زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج، عمران خان کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ

راولپنڈی (این این آئی) عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کو زلفی بخاری نے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے عمران خان اور اہلخانہ کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کےلئے سعودی عرب روانا ہونا تھا لیکن ایف آئی حکام نے انہیں نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث روک دیاجس کے بعد کافی تگ ودو کے بعد وہ اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے میں کامیاب ہوگئے اور عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بعد امیگریشن حکام کو احکامات جاری کئے جس کے بعد انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت دی گئی جس کے بعد وہ 4 بج کر 12 منٹ پر عمران خان ان کی اہلیہ اور عون چودھری کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوگئے ۔

 

خواجہ حارث نواز شریف کے کہنے پر دستبردار ہوئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قانونی ماہر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ خواجہ حارث نے وہی کیا جو ان کے کلائنٹ نے ان سے کہا۔ نوازشریف فرار کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں جس طرح کی نام نہاد پریس کانفرنس کرتے ہیں میڈیا والوں کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ نواز خاندان کیخلاف کیسز بھی بڑے شاہانہ انداز میں چل رہے ہیں ایک ایک گواہ ہے ۔ 20، 20دن جرح کی جارہی ہے ایسی رعایت کی مثال پاکستان میں تو کیا برصغیر میں بھی نہیں مل سکتی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ان سے کہ رہا ہوں کہ عدالتیں ان کے ساتھ نرم رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پھر بھی کہتے پھرتے ہیں کہ دفاع کا حق نہیں دیا جارہا۔ 2سال میں منی ٹریل کی ایک دستاویز بھی جمع نہ کراسکے پھر دفاعی لائن ہی بول دی اور قطری خط اور کیلبری فونٹ لے آئے جو دونوں جعلی تھے نوازشریف کے سامنے لندن جانے میں مفرور بیٹوں کے پاس انہیں متنازع فلیٹس میں ٹھہرتے ہیں کہیں کسی عدالت یا نیب جج نے اس بارے نوازشریف سے سوال نہیں کیا کہ آپ اپنے بیٹوں سے کیوں نہیں پوچھتے کہ پیر کہاں سے آیا۔ نوازشریف پریس کانفرنس میں چھوٹا سا منہ بنا کر کہتے ہیں۔ کہ میرے خلاف ثبوت تو کیا الزام بھی نہیں ہے۔ میڈیا کو سوالات کرنے کی اجازت تک نہیں دی جاتی میڈیا کو ایسی پریس کانفرنسز کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ اب خواجہ حارث کو کہہ کر درخواست دلوا دی ہے وکیلوں کو تو بڑے کشت اٹھانے پڑتے ہیں۔ یہ تو صرف ہفتہ اتوار کی پیشی پر ہی بھاگ گئے۔ میں خود بی بی شہید اور آصف زرداری کے کیسز لڑتا رہا تو صبح لاہور دوپہر کراچی اور رات اسلام آباد میں ہوتا تھا یوسف رضا گیلانی کیس میں 9گھنٹے تک سپریم کورٹ میں کھڑا دلائل دیتا رہا جس دوران میرے پاﺅں سوج گئے۔

