لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا اور اے ایف سی سے ملنے والے 75 فیصد فنڈز کو کھلاڑیوں پر خرچ کرنے کا اعلان دیا۔صدر پی ایف ایف مخدوم فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ فٹبال کی دونوں انٹرنیشنل تنظیموں نے پاکستان سمیت ممبرز ممالک کے لئے گرانٹ دوگنا کردی ہے، مجھے یہ بتاتے ہوئے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ ہم اس رقم کا تیسرا حصہ کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا کہ اگر ترقی کے سفر کو روکا نہ جاتا تو ہم بھارت سے عالمی رینکنگ میں بہتر ہوتے، 2014ء میں گرین شرٹس نے بلیو شرٹس کو بھارت میں ہی شکست دی، بعد ازاں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فیفا ہاﺅس پر قبضہ کر لیا گیا جس کی وجہ سے ہم تین سال میں بہت پیچھے چلے گئے، آج بھارت عالمی رینکنگ میں اٹھانوے اور ہم ایک سو اٹھانوے نمبرز پر ہیں۔صدر پی ایف ایف کے مطابق انڈر 15 فٹبال چیمپیئن شپ میں ٹیم نے ملک کا نام روشن کیا، 13سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان سینئر ٹیم بھی تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں ہم نے 21 ملکی اور غیر ملکی کھیلوں کی سرگرمیاں کروائی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔
Monthly Archives: November 2018
لوگوں کی رائے کوکارکردگی سے غلط ثابت کیا، محمد حفیظ
دبئی (ویب ڈیسک)آل راﺅنڈرمحمد حفیظ کا کہنا ہے لوگوں کی رائے کو کارکردگی سے غلط ثابت کیا، جو رویہ اختیار کیا جا رہا تھا وہ قابل قبول نہیں تھا۔ محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے پر خوش ہوں،فارم کے ساتھ اعتماد کا بحال ہونا بھی ضروری ہے،کئی معاملات کیریئر پر اثر انداز ہوتے ہیں،کم بیک کو آخری موقع سمجھ کر سخت محنت کی اور صلہ پایا،اس طرح کی صورتحال کا ماضی میں بھی کئی بار سامنا کرچکا ہوں،ہمیشہ اپنی کارکردگی سے رائے تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہوں،اس بار بھی ایسا ہی کیا، میری ترجیح پاکستان کیلیے کھیلنا تھی اور رہے گی۔دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کی باتیں کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میرے ساتھ جو رویہ رکھا گیا، قابل قبول نہیں تھا، مشکل وقت میں فیملی اور دوستوں نے ہمت بندھائی،خود کو سنبھالا اورمتحرک کیا، محنت کرتا رہا، اللہ تعالیٰ نے میرے لیے آسانیاں پیدا کیں،کارکردگی سے رائے تبدیل کرنے کا عزم کیا اور آج ملک کیلیے پرفارم کررہا ہوں، اب ماضی کی باتوں کو بھول کر مستقبل کے بارے میں سوچنے اور اپنی اہلیت منوانے کا وقت ہے۔ شعیب ملک کی طرح ریٹائرمنٹ پلان کے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ یہ موقع ہر کھلاڑی کی زندگی میں آتا ہے، چاہتا ہوں کہ عزت کیساتھ جاﺅں،جب تک لڑنے کی طاقت اور قومی ٹیم کے معیار پر پورا اترنے کی ہمت ہو ملک کیلیے کھیلنا چاہتا ہوں،جگہ لینے کیلیے کوئی نوجوان کرکٹر ہو تو چلا جاو¿ں گا۔اگر میری جگہ ہے تو محنت اور فٹنس کیساتھ اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا،تینوں طرز کی کرکٹ کا دباو¿محسوس کرنے کے سوال پر آل راو¿نڈر نے کہا کہ اگر میں کسی بھی فارمیٹ کیلیے موزوں ہوں تو کھیلوں گا،سوچ رہا ہوں کہ اپنے اوپر دباﺅ تھوڑا کم کروں،اس کیلیے مناسب وقت کا انتظارکررہا ہوں، کسی بھی فارمیٹ میں اپنے سے بہتر متبادل نوجوان کرکٹر نظر آئے تو فیصلہ کرنے میں آسانی اور خوشی محسوس کروں گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کپتان سرفرازاحمد مجھ سے میدان میں مشورے کرتے اور نوجوانوں سے بات کرنے کی اجازت بھی دیتے ہیں،ضروری ہے کہ اپنا تجربہ دوسروں تک منتقل کیا جائے،نوجوان کرکٹرز سے بات کرتے ہوئے ان کی تکنیک یا مہارت سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرتا بلکہ صرف صورتحال کے مطابق حوصلہ جوان رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
ایکشن میں تبدیلی،پہلے جیسا بولر نہیں رہا
محمد حفیظ نے کہا کہ ایکشن کی اصلاح کے بعد بولنگ مہارت میں کمی آگئی، پٹھوں کونئے زاویے کا عادی بنانا مشکل کام ہے، کئی چیزوں میں محدود ہوگیا، پہلے جیسا بولرنہیں ہوں، پابندی ختم کروانے کیلیے 8 ماہ سخت محنت کی،اب بھی اپنے بولنگ کوچ اور بائیو مکینک ایکسپرٹ کیساتھ رابطے میں رہتا ہوں،خود بھی اپنے ایکشن کا جائزہ لیتا رہتا ہوں،چاہتا ہوں کہ بطور آل راﺅنڈر کھیلوں اور جب بھی ٹیم کو ضرورت ہو بولنگ کروں، ظاہر سی بات ہے کہ مسلز کو نئے ایکشن کا عادی بنانے کے بعد پہلے جیسا بولر نہیں،کئی چیزوں میں محدود ہونا پڑا،اس کے باوجود خود کو ذہنی طور پر تیار کیا، محنت کی،تجربہ بھی استعمال کررہا ہوں لیکن ظاہر ہے کہ اسکلز میں کمی آئی ہے۔
