیں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم’سلیوٹ‘ میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے مقابل دنگل گرل فاطمہ ثنا شیخ کا نام زیرغور ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلمساز فاطمہ کی اداکاری سے کافی متاثر ہیں۔ اداکارہ فاطمہ آخری بار بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ ’فلم ٹھگ آف ہندوستان‘میں نظر آئی تھیں۔فلم تو باکس آفس پر ناکام ہوگئی لیکن فلم میں فاطمہ ثنا شیخ کی پرفارمنس کو بے حد سراہاگیا، یہی وجہ ہے کہ بھاتی خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم’سلیوٹ‘کے ہدایت کار و پروڈیوسرز کنگ خان کے مقابل مرکزی کردار کے لیے فاطمہ کے نام پر غور کررہے ہیں۔فاطمہ ثنا شیخ سے پہلے اداکارہ بھومی پانڈیکر کانام بھی فلم کی مرکزی اداکارہ کے طور پر لیاجارہاتھا جب کہ اداکارہ کرینہ کپور خان، وانی کپور اور پریانکا چوپڑا کانام بھی زیرغورتھا۔یہ پہلی بار نہیں ہے کہ فاطمہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کریں گی بلکہ 17 سال قبل وہ فلم’ون ٹوکا فور‘میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرچکی ہیں اور اسی فلم کے دوران انہیں کنگ خان سے محبت ہوگئی تھی۔

فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ میں کترینہ کی جگہ شردھا کپور اور نورا فتیحی کاسٹ

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اور نورا فتیحی نے آنے والی فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ سے کترینہ کیف کی چھٹی کرادی۔فلم ریس کے بعد عنقریب آنے والی ڈانس فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ میں نوجوان اداکار ورون دھون کے مدمقابل کترینہ کیف کو کاسٹ کیا گیا تھا اور کترینہ نے فلم سائن بھی کرلی تھی لیکن فلم ’بھارت‘ کی تاریخوں سے تصادم کی وجہ سے کترینہ نے فلم کرنے سے معذرت کرلی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کے عین شوٹنگ کے موقع پر فلم چھوڑ جانے کے بعد فلم میکرز نے ان کے متبادل شردھا کپور اور کینیڈین نژاد مراکشی اداکارہ نورا فتیحی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں اداکاراﺅں کی جانب سے فلم سائن کرلی گئی ہے لیکن کرداروں کو اب تک راز میں رکھا گیا ہے۔معروف کوریو گرافر اور اس فلم کے ہدایت کار ریمو ڈی سوزا نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نورا فتیحی خوبرو ہونے کے ساتھ ساتھ ڈانس میں بھی ماہر ہیں اور ہم نے ان کے تجربات کے پیش نظر ہم ان سے فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ میں امیدیں وابستہ ہیں۔واضح رہے کہ فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ کی شوٹنگ رواں ماہ جنوری میں شروع کی جائے گی جب کہ فلم 8 نومبر 2019ءکو سینما گھروں کی زینت بنے گی اس کے ہدایت کار ریمو ڈی سوزا ہیں۔

گولڈن گلوب ایوارڈ کی رنگارنگ تقریب کا ریڈ کارپٹ کیلیفورنیا میں سج گیا

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) گولڈن گلوب ایوارڈ کی رنگارنگ تقریب امریکی شہر کیلیفورنیا میں منعقد کی جائے گی جب کہ ریڈ کارپٹ سجادیاگیا ہے۔76 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی سینڈرہ اوہ اور ایڈم سیمبرگ کریں گے، تین فلمیں سب سے زیادہ کیٹیگریز کے لیے نامزد ہیں۔ بہترین ڈراما فلم کے لیے فلم”بلیک پینتھر”، “اے؛ اسٹار از بورن”، “اف بیل اسٹریٹ کڈ ٹاک”، “بوہیمیان راپسوڈی” اور”بلیک کلینسمین” کی نامزدگی ہے۔بہترین اداکارہ کے لیےفلم “اے؛ اسٹار از بورن” سے لیڈی گاگا، فلم “ڈسٹرائیر”سے نکول کیڈمن، “دی وائف” سے گلین کلوز، “کین یو ایور فورگیو می” سے اداکارہ میلیسا مک کارتھی اور” اے؛ پرائیویٹ وار” سے روزامنڈ پائک کو نامزد کیا گیا ہے۔بہترین اداکار کے لیے “اے؛ اسٹار از بورن”کے بریڈلے کوپر، فلم “ایٹ ایٹرنیٹی گیٹ” کے ولیم ڈافو، “بوائے ایریزڈ” کے لیوکاس ہیڈجیز، “بوہیمیان راپسوڈی” کے رامی اور فلم “بلیک کلینسمین” کے جان ڈیوڈ واشنگٹن کی نامزدگی سرفہرست ہے۔

اردومیں ڈب پہلی عربی کمرشل فلم 122 پاکستان میں 18جنوری کو ریلیز ہوگی

کراچی(ویب ڈیسک) اردومیں ڈب پہلی مکمل عربی کمرشل فلم 122 اٹھارہ جنوری کو پاکستانی سینماگھروں پر ریلیز کی جارہی ہے۔عربک (عربی) فلم 122 جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کی مدد سے مصر کی خوبصورت لوکیشنز پر عکس بندی گئی گئی ہے، فلم کی کہانی بیک وقت تھرل، سسپنس پر مبنی ہے۔اردو زبان میں ڈب عربی کمرشل فلم 122 جمعہ 11 جنوری 2019 کو مصر،سعودی عرب، کویت قطر، ترکی بحرین،مسقط،مراکش اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ پوری دنیا میں ورلڈ پریمیئر کے ساتھ ریلیزہورہی ہے، جبکہ 18 جنوری 2019 کو پاکستانی سنیما گھروں میں بیک وقت پہلی بار منفرد انداز کی فلم 122کو پیش کرنے کی شاندار منصوبہ بندی کیلیے پاکستانی ڈسٹری بیوٹرز مصروف عمل ہیں۔

