54 ارب قرضہ معاف کرانیوالی 222 کمپنیوں سے جواب طلب

اسلام آباد (اے پی پی‘ مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے 54 ارب روپے کے قرضے معاف کرانے والی مختلف 222 کمپنیوں سے ایک ہفتے میں تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قرض معاف کرانے والی کمپنیوں کوعوامی نوٹس جاری کردیا گیا ہے جوکمپنیاں عدالت میں حاضر نہیں ہوں گی ان کیخلاف یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔ جمعہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہرعالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے قرضے معافی کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس کا کہناتھا کہ قوم کے 54 ارب روپے خردبرد کرنے کے باوجود یہ کمپنیاں تاحال کام کر رہی ہیں، قرضے کے پیسے ہضم کرلئے گئے لیکن ان کے لینڈ کروزر اور کاروبار چل رہے ہیں۔ تاہم یہ با ت بالکل واضح ہے کہ اگر متعلقہ کمپنیوں نے قوم کے پیسے واپس نہ کئے تو معاملہ نیب کے حوالے کردیا جائے گا اور قرض نادہندگان کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی۔ سماعت کے دوران فریقین کے وکلاءکی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ جس پرچیف جسٹس نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس اہم کیس کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ فریقین کے وکلاءنے عدالت سے استدعا کی کہ کمپنیوں کو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ذریعے نوٹسز دیئے جائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قرضے معاف کرانے والی کمپنیوں کیلئے پبلک نوٹس جاری کردیا گیا ہے، اب اگر کوئی نہیں آتا تو بے شک اپنی ذمہ داری پر نہ آئے، جو کمپنیاں نہیں آئیں گی ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہوگی۔ بعد ازاں عدالت نے متعلقہ کمپنیوں سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرتے ہوئے مزیدسماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جمشید پرمشتمل ایک رکنی کمیشن نے خلاف ضابطہ قرضے معاف کرانے والی 222 کمپنیوں کے خلاف مزید کارروائی کی سفارش کی تھی۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 222 کمپنیوں نے 18.717 ارب کا قرضہ لیا اور قرضے کی رقم کا 8.949 ارب روپے واپس کئے ہیں جبکہ ان کے ذمے 11.769 ارب روپے کا قرض واجب الادا ہے، جس کے ساتھ ان کمپنیوں پر سود کی مد میں بھی 23.572 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

عید پر 4یا 5چھٹیاں، وفاق کا غیر واضح نوٹیفکیشن جاری، عوام چکراگئے

اسلام آباد(صباح نیوز)عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ہوں گی 4 یا 5، وفاقی حکومت کے جاری کردہ مبہم نوٹیفکیشن نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا۔ نوٹیفکیشن میں 2 مختلف جگہوں پر مختلف دن چھٹیوں کا بتایاگیا ہے۔وفاق کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تاریخ کے حوالے سے 15 سے 18 جون چھٹیوں کا بتایا گیا ہے جو 4 دن بنتے ہیں، دوسری جگہ چھٹیوں کے دن جمعہ تا منگل درج کئے گئے ہیں جو 5 دن بنتے ہیں ۔ وفاقی وزارت داخلہ کے اس مبہم نوٹیفکیشن سے ملازمین پریشان ہو گئے ہیں کہ اصل میں عیدالفطرکی چھٹیاں کتنے دن ہیں۔

