چیف جسٹس کا لاہور میں سرکاری اراضی پر قائم 24 پیٹرول پمپس کی نیلامی کا حکم

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے لاہور میں سرکاری اراضی پر قائم 24 پٹرول پمپس کی نیلامی کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سرکاری اراضی پر پیٹرول پمپس کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق لاہور میں 24 پیٹرول پمپس سرکاری اراضی پر قائم ہیں جن کی لیز ختم ہوئے مدت ہو گئی مگر پیٹرول پمپس مالکان نہ سرکار ی اراضی واپس کررہے ہیں اور نہ ہی کرائے کی مد میں رقم اداکر رہے ہیں۔عدالت نے ڈی سی لاہور کو حکم دیا کہ ان 24 پیٹرول پمپس کی نیلامی کا عمل شروع کیا جائے اور عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ سرکاری اراضی کی بندر بانٹ کی اجازت نہیں دے سکتے۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ کا دوسرا دن ختم، جنوبی افریقا کو 212 رنز کی برتری

جوہانسبرگ (ویب ڈیسک)جوہانسبرگ ٹیسٹ میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لیے جب کہ اسے 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام دکھائی دی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آﺅٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں زیادہ اسکور نہ بناسکی۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ہوگئی، 6 رنز کے مجموعی اسکور پر انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آﺅٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا۔ نائٹ واچ مین محمد عباس اور امام الحق نے اسکور کر 53 تک پہنچایا تاہم اولیوائر نے ایک ہی اوور میں محمد عباس اور اسد شفیق کو پویلین واپس بھیج کر پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔امام الحق کی ہمت بھی 43 رنز پر جواب دے گئی جس کے بعد بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے 70 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے تیزرفتاری سے رنز بٹورے تاہم 169 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو اس وقت جھٹکا لگا جب سرفراز احمد 50، بابراعظم 49 اور فہیم اشرف صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان 5 اور محمد عامر 10 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو قومی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز سے قبل ہی 4 بیٹسمینوں کو پویلین بھیج دیا، ایلگر 5، مارکرم 21، بریون 7 اور حمزہ بغیر صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ابتدائی نقصان کے بعد پانچویں وکٹ پر ہاشم آملہ اور باووما نے 48 رنز کا اضافہ کیا اور 93 کے مجموعے پر باووما 23 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے، جس کے بعد تجربہ کار ہاشم آملہ نے ڈی کوک کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھا اور 43 رنز کا اضافہ کیا۔ آج جب کھیل ختم ہوا تو میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں پر 135 رنز بنا لیے تھے، ہاشم آملہ 42 اور ڈی کوک 34 رنز ناٹ آﺅٹ رہے۔گرین کیپس کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، جب کہ محمد عباس، محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔گزشتہ روز جنوبی افریقا پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا معاملہ: اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے دو رکمی کمیٹی تشکیل دیدی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن سے رابطوں کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ذرائع کے مطابق دو رکنی کمیٹی فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی اپوزیشن سے رابطوں سے وزیراعظم کو آگاہ رکھے گی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمیٹی ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے رابطوں میں وزارت قانون اور داخلہ کے تیار کردہ مسودے بھی پیش کرے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومتی کمیٹی مذاکراتی عمل پر اپنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کرے گی۔

