اسلام آباد(عبدالودود قریشی سے)مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے میاں نواز شریف کو سعودی حکومت سے احتجاج کرنے کا کہا ہے کہ جب میاں نواز شریف اقتدار میں تھے تو سعودی حکومت ان کا دم بھرتی تھی اب جبکہ وہ اقتدار سے فارغ ہوگئے ہیںتو سعودی حکومت نے عمران خان کا استقبال شروع کر دیا ہے انھیں ایئر پورٹ پر ایک حکمران کا پروٹوکول دیا گیا اور انھیں مدینہ منورہ میں خصوصی گاڑی بھی مہیا کی گئی جو عام طور پر عرب شہزادوں،بزرگ اور ٹانگوں سے محروم افراد کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے میاں نواز شریف کو مطلع کیا ہے کہ سعودی حکومت کے اس رویے سے ان کے ووٹ بینک پر برا اثر پڑے گا اب اسی طرح کا استقبال مکہ مکرمہ میں عمران خان کا سعودی حکومت کے کرنے اور انھیں باضابطہ پروٹوکول دینے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ پاکستان کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک کو شدید متاثر کرے گا سعودی حکومت کے اس پروٹوکول کو روکنے یا اس کی تشہیر روکنے کے اقتدامات کرنے کے لئے فوری رابطہ کیا جائے۔یاد رہے کہ عمران خان گذشتہ روز جب مدینہ منورہ پہنچے تو انھوں نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار دیئے اور انھوں نے وہاں جوتا نہیں پہنا جسے پاکستان میں بریلوی مکتبہ فکر نے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔جبکہ میاں نواز شریف جب بھی سعودی عرب جاتے تھے وہ سعودی عرب کے حکمرانوں اور ان کے مسلک کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے مسلک کو بھول جاتے تھے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے سوشل میڈیا پر عمران خان کی پذیرائی کو اپنے لئے مہلک قرار دیا ہے۔
Monthly Archives: June 2018
آصفہ بھٹو عام انتخابات کے بجائے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گی
کراچی (صباح نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے الیکشن 2018 میں حصہ لینے سے متعلق فیصلہ تبدیل کرلیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق آصفہ بھٹو عام انتخابات کے بجائے قومی اسمبلی کے لئے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گی ،وہ کس حلقے سے انتخاب لڑیں گی ؟اس حوالے سے معاملات طے ہونا باقی ہیں۔ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو کو ممکنہ طور پر پی پی چیئرمین بلاول بھٹو 2 جیتنے والی نشستوں میں سے ایک خالی ہونے والی سیٹ سے انتخاب لڑایا جاسکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو لیاری اور لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں، وہ لاڑکانہ کی آبائی سیٹ رکھنا چاہتے ہیں جبکہ آصفہ بھٹو لیاری کو اپنا حلقہ بنانا چاہتی ہیں، اس لئے لیاری سے ضمنی الیکشن لڑیں گی۔ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو کو لیاری کاحلقہ دینے کی وجہ سے انہیں عام انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
وقت آ گیا پاکستان ، افغانستان ملکر خطے میں امن تلاش کریں ، آرمی چیف
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، افغان صدر سے ملاقات کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔ پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورے کابل کے دوران افغان صدر اشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کی اور ان سے وفد کی سطح رپر بھی بات ہوئی یہی نہیں سپہ سالار نے اتحادی افواج کے سربراہ جنرل نکولسن، افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ آرمی چیف امن اقدامات پر افغان حکام کو مبارکباد دی۔ سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ افغان صدر کی دعوت پر منگل کو کابل پہنچے جہاں انہوں نے اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان صدر سے ملاقات میں پاکستان افغانستان ایکشن پلان فار سولیڈیرٹی پر عمل درآمد کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اور خاص طور پر امن و مصالحت کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل باجوہ کی کابل روانگی سے قبل پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی اتحادی حکومت، امریکہ اور نیٹو فورسز کی طرف سے ملک میں قیامِ امن کی کوششوں کی کامیابی کا خواہاں ہے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات اتار چڑھاو کا شکار رہتے ہیں تاہم دو طرفہ رابطوں میں حالیہ مہینوں میں بہتری آئی ہے۔