چیئرمین نیب کے سامنے ہم کیوں جائیں انہیں خود پارلیمنٹ میں پیش ہونا چاہیے، زرداری

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم چیئرمین نیب کے سامنے کیوں جائیں انہیں خود پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم چیئرمین کے سامنے پیش ہوں، ہم ان کے سامنے کیوں جائیں؟ چیئرمین نیب کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہوں، حکومت کومشورہ ہے کہ نیب کو ٹائٹ کرے،تاکہ ملک چلنے لگے۔سابق صدر نے کہا کہ مجھے نیب کو کوئی ڈر نہیں، میں نے بہت نیب دیکھے ہیں، میں پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوتا رہا ہوں اور آئندہ بھی ہوتا رہوں گا لیکن مجھے فکر آپ لوگوں کی ہے، اگر آپ کو بھی نیب کے سامنے پیش ہونا پڑا تو پھر اس دن آپ کا کیا بنے گا، مجھے آپ کا غم زیادہ ہے اپنا نہیں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اور اسے مضبوط کرنا ہے ، اور پارلیمنٹ میں شامل نئے دوستوں کو بھی سکھانا ہے، میں پارلیمنٹ اور جمہوریت کے لیے ہی کام کرنا چاہتا ہوں جو کرتا رہوں گا، مریم نواز یا اورکسی کی بہن بیٹی کو جیل میں نہیں دیکھناچاہتے۔سابق صدر کاکہنا تھا کہ آج کل بغیر سوچے سمجھے فیصلے کیےجا رہےہیں، ہمارے دوست پاکستان کو ناکام ریاست کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے ہم بھی نہیں ، آج اپنی بندرگاہ دے کر چین سے کہا ہمارا بارڈر آپ کا بارڈ ر ہے، لیکن برے وقت میں چین بھی آپ کو نہیں بچا سکے گا ہر کوئی اپنے مفاد کو دیکھے گا، کوئی باہر کی طاقت آپ کونہیں بچاسکتی کیونکہ ہرکوئی اپنےملک کاسوچتا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کو 6 ماہ ہوگئے لیکن ابھی تک کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا، ڈالر اوپر جارہا ہے، اسٹاک ایکسچینج سے 50 ارب ڈالر غائب ہو چکے ہیں، حکومت کا کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا، ان کی حکومت کو دیمک کھارہی ہے، ہم اس حکومت کو نہیں گرائیں گے اسے تو خود گرنا ہے، مانگے تانگے کی حکومت پتہ نہیں کتنے دن چلتی ہے۔

مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے لیکن اس کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے، شہبازشریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پارلیمنٹ میں قائدِحزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے لیکن اس کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت ملک میں20 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے جنگی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا، انتہائی شفاف طریقے سے 3600 میگاواٹ کے تین بجلی گھر لگائے گئے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آبی ذخائربناناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ڈیم انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، نوازشریف نے مہمند ڈیم کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے، دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے زمین ہماری حکومت میں 100 ارب روپے کی خریدی گئی۔انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر بہت خوش آئند ہے، لیکن مہمند ڈیم کا ٹھیکا بہت بڑا سوال بن گیا ہے، مہمند ڈیم کا ٹھیکا دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی حکومت میں کیا گیا، مئی 2015 میں رائے تھی کہ وقت بچانےکے لیے براہ راست کنٹریکٹس ایوارڈ کرنے چاہئیں، لیکن وزیراعظم نے اس تجویزپر ایمرجنسی شق پر عمل نہیں کیا، ایسی کیا قیامت آگئی تھی کہ دوسری بولی کو مسترد کردیا گیا۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، سرکلر ڈیٹ بھی اڑدھا بن کر سامنے آ رہا ہے، پورے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر ہے، غریب آدمی کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں 9 سے15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس سے علاج بھی ناممکن بنادیا گیا ہے۔