فیفا ورلڈ کپ ٹیموں کی روس آمد تیز

ماسکو(آئی این پی)فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں صرف 2دن باقی رہ گئے،میگا ایونٹ14جون سے روس میں شروع ہو گا۔دنیا بھرسے متعداد ٹیموں کا روس پہنچنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جن کا شاندار استقبال بھی کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب ٹیمیں بھی بھرپور پریکٹس کرتی دکھائی دے رہی ہیں اور مصری شہزادے محمد صلاح بھی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں جن کے چاہنے والے ان کی واپسی کے منتظر ہیں ۔روس میں فین فیسٹ بھی شروع ہو گیا ہے جہاں فٹبال کے دیوانوں کا جمِ غفیر امڈ آیاہے اور نامور فٹبال پلیئرز کی ٹی شرٹس سے لے کر کھانے اور دیگر تحائف توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔منچلوں کی بڑی تعداد رو س میں موجود ہے جبکہ دیگر ممالک سے بھی ایک سے ڈیڑھ ملین تک شائقین روس کا رخ کر رہے ہیں، صرف یہی نہیں گھروں میں ٹیلی ویژن اسکرین کے سامنے موجود تین ملین سے زائد شائقین بھی بے تابی سے فیفا ورلڈ کپ کا انتظار کر رہے ہیں۔عالمی کپ کا ابتدائی میچ 14جون کو ممکنہ طور پر روس اور جرمنی کے درمیان ماسکو کے میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی 15جولائی کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔فیفا ورلڈ کپ 2018کے لیے آفیشل فٹ بال ٹیلسٹار 18کی رونمائی بھی کر دی گئی ہے جو پاکستان میں تیار ہوئی ۔ فیفا ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو خالص سونے کی بنی فیفا ٹرافی کے ساتھ مجموعی طور پر 3کروڑ94لاکھ ڈالرس سے زائد رقم بھی انعام کے طور پر ملے گی۔ فائنل میں شکست برداشت کرنے والی ٹیم کو انعام کے طور پر 2کروڑ 95لاکھ ڈالر اور تیسرا مقام حاصل کرنے والی ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالر ،چوتھا مقام پانے والی ٹیم سوا دوکروڑ کے لگ بھگ انعامی رقم کی حقدار قرار پائے گی۔اسپین کی فٹ بال اسوسی ایشن نے ٹرافی جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے تقریبا 10لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں 8برس قبل چیمپئین بننے پر اسپین کی فٹبال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی کس 7لاکھ 63ہزار ڈالر کا انعام دیا تھا۔ دفاعی چمپیئن جرمنی نے بھی ٹیم کی جانب سے اعزاز کے کامیاب دفاع پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ اگر جرمن ٹیم یہ اعزاز دوبارہ پانے میں کامیاب رہی تو ہر کھلاڑی کے اکانٹ میں چار لاکھ 12ہزار ڈالر جمع ہو جائیںگے۔ اس سلسلے میں برازیل بھی پیچھے نہیں ، اگر نیمار کی ٹیم نے 16برس کے بعد ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا تو فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ہر کھلاڑی لگ بھگ ساڑھے 9لاکھ ڈالرز کا حقدار بن جائے گا۔

عابدہ حسین نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی سے پیسے لینے کی تردید کردی

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر سیدہ عابدہ حسین نے اصغر خان کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔ عابدہ حسین نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی سے پیسے لینے کی تردید کر دی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ کسی سے کوئی رقم نہیں لی۔ اسد درانی کا بیان حلفی درست نہیں۔ 1990ءکے الیکشن میں پیسے لینے کا الزام غلط ہے۔

قومی ٹیم کے درازقد فاسٹ باﺅلر عرفان اومان پہنچ گئے

کراچی (بی این پی ) محمد عرفان گزشتہ رو زاومان پہنچ گئے ۔ انہیں مسقط میں ہو نےو ا لے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔چیئرمین میاں محمد منیر نے بتایا کہ مسقط میں شائقین کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ دنیا کے طویل قامت فاسٹ بالرز کو آکر دیکھ سکتے ہیں۔

نواز شریف ، مریم ، کیپٹن صفدر کیخلاف نیب ریفرنسز کا فیصلہ جلد متوقع

اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب )نے ایک بار پھر ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز ، کیپٹن صفدر ، حسن اور حسین نواز کانام ای سی ایل میں ڈالنے کےلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے ۔پیر کو میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نیب ریفرنسز میں ملزموںکے خلاف جلد ٹرائل کورٹ کا فیصلہ متوقع ہے ¾اس لئے خدشہ ہے کہ ملزمان بیرون ملک جا سکتے ہیں۔ خط میں سفارش کی گئی ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل ڈالنے کے حوالے سے ازسر نو جائزہ لیا جائے کیونکہ ریفرنس کا فیصلہ قریب ہے جس کی وجہ سے ملزمان بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں۔ نیب نے حسن نواز اور حسین نواز کانام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے ۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل سپریم کورٹ نے نواز شریف اورمریم نواز کو بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور اب اگر نیب کی سفارش پر وزارت داخلہ کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تو ان کا لندن جانے کا پروگرام کھٹائی میںپڑ سکتا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے دور ان بھی نیب نے سابق وزیراعظم اور ان کے بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کےلئے خط لکھا تھا۔