دپیکا نے رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’83‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ان کے شوہر رنویر سنگھ ایک ساتھ اب تک تین فلمیں ’رام لیلا‘، ’باجی راو¿مستانی‘ اور ’پدماوت‘ کرچکے ہیں لیکن اب دپیکا نے ان کے ساتھ چوتھی فلم ’83‘ کرنے سے انکار کردیا ہے۔بھارتی نیوز ویب سائٹ دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون کو بھارتی کرکٹر کپل دیو پر بننے والی بائیوپک فلم ’83‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، جس کے لیے انہوں نے صاف انکار کردیا ہے۔فلم میں رنویر سنگھ کپل دیو کا مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ دپیکا کو کپل دیو کی اہلیہ رومی کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ کردار کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں اہلیہ کا کردار بہت مختصر ہے جبکہ یہ فلم مکمل طور پر ہیرو کی زندگی پر مبنی ہے۔دپیکا کا ماننا ہے کہ وہ ا±س فلم میں کام کریں گی جس میں ان کا کردار مضبوط ہو، ’پدماوت‘ اور دیگر فلموں میں رنویر سنگھ کے ساتھ انہوں نے فلم اس لیے کی تھی کیونکہ ان میں ان کا کردار طاقتور تھا۔رپورٹ کے مطابق دپیکا کا کہنا ہے کہ وہ کام کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہیں، وہ یہ نہیں دیکھتیں کہ مرکزی کردار رنویر سنگھ کر رہے ہیں یا نہیں، ہاں اگر ایسی کوئی فلم ہو جس میں رنویر سنگھ ہوں اور اس میں ہیروئن کا کردار بھی اچھا ہو تو وہ ضرور کریں گی۔واضح رہے کہ دپیکا اور رنویر گزشتہ برس نومبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔

منفی 52 درجے سینٹی گریڈ میں منعقدہ دنیا کی سرد ترین دوڑ

ماسکو(ویب ڈیسک) عام حالات میں ایک طویل دوڑ (میراتھن) مکمل کرنا امر محال ہوتا ہے لیکن روس میں ایسی دوڑ بھی ہرسال منعقد ہوتی ہے جسے دنیا کی سرد ترین میراتھن کہا جاتا ہے کیونکہ منفی 52 درجے سینٹی گریڈ میں خون اور سانس دونوں ہی جم جاتے ہیں۔اس دوڑ میں اگر چہرے کو اچھی طرح نہ ڈھانپا جائے تو انسان سیکنڈوں میں سرما گزیدگی (فراسٹ بائٹ) کا شکار ہوجاتا ہے یہاں تک کہ تھرمامیٹر میں پارہ بھی جم جاتا ہے۔ اس علاقے کا نام ’اوئمیاکون‘ ہے جہاں آبادی موجود نہیں اور صرف میراتھن کے وقت ہی ایک میلہ سجتا ہے۔پانچ جنوری کو 21 سے 71 برس کے 16 تربیت یافتہ کھلاڑی ریس کے لیے دوڑے جس کی ویڈیو بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ مقابلے میں 5، 10، 20، 30 اور 42 کلومیٹر کے مقابلے رکھے گئے تھے۔ جوں ہی ریس شروع ہوئی اس وقت درجہ حرارت منفی 52 درجے سینٹی گریڈ تھا جبکہ ریس میں صرف ایک شخص ہی 39 کلومیٹر تک جاسکا اور اس وقت درجہ حرارت منفی 48 ہوچکا تھا۔جنونی افراد آسٹریلیا، بھارت، جاپان، تائیوان اور دیگر ممالک سے شریک ہوئے اور اس سخت مقابلے کا چیلنج قبول کیا۔ ریس جیتنے والے ایلیا پاسٹریف صرف 39 کلومیٹر تک دوڑ سکے جبکہ اصل فاصلہ 42 کلومیٹر تھا۔ 21 سالہ اینوکینٹائی اولیسوف نے 10 کلومیٹر کا سفر ایک گھنٹے آٹھ منٹ میں طے کیا جبکہ 71 سالہ ییگور پرمیاکوف نے 15 کلومیٹر کے سفر میں ڈھائی گھنٹے لگائے۔

خوبصورت بالوں والی ایک سالہ جاپانی گڑیا کے سوشل میڈیا پر چرچے

ٹوکیو(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا کے اس دور میں جس کے زیادہ فالوورز ہوں، اسے اسٹار سمجھا جاتا ہے، اسی طرح جاپان میں ایک 1 سالہ بچی نے ابھی سے انسٹاگرام پر 35 ہزار سے زائد فالوورز کو اپنا گرویدہ کردیا ہے۔چانکو نامی اس بچی نے اپنے گھنے بالوں کی وجہ سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔چانکو کے بال اتنے خوبصورت اور گھنے ہیں کہ ان کی والدہ کو بال سنوارنے اور بنانے میں طویل وقت صرف کرنا پڑتا ہے۔یہ بچی اپنے بالوں کی خوبصورتی کی وجہ سے جاپان میں ایک شیمپو کے اشتہار میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہے اور اس اشتہار دیکھنے کے بعد سب نے ننھی پری کو ماڈل تصور کرلیا ہے۔چانکو کی معصوم شرارتیں ایسی ہیں کہ ہر دیکھنے والا ان کا دیوانہ ہوجاتا ہے۔نت نئے ہیئر اسٹائلز کے ساتھ انسٹاگرام پر چانکو کی جو بھی تصویر شیئر کی جائے، اسے صارفین بہت پسند کرتے ہیں۔

