ن لیگ کے لاہوری کارکن اپنی ہی قیادت کیخلاف سڑکوں پر آگئے

لاہور (خبرنگار )پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان لاہور میں ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آ گئے ہیں اور ہاتھوں میں لوٹے اٹھا رکھے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 128سے ن لیگ نے ٹکٹ امیدوار روحیل اصغر کو جاری ی جس پر دروغ والا کے مقامی کارکنان نے پارٹی سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج شروع کر دیاہے اور مطالبہ کیاہے کہ ٹکٹ شیخ روحیل کی بجائے سہیل شوکت کو دیا جائے ۔ ناراض کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی جبکہ وہ اپنے ساتھ لوٹے بھی اٹھا لائے ہیں جسے وہ زور زور سے زمین پر مارتے ہوئے اپنے مطالبات کی منظور کیلئے پارٹی پر زور ڈال رہے ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصا ف کو بھی پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر بنی گالہ کے باہر لمبے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کئی حلقوں میں امیدواروں کو بھی تبدیل کیا گیاہے ۔

گروپنگ مریم کیخلاف سازش ،قیادت خاموش کیوں

لاہور (خبر نگار) لاہور کے کئی حلقوں میں مسلم لیگ ن کے رہنماو¿ں اور کارکنان میں اختلافات تاحال برقرار ہیں، پی ٹی آئی کی طرح ن لیگ بھی یوٹرن پارٹی بن گئی کئی حلقوں میں ٹکٹوں میں ردوبدل حلقہ 127میں مریم نواز اور پی پی 161میں ایک دفعہ پھر تبدیلی شبیر کھوکھر سے فیصل سیف کھوکھر کو ٹکٹ مل گیا پھر بھی اختالافات باقی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن میں اختلافات اتنے شدید ہیں کہ ن قیادت اور حمزہ شہباز نے بھی ان اختلافات کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے لیکن تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھے جانے والے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پارٹی اختلافات کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو شدید پریشانی اور مشکل کا سامنا ہے۔اور یہی وجہ ہے کہ لاہور میں مسلم لیگ ن ابھی اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز نہیں کر سکی۔مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کی ذمہ داری حمزہ شہباز کو سونپی گئی تھی مگر تاحال حمزہ شہباز ان اختلافات کو ختم نہیں کر سکے بلکہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئے ہیں۔دوسری جانب لندن میں مقیم قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے این اے 125 میں بھی ن لیگ کے گروپوں میں اختلافات کو مریم نواز کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر مقامی قیادت نے خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے؟ اختلافات ابھی تک ختم کیوں نہیں کروائے گئے؟ اس ضمن میں قائد مسلم لیگ ن نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا ہے۔این اے 125کے حلقے پر ن لیگ آخری وقت میں یو ٹرن لے لیا ہے اس حلقے سے مریم نواز کا اعلان ہوا لیکن حلقے کی عوام اور پاڑٹی اختلاف کی وجہ سے مریم نواز شریف کو 127حلقہ دے دیا گیا ہے جبکہ ملک پرویز کو این اے 125کا حلقہ دے دیا گیا ہے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ حلقہ ملک پرویز کے لئے مزید مشکلات پید کرے گا اس سے پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کا راستہ ہمورا ہوگیا ہے پی پی 161 سے فیصل سیف کھوکھر کو ٹکٹ نہ ملنے پر افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر بھی ن لیگی قیادت سے سخت نالاں تھے پارٹی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کر تے ہوئے فیصل سیف کو دوبارہ ٹکٹ دے دیا ہے ۔پی پی 147میں میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کے مقابلے میں ن لیگ کے ہی سابق ڈپٹی مئیر اصغر بٹ کے بطور آ زاد ا±میدوار کھڑا ہونے اور دیگرکئی حلقوں میں بھی ن لیگ کے ورکرز کی طرف سے ٹکٹوں کی غلط تقسیم پر شدید احتجاج کے باعث مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حلقہ این اے 123میں غزالی سلیم بٹ اور ملک ریاض کے اختلافات کی وجہ سے ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے اور پارٹی کے سینئیر رہنما حمزہ شہباز شریف کی جانب سے دونوں میں صلح کروانے کے باجود کارکن ایک دوسرے کو قبول کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔حمزہ شہباز شریف کے حلقے میں صوبائی سیٹ پر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کے مقابلے میں ن لیگ کے ہی سابقہ ڈپٹی مئیر اصغر بٹ آ زاد حیثیت سے کھڑے ہوگئے اور ن لیگ کا ایک بڑا دھڑا ان کے ساتھ ہے۔ سہیل شوکت بٹ کو ٹکٹ نہ ملنے پر ان کے حمایتیوں نے شیخ روحیل اصغر کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔

کوٹ رادھا کشن میں ایک ہی گاوں کی 2 بچیوں کیساتھ زیادتی ، ملزم فرار ، خبریں میں خوفناک انکشاف

کوٹ رادہاکشن (تحصیل رپورٹر)کوٹ رادہاکشن کے نواحی گاوں میں یکے بعد دیگر بچیوں کے ساتھ زیادتی کے دو بڑے واقعات،پولیس نے مقدمات درج کرلئے ،تفصیلات کے مطابق پہلے واقعہ میںنواحی گاوں بھمبہ کلاں کی رہائشی بیوہ (خ) کی 19سالہ شادی شدہ بیٹی (ش)بورے والاسے اپنی ماں کو ملنے کو آئی ہوئی تھی،گزشتہ روز بیوہ (خ)اپنی بیٹیوں (ش)اور (ع)کے ہمراہ چارہ کاٹنے کے لئے کھیتوں میںگئی تو نوجوان تبسم اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ کھیت میں آ گیابیوہ اور اس کی ایک بیٹی (ع)کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا جبکہ تبسم (ش) کو زبردستی چری کے کھیت میں لے گیااور اس سے بدترین زیادتی کی جبکہ اس کا ایک ساتھی(ع)اور دوسرا والدہ پر پہرہ دیتا رہا۔بعد ازاں (ع)پر پہرہ دینے والے نے بھی (ش) کے ساتھ زیادتی کی اور فرار ہوگئے،معلوم ہوا (ش)5ماہ کی حاملہ تھی۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔جبکہ دوسرے واقعہ میں بھمبہ کلاں کی 11سالہ بچی (الف) کھیل رہی نوجوان صفیان اسے اپنی بیٹھک میں لے گیااور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا،بچی کا شور سن کر لوگ آئے تو ملزم فرار ہو گیا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔بعد ازاں مقدمہ کے تفتیشی آفیسر امانت علی چوکی انچارج بھمبہ نے بتلایا کہ اس بچی کا میڈیکل کروا لیا ہے اور ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ڈی این اے کی رپورٹ بھی بھجوا دی گئی ہے بہت جلدرپورٹ کے نتائج آنے پر چالان مکمل کرکے ملزم کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کوٹ رادہاکشن نوجوان نے 7سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا،تفصیلات کے مطابق نواحی گاوں ورے والا ہندال کے رہائشی (س) کا 7سالہ بچہ قریبی قریبی نہر پر بھینسوں کو پانی پلا کر گھر لے جارہا تھا ،نوجوان شان زبردستی قابو کر کے اسے چری کی فصل میں لے گیااور اس سے زیادتی کر ڈالی ،بچے کا شور سن کرلوگوں کے آنے پرملزم فرار،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

