افغان حکومت کا طالبان کے ساتھ یکطرفہ طور پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان

واشنگٹن: افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ جنگ بندی کی مدت میں یکطرفہ طور پر توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹی وی پر خطاب کے دوران جنگ بندی کی مدت میں یکطرفہ طور پر توسیع کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ طالبان بھی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کر دیں۔ عید الفطر کے موقع پر طالبان اور حکومتی فورسز ایک دوسرے کے ساتھ بغل گیر ہوئے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم سب امن چاہتے ہیں، حکومت طالبان کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ وہ تمام مسائل اور مطالبات جو طالبان ہمارے سامنے رکھیں گے ان پر امن مذاکرات میں بات کی جائے گی۔

عیدالفطر کا دوسرا دن؛ تفریحی مقامات پر عوام کا رش

لاہور(ویب ڈیسک) ملک بھر میں لوگ عید الفطر کا دوسرا دن بھی بھرپور انداز میں منارہے ہیں، کہیں پر تکلف دعوتیں اڑائی جارہی ہیں تو تفریحی مقامات پر بھی عوام کا جم غفیر ہے۔ملک بھر میں لوگ بھر پور اور روایتی انداز میں عید الفطر کا دوسرا دن منارہے ہیں۔ عید کے دوسرے دن کی مناسبت سے بچوں، بڑوں اور خواتین نے ملبوسات کا خاص اہتمام کیا ہے، بچے آج بھی عیدی بٹور رہے ہیں اور اپنی من پسند چیزوں سے دل بہلا رہے ہیں۔ہر گھر کا باورچی خانہ اپنی اپنی مالی استعداد کے مطابق پر رونق ہے اور اشتہا انگیز کھانوں کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ جو عید کے پہلے دن میزبان بن کر اپنے گھر آئی اللہ کی رحمتوں کی دل جوئی میں مصروف تھے وہ آج مہمان بن کر مزے لوٹ رہے ہیں۔وسطی پنجاب، خیبر پختونکوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عید کے دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موسم کی مناسبت سے کھانے پینےکی دکانوں پر تل دھرنے کی جگہ نہیں، جب کہ منچلے سیر سپاٹوں کے لیے تفریحی مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی گلوکار شیری مان تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلانے میدان میں کود پڑے

گوجرانوالہ(اے این این ) بالی وڈ کے مشہور گلوکار شیری مان پی ٹی آئی کے امیدوار کی انتخابی مہم چلانے کیلئے میدان میں آگئے اورپی ٹی آئی کے حلقہ پی پی53 سے امیدوار جمال ناصر چیمہ کی کامیابی کے حوالے سے ویڈیو پیغام ریکارڈ کروادیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ بھارتی گلوکار شیری مان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کے آباﺅ جداد کا تعلق بھی پاکستانی پنجاب سے ہے اور چیمہ خاندان کے ساتھ ان کے دیرینہ روابط ہیں وہ جمال ناصر چیمہ کو اپنا چھوٹابھائی سمجھتے ہیں اس لئے انہیں کامیاب کروایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام ایک دوسرے کے درمیان فاصلوں کو کم کریں تاکہ دونوں ممالک کی ریاستوں میں روابط بڑھ سکے اور کشیدگی کا خاتمہ ہوسکے بھارتی گلوکار نے اعلان کیا کہ جمال ناصر چیمہ کی کامیابی کے بعد وہ حلقہ پی پی53 گوجرانوالہ آئیں گے اور فری لائیو شو کریں گے ۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب عید لاہور میں بے سہارا بچوں کیساتھ منائینگے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سن عسکری عید لاہورمیں منائیں گے ، اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ بھی کرینگے، تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے عید کا دن بے سہارا بچوں کیساتھ وقت گزارنے اور لاہور میں ہی عید منانے کا فیصلہ کیاہے جس کیلئے وہ عید کے روز لاہور کے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کرینگے اور بے سہارا بچوں میں تحائف بھی تقسیم کرینگے۔

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور اس موقع پر مساجد ، اہم پارکوں اور کھلی جگہوں پر نمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

ملک بھر میں آج عیدالفطرپورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوئے جب کہ لاکھوں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ جس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن، سراج الحق نے منصورہ لیکن چیف جسٹس نے کہاں نماز عید ادا کی؟

لاہور(ویب ڈیسک) ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سکھر سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید الفطر کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔بحریہ ٹاؤن لاہور اور کراچی میں بھی عید الفطر کے اجتماعات ہوئے، صدر مملکت ممنون حسین نےسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں نماز عید ادا کی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گارڈن ٹاؤن لاہور، گورنر سندھ محمد زبیر نے باغ جناح، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بادشاہی مسجد،شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور،خورشید شاہ نے سکھر اور سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید ادا کی۔عید اجتماعات کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور جماعت خانوں کی سخت نگرانی کی گئی۔

