بھارت اپنا الیکشن اپنے ملک میں لڑے ہمیں نہ گھسیٹے، پاکستان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طلبی کو بھارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو خبردار کیا کہ بھارتی الیکشن میں پاکستان کو نہ گھسیٹا جائے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گذشتہ رات پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ٹیلی فونک بات چیت پر اعتراض اٹھایا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی طلبی کے جواب میں آج بھارتی ہائی کمشنر کو بھی دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ان پر واضح کردیا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیریوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا، بھارت کی جانب سے میر واعظ عمر فاروق کو دہشت گرد کہنا قابل مذمت ہے،ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا جانا بھارتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، بھارت اپنا الیکشن اپنے ملک میں لڑے، پاکستان کو اس میں نہ گھسیٹے، کرتارپور پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے لیکن بھارت کا طرز عمل بچکانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی شہر ظفر وال سے سرحد پار کرکے بھارت جانے والے بچے کے معاملہ کا نوٹس لیا ہے اور بھارت کے ساتھ اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے طالبان امریکا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ملا عبدالغنی برادر قطر کے دارالحکومت دوہا میں طالبان کے مرکزی دفتر کے سربراہ مقرر ہوئے ہیں، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں، امید ہے کہ یہ ملکر اپنے مسائل حل کرلیں گے، افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے محتاط ہونے کی ضرورت ہے جبکہ افغان سرحد پر داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر پاکستان کو تشویش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہم ہے، جلد اس کی تفصیلات جاری کریں گے، آسیہ پاکستان میں ہے ، اگر بیرون ملک جانا چاہے تو جا سکتی ہے، اس معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ لاگو کیا جائے گا، معروف اداکارہ روحی بانو کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، انقرہ میں روحی بانو کی میت واپس لانے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

تحقیقاتی ادارے اسی لئے ہوتے ہیں کہ وہ سچ بیان کریں، چیف جسٹس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک میں الجھنیں بڑھاکر عدالتوں کیلیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سزائے موت کے قیدی ملزم حضرت علی کی بریت کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم حضرت علی کو 17 سالہ لڑکے کے قتل پر سزائے موت سنائی تھی لیکن پشاور ہائیکورٹ نے ملزم حضرت علی کو بری کر دیا تھا۔سپریم کورٹ نے حضرت علی کی بریت سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید کی سزا سنا دی، جس پر پولیس نے اسے کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستان میں سپریم کورٹ کی سطح تک بھی واقعے کی حقیقت کا پتہ نہیں چلتا، سپریم کورٹ بھی اپنا وقت واقعہ سمجھنے میں صرف کر دیتی ہے، باہر کی دنیا میں لوگ سچ بیان کرتے ہیں اور قانون پر بحث ہوتی ہے، ہمارے ہاں کنفیوڑن کو بڑھایا جاتا ہے اور عدالتوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایک ہی واقعے پر ایک ہی گاﺅں کے چار معزز گواہ واقعے کو دن دہاڑے کا واقعہ قرار دیتے ہیں، اسی ہی واقعے پر اسی گاﺅں کے چار اور معزز گواہ اس کو رات کی تاریکی کا واقعہ قرار دے دیتے ہیں، تحقیقاتی ادارے اسی لئے ہوتے ہیں کہ وہ سچ بیان کریں، اس مقدمے میں بھی کسی ایک گواہ نے بھی سچ نہیں بولا۔

شہباز شریف ڈیل سے ناکام ہوکر ڈھیل پر آگئے ہیں، شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف ڈیل سے ناکام ہوکر ڈھیل پر آگئے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں بھی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا رکن تھا، وزیراعظم عمران خان نے پی اے سی کا رکن نامزد کردیا ہے، میں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کرلی ہے،انہوں نے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی میرا نوٹی فکیشن ہوجائے گا، 2 پبلک اکاﺅنٹس کمیٹیاں کام کریں گے، ایک شہباز شریف کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ہوگی اور ایک شیخ رشید کی ، شہباز شریف آڈٹ پیرا دیکھیں گے اور میں شہباز شریف کا آڈٹ کروں گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈیل سے ناکام ہوکر ڈھیل پر آگئے ہیں، ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوسکتا، مجھے ضابطہ نکال کردکھایاجائے کہ ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر کی کہاں گنجائش ہے۔

نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود میں اضافہ

کراچی(ویب ڈیسک)گورنر اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود 10.25 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک طارق باوجوہ نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں 25 بیسز پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور شرح سود 10.25 فیصد مقرر کی گئی ہے، نئی شرح سود کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افراط زر کی شرح بڑھ رہی ہے اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہورہا ہے، پاکستان کی معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں، پہلی ششماہی میں مالیاتی خسارہ گزشتہ سال کی نسبت بڑھا جب کہ پہلے 6 ماہ میں اسٹیٹ بینک سے حکومتی قرضوں میں اضافہ ہوا، نجی شعبے کیلئے قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔طارق باجوہ نے کہا کہ بڑی فصلوں کی پیداوار میں کمی آئی ہے، جولائی تا نومبر بڑے صنعتی یونٹس میں 0.9 فی صد اضافہ ہوا، ملک میں کور انفلیشن 8.4 فی صد ہے۔

پاکستان کا نصر بیلسٹک میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاکستان نے زمین سے زمین تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’نصر‘ کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مارکرنے والے نصر بیلسٹک میزائل کا 28 جنوری کے بعد آج ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے، میزائل تجربے کے دوسرے مرحلے میں پرواز اور ہدف تک پہنچنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل نصر ہدف تک کامیابی سے پہنچنے کی صلاحیت کاحامل ہے اور میزائل نصر بغیر نشاندہی کامیابی سے ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میزائل تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت اعلیٰ عسکری حکام، سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات کا کہنا تھا کہ تجربے سے دفاعی صلاحیتوں پر ایک اورسنگ میل عبور کرلیا، ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر ماہرین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی: ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

کراچی (ویب ڈیسک ) ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے خلاف تین میچز کی سیریز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے میچ میں ٹاس چیت کا بیٹنگ کا آغاز کردیا۔ خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ساﺅتھ اینڈ کلب گراﺅنڈ میں کھیلا جارہا ہے، جہاں گرین شرٹس اپنا 100واں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج (31 جنوری) سے ہوگیا ہے جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی یکم فروری اور تیسرا 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔یہ تینوں میچز 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو ساﺅتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7، 9 اور 11 فروی کو ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔اس سے قبل مارچ/ اپریل 2014 میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز اور 7 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز تو برابر رہی تھی تاہم ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دی تھی۔گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچی تھی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھی خاتون کو سانپ نے کاٹ لیا اور پھر۔۔۔

کنبرا(ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ٹوائلٹ کی سیٹ پر بیٹھی ایک خاتون کو سانپ نے کاٹ لیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ برسبین میں پیش آیا جہاں 59سالہ ہیلن رچرڈز رفع حاجت کے لیے ٹوائلٹ گئی اور ابھی بیٹھی ہی تھی کہ اسے اپنے جس پر کسی چیز کے ٹکرانے کا احساس ہوا اور شدید تکلیف ہوئی، جس پر وہ ڈر کر فوراً اٹھی اور واپس ٹوائلٹ کی طرف دیکھا تو اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ہیلن کا کہنا تھا کہ ”جب میں نے ٹوائلٹ کی طرف دیکھا تو مجھے ایسے لگا جیسے اس میں کوئی کچھوا بیٹھا ہو، تاہم بغور دیکھنے پر معلوم ہوا کہ یہ ایک سانپ تھا۔ میں خوف کے مارے باہر کی طرف بھاگی اور ریسکیو سروس کو کال کی۔ انہوں نے آ کر سانپ نکالا تو یہ 5فٹ لمبا ’کارپٹ پائتھن‘ (Carpet python)تھا۔ خوش قسمتی سے یہ سانپ زہریلا نہیں تھا اور اس کے کاٹنے سے مجھے معمولی زخم ہی آیا۔“

