لاہور(ویب ڈیسک) ڈیرن سیمی، جے پال ڈومینی اور کرس جورڈن نے جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز کے لاہور آنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ڈی ویلیئرز کو پاکستانی پرستاروں سے بھرپور توجہ حاصل ہوگی، میں نے گزشتہ 2 ٹورز کے دوران لاہور اور کراچی میں شائقین میں بڑا جوش و خروش دیکھا ہے۔پروٹیز اسٹار کرکٹر جے پال ڈومینی نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کا جذبہ اور جوش و خروش دیکھ کر حیران رہ جائیں گے، سابق کپتان جب بھی اپنے کیریئر پر نظر دوڑائیں گے بڑے فخر سے کہہ سکیں گے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں انہوں نے بھی کوئی کردار ادا کیا تھا۔انگلش آل راﺅنڈر کرس جورڈن نے کہا کہ ڈی ویلیئرز کا پاکستان جانے کا فیصلہ بڑا خوش آئند ہے، گزشتہ دورے میں ملنے والا پاکستانیوں کا پیار آج بھی یاد ہے، امید ہے کہ سابق پروٹیز کپتان کو بھی اسی طرح کے خوشگوار تجربات حاصل ہوں گے۔
Monthly Archives: January 2019
ٹرمپ نے ترکی کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بیان پر یوٹرن لے لیا
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی معیشت کو تباہ کرنے کے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع ہیں۔گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ترکی کے خلاف انتہائی سخت بیان جاری کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی کہ شام سے امریکی فوج کا انخلا شروع ہو گیا ہے اور اگر ترکی نے شام میں کردوں کو نشانہ بنایا تو امریکا ترکی کو اقتصادی طور پر تباہ کر دے گا۔ تاہم آج حیران کن طور پر انہوں نے پینترا بدلتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ میری ترک ہم منصب طیب اردگان سے فون پر بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کے فروغ کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ترک صدر سے شام میں امریکی فوجی انخلا پر بھی گفتگو کی اور انہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران داعش کے خلاف جنگ میں اپنی تازہ ترین کامیابیوں سے آگاہ کیا جب کہ بیس میل طویل ایک سیف زون (محفوظ علاقہ) بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ شام میں ترکی کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں اور اس کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ نے معیشت تباہ کرنے کی ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی دھمکی سے ڈرنے یا خوف زدہ ہونے والے نہیں۔
بھارتی حکومت سکھ یاتریوں کیلیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرے، وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب
نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنی مرکزی حکومت کو کرتار پور راہداری کے راستے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی تجویزدے دی۔بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے مرکزی حکومت کو کرتار پور راہداری کے ذریعے گورد وارہ دربار صاحب آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی تجویزدی ہے۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلٰی آفس کے ترجمان کے مطابق کیپٹن امریندرسنگھ نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو اس حوالے سے خط بھی لکھ دیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ سکھوں کے لیے گوردوارہ دربارصاحب کے کھلے درشن دیدار کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم ہونی چاہیے، سکھ یاتریوں کے پاکستان میں واقع گوردوارہ دربار صاحب آنے، جانے کے لیے طریقہ کار آسان ہونا چاہیے، یاتریوں کے لیے کسی بھی قابلِ میعاد سرکاری حکومتی دستاویز جیسے ادھار کارڈ کو پاسپورٹ کے متبادل کے طور پر قبول کیا جانا چاہیے تاکہ عام سکھ یاتری جن کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے وہ بھی کرتار پور صاحب کے درشن اور یہاں مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔دوسری جانب کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے بھارتی حکام کا پہلا باضابطہ اجلاس بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوا۔ بھارتی وزارت داخلہ کے دفترمیں ہونے والے اجلاس میں بھارتی سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، ڈی جی بی ایس ایف، ڈی جی انٹیلی جنس اور پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھ یاتریوں کی پاکستان آمدورفت سمیت مختلف امور پر بات کی گئی اور سکھ یاتریوں کی کرتار پور آمدورفت کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے کرتارپور کوریڈور کے پہلے مرحلے کا 35 فیصد کام مکمل کرلیا ہے جب کہ دریائے راوی پر 800 میٹر طویل پل سمیت دیگر کام تیزی سے جاری ہے۔ پاکستان دوسرے مرحلے میں کمپلیکس اور شاپنگ مال تیار کرے گا جب کہ یاتریوں کے لیے ہوٹل بھی بنایا جائے گا۔
سفارتی کشیدگی؛ کینیڈا کی چین میں اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں کینیڈین شہری کو منشیات اسمگلنگ کے جرم میں سزائے موت کے بعد دونوں ممالک میں سفارتی کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین اور کینیڈا میں سفارتی تعلقات میں تناﺅ بڑھنے لگا، کینیڈین شہری کو چینی عدالت سے سزائے موت سنائے جانے کے بعد سفارتی محاذ گرم ہوگیا۔کینیڈا کی حکومت نے اپنے شہریوں کو چین سے متعلق سفری الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ کینیڈین حکومت نے ٹریول ایڈوائزری میں شہریوں کو اپنے طور پر سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے ہر حددرجہ ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا ہے۔دوسری جانب چینی حکومت نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ بیجنگ میں ایک اور کینڈین شہری کو پکڑا گیا ہے، چینی حکومت نے الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔
ایران کا خلا میں بھیجا گیا سیٹیلائٹ مدار تک پہنچنے میں ناکام
تہران(ویب ڈیسک) ایران کی جانب سے آج صبح خلا میں بھیجا جانے والا سیٹیلائٹ مدار میں پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس کے مطابق ایران کے ٹیلی کمیونی کیشن وزیر محمد جاوید اظہری نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خلا میں بھیجا جانے والا ‘پیام’ سیٹیلائٹ مدار میں پہنچنے میں ناکام ہوگیا۔ٹیلی کمیونی کیشن وزیر کا کہنا تھا کہ سیٹیلائٹ کے لانچ کے بعد راکٹ پہلے اور دوسرے مرحلے میں کامیابی سے پرواز کرتا رہا تاہم تیسرے مرحلے میں کچھ مسائل پیدا ہوئے اور سیٹیلائٹ مدار میں نہ پہنچ سکا۔ایرانی وزیر نے راکٹ میں خرابی سے متعلق کچھ نہیں بتایا تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ ایرانی سائنسدان اپنا کام جاری رکھیں گے۔
پی آئی اے میں بہترین لوگ ہیں مگر انہیں کام نہیں کرنے دیا گیا: سربراہ پی آئی اے
