دارچینی میں چھپے شفا کے خزانے

کراچی(ویب ڈیسک) دارچینی کے درخت کو شفا کا خزانہ کہا جاتا ہے اور اس کے جادوئی درخت کے پتے، پودے، پھول، تنا اور چھال سب ہی طبی خواص کے حامل ہوتے ہیں اور یہ کئی امراض سے محفوظ رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔دارچینی سے کئی اہم تیل بھی کشید کیے جاتے ہیں جن میں سینا میلڈیہائڈ، سینا میٹ، اور سینامک ایسڈ قابلِ ذکر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں ضدِ سرطانِ، ذیابیطس کے خلاف اور جسمانی سوزش ختم کرنے والے کئی اہم مرکبات پائے جاتے ہیں۔اس میں موجود اہم اجزا دماغ کو بیماریوں سے دور رکھتے ہیں اور پارکنسن اور الزائیمر جیسے مرض کو بھی دور بھگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ دارچینی کا مستقل استعمال جاری رکھا جائے۔
اینٹی آکسیڈنٹ
دارچینی اینٹی آکسیڈںٹ اجزا سے بھرپور ہے اور آکسیڈنٹ کا عمل عمررسیدگی کے کئی امراض سمیت امراضِ قلب اور کئی طرح کے کینسر کی وجہ بنتا ہے۔ اس میں موجود قیمتی فلیوی نوئڈز جسم کو کئی عارضوں سے بچاتے ہیں۔
سوزش سے بچائے
جسم میں اندرونی سوزش اور جلن اس بات کا اظہار ہے کہ وہاں کوئی نہ کوئی خرابی پیدا ہورہی ہے۔ اس کیفیت میں دارچینی کو یاد رکھیں۔ 2005 میں ایک تحقیقی جریدے میں یہ تحقیق شائع ہوئی تھی کہ نائٹرک آکسائیڈ جسم میں جلن پیدا کرتا ہے اور دارچینی کے اجزا اسے بہت اچھی طرح روکتے ہیں۔ یوں پورے بدن کے لیے دارچینی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
دارچینی اور کینسر
دارچینی میں ایک اہم فلیووینوئڈ پایا جاتا ہے جسے پروسائنائڈن کہا جاتا ہے۔ یہ کیمیکل خون کی رگوں اور دیگر اجزا کی غیرمعمولی اور بے ہنگم بڑھوتری کو روکتا ہے اور اسی بنا پر یہ کینسر سے بچاتا ہے۔ اس کے علاوہ دارچینی میں دیگر اہم اجزا پائے جاتے ہیں جو بلاشبہ سرطان کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ذیابیطس سے بچائے
دارچینی سے پولی فینول الگ کرکے دیکھے گئے تو معلوم ہوا کہ اس میں انسولین جیسے سالمات پائے جاتےہیں اور وہ خون میں شکر کی مقدار کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتےہیں۔ اب سے دس برس قبل تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ اگر دارچینی کی ایک چٹکی کھالی جائے تو بھی اس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کو معمول پر لانے میں مدد ملتی ہے۔ماہرین نے اسی بنا پر کہا ہے کہ خواہ سبز چائے ہو یا کوئی قہوہ ، دارچینی ملاکر پینے سے ذیابیطس کو قابو رکھنے میں بہت مدد ملتی ہے۔
دماغی عارضوں میں مفید
پارکنسن اور الزائیمر جیسے امراض میں دارچینی کے کئی اہم اجزا کو بہت مفید دیکھا گیا ہے۔ رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے ماہرین نے ایک تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ دارچینی پارکنسن کے مرض میں ڈوپامائن نیورون کو بچاتی ہے اور دارچینی ایسے پروٹین کو بھی بڑھاتی ہے جو دماغی بیماریوں کو روکتے ہیں۔
دل کے امراض سے بچائے
دارچینی میں موجود سینامِک ایلڈیہائیڈ اور سینامک ایسڈ دل کے لیے مفید قرار دیئے گئے ہیں۔ اس میں موجود اہم جزو شریانوں کو ہموار رکھتا ہے اور اس کے اندر رکاوٹ اور تنگی پیدا نہیں ہوپاتی۔
بیکٹیریا اور فنگس کو دور کرے
دارچینی میں موجود سینا ملڈیہائیڈ کئی اقسام کے انفیکشن اور جراثیم سے بچاتا ہے۔ اس کا تیل سانس کے کئی امراض اور انفیکشن میں بھی مفید ثابت ہوا ہے۔ یہ کئی طرح کے بیکٹیریا اور جراثیم کو ختم کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین نے اسی بنا پر سبز چائے میں دارچینی ابال کر پینے کا مشورہ دیا ہے اور یہ دارچینی سے فائدہ اٹھانے کا درست طریقہ بھی ہے۔ اس کے علاوہ کھانوں میں دارچینی کی مقدار بڑھانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے تاہم اس کی زیادتی اور کثرتِ استعمال سے بچنا بہت ضروری ہے۔

