اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے شاہدخاقان عباسی کا نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دےدی،سابق وزیر اعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی کابینہ نے شاہدخاقان عباسی کا نام 15 دنوں کیلئے ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی ہے۔اس قبل رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے امریکہ جانے کیلئے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست کی تھی، درخواست میں ان کی جانب سے کہا تھا کہ ہمشیرہ اور بہنوئی کو کورونا ہے اور وہ علیل ہیں، ان کی عیادت کیلئے امریکہ جانا ہے۔ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی نے نام نکالنے کی سفارش کی تھی۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے شاہد خاقان عباسی کو جانے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب ) کی سفارش پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا ۔نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پر من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 سال کے لئے ٹھیکے دینےاور مبینہ طور پر ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

