تازہ تر ین

سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے غائب، آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونےوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مبینہ آڈیو لیکس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گفتگو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی اور انکشاف کیا کہ سائفر فراڈ، جعلسازی، فیبریکیشن کے بعد اسے چوری کر لیا گیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران مبینہ آڈیو لیکس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیاسی امور اورآڈیو لیکس پر بحث کے دوران سرکاری حکام کو اجلاس کے دوران باہر بھیج دیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق سابق وزیراعظم کی گفتگو کو سازش قرار دیدیا۔
اعلامیہ کے مطابق آڈیوز نے سابق حکومت اور وزیر اعظم عمران نیازی کی مجرمانہ سازش بے نقاب کردی ہے، سائفر کو من گھڑت معنی دے کر سیاسی مفادات کی خاطر کلیدی قومی مفادات کا قتل کیاگیا، فراڈ، جعلسازی، فیبریکیشن کے بعد اسے چوری کر لیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قانون کے مطابق سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس کی ملکیت ہوتی ہے، ڈپلومیٹک سائفر کی ریکارڈ سے چوری سنگین معاملہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ آئینی حلف، دیگر متعلقہ قوانین، ضابطوں خاص طور پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ ریاست کے خلاف ناقابل معافی جرائم کا ارتکاب ہے، انکشاف ہواکہ متعلقہ ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس کے ریکارڈ سے غائب ہے،سائفر کی وصولی کا ریکارڈ وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
کابینہ نے ای سی ایل میں ناموں کی شمولیت، اخراج کیلئے نئے ایس او پیز کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے 12 افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، 3 افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ایس او پیز پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، شرکا کے موبائل فون اور سمارٹ آلات لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کابینہ ارکان کو موبائل فونز اور سمارٹ واچز ہال سے باہر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ اجلاس سے قبل تمام شرکاء نے اپنے موبائل فون باہر جمع کرا دیئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ریکوڈک کیس پر ریفرنس بھیجنے کی اجازت دیدی۔ کابینہ میں ریفرنس بھیجنے پر تفصیلی بحث ہوئی، وزارت قانون کی طرف سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ریکوڈک پر ہونے والے سیٹلمنٹ معاہدے پر سپریم کورٹ سے رائے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے بجلی کی بچت اور پیداوار سے متعلق عملدرآمدی لائحہ عمل کی سمری موخر کر دی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv