لاہور( سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر سیکورٹی اینڈ ویجیلنس کرنل ریٹائرڈ اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔پی سی بی ترجمان نے کرنل ریٹائرڈ اعظم کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے آغاز سے چند روز قبل اس فیصلے سے کرکٹ بورڈ کی مشکلات بڑھ گئی ہیں کیوں کہ پی ایس ایل ویسے ہی ماضی میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کا شکارہوچکی ہے جس کے بعد اب پی سی بی کو ہر فرنچائز کے لیے ویجیلنس آفیسر کا تقرر بھی کرنا ہے اور اب یہ تمام اقدامات ہنگامی طور پر کرنا ہوں گے۔پی سی بی کے ایک اعلی عہدیدار ایک سابق پولیس افسر کو اس عہدے پر لانا چاہتے ہیں اور کرنل ریٹائرڈ اعظم کے مستعفی ہونے کی بڑی وجہ بھی یہی بتائی جارہی ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا۔ لیگ کا فائنل میچ 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کر ینگی ۔ لیگ رانڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔پاکستان میں کھیلے جانےوالے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنےوالی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر سمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔#/s#
Monthly Archives: January 2019
پاکستان ہاکی فیڈریشن پر آئی ایچ ایف کی معطلی کی تلوار لٹکنے لگی
لاہور(صباح نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف)پر بین الاقوامی معطلی کی تلوار لٹکنے لگی، فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ )نے پی ایچ ایف کو وارننگ جاری کردی۔ایف آئی ایچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہاکی پرولیگ میں شرکت نہ کی تو اس پر دو سال کی پابندی لگا دی جائے گی۔قائم مقام سیکریٹری پی ایچ ایف اخلاق عثمانی نے بتایا کہ اگر قومی ٹیم نے فنڈز کی وجہ سے ہاکی پرولیگ میں شرکت نہ کی تو دو سال کی پابندی لگا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم نے دو سال انٹرنیشنل ہاکی نہ کھیلی تو ٹاپ ففٹی میں بھی نہیں رہیں گے۔اخلاق عثمانی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو انٹرنیشنل پابندی سے بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈز جاری کرے۔واضح رہے گزشتہ سال بھارتی شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکرگی کے بعد نہ صرف کئی سینئر ممبران نے استعفی دے دیاتھا۔ملک میں قومی کھیل کی بحالی کے لیے ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اولمپئن شہناز شیخ نے وزیراعظم کو خط لکھ کرہاکی ٹیم کی بہتری کے لیے تجاویز بھی دی تھیں۔قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2018 میں پری کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ ناک آٹ مرحلے میں قومی ٹیم کو بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔چار مرتبہ کا ورلڈ چمپئن پاکستان ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکا تھا ۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے، جن میں سے تین میں شکست ہوئی تھی اور ایک میچ برابر رہا تھا۔
کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد بھارتی ٹیم واپس روانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا میں شرکت کے بعد بھارتی کبڈی ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔ بھارتی کپتان کلدیپ کا کہنا تھا کہ محبتیں سمیٹ کر جا رہے ہیں، مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وطن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان کلدیپ نے کہا کہ مارچ میں پاکستانی ٹیم کو دورے کی دعوت دی ہے، اب پاکستانی ٹیم کا انتظار کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں سے ہی دونوں ممالک قریب آ سکتے ہیں۔ بہاولپور، ساہیوال، فیصل آباد اور لاہور میں شائقین کا جوش وجذبہ قابل دید تھا۔ ایسے لگ رہا تھا جیسے شادی میں آئے تھے، اب اداس لوٹ رہے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر تین ملکی کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا تھا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان وائٹس نے ایران کو ہرایا۔
ٹیسٹ چیمپیئن شپ سے قبل خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کرینگے‘ آرتھر
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی بلے بازوں کی تیز اور شارٹ گیندوں پر مسئلے کا حل کرنے کی کوشش کریں گے۔جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 107 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز 0-3 سے اپنے نام کر کے مہمان ٹیم کو لگاتار دوسری مرتبہ کلین سوئپ کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ستمبر میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل ہم ایک ایسی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں جو تمام کنڈیشنز میں کھیلنے اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔انہوں نے سابقہ سیریز اور دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ستمبر میں سری لنکا سے کھیلے جس کے طویل عرصے بعد ہم نے آسٹریلیا کا انہی کی سرزمین پر مقابلہ کیا۔آرتھر کا کہنا تھا کہ ہمیں باو¿نسی گیندوں کا سامنا کرنے کے لیے اپنی اہلیت کو بہتر بنانا ہو گا۔ میں آسٹریلیا سے سیریز سے تین سے چار ہفتے پہلے اپنے بلے بازوں کو آسٹریلیا لے جانا چاہتا تھا تاکہ ہم سیریز کی صحیح طریقے سے تیاری کرسکیں۔سیریز میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی تباہی کے اصل ذمے دار ڈوان اولیویئر تھے جنہیں ورنن فلینڈر کی انجری کی وجہ سے سیریز میں اتفاقیہ موقع ملا اور وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں 11وکٹیں لے کر اپنا انتخاب درست ثابت کر گئے۔ اور سیریز میں مجموعی طور پر 24وکٹیں لے کر مین آف دی سیریز قرار پائے۔سیریز میں شکست کے بعد سرفراز کی قیادت پر اٹھائے جانے والے سوالات پر مکی آرتھر نے کہا کہ سیریز کے اختتام پر ہمیشہ قیادت پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، سرفراز آہستہ آہستہ مضبوط ہو رہے ہیں اور بحیثیت کپتان بہترین کارکردگی دکھا کر قیادت کا حق ادا کرنا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں ان کی وکٹ کیپنگ شاندار رہی۔سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ پر قائم مقام جنوبی افریقی کپتان ڈین ایلگر نے اپنے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا آدھا ہدف حاصل کر لیا ہے اور اب سری لنکا کے خلاف بھی یہی کارکردگی دہرانا چاہتے ہیں۔
چین نے منشیات اسمگلنگ کے جرم میں کینیڈین شہری کو سزائے موت سنادی
بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں کینیڈین شہری کو سزائے موت سنادی گئی۔خبرایجنسی کے مطابق کینیڈین شہری رابرٹ کو 2014 میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور رابرٹ کو جرم ثابت ہونے پر 2016 میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔خبر ایجنسی نے بتایا کہ پراسیکیوٹر نے قید کی سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سزائے موت کی اپیل کی تھی جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔ چین میں منشیات اسمگلنگ کیس میں کینیڈین شہری کی سزائے موت پر کینیڈا نے اظہار تشویش کیا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ چین میں ہمارے شہری کو سزائے موت پر گہری تشویش ہے، چین میں موت کی سزا پر ہمارے عالمی دوستوں اور اتحادیوں کو بھی تحفظات ہونے چاہئیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال کینیڈا نے چین کی نامور ٹیلی کام کمپنی ‘ہوائی’ کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی برقرار ہے۔
استانی نے جماعت کے تمام بچوں کی تصاویر بنا کر سب کو حیران کردیا
منیلا(ویب ڈیسک) فلپائن کے ایک اسکول کی نویں جماعت کے بچے کرسمس کی چھٹیوں کے بعد جب اسکول پہنچے تو کلاس میں ہر ڈیسک پر موجود ہر بچے کی تصویر دیکھ کر پوری کلاس حیران رہ گئی۔فلپائن کے شہر سابویاﺅ کے ریڈیمر اسکول میں انگریزی پڑھانے والی مس روزلین برکوما نے پورے ماہِ دسمبر خاموشی سے اپنے طالب علموں کی تصاویر بنانے کا کام جاری رکھا یہاں تک کہ موسمِ سرما اور کرسمس کی چھٹیوں تک وہ تمام 27 طلبا کی تصاویر بنا چکی تھیں۔چھٹیوں کے بعد روزلین اسکول جلدی آگئیں اور ہر بچے کی ڈیسک کے آگے اس کا پورٹریٹ رکھ دیا۔ جب بچوں نے اپنی اپنی تصاویر کو دیکھا تو پہلے تو وہ ششدر رہ گئے اور اس کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی استانی کا شکریہ ادا کیا۔35 سالہ استانی روزلین چھٹی سے نویں جماعت تک کے بچوں کو اسکول میں انگریزی پڑھاتی ہیں۔ انہیں اوائل عمر سے ہی تصاویر بنانے کا شوق رہا ہے اور وہ کامک فن کار بننا چاہتی تھیں۔ استانی روزلین اپنی اس محنت پر خوش ہیں اور ان کے طالب علموں سے محبت کے اس عمل کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔فیس بک پر روزلین کی تصاویر کو ہزاروں لاکھوں افراد نے دیکھا اور شیئر کیا۔ روزلین چاہتی تھیں کہ وہ اپنے محبوب طالب علموں کو کوئی ذاتی نوعیت کا ایسا تحفہ دیں جس سے بچوں کو پڑھنے کی جانب رغبت مل سکے۔ جب بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھی گئی تو وہ بہت مسرور دکھائی دیں۔طلبا کے مطابق وہ بہت دلچسپی سے پڑھاتی ہیں، کمرہ جماعت میں بچوں کو تدریس کے دوران لطائف بھی سناتی ہیں لیکن پڑھائی کے مقابلے میں وہ بہت سخت ثابت ہوئی ہیں اور بچے ان سے ڈرنے کے باوجود انسیت رکھتے ہیں۔