مائیکل جیکسن کی لڑکے سے شادی ، شرمناک انکشاف

نیویارک (نیٹ نیوز) امریکہ کے پاپ گلوکار مائیکل جیکسن نے عالمی سطح پر ایسی شہرت پائی کہ کم ہی لوگوں کے حصے میں آتی ہے۔ ان کی موت کے بعد بھی ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے لیکن اب ایک ڈاکومنٹری میں ان کی زندگی کا ایسا انتہائی شرمناک پہلو بے نقاب کر دیا گیا ہے کہ ہر سننے والا دم بخود رہ جائے۔میل آن لائن کے مطابق 4گھنٹے دورانیے کی اس ڈاکومنٹری کا نام ’لیونگ نیورلینڈ‘ (Leaving Neverland)ہے، جس کا پریمیئر امریکی ریاست یوٹاہ کے پارک سٹی میں ہونے والے سن ڈانس فلم فیسٹیول میں کیا گیا ہے اور یہ ڈاکومنٹری ایچ بی او اور چینل 4پر نشر ہو گی۔ اس میں یہ ہوشربا انکشاف کیا گیا ہے کہ مائیکل جیکسن نہ صرف ہم جنس تھے بلکہ بچوں میں جنسی رغبت رکھتے تھے اور انہوں نے متعدد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔ ڈاکومنٹری میں مائیکل جیکسن کی زیادتی کا شکار ہونے والے لوگوں کے انٹرویوز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ڈاکومنٹری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مائیکل جیکسن ایک کم عمر لڑکے کے ساتھ جنسی تعلق استوار کرتے اور جب اس سے بھی کم عمر کوئی لڑکا انہیں ملتا تو اس کے لیے پہلے کو چھوڑ دیتے تھے۔ وہ ان بچوں کو جنسی تعلق کے عوض رقم اور زیورات بھی دیتے تھے۔ ایک لڑکے کے ساتھ انہوں نے شادی بھی کی۔ اس شادی کی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی اور انہوں نے کم عمر لڑکے کو ہیرے کی انگوٹھی بھی پہنائی۔مائیکل جیکسن کی زیادتی کا شکار ہونے والوں نے بتایا ہے کہ ”گلوکار ان کی برین واشنگ کرتے تھے، وہ انہیں اپنے والدین، بالخصوص خواتین سے متنفر کرتے تھے۔“ مائیکل جیکسن کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے ویڈ روبسن کا کہنا تھا کہ ”ایک بار مائیکل جیکسن مجھے برہنہ اپنے سامنے بٹھا کر مجھے دیکھتے رہے اور انتہائی شرمناک فعل کرتے رہے۔“ رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن کی فیملی کی طرف سے اس ڈاکومنٹری کی سکریننگ روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا تاہم ان کے بھتیجے نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ”سن ڈانس فلم فیسٹیول“ کے سپانسرز کا بائیکاٹ کریں۔ صحافی اور کالم نگار جیف ویلز نے یہ ڈاکومنٹری دیکھنے کے بعد اسے ”ہارر فلم“ قرار دیا اور انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ”مائیکل جیکسن شیطان صفت جنسی درندہ تھا۔“ ہالی ووڈ فلموں کی نقاد اور صحافی مارا کینسٹین کا کہنا تھا کہ ”اس ڈاکومنٹری نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس مائیکل جیکسن کو ہم داد دیتے رہے اور اس کی تعریف کرتے رہے وہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں کا مرتکب نکلا۔“ مارا کینسٹین نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر یہ بھی بتایا کہ ”اس ڈاکومنٹری میں دکھائے جانے والے وحشیانہ جنسی مناظر کی سنگینی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے پریمیئر کے دوران سنیما کی لابی میں ماہرین نفسیات بھی موجود تھے تاکہ ڈاکومنٹری دیکھنے سے کسی کو ذہنی صدمہ لاحق ہو تو ماہرین فوراً اس کی مدد کر سکیں۔“

