شردھا”اے بی سی ڈی تھری “میں پھر ورون کیساتھ نظر آئینگی

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے نامور کوریوگرافر وہدایت کار ریمو ڈیسوزا کی فلم اے بی سی ڈی تھری میں شردھا کپور ایک بار پھر ورون دھون کیساتھ جلوے بکھیریں گی۔بالی ووڈ انڈسٹری میں بطور کوریوگرافر اپنا مقام بنانے والے ریمو ڈیسوزا کی بطور ہدایت کار کامیاب ترین فلم اے بی سی ڈی ثابت ہوئی جو ڈانس پر مبنی تھی جس کے بعد انہوں نے فلم کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا اور اس میں ورون دھون اور شردھا کپور کو کاسٹ کیا جو نہ صرف سپر ہٹ ثابت ہوئی بلکہ فلم نے 100 کروڑ کلب میں بھی شامل ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور اب انہوں نے فلم کا ایک اور سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم اے بی سی ڈی تھری کے لیے ورون دھون کے ساتھ کترینہ کیف کو کاسٹ کیا گیا تھا اور فلم میں انہوں نے پاکستانی ڈانسر کا کردار ادا کرنا تھا۔
تاہم بالی ووڈ کی باربی ڈول نے گزشتہ روز فلم کرنے سے معذرت کردی تھی، جس کی وجہ انہوں نے بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم بھارت کی شوٹنگ شیڈول کو قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق کترینہ کے انکار کے بعد ہدایت کار ریمو ڈیسوزا نے اے بی سی ڈی تھری کے لیے شردھا کپور کو ایک بار پھر ورون دھون کے ساتھ مرکزی کردار میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ جنوری میں شروع کی جائے گی جو 8 نومبر 2019 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

متیرا دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئیں

دبئی(شوبزڈیسک) اداکارہ متیرا دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئی ہیں ، اداکارہ کی گاڑی کو دبئی کی ایک شاہراہ پر 2 ٹرکوں نے ٹکر مار دی جس کے باعث اداکارہ شدید زخمی ہوئی، جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق معروف اور بے باک پاکستانی اداکارہ متھیرا دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی ہیں۔اداکارہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک خصوصی پوسٹ شئیر کرکے خود کے حادثے کا شکار ہونے سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا گیا۔ اداکارہ متھیرا نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ وہ ان کی گاڑی کو دبئی کی ایک شاہراہ پر 2 ٹرکوں نے ٹکر مار دی تھی جس کے باعث ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ جبکہ اداکارہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اداکارہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ اس وقت دبئی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد اداکارہ متھیرا کے چاہنے والوں نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

عالیہ بھٹ نے نئے سال کا جشن نیویارک میں منایا

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے نئے سال کا جشن اداکار رنبیر کپور کی فیملی کے ساتھ نیویارک میں منایا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار رنبیر کپور ، ان کےوالد رشی کپور اور والدہ نیتو کپور ان دنوں نیویارک میں موجود ہےں اور نئے سال کی آمد کے موقع پر ان کے ساتھ ان کی بیٹی ردھیما کپور ساہنی، ان کے شوہر بھرت اور بیٹی سمارا نے ایک ساتھ رات کا کھانا کھایا جبکہ اس موقع پر اداکارہ عالیہ بھٹ بھی موجود تھیں۔
اور کپور فیملی کے ساتھ نئے سال کا جشن منایا۔

سہ ملکی کبڈی سیریزکےلئے ایرانی ٹیم کی لاہورآمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر)تین ملکی کبڈی سیریز میں شرکت کے لئے ایرانی ٹیم لاہور پہنچ گئی20 رکنی مہمان ٹیم کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال بھارتی کبڈی ٹیم کی براستہ واہگہ کل پاکستان آمد شیڈول ہے ۔کبڈی سیریز 8 جنوری سے 14 جنوری تک پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلی جائے گی ۔سیریز سے قبل مہمان ٹیمیں فیصل آباد میں 2جنوری سے شیڈول قومی چیمپئن شپ میں بھی شریک ہوں گی فیڈریشن حکام کے مطابق انٹرنیشنل سیریز سے تینوں ملکوں کے درمیان دوستی کو فروغ ملے گا۔لاہور انٹرنیشنل کبڈی سیریز کے میچز لاہور ساہیوال بہاولپور اور سرگودھا میں کھیلے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی کبڈی ٹیم کے کپتان حامد زیر نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔ایونٹ میں اچھا مقابلہ ہو گا۔، ایرانی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہیں، پاکستان کے ساتھ مقابلہ ہمیشہ رہا ہے،پاکستان کے کھلاڑی بڑی ذہانت سے کھیلتے ہیں۔

نیا سال پاکستان کی ترقی کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے:شاہد آفریدی

لاہور(آئی این پی) شاہد آفریدی نے بھی سال نو کی مبارکباد پر پیغام جاری کردیا ہے۔شاہد آفریدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے تمام ادارے یک جسم ہو کر ملک کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیںآنےوالا نیا سال پاکستان کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔، آئیے ہم سب ملکر اس کی بہتری کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔پاکستان زندہ باد۔

ٹیم سلیکشن میں ہیڈ کوچ اور کپتان میں اختلافات

کیپ ٹاﺅن ( نیو ز ا یجنسیاں) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم سلیکشن پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر میں ٹھن گئی۔ذرائع کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے اسد شفیق کو ڈراپ کرنے سے انکار کردیا ہے اور کپتان کو سینئر کھلاڑیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ مکی آرتھر اظہر علی اور اسد شفیق سے دوبارہ بات کرنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور مکی آرتھر کیپ ٹان ٹیسٹ میں محمد رضوان کو کھیلانے کے خواہش مند ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر کھلاڑیوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا تھا۔مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کردی تھیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دی تھیں۔چیئرمین پی سی بی نے ٹیم مینیجر طلعت علی سے ملاقات کی تھی اور ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں کپتان اور کوچ کے درمیان اختلافات کو ختم کرادیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کیپ ٹان میں آخری بار فروری 2013میں مقابل ہوئی تھیں، یونس خان و اسد شفیق کی پہلی اننگز میں سنچریوں اور سعید اجمل کی 6وکٹوں کے باوجود میزبان ٹیم نے 4وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی تھی، ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کی دعوت ملنے پرپاکستان نے پہلی اننگز میں338، جواب میں جنوبی افریقہ نے326 رنز بنائے، دوسری باری میں مہمان ٹیم 169تک محدود رہی،پروٹیز نے 182کا ہدف 6 وکٹ پر حاصل کرلیا تھا، ورنون فلینڈر نے پہلی اننگز میں5 اور دوسری میں 4 شکار کیے تھے۔

دوسرے ٹیسٹ کےلئے قومی سکواڈکی بھرپورمشقیں

کیپ ٹاﺅن (آئی این پی) پاکستان اورجنوبی افریقا کے درمیان 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل سے کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جا ئےگا ۔میزبان جنوبی افریقا کو سیریز میں1-0کی برتری حاصل ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم نے کیپ ٹاون میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔محمد عباس اور شاداب خان انجریز سے نجات پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، گھٹنے کی تکلیف کا شکار حارث سہیل فٹنس کی بحالی کیلئے تاحال کوشاں ہیں، ورنون فلینڈر پروٹیز کو دستیاب ہوں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو شروع ہوگا، پہلے معرکے میں شکست کا سامنا کرنے والی مہمان ٹیم دوسرے مقابلے کیلئے کیپ ٹاون پہنچ چکی، اس کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر محمد عباس اور لیگ اسپنر شاداب خان انجریز سے مکمل طور پر نجات پانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔، گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہونے کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ نہ کھیل پانے والے حارث سہیل کی فٹنس بحال کرنے کیلئے کوشش جاری ہے، ٹیم مینجمنٹ پرامید ہے کہ دوسرے میچ تک تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔دوسری طرف جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنون فلینڈر بھی فٹ ہوگئے ہیں،پیسر کی غیر موجودگی میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اولیور نے 11وکٹیں اڑا دی تھیں، فلینڈر کی دستیابی کے بعد پیس بیٹری کا انتخاب سلیکٹرز کیلیے درد سر ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کیپ ٹان میں آخری بار فروری 2013میں مقابل ہوئی تھیں، یونس خان و اسد شفیق کی پہلی اننگز میں سنچریوں اور سعید اجمل کی 6وکٹوں کے باوجود میزبان ٹیم نے 4وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی تھی، ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کی دعوت ملنے پرپاکستان نے پہلی اننگز میں338، جواب میں جنوبی افریقہ نے326 رنز بنائے، دوسری باری میں مہمان ٹیم 169تک محدود رہی،پروٹیز نے 182کا ہدف 6 وکٹ پر حاصل کرلیا تھا، ورنون فلینڈر نے پہلی اننگز میں5 اور دوسری میں 4 شکار کیے تھے۔

یونس کا ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ غلط تھا، عامر سہیل

کراچی(آئی این پی) ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے رکن اور قومی ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ یونس خان کا ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ غلط تھا۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو یونس خان سے بات کرنی چاہیئے تھی۔ان کا کہنا تھا کہ یونس خان سے بات کرکے انہیں ایک سال کے لئے ریٹائرمنٹ کا پلان ملتوی کرنے کا مشورہ دے کر کپتان مقرر کردینا چاہیئے تھا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سینیئر بلے باز یونس خان کو قیادت سونپ کر ان کی زیرنگرانی مستقبل کے نئے کپتان کی تیاری کرنی چاہیئے تھی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانا مسئلہ کا حل نہیں ہے کیونکہ اس وقت ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں جو کپتانی کا اہل ہو یا یہ ذمہ داری بخوبی انجام دے سکے۔

چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر کمرشل قرضہ دے گا، ذرائع وزارت خزانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر کمرشل قرضہ دے گا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق چین سے قرض کے حصول کیلئے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے ملنے والا قرض 8 فیصد شرح سود پر ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ چین نے اس معاہدے کے فائنل ہونے سے قبل اسے خفیہ رکھنے کی درخواست کررکھی ہے جب کہ معاملے کو خفیہ رکھنے کی درخواست چین کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے کی گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے قرض کے حصول کیلئے درخواست وزیراعظم کے دورہ? چین کے دوران دی اور اسی ملاقات میں چینی قیادت نے معاملے کو خفیہ رکھنے کی درخواست کی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان پہلے بھی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے قرض حاصل کرچکا ہے جب کہ پاکستان کے عالمی مالیاتی فنڈ سے بھی قرض کے حصول کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

بارڈ کوڈ اسکیننگ کے ساتھ پاکستان کی پہلی اسمارٹ قبر

کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان میں پہلی مرتبہ قبر پر بار کوڈ کے ذریعے اس میں مدفن مردے کی زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے والی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔یہ پاکستان میں جزام کا علاج کرنے والی جرمن ڈاکٹر ڈاکٹر رتھ فاو¿ کی قبر ہے جو بظاہر دوسری قبروں کی طرح ہے لیکن اس میں ایک خاص بات ہے جو پاکستان میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی۔ڈاکٹر رتھ فاو¿ کی قبر پر ’بارکوڈ‘ لگایا گیا ہے جس کو موبائل فون سے اسکین کیا جاسکتا ہے، یہ بار کورڈ اسکین کرنے کے بعد اس تعارفی مواد کی جانب لے جائے گا جس پر ڈاکٹر روتھ فاو¿ کی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔شاید آنے والے دنوں میں یہ ٹرینڈ قبر پر نام سے بنائی جانے والی تختیوں کی جگہ لے لے لیکن اس سے پہلے کراچی میں ہی ایک سافٹ انجینئر کی جانب سے آن لائن سہولیات سے مزین قبرستان متعارف کرایا گیا تھا۔اس کی خاص بات یہ تھی کہ آپ دنیا بھر سے کسی بھی وقت اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر سکتے ہیں جس کیلئے بس کوڈ انٹر کریں تو سافٹ وئیر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آپ کی مطلوبہ قبر سامنے لے آئے گا اور پھر آپ فاتحہ خوانی کریں۔اس قبرستان میں تدفین اور یہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے معاوضہ ادا کرنا پڑتا ہے اور اس سے قبل جاپان میں بھی ایک جدید ترین قبرستان متعارف کرایا گیا تھا۔

سال 2018: بھارت کیلئے ڈریم ایئر، آسٹریلیا کیلئے خوفناک ثابت ہوا

کراچی (ویب ڈیسک)سال 2018 کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم چھائی رہی، جب کہ آسٹریلیا کے لیے یہ سال خوفناک ثابت ہوا اور انگلینڈ نے بھی خوب کامیابیاں سمیٹیں تاہم پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلادیش کی کارکردگی ملی جلی رہی۔تمام ٹیموں کی کارکردگی کا سالانہ چارٹ دیکھا جائے تو اس پر سرفہرست بھارتی ٹیم موجود ہے جس نے اپنی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھا اور ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست ہے۔اسی طرح آسٹریلیا، جنوبی افریقا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی کارکردگی اتار چڑھاو¿ کا شکار رہی۔
بھارت:
بھارتی کرکٹ ٹیم نے سال 2018 کا آغاز آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن سے کیا جو سال کے اختتام تک برقرار رہا، اس سال بھارت نے جنوبی افریقا میں پہلی مرتبہ ون ڈے سیریز اپنے نام کی اور انگلینڈ کو بھی اس کی سرزمین پر سیریز میں شکست دی۔بھارت نے 2018 کا ایشیا کپ بھی اپنے نام کیا اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی کامیاب رہی۔اس سال بھارت نے مجموعی طور پر 14 ٹیسٹ کھیلے جس میں 7 میں کامیابی اور 7 میں ناکامی کا سامنا رہا، اسی طرح 20 ایک روزہ میچز میں 14 میں کامیابی، 4 میں شکست اور 2 بے نتیجہ رہے۔محدود اوورز کے فارمیٹ میں بھارت نے 19 میچز کھیلے جس میں سے 14 میں کامیابی، 4 میں ناکامی اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔
آسٹریلیا:
آسٹریلیا کے لیے سال 2018 ناکامیوں اور تنازعات کا باعث بنا رہا، سال کے آغاز پر دورہ جنوبی افریقا کے دوران بال ٹیمپرنگ پر ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بلے باز بین کرافٹ کو پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔جس کے بعد دورہ انگلینڈ پر بھی آسٹریلیا کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا جہاں انگلش ٹیم نے کینگروز کو 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کیا۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آسٹریلیا کامیابی حاصل نہ کرسکی۔جولائی 2018 میں زمبابوے میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں بھی آسٹریلوی ٹیم ناکام رہی اور فائنل میں پاکستان نے اسے 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز برابر رہی، اور دونوں میچز ڈرا ہوئے۔سال کے آخری مہینے میں شروع ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز میں بھی کینگروز ٹیم کی مایوسی ختم نہ ہوئی اور بھارت نے سال کے اختتام تک 4 میچز کی سیریز میں 2 میں کامیابی حاصل کر کے میزبان ٹیم پر برتری حاصل کی۔آسٹریلیا نے 2018 میں 10 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں اسے 3 میں کامیابی اور 6 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔آسٹریلیا نے 13 ون ڈے میچز بھی کھیلے جس میں 11 میں ناکامی اور صرف 2 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 10 میں کامیابی، 8 میں ناکامی اور ایک میچ کا فیصلہ نہیں ہوا۔
جنوبی افریقا:
جنوبی افریقا کے لیے بھی سال 2018 کارکردگی کے اعتبار سے تاریک رہا جس میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا وہیں مئی کے مہینے میں کپتان اے بی ڈویلیئرز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔بھارت نے جنوبی افریقا کو ہوم سیریز میں 1-2 اور آسٹریلیا نے 1-3 سے شکست دی۔آسٹریلیا نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پروٹیز کو 492 رنز سے شکست دی جو 1934 کے بعد کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی شکست ہے۔جولائی اور اگست میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کا دورہ کیا جہاں اسے دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 5 میچز کی ون ڈے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ناکامی کا سامنا رہا۔
پاکستان:
2018 کے دوران پاکستان ٹیم نے خود کو ٹی ٹوئنٹی اسپشلسٹ ثابت کیا اور اس سال کھیلے گئے 19 میچز میں سے 17 میں کامیابی حاصل کی۔پاکستان نے اس سال ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، اسکاٹ لینڈ، سہ فریقی سیریز اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلی۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان نے آسٹریلیا کی میزبانی کی اور دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔پاکستان نے 2018 میں 8 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں سے 4 میں کامیابی، ایک میں ناکامی اور 3 میچز کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے۔اسی طرح پاکستان نے 18 ون ڈے میچز میں سے 8 میں کامیابی اور 9 میں ناکامی سمیٹی اور ایک میچ کا نتیجہ نہ آسکا۔
انگلینڈ:
انگلینڈ کے لیے سال 2018 کا آغاز مایوسی سے ہوا جس میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-4 سے شکست کا مزا چکھنا پڑا لیکن 5 میچز کی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 1-4 سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کی۔جس کے بعد آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں انگلش ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور تین میچز میں ناکامی اور ایک میں کامیابی مل سکی۔فروری 2018 میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز انگلینڈ اور ٹیسٹ سیریز نیوزی لینڈ کے نام رہی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مئی اور جون کے درمیان کھیلی گئی 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی۔جولائی میں بھارت نے انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست دی اور 3 میچز کی ون ڈے سیریز 1-2 سے انگلینڈ کے نام رہی۔انگلینڈ نے 5 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو 1-4 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔انگلینڈ نے سال کی آخری سیریز سری لنکا کے خلاف کھیلی جس میں اس نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-3 سے شکست اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں وائٹ واش کیا۔