سرفرازالیون بہتری کی جانب گامزن ،سیٹھی

لاہور(سی پی پی) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ میں پاکستان میں کرکٹ کی موجودہ صورتحال سے مطمئن ہوں، شائقین میں جوش و خروش ہے، کھیل میں پیسہ بھی آنے لگا، انٹرنیشنل کرکٹ بتدریج واپس آ رہی ہے، پاکستان سپر لیگ ایک کامیاب ایونٹ بن چکا، قومی کرکٹ ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے، اس ضمن میں کوالیفائیڈ کوچز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اعلی معیار کے ڈسپلن اور بہتر مستقبل کیلیے عزم کی بدولت ہم بہت جلد دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوں گے، ابھی کئی خامیاں ہوں گی جنھیں وقت اور تجربے کیساتھ دور کر لیں گے، پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔، میری کوششوں کا بالآخر اچھا نتیجہ سامنے آنے پر میڈیا میں تنقید بھی ختم ہوجائیگی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ 2019 تک کا ہے۔ اس میں توسیع کا فیصلہ فریقین کو مل کر ہی کرنا ہوگا، میرے خیال میں غیرملکی کوچ بہترین کام کر رہے ہیں، معاون اسٹاف بھی اپنا کردار کر رہا ہے، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کو جانا ہے، ان کا خلا پہلے سے موجود آفیشلز میں سے ہی کوئی پر کرے گا یا کسی نئے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ کی سفارشات کو مدنظر رکھیں گے، جہاں تک آرتھر کے اپنے کنٹریکٹ کی بات ہے انھوں نے خود ہی کہا تھا کہ میں گرین شرٹس کو ورلڈ کپ تک لے کر جاﺅں گا، میرے خیال میں بھی اس کے بعد ہی اگلا فیصلہ کرنا مناسب ہو گا،البتہ پی سی بی کوچ کی کارکردگی سے خوش اورکھلاڑی ان کی قدر کرتے ہیں، آرتھر کے کپتان سرفراز اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔ سب کا ایک صفحے پر ہونا پاکستان کرکٹ کیلیے خوش آئند ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ غیرملکی کوچنگ اسٹاف کی موجودگی میں قومی ٹیم کا ڈسپلن بہت بہتر ہوا، کوئی کھلاڑی 10سال میں آنے والا واحد سپر اسٹار ہو تب بھی نظم و ضبط کے حوالے سے کوئی معافی نہیں مل سکتی۔انھوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے قومی کرکٹرز کو پی ایس ایل کے سوا2 لیگز میں شرکت کی اجازت ہے،کچھ خصوصی معاملات میں حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ کے سپرد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ اگر کسی کھلاڑی کے فٹنس مسائل پیدا ہونے یا معمولی انجری میں اضافے کا خدشہ ہو تو وہ اس کو روک سکے۔

آرمی چیف سے آذر بائیجان کے سفیر کی ملاقات، علاقائی امن واستحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آذر بائیجان کے سفیر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی امن واستحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آذر بائیجان کے سفیر نے چیف آف آرمی سٹال جنرل قمر جاوید باجوہ سے پیر کو ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کے سفیر نے علاقائی امن و استحکام کےلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور خطے میں اپنے ملک کے کردار ادا کرنے کی خواہشات کا اظہار کی۔

قومی اسمبلی : اقلیتی نشستوں پر 9پی ٹی آئی امیدواروں کے نام فائنل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں امیدواروں کی نشستوں کی فہرست جاری کر دی۔ چئیرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں پر 9 کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن پر چئیرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے دستخط موجود ہیں۔قومی اسمبلی میں اقلیتی نشستوں پر لال چند ملہی، شنیلا رتھ، رمیش کمار، جے پرکاش اور جمشید تھومس تحریکِ انصاف کی ترجیحی فہرست میں شامل ہیں۔ ہریش کمار، جارج کلیمنٹ، سیمسن اعجاز اور بابر شہزاد کے نام بھی قومی اسمبلی کی اقلیتی نشستوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

کوہلی کا مومی مجسمہ ٹوٹ گیا ،مرمت کے بعد دوبارہ نمائش کےلئے پیش

دہلی(سی پی پی)ویرات کوہلی کا مادام تساﺅ میوزیم میں حال ہی میں نصب ہونےوالا مجسمہ ٹوٹ گیا۔ ویراٹ کوہلی کا مادام تساﺅ میوزیم میں حال ہی میں نصب ہونے والا مجسمہ ٹوٹ گیا،مداحوں کی زیادہ آمد کی وجہ سے مجسمہ اپنی جگہ سے گرا اور ٹوٹ گیا تاہم منتظمین نے اسے ٹھیک کرکے دوبارہ لگا دیاہے۔

عمران خان نے موروثی سیاست ختم کرنیکا اعلان کر کے یو ٹرن لے لیا

لاڑکانہ (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے، انہوں نے پارٹی ٹکٹ تقسیم میں اپنے موقف سے یوٹرن لے لیا، پیپلز پارٹی کی نیت صاف ہے، جے ڈی اے والوں سے پوچھیں ان کے پیچھے کون ہے، سب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، امید ہے وقت پر ہی ہوں گے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کیس کا فیصلہ عدالت کرے گی میں بھی دیگر کی طرح انتظار میں ہوں، ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں معاشی انصاف ہو، الیکشن میں سرپرائز ملے گا، پیپلز پارٹی پہلے سے بہتر نتائج دے گی، میں کارکن اور امیدوار سب مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں، سب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، امید ہے وقت پر ہی ہوں گے، عمران خان نے کہا تھا کہ وہ موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے، عمران خان نے پارٹی ٹکٹ تقسیم میں اپنے موقف سے یوٹرن لے لیا، پیپلز پارٹی کی نیت صاف ہے، جے ڈی اے والوں سے پوچھیں ان کے پیچھے کون ہے، چوہدری نثار کے پاس کچھ ہے تو انہیں کہنا چاہیے۔

فٹبال ورلڈ کپ، آفریدی جرمنی کو سپورٹ کریں گے

کراچی(آئی این پی) فیفا ورلڈ کپ میں آفریدی جرمنی کو سپورٹ کریں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ فٹبال مجھے بہت پسند ہے، میری فیورٹ ٹیم جرمنی ہے، اس مرتبہ بھی جرمنی کو سپورٹ کروں گا، الوداعی میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیل سکا لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری میچ میں قیادت کرنا میرے لیے اعزاز رہا۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب زندگی میں کوئی حسرت نہیں، جو چاہا ملا، اب اپنے فلاحی مقاصد پر توجہ ہے۔ پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بہتری کی طرف جا رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے، ان مقابلوں کوئی بھی ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے۔

کبھی بھی اپنے دیرینہ اور وفادار کارکن سے ناانصافی نہیں کرونگا کبھی بھی اپنے دیرینہ اور وفادار کارکن سے ناانصافی نہیں کرونگا

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں جان بوجھ کر کبھی بھی اپنے کسی دیرینہ اور وفادار کارکن سے ناانصافی نہیں کروں گا، ٹکٹوں کی تقسیم پر کارکنان اپنی شکایات بھیجیں میں بذات خود ہر درخواست کا جائزہ لوں گا ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کے دیرینہ کارکنان کیلئے میرا پیغام ہے کہ اگر آپ میں سے کوئی سمجھتا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران اسے نظر انداز کیا گیا یا اس سے ناانصافی کی گئی تو وہ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے پتے پر ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ارشد داد کو اپنی درخواست بھیجے۔عمران خان نے کہا کہ کارکنان اپنی شکایات بھیجیں میں بذات خود ہر درخواست کا جائزہ لوں گا اور اس کے مطابق کارروائی کروں گا، میں جان بوجھ کر کبھی بھی اپنے دیرینہ اور وفادار کارکنان میں سے کسی سے ناانصافی نہیں کروں گا۔