ٹکٹوں کی تقسیم ، کا رکن ناراض ،سیاسی جماعتوں کے اندرونی اختلافات سامنے آگئے

شیخوپورہ (بیوروپورٹ)ضلع شیخوپورہ کے 4قومی اورصوبائی اسمبلی کے 9حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کو ٹکٹوں کی تقسیم پر جہاں کارکنوں کیناراضگی کا سامنا ہے وہاں ان میں شدید اختلافات بھی کھل کر سامنے آگئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو موذوں اور مضبوط امیدواروں کی تلاش میںمشکلات در پیش ہیں اور وہ تاحال اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کرسکی ملی مسلم لیگ تحریک لبیک اور ایم ایم اے نے بھی بعض حلقوں میں اپنے امیدوار نامزد کردیئے ہیں جبکہ تمام حلقوں میں یہ جماعتیں بھی اپنے امیدوار نامزد نہیں کرسکیں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر مشکلات کا شکار ہیں اور ٹکٹوں سے محروم رہنے والے کئی امیدوار یا تو آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں تو کئی ایک نے اپنی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے مخالف سیاسی جماعت کے امیدوار وں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے قومی اسمبلی کے چار حلقوں میںپی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں میں بالترتیب رانا افضال حسین، رانا تنویر حسین، میاںجاوید لطیف، سردار عرفان ڈوگر، بریگیڈیر راحت امان ، علی اصغر منڈا، چوہدری محمد سعید ورک اور رانا علی سلمان شامل ہیں قومی اسمبلی کے ان حلقوںمیں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی طرف سے ٹکٹوں کی تقسیم کے حتمی فیصلہ کے بعد ان جماعتوں سے وبستہ کسی امیدوار نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان نہیں کیا تاہم صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں دونوں جماعتوں کے درجنوں امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے جس کے باعث قومی اسمبلی کے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا ہے این اے 121 کے صوبائی حلقہ پی پی 140میں سٹی صد ر طیاب راشد سندھو پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آذاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں انہیں مسلم لیگ (ن) کے بعض کونسلرز عہدیداران و کارکنوں کی کھلی حمایت حاصل ہے اور وہ پارٹی کے نامزد امیدوار میاںجاوید لطیف کی بھی کھلم کھلا مخالفت کررہے ہیں جبکہ سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد نواز ٹکٹ نہ ملنے کے بعد سیاسی گٹھ جوڑ میں مصروف ہیں اور انکی طرف سے بھی آذاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان متوقع ہے، پی پی 142میں بھی سردار واصف ڈوگر آذاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور اسی حلقہ سے پی ٹی آئی کے رانا اسد اللہ خاں ذوالقرنین ڈوگر نے بھی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے پی پی 141میں سابق تحصیل ناظم محمود الحق کو (ن) لیگ کا ٹکٹ ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے رانا تنویر حسین آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور وہ نامزد امیدوار سردار عرفان ڈوگر کے خلاف پیش پیش ہیں، پی پی 143میں بھی مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی مشکلات کا شکار ہے یہاں مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ چوہدری سجاد حیدر گجر کو الاٹ ہونے کے بعد مسلم لیگ کے چوہدری محمد سلیم گورائیہ سردار باقر ڈوگر جبکہ پی ٹی آئی کے سردار سرفراز احمد ڈوگر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں، پی پی 139میں سابق ایم پی اے چوہدری فیضان خالد ورک کی بجائے میاں جلیل شرقپوری کو مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ ملنے پر چوہدری فیضان خالد ورک بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر سوچ بچار کررہے ہیںجبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین یونین کونسل حاجی محمد افضل ورک بھی پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراض ہیں اور وہ بھی اس حلقہ سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ حلقہ پی پی 135میںپی ٹی آئی کے امیدوار رانا اعجاز حسین نے ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی اور پی پی 138کے امیدوار رانا عباس علی خاں بھی پی ٹی آئی سے ناراض ہیں اور ان سے (ن)لیگ رابطے میں ہے ،پی پی 136 سے بھی پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنما میاں خالد جاوید نے بھی (ن) لیگ کے چوہدری خرم اعجاز چٹھہ کو ٹکٹ ملنے اس حلقہ سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

