نیب نے لندن فلیٹس ریفرنس میں سپلیمنٹری ریفرنس تیارکرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف کیخلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں سپیلمنڑی ریفرنس تیارکرلیا، آئندہ ماہ آغاز میں احتساب عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشکلات بڑھنے لگیں۔ نیب لاہور نے ایون فیلڈ پراپرٹیز میں سپیلیمنڑی ریفرنس تیار کرلیا، نیب حکام کے مطابق پراسیکوٹر جنرل کی تعیناتی کے بعد احتساب عدالت میں جع کرا دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سپیلیمنڑی ریفرنس میں نواز شریف کے قریبی عزیز کو ملزم نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔ قریبی عزیز کا گلف اسٹیل ملز سے تعلق ہے۔سپلیمینٹری ریفرنس میں نیب کی تفتیشی ٹیم کو برطانیہ سے ملنے والے نئے شواہد بھی شامل کیے جائے گے۔ جبکہ 2 سے تین نئے گواہوں کو بھی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔لندن فلیٹس ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز، حسن ، حسین نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پہلے نامزد ملزم ہیں۔ جبکہ نواز شریف، مریم نواز اور کیٹپن صفدر کا ٹرائل بھی جاری ہے۔حسن اور حسین نواز کی مسلسل عدم حاضری کے بعد عدالت انہیں اشتہاری قرار دیکر انکے خلاف غیر موجودگی میں ہی شہادتیں ریکارڈ کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے گنے کے بحران کا ذمہ دار وفاقی و پنجاب حکومت کو قرار دے دیا

کراچی(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں گنے کے بحران کی ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبے میں گنے کے حالیہ بحران کا ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت کو قرار دیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب میں 100 روپے من گنا سندھ کی شوگر ملوں کو فراہم کیا جارہا ہے، پنجاب سے سستا گنا ملے گا تو سندھ کے کاشت کاروں کا مہنگا گنا شوگر ملیں کیوں خریدیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے مقابلے میں گنے کا نرخ 2 روپے زیادہ مقرر کیا تاکہ کاشت کاروں کو فائدہ ہو لیکن وہاں سے سندھ میں شوگر ملوں کو گنا 100 روپے فی من کے حساب سے دیا جارہا ہے۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں گنے کی ملیں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے تاجر سندھ آئے جب کہ پنجاب سے پورٹ جانے والی گاڑیاں خالی آرہی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے وہ سستے کرائے پر گنا سندھ لے ا?تی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب نے گنے کی فی من قیمت 180 اور ہم نے 182 روپے مقرر کی جب کہ وفاقی حکومت نے شوگر ملوں کو تاحال سبسڈی دینے کا اعلان نہیں کیا۔

پیر حمید سیالوی کا طاہر القادری کے ساتھ مل کر احتجاج میں شمولیت سے انکار

تونسہ شریف(ویب ڈیسک)آستانہ عالیہ سیال شریف کے گدی نشین پیر حمید الدین سیالوی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے احتجاج اور دھرنے میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ تونسہ شریف میں کل پاکستان علما مشائخ کانفرنس ہوئی جس کے ساتھ ساتھ ختم نبوت کے ایجنڈے پر مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ کانفرنس میں پنجاب ، سندھ اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد مشائخ شریک ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ہمارا موقف ختم نبوت اور ناموس رسالت ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا، دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں ہلاسکتی اورکوئی دولت مجھے نہیں خرید سکتی۔

پاکستان بھارت قومی سلامتی مشیروں کی بنکاک میں ملاقات

نئی دہلی (ویب ڈیسک )بنکاک میں پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوئی جس میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 25 دسمبر کو بھارتی جاسوس کلبھوشن سے اس کے اہل خانہ کی ملاقات کے ایک روز بعد 26 دسمبر کو پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں خفیہ ملاقات ہوئی۔ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول کی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی۔ یہ میٹنگ پہلے سے طے شدہ تھی جس کا کلبھوشن اور اہل خانہ کی ملاقات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی۔ ناصر جنجوعہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آزاد کشمیر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور پاکستانی فوج کو بھی اس ملاقات سے باخبر اور تفصیلات کا علم تھا جبکہ خصوصی طور پر اس میٹنگ کا اہتمام ایک غیرجانبدار مقام پر کیا گیا تھا۔

‘2017 کے آغاز میں امن کی اپیل کی لیکن بدقسمتی سے امن عمل الٹا ہوگیا’

