لاہور(25 اپریل 2026): لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین بچوں کے لرزہ خیز قتل کے کیس کی تفتیش سی سی ڈی کے حوالے کردی گئی۔
لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین بچوں کے لرزہ خیز قتل کے کیس کی تفتیش سی سی ڈی کے حوالے کر دی گئی ہے۔ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کے دوست شہریار کو جھنگ تلاش کرنے گئی تھی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ اور شہریار کے درمیان دوستی تھی اور دونوں جلد شادی کرنے کے خواہشمند تھے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ شہریار کو شاملِ تفتیش کرنے کا مقصد قتل کی واردات کے پس پردہ محرکات کا جائزہ لینا ہے۔
حکام کے مطابق دورانِ تفتیش اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کیا شہریار کو بچوں کے قتل کے منصوبے کے بارے میں پہلے سے علم تھا یا نہیں۔ سی سی ڈی کی ٹیم گزشتہ رات ہی ملزم کو لے کر لاہور روانہ ہوئی تھی تاکہ واقعے کی کڑیاں ملائی جا سکیں۔