اسلامی تعلیمات کا مقصد اللہ کی بندگی اور انسانیت کی فلاح ہے ‘

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) رمضان المبارک کے حوالے سے چینل فائیو کے خصوصی پروگرام ”مرحبا رمضان“ میں علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں رمضان المبارک کی تعلیمات کی روح کو پا لیا جائے تو تمام لوگ اللہ کی بندگی اور غلامی کے ساتھ انسانیت کی فلاح وبہبود پر انحصار کرنے لگیں۔ صدقہ فطرکے حوالے سے احادیث میں رسول اکرم نے زکوٰة الفطر کو فرض قرار دیا ہے اور صدقہ الفطر کو بھی فرض قرار دیا ہے۔ اللہ نے قرآن پاک میں زکوٰة کو بھی صدقہ کے لفظ سے تابید فرمایا ہے صدقہ نفلی بھی ہوتا ہے اور فرضی بھی۔ نبی کریم نے فرمایا کہ فطرانے کا فلسفہ یہ ہے کہ اللہ کی بارگاہ میں غلامی مکمل کرنے کے بعد بندہ نذرانہ پیش کرتا ہے تو اللہ فرماتا ہے کہ میں نے انسان کے تمام روزے پاک وصاف کر کے آرائشیں دور فرما دی ہیں۔ غریب اور یتیمیوں، بیواﺅں کیلئے صدقہ فطر کے حوالے رسول اللہ نے فرمایا کہ انہیں عید کے دن صدقہ فطر دے کر ایسا کر دو کہ کسی سے سوال نہ کرتے پھریں انہیں غنی کرو۔ حضرت نواز سید صدیق الحسن کہتے ہیں کہ جس مسلمان کے پاس صبح وشام کا کھانا موجود ہو اس پر صدقہ فطر فرض ہے۔ نبی کریم نے صدقہ فطر کیلئے تین سے چار اجناس کا ذکر فرمایا کہ کھجوریں، چاول، جو، گندم اللہ کی راہ میں صدقہ فطر کرو اور حساب کتاب میں نہ پڑو اسکا فلسفہ یہ ہے کہ اللہ غریب اور امیر دونوں سے فطرانہ کا مطالبہ کر رہا ہے قرینہ انصاف ہے کہ جس شخص پر اللہ کی بے شمار نعمتیں ہیں وہ اپنی حیثیت کے مطابق کھلے دل سے کھجور فطرانہ دے اور متوسط اور غریب طبقہ گندم کا فطرانہ دے جس طرح نکاح میں حق مہر اپنی حیثیت کے مطابق لکھوایا جاتا ہے اسی طرح فطرانہ بھی اپنی حیثیت کے مطابق افضل طور پر ادا کیا جائے۔ ماہ رمضان کا دن اور عام دن برابر نہیں ہو سکتا اس طرح عام دن اور رمضان میں بھی عبادت بھی صحابہ کرام میں خدمت نبوی میں ایمان کی حالت زیادہ ہوتی تھی اور عام زندگی میں کم یہی اللہ کی منشاءہے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید رضا عابدی نے کہا کہ نماز عید مسجد اور جامع مسجد سے نکل کر کھلے میدان میں ادا کی جانی چاہئے۔ جیسا کہ گھر میں نماز کا ثواب کم اور مسجد میں باجماعت نماز کا ثواب زیادہ ہے اور جامع مسجد میں اور زیادہ ثواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا ہر لمحہ ہمیں زندگی احسن طریقے سے گزارنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ رمضان میں ہر سانس عبادت ہے۔ حضرت علیؓ نے فرمایا کہ انسان میں اللہ کی عجائبات جمع ہیں۔ ہمیں اللہ کے نظموں کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ رمضان کے مہینے سے سبق ملتا ہے کہ صبر اور شکر کو زندگی کا مقصد بنا لیں۔ ہمیں رمضان کی رخصتی کا دکھ مدینہ رسول اور مکہ مکرمہ سے رخصت کے دکھ جیسا ہے۔ پروگرام میں مہمان نعت خواں فاخرہ مشتاق نے ماہ رمضان کے اختتام کے حوالے سے ”الوداع ماہ رمضان“ نعت کا ہدیہ پیش کر کے سماں باندھا۔ جبکہ نعت خواں سید محمد شفاءعلی نے ”حدود طائر سدرہ حضور جانتے ہیں‘ کہاں ہے عرش معلیٰ حضور جانتے ہیں“ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

کلثوم نواز بہادر ،شریف النفس خاتون،اللہ انہیں صحت عطا فرمائے،ضیاءشاہد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ سیاست میں کسی کو نوازشریف سے اختلاف ہو سکتا ہے۔ ان کی صاحبزادی کی سوچ سے لیکن میں نہیں سمجھتا پاکستان کا ایک بھی شخص ایسا ہو جس کے ہونٹوں پر زبان پر اس وقت دعا نہ ہو کہ اللہ پاک کلثوم نواز کو صحت عطا فرمائے وہ بڑی بہادر خاتون ہیں مجھے یاد ہے جب نوازشریف سعودی عرب میں ہوتے تھے تو انہوں نے بڑی ہمت اور جوانمردی کے ساتھ مسلم لیگ ن کی قیادت سنبھالی اور مجھے یاد ہے کہ یہ بہت سخت دور تھا۔ پرویز مشرف کا زمانہ جمہوری دور نہیں تھا۔ ظاہر ہے اسی حساب سے سیاسی سرگرمیوں پر اتنی ہی پابندیاں تھیں بیگم کلثوم نوازشریف سے اس وقت میرا بہت تعلق واسطہ رہا تہمینہ دولتانہ ان کی دست راست تھیں ساری تقاریب میں ان کے ساتھ رہتی تھیں اور مجھے یاد ہے کہ لاہور کے شہریوں نے یہ منظر بھی دیکھا اور آج تک بہت سے لوگوں کو یاد ہے کہ نہر کے پل سے گلبرگ روڈ کا پل ہے اس کے درمیان ان کی گاڑی روک لی گئی تھی اس میں تہمینہ ان کے ساتھ تھیں کلثوم نواز کے ساتھ تھیں اور اس گاڑی کے اگلے دونوں پہیے کرین کے ذریعے اوپر اٹھا دیئے گئے تھے۔ اور کئی گھنٹے اس کیفیت میں کلثوم نوازشریف تہمینہ دولتانہ کے ساتھ اس معلق گاڑی میں جس کے دونوں پہیے اوپر کئے گئے تھے اس میں بیٹھی رہی تھیں لیکن بڑی ہمت سے بے خوفی سے انہوں نے اس قسم کی ہر تکلیف برداشت کیا تھا۔ یہ خبر پورے پاکستان میں دکھ اور اضطراب سے دیکھی اور سنی گئی۔ مجھے امداد احمد میاں صاحب جو چینل ۵ کے نمائندے ہیں ان کا فون آیا تھا کہ میں خود کیمرے کے سامنے موجود ہوں اس عمارت کے باہر جس میں کلثوم نواز موجود ہیں کسی کو نوازشریف سے سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن کلثوم نواز کی شخصیت ایسی ہے کہ ہمیشہ ان کے مخالف اور موافق لوگ ان کا احترام کرتے ہیں۔ ہم سب کی دعا اللہ پاک ان کوصحت کامہ عطا فرمائے۔ لندن سے وجاہت علی خان نے کہا جو بھی خبریں آ رہی ہیں وہ ہماری نہیں ہیں، وہ شریف فیملی کا کوئی فرد آ کر بتاتا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت یہ ہے ایسی ہے لیکن جو ہم نے دیکھا کہ جو بھی اندر سے آیا نوازشریف سمیت ان کے جو بچے ہیں وہ بھی اندر سے باہر، مریم صاحبہ بھی آئیں وہ باقاعدہ ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور میں نے نہیں سمجھتا کہ یہ خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں کیونکہ کوئی بھی فیملی ممبر اس طرح نہیں کر سکتا کہ وہ گھر کے فرد کے بارے میں کہے کہ اس کی حالت نازک ہے۔ البتہ میڈیا وہی خبر دے رہا ہے جو شریف فیملی کے افراد بتا رہے ہیں کیونکہ میڈیا کا کوئی شخص اندر نہیں جا سکتا۔ حالانکہ یہ ہسپتال نہیں چھوٹا سا کلینک ہے۔ رپورٹر باہر کھڑے رہتے ہیں جو اندر سے باہر آ رہا بتاتے تھے آگے پہنچا دیتے ہیں۔ ساری حالت ان کی فیملی ممبر ہی بتتا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نواز و مریم کی کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن جانے کی استثنیٰ کی درخواست مسترد ہوئی تھی تو میں نے 4 پروگرام کئے تھے جس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے بار بار درخواست کی تھی کہ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے جانے کی اجازت دینی چاہئے۔ ایک خط بھی لکھا تھا۔ مجھے حیرت ہوئی کہ مریم کیسی بیٹی ہے کہ ماں شدید بیمار ہے اور وہ یہاں جلسوں میں تقریریں کرتی و ہنستی پھرتی تھیں۔ سیاست سمیت سب کچھ چلتا رہتا ہے لیکن زندگی دوبارہ نہیں ملتی۔ وینٹی لیٹر پر جانے والے لاکھوں مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں، قوم دعا کرے۔ میں نوازشریف کو آج بھی اپنا پرانا دوست سمجھتا ہوں، کبھی ان کو مجرم نہیں کہا۔ میں ان کے خلاف نہیں ہوں۔ نوازشریف جب پہلی بار وزیراعظم بنے تو مشورہ دیا کہ اپنے اثاثے ظاہر کر دیں، اگر میری بات مان لیتے تو حالیہ مشکلات میں نہ پھنسے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کا واقعہ کوئی ایسا نہیں جس سے تاریخ تبدیل ہو جائے گی۔ ایسی موومنٹ لیڈر کے جانے سے فتح نہیں ہوتیں۔ مشرف جیسے بھی تھے ذہین آدمی تھے کشمیر پر جب بھی کوئی بات ہوتی تو ایک جملہ کہتے تھے ”روٹ کازز کیا ہیں“ اسی طرح ملا فضل اللہ کے مارے جانے سے اگر طالبان کی جڑیں ختم ہو گئی ہیں تو پھر واقعی یہ بڑا واقعہ ہے۔ دفاعی تجزیہ کار راحت لطیف نے کہا ہے کہ ملا فضل اللہ کے بعد اگلا لیڈر پہلے سے طے ہوا ہو گا۔ یہ ہماری حکومتوں کی طرح نہیں کہ ایک وزیر نہیں رہا تو کوئی اور ملے ہی نہ سی آئی اے، امریکی واقعات حکومت نے ملا فضل اللہ کو بہت پذیرائی دی، اس کو تحفظ فراہم کیا۔ جب اس کا بھرپور فائہ اٹھا لیا تو مار دیا تا کہ دوسرے ٹرینڈ ہو جانے والے طالبان نے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کا کام لیا جائے کیونکہ اس کے بغیر ان کا مقصد پورا نہیں ہوتا۔ یہ بار بار وار کریں گے ہمیں اپنی تیاری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان و افغانستان کے درمیان امن آئے، وہ چاہتا ہے کہ پاکستانی عوام آرمی کے خلاف ہو جائے یہ ایک پلان ہے۔ امریکہ نے ”ڈومور“ کے مطالبے پر ہمیشہ ملا فضل اللہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ پاک افغان کے آپس میں مفاہمت کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ جب تک افغانستان میں امریکہ موجود ہے امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ڈیرن سیمی کی پشتو زبان میں عید کی مبارک باد