نیویارک (ویب ڈیسک )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ 2017 کے آغاز میں امن کی اپیل کی تھی لیکن بدقسمتی سے امن کا عمل الٹا ہوگیا۔سال نو پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ 2018 کے آغاز میں امن کی اپیل نہیں بلکہ دنیا بھر کے لئے ریڈ الرٹ جاری کررہا ہوں، تنازعات مزید بڑھ گئے، قوم پرستی اور غیرملکیوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔اینتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا انحصار یکجہتی کے راستے پر ہے، یقین ہے کہ ہم دنیا کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپیل کی کہ عالمی رہنما نئے سال پر اختلافات دور کرنے کا عزم کریں اور مشترکہ مقاصد کے لئے عوام کو قریب لاکر اعتماد بحال کریں۔اینتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ 2017 کے آغاز میں امن کی اپیل کی تھی لیکن بدقسمتی سے امن کا عمل الٹا ہوگیا، عالمی سطح پر تنازعات مزید بڑھ گئے ہیں اور نئے خطرات نے جنم لے لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرد جنگ کے بعد عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات میں اضافہ ہوا جب کہ عالمی ماحولیات میں تبدیلی ہماری سوچ سے زیادہ تیز رفتاری سے ہورہی ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مزید کہا کہ دنیا میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، قوم پرستی اور غیر ملکیوں سے نفرت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

گرفتار شہزادے کے انکشافات،شریف برادران سعودیہ طلب

لاہور (خصوصی رپورٹ) شہباز شریف اور نواز شریف کے سعودی عرب جانے کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور نواز شریف سعودی عرب کسی این آر او کیلئے نہیں بلکہ گرفتار رہنے والے سعودی شہزادے مشال بن عبداﷲ کے اس انکشاف پر کہ یورپ میں ہونے والی 3 ارب ریال کی منی لانڈرنگ اور سرمایہ کاری میری نہیں شریف خاندان کی ہے، پر سعودی عرب گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس سعودی شہزادے کے انکشاف اور ثبوتوں کو دیکنے کے بعد سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان میں مقرر ان کے اپنے سفیر کو اس حوالے سے پیغام دیا گیا کہ وہ میاں شہباز شریف سے ملیں اور اس حوالے سے بات کریں۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف سے سعودی سفیر نے لاہور میں اسی حوالے سے ملاقات کی تھی اور اسی بنا پر شہباز شریف کو فوری طور پر سعودی عرب جانا پڑا اور پرائیویٹ جہاز بھی اسی سعودی شہزادے کے کہنے پر بھیجا گیا تھا۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انویسٹی گیشن کرنے والی کمیٹی بی مدینہ منورہ میں موجود ہے اور شہباز شریف سے اس حوالے سے پوچھا بھی گیا ہے اور اسی وجہ سے نواز شریف کو بھی فوری طور پر وہاں جانا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان اس بات پر رضا مند ہو چکا ہے کہ وہ اس رقم کو سعودی حکومت کے حوالے کر سکتا ہے، اس میں صرف یہ گارنٹی چاہئے کہ ان کا نام باقاعدہ کسی تفتیش میں شامل نہیں ہو گا اور تمام کام خاموشی سے ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کچھ غیر ملکی اہم شخصیات بھی جن کا سعودی شاہی خاندان سے تعلق ہے وہ بھی شریف فیملی کے لئے صرف یہی سفارش کر رہے ہیں کہ ان کا معاملہ خاموشی سے حل ہو جائے اور ان کو کسی قسم کی قانونی پیچیدگی میں نہ پڑنا پڑے جبکہ شریف خاندان کے ترجمان نے اس حوالے سے انکار کیا ہے کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں۔