اینگر روم — شہریوں کیلئے ‘دل کی بھڑاس نکالنے کا کمرہ’ متعارف

بیجنگ (ویب ڈیسک)ہم میں سے اکثر لوگوں کو بہت زیادہ غصہ آتا ہے، لیکن گھر کی یا آفس کی چیزیں توڑ کر اس کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، ایسے ہی لوگوں کے دل کی بھڑاس نکالنے کے لیے چین میں ‘اینگر روم’ (Anger Room) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں لوگوں کے سخت ترین غصے کا عتاب سہنے کے لیے ہرقسم کا کاٹ کباڑ جمع کیا گیا ہے۔ستمبر 2018 میں دارالحکومت بیجنگ میں قائم کیے گئے اس اینگر روم کو ‘اسمیش’ (SMASH) کا نام دیا گیا ہے، جسے جن مینگ اور ان کے دوستوں نے قائم کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس کمرے میں بلے اور ہتھوڑیاں موجود ہیں، جن کے ذریعے لوگ ماہانہ 15 ہزار بوتلیں توڑ کر اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔25 سالہ جن مینگ کے مطابق ان کا استعمال شدہ اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں سے رابطہ ہے، جہاں سے انہیں ٹوٹی پھوٹی اشیاءمثلاً ٹی وی، ٹیلی فون، گھڑیاں، برتن، مجمسے، ساﺅنڈ ریکارڈر اور اسپیکرز وغیرہ کی سپلائی ملتی رہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی توقعات سے بڑھ کر ماہانہ 600 کے قریب افراد ان کی دکان پر آتے ہیں، جو اس سے قبل ایک فیکٹری کا حصہ تھا، لیکن اب اسے ایک آرٹ ایریا میں تبدیل کردیا گیا ہے۔جن مینگ کے مطابق یہاں آنے والے افراد کی عمریں 20 سے 35 برس کے درمیان ہوتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ یہ جگہ تشدد کے فروغ کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کا اسٹریس کم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔جن مینگ کے مطابق ان کا منصوبہ ہے کہ ایک ایسا ہی اینگر روم کسی شاپنگ مال میں بھی کھولا جائے جہاں لوگ خریداری کے ساتھ ساتھ اپنا غصہ بھی نکال سکیں۔یہ انوکھی سروس صرف 23 امریکی ڈالر فیس کے عوض آدھے گھنٹے کے لیے حاصل کی جاسکتی ہے، جبکہ چار افراد کے گروپ کی صورت میں یہ رقم 75 امریکی ڈالر ہوجاتی ہے۔واضح رہے کہ اینگر روم اس سے قبل امریکا اور دیگر ممالک میں بھی قائم ہیں، لیکن چین میں یہ تجربہ پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔

اسٹرکچرل اصلاحات کے مشکل مرحلے کے بعد خوشحال دور شروع ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے اسٹرکچرل اصلاحات پرعمل پیرا ہے اور اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔وزیراعظم عمران خان سے وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان نے ملاقات کی جب کہ اس دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے اسٹرکچرل اصلاحات پرعمل پیرا ہے، ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات نہیں بلکہ ملک اور عوام کی بہتری ہے۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اسٹرکچرل اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں، اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا، وزارت اطلاعات اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مضبوط، متحرک اور ذمہ دار میڈیا عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر من گھڑت پروپیگنڈے کے محرکات سے آگاہ ہیں، میڈیا کے ساتھ مل کر مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا سے روابط مضبوط کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی آر اوز معلومات تک میڈیا کی رسائی اور درست معلومات کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

ملک میں 10 سال بعد زیرِ سمندر تیل و گیس کی تلاش کے کام کا آغاز

کراچی(ویب ڈیسک) ملک میں 10 سال بعد زیر سمندر تیل و گیس کی تلاش کے کام کا آغاز کردیا گیا۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق تیل و گیس کی تلاش کے لیے ساحل سمندر سے 230 کلومیٹر دور زیرِ سمندر کھدائی کا کام اتوار کی رات سے شروع کیا گیا۔1900 میٹر پانی کی گہرائی میں کل 3750 میٹر کھدائی کے کام کے بعد تیل و گیس کی موجودگی کا پتہ لگایا جائے گا۔تیل و گیس کی تلاش کے لیے اٹالین کمپنی ای این آئی آپریٹر جب کہ ایگزن موبل، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل جوائنٹ وینچر پارٹنر ہوں گے۔

ورون دھون کی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں انٹری

ممبئی(ویب ڈیسک) نوجوان اداکار ورون دھون سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں انٹری دینے کی تیاری کررہے ہیں۔بالی ووڈ میں فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے قدم رکھنے والے نوجوان اداکار ورون دھون نے کم وقت میں انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی اور ان دنوں وہ اپنی کامیاب فلم ’اے بی سی ڈی‘ کے دوسرے سیکوئل کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ شردھا کپور مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔دوسری جانب بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اپنی میگا بجٹ فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے فلم میں ان کے ہمراہ کترینہ کیف مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ رپورٹس کے مطابق ورون دھون بھی فلم میں مختصر کردار میں دکھائی دیں گے، فلم میں وہ بزنس مین کا کردار ادا کریں گے۔واضح رہے ورون دھون نے حال ہی میں عالیہ بھٹ کے ہمراہ اپنی ایکشن فلم ’کلنگ‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے جو 19 اپریل 2019 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

جنسی زیادتی کا الزام میری شہرت کوتباہ کرنے کا طریقہ ہے، راج کمار ہیرانی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے خاتون اسسٹنٹ کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے مایہ ناز ہدایتکارراجکمار ہیرانی پر ان کی فلم ’سنجو‘ کے لیے کام کرنے والی خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹرنے الزام لگایا ہے کہ فلم”سنجو“ کی تیاری کے دوران تقریباً 6 ماہ تک ایک سے زائد بارجنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔اب ہدایتکار کی جانب سے ایک باقائدہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا ہے کہ 2 ماہ قبل جب یہ الزامات عائد کیے گئے تو میں بہت زیادہ حیران ہوگیا تھا، جس پرمیں نے فیصلہ کیا تھا کہ اس معاملے کو کسی قانونی کمیٹی کے نوٹس میں لانا چاہیئے، لیکن الزام لگانے والی نے کسی بھی کمیٹی کا نہیں بلکہ اب میڈیا کا سہارا لیا۔ ہدایتکارنے کہا کہ یہ سب بد قسمتی سے انڈسٹری میں میری ساکھ اور شہرت کو تباہ کرنے کا واحد طریقہ ہے جس کی میں شعدید مذمت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ہراسانی کاالزام عائد کرنے والی خاتون نے الزامات کے بارے میں ہیرانی، ان کے ساتھی ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا اور ان کی اہلیہ کو مشترکہ طور پر ایک ای میل بھی بھیجی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گورنرتبوک کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنر قمرجاوید باجوہ سے تبوک کے گورنر سے ملاقات ہوئی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تبوک کے گورنرشہزادہ فہد بن سلطان بن عبد العزیزا لسعود نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات کی اور اس دوران باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دو ہفتے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودیہ عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ نے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

راجکمار ہیرانی پر جنسی ہراسانی کا الزام، ’منا بھائی تھری‘ روک دی گئی

ممبئی(ویب ڈیسک) نامور ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے خود پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگنے کے بعد فلم ’منا بھائی تھری‘ روک دی گئی۔ بالی ووڈ میں’منا بھائی‘ جیسی ہٹ فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے نامور ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے انڈسٹری کو تمام بلاک بسٹر فلمیں دیں جن میں ’لگے رہو منا بھائی‘، ’تھری ایڈیئٹس‘ ، ’پی کے‘ اور ’سنجو‘ شامل ہیں جب کہ فلم ’سنجو‘ میں جس طرح انہوں نے سنجے دت کی کہانی بیان کے اس کے بعد انہیں ’بیسٹ اسٹوری ٹیلر‘ کا خطاب بھی دیا گیا تاہم فلم ’سنجو‘ ہی کی وجہ سے وہ اب مشکل کا شکار ہوگئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ہدایت کار ان دنوں اپنی ہٹ فلم ’منا بھائی‘ کے دوسرے سیکوئل کی تیاری میں مصروف ہیں اور اس کے لیے انہیں فوکس اسٹوڈیو کا تعاون حاصل ہے مگر ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد فوکس اسٹوڈیو نے واضح کردیا کہ ہدایت کار کو کلین چٹ ملنے تک یہ فلم نہیں بنے گی۔دوسری جانب راج کمار ہیرانی کی تمام فلموں میں ساتھ دینے والے ودھو ونود چوپڑا نے بھی متاثرہ خاتون کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنی نئی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کی پروموشن سے راجکمار ہیرانی کا نام ہٹا دیا ہے۔واضح رہے فلم ’سنجو‘ میں راج کمار ہیرانی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے الزام عائد کیا ہے کہ فلم کی تیاری کے دوران ہدایت کار نے انہیں مسلسل جنسی طور پر ہراساں کیا۔ خاتون کی جانب سے اس الزام کے بعد راج کمار ہیرانی نے ان تمام الزامات کی تردید کردی۔

بلوچستان کی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کا نتیجہ آ گیا ، کس پارٹی کا رہنما جیت گیا ؟ بڑی خبر آ گئی

کوئٹہ (ویب ڈیسک )بلوچستان کی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آ گیاہے جس کے مطابق بی اے پی کے منظور کاکڑ نے میدان مار لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 65 نشستوں پر مشتمل بلوچستان اسمبلی میں 63 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے 38 ووٹ لے کر منظور کاکڑ نے کامیابی سمیٹی جبکہ بی این پی کے غلام نبی مری نے 23 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر ہے تاہم پشتونخوا میپ کے امیدوار محمد حنیف کو صرف ایک ہی ووٹ ملا۔65 میں سے 63 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سردار یار محمد رند اور رکن اسمبلی نواب ثنااللہ زہری نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

کس تصویر کو صرف ایک دن کے اندر ڈیڑھ کروڑ سے زائد بار لائیک کیا گیا،جان کر سب دنگ رہ گئے