مئی کے اواخر میں افغانستان کے ایک اعلی سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر، انٹیلی جنس ادارے این ڈی ایس کے سربراہ معصوم استنکزئی، فوج کے سربراہ محمد شریف یفتالی اور وزیر داخلہ واعظ برمک بھی شامل تھے۔اس دورے میں افغان وفد نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ سے بھی ملاقات کی تھی۔اس ملاقات کے بعد فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری ایک بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان وفد سے کہا تھا کہ طویل تنازعات سے دونوں ممالک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان مل کر خطے میں امن کا راستہ تلاش کریں۔جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر اعتماد ہونا چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کسی صورت ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔افغانستان میں امن و مصالحت کی کوششوں میں بھی حالیہ مہینوں کے دوران تیزی آئی ہے۔صدر اشرف غنی نے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ رواں ماہ 20 جون تک افغان طالبان کے خلاف جنگ بندی کا غیر مشروط اعلان کیا ہے جس کے جواب میں طالبان کی طرف سے عیدالفطر کے موقع پر تین روز کے لیے حملے روکنے کے بیان سامنے آیا ہے۔گزشتہ ہفتے ہی امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دیگر معاملات کے علاوہ جنگ سے تباہ حال افغانستان میں امن و مصالحت کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی حکومت کی ایک اعلی عہدیدار لیزا کرٹس نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ امریکہ نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں افغان حکومت کی مدد کرے،پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر منگل کو کابل کا دورہ کیا۔
مودی کی جان کو خطرہ سکیورٹی سخت کردی گئی
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جان کو خطرے کے مدنظر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ان کی سیکورٹی کا مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں وزیر اعظم کی سلامتی کے نظم و نسق کا جائزہ لینے کے بعد ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ نے سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر وزیراعظم کی سیکورٹی کو سخت کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کومہاراشٹر پولیس سے ایک رپورٹ ملی تھی جس میں ما نواز تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں کے درمیان بات چیت کا ذکر ہے ۔ اس بات چیت میں وزیر اعظم کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی ہے۔خیال رہے کہ پولیس نے پونے کے بھیما کوریگاوں تشدد معاملے میں پانچ لوگوں کو گرفتار کیا تھا ۔ ان لوگوں کے پاس سے ایسے دستاویزات ملے تھے جن میں مبینہ طورپر وزیراعظم کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی تھی۔
نادرا نے سابق صدر پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ بحال کر دیا
اسلام آباد (آئی این پی)سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں نادرا نے سابق صدر پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ بحال کر دیا جبکہ پاسپورٹ آفس نے بھی سابق صدر کا پاسپورٹ بحال کر دیا ہے،اب پرویز مشرف سفر کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے بلاک کئے گئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو بحال کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے حکم پر سابق صدر کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلاک کیا گیا تھا۔تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر پرویز مشرف کو وطن واپس آ کر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی اور اس بات کی ضمانت دی تھی کہ سابق صدر کو وطن واپسی پر گرفتار نہیں کیا جائے گا، سپریم کورٹ نے نادرا اور پاسپورٹ آفس کو سابق صدر کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔
چودھری نثار نے ن لیگ کی اینٹیں لگائیں نہ چوری کرسکتے ہیں: پرویز رشید
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کو سہارا دیا جب چوہدری نثار پارٹی کیساتھ غداری کر رہے تھے۔ چوہدری نثار نے نہ ہی (ن) لیگ کی اینٹیں لگائی ہیں اور نہ چوری کرسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی سازش ناکام بنانے کیلئے انہوں نے وزارت چھوڑ دی ہیں۔ چوہدری نثار مجھے پارٹی قائد نواز شریف سے دور نہیں کرسکتے۔
انتخابی میدان میں تیاری سے اتریں گے ، فتح ہماری ہو گی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے\۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی لاہور کی قیادت سے ملاقات میں سابق صدر نے انتخابات 2018ءکیلئے امیدواروں سے متعلق مشاورت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات بھرپور طریقے سے لڑے گی اور ہر حلقے سے مضبوط امیدوار دیں گے۔ تنظیمی کارکن بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ آصف علی زرداری سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے صفدر ماہی نے بھی ملاقات کی اور ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صفدر ماہی پیپلز پارٹی کی جانب سے پی پی 78 سے انتخابی امیدوار ہوں گے۔
شمالی کوریا کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہوں : ٹرمپ ، ایٹمی پروگرام ختم کردونگا ، کم جونگ
سنگاپور سٹی (این این آئی) سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ا±ن کے درمیان ہونے والی پہلی اور تاریخی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان سنگاپور کے خوبصورت جزیرے سینٹاسو کے پ±ر تعیش ہوٹل میں 48 منٹ کی بالمشافہ تاریخی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پیپلز ری پبلک آف کوریا کے چیئرمین کم جونگ ا±ن کے درمیان 12 جون 2018 کو سنگاپور میں پہلی اور تاریخی ملاقات ہوئی۔ دونوں حریف رہنماﺅں کے درمیان ایک نئے ، مضبوط اور مربوط تعلقات کےلئے جامع، مخلصانہ اور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تاکہ جزیرہ نما کوریا میں پائیدار اور مستحکم امن کے قیام کی بنیاد رکھی جا سکے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ا±ن کو شمالی کوریا کی سالمیت کو درپیش خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تحفظ کی ضمانت دی جس کے جواب میں کم جونگ ا±ن نے امریکی صدر کو جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی خوشگوار تعلقات شمالی کوریا اور دنیا کے امن کے لیے نہایت کارگر ثابت ہوں گے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے جن چار نکات پر اتفاق کیا ہے ان میں کہاگیا کہ اپنے اپنے ملک کی عوام کی امنگوں اور خوشحالی کو مد نظر رکھتے ہوئے امن و استحکام کے لیے امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان نے ایک نئے اور مستحکم تعلق کا عزم کیا ہے۔نکات میں کہاگیا کہ جزیرہ نما کوریا میں پائیدار و مستحکم امن کے قیام کےلئے امریکا اور شمالی کوریا مشترکہ جدوجہد کریں گے۔نکات میں کہاگیا کہ شمالی کوریا رواں سال 27 اپریل کو جاری ہونے والے پنمجوم اعلامیے پر عمل در آمد کو یقینی بناتے ہوئے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کارآمد کاوشیں کرے گا۔نکات کے مطابق امریکا اور شمالی کوریا جنگ کے دوران اسیر اور لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کی سنجیدہ کوششیں کریں گے اور جن کی شناخت ہوجائے انہیں فوراً ملک واپس بھیجا جائے گا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ تاریخی ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تناﺅ اور دشمنی کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ طے پانے والے امور پر عمل درآمد کی نگرانی کےلئے امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور جلد دونوں ممالک کے اہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے ہونے والی اجلاس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ دونوں رہنماو¿ں سے تمام تلخیاں، بیانات اور دھمکیاں ایک طرف رکھ کر ہاتھ ملا لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان سنگاپور میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ سنگاپور کے سینٹوسا آئی لینڈ میں ہونے والی اس تاریخی ملاقات کے لیے کم جونگ ان اپنے وفد کے ساتھ ہوٹل پہنچے اور کچھ لمحات بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قافلہ بھی ہوٹل پہنچ گیا۔ امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان نے ملاقات کے آغاز میں ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں سنجیدہ نظر آئے، لیکن بات چیت ہوئی تو چہروں پر مسکراہٹ بھی آگئی اور ایک بار پھر ہاتھ ملائے گئے۔ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ون آن ون ملاقات میں شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا معاملہ سرفہرست رہا اور 67 برس سے ایک دوسرے کے دشمن، ایٹمی ہتھیاروں سے برباد کرنے کی دھمکیاں دینے والے پہلی بار ایک ساتھ بیٹھ گئے۔ وفود کے ہمراہ ملاقات میں امریکی وزیرخارجہ جان بولٹن، چیف آف اسٹاف بھی شریک جبکہ کم جونگ ان کے دست راست کم یونگ چول، موجودہ سابق وزیر خارجہ بھی شریک رہے۔ صدر ٹرمپ نے توقع ظاہر کی کہ شمالی کوریا کے سربراہ سے تعلقات بہترین رہیں گے۔
