بل گیٹس کا وزیراعظم کو خط: پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اور بل گیٹس فاو¿نڈیشن کے صدر کرس ایلیس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی اور معاون انسداد پولیو بابر عطا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بل گیٹس فاو¿نڈیشن کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کو بل گیٹس کا خط پیش کیا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ بل گیٹس کی جانب سے لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔خط میں بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بل گیٹس فاو¿نڈیشن پاکستان میں پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔دونوں شخصیات کی جانب سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر حکومت کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

دشوار راستوں پر چار ٹانگوں پر چلنے والی منفرد کار متعارف

لاس ویگاس(ویب ڈیسک)کورین کار کمپنی ‘ہنڈائے’ نے چار ٹانگوں والی انوکھے ڈیزائن کی کانسیپٹ واکنگ کار ‘ایلیویٹ’ (Elevate) متعارف کرا دی، جو برفیلے راستوں اور پہاڑوں پر بھی باآسانی جاسکے گی۔لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے سالانہ کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای سی) میں دنیا بھر کی صف اول کی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔اس شو میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں، ہیلتھ گیجٹس اور ہائی ڈیفینیشن ٹی وی اسکرینز بھی پیش کیے گئے، تاہم چار ٹانگوں پر چلنے والی اس گاڑی کی خاص طور پر دھوم رہی۔ہنڈائے کے مطابق اس گاڑی سے ایمرجنسی اور ریسکیو اہلکاروں کو دشوار گزار راستوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔اس کانسپیٹ واکنگ کار کی باڈی کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور اس میں چاروں طرف سے داخل ہوا جاسکتا ہے۔اس گاڑی میں چار روبوٹک ٹانگیں موجود ہیں جو 5 ڈگری کے زاویے تک مڑ سکتی ہیں۔یہ گاڑی 5 فٹ تک چڑھائی چڑھ سکتی ہے اور اس دوران اس کے اندر موجود افراد بھی مکمل طور پر محفوظ رہیں گے۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کسی بھی سمت میں حرکت کرسکتی ہے، مختلف اسپیڈ میں چل سکتی ہے اور اگر ڈرائیور نارمل سڑک پر گاڑی چلانا چاہے تو اس کی ٹانگیں اندر بھی ہوسکتی ہیں۔ہنڈائے کے نائب صدر جون سوہ نے شو کے دوران بتایا کہ ‘سونامی اور زلزلے کے دوران موجودہ ریسکیو کی گاڑیاں صرف قریب یا سامنے موجود متاثرین تک پہنچ سکتی ہیں لیکن یہ گاڑیاں مزید آگے تک بھی جاسکتی ہیں’۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘اس کار کی مدد سے ایمرجنسی کے وقت معذوری کا شکار افراد کی بھی باآسانی مدد ہوسکے گی’۔

نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لاسکا، چیف جسٹس کے ریمارکس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہنا ہے کہ سحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لاسکا۔سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سوال کیا کہ اسحاق ڈار ابھی تک واپس نہیں آئے؟ نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لاسکا۔ اس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے تحویل مجرمان کا عمل شروع ہوگیا ہے اور اسحاق ڈار ان کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے۔ اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو 2 ماہ گزرچکے ہیں اور بظاہر لگتا ہے خط وکتابت ہورہی ہے۔ نیب وکیل نے مو¿قف اختیار کیا کہ برطانیہ کی حکومت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور معلوم نہیں اسحاق ڈار کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی وی کیس میں اسحاق ڈار، پرویز رشید اور عطائ الحق قاسمی سے ریکوری ہوئی؟ اس پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے جواب دیا کہ ریکوری کی مدت 2 ماہ ہوتی ہے اور یہ مدت ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہےکہ اسحاق ڈار گزشتہ دور حکومت میں وفاقی وزیر خزانہ تھے جن کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیرسماعت ہے، وہ پاناما کیس فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کرانے کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔

جنوبی افریقا کیخلاف آخری ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان

جوہانسبرگ(ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پاکستان ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گئی لیکن کھلاڑی آخری ٹیسٹ میں بہتر پرفامنس کے لیے پ±رامید ہیں جس کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے۔تیسرے ٹیسٹ کے لیے فائنل الیون میں اوپننگ بلے باز فخر زمان اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کی جگہ محمد رضوان اور فہیم اشرف کی شمولیت کا امکان ہے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی کہنا ہے کہ وہ 5 بولرز کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی حکمت عملی کے حامی ہیں لیکن جنوبی افریقا کی کنڈیشنز مختلف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ فہیم اشرف کی قابلیت کے معترف ہیں اور انہوں نے انگلینڈ میں بھی ان کی تعریف کی اور پرامید ہیں کہ فہیم اشرف پاکستان کے مکمل آل راو¿نڈر ہوں گے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ جمعے سے جوہانسبرگ میں شروع ہوگا۔