عام انتخابات، نامزدگی فارم وصول، جمع کرنیکا سلسلہ تیزی سے جاری

لاہور (خبریں رپورٹر) عام انتخابات کےلئے نامزدگی فارم وصول کرنے اور جمع کرانے کا سلسلہ پانچویں روز عروج پر رہا۔مخصوص نشستوں پر فارم جمع کرانے والوںکی تعداد 286ہوگئی ہے۔پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کےلئے 148امیدواروں نے فارم جمع کرائے ۔قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لئے 66امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے ۔غیر مسلم کی مخصوص نشستوں پر 72امیدواروں نے فارم جمع کرادیئے ۔این اے 127،125سے مریم نواز کی طرف سے چودھری ریاض نے فارم حاصل کیا ۔این اے 134سے شہباز شریف ،این اے 124سے حمزہ شہباز شریف ،این اے 129سے سلمان رفیق،جبکہ مریم نواز نے پی پی 173سے بھی نامزدگی فارم حاصل کیا ہے۔مسلم لیگ ق کی تمکین آفتاب ملک نے مخصوص نشست پر کاغذات جمع کرائے پروفیسر حافظ محمد ابو بکر نے پی پی 152سے کاغذات جمع کراے ۔سابق وزیر شاہ نواز نے مخصوص نشست پر ،نیشنل پارٹی کے امیدوار خرم یوسف نے پی پی 159سے ،این اے 127سے جمشید اقبال چیمہ نے ،اس کے علاوہ خواجہ حسان نے پی پی 149سے نامزدگی فارم ،خواجہ احمد حسان کے نمائندے ارسلان حسین نے فارم حاصل کیا لیگی امیدوار محمد افضل بھولا نے پی پی 144سے کاغذات جمع کرائے ۔پی پی 150سے سابق وزیر بلال یاسین نے کاغذات نامزدگی ،سپیکر ایاز صادق نے این اے 134سے بھی نامزدگی فارم حاصل کر لیا۔پی ٹی آئی کے طارق حمید نے پی پی 156سے ،این اے 134کےلئے خواجہ عمران نذیر ،فیصل ایوب کھوکھر نے پی پی 161سے ،پی ٹی آئی کے سیف اللہ کھوکھر نے پی پی 161،پی ٹی آئی کی فاطمہ عثمان ،عاصمہ شوکت نے مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرادئے ۔پی پی 146سے چودھری عبدالروف نے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کر لیا۔این اے 127سے جمشید اقبال چیمہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ۔جمشید اقبال چیمہ کی کورنگ امیدوار مسرت چیمہ نے بھی کاغذات جمع کرادئے ہیں ۔

پریانکا چوپڑا فلم ”کرش4“ میں مرکزی کردار ادا کریں گی

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ ہدایتکار راکیش روشن نے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے فلم کرش 4 میں اداکار ریتھک روشن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے کی تصدیق کر دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہدایتکار راکیش روشن نے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے فلم کرش 4 کا حصہ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم فلم کرش بنا رہے تھے تو ہمیں فلم کے لئے نیا چہرہ چا ہیے تھا اور پریانکا چوپڑا اس کردار کے لئے موزوں انتخاب ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پریانکا چوپڑا فلم کرش سلسلے کی چوتھی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی کیونکہ وہ ان کے بغیر فلم بنانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے

شبنم مجید کو شاہ رخ خان نے بھارت آنے کی دعوت دیدی

لاہور (شوبزڈیسک) گلوکارہ شبنم مجید کو بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان نے بھارت آنے کی دعوت دیدی۔ ذرائع کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ایک پرموٹر کے ذریعے پاکستان کی معروف گلوکارہ شبنم مجید کو بھارت آنے کی دعوت دی ہے کہ وہ یہاں آکر پرفارم کریں ۔ شاہ رخ خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شبنم مجید میری پسندیدہ گلوکارہ ہیں اور میں انکی گائیکی کا مداح ہوں اور میری خواہش ہے کہ میں انہیں لائیو سنوں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے پاکستان آنے کا موقع ملا تو میں لازمی شبنم مجید سے ملاقات کروں گا ۔یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے موبائل فون پر شبنم مجید کے ایک گانے کی رنگ ٹون بھی لگا رکھی ہے ۔

مشہور فلم ”دی میسج“ کی پہلی بار سعودی عرب میں نمائش

نیویارک (شوبز ڈیسک)1976میں ریلیز ہونے والی مشہور آسکر نومینیٹیڈ فلم ’دی مسیج‘ کی اب پہلی بار سعودی عرب میں بھی نمائش کی جائے گی۔ہدایت کار مصطفیٰ اکاد کی اس فلم میں ظہور اسلام کے وقت کی عکاسی کی گئی ہے جس نے دنیا بھر میں خوب کامیابی حاصل کی۔یہ فلم اب عید الفطر کےموقع پر ریاض پارک کے Vox سنیما میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے جسے سعودی سنسر بورڈ نے نمائش کے لیے کلیئر کر دیا ہے۔واضح رہے کہ 1976میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو اس وقت سعودی عرب میں بین کر دیا گیا تھا۔

لاہور کے نجی سکول میںمتنازعہ کتاب پڑھائے جانیکا انکشاف ، معاشرتی علوم کی کتاب میں موجود نقشے میں آزادکشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا

لاہور(صباح نیوز) نجی اسکول میں معاشرتی علوم کی کتاب میں موجود نقشے میں آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔ میڈیار پورٹس کے مطابق لاہور کے نجی اسکول میں متنازعہ کتاب پڑھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نجی اسکول میں پڑھائی جانے والی معاشرتی علوم کی کتاب میں موجود نقشے میں آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے، کتاب دوسری سے آٹھویں جماعت کو پڑھائی جارہی تھی تاہم انکشاف ہونے پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے نجی اسکول کے تمام کیمپسز میں پڑھائی جانے والی سوشل اسٹڈیز کی کتاب پر پابندی لگادی گئی ہے اور کتاب پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالقیوم نے متنازعہ کتاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی اجازت کے بغیر کسی بھی نجی ناشر کی کتاب نصاب کا حصہ نہیں بن سکتی، لیکن یہ کتاب ناصرف ہماری اجازت کے بغیر شائع ہوئی بلکہ نصاب کا حصہ بھی بن گئی جس پر ہم نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقامی تھانے میں اسکول انتظامیہ، پبلشر، اور پرنٹرز کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے جب کہ پرنٹر و پبلشر کو گرفتار کرکے پورے ملک سے کتابیں اٹھانے کی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

ماہرہ خان کی فلم ” سات دن محبت ان “ کو سنسر سرٹیفیکیٹ مل گیا

لاہور(شوبزڈیسک)لالی وڈ کی فلم ” سات دن محبت ان “ کو سنسر سرٹیفیکیٹ مل گیا ، عید الفطر پر نمائش کیلئے ایڈوانس بکنگ بھی شروع ہو گئی۔فلم کی سٹار کاسٹ لاہور اور اسلام آباد کی پروموشن کے بعد کراچی پہنچ گئی ۔ تشہیری سرگرمیاں زور و شور سے جاری ۔عید الفطر پر ریلیز کیلئے تیار لالی وڈ کی نئی فلم ” سات دن محبت ان “ کو مرکزی فلم سنسر بورڈ اسلام آباد کے ساتھ ساتھ پنجاب اور سندھ کے سنسر بورڈز کی جانب سے عام نمائش کیلئے سنسر سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تینوں سنسر بورڈز میں شامل اراکین نے فلم کو بغیر کسی کٹ اور اعتراض کے نمائش کی اجازت دے دی ۔ رومانس اور طنز و مزاح سے بھرپور ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے رواں برس عید الفطر کے تہوار کے موقع پر سنیماﺅں کی زینت بنایا جائے گا جس کی مناسبت سے فلم کی تشہیری مہم بھی جاری ہے ۔ فلم کو ” زندہ بھاگ“ کی ڈائریکشن سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی ڈائریکٹر جوڑی مینو فرجاد نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اس کی سٹار کاسٹ میں ماہرہ خان ، شہریار منور، آمنہ الیاس، میرا سیٹھی ، جاوید شیخ ، حنا دلپذیر سمیت دیگر نمایاںہیں ۔ فلم کے موضوع، کردار اور کہانی کی مناسبت سے فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے نامور فنکاروں کو بھی فلم کا حصہ بنایا گیا ہےجبکہ فلم کا میوزک ارشد محمود، شجاع حیدر اورشانی ارشد نے مل کر ترتیب دیا ہے ۔ ٹریڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ ” 7دن محبت ان “ لالی وڈ کی روایتی فارمولا فلموں سے الگ اور فلم میکنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری پروڈکشن ہے جو گذشتہ برس ریلیز ہونے والی فلموں کا باکس آفس ریکارڈ توڑنے میںکامیاب رہے گی ۔

فہد مصطفےٰ اور مہوش حیات کی ”لوڈ ویڈنگ“کی جھلک آگئی

لاہور( شوبزڈیسک) فلم والا پکچرز کے تحت بننے والی فلم ”لوڈ ویڈنگ“عید الاضحی پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ہیںجو کہ ایک نئے روپ میں شائقین کو نظر آئیں گے۔ “لوڈ ویڈنگ “کے جاری کیے گئے پوسٹر میں فہد مصطفیٰ کو چبھتے ہوئے کلر کا سویئٹر اور بیگی جینز کے ساتھ لال مفلر اور گھنی مونچھوںمیں دکھایا گیا ہے، جسے دیکھ کر فلم شائقین حیرت میں پڑجائیں گے،جبکہ مہوش حیات بھی کرتا شلوار کے ساتھ لمبی چوٹی اور جھکموں کے ساتھ دیسی کڑی کے روپ میں جلوے بکھیریں گی۔ فلم عید الاضحی پر بڑے پردے کی زینت بنے گی۔فلم “لوڈ ویڈنگ” فلم والا پکچرز کی پیش کش ہے۔، جس کی ہدایات ایکٹر ان لاءاور نامعلوم افراد 1اور2سے شہرت پانے والے معروف ہدایات کار نبیل قریشی نے دیں ہیں۔

35سالہ نوشین کا سسرالیوں سے اکثر جھگڑا رہتا، سسرال والے اس پر تشدد اور مارپیٹ کرتے رہتے تھے

سیالکوٹ(بیورورپورٹ)تھانہ کینٹ کے علاقہ بھوتھ میں سسرالیوں کے تشدد اور مار پیٹ سے دلبرداشتہ ہو کر حاملہ خاتون نے آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کے علاقہ بھوتھ محلہ باغ والا میں 8ماہ کی حاملہ 35سالہ نوشین بی بی کا اس کے سسرالیوں کے ساتھ لڑائی جھگڑا معمول کے مطابق جاری رہتا تھا اور خاتون کے سسرالی اس پر تشدد اور مار پیٹ کرتے رہتے تھے ۔گزشتہ روز حاملہ خاتون نے اپنے سسرالیوں کی مارپیٹ اور تشدد سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگا لی۔ خاتون کئی گھنٹے تک آگ میں جھلستی رہی جس کو کسی نے بچانے کی کوشش نہ کی ۔ بعدازاں علاقہ کے لوگوں نے اس کو ہسپتال پہنچایا جہاں خاتون دم توڑ گئی ۔ مقتولہ چار بچوں کی ماں اور8ماہ کی حاملہ ہے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ہمیشہ میوزک کے ذریعے ثقافت کو نمایاں کرتی ہوں

لاہور(شوبزڈیسک)گلو کارہ حمیراارشد نے کہا ہے کہ کلاسیکل اور پاپ میوزک کے جدید دور میں بھی پاکستانی عوام ہمیشہ اچھا میوزک سننے کے لیے بے چین رہتے ہیں میں ہمیشہ اپنے میوزک کے ذریعے ثقافت کو نمایاں کرتی ہوں ،اگر موجودہ دور کی مناسبت سے میوزک کو تیار کیا جائے تولوگ سننے کے لیے بیتاب رہتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میںحمیراارشدنے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ کسی بھی میوزک کی کامیابی اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتی ہے جب تک اس میوزک میں گانے والے کے اپنے کلچر کا رنگ دکھائی نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ ایسے گیت تیار کروں جن میں ہمارے کلچر اور ثقافت کا رنگ نمایاں ہو۔

سری دیوی کی بیٹی جھانوی کی فلم” دھڑک“ کا پوسٹر جاری

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ فلم دھڑک کا نیا پوسٹر جاری کر دیا گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلمساز کرن جوہر نے فلم دھڑک کا نیا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کا ٹریلر جلد آنے والا ہے، پوسٹر میں اداکار ایشان کھٹڑ اور جھانوی کپور نے سفید رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور ایشان جھانوی کپور کے گال پر نیلا رنگ لگا رہے ہیں۔ ہدایتکار ششانک کھیتن کی فلم دھڑک مراٹھی فلم سیرت کے ہندی ریمیک سے زیادہ مماثلت پر مبنی فلم ہے۔ یہ فلم آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی پہلی فلم ہے جو رواں سال 20 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

گلوکار جواد احمد کے کاغذات نامزدگی واپس

لاہور (آن لائن) برابری پارٹی کے سربراہ اور گلوکار جواد احمد کے کاغذات نامزدگی اعتراض لگا کر واپس کر دئیے گئے ہیں برابری پارٹی کے سربراہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے اپنے متعلقہ ریٹرنگ آفیسر کے روبرو پیش ہوئے جہاں جواد احمد نے اپنے کاغذات نامزدگی پیش کئے لیکن ریٹرنگ آفیسر نے بیان حلفی سات نہ لگنے کی وجہ سے کاغذات نامزدگی جواد احمد کو واپس کر دئیے ہیںیہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لاہور سے پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک امیدوار ملک ریاض کے بھی کاغذات نامزدگی ان وجوہات کی بناءپر اعتراضات لگا کر واپس کر دئیے ہیں۔