لاہور (تحقیق چودھری شفیق)کچھ لوگ زندگی میں ہمیشہ نا کامیوں کا رونا روتے رہتے ہیں تاہم خود محنت نہیں کرتے،کامیابی صرف سوچ سے نہیں عملی اقدام سے ملتی ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ وہی لوگ کا میا ب و کا مرا ن ہوئے جنہوں نے محنت کو اپنا دوست بنایا۔کچھ پا نے کے لئے بہت کچھ کھو نا پڑتا ہے۔اپنی نینداور آرا م کو قربا ن کر نا پڑتا ہے۔ہمارے پیا رے نبیﷺ کا بھی فرمان ہے کہ محنت کرنیوا لا اللہ کا دو ست ہے۔شاعر کہتا ہے کہ ۔۔۔
خواہشوں سے نہیں گر تے پھل جھو لی میں
وقت کی شا خ کو میرے دو ست ہلانا ہو گا
میں نے ایسے ایسے بھکا ریوں کو دیکھا ہے جو ایک دن میں پا نچ ہزار تک بھی بھیک مانگ کر لا تے ہیں مگر ان کی قسمت میں ان رو پو ں کا استعمال نہیں ہو تا ،وہ اگلے دن انہی گندے کپڑوں میں پھر مانگنے نکل جا تے ہیں ۔تو ایسی دو لت بھی کس کا م کی جو آپکے اپنے ہی کا م نہ آسکے۔پیسہ ہر کسی کو ملتا ہے مگر ان پیسوں کا درست استعمال ہی آپ کی عقلمندی کو ظاہر کر تا ہے۔ ذیل میں کچھ ایسے نکا ت ہیں جو آ پکی زندگی میں آ سا نیوں کا سبب بن سکتے ہیں،بشر طیکہ آ پ ان پر سچے دل سے عملدر آمد کریں۔میرا دعوی ہے کا آ پ نے کم از کم پا نچ نکا ت پر بھی عمل کر لیا تو خو د کو خو ش نصیب سمجھ لیں۔
ایک۔ تنخوہ مت لیں‘ تنخواہ آپ کو کبھی دولت مند نہیں بنائے گی۔
دو۔ آپ اپنی رقم سے کبھی سرمایہ کاری نہ کریں‘ سرمایہ کاری صرف دولت کی حفاظت کرتی ہے‘ یہ آپ کو دولت مند نہیں بناتی‘ آپ کو ہمیشہ سرمایہ کاری سے پہلے سرمایہ پیدا کرنا چاہیے۔
تین۔ آپ روزانہ خوشحالی کے دس آئیڈیاز سوچیں ‘ یہ دس آئیڈیاز آپ کےلئے خوشحالی کا خزانہ ثابت ہوں گے۔
چار۔ آپ زندگی میں کبھی چائے‘ کافی اور ٹیکسی کی بچت نہ کریں‘ پیسے بچانے کےلئے بس پر سفر نہ کریں کیونکہ دنیا میں آج تک کوئی شخص بچت سے امیر نہیں ہوا‘امارت زیادہ پیسے کمانے سے آتی ہے بچت سے نہیں۔
پانچ۔ آپ لکھنا سیکھیں‘ لکھنے سے انسانی دماغ میں اضافہ ہوتا ہے‘ آپ میں سوچنے سمجھنے کی اہلیت بڑھتی ہے اور سوچنے سمجھنے والے لوگ کبھی غریب نہیں رہتے۔
چھ۔ آپ کے پاس اگر رقم ہے تو آپ کبھی اس رقم کا دو فیصد سے زیادہ سرمایہ کاری پر خرچ نہ کریں‘ 98 فیصد رقم اپنے پاس رکھیں‘ یہ 98فیصد رقم آپ کے اعتماد میں اضافہ کرے گی‘ میں نے زندگی میں بے شمار ایسے کروڑ پتی دیکھے جنہیں اللہ تعالیٰ نے دولت سے نواز رکھا تھا‘ انہوں نے اپنی دولت مختلف منصوبوں پر لگا رکھی تھی اور کروڑپتی ہونے کے باوجود ان کی جیبیں خالی تھیں۔
سات۔ آپ کبھی ایسا کاروبار نہ کریں جس میں زیادہ مقابلہ ہو‘ ایسا کاروبار کریں جس میں آپ اپنی اجارہ داری قائم کر سکیں۔
آٹھ۔ چوبیس گھنٹے میں آٹھ گھنٹے سونا سب سے اچھی سرمایہ کاری ہے۔