پاکستان بابائے قوم کے وڑن کے مطابق امن کا خواہاں ہے: آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک اور بابائے قوم کے وڑن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے موسم سرما کی اجتماعی ٹریننگ کا جائزہ لیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ مسلح، تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے تجربے سے سخت جان فورس بن چکی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاعی کورکے حصے کے طور پر میکینائزڈ فارمیشن کی مشق دیکھی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے مشرقی سرحد کے ساتھ فورٹ عباس سیکٹر میں ایک انفنٹری فارمیشن کا بھی دورہ کیا اور ٹریننگ کے اعلیٰ معیار اور آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان بھی کیا۔

اسپورٹس ٹاسک فورس اجلاس: ملک بھر کے تمام اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس کے اجلاس میں ملک بھر کے اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی ایم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے اسپورٹس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیر دفاع پرویز خٹک، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخاردرانی، اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہاکی، کرکٹ، اسکواش سمیت تمام کھیلوں سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹاسک فورس نے وزیراعظم کو ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے سفارشات پیش کیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت، بدانتظامی اور سہولتوں کے فقدان سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں پیچھے رہ گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں ملک بھر میں موجود اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر تک کر دیا جائے گا۔

رحیم یار خان: 36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی گئی

رحیم یار خان(ویب ڈیسک)رحیم یار خان میں رات گئے 36 انچ قطر کی زیرِ زمین گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی گئی جس کے نتیجے میں پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔پائپ لائن تباہ ہونے سے پنجاب بھر کے صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی بند، لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا۔پائپ لائن میں آگ لگنے سے قریبی گنے کی فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔اطلاعات کے مطابق رحیم یارخان میں رات گئے 36 انچ قطرکی زیرزمین گیس پائپ لائن کو شرپسندوں نے دھماکا خیز مواد ا±ڑادیا جس سے قادر پور، صادق آباد اور ملتان کو گیس کی سپلائی معطل اور پنجاب کی تمام صنعتوں، کھاد اور پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی مکمل بند کردی گئی۔صادق آباد کے قریب گیس پائپ لائن کو شرپسندوں کی جانب سے دھماکے سے اڑائے جانے کے بعد پنجاب میں گیس کا شدید بحران ہے۔36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو شرپسندوں نے صادق آباد کے علاقے بھونگ کے قریب دھماکے سے اڑایا۔ بڑی گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد گیس اتنی شدت سے پھیلی کہ آگ سے گنے کے کھیت اور باغات بھی جل گئے۔آگ پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے سات گھنٹے بعد قابو پالیا۔ ترجمان سوئی نادرن کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2 بج کر 40 منٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نےعلاقے کو کلئیر قرار دے دیا ہے۔ترجمان پیٹرولیم ڈویڑن کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام آج رات تک مکمل ہو جائے گا۔

داود ابراہیم کا بھانجا”سہیل کاسکر“ کہاں ہے اور اس کے ساتھ کیا ہونے والا ہے ؟ بڑی خبر آ گئی

ممبئی (ویب ڈیسک )انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کے بھانجے سہیل کاسکر کوامریکہ کی جانب سے اس ہفتے بھارت ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سہیل کاسکر کی اس وقت عمر 36 سال تھی جب انہیں امریکی حکام کی جانب سے 2014 میں سپین سے منشیات کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا۔ سہیل کاسکر دراصل داود ابراہیم کے بھائی نورا کا بیٹا ہے۔دوسری جانب سہیل کاسکر کا بھائی اقبال کاسکر پہلے ہی بھارت کی جیل میں قید ہے جسے گزشتہ سال ناگ پاڑا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ممبئی پولیس نے داود ابراہیم کے بھانجے سہیل کاسکر کیخلاف پہلے ہی دو مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان ہو گیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق حارث سہیل، آصف علی اور جنید خان ٹیم سے آ?ٹ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ہونے والے اعلان کے مطابق قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، حسین طلعت، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 19 جنوری سے دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوںپر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز ہو گا۔