ہم مہاجرین کے بارے میں بہت سنتے ہیں لیکن مہاجرین کی نہیں سنتے: ملالہ یوسف زئی

نیو یارک (ویب ڈیسک)ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم مہاجرین کے بارے میں تو بہت کچھ سنتے ہیں لیکن مہاجرین کی نہیں سنتے۔اپنی کتاب “We are Displaced” کے سلسلے میں امریکی ٹی وی شو کے اینکر ٹریور نوا (Trevor Noah )کو انٹرویو دیتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ دنیا کو مہاجرین کے تجربات کے بارے میں حساس رویہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ملالہ نے کہا کہ کہا کہ اپنی کتاب کے ذریعے وہ مہاجرین کی کہانی کو حقیقی رنگ میں دنیا تک پہنچانا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اس نوعیت کے تجربے سے گزرنے کی وجہ سے دنیا بھر کے مہاجرین کے احساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہیں۔ملالہ کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے انہوں نے دنیا میں جہاں بھی پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کیا وہاں انہیں مثالی ہمت اور جذبہ نظر آیا۔واضح رہے کہ ملالہ پر 9 اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں اسکول سے گھر جاتے ہوئے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ملالہ کو زخمی حالت میں پہلے پشاور لے جایا گیا اور بعد میں راولپنڈی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔15 اکتوبر 2012 کو حالت میں بہتری آنے کے بعد ملالہ کو علاج کے لیے برطانیہ منتقل کردیا گیا۔ 12 جولائی 2013 کو ملالہ نے اپنی سالگرہ کے دن اقوام متحدہ میں خطاب کیا۔ 2014 میں صرف 17 سال کی عمر میں ملالہ نے امن کا نوبیل ایوارڈ حاصل کیا۔اس کے علاوہ ملالہ یوسف زئی مسلسل 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے۔ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔ملالہ یوسف زئی اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اور خواتین کے حقوق اور تعلیم کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بلند رکھتی ہیں۔

نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی متفرق درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ کل نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف جلد سماعت کی درخواست پر کارروائی کرے گا۔ سابق وزیراعظم کی جانب سے آج ہائیکورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔متفرق درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2 رکنی بینچ سزا کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کرچکا ہے اور عدالت نے سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو سات سال قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی اور انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا تھا۔سابق وزیراعظم نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف یکم جنوری اور پھر 4 جنوری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور دونوں مرتبہ رجسٹرار نے اعتراض لگا کر درخواست واپس کردی تھی۔دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے بھی نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا میں اضافے کے لیے 2 اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔نیب کا مو¿قف ہے کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی کرپشن کے ٹھوس ثبوت پیش کیے اس لیے انہیں بری کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور محض شک کا فائدہ دے کر نواز شریف کو بری کرنا خلاف قانون ہے۔نیب نے اپنی دوسری اپیل میں مو¿قف اختیار کیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے خلاف مقدمہ ثابت کیا، احتساب عدالت سے نواز شریف کو ملنے والی 7 سال قید کی سزا کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔

پتنگ بازی کی اجازت کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور( ویب ڈیسک)حکومت کی جانب سے پتنگ بازی کی اجازت کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقررکر دی گئی ،لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امین الدین خان کل (بدھ کے روز) کیس کی سماعت کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق مقامی شہری عائزہ جاوید کی جانب سے پنجاب امتناع پتنگ بازی آرڈیننس کی دفعہ 4 کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پتنگ بازی پر پابندی کا حکم دے چکی ہے،پتنگ بازی کی اجازت دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پنجاب حکومت نے بدنیتی سے 2001 کے آرڈیننس میں 2009 میں تبدیلی کر دی،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت منانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔لاہور ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی ہے اور کل بدھ کے روز مسٹر جسٹس امین الدین خان کیس کی سماعت کریں گے۔

کور کمانڈرز کا ملکی و علاقائی امن کیلئے تمام کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک) کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران شرکاء نے ملک میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن کے لیے تمام اقدامات کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی سیکیوٹی، جیو اسٹریٹیجک صورتحال اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سمیت مشرقی سرحدوں پر صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے شرکائ نے علاقائی امن اور ملک میں قیام امن یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کس کے پاس سب سے زیادہ سیکیورٹی ؟ چونکا دینے والی تفصیلات