نو۔ آپ ہمیشہ ان لوگوں کو وقت دیں جو آپ سے محبت کرتے ہیںنہ کہ ان لوگوں کو جن کے لئے آپ بے وقعت ہیں یا جن کو آپ کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
دس۔ آپ سارا دن ان نعمتوں پر شکر ادا کریں‘اللہ تعالیٰ نے جو آپ کو عنایت کر رکھی ہیں‘ شکر انسان کی توانائی میں اضافہ کرتا ہے۔
گیارہ۔ آپ اپنے اوپر ‘ اپنے جسم پر‘ اپنے ذہن پر اور اپنے تجربے پر اعتماد کریں‘ آپ صحیح اور غلط کے بارے میں دوسروں سے پوچھنے کے بجائے اپنے آپ سے سوال کریں‘ دنیا میں آپ کا آپ سے بڑا کوئی دوست نہیں‘ آپ اپنے آپ کو دھوکا نہیں دے سکتے۔
Monthly Archives: January 2019
سمندری درجہ حرارت اندازوں سے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھنے لگا
واشنگٹن: ایک پریشان کن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سمندروں کا درجہ حرارت ہمارے پچھلے اندازوں سے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔مشہور تحقیقی جرنل ’سائنس‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں سائنس دانوں نے گزشتہ تحقیق میں سمندری درجہ حرارت معلوم کرنے کے عمل میں کئی غلطیاں نوٹ کی ہیں اور وہ 2013ء میں کیے جانے والے سروے سے کہیں زیادہ نوٹ کی گئیں۔اس رپورٹ میں اس ڈیٹا کا دوبارہ تجزیہ کیا گیا ہے جس کے تحت چار آزادانہ طریقوں سے 1971ء سے 2010ء کے درمیان سمندر میں گرمی کو نوٹ کیا گیا تھا اور ماہرین نے یہ بھی معلوم کیا ہے کہ 1991ء کے بعد سے عالمی سمندروں کا درجہ حرارت قدرے تیزی سے بڑھا ہے۔
فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر مضر صحت گیسوں کے جمع ہونے سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور اس کی حرارت سمندروں کے اندر نفوذ کررہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سال 2017ء میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح سمندروں کے درجہ حرارت بڑھنے کا معاملہ قدرے گھمبیر اور پیچیدہ ہے۔
درجہ حرارت میں 40 فیصد تیزی سے اضافہ
ماہرین نے رپورٹ میں کہا ہے کہ 2013ء میں اقوامِ متحدہ کی ایک کانفرنس میں جو اندازے پیش کیے گئے تھے سمندر اس سے بھی 40 فیصد تیزی سے گرم ہورہا ہے اور اس سے بارشوں، بے ہنگم موسم، گلیشیئر کا پگھلاؤ، مرجانی چٹانوں (کورل) کی تباہی اور سمندروں میں آکسیجن کی کمی جیسے خطرناک اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
رپورٹ میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ یہ عالمی تپش (گلوبل وارمنگ) کا واضح ثبوت ہے اور سمندری طوفان اور سیلاب بھی اسی وجہ سے بڑھ رہے ہیں۔
انوکھی کیفیت میں مبتلا خاتون جسے مردوں کی آواز سنائی نہیں دیتی!