جمیکا: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پشتو زبان میں عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری طرف آپ سب کو عید کی خوشیاں مبارک۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ڈیرن سیمی نے پشتو زبان میں اپنے چاہنے والوں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید

کوئٹہ: سریاب روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے تین لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ میں سریاب کے علاقے کلی بنگلزئی کے قریب مسلح افراد نے لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لیویز فورس کے تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ نامعلوم ملزمان حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ امدادی اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور مشکوک افراد کو حراست میں لیا جارہا ہے۔

پوپلزئی نے گزشتہ رات چن چڑھادیا آج پشاور سمیت کے پی کے میں عید

پشاور(ویب ڈیسک)پشاور کی مشہورمسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ایک بار پھر قوم کو تقسیم کرتے ہوئے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں ہوں گی،غیر سرکاری پوپلزئی کمیٹی کے اعلان پر خیبر پختون خوا میں کل اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے متقفقہ فیصلے کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتے کو ہوگی، واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اب سے کچھ دیر پہلے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے عید الفطر 16 جون کو منانے کا متفقہ اعلان کیا تھا۔ ملک بھر میں اس بار بھی دو عیدوں کی روایت برقرار رہے گی کیونکہ خیبر پختون خوا میں ایک بار پھر مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے عید الفطر کا ” چن چڑھا “ دیا ہے۔پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی خان میں مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ شوال المکرم 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مسجد قاسم علی خان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں جید علمائے کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں شرعی شہادتوں کی بنیاد پر متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل بروز جمع? المبارک 15 جون کو یکم شوال ہو گی ،اس سلسلہ میں ہمیں ہمارے متعین کردہ علمائے کرام نے شب قدر سے 11 ،تیمر گرہ سے 4، شب اڈہ سے 6،لنڈی کوتل سے 12،سرائے نورنگ سے 4 خواتین،بٹ بیر سے چار خواتین ،سفید ڈلی سے 2 ,رستم سے 5،مردمی سے ایک ،بنوں سے 7 اور باجوڑ ایجنسی سے 10 سمیت کئی جگہوں سے شہادتیں موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر علمائے کرام نے شوال المکرم کے چاند کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی روشنی میں کل بروز جمعہ عید الفطر ہو گی۔