2017میں تنازعات کا شکار رہنے والی شوبز شخصیات

کراچی(شوبز ڈیسک )تنازعات شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، اگر یہ کہا جائے کہ شوبز انڈسٹری تنازعات کے بغیرادھوری ہے تو غلط نہ ہوگا، شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکارخود کوتنازعات سے دور رکھنے کی چاہے کتنی ہی کوشش کرلیں لیکن کچھ نہ کچھ ایسا ہو ہی جاتا ہے جس سے وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ تنازعات شہرت حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہیں لہٰذا بہت سے فنکار جان بوجھ کر تنازعات میں الجھتے ہیں تاکہ ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بات کی جائے۔ رواں سال بھی پاکستان شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بہت سے فنکار تنازعات کی زد میں آئے۔پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کی رواں سال کی ابتدا میں ایک ویڈیو منظرعام پرآئی جس میں وہ اپنی کار میں بھارتی گانے ’ماہی وے‘ پرڈانس کرتی نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو نے نیلم منیرکی مقبولیت میں یک دم اضافہ کردیا، گو کہ یہ مقبولیت منفی تھی اور لوگ نیلم کے ڈانس کرنے کے انداز پرسخت تنقید کررہے تھے لیکن کہتے ہیں نا کہ بدنام نہ ہوں گے تو نام نہ ہوگا، نیلم کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ حال ہی میں فلم ’چھپن چھپائی‘کی تشہیر کے دوران بھی لوگ نیلم سے فلم سے متعلق سوالات کرنے کے بجائے اسی ڈانس کی فرمائش کرتے رہے۔وینا ملک کا ذکرہواورتنازعات کانام نہ لیا جائے یہ ناممکن ہے۔ ”اسکینڈل کوئین“ اور”تنازعات کی ملکہ“ کے نام سے مشہور پاکستانی اداکارہ ومیزبان وینا ملک اسد خٹک کے ساتھ شادی کرکے خوشگوار زندگی گزاررہی تھیں کہ رواں سال اچانک دونوں کی علیحدگی کی خبریں منظرعام پر آئیں۔ خبریں سامنے آنے کے بعد وینا بھی میڈیا پرآگئیں اور اسد سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسد کا رویہ ان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے جب کہ اسد خٹک وینا سے علیحدگی نہیں چاہتے تھے۔ تاہم چند نامور شخصیات کی مداخلت کے بعد وینا نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ واپس لے لیااورآج یہ جوڑا ایک بار پھر خوشگوار زندگی گزاررہا ہے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین خوش نہیں تھے انہوں نے اس واقعے کو وینا ملک کی جانب سے سستی شہرت حاصل کرنے کا ڈراما قراردیاتھا۔نامور پاکستانی اداکارہ صبا قمر رواں سال بالی ووڈ میں فلم ’ہندی میڈیم‘کے ذریعے ڈیبیو کرنے کے باعث تو خبریں میں رہیں لیکن رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کا بائیکاٹ کرنے کے بعد تنازعات کا شکار ہوگئیں۔ دراصل صبا قمر رواں سال لکس سٹائل ایوارڈز میں عمدہ پرفارمنس کے باعث نامزد تھیں لیکن صبا نے یہ کہہ کر اپنا نام واپس لے لیا کہ میں نے پہلی بار اچھا کام نہیں کیا ہے بلکہ گزشتہ دس برسوں سے انڈسٹری میں کام کررہی ہوں لیکن لوگوں کو اب اچانک احساس ہوا کہ میں نے اچھا کام کیا ہے صرف اس لیے کہ میں بالی وڈ میں کام کرچکی ہوں۔ اپنا موقف بیان کرنے کے ساتھ انہوں نے شو کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھائے کہ آخر کس بنا پراس ایوارڈ شو میں لوگوں کو ایوارڈ دئیے جاتے ہیں۔ پاکستانی اداکار و میزبان ساحر لودھی بھی رواں سال رمضان میں اس وقت تنازعے کا شکار ہوگئے جب انہوں نے رمضان شو میں شرکت کرنے والی لڑکی کو تقریر کے درمیان سے روک کر تنقید کرنی شروع کردی اور لڑکی پر خوب چلائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے میں بھی نامناسب گفتگو کی تھی۔ یہ معاملہ اتنا زیادہ متنازعہ ہوگیا تھا کہ پیمرا نے ساحر لودھی کو ٹرانسمیشن کے دوران معافی مانگنے کا حکم دیاتھا۔سال 2017 کے تنازعات کی اگر بات کی جائے تو اس کا ذکر پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان اوران کی اہلیہ فریال مخدوم کے بغیرادھورا ہے۔ رواں سال کا سب سے بڑا تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب فریال مخدوم نے اپنے سسرالیوں پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ان کے سسرال والوں کا رویہ درست نہیں۔ فریال کے الزامات سے تنگ آکر عامر خان نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا تاہم پورے سال سوشل میڈیا پرجاری رہنے والی جنگ کے بعد بالآخر دونوں نے اپنے اختلافات بھلاکر دوبارہ ایک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔سال 2017 کا ایک اور تنازع اس وقت سامنے آیا جب ماہرہ خان کی مختصر لباس میں سگریٹ پیتے ہوئے چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ان تصاویر نے پاکستان اور بھارت کے میڈیامیں ہلچل مچادی جب کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ماہرہ خان پر مختصر لباس پہن کر غیرمرد کے ساتھ سگریٹ پینے پر سخت تنقید کی گئی، بعد ازاں ماہرہ خان نے ان تصاویرپراپنا موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لڑکا اورلڑکی کا ساتھ گھومنا معمولی بات ہے تاہم انہوں نے اس واقعے سے سبق حاصل کیاہے۔

قوم کو نئے سال کا تحفہ ، پٹرول بم گرنے کو تیار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرول کی قیمتیں پھر بڑھنے جا رہی ہیں۔ دوہزار اٹھارہ کا پہلا دن عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لائے گا۔حکومت نے نئے سال کےآغاز پر ہی پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ دوہزار سترہ کے جاتے جاتے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات پر تیرہ روپے فی لیٹر تک اضافہ کرنے کی سمری وزرات پیٹرولیم کو بھیج دی۔سمری کی منظوری کی صورت میں یکم جنوری سے پیٹرول چار روپے چھ پیسے فی لیٹر مہنگا ہوجائے گا جبکہ ڈیزل پر بھی پانچ روپے تراسی پیسے فی لیٹر بڑھانے کی تجویزدی گئی ہے۔اقتصادی ماہرین کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کے مہنگا ہوتے ہی ملک میں مہنگائی کا سیلاب آجائے گا۔ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں۔پیٹرول پر بیس فیصد سیلز ٹیکس وصول کرنے والی حکومتدوہزار سترہ کے بارہ مہینوں میں اب تک چھ بار پیٹرول مہنگا کرچکی ہے۔ سال دوہزار سولہ کے دسمبر میں پیٹرول چھیاسٹھ اعشاریہ ستائس روپے فی لیٹر تھااور اب ستتر روپے سینتالیس پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔مجموعی طور پر دوہزار سترہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں گیارہ روپے بیس پیسے کا اضافہ ہوا۔

کترینہ فلم ”بتی گل میٹر چالو“ میں شاہد کپور کی ہیروئن بنیں گی

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی وڈاداکارہ کترینہ کیف کے چرچے ” ٹائیگر زندہ ہے“ کی وجہ سے ان دنوں عام ہیں۔حال ہی میں کترینہ کیف کو اگلی فلم میں اداکار شاہد کپور کےساتھ کاسٹ کیاگیاہے۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف نئی بالی وڈ فلم ‘بتی گل میٹر چالو’ میں شاہد کپور کی ہیروئن کے طور پر سینما سکرین پر نظر آئیں گی۔ شاہد کپور اور کترینہ پہلی مرتبہ ایکساتھ کسی فلم میں کام کرینگے۔’بتی گل،میٹر چالو’ کا فلمی پوسٹر اور موشن ٹیزر پیش کیا جا چکا ہے۔پہلے شاہد کپور کی اس فلم کی ہیروئن کیلئے بھومی پڈنیکر کا نام سامنے آرہا تھا تاہم اب کترینہ اس فلم کی ہیروئن ہوںگی۔

بھارتی اداکارہ ودیا بالن نے نجی زندگی پر کر ئیر کو ترجیح دیدی

ممبئی(شوبز ڈیسک)معروف بھارتی اداکارہ ودیا بالن نے نجی زندگی پر کر ئیر کوترجیح دیدی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ میرے پاس ماں بنے کیلئے وقت نہیں ہے۔ ابھی میری تمام تر توجہ کا مرکز میرا کام ہے۔ ودیا بالن نے کہاکہ میری فلمیں میرے بچے ہیں اور میرے 20بچے ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ودیا بالن 1جنوری کو 40سال کی ہو جائیں گی اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی سالگرہ کو خاص طریقے سے منائیں گی۔یاد رہے کہ ودیا بالن بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ہیں رواں سال اداکارہ فلم انڈسٹری میں چھاپ چھوڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کی فلم “تمہاری سلو”نہ صرف باکس آفس پر ناکام رہی بلکہ ان کے مداحوں نے اداکارہ کی کارکردگی پر ان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ٹیسٹ فارمیٹ کوٹی10سے کوئی خطرہ نہیں،یونس