سائرہ نسیم کے ”سوہنیاں“ کے مداح 10 لاکھ ہوگئے
لاہور(شوبزڈیسک) گلوکارہ سائرہ نسیم کے نئے گانے ”سوہنیاں“ کو سوشل میڈیا پر دیکھنے والوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہوگئی گلوکارہ سائرہ نسیم نے گانے کو عید کا گفٹ قرار دے دیا ان کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو سونگ ورلڈ وائیڈ ریلیز کیا گیا ہے جس کی بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے اس گانے کو ایس ایس نے پرڈیوس کیا ہے گانے کو پنجابی اور سرائیکی زبان میں خوبصورت انداز میں تیار کیا گیا جس کی ویڈیو کی عکسبندی میں پنجاب کا کلچر دکھایا گیا ہے۔
سائرہ نسیم کا کہنا تھا کہ میں ان دنوں مختلف ٹی وی چینلز پرعید کی ریکارڈنگ میں حصہ لے رہی ہوں جہاں میرے نئے گانے کو پسند کیا جاراہے ۔
انکوائری میں تاخیر برداشت نہیں ، چیف جسٹس
لاہور (کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اصغر خان عملدرآمد کیس میں وزارت دفاع سمیت تمام اداروں کو ایف آئی اے سے تعاون کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ پرویز مشرف کے پاکستان آنے میں جو رکاوٹ تھی وہ ختم کردی، اب یہ ان کی بہادری پر ہے کہ وہ آتے ہیں یا نہیں، پرویز مشرف آئیں اور دکھائیں کہ وہ کتنے بہادر ہیں۔ گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی، میر حاصل بزنجو، عابدہ حسین، غلام مصطفی کھر اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اصغر خان عملدرآمد کیس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کریں گے، ایک منٹ ضائع کیے بغیر تفتیش مکمل کی جائے۔ چیف جسٹس کی جانب سے ڈی جی ایف آئی سے استفسار کیا گیا کہ کیا سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بیان ریکارڈ کروا دیا ہے؟۔ جس پر انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کا بیان آچکا ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے نے جس کو بلایا اسے جانا ہوگا، اس عدالت کے دائرہ میں کسی ایجنسی کا کوئی زور نہیں ہے۔ دوران سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے چیف جسٹس نے ریمارکس دئے کہ پرویز مشرف کے پاکستان آنے میں جو رکاوٹ تھی وہ ختم کردی، اب یہ ان کی بہادری پر ہے کہ وہ آتے ہیں یا نہیں، پرویز مشرف آئیں اور دکھائیں کہ وہ کتنے بہادر ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جاوید ہاشمی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ میں بھاٹی سے انتخاب لڑوں تو نہیں چیت سکتا، ہاشمی صاحب میں نے الیکشن نہیں لڑنا، آئین کا تحفظ کرنا ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے جاوید ہاشمی سے استفسار کیا کہ آپ نے وزیر اعظم ہاﺅس میں میرے کردار کی تعریف کی تھی؟۔ جس پر سینئر سیاستدان نے کہا کہ میں آپ کی دل سے عزت کرتا ہوں۔ اس موقع پر عدالت میں موجود میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تفتیش میں شامل ہونے کا مقصد کسی کو بدنام کرنا یا ہراساں کرنا نہیں، اگر سرخرو ہوئے تو سب صاف ہوجائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو بدستور اپنے عہدے پر کام کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام اداروں کو وفاقی تحقیقاتی ادارے سے تعاون کرنے کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ 9 جون کو اصغر خان عملدرآمد کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کرایا تھا، جس میں انہوں نے 1990ءکی انتخابی مہم کے لیے 35 لاکھ روپے لینے کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ1990ءکی انتخابی مہم کے لیے اسد درانی یا ان کے کسی نمائندے سے کوئی رقم نہیں لی اور نہ ہی کبھی یونس حبیب سے 35 لاکھ یا 25 لاکھ روپے وصول کیے۔ نواز شریف نے کہا کہ ان الزامات سے متعلق 14 اکتوبر 2015ءکو اپنا بیان ایف آئی اے کو ریکارڈ کروا چکا ہوں۔ اس کے علاوہ اصغر خان کیس میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنی جماعت پر عائد الزامات کے حوالے سے اپنا بیان حلفی جمع کرادیا تھا۔ سراج الحق نے بھی 1990ءکے انتخابی مہم کے لیے آئی ایس آئی سے رقم لینے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے بیان حلفی میں کہا تھا کہ جماعت اسلامی 2007 میں رضاکارانہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ بنی،ہم نے آئی ایس آئی سے کوئی رقم وصول نہیں کی، ہم کسی بھی فورم یا کمیشن میں جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ 1990 ءکی انتخابی مہم کے حوالے سے یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس انتخابی مہم کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتوں اور رہنماﺅں میں پیسے تقسیم کیے گئے۔