سندھیوں کی حالت زار پر رونے والے قوم پرست رہنما بھی کروڑ پتی نکلے

حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے قوم پرست رہنما بھی دیگر سیاستدانوں کی طرح کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ سابق صدر آصف زرداری کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 ون نوابشاہ سے الیکشن میں حصہ لینے والے سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ قادر مگسی نے خود کو زمیندار ظاہر کیا ہےوہ ضلع سجاول میں مجموعی طور پر 45 ایکڑ زرعی راضی کے مالک ہیں تاہم زمین کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی، 2015 میں زرعی زمینوں سے 30 لاکھ روپے آمدنی ہوئی جس پر 49560 روپے ٹیکس ادا کیا جب کہ2016 میں زرعی زمینوں سے 40 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی جس پر 63197 روپے ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح 2017 میں زرعی زمینوں سے پچاس لاکھ روپے کی آمدنی پر ایک لاکھ پینتالیس ہزار 345 روپے کا ٹیکس ادا کیا،قادر مگسی کے 2016 میں اثاثوں کی مالیت 99 لاکھ 64 ہزار روپے تھی جو 2017 میں بڑھ کرایک کروڑ 34 لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی۔ دو سال کے دوران قادر مگسی کے اثاثوں میں 34 لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ ہوا جب کہ ان کے پاس 10 لاکھ روپے نقد رقم موجود ہے اور بینک اکانٹ میں صرف 25 سو روپے جمع ہیں، قادر مگسی نے دبئی کا ایک اور امریکا کے دو دورے کئے جن پر 24 لاکھ اسی ہزار روپے کے اخراجات آئے ۔ اس کے علاوہ 2 گھروں اور ایک پلاٹ کے مالک بھی ہیں جن کی مجموعی مالیت 94 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ اسی طرح سابق اسپیکر سندھ اسمبلی سید جلال محمود شاہ بھی کروڑوں روپے مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں ان کا ذریعہ آمدن اسٹون کریشنگ پلانٹ اور زمینداری ہے، اسٹون کریشنگ پلانٹ کی مالیت 10کروڑ 79 لاکھ روپے ہے۔ جلال شاہ کے پاس پینتالیس لاکھ روپے مالیت کی ایک پراڈو اور 19 لاکھ 60ہزار روپے مالیت کی کرولا کار بھی ہے جب کہ 66 لاکھ 35 ہزار474 روپے نقد رقم موجود ہے اور 33 لاکھ33 ہزار592 روپے بینک اکانٹ میں رکھے ہیں۔ جلال شاہ کے پاس چالیس لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر و دیگر گھریلو سامان اور ستائیس ہزار روپے مالیت کا اسلحہ موجود ہے جب کہ دیہہ نور پور تعلقہ مانجھند میں 57 ایکڑ زرعی زمین کے مالک بھی ہیں۔

جمعیت علماءپاکستان نے 13قومی ،19صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کر دئیے

لاہور(وقائع نگار)جمعیت علما پاکستان نے پنجاب سے متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کے لئے 13 اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے لئے 19 امیدواروں کھڑے کردیے ہیں۔ جے یو پی کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے جمعیت علما پاکستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں میں اپنی رہائش گاہ پر ایم ایم اے کے ٹکٹ تقسیم کئے ۔ ا س موقع پر ایم ایم اے اور جے یوپی نجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید ، مولانا سردار محمد خان لغاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ جے یو پی سے تعلق رکھنے والے ایم ایم اے کے میدواروں میں قومی اسمبلی کے لئے اٹک این اے 55 سے صاحبزادہ سعید احمد ، راولپنڈی این اے 58 مفتی محمود حسین شائق، این اے 62 طارق منیر بٹ،جہلم این اے 66 محبوب علی مجاہد،منڈی بہاوالدین این اے 86 پیر سید محفوظ مشہدی، میانوالی این اے 96 صاحبزادہ مشتاق العارفین ، چنیوٹ این اے100 مولانا ارشد قمر،لاہور این اے 133 افتخار احمد،پاکپتن این اے 145 راو عظمت اللہ، ساہیوال این اے 147 بشیر احمد ، رحیمیار خان این اے 179 علامہ نور احمد سیال، لیہ این اے188ڈاکٹر بلال کلاسرا،ڈیرہ غازی خان این اے 189 خواجہ مدثر تونسوی جبکہ پنجاب اسمبلی کی نشستو ں پر راولپنڈی پی پی 15 طاہر محمود علوی، سیالکوٹ پی پی 42قاری ریاض الابرار،منڈی بہاوالدین پیر محفوظ مشہدی،سرگودھا پی پی 73 اقبال غوری، فیصل آباد پی پی 103رائے انور کھرل، پی پی 114مفتی عبدالشکور ،پی پی 112خرم شہزاد ، شیخوپورہ پی پی 138 میاں محمداسمٰعیل نقشبندی ،لاہور پی پی 155 محمد بادل رحمانی ،پی پی 156 ارشد حسین گردیزی، پی پی 165 عبدالصمد خان، اوکاڑہ پی پی 184 ایاز علی گجر، پی پی 185محمد نوید عطا اورپاکپتن پی پی 191 راو خلیل اللہ شامل تھے۔ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ سے بھی جے یو پی کے امیدوارمتحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخا بات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جن کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

باپ جنسی بلا بن گیا ، 7 ماہ تک بیٹی سے زیادتی ، 14 سالہ (ر ) کو حاملہ کر دیا ” خبریں “ میں سنسنی خیز انکشافات