جنوبی افریقا نے کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

کیپ ٹاﺅن(ویب ڈیسک) جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں پہلے روز سے ہی جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری رہا اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پہلی ہی اننگز میں 254 رنز کی برتری حاصل کرلی جس کے جواب میں قومی ٹیم 294 رنز پر آﺅٹ ہوئی، مہمان ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 88، بابراعظم 72 اور شان مسعود 61 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔کھیل کا چوتھا روز شروع ہوا تو میزبان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 41 رنز درکار تھے اور ان کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی تھیں، ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف ایک وکٹ گنوائی جو محمد عباس کے حصے میں آئی۔

شام نے کیمیکل ہتھیار استعمال کیے تو ایک بار پھر فضائی حملہ کریں گے، امریکا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا کے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے بشار الاسد کی حکومت کو شام میں کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال سے باز رہنے کے لیے ایک بار پھر فضائی حملے کی دھمکی دے دی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے اسرائیل اور ترکی کے چار روزے دورے کا آغاز کردیا ہے جہاں وہ شام سے امریکی فوج کے انخلاءپر فریقین سے مذاکرات کریں گے۔تل ابیب کے سفر پر صحافیوں سے طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے جان بولٹن نے پرانے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ شام میں کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال پر سخت امریکی ردعمل میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔مشیر امریکی سلامتی جان بولٹن نے مزید کہا کہ امریکی فوج شام میں رہتی ہے یا واپس چلی جاتی ہے، دونوں صورتوں میں اگر شام نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تو امریکا شام پر تیسری بار بھی فضائی حملے سے گریز نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ شامی حکومت کی جانب سے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے امریکا نے اپریل 2017 اور اپریل 2018 میں اتحادی افواج کی تنصیبات پر فضائی بمباری کی تھی۔

افغانستان میں سونے کی کان میں دب کر 30 کان کن ہلاک

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں سونے کی کان دب گئی جس کے نتیجے میں 30 کان کن ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بدخشاں میں سونے کی کان دھماکے کے بعد دب گئی، سونے کے کان میں موجود 30 کان کن ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے تلے دبے 15 کان کنوں کو زخمی حالت میں نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، ملبے میں اب بھی کچھ کان کنوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب طالبان جنگجوﺅں نے صوبے فراح سے 15 سرکاری اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے، مغویوں کو پشت رُود لے جایا گیا ہے۔ افغان سیکیورٹی فورسز نے مغویوں کو بازیاب کرانے کے لیے آپریشن کی تیاری کرلی ہے۔دوسری جانب افغان نیشنل فورسز نے جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کی ایک جیل پر چھاپا مار کر ایک درجن کے قریب قیدیوں کو رہا کرا لیا۔ طالبان نے یہ جیل ہلمند کے ضلع نہرِ سراج میں بنا رکھی تھی۔ادھر صوبے سمنگاہ میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجووئں کے حملے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 3 اہلکار زخمی ہیں۔ حملے کے بعد طالبان جنگجو اپنے ہمراہ سرکاری اسلحہ بھی لے گئے۔

سعودی عرب میں طلاق رجسٹرڈ کرانا اور خواتین کو آگاہ کرنا لازمی قرار

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں طلاق کو رجسٹرڈ کرانا اور خواتین کو طلاق رجسٹرڈ ہونے سے آگاہ کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں خواتین کو بغیر اطلاع دیئے یا محض زبانی طلاق دینے کی شرح میں اضافے کے پیش نظر قوانین میں ترمیم کی گئی ہے۔ جس کے لیے مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔سرکاری مراسلے میں زبانی طلاق کے بجائے اسے عدالت سے رجسٹرڈ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے فیملی کورٹ کو بھی اس بات پر پابند کیا گیا ہے کہ عدالت طلاق کی تصدیق سے خواتین کو موبائل فون پر میسیج بھیج کرآگاہ کرے۔علاوہ ازیں طلاق سے متعلق تفصیلات وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گی جب کہ فیملی کورٹ خواتین کو ازدواجی حیثیت میں تبدیلی جیسے مطلقہ یا بیوہ ہونے سے بھی آگاہ کرنے کی پابند ہوگی۔سعودی خاتون وکلاءکی تنظیم کی سربراہ نسرین الغامدی کا کہنا ہے کہ طلاق سے متعلق قوانین میں تبدیلی سے خواتین طلاق کے بعد تمام مالی فوائد حاصل کرپائیں گی، جس سے بچنے کے لیے زبانی طلاق دے دی جاتی تھی اور طلاق سے خواتین کو آگاہ نہیں جاتا تھا۔طلاق سے متعلق نئے حکم نامے کو ولی عہد شاہ محمد بن سلمان کے معاشی اور سماجی اصلاحات سے جوڑا جا رہا ہے، ولی عہد کے انقلابی پروگرام 2023 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ اور ملازمتوں سمیت چند ایسے اختیارات دیئے گئے جو اس سے قبل سعودی عرب میں شجر ممنوعہ تھے۔