کیا آپ جہاز کا سفرکرنے والے ہیں ؟تو یہ خبر لازمی پڑھ لیں

لندن(ویب ڈیسک) طویل فضائی سفر تھکا دینے والا ہوتا ہے جس میں لوگوں کے بیمار پڑ جانے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ تاہم اب ماہرین نے پانچ ایسے طریقے بتا دیئے ہیں جن پر عمل کرکے آپ دوران پرواز بیکٹیریا سے بچ سکتے اور صحت مند رہ سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی سیٹ پر بیٹھنے کے بعد پہلا کام یہ کریں کہ اپنی ٹرے ٹیبل کو اچھی طرح صاف کریں تاکہ آپ سے پہلے یہاں بیٹھنے والے مسافروں کے استعمال کی وجہ سے اس پر لگنے والے جراثیم اور بیکٹیریا صاف ہو جائیں۔جہاز میں یہی وہ جگہ ہوتی ہے جہاں سب سے زیادہ بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو مسافروں کو فلو اور دیگر ایسی بیماریوں میں مبتلا کرتے ہیں۔ماہرین نے دوسرا طریقہ یہ بتایا کہ دوران سفر جب بھی آپ جہاز کا باتھ روم استعمال کریں تو باتھ روم کی دیواروں وغیرہ کو ہاتھ مت لگائیں۔جتنا ممکن ہو سکے باتھ روم کے اندر موجود کسی بھی چیز کو کم سے کم چھوئیں کیونکہ ٹیبل ٹرے کے بعد یہاں سب سے زیادہ بیکٹیریا پائے جاتے ہیں۔تیسرے دوران سفر اگر ممکن ہو سکے تو فیس ماسک پہن کر رکھیں تاکہ جراثیم سانس کے ذریعے آپ کے ناک اور منہ میں داخل نہ ہونے پائیں۔چوتھے اپنے ہاتھوں کو بہترین جراثیم کش ہینڈ واش سے اچھی طرح صاف کرتے رہیں۔ بالخصوص جب باتھ روم استعمال کریں یا جب کھانا کھانے لگیں تو ہینڈ واش سے ہاتھ لازمی صاف کریں۔ اور پانچویں جہاز میں سفر کرتے ہوئے ماﺅتھ واش ضرور استعمال کریں۔اس سے جہاں آپ کی سانس خوشگوار ہو گی وہیں یہ فائدہ بھی ہو گا کہ آپ کے منہ میں موجود جراثیم ختم ہو جائیں گے اور دوران پرواز آپ کو فلو وغیرہ ہونے کا خطرہ کم ہو جائے گا۔

نیب افسران پر بڑی پابندی لگ گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب افسران کے بیرون ملک نجی سفر پر پابندی عائد کردی۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب افسران کے بیرون ملک نجی سفر پر پابندی لگادی ہے اور اس پابندی کا اطلاق نیب کے تمام افسران پر ہوگا۔ نیب افسران کے مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر اور ٹکٹس ریزرویشن بھی روک دی گئی ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عمرہ پر جانے والوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

آدمی کی ہاتھی کو ہیپناٹائز کرنے کی کوشش، نتیجہ ایسا بھیانک نکلا کہ آپ بھی کانپ اٹھیں

کولمبو (ویب ڈیسک) سری لنکا میں ایک شخص نے جنگل میں چرنے والے ہاتھی کو ہیپناٹائز کرنے کی کوشش میں اپنی جان گنوادی۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی جنگل میں گھاس چر رہا ہے۔ اسی دوران ایک شخص ہاتھی کی طرف بڑھتا ہے اور اس کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالیتا ہے۔ اس شخص نے اپنا دایاں ہاتھ بلند کرکے ہاتھی کو ہیپناٹائز کرنے کی کوشش کی۔ اس سے پہلے کہ اس کے بیوقوفانہ فعل کا کوئی نتیجہ نکلتا ہاتھی نے پہلے ہی اس شخص کو اپنے پاﺅں تلے کچل کر ہلاک کردیا۔ڈیلی میل کے مطابق یہ واقعہ جنوبی سری لنکا میں یالا نیشنل پارک کے قریب کٹراگاما کے علاقے میں پیش آیا۔