فیصل آباد (سپیشل رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ میں درندہ صفت حقیقی باپ ہی اپنی جواں سال بیٹی کو قتل کرنے کی دھمکی دے کر سات ماہ تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، لڑکی کے حاملہ ہونے پر پنچایت بھی معاملہ دبانے کی کوشش کرتی رہی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، تھانہ چک جھمرہ پولیس رپورٹ کے مطابق 199 ر ب اضافی آبادی کی رہائشی طاہرہ بی بی نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میں لوگوں کے گھروں میں کام کاج کر کے گزر بسر کر رہی ہوں جبکہ میرا خاوند اسلم مقامی ملز میں کام کرتا ہے اور کئی کئی روز تک بہانے بنا کر چھٹیاں کر کے گھر میں ہی پڑا رہتا ہے، جبکہ میرے کام پر جانے کے بعد گھر میں میری چودہ سالہ بیٹی رمشا بی بی، فائزہ بی بی اور دیگر بچے ہوتے ہیں، میرا خاوند اسلم ڈرا دھمکا کر میرے دوسرے بچوں کو گھر سے باہر بھیج دیتا اور خود اپنی حقیقی بیٹی رمشا بی بی کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے کر سات ماہ سے زائد عرصہ زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، جس کے باعث میری بیٹی حاملہ ہو گئی، میرے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میرا والد مجھے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا ہے، بات باہر نکلی تو 189 ر ب کےنمبر دار طیب سلیم، اختر رسول اور عدیل وغیرہ نے پنچایت کے ذریعے میرے خاوند کو گاوں چھوڑنے کا کہا اور اس معاملہ کو دبانے کی کوشش کرتے رہے، پولیس نے ملزم اسلم، طیب سلیم اختر رسول اور عدیل کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسلم کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔

شردھا کپور ”نواب زادے“ کی تعریفیں کرنے لگی

ممبئی (خصوصی رپورٹ)بالی وڈاداکارورون دھون کی فلم نواب زادے کے گانے ہائی ریٹڈ گبرو کا موشن پوسٹر جاری کر دیاگیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شردھا کپور اور ورون دھون ریمو ڈی سوزا کی دانس فلم اے بی سی ڈی ٹو کے بعد ایک بار پھر جیاش پرادھن کی فلم نواب زادے میں ایک ساتھ نظر آئیں گے ،ھال ہی میں ورون دھون نے سماجی میل جول کی ویب سائٹ انستاگرام پر فلم کے گانےہائی ریٹڈ گبرو کا موشن پوسٹر شئیر کیا ہے جس میں شردھا کپور اور ورون دھون ایک ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔ گانا آج جمعرات کو جبکہ فلم اگست میں ریلیز کی جائے گی۔

آئی لینڈ جزیرے میں شوٹ فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کا لانچنگ شو

لاہور(ویب ڈیسک ) اورئنٹل فلم کی نئی پروڈکشن ”جیک پاٹ“ کا لانچنگ شو گزشتہ رات گریٹر اقبال پارک میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں ہوا جس میں فلم کی کاسٹ کے علاوہ نومی قمر،کنول الیاس، سید نور،ذوالفقار علی مانا،جونی ملک اور چوہدری اعجازکامران سمیت بہت سے افراد نے شرکت کی۔
فلم کے پروڈیوسرخرم ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو فوکھٹ آئی لینڈ جزیرے میں شوٹ کی گئی ہے۔جاوید شیخ، نور حسن ، ٹیپو، ثنا ، صنم چوہدری سمیت ہر کردار فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔اداکار نور حسن اور صنم چوہدری نے کہا کہ یہ فلم ہمارے فلمی کیرئیر میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اداکار ٹیپو نے کہا کہ متعدد پاکستان سمیت بولی ووڈ فلمیں کر چکا ہوں مگر ”جیک پاٹ“ ان سے سے منفرد اور یادگار فلم ہوگی۔سنیئر اداکار جان ریمبو نے کہا کہ اس فلم میں مہمان اداکار کے طور پر طویل عرصہ بعد فلم بین پردہ اسکرین پر دیکھیں گے، انھوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنے کیلیے آگے بڑھنا ہوگا۔