یہ درخت گزشتہ 118سال سے پاکستان میں گرفتار ہے، وجہ ایسی کہ جان کر آپ کی حیرت کی کوئی انتہا نہ رہے گی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) انسانوں کی غلامی اور انہیں قید کرنا زنجیر میں جکڑنے کے بارے میں تو سنا ہی ہو گا لیکن پاکستان میں ایک درخت ایسا بھی ہے جس کو ایک دو ماہ یا سال سے نہیں پورے ایک سو اٹھارہ سال سے برگد کے اس درخت نے کوئی جرم نہ ہو نے کے باوجود سلطنت برطانیہ کے ایک ٹن پولیس افسر کی بربریت کی بھینٹ چڑھا گیاجو اب تک قید ہے اور اس قید سے جھٹکارا نہیں پا سکا،1897 کی ایک تپتی دوپہر کو جیمز سکویڈ نامی پولیس افسر نے نشے کی حالت میں برگد کے اس بوڑھے درخت کواپنی جانب آتا محسوس کیا، نشے میں افسر کو گمان گزرا یہ درخت اس پر حملہ آور ہونے والا ہے،”خطرہ‘ محسوس کرتے ہی پولیس افسر نے برگد کے وارنٹ گرفتار ی کردیئے،پھر اسے باقاعدہ”گرفتار“ کرکے زنجیروں میں جکڑ دیا گیا لیکن ایک سو اٹھارہ سال گزرنے کے باوجود رہائی نصیب نہ ہوسکی۔بوڑھے درخت پر ایک بورڈ آویزاں دیکھا جا سکتا ہے جس پر ”آئی ایم انڈر اریسٹ“تحریرہے،ساتھ ہی اس افسر کے ظلم کی کہانی بھی درج ہے۔اکثرلوگ اس قیدی درخت کو دیکھنے کے لیے علاقے کا دورہ کرتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ درخت انگریزوں کے غیر منصفانہ قوانین کی یادگارہے۔اسے سنبھالنے کا مقصد اپنی آنے والی نسلوں اور دنیا کو برطانوی حکمرانوں کے برصغیر کے لوگوں پر کیےظلم کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان

دبئی(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان کردیا۔آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی 8 ٹیمیں 2020 میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں جب کہ بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو کوالیفائی میچز کھیلنا ہوں گے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصدیق 31 دسمبر 2018 تک کی رینکنگ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ سپر 12 مرحلے میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان سرفہرست ہے جس کے بعد بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سابق چیمپئن اور تین مرتبہ فائنل کھیلنے والی سری لنکن ٹیم براہ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں رینکنگ میں بالترتیب نویں اور دسویں پوزیشن پر ہیں اس لیے انہیں دیگر ٹیموں کے ساتھ 2020 میں ہی کوالیفائی میچز کھیلنا ہوں گے۔دیگر ٹیموں میں اسکاٹ لینڈ، زمبابوے، یو اے ای، نیدرلینڈ، ہانک کانگ اور اومان شامل ہیں۔