بیجنگ: چین سے ایک حیرت انگیز خبر آئی ہے کہ ایک خاتون ایسی کیفیت کی شکار ہوگئی ہیں کہ وہ خواتین کی آواز تو سن پاتی ہیں مگر مردحضرات کی آواز انہیں سنائی نہیں دیتیں یہاں تک کے وہ اپنے مرد دوست کی آواز بھی نہیں سن سکتیں۔ذرائع ابلاغ نے خاتون کا نام مِس چین بتایا ہے جنہیں ایک رات قے اور کانوں میں سیٹیاں بجنے کی شکایت تھی اور جب وہ صبح بیدار ہوئیں تو مردوں کی آواز ان کے لیے ناقابلِ سماعت تھی یہاں تک کہ وہ اپنے دوست کی آواز بھی نہیں سن پارہی تھیں۔

جنوب مشرقی چینی علاقے ژیامن میں رہنے والی خاتون اس کے بعد ہسپتال گئیں تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ ’ریورس سلوپ‘ کے مرض میں مبتلا ہیں جس میں انسان کم فری کوئنسی کی آواز نہیں سن پاتا۔ یہ کیفیت پوری دنیا میں صرف 3 ہزار افراد میں ہی رپورٹ ہوئی ہے۔ اس کے شکار مریض مردوں کی آواز نہیں سن پاتے ہیں کیونکہ مرد دھیمی فری کوئنسی میں بات کرتے ہیں اور خواتین کی آواز میں لوچ کی وجہ سے ان کی فری کوئنسی بلند ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سماعت سے محرومی کی عام بیماری کے شکار افراد بلند فری کوئنسی سننے سے قاصر رہتے ہیں اور اس میں کیفیت الٹ ہوجاتی ہے یعنی وہ بچوں اور خواتین کی آواز نہیں سن پاتے ۔
ہسپتال میں جب ان خاتون کو لایا گیا تو ہر عورت کا ایک ایک لفظ سننے کے قابل تھیں لیکن مردوں کی آواز ان کی سماعت سے باہر تھی۔ ماہرین کے مطابق اس کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں جن میں جینیاتی کیفیات، وولفرم سنڈروم اور مونڈینی ڈسپلیسیا قابلِ ذکر ہیں۔
ماہرین کے مطابق خاتون شدید ذہنی تناؤ اور نیند کی شدید کمی کی شکار تھیں جس کی وجہ سے یہ عارضہ پیدا ہوا اور اسے جلد دور کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کا علاج جاری ہے اور وہ تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
منی بجٹ 23 جنوری کو پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ اسد عمر
کراچی (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ منی بجٹ 23 جنوری کو پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 21 جنوری کو منی بجٹ پیش کرنے کا پلان تھا، تاہم وزیراعظم عمران خان کے غیر ملکی دورے کے سبب اس کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔کراچی چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سیچوریٹری ریگولیٹری آرڈرز (ایس آر او) کے اجراءکا اختیار ختم کردیا گیا ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ منی بجٹ میں ٹیکس بے ضابطگیوں کو دور کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے حوالے سے ہر قسم کی تبدیلی پارلیمنٹ کی منظوری سے ہوگی۔ملاقات کے دوران صنعتکاروں کی جانب سے ایف بی آر کے نچلے سطح کے افسران کو اختیارات دیئے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا،پاکستان نے بھارت کو روندڈالا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کے دوسرے روز جمعہ کو ساہیوال میں دو میچز کھیلے گئے، پہلے میچ میں پاکستان گرینز نے ایران کو38-35اور دوسرے میچ میںپاکستان وائٹس نے بھارت کو38-30سے شکست دیدی، ظفرعلی سٹیڈیم میںہزاروں شہریوں نے میچز دیکھے، شائقین کبڈی نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، ساہیوال کے ظفر علی سٹیڈیم میں پاکستان کی ٹیموں نے بھارت اور ایران کی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے، پہلے میچ میں پاکستان گرین کے گبھرو جوانوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی ٹیم کو 3 پوائنٹس سے شکست دی، پاکستان گرین کے کھلاڑیوں نے خوبصورت کھیل پیش کرتے ہوئے 38پوائنٹس حاصل کئے جبکہ ایران کی ٹیم 35پوائنٹس حاصل کرسکی، سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی ، دوسرا میچ پاکستان وائٹ اور بھارت کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان وائٹ نے بھارت کو 38-30سے ہرادیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبڈی کے شائقین نے میچز میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کردیا کہ کبڈی پنجاب کے عوام کا پسندیدہ اور مقبول کھیل ہے، وسیب میں روایتی کھیلوں کی کمی تھی اس ایونٹس سے وہ کمی دور ہوگئی ہے، مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کروائیں گے، بھارت، ایران کی ٹیموں کی موجودگی سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے میلے کی روایت کو پھر زندہ کردیا ہے، کبڈی کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کریں گے اور کبڈی کو پنجاب کی پہچان