تجربے سے دیگر کو مستفید کرتاہوں اسی لیے ساتھی پروفیسرکہتے ہیں
پروفیسر پکارے جانے کے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ کرکٹ کی معلومات کوبہتر سمجھتا اور دوسروں کو بتاتا رہتا ہوں، بہتری کیلیے اپنا تجزیہ بھی کرتا رہتا ہوں کہ کس طرح کے حالات میں کیا کرنا بہتر ہوگا، میچ کی صورتحال کو بھی اسی انداز میں دیکھتے ہوئے اپنی سوچ سے ساتھی کھلاڑیوں کو آگاہ کرتا ہوں، شاید اسی لیے پروفیسر کہتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں تفریحی عنصرشامل کیا جائے، تجاویز ذہن میں ہیں
محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ کو تبدیل کرتے ہوئے اس میں تفریحی عنصر شامل کرنے کی تجویز پیش کردی،ان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچز کو شائقین پسند کرتے اوراسپانسرز بھی اسی کی جانب راغب ہوتے ہیں، پرفارمنس پر ملنے والی پذیرائی کرکٹرز کا بھی حوصلہ بڑھاتی ہے،ایک، دوملکوں کے سوا شائقین ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے اسٹیڈیم میں نہیں آتے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں میدان بھر جاتے ہیں،میرے خیال میں ٹیسٹ کرکٹ کو بدلنا اور اس میں تفریحی عنصر لانا چاہیے،اس حوالے سے تجاویز کے سوال پر انھوں نے کہا بہت سی چیزیں ذہن میں ہیں، وقت آنے پر بتاﺅں گا۔
پاک بھارت مقابلے دنیائے کرکٹ کیلیے بھی سودمند ہیں، آل راﺅنڈر
محمد حفیظ نے پاک بھارت مقابلوں کو دنیائے کرکٹ کے لیے بھی سودمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، جو مزا روایتی حریفوں کا میچ کھیلنے اور دیکھنے میں آتا ہے، وہ کسی اور مقابلے کا خاصا نہیں، ہم بھارت کھیلنے جائیں، وہ سیریز کے لیے پاکستان آئیں تونہ صرف دونوں ملکوں بلکہ دنیائے کرکٹ کے بھی مفاد میں ہے۔
بیٹا ہی میرا کوچ اور ناقد ہے
محمد حفیظ نے بیٹے کو ہی اپنا کوچ قرار دیدیا، آل راﺅنڈر نے کہا کہ کھیلوں کے معاملے میں اپنے بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہوں، میرا بیٹا تمام کرکٹرز کے بارے میں جانتا ہے، وہی میرا کوچ اور سب سے بڑا ناقد ہے، آﺅٹ ہونے کے بعد جاﺅں تو پوچھتا ہے کہ بابا کس طرح کی شاٹ کھیلی ہے آپ نے۔اس کی باتیں سن کر کبھی حوصلہ شکنی نہیں کرتا، بچوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے کی بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔
ویرات کوہلی کا ریکارڈ چھن جانے پر بھارتی سیخ پا ہو گئے
لاہور(ویب ڈیسک)بھارتیوں نے قومی ٹیم کے بلے باز بابراعظم کی کارکردگی کو آٹے میں نمک کے برابر قرار دے دیا۔نوجوان پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے 26ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا تو سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی، پاکستانیوں نے دل کھول کر بابراعظم کے ٹیلنٹ کو سراہا اور انہیں قومی ٹیم کی بیٹنگ کا اہم ستون قرار دیا۔صارفین نے اپنے پیغامات میں بھارتی کپتان کا ریکارڈ چھن جانے کا خاص طور پر ذکر کیا، جواب میں بھارتی صارفین میں سے چند غیر متعصب تو بابراعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے رہے، بیشتر نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمین کے کیریئر کا سفر تو ابھی شروع ہوا ہے، ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنا رکھے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں، بابراعظم کی کارکردگی آٹے میں نمک کے برابر ہے۔یاد رہے کہ ویرات کوہلی کی صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اوسط 50 سے کم ہے، بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں تو 50 سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں یکسر مختلف بیٹسمین نظر آتے ہیں، انہوں نے 9.29 کی اوسط سے 747 رنز بنائے ہیں۔
خواہش ہے کہ ٹی ٹین لیگ کا کچھ حصہ پاکستان میں ہو، ایم ڈی ٹی ٹین لیگ