پیمرا رولز کا اردو میں ترجمہ کروا دوں گا،فیصل واوڈا کا اپوزیشن کو کرارا جواب
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی تقریر سے پہلے ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آﺅٹ کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں اس وقت گرما گرمی پیدا ہوئی جب قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اظہار خیال کے لیے کھڑے ہوئے۔فیصل واوڈا کے تقریر شروع کرتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا لیکن وفاقی وزیر نے اپنی تقریر جاری رکھی۔فیصل واوڈا نے شہباز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر کے دوران مہمنڈ ڈیم کے لیے سنگل بڈنگ کی نشاندہی کی لیکن شاید پیمرا رولز انگریزی میں ہونے کی وجہ سے انہیں سمجھ نہیں آئے، آئندہ میں پیمرا رولز کا اردو میں ترجمہ کروا دوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ فنانشنل بڈ ایوارڈ کی گئی لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ فنانشنل بڈ ایوارڈ نہیں ہوئی بلکہ کھلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بے ایمانی اور بربریت سے اس ملک کو لوٹا گیا، 54 سالوں سے یہ منصوبہ فائلوں میں تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو کچھ نہیں ملا تو مفادات کا تنازع کھڑا کر دیا، پاکستان کے مسئلے حل ہو گئے تو اپوزیشن کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں میں جواب سننے کی ہمت نہیں ہے، ان لوگوں کے لیے جیل ہے یا جلا وطنی۔فیصل واوڈا نے کہا جیل سے آنے والے مجرم نے حقائق مسخ کر کے ایوان کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جواب کا وقت آیا تو منہ چھپا کر بھاگ گئے، مفادات کے ٹکراﺅ کا معاملہ اٹھانے کا مقصد ڈیم کو متنازع بنانا ہے۔فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران ہی پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے فیصل واوڈا کی تقریر رکوا کر ممبران کی گنتی شروع کر وا دی۔
امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد چین پہنچ گئے، کل پاکستان آئیں گے
بیجنگ(ویب ڈیسک) امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد چین پہنچ گئے جہاں وہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وہ کل پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔افغان میڈیا کے مطابق زلمے خیل کی زاد کی بیجنگ میں چینی حکام سے ملاقات میں افغان امن سے متعلق بات ہوگی۔زلمے خیل زاد نے بیجنگ پہنچنے پر سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ افغان امن عمل میں چین کا کردار اہم ہے، میں یہ جاننے کا منتظر ہوں کہ چین اور امریکا مل کر کس طرح کام کرسکتے ہیں۔دوسری جانب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کل اسلام آباد پہنچیں گے اور ان کا دورہ پاکستان 19 جنوری تک ہوگا۔سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیر خارجہ ایلیس ویلز بھی پاکستان آئیں گی۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد باقاعدہ طور پر وفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات کریں گے، ان کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پر مشاورت ہے۔یاد رہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے پہلے مرحلے میں 7 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے اور امریکی فوجی انخلا سے قبل طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔
یورپ میں شدید سردی کے باعث 26 افراد ہلاک
لندن(ویب ڈیسک) یورپی ممالک میں شدید سردی کے باعث 26 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ممالک میں گزشتہ 10 روز سے جاری شدید سردی کی لہر نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے، خراب موسم کے باعث اسکول بند پڑے ہیں جب کہ دور دراز علاقوں سے زمینی رابطہ ختم ہوگیا ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گرگیا ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں محصورہیں۔البانیہ میں 2 ہزار کے قریب فوجی اور ریسکیو اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں، آسٹریا میں بھی فوجی ہیلی کاپٹر نے 66 افراد کو پہاڑی علاقوں سے ریسکیو کیا۔ جرمنی، آسٹریا، یونان، ترکی، سوئٹرزلینڈ اور بلغاریہ سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں شدید سردی کے باعث اب تک ہلاک افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔دوسری جانب امریکا میں کی کئی ریاستوں میں برفباری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور 7 کے قریب افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