بنائیں گے، تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا ، غیر ملکی ٹیموں سے کھیل کرہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہاہے کہ روایتی کھیلوں کو فروغ دینے سے ثقافت کو بھی فروغ ملے گا، زندہ قومیں اپنی روایات اور ثقافت کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں، کبڈی پنجاب کے گبھرو جوانوں کے خون میں شامل ہے، اس مٹی کے لوگوں کو کبڈی سے بہت محبت ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ آج سٹیڈیم میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں، نوجوانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ سپورٹس کی جانب آئیں ان کی قدم قدم پر رہنمائی کی جائے گی، کھلاڑی محنت کریں تو کبڈی کو ایک بار پھر عروج پر لے آئیں گے۔وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے مشکور ہیں جنہوں نے ساہیوال میں یہ خوبصورت ایونٹ رکھا اور عوام کو خوبصورت تفریح فراہم کی،انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی،وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 13جنوری بروز اتوار کو لاہور میں پہلا میچ پاکستان وائٹ اور ایران، دوسرا میچ پاکستان گرین اور بھارت کے درمیان کھیلا جائےگا۔
سکیورٹی یقین دہانی پر فنچ خواجہ پاکستان آنے پر رضامند
سڈنی(آئی این پی) آسٹریلوی کرکٹر ایرون فنچ اور پاکستانی نژاد عثمان خواجہ نے پاکستان میں کھیلنے پررضامندی ظاہر کردی مگر میچزکھیلنے سے متعلق فیصلے کا اختیار آسٹریلوی کر کٹ بورڈ کے اوپر چھوڑ دیا۔آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیدیا ہے۔عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہوا، مجھے وہاں جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،حتمی فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے۔ اوپنر ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ یواے ای کے اسٹیڈیمز تماشائیوں سے خالی ہوتے ہیں ، پاکستان میں میچز ہوں گے تو یقینی طور پر اسٹیڈیمز میں ایک سیٹ بھی خالی نہیں ملے گی۔آسٹریلوی میڈیا کےمطابق کینگروز کے پاکستان میں جاکر کھیلنے کے امکانات ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتے جارہے ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ میں سے دو میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کررکھی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے مثبت اشارے ضرور دیے ہیں لیکن ابھی تک شیڈول کو حتمی شکل دینے سے گریزاں ہے، اوپنر ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے پاکستان جاکر کھیلنے کا معاملہ کرکٹ آسٹریلیا پر چھوڑ رکھاہے، ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ یواے ای کے اسٹیڈیمز تماشائیوں سے خالی ہوتے ہیں جب کہ پاکستانی فینز اپنی سرزمین پر کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے بہت پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
، اگر پاکستان میں میچز ہوں تو یہ ان سب کے لیے اس سے بڑی بات اور کیا ہوسکتی ہے، جب بھی وہاں پر میچز ہوں گے تو یقینی طور پر اسٹیڈیمز میں ایک سیٹ بھی خالی نہیں ملے گی۔عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا، مجھے وہاں جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن حتمی فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے اور جیسا وہ کہیں گے، اس کے مطابق ہی ہم نے میچز کھیلنا ہیں، وہ ہم سے بہتر جانتے ہیں کہ اس بارے میں کیا بہتر فیصلہ ہوگا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیوین روبرٹس نے چند دن پہلے یہ واضح کیاتھا کہ ہم کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ماہرین کی مشاورت سے ہی معاملات کو فائنل کریں گے۔واضح رہے کہ 2017میں تین آسٹریلوی کرکٹرز ٹم پین، بن کٹنگ اور جارج بیلے ورلڈ الیون کی طرف سے پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جب کہ کرس لین پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کھیل چکے ہیں۔
جو بانسرنگ ٹیسٹ،جنوبی افریقہ 262رنز پر آﺅٹ
