اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام پر بجلی کا بم گرادیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے بجلی فی یونٹ 3روپے 90پیسے مہنگی کرکے ٹیرف منظور کرلیا ۔ نیپرا کی جانب سے منظور کردہ ٹیرف کے مطابق 100یونٹ استعمال کرنے پر 60پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا اور 200یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 3روپے 90پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا جبکہ 300یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ٹیرف میں 1روپے 50پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔
Monthly Archives: September 2017
کالا باغ ڈیم نہ بننے سے سالانہ 70ارب ڈالر نقصان ،سیمنار سے ماہرین کا اظہار خیال
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور چیمبر میں پانی اور توانائی کی قلت اور حل کے موضوع پر سیمینار میں ماہرین نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم نہ بننے کی وجہ سے ملک کو سالانہ 70 ارب ڈالر کا نقصان ہورہا ہے کیونکہ ایک ملین ایکڑ فٹ سے معیشت کو سالانہ دو ارب ڈالر کا فائدہ ہوتا ہے اور یہ اہم منصوبہ سردخانے میں ڈالنے کی وجہ سے ہر سال 35 ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع ہوجاتا ہے۔
65سپیڈو بسیں کُھڈے لائن لگ گئیں ،وجہ کیا بنی؟
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے سپیڈ و بس سروس کو چلانے کی مد میں ماہانہ 15کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا ذمہ دار میٹروبس اتھارٹی کے افسران کو قرار دیدیا ہے اور انہیں 15روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ وہ سپیڈو بس سروس میں مسافروں کی تعداد کو بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کریں بصورت دیگر پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے اہم عہدوں پر فائز افسران کو تبدیل کردیا جائے گا ، مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث 65 سپیڈو بسیں گراﺅنڈ ہونے پر سخت براہمی کا اظہار، تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور میں سپیڈو بس سروس منصوبے کی ناکامی کے بعد ملتان میں اس منصوبے کو روک رکھا ہے جبکہ وہاں پر تمام تر انتظامات بھی مکمل ہیں بتایاگیا ہے کہ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے افسران کی جانب سے سپیڈو بس سروس کو کارڈ سسٹم میں چلانے پر تاحال حکومت کو بھاری نقصان ہورہا ہے، لاہور میں 200چھوٹی و بڑی سپیڈو بس سروس سے 20مارچ 2017 کو آغاز کیا گیا جس میں اتھارٹی کی جانب سے حکومت کو بتایاگیا کہ اس سروس سے سوا لاکھ مسافر فائدہ اٹھائیں گے لیکن 6ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک اس میں صرف روزانہ 40ہزار مسافر سفر کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی نے 65 سپیڈو بسوں کو گراﺅنڈ کروادیاہے، سپیڈوبس سروس ذرائع کے مطابق روزانہ 135 سپیڈو بسیں 2500 ٹرپ لگاتی ہیں جس میں ایک ٹرپ میں فی بس 120 سے زائد مسافروں کی بجائے صرف 16مسافر سفر کررہے ہیں، کم مسافروں کے باعث اس وقت 20روپے فی مسافر کرایہ کی مد میں حکومت کو روزانہ 50 لاکھ سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جو ماہانہ 15کروڑ روپے ہے جبکہ گزشتہ 6ماہ کے دوران اب تک حکومت کو 90کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور میں سپیڈو بس سروس کی ناکامی کے حوالے سے متعدد ایم این ایز، ایم پی ایز، یوسی چیئرمین اور دیگر سیاسی شخصیات کی جانب سے حکومت کو شکایات کی گئی ہیں جس میں بسوں کی تعداد میں کمی اور ان کا انکے علاقوں میں نہ چلنے کی شکایات بھی شامل ہیں۔
21علما ءپر شہر قصور کے دروازے بند
لاہور،قصور (کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت میں نویں اور دسویں محرم کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بند رکھنے پر غور شروع کر دیا گیا محکمہ داخلہ پنجاب کے زرائع کے مطابق نویں اور دسویں محرم کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر موترسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رکھنے پرر غور کیا جا رہا ہے زرائع کا کہناہے ماضی میں ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس کا بندوبست امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے میں بہت مددگار ثابت ہوا تھا جس کے باعث اس مرتبہ بھی دونوں اقدامات اٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ موبائل فون سروس بند رکھنے کے حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے جس کے بعد جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ محرم الحرام میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے 9اور 10 کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ واسا کے آپریشن سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، 21علماءکو قصور میں داخلے پر پابندی اکثر کو زبان بندی کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائرےکٹر واسا سیّد زاہد عزیز نے تمام ٹاﺅنزکے ڈائرےکٹرز کا محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس طلب کیا ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام آپریشن سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ۔تمام زائرین کو واسا سے متعلق تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے تمام راستوں میں سیوریج کے نظام کو مانیٹر کرتے ہوئے ابھی سے ڈیسلٹنگ کے کام کو ہنگامی بنیادوںپر شروع کیا جائے۔ واٹر سپلائی لائنوں کی فلشنگ اور کلورینیشن کر کے پانی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنایا جائے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے ارد گرد سیوریج کی کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا جائے اور جلوسوں کے روٹس پر کسی بھی جگہ سیوریج کا پانی کھڑا نہ ہو ۔ تمام مین ہولز پر ڈھکن موجود ہوں۔ جگہ جگہ واٹر ٹینکر کھڑے کےے جائیں تاکہ جلوسوں کے شرکاءکو وافر مقدار میں پانی فراہم ہو سکے اور راﺅنڈ دی کلاک اس کی رپورٹ مرتب کرکے اتھارٹی کو مہیا کی جائے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی منیجنگ ڈائرےکٹر (آپریشن) کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔جنہوں نے متعلقہ افسران اور عملہ کو ہدایت کی ہے کہ احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے ۔محرم الحرام میں فرائض کی ادائیگی لگن اور محنت سے کی جائے اور اس احترام کے مہینے میں واساکا عملہ اور افسران شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑےں اور واسا کے جاری کردہ SOP پر سختی سے عمل کیا جائے اور مزید کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مختلف مکاتب فکر کے 21علماءکی ضلع قصور میں داخلے ‘قیام اور تقاریر پر 3ماہ کیلئے پابندی لگا دی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے جن علماءپر ضلع قصور میں داخلے ‘تقاریر اور قیام پر پابندی لگا ئی گئی ہے ان میں مولانا گلفام حسین ہاشمی (ملتان ) ‘مولانا عبدالتوا ب چھروی (لاہور ) ‘مولانا عبدالعلیم یزدانی (جھنگ ) ‘مولانا منظور احمد (گوجرانوالہ ) ‘قاری عبدالحفیظ (فیصل آباد )‘ مولانا محمد الیاس گھمن (سرگودھا )‘ مولانا عمران حیدر کاظمی (بورے والا ضلع وہاڑی )‘ ملک شفقت رضا شفقت(لاہور ) ‘ذاکر علامہ حامد رضا (لاہور )‘سید احسا ن عسکری (چونگی امرسدھو لاہور ) ‘ملازم حسین ڈوگر (دنیا پور) ‘مولانا مفتی ڈاکٹر محمد آصف اشرف جلالی (لاہور)‘مولانا مفتی خادم حسین رضوی (لاہور ) ‘سید باقر نجفی (کراچی )شامل ہیں جبکہ ضلع قصور کے رہائشی 7علماءو ذاکرین کے تقاریر پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں ذاکر علامہ ضیافت حسین شاہ (متا پولیس اسٹیشن راجہ جنگ ) ‘ذاکر غلام حیدر (دھالہ کلاں پولیس اسٹیشن کھڈیاں خاص ) ‘ذاکر علامہ ظفر حسین ترابی (گنیکے کوٹ رادھاکشن ) ‘ذاکر علی رضا جعفری (واں کھارا چھانگا مانگا ) ‘سید شرافت حسین (محلہ احمد نگر پتوکی ) ‘انتظار الحق معاویہ (جمبر کلاں تحصیل پتوکی )اورقاری منظور احمد شاکر (برج مہالم پتوکی )شامل ہیں ۔
تمام کوششیں ناکام ،ڈار ،شریف فیملی بارے اہم ترین خبر
لاہور (خصوصی رپورٹ) سنیٹر اسحاق ڈار کی اہم حلقوں سے مفاہمت کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی، اس مفاہمتی کوشش کا علم ہونے پر شریف خاندان ان سے ناراض ہوگیا، تاہم کچھ اہم افراد نے اس تناﺅ کو کم کرانے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کئی ماہ سے سیاسی سرگرمیوں سے لاتعلق ہو کر اپنے معاملات سلجھانے کی کوشش میں مصروف تھے۔ انہوں نے وزارت خزانہ کے اہم امور میں بھی دلچسپی نہ لی اور ساری توجہ خود کو مشکل سے نکالنے پر مرکوز رکھی لیکن انہیں کامیابی نہ ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے حوالے سے پہلے ہی شریف خاندان شاکی ہے کہ انہوں نے پرویز مشرف کے دور میں بھی اپنے معاملات طے کرنے کیلئے ایسے اقدامات کیے جس سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
فوجیوں کے گلے کاٹنے والوں کا عبرتناک انجام
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، دہشت گرد، فوجی اہلکاروں کے اغواءاور شہید کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج پر حملوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت کے دہشت گرد 21 افراد کے قتل اور ایک شخص کو زخمی کرنے میں ملوث تھے اور ان کے قبضہ سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے۔ گرفتاری کے بعد ان دہشت گردوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا گیا اور انہیں سزائے موت سنائی گئی۔ ان دہشت گردوں میں شبیر احمد ولد محمد شفیق شامل ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، یہ مسلح افواج پر حملوں اور میجر عدنان سمیت 10 فوجیوں کو شہید کرنے میں ملوث پایا گیا۔ یہ دہشت گرد چار فوجیوں کو اغواءاور شہید کرنے میں بھی ملوث تھا، اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ سزائے موت پانے والا دوسرا دہشت گرد عمر خان ولد احمد خان ہے، اس کا تعلق بھی کالعدم تنظیم سے ہے اور یہ بھی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث ہے اور اس نے تین سپاہیوں کو شہید کیا۔ ملزم ہزارہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کو تباہ کرنے میں بھی ملوث تھا اور اس کے قبضہ سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا، اس نے بھی مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اعتراف کیا۔ تیسرا دہشت گرد طاہر علی ولد سیّد نبی بھی کالعدم تنظیم کا رکن اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث ہے، اس پر دو فوجیوں کو شہید کرنے کے جرم میں مقدمہ چلایا گیا اور اس نے بھی مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ سزائے موت پانے والا چوتھا دہشت گرد آفتاب الدین ولد فرخ زادہ بھی کالعدم تنظیم کا رکن ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ میں ملوث ہے جس کے نتیجہ میں ایک پولیس آفیسر شہید اور زخمی ہوا۔ اس کے قبضہ سے بھی ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا اور اس نے بھی مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا جس پر اسے سزائے موت سنائی گئی۔
ن لیگ کو خوشیاں راس نہ آئیں، این اے 120میں دوبارہ الیکشن،نتائج کالعدم؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی سیاسی تاریخ کے بڑے انتخابی معرکے کا نتیجہ کالعدم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی غلطی سے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بیلٹ پیپر پر ایک امیدور کا انتخابی نشان ہی شائع نہیں کیا گیا، اس سنگین غلطی کی وجہ سے حلقے کا نتیجہ کالعدم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کے حلقے 120 کے لیے ضمنی الیکشن میں ایک اور بڑی غلطی سامنے آ گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقے کے ضمنی انتخاب کی حتمی فہرست میں 44 امیدواروں کے نام شائع کئے جب کہ نتائج 43 امیدواروں کے جاری کئے۔آزاد امیدوار محمد فاروق راجہ کا انتخابی نشان کیریم بورڈ دیا گیا تھا تاہم حتمی فہرست میں فاروق راجہ کا نام بھی شامل ہے لیکن الیکشن کمیشن محمد فاروق راجہ کا انتخابی نشان ہی شائع کرنا بھول گیا۔اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی کوتاہی کے باعث سارا الیکشن کالعدم ہو سکتا ہے۔ حتمی فہرست اور انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد بلیٹ پیپر پر نام اور انتخابی نشان شائع کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم اگر امیدوار عدالت سے رجوع کرے تو الیکشن دوبارہ ہو سکتا ہے۔این اے 120 کے نتائج کالعدم ہونے کے امکان کی اطلاعات سے سیاسی جماعتوں میں ایک بار پھر ہلچل پیدا ہو گئی ہے ۔ماہرین کے مطابق اگر الیکشن کا دوبارہ انعقاد کروایا جاتا ہے تو انتخابی نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔
گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈاکٹر عاصم، منظور کاکا، اویس مظفر ٹپی وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، صرف ایک بٹن دبایا جائے گا تو باہر گئے وطن واپس آجائیں گے اور فرفر بولنے لگیں گے، یہ انکشافات سینئر تجزیہ کار نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئے، انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ وزیراعظم بننے سے سکیورٹی فورسز کے پاس گئے، اپنے8 سالہ بطور وزیر خزانہ کام کی تفصیلات بتائیں، بتایا کہ کس طرح پیسہ باہر بھیجا جاتا ہے، سارے معاملات کون چلاتا ہے، مراد علی شاہ وعدہ معاف گواہ بنے اور یہ سارا معاملہ کور ہیڈ کوارٹر میں پیش آیا، آصف زرداری کو پتہ ہے کہ مراد علی شاہ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، تمام وعدہ معاف گواہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے چکے ہیں، سندھ میں سخت آپریشن بلکہ جھاڑو پھرنے والا ہے، عوام کو بد معاشیہ کی چیخیں سنائی دینگی، منظور کاکا28 مئی2015 ءکو بیرون ملک گیا اور اسی سے48 گھنٹے قبل سکیورٹی اداروں کے سامنے کانپتے ہوئے آصف زرداری اور ادی فریال کے ملکی وغیر ملکی اکاو¿نٹس کی تمام تر تفصیل بتا چکا تھا، یہی معاملہ ڈاکٹر عاصم کا بھی ہے، وزیر خزانہ کے گھر نیب کاچھاپہ پڑا، اب انٹر پول کے ذریعے وفاقی وزیر کو چوہے کی طرح پکڑ کر لایا جائے گا، ن لیگ لندن اور ن لیگ پاکستان میں ہے، پی ایس پی بھی نکلے گی جسے غالباً سعد رفیق لیڈ کرینگے، آنے والے دنوں میں قوم بڑے زبردست مناظر دیکھے گی، خبریں سنے گی اور محظوظ ہوگی۔
سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی مخالف مہم کے پیچھے کونسی پاکستانی تنظیم؟آپ بھی حیران رہ جائینگے
لاہور (حسنین اخلاق/وقائع نگار) سوئیٹزر لینڈمیں پاکستان مخالف مہم کے پیچھے بلوچستان ہاﺅس نامی تنظیم کا ہاتھ ،تنظیم کے پنجابی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا بلوچستان سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی اور بھارتی نژاد کینڈین شہریوں نے تنظیم کو اب تک ساڑھے تین ارب ڈالرز دئیے ۔تنظیم کا ایگزیکٹو ڈائریکٹرطارق فتح نامی کینیڈین شہری،خود کو سلمان رشدی کی روحانی اولادکہتا ہے،اغلام بازی اور ہم جنس پرستی کا حامی اور شرعی قوانین کے دنیا سے خاتمے کا داعی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنیوا میں پاکستان مخالفت میں چلائی جانے والی اشتہاری مہم کے پیچھے بلوچستان ہاﺅس نامی ایک گم نام تنظیم کام کررہی ہے جس کے متعلق کچھ زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں ۔انٹرنیٹ پر موجود انکی ویب سائٹ کے بھی اکثر پیجز یا تو ہٹائے گئے ہیں اوریا انہیں کھولنے پر آپ کے کمپیوٹر کو ہیک کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ اس پر موجود معلومات بھی بے بنیاد اور بغیر ثبوت کے دی گئی ہیں جس سے یہ ویب سائٹ بنانے والوں کا مقصد بالکل واضع ہوجاتا ہے۔بی ایچ کے نام سے بنائی گئی یہ تنظیم غیر سرکاری ہے جس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق فتح نامی شخص ہے جس کا نہ تو بلوچستان سے کچھ لینا دینا ہے بلکہ اس کے بقول وہ پاکستان میں پیدا ہونے والا ہندوستانی ہے جو کراچی میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوا۔ذرائع نے خبریں کو بتایا ہے مذکورہ شخص کینیڈین ہے اور اس سے قبل بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں شریک رہ چکا ہے جبکہ اس کا ایک پروگرام ”فتح کا فتویٰ “ کے نام سے ایک انڈین نیوز چینل پر باقاعدگی سے ٹیلی کاسٹ ہوتا ہے جس میں صرف پاکستان مخالف جماعتوں اور افراد کو بلوایا جاتا ہے جو خود ہندوستانی مسلمانوں میں خاصہ متنازعہ پروگرام سمجھا جاتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ طارق فتح ہی وہ آدمی ہے جس نے براہمداغ کو انڈین خفیہ ایجنسی سے ملوایا تھاجبکہ اب تک ” را “ اسے براہ راست اور بالخصوص امریکہ و کینیڈا میں کاروبار کرنے والے ہندوستانی بزنس مینوں سے اربوں ڈالرز دلواچکی ہے جبکہ صرف حالیہ مہم کے لیے ساڑھے تین ارب ڈالرز کا فنڈ اکھٹا کیا گیا۔جس سے سوئیٹزر لینڈ بالخصوص جنیوا شہر میں چلنے والی تقریبآ تمام بسوں پر پاکستان مخلاف نعرے درج کئے گئے اسی طرح سٹریٹ لائٹس پولز پر موجود ہورڈنگز کو بھی اس مقصد کے لیے ہائر کیا گیا۔اس تنظیم کی جانب سے اس کام کے لیے جنیوا شہر کے مئیر کو پندرہ کروڑ ڈالرز کرائے کی مد میں ادائیگی کی گئی جس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
دُکھ ہے اب تک انصاف نہ مل سکا
کراچی(این این آئی) میرمرتضی بھٹو کی21 ویں برسی کے موقع پر ا ن کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے انسٹا گرام پر اپنے والد کی تصویر کے ہمراہ پیغام شیئر کیا ہے،جس میں کہاہے کہ دکھ یہ ہے کہ انصاف نہیں ملا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے میر مرتضی بھٹو کی21 ویں برسی بدھ کو منائی گئی۔ وہ 42سال کی عمر میں20 ستمبر1996 کو کراچی میں اپنے گھر کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے ۔برسی کے سلسلہ میں مرحوم کی بیوہ غنوی بھٹواور پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے زیر اہتمام لاڑکانہ سمیت ملک بھر میں تعزیتی تقریبات انعقاد کیاگیااور مرحوم کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیاگیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں فاطمہ بھٹونے کہاکہ 21 سال قبل میرے والد کو ہمارے گھر کے سامنے قتل کیا گیا۔ ہمیں ان کی عدم موجودگی کا صدمہ اٹھائے 21 سال گزر گئے اور ساتھ ہی یہ ہمیں یہ دکھ بھی سہنا پڑا کہ انہیں اور ان کے ساتھ قتل ہونے والے ساتھیوں کو انصاف نہیں ملا۔ لیکن ان تمام عرصے میں میں جب بھی ان کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے تصور میں ان کا ہنستامسکراتا چہرہ ہی آتا۔
بلاول کی عمران پر تنقید, نام نہاد تبدیلی جھانسہ قرار دیدی
ساہیوال (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ غریب آج مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، آمروں کی سیاسی اولاد جمہوری لبادا اوڑھ کر غریبوں کا خون چوس رہی ہے۔ کسانوں کی کمر توڑ دی ہے، پیپلز پارٹی کی جدوجہد نے بڑے بڑے برج گرا دئیے، ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت 4 سال میں کچھ نہیں کر سکی، نااہل حکمرانوں نے قدم قدم پر عوام کو دھوکہ دیا ان کی نظریں عوام کے مسائل پر نہیں اپنے کاروبار پر رہتی ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا۔ مہنگائی غربت اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ساہیوال بھٹو کا قلعہ تھا میرا آپ سے جدوجہد کا رشتہ ہے۔ حکمرانوں کی سیاست صرف اپنا کاروبار بڑھانے کی سیاست ہے۔ اوکاڑہ فارم کے مزارعین کا استحصال جاری ہے۔ مزدوروں کسانوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔ 30ایکڑ سے کم مالک کوکسان کارڈ دیں گے۔ مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ سے ماحولیاتی مسائل جنم لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف آئی جے آئی بنائی گئی، مخالف سیاستدانوں کو پیسا دیاگیا، میرا یہ پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہے، سیاست کو سرمایہ داروں کے گھرکی کنیز بنا دیا گیا ہے، نام نہاد تبدیلی کا جھانسا دینے والے جھوٹے ہیں، ہم نوجوانوں کو روزگار دینگے چاہے ترقیاتی پروگراموں میں کمی کرناپڑے مگر ہم آپ کو روزگار دیں گے، روزگار دینا ریاست کاحق ہے، یقین دلاتا ہوں آپ کو روزگار مہیا کروں گا، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اورمفت علاج کو یقینی بنایا جائےگا، سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے، ساہیوال سے کچھ فاصلے پر بابا فرید کا مزار ہے جنہوں نے امن کا پیغام پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کے لئے باردانہ کے حصول کےلئے طریقہ کاربنائیں گے۔ غریب خواتین کےلئے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کی رقم دگنی کریں گے۔ہم کسان سپورٹ پروگرام بنائیں گے اور کسانوں کوبلاسودقرضے دیں گے۔ہم اپنی پارٹی کا منشور بنا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ زرداری صاحب نے گندم کی قیمت 600سے1200روپے کی۔بےنظیر بھٹو نے آپ سے روزگار کا وعدہ کیا، جسے پورا کیا۔پنجاب کے کمیشن خورحکمرانوں نے زرعی زمین اونے پونے خریدکرپلانٹ لگایا۔یہاں کا ایک بڑا مسئلہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ بھی ہے۔چیرمین تحریک انصاف کا 23ستمبر کو گومل یونیورسٹی کا مجوزہ دورے میں کیا پنشن میں بھی اضافہ کیاجائےگا ۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ فصل اترنے سے پہلے امدادی قیمت کااعلان کیاجائےگا۔ 30 ایکڑ سے کم زمین کے مالک کو کسان کارڈ دیاجائےگا۔ بلاول نے کہا کہ سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے اور نام نہاد تبدیلی کا جھانسا دینے والے جھوٹے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو قدم قدم پر دھوکا دیا ہے اور ان کی سیاست اپنے کاروبار بڑھانے کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمروں کی اولاد جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے جب کہ مہنگائی یہاں تک پہنچ گئی کہ پیاز ،ٹماٹر کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے اور نام نہاد تبدیلی کا جھانسا دینے والے جھوٹے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ روزگاردیناریاست کاحق ہے لہذا یقین دلاتاہوں آپ کو روزگار مہیا کروں گا چاہے ترقیاتی پروگراموں میں کمی کرناپڑے مگر ہم آپ کو روزگار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کا ایک بڑا مسئلہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ بھی ہے کیوں کہ پنجاب کے کمیشن خور حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے نام پر مہنگا منصوبہ بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج بھی کسانوں کے حقوق کو سلب کیاجا رہا ہے۔ کسی بھی ریاست میں عوام کو روزگار سمیت تمام سہولتیں دینا اس کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے، ایسا کرکے ریاست کے حکمران صرف اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں کسی پر کوئی احسان نہیں کرتے۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میرا آپ سے سیاسی نہیں تہذیب کا رشتہ ہے، یہا ں کے لوگ پرامن تہذیب کے مالک ہیں، ہڑپہ کے آثار قدیم سے کوئی بھی ہتھیار نہیں ملے، غیور عوام سے مخاطب ہو کر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ،لیکن یہاں آپ کے حقوق صلب کئے جارہے ہیں ،کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے آپ کو دھوکا دیا۔ حکمرانوں نے کاروباربڑھانے کی سیاست کی ہے، یہ جب اقتدار میں آتے ہیں ان کو اپنے کاروبار کی فکر ہوتی ہے ،عوام کی نہیں۔ ن لیگ کی حکومت پچھلے چار سالوں سے کیاکرتی آئی ہے؟ پنجاب میں آج بھی کسانوں کے حقوق کو سلب کیاجا رہا ہے۔ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ساہیوال ذوالفقار بھٹو کا قلعہ تھا، شہید بھٹو نے جو دعدے کئے وہ پورے کئے، پی پی نے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کیا، اپنے منشور میں کسان کو سب سے زیادہ اہمیت دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پارٹی کا منشور بنا رہے ہیں، جس میں ہم سب سے زیادہ کسانوں کا خیال رکھیں گے۔
میثاق جمہوریت, زرداری ،نواز مُک مکا تھا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی جنگ پیپلزپارٹی یا (ن) لیگ سے نہیں بلکہ نوازشریف اور آصف زرداری سے ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب تک ہماری نظر کرپشن کے گارڈ فادر نوازشریف پر تھی، کوئی بھی انصاف کا نظام ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، ان لوگوں نے ہر طرف رشوتیں دے کر اپنے کرپٹ لوگ بٹھائے ہیں جو ان کی کرپشن بچاتے ہیں، انہوں نے پیسہ بنانے کے لیے ملک کے نظام اور ادارے تباہ کردیئے۔عمران خان نے کہا کہ اداروں میں باقی چوروں کو پکڑنے کی قابلیت نہیں، نوازشریف کا خاندان پیسہ باہر بھیجتا ہے۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا، جب نوازشریف اور آصف زرداری کی پارٹنرشپ ہوئی تب ہر پاکستانی 33 ہزار کا مقروض تھا جو اب ایک لاکھ 20 ہزار تک مقروض ہوگیا ہے، ان لوگوں نے ملک کو مقروض کردیا اور ان کے بچے ارب پتی بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ میری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے، ہم پورا زور لگائیں گے، کسی جماعت کی بات نہیں کررہا، آصف زردری اور نوازشریف ملک کو یہاں پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، میری جنگ ان دونوں کے خلاف ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں کو اپنے سے دور کریں، ملک اب کرپشن برداشت نہیں کرسکتا، اب کوئی چیز چھپی نہیں رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم اب ان کو برداشت نہیں کرے گی، ہم پوری قوم اور خاص کر سندھ کے لوگوں کو تیار کریں گے کیونکہ جتنی کرپشن سندھ میں ہے، پاکستان کے کسی حصے میں نہیں۔چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقیاتی فنڈز چوری ہورہے ہیں، 400 ارب کے ترقیاتی فنڈز کہاں چلے گئے، آصف زرداری اور فریال تالپور کمیشن بنارہے ہیں، یہ لوگ اقامہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے ہیں، دبئی میں اکاو¿نٹ کھلوا کر پیسہ وہاں منتقل کرتے ہیں جس کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا ہے، اب ایک طرف قوم اور دوسری طرف کرپٹ ٹولہ ہے، ملک کو اگر اس دلدل سے نکالنا ہے تو نوازشریف اور آصف زرداری کو شکست دینا پڑے گی۔عمران خان نے کہا کہ محرم کے بعد پھر سندھ میں اگلا جلسہ کریں گے، پہلے پورا سندھ کور کریں گے اور پھر دسمبر میں کراچی میں مزار قائد پر بڑا جلسہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے انصاف ڈھونڈنا ہے تو عدلیہ کے علاوہ کس کے پاس جائیں گے، پہلے ہم سڑکوں پر جاتے تھے تو کہتے تھے عدلیہ میں آو¿، اب عدلیہ کے پاس گئے تو بھی بولا جارہا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ پر مقدمہ کرایا گیا جس پر خوشی ہے، میری جنگ باہر محلات بنانے والوں کے خلاف ہے انہیں جیل میں ڈالیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ اور نواز شریف ایک ہی چیز ہیں، اپوزیشن اور حکومت ملی ہوئی ہے، 9 سال سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، نیب اور الیکشن کمیشن کا سربراہ بھی خود ہی لگا لیا اور نگراں حکومت بھی خود بنالیں گے، کوشش ہے کہ ایسا اپوزیشن لیڈر آئے جو ملک کے مسئلوں پر بات کرے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کبھی نہیں سنا کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت کی کارروائی کرتا ہے، مجھے میرا جرم بتایا جائے، مجھے پتا ہی نہیں کس بات پر وارنٹ جاری کردیئے، الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے اور توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں پیسے چل رہے تھے تب الیکشن کمیشن کو کچھ نظر نہیں آیا، سارے قوانین توڑے گئے کسی کو نوٹس نہیں ملا، یہ زرداری اور نوازشریف کا کمیشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں، اب پتا چل گیا کون ڈان لیکس کے پیچھے تھا، کوئی ملک میں اپنی فورسز کو ایسے بدنام نہیں کرتا جیسے (ن) لیگ کررہی ہے، یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے عدلیہ اور فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں، ان سے زیادہ کوئی بڑا مجرم اور ملک دشمن نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف بار بار کہہ رہے ہیں وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں، فوج اس سے بہتر اور کیا کرسکتی ہے، یہ لوگ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں جو وہ نہیں بنی اس لیے فوج کے پیچھے پڑ گئے، یہ لوگ اپنی ذات کے پیچھے ملک کو تباہ کررہے ہیں لیکن ہم ان کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب نوازشریف اور الطاف حسین دونوں لندن میں بیٹھ کر خطاب کریں گے اور فوج کو برا بھلا کہیں گے جب کہ دونوں کے دوست مودی ہیں۔
دبئی میں قیمتی اثاثے, شیخ رشید نے اسحاق ڈار کا بھانڈا پھوڑ دیا
اسلام آباد(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صفائی گھر کی نہیں بلکہ حکومت میں موجود چوروں کی ہونی چاہئے، 4ماہ اہم ہیں ملک لوٹنے والے 2018ءکے شروع میں ہی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، حدیبیہ پیپر ملز کیس تمام جرائم کی ماں ہے، مریم نواز مسلم لیگ ن انڈر 19کی لیڈر ہے نثار کے علاوہ اور لوگ بھی باتیں کریں گے مریم (ن) کو دفن کرے گی، شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت4سال تک وزیر خارجہ نہیں ملا اور اب جو ملا اسے اداروں کا اعتماد حاصل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ4ماہ بہت اہم ہیں2018ءکے شروع میں ملک کو لوٹنے والے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کا سفر شروع ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس جرائم کی ماں ہے، صفائی گھر کی نہیں بلکہ حکومت میں موجود چوروں کی ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کا کردار بہت اہم ہے، نواز شریف ایک نیا این آر او مانگ رہے ہیں ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ این اے 120نواز شریف کا خاندانی حلقہ ہے یہ کبھی نہیں کہا کہ ہم الیکشن جیتیں گے یہ کہا تھا اپ سیٹ ہو سکتا ہے تحریک انصاف کی خاتون ان کی نوٹوں کی بوریوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی تھی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مریم نے اس حال تک پہنچایا ہے مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی انڈر 19ٹیم کی لیڈر ہے ابھی نثار نے منہ کھولا ہے تھوڑے دنوں بعد اور لوگ بھی باتیں کریں گے، اب (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان صرف حدیبیہ کیس سے ڈرتا ہے اور کسی چیز سے نہیں ڈرتا یہ نیا این آر او کرنا چاہتے ہیں، شریف خاندان کے خلاف21مقدمات میں طیارہ شازش اور ایک اور مقدمہ کے علاوہ کسی بھی مقدمہ کا آج تک فیصلہ نہیں ہوا ابھی نواز شریف ملک سے باہر ہی رہیں گے واپس نہیں آئیں گے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز این اے120سے انتخابات لڑنا چاہتی تھی مریم اگر ابھی تو مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو دفن کر دے گی۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار کے اصل اثاثے دبئی میں ہیں، انکی دولت ایل این جی میں200 ارب کی کرپشن ہے، محرم کے بعد کاغذ حاصل کرکے قوم کو خوشخبری دونگا، شیخ رشید احمدنے کہا کہ دولت چوری کرنا آسان لیکن چھپانا مشکل ہے، انہوںنے کہا شاہد خاقان عباسی کے فوج کیخلاف اچھے تعلقات ہیں، نواز شریف کا مشن فوج کو تباہ کرنا ہے، یہ مودی کے یار ہیں جو فوج اور عدلیہ کے خلاف ہے وہ ملک کا دشمن ہے، یہ ایجنڈا ہے کہ فوج اور عدلیہ کو بدنام کیا جائے۔


