لاہور(ویب ڈیسک) ایم ڈی ٹی ٹین لیگ سعد اللہ خان کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ ٹی ٹین لیگ کا کچھ حصہ پاکستان میں ہو۔ٹی ٹین لیگ کے ایم ڈی اور مینجنگ پارٹنر سعد اللہ خان کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ ٹی ٹین لیگ کا کچھ حصہ پاکستان میں ہو، سیمی فائنلز اور فائنل پاکستان میں کرانا چاہتے ہیں وقت کی کمی کے باعث اس برس ممکن نہیں ہو سکا آئندہ برس کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دی ہے میچز کا ریونیو پاکستان سے شئیر بھی کریں گے۔ٹی ٹین لیگ کے ایم ڈی سعد اللہ خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے 12 کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیے ہیں باقی نیشنل ڈیوٹی پر ہیں اس لیے زبردستی نہیں کی جاسکتی، دیکھتے ہیں 22 میں سے کتنے پاکستانی کرکٹرز شریک ہوتے ہیں، چیئرمین احسان مانی اور پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ کے لیے بہت تعاون کیا ہے۔
کیویزکے خلاف ون ڈے سیریز؛ جنید خان، امام الحق اور حارث سہیل یو اے ای پہنچ گئے
دبئی(ویب ڈیسک)کیویزکے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے جنید خان، امام الحق اور حارث سہیل یو اے ای پہنچ گئے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان، وقاص مقصود اور حسین طلعت وطن واپسی کے لیے رخت سفر باندھ چکے اور آج رات وہاں سے روانہ ہو جائیں گے۔ ون ڈے اسپیشلسٹ تینوں کھلاڑیوں میں سے گزشتہ روز جنید خان اسلام آباد، حارث سہیل سیالکوٹ سے روانہ ہوئے تھے، امام الحق نے پیر کی صبح لاہور سے اڑان بھرتے ہوئے اسکواڈ کو جوائن کرلیا۔اوپنر نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں حبیب بینک کی طرف سے قائداعظم ٹرافی ون ڈے کپ کا فائنل میچ بھی کھیلا تھا، اوپنر بڑی اننگز تو نہیں کھیل سکے لیکن ان کی ٹیم واپڈا کو ہراکرچیمپئن بن گئی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 7 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
جمال خاشقجی کے بیٹوں کا سعودی حکومت سے والد کی لاش حوالے کرنے کا مطالبہ
جدہ (ویب ڈیسک)صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے سعودی حکومت سے اپنی والد کی لاش حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں جنت البقیع میں دفنانا چاہتے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے سعودی حکومت سے اپنے والد کی لاش حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع میں دفنانا چاہتے ہیں۔صلاح خاشقجی نے کہا کہ والد کی لاش کے حوالے سے سعودی حکام سے بات ہوئی ہے، امید ہے جلد ہی ایسا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے جانے سے قبل محمد بن سلمان سے ہاتھ ملانے کو غلط رنگ دیا گیا اور میڈیا پر اس حوالے سے مختلف طرح کی خبریں چلائی گئیں، کچھ لوگ میرے والد کی موت پر سیاست کررہے ہیں تاہم سعودی کنگ نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔عبداللہ خاشقجی نے امید ظاہر کی کہ ان کے والد کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ تکلیف دہ نہیں رہا ہوگا، اور ان کی موت جلد ہی واقع ہوئی ہوگی جب کہ والد کے قتل ہونے کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کی وجہ سے ہم چند ہفتے شدید اذیت میں مبتلا رہے۔واضح رہے سعودی حکومت نے صحافی کے ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کی تصدیق کردی لیکن ترکی کی جانب سے مطالبے کے باوجود صحافی کی لاش سے متعلق تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
افغان اتحادی فوج کے فضائی حملے میں 7 داعش جنگجو ہلاک
کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں اتحادی فوج کے ہیلی کاپٹر نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 جنگجو ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں میں اتحادی فوج کے ہیلی کاپٹر نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 جنگو ہلاک ہوگئے۔ آپریشن میں بری فوج نے بھی حصہ لیا اور تباہ ہونے والے علاقے کو کلیئر کروایا۔دوسری جانب بلخ صوبے میں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو طالبان ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقے میں تاحال آپریشن جاری ہے۔ادھر گزشتہ روز افغان اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت ہوگئی ہے۔ برینٹ ٹیلر امریکی ریاست یوٹاہ کے ایک چھوٹے سے شہر کے میئر تھے اور افغانستان میں بطور نیشنل گارڈ رکن کی تعیناتی کے لیے میئر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قندھار پولیس چیف عبدالرازق کو ان کے محافظ نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جس کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز کی جنگجوﺅں کے خلاف کارروائی میں اضافہ ہوا ہے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے، برطانوی پارلیمانی گروپ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) برطانوی پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ایک بار پھر بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔برطانوی پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ جیسے کالے قوانین کی آڑ میں انڈین آرمی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے جب کہ رپورٹ میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان ظالمانہ قوانین کو ختم کرے۔رپورٹ میں نہتے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے آزادانہ استعمال پر فوری پابندی اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزیوں کی مرتکب بھارتی فوج کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجود گمنام اور اجتماعی انسانی قبروں کی شناخت اور ان کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشتبہ جبری گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو معلومات تک مکمل رسائی دی جائے۔پاکستان نے برطانوی پارلیمانی گروپ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جاری رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔
امریکا میں سڑک سے کچرا اٹھانے والی 4 طالبات اور استانی کو ٹرک نے کچل دیا
وسکونسن(ویب ڈیسک) امریکا میں تیز رفتار ٹرک نے مرکزی شاہراہ کی صفائی مہم میں مصروف 3 ماحول دوست طالبات اور ایک استانی کو کچل دیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ریاست وسکونسن کی مرکزی شاہراہ پر مقامی اسکول کی طالبات اپنے اساتذہ کے ہمراہ صفائی مہم کے تحت کچرا اٹھا رہی تھیں کہ تیز رفتار ٹرک کی زد میں آگئیں۔حادثے میں 3 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جب کہ ایک طالبہ شدید زخمی ہے۔ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی طالبہ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی شناخت 21 سالہ کولٹن ٹریو کے نام سے ہوئی ہے اور وہ قریبی جھیل کے علاقے چھی پیوا فالز کا رہائشی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مشترکہ تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزم کے آبائی علاقے میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
گلوبلائزیشن نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا، چینی صدر
شنگھائی(ویب ڈیسک) چینی صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ عالم گیریت نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا۔چینی شہر شنگھائی میں بین الاقوامی درآمدی نمائش کی تقریب میں عمران خان سمیت 30 ممالک کے 130 مندوبین نے شرکت کی۔ چین کے صدر نے نمائش میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا ہے، گلوبلائزیشن نے ’جنگل کے قانون‘ اور ’جو جیتا سب اسی کا‘ والی سوچ کا خاتمہ کردیا ہے ، چینی معیشت تالاب نہیں بلکہ سمندر ہے اور طوفان اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔شی چن پنگ نے کہا کہ چین درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مستحکم کرنا اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا چاہتا ہے، چین کے دروازے تمام ممالک کیلیے مزید وسیع کریں گے اور سرمایہ کاروں کے لیے چینی مارکیٹیں کھولیں گے۔چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جائیں گے، چین آئندہ 15 سال میں 30 کھرب ڈالر کی اشیا درآمد کرے گا، جب کہ 10 کھرب ڈالر کی خدمات بھی درآمد کی جائیں گی۔
وزیراعظم کی روسی ہم منصب سے ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال
شنگھائی (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے روسی وزیراعظم دمتری میدیدوف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماو¿ں نے پاک روس تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی میں روسی وزیراعظم دمتری میدیدوف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماو¿ں نے پاک روس تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بدلتے علاقائی حالات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں فروغ پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ روس کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ روسی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کو لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قانون سازی کی تجویز