ویزے کیلئے بہن سے شادی

کنبرا(نیٹ نیوز) کسی غیرملک کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے جعلی شادی کرنے کی خبریں تو آپ گاہے سنتے رہتے ہوں گے لیکن آپ یہ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے بھارت کے ایک بھائی بہن نے آپس میں ہی شادی رچا لی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ کارنامہ بھارتی پنجاب کے ایک بھائی بہن نے سرانجام دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھائی نے اپنی اپنے ایک کزن کے نام سے اپنی جعلی شناختی دستاویزات بنوائیں جو کہ آسٹریلیا میں مقیم تھا۔ پھر اس نے ایک عدالت میں جا کر اپنی بہن سے شادی کر لی تاکہ وہ بھی آسٹریلیا جا سکے۔ان جعلی دستاویزات ، جعلی پاسپورٹس اور جعلی شادی کے ثبوتوں کے ساتھ وہ دونوں آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے اور وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تاہم گزشتہ دنوں بڑے پیمانے پر تحقیقات کی گئیں تو اس دوران ان دونوں کا بھی بھانڈا پھوٹ گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ”ویزے کے حصول کے لیے بھائی بہن کے باہم شادی کرنے کایہ پہلا واقعہ ہے جو ہمارے علم میں آیا۔ اس سے قبل ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان کے علاوہ بھی متعدد ایسے لوگوں کے بارے میں علم ہوا ہے جو غیرقانونی طور پرجعلی دستاویزات اور فرضی شادیاں کرکے آسٹریلیا میں آئے۔

آسیہ کی بیٹیاں کینیڈا چلی گئیں لیکن وہ خود کس ملک میں پناہ لیں گی ؟ پتہ چل گیا

اوٹاوا ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف نظر ثانی اپیل مسترد کر دی ہے تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ ان کی بیٹیاں اس وقت کینیڈا میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کو سپریم کورٹ نے توہین مذہب کے الزام سے بری کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے تاہم حکومت کے ان کے ساتھ مذاکرات کامیا ب ہوئے۔جس کے بعد آسیہ بی بی کی کیخلاف سپریم کورٹ میں فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کی گئی جسے 29 تاریخ کو سپریم کورٹ کی جانب سے مسترد کر دیا گیا۔ آسیہ بی بی کے بچے پہلے ہی کینیڈا میں پناہ لے چکے ہیں جبکہ آسیہ بی بی متوقع طور پر امریکہ یا یورپ میں پناہ حاصل کریں گی۔تاہم کینیڈا کی جانب سے اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

بالی ووڈ پروڈیوسرایکتا کپورکے گھر ننھے مہمان کی آمد

لاہور (ویب ڈیسک ) ناموربالی ووڈ پروڈیوسر ایکتا کپور کے گھر سروگیسی کے ذریعے ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔بالی ووڈ میں سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش کا طریقہ عام ہوتا جارہا ہے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، عامرخان، کرن جوہر اور سنی لیون بھی اسی طریقے کے ذریعے والدین کے عہدے پر فائز ہوئے اوراب بالی ووڈ کی کامیاب پروڈیوسر ایکتا کپور بھی سروگیسی کے ذریعے ماں بن گئیں۔ ان کے بیٹے کی پیدائش رواں ماہ 27 جنوری کو ہوئی ہے۔ ایکتا کپور کے بھائی اداکار تشار کپور بھی تین برس قبل سروگیسی کے ذریعے بیٹے کے والد بنے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکتا کئی بارکہہ چکی ہیں کہ وہ شادی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہیں تاہم تشار کے بیٹے ’لکشیا‘ کی پیدائش کے بعد وہ بھی ماں بننا چاہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ ماں بننے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں گی اور یہ ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہوں گی تو ضرور ماں بنیں گی۔واضح رہے کہ ایکتا کپور کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب پروڈیوسرز میں ہوتا ہے جنہوں نے”کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی“، ”کہانی گھر گھر کی“سمیت متعدد کامیاب سیریلز کے ساتھ بھارتی ٹی وی پر کئی برس حکمرانی کی ہے، بعد ازاں انہوں نے بالی ووڈ میں بھی کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں اور اب ویب سیریز کے ذریعے وہ انٹرنیٹ کی دنیا پرچھائی ہوئی ہیں۔

عثمان بزدار سے میرا موازنہ کرنے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں : وسیم اکرم

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ سٹار وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کا مجھ سے موازنہ کیا جاتا ہے تو اس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہر کسی میں صلاحیت ہو سکتی ہے کہ وہ وسیم اکرم بن سکے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو یہی کہہ سکتا ہوں کہ سیکھنا چاہئے او مشاورت سے چلنا چاہئے‘ ہر کسی کو مناسب وقت ملنا چاہئے پھر ہی اس کی صلاحیتوں کا پتہ چلتا ہے۔ عمران خان دیکھ بھال کر لوگوں کو چنتے ہیں اور اتنی جلدی مایوس نہیں ہوتے۔ میں بھی کرکٹ میں آیا تو کیمرے کا سامنا کرنے میں بڑی دشواری محسوس کرتا تھا وقت کے ساتھ سب ٹھیک ہوتا گیا۔

وزیراعظم نے پارٹی کارکنوں کو وزراءاور سرکاری افسروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کی ذمہ داری دیدی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر بڑے ٹیکس چوروں سے ٹیکس لے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر، چئیرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کے ریفارمز ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔ سابق حکومتوں نے ٹیکس نظام میں خرابیوں کو دور نہیں کیا۔ ماضی میں ٹیکس بیس بڑھانے کو نظر انداز کیا گیا۔ ٹیکس وصولیوں کے پیچیدہ عمل سے بھی عوام متاثر ہوئے۔ ایف بی آر بڑے ٹیکس چوروں سے ٹیکس لے۔ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بے نامی جائیدادوں پر متعلقہ قانون کے تحت رولز جلد بنائے جائیں۔ پاکستانی شہریوں کی بیرون ملک جائیدادوں کی نشاندہی پر بریفنگ دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں بیرون ملک اثاثوں پر قوانین کے تحت ٹیکس وصولی کے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ ملکی و غیرملکی اداروں سے کئے جانے والے معاہدوں کے نتائج ملنا شروع ہوگئے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات موصول ہورہی ہیں موصول تفصیلات کا تفصیلی جائزہ لینا شروع کردیا گیا ہے قانون کے مطابق ٹیکس وصولی کیلئے سینکڑوں افراد کو نوٹس جاری کردیئے ہیں اجلاس میں بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق کیسز کی چھان بین کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا۔ ملک کے 6بڑے شہروں میں آف شور ٹیکس سیشن کمشنریٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کمشنریٹ لاہور ، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں قائم ہونگے بیرون ملک جائیداد، اثاثوں پر ٹیکس کا اطلاق قانون کے مطابق ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جماعت تحریک انصاف کو سرکاری افسران کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کردی۔ افسران کی کارکردگی تحریک انصاف کے کارکن جانچیں گے کیونکہ وزیر اعظم نے پارٹی کو وزرا اور سرکاری افسران کی کارکردگی پر نظر رکھنے کی ذمہ داری دے دی ہے جب کہ مانیٹرنگ ٹیمیں بنانے کی ذمہ داری سیکرٹری جنرل ارشد داد کو سونپی گئی ہے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی ارشد داد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پارٹی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں قائم کی جائیں گی یہ ٹیمیں وزرا اور سرکاری افسران سے متعلق عوامی شکایات وصول کریں گی اور جائزہ لینے کے بعد شکایات وزیراعظم تک پہنچائی جائیں گی۔ ارشد داد کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ سیل کے قیام کا مقصد عوامی شکایات کو وزیراعظم تک پہنچانا ہے اور پارٹی عوامی مفاد میں حکومتی پا لیسیاں بنانے میں بھی مدد فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل کے شعبہ کی بحالی کےلئے ہر ممکن اقدام کرے گی،روزگار کے مواقع پیدا کرنے کےلئے سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی سہولیات کے مطابق ہنر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکسٹائل سیکٹر سے متعلقہ ایشوز پر اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داد ، سیکرٹری ٹیکسٹائل افتخار بابر و دیگر سینئر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن کی جانب سے وزیر اعظم کو ٹیکسٹائل سیکٹر خصوصاً لاہور گارمنٹس سٹی، کراچی گارمنٹس سٹی پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ وغیرہ سے متعلقہ مختلف ایشوز پر بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کے لیے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے دولت کی پیداوار اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کو مقامی و بیرون ملک مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سیکرٹری ٹیکسٹائل کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں میں ایک لاکھ بیس ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے مجوزہ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو مقامی و بیرون ملک مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹیکسٹائل کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں میں ایک لاکھ بیس ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے مجوزہ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