حمائمہ نے شمعون عباسی سے جڑی تلخ یادیں شیئرکردیں

لاہور (ویب ڈیسک ) حمائمہ ملک نے سابق شوہرشمعون عباسی سے جڑی طلاق سمیت تلخ یادوں کو سوشل میڈیا پرشیئرکردیا۔حمائمہ ملک کا کہنا ہے کہ شمعون عباسی سے شادی ہوئی لیکن وہ زیادہ دیر نہ چل سکی اور اس کا انجام طلاق کی صورت میں ہوا۔ حمائمہ ملک نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا کہ انھیں آٹھ برس قبل اس وقت طلاق ہوئی جب انھوں نے شعیب منصور کی فلم ’بول‘ کی شوٹنگ کے پہلے دن کیمرے کا سامنا کیا تھا لیکن طلاق نے مجھے بہت زیادہ مضبوط بنا دیا او اللہ کا شکر ہے کہ فلم نے بھی شاندار کامیابی حاصل کی۔جس کے بعد میں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ماضی میں حمائمہ ملک سے جب بھی ان کی طلاق بارے سوال کیا جاتا تھا تووہ اس کا جواب دینے سے گریز کرتی تھیں لیکن انھوں نے پہلی بار اس حوالے سے بات کی ہے۔

دانیال عزیز بھی نااہل قرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا، جس کے بعد وہ الیکشن 2018 لڑنے کے اہل نہیں رہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے گزشتہ ماہ 3 مئی کو دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو آئین کے آرٹیکل 204کے تحت عدالت برخاست ہونے تک توہین عدالت کی سزا سنائی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی توہین عدالت کیس میں بھی یہی سزا سنائی تھی۔آج سماعت کے آغاز پر دانیال عزیز عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے آنے پر فیصلہ سنایا جائے گا۔بعدازاں دانیال عزیز بھی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے اس موقع پر سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بکتربند گاڑی بھی سپریم کورٹ کی پارکنگ میں موجود ہے ۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر رواں برس 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔13 مارچ کو دانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی گئی تھی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔مذکورہ کیس کی 3 مئی کو ہونے والی آخری سماعت پر دلائل دیتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا تھا کہ دانیال عزیز نے نگران جج پر ریفرنس تیار کرانے کا الزام عائد کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بریت اور جہانگیر ترین کی نااہلی کو اسکرپٹڈ قرار دیا۔دوسری جانب دانیال عزیز کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کے موکل نے صرف عدالتی فیصلوں پر تنقید کی تھی، کسی جج سے متعلق تضحیک آمیز بیان نہیں دیا۔اس موقع پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدلیہ ایک ادارہ ہے، اس کی اتھارٹی نہیں رہے گی تو کیا رہ جائے گا؟سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے سابق وفاقی وزیر کے خلاف کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

کربرکی ایسٹبورن اوپن کے فائنل16میں رسائی

لندن(آئی این پی)اینجلیق کربر، آگنیسکا راڈونسکا، جوہانا کونتا اور پیٹرا کویٹووا فتوحات برقرار رکھتے ہوئے ایسٹبورن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ لندن میں جاری ومبلڈن اوپن وارم اپ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز دوسرے راﺅنڈ میچز میں جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر نے سیبلکووا کو 6-3اور 6-3سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا بھی دوسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے بوندا رینکو شکست دی، برطانوی کھلاڑی جوہانا کونتا بھی دوسری آزمائش میں سرخرو رہیں، انہوں نے کرونک کو شکست فاش سے دوچار کیا، پولینڈ کی آگنیسکا راڈونسکا نے گریلووا کو ہرا کر دوسرا مرحلہ عبور کیا۔، دیگر کھیلے گئے میچز میں بربورا سٹرائیکووا، ایشلے بارٹی، کاسٹکینا، سیواستووا، ایلیز مرٹنز، بوزرنیسکو، سبالینکا، اوسٹاپینکو اور کولنز اپنی اپنی حریفوں کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں۔

پرویز رشید کی نوازشریف سے ملاقات ، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

لندن (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف سے سینیٹر پرویز رشید نے ملاقات کی ۔ بدھ کو لندن میں پرویز رشید نے سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں انہوںنے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بارے میں دریافت کیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دور ان نیب کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے خلاف کارروائیوں اور راولپنڈ ی کے حلقہ سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