نیو یا رک (ویب ڈیسک)انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین کی دن بہ دن تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کیوں کہ اس ایپلیکشن پر لوگ دلچسپ تصاویر و ویڈیوز شیئر کرکے ایک دوسرے کا محظوظ کرتے ہیں۔فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ پر بھی صارفین بڑے بڑے ریکارڈز قائم کرلیتے ہیں۔جیسے امریکی رئیلٹی ٹی وی اسٹار اور معروف ماڈل کیلی جینر کی ایک تصویر نے سب سے زیادہ لائیکس حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔گزشتہ سال فروری میں کیلی جینر نے اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جسے سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی تصویر کا اعزاز ملا تھا۔اس تصویر کو صرف ایک دن کے اندر ڈیڑھ کروڑ سے زائد بار لائیک کیا گیا تھا۔گزشتہ سال یکم فروری کو پیدا ہونے والی بچی کا نام کیلی نے سٹرومی ویبسٹر رکھا تھا اور اس تصویر میں وہ اپنی ماں کے انگوٹھے کو تھامے ہوئے نظر آرہی تھیں۔کیلی جینر کی تصویر 18 ملین بار لائیک کی جاچکی ہے، جس نے اپنے نام ورلڈ ریکارڈ کر رکھا ہے۔لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ماڈل کا یہ ریکارڈ اب کسی اور تصویر نے توڑ دیا ہے۔اور آپ کو حیرانی ہوگی کہ یہ ریکارڈ کسی دوسری ماڈل نے نہیں بلکہ ایک انڈے کی تصویر نے توڑا۔دراصل انسٹاگرام پر ’ورلڈ ریکارڈ ایگ‘ نامی ایک اکاو¿نٹ بنایا گیا، جس میں اس اکاو¿نٹ کے مالک نے ایک انڈے کی تصویر پوسٹ کی۔

جتنے اقدامات اٹھائے وہ حدود سے تجاوز نہیں تھے، چیف جسٹس

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جتنے بھی اقدامات اٹھائے وہ حدود سے تجاوز نہیں تھے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدلیہ نے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے، 85 فیصد کیسز نمٹائے گئے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا، ہم نے جتنے بھی اقدامات اٹھائے وہ حدود سے تجاوز نہیں تھے، قانون کے دائرے میں رہ کر انتظامیہ کو ہدایات دیں، جب شعبہ صحت نے صحیح طریقے سے کام نہ کیا تو ان کی رہنمائی کی گئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے کرپشن یا اختیارات سے تجاوز کے کیس عدالت میں آئے، ان کیسز کو عدالت نے حل کیا اور ایگزیکٹو کو دوبارہ ایسے کرنے سے منع کیا، نظام انصاف کیلئے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ پولیس میں اصلاحات نہیں لائی گئیں اور اے ڈی خواجہ کیس سے پہلے پولیس ریفارمز پر دھیان نہیں دیا گیا تھا، مجھے یقین ہے کہ پولیس میں اصلاحات کیلیے کمیٹی کی سفارشات کو قانونی شکل دی جائے گی۔

ایون فیلڈ ریفرنس ، سپریم کورٹ نے سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل خارج کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سزا کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل خارج کر دی ہے اور تینوں کی ضمانت برقرار رکھی گئی ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں ایون فیلڈریفرنس میںسزامعطلی کیخلاف نیب اپیل کی پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماع کی۔ جس دوران راجہ ظفرالحق ،اقبال ظفرجھگڑا،رفیق رجوانہ عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے سماعت کے دوران استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت منسوخی کے قواعد سے متعلق بتائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ ہائیکورٹ نے کہاشواہد کے مطابق سزابھی نہیں بنتی۔ چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کے درمیان مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت منسوخی پردلائل دیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ فیصلے کوبرقراررکھا، نیب کوکیامشکل ہے، کیانوازشریف کوبری کردیاگیا؟۔ چیف جسٹس نے ریمارکس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے فیصلے کوکہاں نشانہ بنایا؟۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ ہم تب مداخلت کرسکتے ہیں جب ضمانت غلط بنیادوں پرہو، نوازشریف متواترپیشیاں بھگت رہے ہیں اورجیل میں ہیں۔ اکرم قریشی نے کہا کہ جس بنیادپرضمانت دی گئی وہ ہارڈشپ میں نہیں آتی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آپ کہتے ہیں ہائیکورٹ نے تفصیلی وجوہات کاذکرکرکے غلطی کی؟آپ چاہتے ہم بھی وہی غلطی دہرائیں؟یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گذشتہ برس 6 جولائی کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ گذشتہ سماعت پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی سزا معطلی کے فیصلے کو فقہ قانون کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کیس میں پیدا ہونے والے اہم آئینی نکات کے پیش نظر لارجر بینچ بنانے کا حکم دیا تھا۔