تازہ تر ین

ن لیگ بکھرنے لگی ،ایاز صادق کے بیان پر عبدالقادر بلوچ اور ثنا ءاللہ زہری کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

کوئٹہ(ویب ڈیسک): بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ اور مرکزی قیادت کے درمیان سخت اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، جس کی وجہ حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں سابق وزیر اعلیٰ سردار ثنااللہ زہری کو مدعو نہ کرنا اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صاق کا بیان ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) میں موجود ذرائع نے تصدیق کی کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ اور ثنااللہ زہری دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر رہنما پارٹی سے استعفیٰ دینے سے متعلق جلد اعلان کرینگے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلوچ جو بلوچستان کے گورنر اور کور کمانڈر کوئٹہ رہ چکے ہیں انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر سردار اختر مینگل کے کہنے پر ثنا اللہ زہری کو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی دعوت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ادھر سردار اختر مینگل نے اس بات کی تائید کی کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ثنااللہ زہری کو پی ڈی ایم جلسے میں مدعو نہ کرنے کہا تھا جس کی وجہ ان دونوں کے درمیان قبائلی تنازع ہے جبکہ ان کے اور انکے بھائی کے خلاف نواب امان اللہ زرک زئی کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو حال ہی میں دورہ کوئٹہ کے دوران کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ کے جلسے میں ثنااللہ زہری کو مدعو کیا جائے۔

تاہم مریم نواز کی جانب سے یہ معاملہ پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھیجا، جنہوں نے اس معاملے کو پارٹی سربراہ نواز شریف کے سامنے اٹھایا اور انہیں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ثنااللہ زہری کو پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں بلایا جاسکتا کیونکہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے پاکستان میں موجود نہیں تھے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ثنا اللہ زہری نے اس وقت پارٹی قائد نواز شریف کے مشورے کے خلاف وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب ان کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائی گئی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ ’میاں صاحب نے ان سے استعفیٰ نہ دینے کے لیے کہا تھا‘۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے بھی ڈان کو تصدیق کی کہ ثنااللہ زہری کو اختر مینگل کے ساتھ قبائلی تنازع کے باعث پی ڈی ایم جلسے میں نہیں بلایا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سردار ثنااللہ زہری کو قبائلی تنازع کے باعث پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں نہیں بلایا تھا‘ مزید یہ کہ اگر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ پارٹی سے استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv