سندھ طاس معاہدے کے تحت ہمیں پورا پانی نہیں مل رہا: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ہمیں پورا پانی نہیں مل رہا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق حالیہ سیمینار میں وزیراعظم سے کہا تھا کہ ڈیمز کی اشد ضرورت اور تعمیر ناگزیر ہے، پانی کی کمی کو ڈیم تعمیر کرکے ہی پورا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈیم نہ بننےکی کئی وجوہات ہیں جو میں نہیں بتا سکتا جب کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ہمیں پورا پانی بھی نہیں مل رہا۔چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو بچانے کیلئے ڈیم کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، ڈیمز تعمیر نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، 40 سال سے ڈیم کیوں نہیں بنے، اس معاملے کو دیکھنا چاہیے اور عوام کو ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کا پتا چلنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں ڈیم بننا ہے وہاں زمین کے مسائل حل ہو گئے، اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالا اور ڈیمز کی تعمیر سے متعلق فنڈز کی کمی انشااللہءجلد پوری ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر نہ ہونے کا معاملہ دیکھنا چاہیے، ڈیمز کی تعمیر سے متعلق لگ رہا تھا کہ اس میں 9 سے 10 سال لگیں گے لیکن امید ہے کہ 5 سے7 سال کے دوران ڈیمز کی تعمیر مکمل ہو گی۔

تمام صوبے گیس کی دریافت کیلئے کمپنیاں بنائیں گے: وفاقی وزیر پیٹرولیم

کوئٹہ (ویب ڈیسک)وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریافت کے لیے کمپنیاں بنائیں گے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صوبوں کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صوبوں کے معاملات مشاورت سے حل کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ صوبے وفاق کے پاس آئیں ہم خود جا کر مسائل سنتے ہیں، سندھ کے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔غلام سرور کا کہنا تھا کہ صوبائی مسائل پر ورکنگ گروپس اور کمیٹیاں بنائی ہیں، عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، جمہوریت میں بات سنی اور سمجھی جاتی ہے یہی اس کا حسن ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریادت کے لیے کمپنیاں قائم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کےبورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنوتشکیل ہوگی، کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کی نمائندگی کے لیے ایک حکومتی اور ایک پرائیویٹ سیکٹر سے نمائندہ ہونا چاہیے۔غلام سرور کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کے تحت کمپنیوں میں بلوچستان کی نمائندگی مناسب نہیں رہی۔

کلبھوشن کیس؛ عالمی عدالت انصاف میں سماعت کے لیے پاکستان کا 5 رکنی وفد جائے گا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 سے 21 فروری تک ہوگی جس میں پاکستان کا 5 رکنی وفد جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 سے 21 فروری تک ہوگی، اس حوالےسے پاکستان نے تیاری مکمل کرلی ہے اور سماعت کے موقع پر پاکستان کا 5 رکنی وفد ہیگ جائے گا جس میں اٹارنی جنرل انور منصورخان، ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل، وکیل خاور قریشی اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سماعت کے موقع پر پہلے روز بھارت کی جانب سے دلائل دیے جائیں گے جب کہ دوسرے روز پاکستان اپنا جواب الجواب دے گا، 20 فروری کو دوبارہ بھارتی دلائل دیے جائیں گے۔بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے 2،2 جوابات جمع کرائے گئے، پاکستان نے پہلا جواب 13 دسمبر 2017 اور دوسرا جواب 17 جولائی 2018 کو جمع کرایا جس میں پاکستان نے بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے۔ بھارت نے 9 مئی 2017 کوعالمی عدالت انصاف میں جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔

2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے قیدی کا تبادلہ

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان اوربھارت کے شہریوں کا ایک دوسرے کے ممالک میں شادی اورغیر قانونی قیام کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔پاکستان نے جمعہ کے روزایک 53 سالہ بھارتی شہری کو رہا کیا ہے جس نے 2001 برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون سے ٹیلی فون پر نکاح کیا اور 2001 میں اس سے ملنے کراچی آگیا تھا۔پاکستان کی طرف سے بھارتی شہری افضل احمد کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا، افضل احمد کے مطابق وہ دہلی کا رہائشی ہے اور وہاں جوتوں کی ایک بڑی دکان میں کام کرتا تھا ، اس کی برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون مسرت قریشی سے سوشل میڈیا پردوستی ہوئی جس کے بعد دونوں کا ٹیلی فون پر نکاح ہوگیا۔وہ 8 ستمبر2001 کو دوستی بس کے ذریعے سے دہلی سے لاہور آیا اور یہاں سے کراچی چلا گیا جہاں مسرت قریشی کی فیملی مقیم تھی، افضل کے مطابق مسرت قریشی نے برطانیہ میں بھی ایک شادی کررکھی تھی ، اسے ایک ماہ کا ویزہ ملا تھا ،مگرویزہ ختم ہونے کے بعد وہ واپس بھارت جانے کی بجائے کراچی میں ہی مقیم ہوگیا۔افضل نے بتایا کہ وہ 2014 تک کراچی میں مقیم رہا ، ا س دوران اس کی بیوی صرف چار، پانچ ماہ ہی اس کے پاس رہی اور پھرواپس برطانیہ چلی گئی ، 2015 میں اس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وہ اب واپس نہیں آئے گی جس کے بعد مایوس ہوکرلاہور آگیا جہاں سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔افضل کے مطابق اسے 4 ماہ کی سزاہوئی تھی جو 2 جولائی 2016 میں مکمل ہوگئی مگربھارت کی طرف سے اس کی شہریت کی بروقت تصدیق نہ ہونے کے باعث ا سکی رہائی میں تاخیرہوئی ہے اوراسے اب 11 جنوری کو رہا کیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ 26 دسمبرکو بھارت نے بھی کراچی کے رہائشی ایک پاکستانی شہری عمران وارثی کو رہا کیا تھا جو ایک بھارتی خاتون سے شادی کے بعد وہیں مقیم ہوگیا اورپھراسے گرفتارکرلیاگیا تھا،عمران وارثی کو دس سال بعد رہائی نصیب ہوئی تھی ، اس کے بیوی بچے اب بھی بھارت میں ہی مقیم ہیں۔

بھارت نے سندھ طاس معاہدے کا تنازع حل کرنے پر آمادگی ظاہر کردی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی اور بھارت نے سندھ طاس معاہدے کا تنازع حل کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے مطابق پاکستان کی درخواست پر بھارت نے دریائے چناب پر منصوبوں کے معائنے کی درخواست قبول کرلی ہے۔فیصل واوڈا نے بتایا کہ بطور وفاقی وزیر اپنی تین رکنی ٹیم کو معائنے کے لیے بھارت روانگی کی ہدایت کردی ہے اور خصوصی ٹیم 27 جنوری سے یکم فرور تک منصوبوں کا معائنہ کرے گی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے بھارت دیگر حل طلب مسائل پر بھی بات چیت پر آمادہ ہو گا۔دوسری جانب انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے بتایا کہ وفد دریائے چناب پر بننے والے منصوبے لوئر کلنائی اور پاکل دل کا معائنہ کرے گا۔انڈس واٹر کمشنر کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھر پور آواز بلند کی ہے، بھارتی انڈس واٹر کمشنرپی کے سکسینا وفد کے ہمراہ گزشتہ برس پاکستان آئے تھے۔

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہوگی: آسٹریلوی کپتان

میلبرن(ویب ڈیسک) آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔فوکس کرکٹ کی رپورٹ کے مطابق ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہوگی وہاں شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرتی ہے۔آسٹریلوی کپتان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا یہ وقت آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے درست ہے، جس پر انہوں نے کہا یہ درست وقت ہے یا نہیں اس کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کو کرنا ہے۔آسٹریلوی اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا پاکستان میں پیدا ہوا ہوں اور وہاں کرکٹ کھیلنا بڑا فیصلہ ہوگا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ آسٹریلیا سے رواں سال مارچ میں ہونے والی 5 میچز کی ون ڈے سیریز میں سے کچھ میچز کراچی یا لاہور میں کرانے کی درخواست کی ہے۔

تاجر برادری ملک کے معاشی استحکام میں تعاون کرے: آرمی چیف

کراچی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ تاجر برادری ملک کے معاشی استحکام میں تعاون کرے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کراچی میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے ملک بالخصوص کراچی میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق تاجروں نے کاروباری واقع بڑھانے کے لیے محفوظ ماحول بنانے پر فوج کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تاجر برادری ملک کے معاشی استحکام میں تعاون کرے۔آرمی چیف سے ملاقات میں تاجر برادری نے ملک کی اقتصادی صلاحیت مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث بی ایل اے کے 5 دہشتگرد گرفتار: کراچی پولیس چیف

کراچی(ویب ڈیسک)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) ڈاکٹر امیر شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے منصوبے میں ملوث بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ایک دہشت گرد کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، تاہم اس کے بارے میں بھی رپورٹس ہیں کہ وہ مارا جاچکا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالطیف، حسنین، عارف عرف نادر، ہاشم عرف علی اور اسلم مغیری شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملے کا منصوبہ بی ایل اے کمانڈر اور ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو نے افغانستان میں بنایا، جسے بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ‘را’ کی حمایت حاصل ہے۔کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق حملے کے ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو کے افغانستان میں مرنے کی اطلاعات ہیں، تاہم اس کی لاش نہیں ملی ہے اور اسلم اچھو کے بعد افغانستان میں بشیر زیب بی ایل اے کی کمانڈ سنبھال رہا ہے۔انہوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سہولت کار حملے سے قبل اگست سے نومبر کے دوران کراچی آتے جاتے رہے اور مختلف جگہوں پر رہے۔ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ یہ دہشت گرد جعلی شناختی کارڈ پر آتے تھے اور انہوں نے اپنے مختلف نام رکھ کر شناختی کارڈ بنا رکھے تھے۔کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کی کارروائی کے لیے اسلحہ ریلوے کے ذریعے لایا گیا اور بلدیہ ٹاو¿ن میں رہائش پذیر ایک مکینک عارف نے سہولت کاری کرتے ہوئے اس اسلحے کو چھپایا جبکہ ملزمان بھی اسی گھر میں رہے اور وہیں سے 23 نومبر 2018 کی صبح چینی قونصلیٹ پہنچے۔ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق ریکی کے دوران دہشت گرد مختلف گاڑیاں استعمال کرتے رہے، تاہم حملے والے دن جو گاڑی انہوں نے استعمال کی، اس کا مالک اسے فروخت کرچکا تھا جبکہ بعدازاں یہ گاڑی او ایل ایکس پر بکتی رہی۔کراچی پولیس چیف کے مطابق سی پیک منصوبے میں دراڑیں ڈالنے کے لیے چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا گیا اور دہشت گرد پاک-چین دوستی اور تعلقات میں دڑاریں ڈالنا چاہتے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ برس 23 نومبر کو 3 دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔حملہ آوروں کی شناخت رزاق، ازل خان مری عرف سنگت دادا اور رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی تھی۔ دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار اے ایس آئی اشرف داو¿د اور پولیس کانسٹیبل عامر خان شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ جمن خان زخمی بھی ہوا تھا۔

بھارتیوں نے زیادہ سے زیادہ لائیکس کیلئے فوجیوں کی جعلی تصاویر پھیلا دیں

نئی دہلی(ویب ڈیسک)بھارت کی اپنے فوجیوں کو دنیا کی سخت جان فوج دکھانے کی ایک اور چال اُس وقت ناکام ہوگئی، جب زیادہ سے زیادہ لائیکس اور توجہ حاصل کرنے کے لیے فوجیوں کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلادی گئیں۔

13 ہزار فٹ بلندی پر واقع گلیشیئر پر موجود فوجیوں کی کچھ تصاویر کے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ یہ بھارتی فوجی ہیں، تاہم برطانوی میڈیا کی تحقیق میں بھارتی پروپیگنڈے کا پول کھل گیا اور جن فوجیوں کی تصاویر شیئر کی گئیں وہ غیر ملکی نکلے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر کو بنگالی زبان کے ایک فیس بک پیج پر پاکستانی سرحد پر تعینات بھارتی خواتین فوجیوں کی تصویر بتا کر شئیر کیا گیا، جسے 3 ہزار سے زیادہ افراد نے سوشل میڈیا پر شئیر کیا۔

لیکن یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا اور یہ تصویر دراصل کردستان کے پیشمرگا جنگجوؤں کی نکلی۔

’انڈین واریئر‘ نامی ایک فیس بک نے برف سے ڈھکے چہرے کے ساتھ اس شخص کی تصویر کو بھارتی فوجی کی تصویر بتا کر شئیر کیا، جسے سیکڑوں فیس بک پیجز اور ٹوئٹر ہینڈلز نے آگے بڑھایا، لیکن اس جھوٹے دعوے کی بھی قلعی کھل گئی۔

یہ تصویر دراصل امریکی سرفر اور تیراک ڈین شکیٹر کی نکلی، جو مشی گن کی سپریئر جھیل میں منفی 30 ڈگری درجہ حرارت میں سرفنگ کے دوران لی گئی تھی۔

منفی 50 ڈگری میں سیاچن گلیشیئر پر فرائض سرانجام دیتے مبینہ بھارتی فوجی کی ایک تصویر کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمان کرن کھیر اور بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور نے شئیر کیا۔

تاہم ان جھوٹے دعووں کا بھی پول کھل گیا۔ درحقیقت یہ تصاویر 2013 میں روس کی اسپیشل فورس کی تربیت کے دوران لی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ 2014 میں یہ تصاویر یوکرائن میں یوکرائنی بہادر فوجیوں کے نام سے وائرل ہوئی تھیں، تاہم اس دعوے کو یوکرائنی فیکٹ چیک ویب سائٹ نے ایک آرٹیکل ’اسٹاپ فیک‘ کے ذریعے مسترد کرتے ہوئے ان کی روسی فوجیوں کی حیثیت سے تصدیق کی تھی۔

چور ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں: مریم اورنگزیب

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں اب عمران خان علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے؟اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ’چوروں کی بارات‘ ہے اور دولہا وزیراعظم عمران خان ہیں جب کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں، علیمہ باجی وزیراعظم عمران خان کی بے نامی دار ہیں، کیا تھے وہ ذرائع جن سے اربوں کی غیر قانونی جائیداد خریدی گئیں؟ اب عوام کو جواب دیں۔وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی بیرون ملک ایک اور جائیداد سامنے آ گئیانہوں نے کہا کہ علیمہ باجی کے ذرائع چندے، تعلیم کے پیسے اور جعلی پی ٹی آئی اکاو¿نٹس ہیں، علیمہ باجی نے شوکت خانم، نمل یونیورسٹی اور پارٹی فنڈ سے بیرونِ ملک جائیداد خریدی۔(ن) لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری آئیں بائیں شائیں نہ کریں، علیمہ باجی کی چوری کا جواب دیں، عمران صاحب علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے؟ عمران صاحب علیمہ باجی کو این آر او کیوں دیا؟انہوں نے مزید کہا کہ جہاں چندے اور پارٹی فنڈ اکٹھے ہوتے ہیں وہیں علیمہ باجی کی غیرقانونی جائیداد نکلی، فواد چوہدری عوام کو بتائیں کہ مریم نواز پاکستان کی کتنی دفعہ وزیراعظم رہی ہیں؟ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تین نسلوں اور تین دہائیوں کا جواب دیا ہے، اب علیمہ باجی کو بھی اپنی چوری کا حساب دینا ہوگا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت، جعلی مینڈیٹ اور جعلی اکاو¿نٹس سمیت علیمہ باجی کی چوری پر جعلی وزیراعظم کب خطاب کریں گے۔

ننھے چینی ہیئر اسٹائلسٹ کی ہر جگہ دھوم

ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں بچوں کی صلاحیتیں بھی سوچ سے کافی آگے جاچکی ہیں اور اب وہ بھی چھوٹی سی عمر میں بڑے بڑے کام کرنے لگے ہیں، ایسا ہی ایک بچہ چین میں بھی موجود ہے، جو بال تراشنے میں ایسا ماہر ہے کہ بڑے اور تجربہ کار حجام بھی پیچھے رہ جائیں۔چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والا یہ 6 سالہ بچہ نت نئے انداز سے بال کاٹتا ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔بالوں پر مشین چلانی ہو یا قینچی دونوں کو استعمال کرکے یہ بچہ اتنی نفاست سے بالوں کو تراشتا ہے کہ گاہک متاثر ہوئے بناءرہ نہیں پاتے۔اور صرف دوسروں کے ہی نہیں، یہ بچہ اپنا ہیئر اسٹائل بنانا بھی بخوبی جانتا ہے۔اس ننھے ہیئر اسٹائلسٹ کی صلاحیتوں پر مبنی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا رکھی ہے اور لوگ دھڑا دھڑ اسے شیئر کر رہے ہیں۔

ریپ کیس میںعالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈو کا ایک دہائی بعد ڈی این اے ٹیسٹ

پرتگال (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر 33 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے دہائی قبل امریکی ماڈل کے کیے گئے ریپ کی تفتیش کے لیے فٹ بالر کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔کرسٹیانو رونالڈو پر اکتوبر 2018 میں سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے الزام عائد کیا تھا کہ فٹ بالر نے 2009 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں ان کا ریپ کیا۔کیتھرین مایورگا نے اگرچہ اس واقعے کی رپورٹ 2010 میں ہی درج کروادی تھی، تاہم اس وقت انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر صرف جنسی استحصال کی رپورٹ درج کروائی تھی۔تاہم سابق ماڈل نے ستمبر 2018 میں امریکی ریاست نیواڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں 32 صفحے کی شکایت دج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رونالڈو نے 13 جون 2009 کو ان کا ریپ کیا تھا۔انہوں نے اس مقدمے میں الزام عائد کیا کہ فٹبالر نے اس مبینہ ریپ کو خفیہ رکھنے کے لیے ان پر دباو¿ ڈالا تھا اور فٹ بالر نے وکلاء کی مدد سے انہیں پونے 4 لاکھ ڈالر دے کر خاموش رہنے کا کہا۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ریپ واقعے کے بعد ماڈل ذہنی طور پر پریشان رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا۔ساتھ ہی ماڈل نے فٹ بالر کے خلاف 2 لاکھ امریکی ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔سابق ماڈل کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے فوری طور پر تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم پرتگال کی ٹیم نے انہیں ا7رام دینے کی غرض سے فٹ بال کھیلنے سے باہر کردیا تھا۔علاوہ ازیں کرسٹیانو رونالڈو پر الزامات کے بعد اسپورٹس مصنوعات کی امریکی کمپنی ‘نائیکی’ اور اسپورٹس ویڈیو گیمنگ کمپنی ‘ای اے اسپورٹس’ نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور عندیہ دیا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر ان کے ساتھ کیے گئے اربوں روپے کے معاہدے منسوخ کردیں گی۔

شاہی جو ڑا پھر امید سے ،لڑکا یا لڑکی ،تہلکہ خیز انکشا ف

لندن (ویب ڈیسک)گزشتہ برس مئی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اکتوبر 2018 میں اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ،ان دونوں کی شادی سے ایک ماہ قبل ہی برطانوی شہزادے ولیم کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے 29 اپریل 2011 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 22 جولائی 2013 کو ہوئی تھی۔جوڑے کا ہاں پیدا ہونے والا پہلا بچہ بھی بیٹا تھا، جس کا نام شہزادہ جارج رکھا گیا۔پہلے بچے کی پیدائش کے محض 2 سال بعد ہی کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم کے ہاں دوسرا بچہ 2 مئی 2015 کو ہوا۔ جوڑے کے ہاں پہلی بار بیٹی ہوئی، جس کا نام شہزادی چارلیٹ رکھا گیا۔ان کے ہاں تیسرا بچہ 23 اپریل 2018 کو لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں پیدا ہوا، جس کا نام لوئس رکھا گیا۔ابھی جوڑے کے تیسرے بچے کی پہلی سالگرہ بھی نہیں ہوئی کہ یہ خبر سامنے آئی ہےکہ جوڑے کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔برطانوی اخبار ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں شاہی خاندان کی شادیوں، بچوں اور دیگر تقریبات پر شرطیں لگانے والے افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کیٹ مڈلٹن چوتھی بار امید سے ہیں۔