فاف ڈوپلیسی نے پاکستان میں سیکیورٹی کو شاندار قرار دیدیا

جوہانسبرگ(ویب ڈیسک)جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کو شاندار قرار دیدیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور ورلڈ الیون کپتان دورہ پاکستان محفوظ اور سیکیورٹی شاندار تھی، چھتوں پر سنائپر، کھلاڑیوں کے چہروں پر ماسک، سیکیورٹی ہالی ووڈ فلموں جیسی لگی اور میں نے دورہ پاکستان میں شاندار سیکیورٹی دیکھی جب کہ پاکستان سفر کرنے سے پہلے ذہن میں بہت سوالات تھے مگر وہاں سب ٹھیک تھا۔دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر رمِیزراجہ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی فکر وزیراعظم عمران خان کو بھی ہے، ورلڈ الیون دورہ کرچکی ہے، شاندار سیکیورٹی انتظامات سب نے دیکھ لیے، رواں سال سپرلیگ کے 8 میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی “ری لانچنگ” کا فیصلہ کریں گے، سپرلیگ میچز کے بعد فیصلہ ہوگا انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کتنی دور رہ گئی، اسد شفیق نے 70 کے قریب ٹیسٹ کھیل لیے، مگر پاکستان میںایک بھی نہیں کھیلا، ایسی صورتحال کھلاڑیوں اور کرکٹ فینز کیلئے بہت تکلیف دہ ہے۔

آخری گیند پر6رنز درکار؛ بولر نے 6 وائیڈز کرکے حریف کو میچ جتوا دیا

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارت میں کلب میچ کے دوران ایک ٹیم کو آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے مگر اس نے ایک گیند قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔یہ دلچسپ واقعہ آندھرا میں کھیلے جانے والے میچ میں پیش آیا جس میں آدرش کے خلاف دیسائی کو 76 رنز ہدف تک پہنچنے کیلیے آخری گیند پر مزید 6 رنز درکار تھے، بولر نے مسلسل 6 وائیڈ گیندیں کرکے دیسائی کو ایک گیند قبل ہی فتح دلادی۔

پیرس میں زوردار دھماکا، 4 افراد ہلاک اور 50 زخمی

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت کے وسط میں ایک بیکری میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کا پوش علاقہ ریو ڈی ٹریوس صبح سویرے زور دار دھماکے سے لرز اٹھا، بیکری میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے دھماکا ہوا جس کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔دھماکے کی وجہ سے اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، ابتدائی طور پر واقعے میں کم ازکم 4 افراد کے ہلاک اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک شدگان میں آگ بجھانے والے 2 اہلکار بھی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیر داخلہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 200 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، وزیر داخلہ نے شہریوں کو امدادی کارروائیوں کے سبب مذکورہ علاقے میں نہ آنے کی اپیل کی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں دھماکے سے ہونے والی تباہی کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، تصاویر میں تباہ ہونے والی گاڑیاں اور ٹوٹے ہوئے شیشے سڑک پر پھیلے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں کا شام میں دمشق ائرپورٹ پر میزائل حملہ

دمشق(ویب ڈیسک) اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق میں بمباری کی ہے۔شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے شام کے دارالحکومت دمشق کے ہوائی اڈے پر کئی میزائل داغے ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات کے وقت یہ فضائی حملہ کیا جس میں دمشق ائرپورٹ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا۔فضائی کارروائی میں کسی شخص کی ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ شام کے فضائی دفاعی نظام نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی میزائلوں کو تباہ بھی کردیا ہے۔واضح رہے کہ 25 دسمبر کو بھی اسرائیل نے شام پر ایک میزائل حملہ کیا تھا جس میں 3 شامی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