لاہور(ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ نے پنجاب اسمبلی میں وی وی آئی پی سیکیورٹی کی تفصیل پیش کردی، جس کے مطابق سب سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار گورنر ہاوس میں تعینات ہیں۔محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق وی وی آئی پی سیکیورٹی کے حوالے سے گورنر پنجاب چوہدری سرور پہلے نمبر پر ہیں جن کی ذاتی رہائش گاہ پر 2 جبکہ گورنر ہاوس میں 109 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر میں 4 پولیس اہلکار، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سیکیورٹی پر 17 اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر ایک پولیس اہلکار تعینات ہے۔محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر شفقت محمود اور محمود سلطان اور صوبائی وزراء یاسمین راشد، مراد راس، محمود الرشید اور اسلم اقبال کی رہائش گاہوں پر دو 2،2 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

”مجھ پر کالا جادو کیا گیا ہے“ دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہونے والے حارث سہیل نے ناقابل یقین دعویٰ کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے کہا ہے کہ کسی نے ان پر ’کالا جادو‘ کیا ہے اوراس وجہ سے ہی وہ دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے ہیں۔ حارث سہیل قومی ٹیم کیساتھ جنوبی افریقہ گئے تھے تاہم گھٹنے میں انجری کے باعث انہیں واپس بھیج دیا گیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حارث سہیل نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ وہ ’کالے جادو‘ کا اثر محسوس کرتے ہیں اور ان کے گھٹنے میں درد کی وجہ بھی یہی ہے۔ حارث سہیل نے وطن واپسی سے قبل ٹیم انتظامیہ کو یہ سب کچھ بتایا اور وطن واپسی کے بعد انہوں نے پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شرکت کے بجائے سیالکوٹ میں واقع اپنے گھر جانے کو ترجیح دی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے حارث سہیل کے اس دعوے کو دبانے کا فیصلہ کیا اور ان کے ذہنی دبآکی شدت کو سمجھتے ہوئے اس معاملے کو میڈیا میں بھی نہیں لایا گیا۔ حارث سہیل نے 2015ئ میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بھی میڈیا کو بتایا تھا کہ چند غیر مرئی طاقتوں کے باعث انہیں ہوٹل کا کمرہ تبدیل کرنا پڑا اور پھر انجری کے باعث دورے سے بھی باہر ہو گئے تھے۔حارث سہیل یا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی البتہ ایک بات تو طے ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو جسمانی ٹریننگ کیساتھ ساتھ ذہنی تربیتی کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ اس طرح کے شکوک و شبہات اور وہم سے باہر نکل سکیں۔

چودھری نثارکی رکنیت منسوخی کے مطالبے کی قراردادپنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور(ویب ڈیسک)سینئر سیاستدان اور رکن پنجاب اسمبلی چودھری نثارکی رکنیت منسوخی کے مطالبے کی قراردادپنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ، قراردادپی ٹی آئی رکن مومنہ وحیدنے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی۔قرارداد کے متن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چودھری نثارپی پی 10 راولپنڈی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے،چودھری نثارحلف نہ اٹھاکرایوان کی تضحیک کررہے ہیں،ایوان سے استدعا کی جاتی ہے کہ چودھری نثارکی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے۔واضح رہے کہ چودھری نثار پی پی 10راولپنڈی سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور تاحال رکن اسمبلی کے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا ہے۔

شکست پر سرفراز مایوس لیکن کپتانی چھوڑنے پر غور نہیں کررہے،حقائق سامنے آ گئے

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد ٹیم کی اور اپنی کارکردگی سے مایوس ہیں تاہم قیادت چھوڑنے پر غور نہیں کررہے۔کپتان سرفراز احمد قیادت چھوڑنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان سے استعفیٰ طلب کیا ہے۔جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے 24 گھنٹے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے استعفے کی افواہیں پھیلا دی گئیں۔ اس بارے میں حقائق جاننے کیلئے کیپ ٹاو¿ن میں ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس مرحلے پر قیادت تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ بعض حلقے اس حوالے سے خواہشات کو خبر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین پہنچ گئے

بیجنگ:(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین پہنچ گئے۔کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان اہلیہ ری سول جوئے کے ہمراہ بذریعہ ٹرین 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوئے۔کم جونگ ان کی جانب سے دورہ چین ایک ایسے موقع پر کیا جارہا ہے جب انہوں نے چند روز قبل ہی بیان دیا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے ان کے ملک پر پابندیاں اور دباو¿ بڑھانے کی کوشش کی گئی تو وہ متبادل راستے اختیار کریں گے۔گزشتہ سال کم جونگ ان نے تین مرتبہ چین کا دورہ کیا اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل اور بعد میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