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیرمارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وہ مارچ میں 5 سالہ اسٹریٹجک بزنس پلان حکومت کو دیں گے جس میں ایوی ایشن پالیسی، آمدن بڑھانے، مکمل فلیٹ کی مقامی طور پر مرحلہ وار اپ گریڈیشن، رائٹ سائزنگ اور منافع بخش روٹس پر سروس کا آغاز شامل ہو گا۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر ہوابازی و نجکاری محمد میاں سومرو، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے سربراہ ارشد ملک کا کہنا تھا کہ جب وہ پی آئی اے میں گئے تو سننے کو ملا کہ یہ سفید ہاتھی ہے جس میں یونین، کرپشن مافیا، اور زیادہ اسٹاف موجود ہے اور افسوس کے ساتھ اس میں واقعی حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین پروفیشنل لوگ بھی موجود ہیں جن کو انتظامی راہ پر گامزن کرتے تو حالات اتنے برے بھی نہ ہوتے لیکن حالات ایسے پیدا کر دیے گئے کہ ان کے لئے کام کرنا مشکل تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 777بوئنگ طیاروں کو متروک قرار دے دیا گیا، جہاز کے اندر مسافروں کے ساتھ یہ سلوک ہو رہا تھا کہ اندر بیڈ شیٹیں لگا کر مسافروں کو بٹھایا جا رہا تھا۔پی آئی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بوئنگ کے علاوہ اے ٹی آر اور دیگر طیارے گراﺅنڈ کیے گئے جن کا انجن اور قیمتی آلات چوری کر لیے گئے، جہاز کو ٹوچین کرنے والی مشنیری اور آلات ناکارہ تھے اور گراﺅنڈ کیے گئے جہازوں کو کھلے آسمان تلے کھڑا کر دیا گیا تاکہ باقی ماندہ بھی ناکارہ ہوجائے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا زبردستی افتتاح کرایا گیا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ کا افتتاح گزشتہ سال یکم مئی کو اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب سے چارج سنبھالا ہے ایک فری ٹکٹ کسی کو نہیں دیا اور نہ ہی کسی کی سیٹ اپ گریڈ کی جب کہ ملازمین کے میڈیکل اخراجات میں ماہانہ ایک کروڑ روپے کی کمی کی ہے۔سربراہ پی آئی اے کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھا کہ انہوں نے 54 فیصد سیٹوں کے ساتھ پرواز کرنے والے 7 روٹس پر پروازیں بند کرکے نئے روٹس متعارف کرائے ہیں جن پر 95 فیصد سیٹیں فل جارہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی تاشقند، تہران، دہلی، ممبئی، نیویارک، کوپن ہیگن اور ایمسٹرڈیم میں 23 جائیدادیں ہیں لیکن اس کے باوجود وہاں پر پی آئی اے نے کرائے پر جائیدادیں رکھی ہوئی ہیں، لیکن اب تمام متعلقہ سفارتخانوں کے ذریعے یہ پراپرٹیز بہتر کرکے انہیں مستقل آمدن کا ذریعہ یا کوئی اور طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔پی آئی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے یونین کے صدر کے پاس 13 گاڑیاں تھیں جن میں سے 8 واپس لے لیں ہیں اور کچھ گاڑیوں پر حکم امتناہی حاصل کی گئی ہے، ان کو 250 لیٹر فی گاڑی فیول بھی دستیاب تھا، اس کے ساتھ ساتھ یونین کے دفتر سے بورڈنگ کارڈز کے اجراء، کمیونیکشن اور ریونیو سسٹم تک رسائی تھی جسے ختم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ رواں سال مارچ میں 5 سالہ اسٹریٹجک بزنس پلان حکومت کو بھجوائے گی جس میں ایوی ایشن پالیسی، آمدن بڑھانے، مکمل فلیٹ کی مقامی طور پر مرحلہ وار اپ گریڈیشن، رائٹ سائزنگ، منافع بخش روٹس پر سروس کا آغاز شامل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او بقایا جات ادا نہ کرنے پر فیول فراہم نہیں کرتا جب کہ سابقہ ادوار میں من پسند ائیر لائنوں کو نوازنے کیلئے غیر متوازن اوپن اسکائی کی بدولت پی آئی اے 550 پروازوں سے 220 پروازوں پر آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے 431 ارب کے واجبات، 247 ارب قرض اور 144 ارب اداروں کو ادا کرنے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کو سعودی گورنر تبوک نے نایاب تحفہ پیش کیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) گورنر تبوک فہد بن سلطان نے وزیر اعظم کو بیش قیمت گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف تحفے میں دی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے تبوک کے گورنر فہد بن سلطان نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر تبوک فہد بن سلطان نے وزیراعظم عمران خان کو بیش قیمت گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف کا تحفہ پیش کیا، جس پر وزیراعظم نے گورنر تبوک کا شکریہ ادا کیا۔
