عادل خان کا پہلا سولو گیت ریلیز کیلئے تیار

کراچی (کلچرل ڈیسک ) گلوکار عادل خان کا پہلا سولو سانگ ریلیز کیلئے تیار ہوگیا۔ عادل خان نے رمضان المبارک سے قبل پہلے البم پر کام شروع کیا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ میوزک میری زندگی ہے میری کوشش ہے کہ اس میں نام پیدا کرسکوں ۔مجھے ماڈلنگ اور اداکاری کی بہت آفر ز ہورہی ہیں۔ عادل نے بتایا کہ میرے گیت کے شاعر اور کمپوزر شکیل ملک‘ میوزک ڈائریکٹر عقیل احمد خان ہیں ۔

فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی فلم”لوڈ ویڈنگ“کاپوسٹرجاری

لاہور (شوبزڈیسک) فلم والا پکچرز کے تحت نئی فلم “لوڈ ویڈنگ”کے پہلے آفیشل پوسٹر شائقین کے لیے ریلیز کردیا گیا۔” لوڈ ویڈنگ“ ایک سوشل کامیڈی فلم ہے جو کہ خاندان بھر کے لیے تفریح کا ذریعہ ثابت ہوگی، فلم عید الاضحی پر ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات شامل ہیں، فلم کی ہدایات معروف ہدایات کار نبیل قریشی نے دیں ہیں جبکہ پروڈیوسرز میں فضا علی ، میرزا اور مہدی علی شامل ہیں، یاد رہے کہ فلم پہلے ہی شائقین کی توجہ کا مرکزبنی ہوئی ہے اور شائقین بے صبری سے فلم کے بڑے پردے پر لگنے کا انتظار کررہے ہیں۔ فلم کا پوسٹر فلم کے دیسی ہونے کی بھرپورعکاسی کررہا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس نے آتے ہی فلمی شائقین کے درمیان ایک ہلچل سے مچادی ہے۔فلم کے پوسٹر میں مہوش حیات قمیض ، شلوار ، دوپٹہ، کھسے اور چوڑیوں کے ساتھ ایک مکمل پرکشش دیسی روپ دھارے ہوئی ہیں۔

جبکہ دوسری جانب فہد مصطفیٰ بڑی اور گھنی مونچوں کےساتھ ہرا قمیض شلوار زیب تن کیے ہوئے ہیںجبکہ اس پر نوے کی دہائی کے جوگرز اور ہاتھ میں اسکریو ڈرائیور تھامے ہوئے فلمی شائقین کو اپنے کردار سے متعلق سوچنے پر مجبور کردیگا۔اس موقع پر فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ لوڈ ویڈنگ ایک سوشل کامیڈی فلم ہے، جس میں معاشرے میں موجود مسائل کوہلکے پھلکے انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے،امیدہے کہ فلم شائقین کو ہماری یہ کاوش پسند آئے گی۔

روس کا شہر کازان مسلمان فٹبال شائقین کیلئے بہترین جگہ

ماسکو(سی پی پی)روس کا شہر کازان مسلمان فٹبال شائقین کیلئے بہترین جگہ ہے، ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے جانے والوں کو یہاں نہ صرف حلال کھانا دستیاب ہے بلکہ عبادت کی جگہ بھی آسانی سے مل جائے گی۔تفصیلات کے مطابقروس میں جہاں فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا ہے وہاں روسی شہر کازان مسلمانوں کیلئے بہترین مقام ہے۔ یہاں مختلف مذاہب اور ثقافتیں موجود ہیں۔ میگا ایونٹ کے میچ دیکھنے روس جانے والے مسلم شائقین کو یہاں روزے کی حالت میں مشکل کا سامنا نہیں ہو گا، کسی بھی ریسٹورنٹ میں با آسانی حلال کھانا دستیاب ہے۔عبادت کیلئے بھی شہر میں کئی مساجد موجود ہیں، مسلمان فٹبال لورز بغیر روک ٹوک اپنی نمازیں اور دیگر عبادات کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ 2026کی میزبانی امریکہ ،میکسیکو، کینیڈاکے سپرد

ماسکو(آئی این پی)2026فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا نے مشترکہ طور پر جیت لی جب کہ فیفا کانگریس میں ووٹنگ کے عمل میں مراکش پیچھے رہ گیا۔ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا نے مشترکہ طور پر فٹبال ورلڈ کپ 2026کی میزبانی جیت لی ہے جب کہ فیفا کانگریس میں ووٹنگ کے عمل میں مراکش پیچھے رہ گیا، فیفا کے 203ممبران نے شمالی امریکن بڈ کو شرف قبولیت بخش دیا، ان کی مشترکہ بڈ کو 134ووٹ ملے،65ممبران نے مراکش کے حق میں رائے دی۔فٹبال شو پیس ایونٹ 24برس بعد شمالی امریکا واپس آرہا ہے، اس سے قبل 1994میں امریکا نے تن تنہا ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض نبھائے تھے،کانگریس میں شریک ڈیلیگیٹس کو ووٹنگ میں واضح چوائس حاصل تھی، 8 برس بعد شیڈول ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد 32سے بڑھاکر 48کیے جانے کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے۔اس سے قبل فیفا انسپکٹرز نے نارتھ افریقن ملک مراکش کے اسٹیڈیمز، رہائشی سہولیات اور ٹرانسپورٹ نظام کو ہائی رسک سمجھتے ہوئے کلاسیفائیڈ قرار دیا تھا، انھوں نے اپنی جائزہ رپورٹ میں 5 میں سے مراکش کو 2.7 پوائنٹس ایوارڈ کیے تھے اس کے برعکس مشترکہ بڈ کو فیفا انسپکٹرز نے انھیں 5 میں سے 4 نمبر دیے تھے۔واضح رہے کہ 2022کے ایڈیشن کی میزبانی قطر کو پہلے ہی سونپی جاچکی ہے۔

پیوٹن نے رشین ٹیم سے بڑے کارنامے کی امیدلگالی

ماسکو (اے پی پی) روس کے صدر ویلادیمیر پیوتن نے کہا ہے کہ حالیہ ناقص فارم اور کارکردگی کے باوجود ٹیم ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں مخالف ٹیموں کے خلاف آخر دم تک بھرپور فائٹ کرے گی۔ میزبان ہونے کی وجہ سے روسی ٹیم نے براہ راست میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور وہ میگا ایونٹ میں شریک 32 ٹیموں میں سب سے لوئسٹ رینکڈ ٹیم ہو گی، روسی ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں 70ویں نمبر پر موجود ہے اور وہ (آج) جمعرات کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں سعودی عرب کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

پیوتن نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال اب تک ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی لیکن اس کے باوجود شائقین کو ٹیم سے بہت توقعات ہیں، امید ہے کہ ٹیم میگا ٹورنامنٹ کے دوران اپنی کارکردگی کو بہتر بنا کر بہترین نتائج دے گی، کھلاڑیوں کو فتوحات کیلئے آخر دم تک مقابلہ کرنا ہو گا۔

عوام کیلئے عید کا تحفہ ، 100 روپے کے موبائل کارڈ پر 100 روپے کا ہی لوڈ ملیگا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل فون کمپنیوں نے 100 روپے کے موبائل کارڈ پر 100 روپے کے لوڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق موبائل فون کمپنیوں نے سپریم کورٹ کے حکم پر صارفین کو 15 روز کے لیے ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع ایف بی آر کا بتانا ہے کہ آج رات 12 بجے کے بعد سے 100 روپے کے کارڈ پر پورے 100روپے ملیں گے۔ذرائع کے مطابق 100 والے کارڈ پر ٹیکس کٹوتی کے بعد 64 روپے 28 پیسے ملا کرتے تھے لیکن 15 روز بعد ایف بی آر کے ساتھ مل کر ٹیکسز کا نیا میکنزم بنایا جائےگا۔

ورلڈ کپ میں جدید ٹیکنالوجی ”وی اے آر“متعارف

زیورخ(آئی این پی)فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا ورلڈ کپ 2018میں متنازع فیصلوں سے بچنے اور منصفانہ نتائج کے لیے ریفری کی معاونت کے لیے نیا ٹیکنالوجی سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ورلڈکپ 2018کے میچز میں منصفانہ نتائج اور میچز میں تنازعوں سے بچنے کیلئے جدید ترین ٹیکنولوجی پر مبنی ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم(وی اے آر)متعارف کروا دیا گیا۔اس سسٹم کا اس سے قبل انگلش پریمیئر لیگ کے ساتھ ساتھ جرمنی اور انگلینڈ کی فٹبال لیگز میں بھی تجربہ کیا جا چکا ہے جہاں یہ انتہائی کامیاب اور مقبول ثابت ہوا۔رواں سال مارچ میں زیورخ میں منعقدہ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی باقاعدہ منظوری لی گئی جہاں تمام اراکین نے اس کو مستقل بنیادوں پر فٹبال میں استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔یہ پہلا موقع ہو گا کہ فٹبال ورلڈ کپ میں ویڈیو ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا جہاں اس سے قبل 2014میں برازیل میں منعقدہ عالمی کپ میں گول لائن ٹیکنالوجی استعمال کی گئی تھی۔
یہ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم روس کے دارلحکومت ماسکو میں انٹرنیشنل براڈ کاسٹنگ سینٹر میں نصب کیا گیا ہے جو روس کے تمام 11 شہروں کے 12 اسٹیڈیمز سے منسلک ہوگا۔وی اے آر سسٹم میں ایک ویڈیو اسسٹنٹ ریفری ہو گا اور اس کے 3اسسٹنٹ ہوں گے جو میچ پر کڑی نظر رکھیں گے۔اس کے علاوہ چار ری پلے آپریٹرز بھی ہوں گے جو کسی بھی ریویو لینے کیلئے ہر طرح سے تیار اور ویڈیو ریفری کو بہترین اینگل فراہم کریں گے جس سے باآسانی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔وی اے آر روم میں فیفا کا رکن بھی موجود ہو گا جو میچ ریفریز کی گفتگو سن سکے گا اور وہ آفیشلز ویب سائٹ پر پوسٹ کرے گا۔گرانڈ میں موجود ریفری کسی بھی وقت کسی بھی مشکل فیصلے کو جانچنے اور مدد کے لیے وی اے آر سے رابطہ کرے گا اور یوں فیصلوں اور میچ کے نتیجوں کو شفاف طریقے سے سرانجام دیا جا سکے گا تاہم اس ٹیکنالوجی کا استعمال محدود ہو گا اور اسے صرف 4 اہم کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا جس میں گول، پینالٹیز، براہ راست ریڈ کارڈ اور کھلاڑی کی غلط شناخت شامل ہے ،اس ٹیکنالوجی کو 4 شعبوں تک محدود کرنے کا مقصد کھیل کو مستقل خلل سے پاک اور شائقین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لیے میچ کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کھیل کو غلط آف سائیڈ یا غیرمنصفانہ گول سے پاک کرنے میں بہت مدد ملے گی جہاں ماضی میں اہم میچوں میں ریفری کے متنازع فیصلوں اور سب سے سے بڑے عالمی مقابلے میں ٹیکنالوجی نہ ہونے کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ماضی قریب میں اس سلسلے میں سب سے بڑا واقعہ 2010 ورلڈ کپ میں رونما ہوا تھا جب انگلینڈ اور جرمنی کے درمیان پری کوارٹر فائنل مقابلوں میچ میں فرینک لیمپرڈ کی گیند گول کے اندر سے باہر آ گئی تھی اور ریفری نے اسے گول دینے سے انکار کردیا۔اس فیصلے کو عالمی سطح پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا گیا تھا کیونکہ یہ انگلینڈ کے عالمی کپ سے اخراج کا اہم سبب بنا تھا لیکن اس متنازع فیصلے کے بعد گول لائن سمیت دیگر ٹیکنالوجی کے فٹبال میں استعمال کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔

ن لیگ امیدواروں کے انٹرویو کرنیوالی واحد جماعت ہے

لاہور (این این اے ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے 4جون سے 11جون تک امیدواروں کے انٹرویوز کئے ،امیدواروں سے انٹرویوز لینا جمہوری طریقہ کار ہے ۔ اپنے اےک ٹویٹر بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ امیدواروں سے عوامی خدمت کے بارے مےں سوالات کئے اورخود کو اہل ثابت کرنے کا ہر امےدوار کو پورا موقع دےا گےا ۔

فرنچ دارلحکومت پیرس میں داڑھی مونچھوں کی چمپئن شپ کاانعقاد

لاہور (سوشل میڈےا) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سالانہ داڑھی مونچھوں کی چیمپئن شپ منعقد کی گئی جس میں کئی ممالک سے تقریباً 60 شرکا نے شرکت کی۔15کیٹیگریز پر مشتمل اس چیمپئن شپ میں مکمل قدرتی اور فری سٹائل کے مقابلوں میں شامل شرکا نے مختلف انداز سے آراستہ اور ڈائی کی ہوئی داڑھی مونچھوں کی نمائش کی جنہیں کئی ججوں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے نمبرز دئیے گئے۔

سپریم کورٹ نے مشرف کو آج 2 بجے تک پیش ہونیکی مہلت دیدی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں۔ نجی ٹی وی نے ان کی پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدرکی فلائٹ شیڈول کا جائزہ لیا جارہا ہے اور وہ آج کسی وقت بھی پاکستان آسکتے ہیں۔
مشرف واپسی

چوہدری نثار کا آئندہ چند روز میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے ٹکٹ نہ ملنے پر آئندہ چند روز میں پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔پارٹی میں شمولیت سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ون آن ون ملاقات بھی متوقع ہے۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے،اس سلسلہ میں انہوں نے اپنے قریبی اور خاندانی رفقاءسے بھی مشورہ کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی ایک مرتبہ پھر انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی ہے اور عمران خان نے مشاورت بھی کرلی ہے کہ ٹیکسلا سے سرور خان کے مقابلہ میں چوہدری نثار علی خان کو ڈراپ کردیا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں انکے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار کو ڈراپ کرایا جائے گا۔

بورڈ نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش میں

لندن(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کی دو سالہ مدت ملازمت مکمل ہونے پر پی سی بی نے نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش شروع کردی۔قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کی مدت ملازمت مکمل ہوگئی ہے اور انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایڈن برگ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آخری مرتبہ ذمہ داریاں نبھائیں ۔اسٹیو رکسن نے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے مزید کام کرنے سے معذرت کر لی تھی جس کے پیش نظر پی سی بی نے نئے کوچ کی تلاش کے لیے اخبارات میں اشتہارات جاری کردیے۔قومی ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ کے لیے لیول تھری کورس اور 5سالہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اسٹیو رکسن کے حوالے سے میڈیا رپوٹس سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ کی ایک اہم ٹیم سے پرکشش معاہدہ کرلیا ہے جس کے باعث انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

عمران ، شہباز شریف ، زرداری ، بلاول ، مریم نواز اور حمزہ کے کاغذات نامزدگی چیلنج

لاہور‘ کراچی (نمائندگان خبریں‘ ایجنسیاں) لاہور کے حلقے این اے 131 سے بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے این اے 131 پر کاغذات نامزدگی سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نے چیلنج کئے، اپنی درخواست میں افتخارچوہدری نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے نکاح کے بغیرٹریسا کےساتھ تعلقات قائم رکھے جبکہ اسلامی معاشرے میں نکاح کے بغیرتعلقات بدکاری کے زمرے میں آتے ہیں۔چار سو صفحات پر مشتمل درخواست میں موقف اپنایاگیاہے کہ عمران خان کی ایک بیٹی بھی ہے،جس کا انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا،لہذا وہ صادق اورامین نہیں رہے، درخواست گزار افتخار چوہدری نے مطالبہ کیا کہ این اے131سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مستردکیے جائیں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے حلقے این اے 243 سے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کئے گئے تھے، ان کےخلاف درخواست عبدالوہاب بلوچ نے دائر کی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان سیٹی وائٹ کو اپنی بیٹی کوتسلیم نہیں کرتے،لہذا ان پر الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کی جائے۔عبدالوہاب بلوچ ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایسا شخص جو اپنی بچی کو تسلیم نہ کریں اسے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔اس موقع پر عمران خان کے نمائندے عمران اسماعیل سے عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کیس کی کاپی مل گئی؟ ،اس پر وکلا عمران خان نے کہا کہ ہم نے کیس کی کاپی وصول کرلی ہے، جرح کیلئے وقت دیاجائے۔عدالت نے کہا کہ یہ جوڈیشل کیس نہیں،ہم الیکشن کمیشن کے رول فالوکررہے ہیں، اس درخواست کا فیصلہ بھی 19جون کو ہی کیاجائیگا،بعد ازاں ریٹرننگ آفیسرنے عمران خان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کاعمل19جون تک مو¿خرکردیا ہے۔ سابق صدرآصف علی زرداری کااین اے213اور سابق وزیراعلی سندھ کے پی ایس اسی پر پی ایس80 پرکاغذات نامزدگی چیلنج کردیے گئے ہیں۔سابق صدرآصف علی زرداری کانواب شاہ حلقہ این اے213 پرنامزدگی فارم چیلنج کردیا گیا، رٹرنگ آفیسر کے پاس غلام رضا دھاریجو اور سلیم بھنگوار نے الگ الگ درخواستیں جمع کرادی۔درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ آصف علی زرداری 1500ایکڑزمین کےمالک ہیں جس کی زرعی ٹیکس ادانہیں کی، آصف زرداری نے اٹھارہ سال سے لینڈٹیکس ادا نہیں کیا۔سید مراد علی شاہ کے سہیون پی ایس80پرکاغذات نامزدگی بھی چیلنج کردیئے گئے،سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے امیدوار سید جلال محمود شاہ نے اعتراضات داخل کرادیئے۔ تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور این اے 125 سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے تحریک انصاف کی جانب سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرتے ہوئے اعتراضات داخل کردیئے۔ ڈاکٹریاسمین راشد کی جانب سےمریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر 20 اعتراض داخل کرائے گئے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پراعتراض عائد کر دیاگیا ہے مقامی شہری سید اقتدار حسین کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں دوپاسپورٹ ظاہر کئے ہیں حالانکہ ہر شہری کو ایک پاسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت ہے شہباز شریف نے پاسپورٹ کے ساتھ ساتھ اپنی شادیاں بھی کاغذات نامزدگی میں چھپائے رکھیں انہوں نے کہا کہ ہر امیدوار ہر کسی کو اعتراض کا حق ہے لیکن چونکہ سید اقتدار حسین نامی شہری خود امیدوار نہیں لہٰذا وہ بھی کسی امیدوار کیخلاف اعتراض دائر نہیں کر سکتا۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کو روک دیاگیا اس سلسلہ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پر اعتراض مدثر خان نامی شہری کی جانب سے عائد کیاگیا ہے جس میں شہری مدثر خان نے عمران خان پر الزام عائد ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے جس پر ریٹرنگ آفیسر نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو اٹھارہ جون کو طلب کرلیا ہے۔ مقامی ریٹرنگ آفیسر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءاور سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کا عمل روک دیا ہے اور انہیں اٹھارہ جون کو دوبارہ طلب کرلیاہے واضح رہے کہ حمزہ شہباز پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیویوں کی تعداد سمیت دیگر بہت سارے معاملات کو اپنے کاغذات نامزدگی میں چھپائے رکھا۔ لاہور سے حلقہ این اے 127 اور حلقہ پی پی 173 کے ریٹرنگ آفیسر نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے ہیں جبکہ لاہور ہی سے حلقہ این اے 125 کے ریٹرنگ آفیسر نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کر کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین انیس جون تک ملتوی کر دی ہے ۔