بھارتی جنرل نے کارگل جنگ میں ناکامی کا اعتراف کرلیا
بھوپال(ویب ڈیسک) بھارتی فوج کے سابق جنرل مہندرپوری نے 1999 کی کارگل جنگ میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔بھوپال فیسٹیول میں ایک سیشن کے دوران بات کرتے ہوئے بھارتی فوج کے سابق لیفٹینٹ جنرل مہندر پوری نے کارگل جنگ میں ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ کارگل جنگ نہ صرف بھارتی فوج بلکہ ملٹری انٹیلی جنس کی بھی ناکامی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1999 میں پاکستانی فوج کی کارگل میں پیش قدمی کا مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانا تھا اور سری نگر سے لداخ جانے والی سڑک بلاک کرنا تھا تاکہ سیاچن کا زمینی رابطہ منقطع کیا جا سکے۔واضح رہے کہ لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ مہندر پوری نے کارگل جنگ میں بھارت کے آٹھویں ماونٹن ڈویڑن کی کمان کی تھی اور تقریباِ 20 سال بعد اپنی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔
ایران میں بوئنگ طیارہ گرکر تباہ، 15 افراد ہلاک
تہران(ویب ڈیسک) ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب بوئنگ طیارہ 707 گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب بوئنگ طیارہ 707 گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، مقامی میڈیا کے مطابق بوئنگ 707 کارگو طیارے میں 16 افراد سوار تھے جس میں سے صرف فلائٹ انجینئیر معجزانہ طور پر بچ گیا جس کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ایرانی فوج کے مطابق حادثہ تہران کے کاراج ایئر پورٹ کے قریب سفا دشت نامی علاقے میں پیش آیا، کارگو طیارے میں گوشت رکھ کر لیجایا جارہا تھا تاہم ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جب کہ جہاز میں سوار تمام افراد کا تعلق ایران سے تھا، جہاز کا بلیک باکس اور کاکپٹ وائس ریکاڈر حکام کو حادثے کی جگہ سے مل گیا ہے اور واقعہ کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سمندرمیں گرنے والے انڈونیشین طیارے کا وائس ریکارڈر ڈھائی ماہ بعد مل گیا
جکارتہ(ویب ڈیسک) انڈونیشین حکام نے ڈھائی ماہ قبل سمندرمیں گرنے والے طیارے کا وائس ریکارڈ ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے نائب وزیر برائے میری ٹائم رضوان جمال الدین نے تصدیق کی ہے کہ ان کی وزارت کو نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں بحیرہ جاوا میں گرنے والے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر ملا ہے، اس کے ساتھ ہی کچھ انسانی اعضا بھی ملے ہیں۔انڈونیشیا کی نجی ہوائی کمپنی لائن ایئر کا بوئنگ 737 طیارہ 29 اکتوبر2018 کو جکارتہ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد بحیرہ جاوا میں گرکرتباہ ہوگیا تھا۔ طیارے میں عملے سمیت 189 مسافرسوارتھے۔
چین میں پہلا تھری ڈی پرنٹڈ پل نصب
شنگھائی(ویب ڈیسک)چین میں جدیدفنِ تعمیرات کا شاہکار پہلا تھری ڈی پرنٹڈ پل 35 دن میں مکمل کرکے شنگھائی کے ایک پارک میں نصب کر دیا گیا۔ دورِ جدید میں نت نئی ایجادات انسانی عقل کو حیران کر دیتی ہیں ، ایسی ہی ایک انوکھی ایجاد تھری ڈی پرنٹنگ ہے۔چینی شہر شنگھائی میں بھی ماہر انجینئرز نے پہلا تھری ڈی پرنٹڈ پیڈیسٹرین برج یعنی ایسا پل جس پر پیدل چلا جائے ، تیار کیا گیا ہے۔اس پل کی تنصیب شنگھائی کے ایک مقامی پارک میں کی گئی ہے۔پل کی پرنٹنگ کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پل 250کلوگرام فی مربع میٹر (ایک مربع میٹر میں 4 افراد) تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 35دنوں میں مکمل ہونے والا یہ پل 15.25میٹر لمبا ہے جبکہ 3.8میٹر چوڑا اور1.2میٹر اونچا ہے۔ اس پل کو مضبوط ترین پلاسٹک سے بنایا گیا ہے جس پر نمی اور حرارت کی شدت اثر انداز نہیں ہوتی۔ ماہرین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس پل کی عمر 30 سال تک ہو سکتی ہے۔واضع رہے کہ اس سے قبل اسپین کے شہر میڈریڈ اور نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں بھی 3 ڈی پرنٹڈ پل کی تنصیب کی جا چکی ہے۔


