اس حوالے سے ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، یہ کیس پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اصغر خان کیس کے نام سے مشہور ہے۔خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے اپنے ایک بیان حلفی میں دعویٰ کیا تھا کہ سیاسی رہنماں میں یہ پیسے مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب سے لے کر بانٹے گئے تھے۔پیسے لینے والوں میں غلام مصطفی کھر، حفیظ پیرزادہ، سرور چیمہ، معراج خالد اور دیگر رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ میاں نواز شریف کا نام بھی سامنے آیا تھا۔اصغر خان کیس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ پیسے بانٹنے کا یہ سارا عمل اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان اور دیگر قیادت کے بھی علم میں تھا۔سپریم کورٹ نے 2012ءمیں اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلامی جمہوری اتحاد کی تشکیل کے لیے مسلم لیگ (ر) کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم اور 1990ءکے انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درنی پر عائد کی تھی۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا تھا۔مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ہی نظرثانی اپیل دائر کر رکھی تھی جسے عدالت مسترد کرچکی ہے۔
عوام مجرم کو حکمران بنا دیں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے
مدینہ منورہ (آئی این پی‘ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کسی بھی معاشرے کیلئے سب سے اہم ہوتا ہے، ملک اسلامی فلاحی ریاست کے نظریے پر بنا تھا، اب اس کا الٹ بن گیا ہے، پہلے 80فیصد ایسے امیدوار تھے جنہوں نے کبھی الیکشن نہیں لڑا جبکہ اب 1فیصد بھی ایسے امیدوار نہیں ہیں جنہوں نے کبھی الیکشن نہ لڑا ہو، ہماری پارٹی جیسا منشور کسی دوسرے جماعت کے پاس نہیں ہے۔ منگل کو سعودی عرب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدل و انصاف کسی بھی معاشرے کیلئے سب سے اہم ہوتا ہے، ملک اسلامی فلاحی ریاست کے نظریے پر بنا تھا، اب اس کا الٹ بن گیا ہے، پہلے 80فیصد ایسے امیدوار تھے جنہوں نے کبھی الیکشن نہیں لڑا جبکہ اب 1فیصد بھی ایسے امیدوار نہیں ہیں جنہوں نے کبھی الیکشن نہ لڑا ہو، ہماری پارٹی جیسا منشور کسی دوسرے جماعت کے پاس نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بددیانت لوگوں کو اوپر آنے سے روکنا ہوگا۔ سربراہ چوری پر لگ جائے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ عوام مجرم کو حکمران بنائیں تو بھی ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ یہ نہ سوچیں پاکستان غریب ملک ہے۔ یہاں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا صحت‘ تعلیم اور ماحولیات میں سب سے آگے نکل گیا ہے۔
عمران خان اور اہلیہ کی روضہ رسول پر حاضری نوافل ادا کئے، آج عمرہ ادا کریں گے
ریاض(این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اہلیہ کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور دعائیں مانگیں۔رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کے موقع پر عمران خان نے مدینہ منورہ میں قیام کیا جہاں انہوں نے اہلیہ کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مختلف دعائیں مانگیں اور وہ (آج) بدھ کی شام عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔ عمران خان کی مدینہ منورہ پہنچنے اور وہاں مصروفیات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کنگنافلم میں کبڈی کے اکھاڑے میں اترتی نظر آئیں گی
ممبئی(شوبزڈیسک)”تنو ویڈز منو اور کوئین“ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بولی وڈ ورسٹائل اداکارہ کنگنا رناوٹ جلدسکرین پر کبڈی کے اکھاڑے میں اترتی نظر آئیں گی۔ آنے والی فلم ”منی کارنیکا“ میں جھانسی کی رانی کے روپ میں نظر آنے والی کنگنا اب ایک اور فلم میں کبڈی کھیلتی نظر آئیں گی۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوٹ ہدایت کارہ ایشونی لیئر تیواری کی فلم میں کبڈی کی کھلاڑی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کا نام کیا ہوگا اور کیا یہ کسی بھارت کی کسی خاتون کبڈی کھلاڑی کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے یا نہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں برس اکتوبر سے ہوجائے گا۔


