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزارت انسانی حقوق نے وزیراعظم عمران خان کو لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قانون سازی کرنے کی تجویز دی ہے۔اسلام آباد میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بتایا کہ لاپتہ افراد کمیشن کی رپورٹ تک ہماری رسائی نہیں ہے، وزارت انسانی حقوق نے وزیراعظم عمران خان کو لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تجاویز ارسال کی ہیں، ہم نے اس حوالے سے ڈومیسٹک قانون سازی کرنے کی تجویز دی ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ جمہوری ملک میں لوگوں کو جبری گمشدہ یا لاپتہ نہیں کیا جاسکتا، ملک میں پولیس، عدالتیں اور ملٹری کورٹس ہیں انہیں وہاں پیش کیا جائے۔سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد لاپتہ افراد کا معاملہ صوبوں کے پاس جاچکا ہے، وفاق اب اس ضمن میں قانونی ترمیم کرے گا تو اس کا اطلاق صرف اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان تک ہوگا۔بعض بین الاقوامی این جی اوز پر پابندی کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سیو دی چلڈرن سمیت کچھ انٹرنیشنل این جی اوز اپنی مینڈیٹ سے تجاوز اور قواعد کے برعکس کام کررہیں تھیں، جن تنظیموں کو کام سے روکا ہے ان کو سکیورٹی کی وجوہات پر روکا ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان میں کسی غیر سرکاری تنظیم پر پابندی نہیں ہے، لیکن این جی اوز کو ہماری پالیسی کے مطابق کام کرنا ہوگا، زیادہ تر این جی اوز امریکا اور برطانیہ کی ہیں، یہ ادارے سکیورٹی خدشات والے علاقوں میں جاتے ہیں اور وہاں نقشے بناتے ہیں۔
فسادی سیاست دانوں کو خلا میں بھیج دینا چاہیے، فواد چوہدری
لاہور(ویب ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کا لوٹا گیا پیسہ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے جب کہ سپارکو سے بات کروں گا ہمارے دو چار فساد پھیلانے والوں کو خلا میں بھیج دے اورواپسی کا راستہ نہ چھوڑیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم چین کا تاریخی دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ جائیں گے، پاک چین تجارت ڈالر کی بجائے چینی کرنسی یوان میں ہوگی، یہ چین کی جانب سے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کا حصہ ہے ، ڈالر میں پیسے دینے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوجاتے تھے اور خزانے پر بوجھ پڑتا تھا۔فواد چوہدری نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے خلائی پروگرام میں پیشرفت ہوئی ہے، 2022 میں چین کے خلائی پروگرام کے تحت پہلا پاکستانی خلا باز خلا میں جائے گا، اگلے سال سپارکو خلا میں جانے کے خواہش مند افراد سے درخواستیں وصول کرے گا، سپارکو سے درخواست کروں گا کہ سائنس دانوں کی بجائے کچھ سیاست دانوں سمیت بعض فسادیوں کو خلا میں چھوڑ کر واپس آجائیں ، یہی ان کا علاج ہے، ہماری بھی بچت ہوجائے گی اور پاکستان کی جان بھی چھوٹ جائے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی کی تمام صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا، موجودہ صورتحال سےنمٹنے کے لیے اپوزیشن کوساتھ لے کر چلے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کےساتھ ہمارا کوئی بڑا جھگڑا نہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کے کیسز آگے نہ بڑھائے جائیں، لیکن کوئی توقع نہ کرے کہ ہم مقدمات روکیں گے،ہم کسی کو این آر او نہیں دے سکتے، پاکستان کا پیساواپس کرنا پڑے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملکی تعلقات شخصیات سے نہیں جڑے ہوتے، (ن) لیگ کے سابق وزرا ہر چیز کا کریڈٹ شریف فیملی سے جوڑ دیتے ہیں، شہبازشریف نے کہا مجھ پرمقدمہ بننے سے چین، سعودی عرب سے تعلقات خراب ہوجائیں گے تاہم آج پوری عالمی برادری وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کررہی ہے، پاکستان کے چین ، ترکی ، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے تنازعات کو ختم کرنا ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، یمن کے معاملے پر ہماری بات چیت آگے بڑھی ہے اور اس میں دیگر فریقین کوبھی شامل کیا ہے جب کہ یمن معاملے پر او آئی سی بھی کردار ادا کرے، یمن تنازع ختم ہونے سے پوری مسلم امہ کو فائدہ ہوگا۔


