جوہانسبرگ(ندیم شبیرسے)جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی جب کہ کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 2 وکٹوں پر 17 رنز بنا لیے۔، امام الحق 10 اور نائٹ واچ مین محمد عباس صفر پر ناٹ آٹ رہے۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے، جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا۔ اوپنر ڈین ایلگر زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر آٹ ہوگئے۔ایڈن مارکرم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری مکمل کی، کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 108 رنز بنائے، دوسرے سیشن میں تازہ دم بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارکرم اور ہاشم آملہ کو پویلین بھیج دیا، مارکر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 90 رنز پر چلتے بنے جب کہ ہاشم آملہ 41 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 229 رنز پر اس وقت گری جب بروین 49 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے، محض 15 رنز کے اضافے کے ساتھ 244 کے مجموعے پر باووما 8 اور زوبایر حمزہ 41 رنز پر کیچ آٹ ہوئے، محمد عامر نے دونوں کو چلتا کیا، 20 رنز کے اضافے کے ساتھ باقی بیٹسمین بھی آﺅٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کا خاتمہ 262 رنز پر ہوا، قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی پھر ناکام ہوگئی، انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آﺅٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا، جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں پر 17 رنز بنا لیے تھے، امام الحق 10 اور نائٹ واچ مین محمد عباس صفر پر ناٹ آٹ رہے۔قومی ٹیم میں جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے لیے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، یاسر شاہ، فخر زمان اور شاہین آفریدی کی جگہ فہیم اشرف، شاداب خان اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے تاہم کلین سوئپ سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کو آخری ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہے۔
نازیبا ریمارکس ،بھارتی کرکٹرپانڈیا اور راہول معطل
نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹرز ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول کو خواتین کے بارے میں نازیبا ریمارکس دینے پر معطل کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہ ہفتے سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔دونوں کرکٹرز نے بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام ’ کافی ود کرن‘ میں خواتین سے متعلق نازیبا ریمارکس دیئے تھے جس کے بعد ا±نہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔معطلی کے بعد ہاردک پانڈیا اور کے ایل لاہور کے نام سڈنی میں ہفتے کو کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ کےلئے بھارتی ٹیم کی لائن اپ سے خارج کردیئے گئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین ونود رائے کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز کو زیرا لتوا ءانکوائری تک معطل کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق باضابطہ انکوائری کے آغاز سے قبل دونوں کرکٹرز کو نئے شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے تاہم ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا کہ بی سی سی آئی کی انٹرنل کمیٹی یا کوئی ایڈہاک محتسب انکوائری کرے گا۔
کینیڈا نے سعودی لڑکی رہف محمد القعون کو سیاسی پناہ دے دی
ٹورنٹو (ویب ڈیسک ) کینیڈا نے ڈرامائی طور پر اپنے ملک سے فرار ہونے والی 18 سالہ سعودی لڑکی رہف محمد القعون کو سیاسی پناہ دے دی۔واضح رہے کہ 18 سالہ رہف محمد القعون کویت کے سفر کے دوران اپنے اہلخانہ سے فرار ہوکر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک پہنچی تھیں، جہاں 6 جنوری کو انہیں ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔رہف نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات کی سیریز میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے گھر والے انہیں جسمانی و نفسیاتی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، وہ شادی سے بچنے کے لیے فرار ہوئیں اور واپس سعودی عرب بھیجنے پر انہیں جان کا خطرہ ہے۔انہوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں واپس بھیجا گیا تو انہیں قید کردیا جائے گا اور ان کا خاندان سو فیصد انہیں قتل کردے گا۔رہف نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا۔بعدازاں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے رہف کو سیاسی پناہ دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی درخواست منظور کرلی۔جسٹن ٹروڈو نے اپنے پیغام میں کہا، ‘ہمیں رہف کو سیاسی پناہ دینے پر خوشی ہے کیونکہ کینیڈا وہ ملک ہے، جو انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور میں اس بات کی تصدیق کر رہا ہوں کہ ہم نے اقوام متحدہ کی درخواست قبول کرلی ہے۔تھائی لینڈ کے امیگریشن چیف سوراچٹ ہاک پارن نے بھی بتایا کہ رہف نے کینیڈا کا انتخاب کیا، یہ ان کی اپنی مرضی تھی۔دوسری جانب رہف محمد القعون نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مدد کرنے اور ان کی جان بچانے پر سب لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں رہف نے کینیڈا روانگی کے وقت کی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔
نامور شاعرانشاجی کو دنیا سے کوچ کئے اکتالیس برس بیت گئے
لاہور(شوبز ڈیسک) معروف شاعر، مزاح نگار اور متعدد شعری و نثری کتابوں کے مصنف ابن انشا کو مداحوں سے بچھڑے اکتا لیس برس بیت چکے ہیں، تاہم ان کی تحریریں اور شاعری آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ابن انشا اردو ادب کا عظیم نام ہے، شاعری ہو یا نثر،انشا جی کا کوئی ثانی نہیں۔ ”کل چودھویں کی رات تھی“، ”انشا جی اٹھو“ جیسی مشہور و معروف غزلوں کے شاعر کو شاعری کے ذریعے جذبات کے اظہار میں ملکہ حاصل تھی۔ ابن انشا اردو ادب میں سب سے منفرد رہے، شاعری کی تو دنیا بھر میں واہ واہ ہوئی، تحریریں درسی کتابوں کا حصہ بنیں۔ مزاح نگاری میں بھی انشا جی کا کوئی ثانی نہیں۔ان کا اصل نام شیر علی تھا، جو بعد ازاں ہجرت کے بعد پاکستان آئے اور ادب میں ابن انشا کے نام سے خوب نام کمایا۔اردو ادب کو جلا بخشنے والے یہ عظیم شاعر، مصنف اور کالم نگار صرف اکیاون برس ہی جی پائے۔ گیارہ جنوری انیس سو اٹھہتر کو ابن انشا دنیا سے کوچ کرگئے۔
سنی لیون کا تامل فلموں میں بھی کام کرنے کافیصلہ
ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکارہ سنی لیون نے تامل فلموں میں بھی کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بے باک اداکارہ سنی لیون بالی ووڈ کی فلموں کے بعد اب تامل فلموں میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔ سنی لیون کا کہنا ہے کہ تامل فلموں میں کام کرنا میرے لئے ایک چیلنج ہے کیوں کہ یہ میرے لئے سیکھنے کا موقع ہے جس کیلئے میں خاصی خوش ہوں۔سنی لیون کا فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ تامل فلم ”ویرام دیوی“ میں جنگجو لڑکی کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
عاطف اسلم کا نیا گانا ”اولیا “ انٹرنیٹ پر ریلیز
لاہور (شوبز ڈیسک) معروف گلوکار عاطف اسلم کا بالی وڈ فلم کے لئے ریکارڈ ہونے والا نیا نغمہ اولیا ریلیز کر دیا گیا جسے شائقین بہت پسند کر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ گانا انہوں نے نئی فلم ہم چار کیلئے ریکارڈ کرایا تھا جس کی شاعری شبیر احمد نے کی اور اس کی موسیقی وپن پتوا نے ترتیب دی ہے۔ اس گانے کی ویڈیو کچھ عرصے بعد ریلیز کی جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے عاطف اسلم واحد پاکستانی گلوکار ہیں جو بھارتی فلموں کیلئے سب سے زیادہ گیت گا رہے ہیں۔ بھارتی گلوکار سونونگم نے کہا تھا کہ پاکستانی شہری ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتاکیونکہ بھارتی کمپنیاں پاکستانی گلوکاروں کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
بھارتی گلوکار نے عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کو گانوں کی زیادہ پیشکش پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
بریگزٹ بحران: اپوزیشن نے انتخابات کا مطالبہ کر دیا
لندن (ویب ڈیسک ) برطانوی پارلیمنٹ میں اپوزیشن رہنما جیریمی کاربن نے بریگزٹ بحران سے نکلنے کے لیے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کاربن کا کہنا ہے کہ بریگزٹ بحران سے نمٹنے کے لیے ملک میں انتخابات کرائے جائیں۔جیریمی کاربن نے مزید کہا ہے کہ نئے مینڈیٹ والی حکومت ہی یورپی یونین سے بہتر انداز میں مذاکرات کر سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم تھریسامے کو اپنی بریگزٹ ڈیل پر یقین ہے تو الیکشن کرا لیں تاکہ عوام اپنا فیصلہ دے سکیں۔دوسری جانب برطانیہ میں حکمران کنزرویٹو پارٹی کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی بریگزٹ کے معاملے پر سیاست کھیل رہی ہے۔کنزرویٹو پارٹی کے رہنماﺅں کاموقف ہے کہ لیبر پارٹی کے پاس بریگزٹ پر کوئی منصوبہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے بریگزٹ ڈیل پر دستخط کر چکی ہیں جب کہ یورپی پارلیمنٹ بھی برطانیہ کی یونین سے علیحدگی کی منظوری دے چکی ہے۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے گزشتہ برس دسمبر میں پارلیمنٹ میں بریگزٹ کے حوالے سے ووٹنگ کا اعلان کیا تھا تاہم شکست کے خوف سے انہوں نے بریگزٹ پر ووٹنگ موخر کر دی تھی۔


