38 کلو وزنی نایاب ترکنڈا مچھلی مچھیروں کے ہاتھ لگ گئی
اوکاڑہ(ویب ڈیسک)پنجاب میں اوکاڑہ کے علاقہ حجرہ شاہ مقیم میں لنک نہر سے مچھیروں نے 38 کلو وزنی ترکنڈا مچھلی پکڑ لی۔ بڑی مچھلی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی اور لوگ دور دور سے اسے دیکھنے کیلئے آنے لگے۔ہیڈ سلیمانکی پر دریائے ستلج سے نکلنے والی لِنک نہر میں مچھیرے مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ اس دوران ایک مچھیرے کے جال میں بڑی مچھلی پھنس گئی۔مچھلی 5 فٹ لمبی اور38 کلو سے زائد وزنی ہے۔ شکار کے بعد مچھیرا مچھلی کو دکان پر لے آیا۔ معمول سے زیادہ وزنی مچھلی پھنسنے کی خبر علاقے میں پھیل گئی جس کے بعدمچھلی کو دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد بازار پہنچ گئی۔ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ نہروں سے عام طور پر اتنی بڑی مچھلی جال میں نہیں پھنستی۔علاقائی سطح کی نایاب نسل کی سندھی ترکنڈا مچھلی میں صرف ایک کانٹا ہوتا ہے اور لوگ اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔
شادی والے گھرمیں آتشزدگی، دلہن سمیت 5 خواتین جھلس کرجاں بحق
راولپنڈی(ویب ڈیسک) سکستھ روڈ میں شادی کے گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں دلہن سمیت 5 خواتین جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ میں گھرمیں شادی کی تقریبات جاری تھیں کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی زد میں آکر 5 خواتین جھلس کرجاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق خواتین میں دلہن ثناءطارق بھی شامل ہے جس کی دو روز بعد 17 جنوری جمعرات کو رخصتی تھی۔آگ لگنے کے بعد فائربریگیڈ اورریسکیو اہلکاروں نے آگ بجھانے کے ساتھ امدادی کارروائیوں کا آغازکیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے، تاہم آگ میں زندہ جلنے والی خواتین اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب عینی شاہد سابق ایم پی اے راجہ حنیف کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع دینے کے بعد ریسکیوٹیم موقع پربروقت نہ پہنچ سکی جب کہ جو گاڑی پہلے پہنچی اس کے پاس پانی نہیں تھا۔
پاک فوج ریاستی اداروں سے مل کر مربوط قومی حکمت عملی پرعمل پیرا ہے، آرمی چیف
راولپنڈی(ویب ڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جامع حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے تیسری نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں شرکت کی، ورکشاپ جی ایچ کیومیں منعقد ہوئی، اس سے قبل ورکشاپ 3 ہفتے تک کوئٹہ میں جاری رہی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ورکشاپ کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے امن کی حصول کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جامع حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کی خوشحالی سے منسلک ہے، پاک فوج ریاستی اداروں سے مل کر مربوط قومی حکمت عملی پرعمل پیرا ہے۔
کیا یہ 7پیشے ٹیکنالوجی کے لئے خطرہ بن جائیں گے؟
لاہور(ویب ڈیسک)اگر آپ کا کام بیزار کن اور تکرار والا ہے تو آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت ہے۔منی مینیجر جون پگلیانو کے مطابق: ‘ایسا کام جو معمول اور قابلِ پیش گوئی ہے، حساب کے الگورِتھم کی مدد سے پانچ سے دس سال میں ممکن ہو جائے گا۔’پگلیانو سلسلہ وار کتب ‘روبوٹس آر کمنگ: اے ہیومنز سروائیول گائیڈ ٹو پرافیٹنگ ان دی ایج آف آٹومیشن’ یعنی روبورٹس آرہے ہیں: آٹومیشن کے دور سے فائدہ اٹھانے کے لیے انسانی بقا کی گائیڈ کے مصنف ہیں۔انھوں نے خطرات کا شکار جن پیشوں کی نشاندہی کی ہے ان میں سے کچھ تو ایسے ہیں جنھیں اب تک محفوظ سمجھا جارہا تھا، کیونکہ ان کے لیے انتہائی قابل اور پیشہ ور ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے ٰجیسا کہ طب اور قانون۔’بی بی سی ہسپانوی نیوز سروس، بی بی سی منڈو سے بات کرتے ہوئے پگلیانو کا کہنا تھا ‘ڈاکٹر اور سائنس دان غائب نہیں ہو جائیں گے لیکن ان کی مزدوری کا میدان جزوی طور پر کم ہو جائے گا۔’پگلیانو کے مطابق یہ وہ سات شعبے ہیں جو ٹیکنالوجی سے متاثر ہوں گے اور کچھ جو بچ جائیں گے۔
1. ڈاکٹر
یہ دور کی کوڑی لگ سکتی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کی ہمیشہ سے کمی رہی ہے اور ان کی بہت مانگ بھی رہی ہے جبکہ عمر دراز ہوتی ہوئی عالمی آبادی کے تناظر میں اس کی مانگ اور بھی زیادہ ہوتی ہوئی نظر آتی ہے۔لیکن پگلیانو کا کہنا ہے کہ طب کے بعض شعبے بیماری کی از خود تشخیص کے نتیجے میں خطرے سے دو چار ہوں گے۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود ڈاکٹر اور تربیت یافتہ طبی معاون کی ایمرجنسی روم میں ضرورت رہے گی اس کے علاوہ سرجن جیسے ماہرین کی بھی مانگ رہے گی۔
2. وکلائ
پگلیانو کا خیال ہے کہ مستقبل میں دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ان جیسے دوسرے معمول کے کاموں کے لیے وکیلوں کی کم ہی ضرورت ہوگی۔ایسے قانونی کاموں کے لیے کمپیوٹر سافٹ ویئر کا استعمال ہوگا جس میں کم تجربے اور کم اختصاص اور مہارت کی ضرورت ہو۔
3. ماہرِتعمیرات
عام اور سادہ سی عمارت کے ڈیزائن سافٹ ویئر کی مدد سے تیار کیے جانے لگے ہیں۔پگلیانو کا خیال ہے کہ مستقبل میں صرف تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کے حامل ماہر فن تعمیرات ہی اس کاروبار میں بچ جائیں گے۔
4. اکاﺅنٹنٹس یا محاسب
پگلیانو بتاتے ہیں کہ ٹیکس کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے والے اکاو¿نٹنٹس ہی بچیں گے۔ان کے خیال میں چھوٹے موٹے ٹیکس کا کام کرنے والوں کی مانگ ختم ہو جائے گی۔
5. جنگی جہاز کے پائلٹ
غیر انسانی ہوائی گاڑیاں (یو اے وی) جنھیں عرف عام میں ڈرونز کے نام سے جانا جاتا ہے نے خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی پائلٹ کی جگہ لے لی ہے اور وہ ایسا کرتے رہیں گے کیونکہ مستقبل میں جنگ زیادہ سے زیادہ خود کار ڈھنگ سے لڑی جائے گی۔
6. پولیس اور جاسوس
معمول کی نگرانی کے کام کے لیے اور بغیر اختصاص والی جانچ کے کام کے لیے پہلے سے ہی پیچیدہ ٹیکنالوجی کے نظام کا استعمال ہونے لگا ہے۔پگلیانو کہتے ہیں کہ ہر چند کہ اس کام لیے ملازمتیں ختم نہیں ہو جائیں گی لیکن ان کی مانگ کم ضرور ہو جائے گی۔
7. ریئل سٹیٹ ایجنٹ
خردہ خرید و فروخت کے دوسرے شعبوں کی طرح زمین اور مکان کی خرید و فروخت پر بھی ویب سائٹس اثر انداز ہوئی ہیں اور ان کے خریدنے اور فروخت کرنے والوں میں رابطہ پید کرنے کی وجہ سے روایتی دلالوں کے منافع میں کمی آئی ہے۔ایسے میں کمپنیوں کے ثالثی کرنے والے مینیجر غائب ہو جائ?ں گے کیونکہ مجموعی طور پر ان کے کام پر ٹیکنالوجی اثر انداز ہونے لگی ہے۔
ٹیکنالوجی کی وجہ سے کون سا پیشہ پیدا ہوگا؟
پگلیانو کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے سبب جہاں کچھ پیشوں کی بنیاد ختم ہو جائے گی وہیں دوسری جانب مواقع پیدا ہوں گے۔وہ کہتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کا نظام تیار کرنے والوں یا سافٹ ویئر اور کمپیوٹر کا الگورِتھم تیار کرنے والوں کا مستقبل روشن ہے اس کے ساتھ اس نظام کا تحفظ اور مرمت کرنے والے انجینیئروں کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔
پگلیانو کا کہنا ہے کہ حقیقی زندگی سے جڑے روایتی کاموں کے کرنے والوں کی مانگ زیادہ ہوگی جن میں پلمبر، بجلی ٹھیک کرنے والے اور ہنرمند راج مستری یا معماروں کی مانگ بہت زیادہ رہے گی۔
چینی کرکٹ ٹیم کا ٹی20میں نیا عالمی ریکارڈ،شائقین بھی دنگ رہ گئے
دبئی(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی ویمنز ٹیم نے چین کو ٹی20 انٹرنیشنل کی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آﺅٹ کر کے 189 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔تھائی لینڈ ویمنز ٹی20 اسمیش کے گروپ بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے چین کی ٹیم کو 204 رنز کا مشکل ہدف دیا۔امارات کی اوپنر ایشا روہت نے 62 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ 121 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔جواب میں چین کی پوری ٹیم صرف 48 منٹ میں 10 اوورز کے اندر ہی 14 رنز پر پویلین لوٹ گئی جو ویمنز ٹی20 کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔چینی ٹیم کی 7 کھلاڑی صفر پر آﺅٹ ہوئیں، سب سے زیادہ 4 رنز ہان لی لی نے بنائے اور کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔اس سے قبل ویمنز انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں کم تر اسکور پر آﺅٹ ہونے کا ریکارڈ میکسکو کے پاس تھا جو گزشتہ سال برازیل کے خلاف صرف 18رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
”بھارت کھیلے گا“سلمان خان ویرات کوہلی کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے کو تیار؟
ممبئی(ویب ڈیسک)بولی وڈ دبنگ سپراسٹار سلمان خان صرف ایک بہترین اداکار ہی نہیں بلکہ شاندار بلے باز بھی ہیں اور اس کا ثبوت سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو ہے۔سلمان خان اس وقت اپنی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ کترینہ کیف اور دیشا پٹانی کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔تاہم فلم کی شوٹنگ کے دوران ملے فارغ وقت کو بھی وہ کسی نہ مصروفیات میں گزارتے ہیں، جن میں سے ایک کرکٹ ہے۔کرکٹ کھیلنا ہر نوجوان کو پسند ہے اور بولی وڈ دبنگ اداکار 53 سالہ سلمان بھی کسی سے کم نہیں۔اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنی کرکٹ کھیلتے ایک ویڈیو شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے ’بھارت کھیلے گا‘ کا کیپشن دیا۔اس ویڈیو میں سلمان خان شاندار بلے بازی کرتے نظر آئے۔سوشل میڈیا پر اداکار کے مداحوں نے ان کی شاندار بلے بازی کو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے بھی زیادہ بہترین قرار دے دیا۔ویڈیو سے ایسا بھی محسوس ہورہا ہے کہ سلمان خان اپنی فلم ’بھارت‘ میں کرکٹ کو بھی پیش کریں گے۔یاد رہے کہ سلمان خان اس فلم میں 5 الگ لکس میں نظر آئیں گے۔جبکہ اس فلم کی کہانی 50 سالوں کے دور پر مبنی ہوگی جہاں اداکار کو 18 سے 70 سال کی عمر تک کا دکھایا جائے گا۔سلمان خان نے کپل شرما کے شو پر یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ اس فلم میں بھی 74 سال کی عمر تک ان کی شادی نہیں ہوگی۔رپورٹس کے مطابق سلمان خان فلم میں سرکس آرٹس کے روپ میں نظر آئیں گے۔خیال رہے کہ سلمان خان کے ساتھ اس فلم میں پہلے پریانکا چوپڑا کام کرنے جارہی تھیں، تاہم انہوں نے اپنی شادی کی مصروفیات کی وجہ سے فلم میں کام سے انکار کیا۔جس کے بعد کترینہ کیف کو فلم میں سائن کیا گیا۔علی عباس ظفر کی ہدایات میں بننے والی فلم ’بھارت‘ رواں سال عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔


















