فیصل آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نیا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین نظام ہوگا‘ہر شہر کا اپنا انتخاب ہوگا، میئر براہ راست منتخب ہوگا۔ پہلے یونین کونسلوں کے ذریعے انتخاب ہوتا تھا، اس میں پیسہ چل جاتا تھا، وہ سسٹم ناکام ہو چکا ہے‘ پاکستان پر تاریخی قرضے چڑھے ہوئے ہیں۔
حکومت میں آئے تو 20 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا تھا تاہم دوست ملکوں نے مدد کی جس سے دیوالیہ ہونے سے بچ گئے‘ماضی میں روپے کی قدر کو مصنوعی طورپربرقراررکھ کر نقصان کیا گیا، کرنسی گرنے سے مہنگائی ہوئی جس پر حکومت کو برا بھلا کہا گیا لیکن آج صورتحال بہتر ہو رہی ہے‘ معاشی اشاریے مثبت ہیں۔
تعمیراتی صنعت بھی چل پڑی ہے ‘جامع ترقی کیلئے ساٹھ کی دہائی کی صنعتی پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں صنعتکاروں کی مشاورت سے نئی پالیسی تشکیل دی جائے گی‘ تاجرجائز نفع کمائیں ‘چینی مافیا کی طرح ناجائز منافع خوری نہ کریں‘فیصل آباد کی طرح کراچی کیلئے بھی بڑاپیکج تیار کیا ہے‘کراچی اور فیصل آباد اوپر جائیں گے تو ملک اوپر جائے گا۔ وہ بدھ کے روز فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو جائز طریقے سے منافع کمانا چاہیے اور حکومت کو اس سلسلہ میں ضروری سہولتیں مہیا کرنی چاہئیں۔ چینی مافیا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسابقتی کمیشن نے کہا ہے کہ شوگر ملوں نے کارٹیلائزیشن کے ذریعے مل کر چینی کی قیمت بڑھائی اور لوگوں کو مہنگائی کے طوفان کے حوالے کر دیا۔
حکومت ملک میں صنعت کاری اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کرے گی اور اس سلسلہ میں لوگوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں گی‘ حکومت کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے‘ایف بی آر میں مسلسل اصلاحات کا عمل جاری ہے ‘خودکار نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
رشوت اور کاروباری طبقے کو خوفزدہ کرنے کا عمل روکنے کے لئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔کووڈ کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشتیں سکڑ رہی ہیں مگر پاکستان کی معیشت میں تیزی آرہی ہے۔
صنعتی ترقی کا عمل دوبارہ بحال ہو چکا ہے تاہم ہمیں کورونا کی دوسری لہر سے بچانے کیلئے از خود حفاظتی اقدامات اٹھانے ہوں گے‘اگر کورونا کے مریض بڑھے تو معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بے فکر ہو کر سرمایہ کاری کریں حکومت اُن کو مستحکم پالیسیاں دے گی۔ فیصل آباد کیلئے ایک ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے جس سے شہر کے مسائل حل ہوں گے۔