لاہور(آئی این پی)سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی ایک خوبصورتی ہے اوراس فارمیٹ کوکسی چیزسے خطرہ نہیں ہے ۔ ٹی10 لیگ سے کرکٹ کے دیگر فارمیٹس کو کوئی خطرہ نہیں ہر طرز کی اپنی اہمیت ہے۔یونس خان کاکہنا ہے کہ ون ڈے کرکٹ آئی تو ٹیسٹ کرکٹ کے خطرے میں پڑ جانے کی باتیں ہوتی رہیں، ٹی ٹوئنٹی آیا تو کہا جاتا رہا کہ ون ڈے کرکٹ متاثر ہوگی لیکن ایسا نہ ہوا، آج بھی ایشزسیریز کے ٹیسٹ میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں40 ہزار تک شائقین آرہے ہیں۔طویل فارمیٹ کے پاک بھارت مقابلے ہوں تو رونقیں لگ جائیں گی۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ کھیل میں جدت کے عمل کو کوئی نہیں روک سکتا لیکن دیکھنا ہوگا کہ کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ کیلیے موزوں ہے۔ ہر کرکٹر ٹی 10لیگ کیلیے موزوں نہیں،اسی طرح سب کا مزاج ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والا بھی نہیں ہوتا۔

کیویزٹورمیں بلے بازوں کوذمہ داری دکھاناہوگی،وقار

لاہور(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم صلاحیتو ں میں کسی سے پیچھے نہیں لیکن فٹنس کے فرق کو دور کرنا ہوگا،نیوزی لینڈ میں چیمپئز ٹرافی جیسی کارکردگی کو برقرار رکھنا چیلنج ہوگا۔ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی باصلاحیت ہیں تاہم فٹنس کے فرق کو دور کرنا ہوگا، فٹنس ٹیسٹ بہت ضروری ہیں اور اس کلچر سے ہی قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی، جبکہ نیوزی لینڈ میں چیمپئز ٹرافی جیسی کارکردگی کو برقرار رکھنا چیلنج ہوگا۔وقار یونس نے کہا کہ ٹی ٹین تفریح سے بھرپور ہے تاہم ابھی اس فارمیٹ کو عام ہونے میں وقت لگے گا، ڈومیسٹک کرکٹ میں پچز پر تنقید درست نہیں اور ڈیوک بال سے دو سال تک لازمی کھیلنا ہوگا۔

حبیب بنک کا فلاپ شو ،واپڈا بھی ناکام

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ میںیوبی ایل نے یکطرفہ مقابلے میں حبیب بنک کو 9وکٹوں سے ہراکر دوسری فتح نام کرلی۔سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے واپڈکو7وکٹوں سے شکست دی۔سوئی سدرن گیس نے کے آرایل کو 87رنزسے ہراکر پہلی کامیابی سمیٹی۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں یوبی ایل نے ٹاس جیت کر حبیب بنک کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔حبیب بنک کے بلے بازوں یوبی ایل کی باﺅلنگ لائن اپ کے سامنے ریت کی دیوارثابت ہوئے اورپوری ٹیم31.2اوورزمیں صرف 104 رنزبناکرپویلین لوٹ گئی۔7بلے بازڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے۔عمران فرحت کھاتہ ہی نہ کھول سکے ۔ احمدشہزاد 7 رنز بناکرپویلین چلتے بنے ۔ رمیزعزیز 30 رنز بناسکے۔عاشق علی نے 4کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں یوبی ایل نے ہدف 16.3اوورزمیں صرف1وکٹ پرہی حاصل کرلیا۔کپتان شان مسعود58رنزپرناٹ آﺅٹ رہے ۔ عمر صدیق 38رنزبناکرآﺅٹ ہوئے۔یہ میگا ایونٹ میں یوبی ایل کی دوسری جیت ہے۔ایک اورمیچ میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے واپڈاکیخلاف 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔واپڈاکی ٹیم نے7وکٹوں پر 231 رنز بنائے ۔ کپتان سلمان بٹ49رنزبناکرآﺅٹ ہوئے ۔ عمران خالدنے 3کھلاڑیوں کوآﺅٹ کیا۔جواب میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے ہدف 44.2اوورزمیں3وکٹوں پرپوراکیا۔افتخاراحمدنے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرٹیم کی جیت میں اہم کردار اداکیا ۔ کپتان محمدرضوان 63رنزپرناٹ آﺅٹ رہے۔اسدشفیق نے 62رنز کی اننگز کھیلی۔سوئی سدرن گیس نے کے آرایل کو87رنزسے مات دی۔