نواز شریف، زرداری سے معاملہ طے کرنے کیلئے شدید دباﺅ ہے، فواد چوہدری

جہلم(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری سے معاملہ طے کرنے کیلئے شدید دباﺅ ہے۔جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں دو خاندانوں کا مافیا بیٹھا ہوا تھا ایک نواز شریف اور دوسرے آصف زرداری۔ نواز شریف نے کاغذی کمپنیاں بناکر منی لانڈرنگ کی جبکہ زرداری نے کاغذی کمپنیاں بنائیں جو لوگوں سے کمیشن لیتی تھیں، ان کی 7 نسلوں میں کسی نے کام نہیں کیا، تاہم عوام نے عمران خان کی قیادت میں ایک مافیا کو شکست دے دی ہے، اب ان دونوں کی چیخیں آسمان تک جارہی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف معاملہ ختم کرنے کے لیے حکومت پر بہت دباﺅ تھا، ہر شخص روز اٹھ کر کہتا ہے کہ اسمبلی بھی چلانی ہوتی ہے، ان دونوں سے کچھ لے دے کرکے معاملہ ختم کرو، بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہاتھ ہلکا رکھو سیاست بہت تلخ ہوجاتی ہے، میں ان لوگوں سے کہتا ہوں کہ اگر کچھ لے دے کر سمجھوتہ کرنا تھا تو پھر ہم نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہی کیوں ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کے دباﺅ میں نہیں آئے اور نہ آئیں گے، وہ واحد آدمی ہیں جنہوں نے پارٹی کے اندر اور باہر یہ واضح کیا کہ کوئی سودے بازی نہیں ہوگی اور احتساب منطقی انجام تک پہنچے گا۔

منی لانڈرنگ کےذریعے بیرون ملک بھیجی گئی دولت واپس لائیں گے، چیئرمین نیب

لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجی گئی دولت کو واپس لایا جائے گا۔قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، ملک میں بدعنوانی ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے جس کا جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں، بدعنوانی سے لوٹی گئی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجی گئی دولت کو واپس لایا جائے گا۔جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا سیاست یا کسی سیاسی گروہ سے تعلق نہیں، ہمارا تعلق صرف پاکستان سے ہے۔ نیب نے میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جدید ترین فرانزک لیباریٹری قائم کی ہے، جس سے دستاویزات کی شناخت، موبائل ڈیٹا اور فنگر پرنٹ کی شناخت کی وجہ سے ٹھوس ثبوت حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو ناصرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے بلکہ کرپشن فری پاکستان کے لیے کوششیں بھی کررہا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور دیگر اداروں نے نیب کی کاوشوں کی بدولت پاکستان سے بدعنوانی کی شرح میں مسلسل کمی کو سراہا ہے۔

آپ بہت قابل احترام ہیں، آپ کا پورا کیرئیر بے داغ ہے ،یاسمین راشد کام جاری رکھیں ، چیف جسٹس

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ یاسمین راشد کام جاری رکھیں انہیں مستعفی نہیں ہونے دیں گے۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی یونیورسٹیز کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ریمارکس پر اپوزیشن مجھ سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو استعفی نہیں دینے دیں گے آپ اپنا کام کریں، گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں آپ بہت قابل احترام ہیں، آپ کا پورا کیرئیر بے داغ ہے، کس نے آپ کے خلاف یہ مہم شروع کی ہے، آپ کا کردار قابل تحسین ہے ہمارے پاس الفاظ نہیں جن سے آپ کی تعریف کی جائے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمارے خلاف بھی مہم چلائی جاتی ہیں ایسے واٹس ایپ میسج موجود ہیں، تو کیا ان حالات میں کام کرنا چھوڑ دیں۔واضح رہے کہ 6 جنوری کو پی کے ایل آئی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈاکٹر یاسمین راشد پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت میں اہلیت نہیں ہے، نااہلی اور نکما پن اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے، یہ نااہلی ہی ہے کہ پنجاب حکومت سے معاملات نہیں چلائے جا رہے، اس کیس میں پنجاب حکومت کی نااہلی کو تحریری حکم کا حصہ بنا رہے ہیں۔