سعد رفیق نے سب کے پول کھول دیئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت ملک چلانے کے بجائے اپوزیشن بھگانے کے چکر میں ہے اور ہمیں پکڑ پہلے لیا گیا اور ثبوت بعد میں ڈھونڈے جا رہے ہیں۔ریلوے خسارہ کیس میں پیشی کے بعدذرائع سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے خلاف ثبوت اب ڈھونڈے نہیں بلکہ گھڑے جا رہے ہیں، پاکستان میں روایت ہے کہ ملک بنانے والوں کی اولاد کو جیل جانا پڑا ہے اور اگر آپ پاکستان سے پیار یا جمہوریت کی بات کریں تو آپ کے ساتھ ایسا ہی ہوگا۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کو چور چور کہنے کے بجائے اصل ایشوز پر بات کرنا ہوگی۔اس سے قبل سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو خواجہ سعد رفیق کو کمرہ عدالت میں دیکھتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا یہ خواجہ صاحب کو ہم تو نہیں بلاتے یہ کیوں آتے ہیں، ہم نے آڈیٹر جنرل سے جواب مانگا تھا۔جس پر سعد رفیق کے وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا آڈیٹر جنرل نے لاہور میں جواب جمع کرایا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا اگلے ہفتے جواب آجائے تو کیس سنیں گے۔ عدالت نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اماراتی شہزادے سے کپتان نے زرتاج گل کا تعارف کن الفاظ میں کرایا؟ پتا چل گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔ وزیر اعظم نے زرتاج گل وزیر کا تعارف ایک فائٹر اور فیوڈل لارڈز کو شکست دینے والی مضبوط قوت ارادی کی حامل خاتون کے طور پر کرایا۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہدشیخ محمد بن زاید النہیان اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس لوٹ چکے ہیں۔ وہ تین دن تک پاکستان میں مقیم رہے تاہم اتوار کو انہوں نے اپنے دورے کو سرکاری شکل دی۔ 2 روز تک وہ نجی دورے پر پاکستان میں موجود تھے۔اتوار کو انہیں وزیر اعظم ہاﺅس میں جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی سلامی پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے ان کے ساتھ اپنی کابینہ کا تعارف بھی کرایا۔ ایک ایک کرکے وفاقی کابینہ کے ارکان کا کرا?ن پرنس کے ساتھ تعارف کرایا گیا۔ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کا وزیر اعظم عمران خان نے زبردست انداز میں تعارف کرایا۔جب زرتاج گل کرآن پرنس سے ملنے آئیں تو وزیر اعظم نے شیخ محمد بن زاید کوان کا تعارف ایک فائٹر کے طور پر کرایا اور کہا کہ یہ انتہائی مضبوط قوت ارادی کی حامل خاتون ہیں جس نے انتہائی سخت حالات میں جاگیرداروں کا مقابلہ کیا اور انہیں شکست دے کر آج میری کابینہ کا حصہ ہے۔

’لڑکی نے میرا دل چرایا ہے‘: سرپھرا عاشق مقدمے کیلئے تھانے جا پہنچا

مہاراشٹرا(ویب ڈیسک)ناگپور میں سرپھرا عاشق ایک ایسا مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے جا پہنچا جس سے پولیس بھی چکرا گئی۔بھارتی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کےشہر ناگپور میں ایک نوجوان عجیب و غریب شکایت لے کر تھانے پہنچا اور اس نے پولیس اہلکاروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان نے شکایت درج کرائی کہ ایک لڑکی نے ’اس کا دل چرایا ہے‘ اب پولیس لڑکی سے اس کا دل واپس کرائے۔نوجوان عاشق کی اس شکایت پر پولیس بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئی اور اعلیٰ حکام سے اس حوالے قوانین جاننے کے لیے رابطہ کیا جس کے بعد پتا چلا کہ بھارتی قوانین کے تحت کوئی ایسا سیکشن نہیں جو ایسی شکایت سے متعلق ہو۔پولیس کی جانب سے نوجوان کو سمجھایا بجھایا گیا اور اس کے مسئلے کا کوئی حل نہ ہونے کا کہہ کر نوجوان کو تھانے سے روانہ کردیا۔

30 لاکھ مالیت کی گاڑی اور سائیکل میں ٹکر، گاڑی کی کیا حالت ہوئی اور سائیکل کا کیا بنا؟ دیکھ کر بھی آپ یقین نہیں کر پائیں گے

بیجنگ (ویب ڈیسک) کار اور سائیکل کا تصادم ہو تو سننے والا سائیکل اور سائیکل سوار کی بری حالت کا تصور کر لے گا اور ہونا بھی ایسا ہی چاہئے، بھلا کہاں کار اور کہاں ہلکی پھلکی سائیکل، مگر چین میں ایک سائیکل کی ٹکر سے گاڑی کے بمپر پر پڑنے والے ڈینٹ نے سب کو حیران پریشان کر دیا۔چین کے شہر شینزن پیش آنے والے حادثے میں ایک سائیکل تقریباً 30 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی سے ٹکرا گئی اور یہ دیکھ کر لوگوں کی حیرت نہ رہی کہ گاڑی کا بمپر تو اندر پوری طرح تباہ ہو گیا اور سائیکل کا ٹائر اس کے اندر تک گھس گیا مگر حیران کن طور پر سائیکل کو کچھ نہ ہوا۔اس حادثے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو بہت سے لوگوں نے انہیں جعلی قرار دیا جس کے بعد مقامی پولیس نے اس حادثے کی تصدیق کی اور ثبوت کے طور پر ویڈیو بھی جاری کر دی جس میں تباہ شدہ بمپر والی کار اور سائیکل کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ وہاں موجود ہجوم حیرت میں مبتلا ہے۔